Tag: اقامہ

  • پیپلز پارٹی رہنماؤں کے خلاف اقامہ رکھنے سے متعلق درخواست پر سماعت

    پیپلز پارٹی رہنماؤں کے خلاف اقامہ رکھنے سے متعلق درخواست پر سماعت

    کراچی: سندھ ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف اقامہ رکھنے سے متعلق درخواست پر سماعت کے دوران صوبائی الیکشن کمیشن کو 10 دن کی مہلت دے دی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائیکورٹ میں پیپلز پارٹی کے رہنماؤں کے خلاف اقامہ رکھنے سے متعلق درخواست پر سماعت ہوئی۔

    دوران سماعت فریقین کے وکلا میں گرما گرمی ہوگئی اور تلخ جملوں کا تبادلہ بھی ہوا۔ عدالت نے گزشتہ سماعت پر الیکشن کمیشن کو جواب جمع کروانے کا حکم دیا تھا تاہم الیکشن کمیشن کی جانب سے تاحال جواب جمع نہیں کروایا گیا۔

    پی پی رہنما منظور وسان اور سہیل انور سیال کی جانب سے بھی جواب جمع نہیں کروایا گیا۔

    درخواست گزار کا کہنا تھا کہ سابق صدر آصف علی زرداری کی ہمشیرہ فریال تالپور کی ہدایت پر جواب جمع نہیں کروایا جا رہا۔

    درخواست گزار کے وکیل نے کہا کہ فریال تالپور کو صدارتی الیکشن میں ووٹ کاسٹ کرنے سے بھی روکا جائے، فریال تالپور کو ووٹ کی اجازت عوام کی توہین ہے۔

    وکیل نے مزید کہا کہ سندھ میں شراب کی بوتلوں سے شہد اور زیتون نکلتا ہے۔

    عدالت نے متنبہ کیا کہ ہم چیف الیکشن کمشنر کو بھی طلب کر سکتے ہیں جس پر ڈپٹی اٹارنی جنرل نے کہا کہ ہمیں کوئی اعتراض نہیں۔

    عدالت نے صوبائی الیکشن کمیشن کو فوری طور پر طلب کیا۔ الیکشن کمیشن سے نمائندہ آنے کے بعد سماعت دوبارہ شروع کی گئی۔ عدالت نے جواب جمع نہ کروانے پر برہمی کا اظہار کیا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے کہا گیا کہ سارا عملہ صدارتی الیکشن میں مصروف ہے مہلت دی جائے، 1 ہفتے میں جواب جمع نہیں کروایا تو جو چاہے فیصلہ کردیں۔

    عدالت نے صوبائی الیکشن کمیشن سمیت تمام فریقین کو جواب دینے کی آخری مہلت دیتے ہوئے 10 دن کا وقت دیا۔

    عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن نے جواب نہیں دیا تو چیف الیکشن کمشنر کو طلب کریں گے۔ سندھ ہائیکورٹ نے درخواستوں کی مزید سماعت 18 ستمبر تک ملتوی کردی۔

  • مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامہ عدالت میں چیلنج

    مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامہ عدالت میں چیلنج

    کراچی: سابق وزیراعلیٰ سندھ اور پیپلزپارٹی کے رہنما مراد علی شاہ کی دہری شہریت اور اقامے کو سندھ ہائی کورٹ چیلنج کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ ہائی کورٹ میں شہری کی جانب سے درخواست دائر کی گئی جس میں مؤقف اختیار کیا گیا کہ ’مراد علی شاہ دہری شہریت کے حامل اور اقامہ ہولڈر ہیں‘۔

    درخواست گزار نے مؤقف اختیار کیا کہ سابق وزیراعلیٰ سندھ نے کینیڈا کی شہریت چھپائی اور انہوں نے متحدہ عرب امارات کے ہوٹل میں سپر وائزر کے اقامے کا بھی ذکر نہیں کیا۔

    سندھ ہائی کورٹ نے درخواست کو سماعت کے لیے منظور کرتے ہوئے مراد علی شاہ، الیکشن کمیشن اور دیگر فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے 25 جون تک جواب جمع کرانے کا حکم دے دیا۔

    مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی کا ایک اور رہنما اقامہ ہولڈر نکلا

