Tag: افغان گینگ

  • کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی میں مزید 3 پولیس مقابلے، وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو ہلاک

    کراچی: شہر قائد میں گزشتہ رات بھی 3 پولیس مقابلے ہوئے، ایک مقابلے میں وائٹ کرولا میں وارداتیں کرنے والے افغان گینگ کا ڈاکو مارا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے علاقے نارتھ ناظم آباد میں ڈی چوک کے قریب پولیس مقابلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو ہلاک ہو گیا، ڈاکو کی لاش ضابطے کی کارروائی کے لیے اسپتال منتقل کر دی گئی۔

    ایس ایس پی سینٹرل معروف عثمان کے مطابق ہلاک ڈاکو کا تعلق افغان گینگ سے ہے، انھوں نے واقعے سے متعلق تفصیل بتائی کہ 2 ڈاکو گھر کے اندر لوٹ مار کر رہے تھے، تیسرا ڈاکو باہر گلی میں پہرہ دے رہا تھا، اطلاع پر پولیس پہنچی تو فائرنگ کا تبادلہ ہوا، جس میں ایک ڈاکو مارا گیا، اور 2 ساتھی فرار ہو گئے۔

    ڈاکوؤں نے گزشتہ ہفتے بھی 2 گھروں میں وارداتیں کی تھیں، جن کی گرفتاری کے لیے ٹیمیں تشکیل دی گئی تھیں، مارے گئے ڈاکو کے قبضے سے وائٹ کرولا اور اسلحہ برآمد ہوا، یہ گینگ سفید کار میں وارداتیں کرنے آتا تھا۔

    پولیس حکام کے مطابق ڈسٹرکٹ پولیس اور کرائم سین کی جانب سے مزید تحقیقات کی جا رہی ہیں۔

    ادھر کراچی کے علاقے منگھو پیر میں مبینہ پولیس مقابلے میں ایک ڈاکو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ہے، جس کی شناخت مجاہد کے نام سے ہوئی ہے، اور اس کے قبضے سے اسلحہ اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی، زخمی ملزم کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے۔

    کراچی کے علاقے لیاری مرزا آدم خان روڈ پر بھی ایک مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے، جس میں ایک ملزم کو زخمی حالت میں گرفتار کیا گیا ہے، اور اس سے اسلحہ اور مسروقہ سامان بھی برآمد کیا گیا، پولیس حکام کا کہنا ہے کہ زخمی ملزم کی شناخت ولید کے نام سے ہوئی ہے۔

  • کراچی میں افغان گینگ کا ملزم گرفتار

    کراچی میں افغان گینگ کا ملزم گرفتار

    کراچی: صوبہ سندھ کے دارالحکومت کراچی میں افغان گینگ کے ملزم کو گرفتار کرلیا گیا، ملزم ساتھیوں کے ساتھ گاڑیوں کے شیشے توڑ کر لوٹ مار کرتا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق گزری پولیس نے افغان گینگ کے خلاف کارروائی کی، ایس ایس پی ساؤتھ زبیر نذیر کا کہنا ہے کہ گاڑیوں کے شیشے توڑ کر لوٹ مار کرنے والا ملزم پکڑا گیا، ملزم کو سی سی ٹی وی کی مدد سے گرفتار کیا۔

    ایس ایس پی ساؤتھ کا کہنا ہے کہ گرفتار ملزم افغانی شہریت رکھتا ہے، گرفتار ملزم ساتھیوں سمیت اپنی گاڑی میں وارداتیں کرتا تھا، ملزم کی گاڑی سے کئی لیپ ٹاپ اور لوٹا ہوا سامان برآمد ہوا۔

    زبیر نذیر کے مطابق ملزم کو لٹنے والے 2 شہریوں نے بھی شناخت کرلیا، ملزم کے دیگر ساتھیوں کی تلاش جاری ہے۔