    واضح رہے کہ سندھ حکومت کے سابق وزیراطلاعات ونشریات ناصر حسین شاہ اور وزیر صنعت و تجارت منظور وسان کے اقامے بھی سامنے آچکے ہیں جن کے خلاف عدالتوں میں درخواستیں دائر کی گئیں تھیں۔

    دوسری جانب عام انتخابات میں حصہ لینے والے مختلف جماعتوں کے امیدواروں کی جانچ پڑتال کے دوران 122 امیدواران کی دہری شہریت نکلی تھی، فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کی جانب سے الیکشن کمیشن کو اس ضمن میں رپورٹ بھی پیش کی تھی۔

    یہ بھی پڑھیں: مسلم لیگ ن کے بعد پیپلز پارٹی کے رہنما بھی اقامہ ہولڈرز نکلے

    رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ملک بھر سے قومی و صوبائی اسمبلی کے 122 امیدواروں کی دہری شہریت کا انکشاف ہوا، جن لوگوں کے پاس اقامے یا دیگر ممالک کی شہریت ہے اُن میں سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ، تحریک انصاف کے رہنما فیصل واؤڈا اور نادر لغاری سمیت دیگر افراد شامل ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پہلے ہائی جیکنگ کا الزام لگایا گیا اب خیالی تنخواہ اوراقامےکا کیس ہے‘ نوازشریف

    پہلے ہائی جیکنگ کا الزام لگایا گیا اب خیالی تنخواہ اوراقامےکا کیس ہے‘ نوازشریف

    اسلام آباد : سابق وزیراعظم نوازشریف کا کہنا ہے کہ اقامہ والے اور ہائی جیکنگ والے مقدمے میں کوئی فرق نہیں ہے، دونوں مقدمات کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں پیشی کے موقع پرسابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے ضابطہ اخلاق پرلاہورجا کر بات کروں گا۔

    نوازشریف نے کہا کہ 5 سال کی مدت میں کام صرف ن لیگ نے ہی کیا ہے، ہم نے اپنے تمام منصوبے مکمل کیے، عمران خان اور پی ٹی آئی بتائیں انہوں نے کون سا منصوبہ مکمل کیا؟ وہ ایک منصوبہ بتا دیں جو مکمل کیا ہو۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نے کہا کہ ہم نے بجلی کے منصوبے مکمل کیے، سی پیک، کراچی کا امن بحال کیا، ملک سے دہشت گردی ختم کی، موٹروے بنائیں، کوئٹہ ، گوادر، اوربرہان تک موٹروے پہنچ گئی۔

    سابق وزیراعظم نے کہا کہ خیبرپختونخوا حکومت کی کارکردگی مایوس کن رہی جبکہ 5 سال کی مدت میں کام صرف ن لیگ نے ہی کیا ہے۔

    نوازشریف نے کہا کہ اقامہ والےاور ہائی جیکنگ والےمقدمے میں کوئی فرق نہیں ہے، دونوں مقدمات کو عوام نے مسترد کر دیا ہے۔

    انہوں نے میڈیا سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ مجھ سے پوچھا گیا کہ آپ پر یہ مقدمات کیوں بنائے گئے، جوجواب عدالت میں دیا لفظ بہ لفظ درست ہے۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا کہ میرا جو بیانیہ ہے جیت اسی کی ہوگی، میرا آج بھی وہی اسٹینڈ ہے جواٹک قلعے میں تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پہلےاقامہ پرمنتخب وزیراعظم کو فارغ کیا گیا

    پہلےاقامہ پرمنتخب وزیراعظم کو فارغ کیا گیا

    اسلام آباد: وزیرمملکت برائے اطلاعات ونشریات مریم اورنگزیب کا کہنا ہے کہ پہلے منتخب وزیراعظم کو فارغ کیا گیا اب منتخب حکومت کو گرانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں احتساب عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم اورنگزیب نے کہا کہ لوگوں کی خدمت کرنے والے منتخب وزیراعلیٰ کو گرانے کی باتیں کی جارہی ہیں۔

    وزیرمملکت برائےاطلاعات ونشریات نے کہا کہ دھمکی دی جارہی ہے کہ اب استعفیٰ مانگ نہیں رہے استعفیٰ لیں گے۔

    مریم اورنگزیب نے کہا کہ ایک شخص نے پورے ملک میں انتشار پھیلانے کی بات کی اور ملک میں انتشار پھیلانے والوں کو کوئی کچھ نہیں کہتا۔

    انہوں نے کہا کہ یہ کون سے مافیا اور گارڈ فادر ہیں جو کینیڈا سے تشریف لاتے ہیں۔

    دوسری جانب وزیرمملکت برائے داخلہ طلال چوہدری نے کہا کہ پاکستان عوامی تحریک کے سربراہ طاہرالقادری کے دائیں بائیں پی ٹی آئی، پیپلزپارٹی ہے۔

    طلال چوہدری نے کہا کہ یہ لوگ نہیں چاہتے کہ سینیٹ اور جنرل الیکشن ہوں کیونکہ انہیں سینیٹ اور جنرل الیکشن میں واضح شکست نظر آرہی ہے۔

    وزیرمملکت برائے داخلہ نے کہا کہ ڈرون گرانے کی حکمت عملی کرنا چاہیے ہم بلوچستان حکومت گرارہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کیا یہ تحریک عدم اعتماد جمہوریت پر عدم اعتمادکی کوشش ہے؟ عدم اعتماد کا کس کوفائدہ ہوگا، اس کے پیچھے کیا کیا کہانیاں ہیں۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر ضرور شیئر کریں۔

  • مجھے نااہل کر کے ملک میں انتشار پھیلایا گیا: نوازشریف

    مجھے نااہل کر کے ملک میں انتشار پھیلایا گیا: نوازشریف

    چکوال: سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ مجھے نااہل کر کے ملک میں انتشار پھیلایا گیا، بتایا جائے، میں نے کون سی کرپشن کی، فقط خیالی تنخواہ پر نواز شریف کو نکال دیا گیا۔

    ان خیالات کا اظہار سابق نااہل وزیر اعظم نے چکوال میں چوہدری لیاقت علی خان کے تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔

    ان کا کہنا تھا کہ معاملہ پاناما کا تھا اور ختم اقامہ پر ہوا، عوام جاننا چاہتے ہیں کہ نوازشریف نے کون سی کرپشن کی، آج تک یہی پتا نہیں چلا کہ نوازشریف پرالزام کیا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ 2013 میں‌ ملک میں‌ بجلی نہیں‌ تھی، ملک کو اندھیروں‌ میں ڈبونے والوں میں‌ کچھ سیاسی لوگ تھے، کچھ ڈکٹیٹر تھے، ووٹرز ان کے چہرے یاد رکھیں، ہم نے چار سال میں‌ لوڈشیڈنگ کو ختم کر دیا۔

    معیشت کی زبوں حالی کا سوال نااہل کرنے والوں سے پوچھیں، نواز شریف

    ہم نے دہشت گردی کا خاتمہ کر دیا تھا، نواز شریف کو نااہل قرار دینے والوں سے پوچھا جائے کہ دہشت گردی پھر کیوں‌ سر اٹھا رہی ہے ووٹ کےتقدس کا فیصلہ عوام کو کرنا ہے، عوام کو ناانصافی کےآگے کھڑے ہو کر ملک کو بچانا ہے۔

    انھوں‌ نے کارکنوں‌ سے مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کےجذبات دیکھ کرخوشی ہوتی ہےاورسکون ملتا ہے دل چاہتا ہےآپ کے اور ملک کے لیے نواز شریف لڑمرجائے۔ آج آپ کاجذبہ دیکھ کرامید ہےہم آئندہ بھی کامیاب ہوں گے، انھوں‌ نے امید ظاہر کی کہ چکوال کے ضمنی انتخابات میں‌ مسلم لیگ ن کا امیدواار جیت کر عوامی خدمت کا سلسلہ جاری رکھے گا۔

    قبل ازیں انھوں نے چوہدری لیاقت علی خان کے اہل خانہ سے ان کی رہائش گاہ پہنچ کر تعزیت کی. اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ چوہدری لیاقت علی خان ایک مخلص انسان تھے، انھوں نے اپنےحلقےکی بہت خدمت کی۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • اقامہ نے شریف خاندان کی منی لانڈرنگ بے نقاب کردی: عمران خان

    اقامہ نے شریف خاندان کی منی لانڈرنگ بے نقاب کردی: عمران خان

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کا کہنا ہے کہ اقامہ نے بے نقاب کردیا کہ نواز شریف اور خاندان نے لوٹی دولت کی کس طرح منی لانڈرنگ کی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹویٹر پر عمران خان نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ اقامہ نے بے نقاب کردیا کہ نواز شریف اور خاندان نے لوٹی دولت کی کس طرح منی لانڈرنگ کی۔

    انہوں نے کہا کہ نواز شریف جانتے تھے کہ اقامے کے پیچھے ان کی منی لانڈرنگ کی پوری ٹریل موجود ہے۔ کیپٹل ایف زیڈ ای کے ذریعے پیسہ یو کے اور سعودی عرب بھیجا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پیسہ شریف خاندان کے ذاتی اکاؤنٹس اور کمپنیوں میں منتقل ہوا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اے آر وائی نیوز نے ایف زیڈ ای اور اقامہ سے متعلق خبر نشر کی تھی جس کے مطابق کیپیٹل ایف زیڈ ای شریف خاندان کی منی لانڈرنگ کا مرکز تھا۔

    نواز شریف کو 31 دسمبر 2009 کو ایف زیڈ ای سے ایک ملین ڈالر بھیجے گئے۔ نواز شریف نے اپنے بینک اسٹیٹمنٹ میں یہ رقم تحفے کے طور پر ظاہر کی جبکہ کیپیٹل ایف زیڈ ای سے رقوم برطانیہ، اور سعودی عرب منتقل کی گئیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ، سعودی عرب منتقلی پھر رقوم شریف خاندان کے ذاتی اکاؤنٹس میں گئیں۔ کیپیٹل ایف زیڈ ای سے شریف خاندان کو رقوم خاص طریقے سے بھیجی گئیں۔ سپریم کورٹ نے نواز شریف کو اسی کمپنی کا اقامہ ظاہر نہ کرنے پر نااہل کیا۔

    ذرائع کے مطابق منی لانڈرنگ کا انکشاف شریف خاندان کے خلاف انکوائری میں ہوا۔ کیپیٹل ایف زیڈ ای کے بینک اسٹیٹمنٹ کاروباری امور بتانے سے قاصر ہیں جبکہ کیپیٹل ایف زیڈ ای کے اکاؤنٹس میں صرف رقوم کی منتقلی کا انکشاف ہوا۔


    اگر آپ کو یہ خبر پسند نہیں آئی تو برائے مہربانی نیچے کمنٹس میں اپنی رائے کا اظہار کریں اور اگر آپ کو یہ مضمون پسند آیا ہے تو اسے اپنی فیس بک وال پر شیئر کریں۔

  • غیر ملکی ملازمین سے معاہدے کی خلاف ورزی، کفیل پرجرمانہ ہوگا

    غیر ملکی ملازمین سے معاہدے کی خلاف ورزی، کفیل پرجرمانہ ہوگا

    کویت سٹی : کویت حکومت نےغیر ملکی ملازم کو پہلے سے طے شدہ پیشے اور تجربے کے مطابق کام نہ دینے والے کفیل پر 3 سال قید اور 2 ہزار سے 10 ہزار دینار تک جرمانہ عائد کرنے کا اعلان کر دیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق یہ اعلان کویت حکومت نے غیر ملکی ملازمین کی جانب سے مسلسل شکایات موصول ہونے کے بعد کیا گیا ہے جس میں کہا گیا تھا کہ کچھ کفیل پُرکشش مراعات اور ملازمت کے نام پرغیرملکیوں آجروں کو قطر بلا کر نچلے درجے کا کام کرواتے ہیں جب کہ اس دوران اُن کا پاسپورٹ بھی ضبط کرلیتے ہیں.

    اس صورت حال کو مدنظر رکھتے ہوئے کویت کے محمکہ افرادی قوت نے واضح کیا ہے کہ غیرملکی کارکن درآمد کرنے کے بعد اقامہ میں درج پیشے کے مطابق کام نہ دینے والے کفیل کو 3 سال قید اور 2 ہزار دینار تا 10 ہزار دینار جرمانے کی سزا ہوسکتی ہے.

    محکمہ افرادی قوت کے اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ بیرون ملک سے ملازمین کو ویزے جاری کرنا، انہیں ملک میں آنے اور اقامے جاری کرنے بعد انہیں پیشے کے مطابق کام نہ دینا لیبر قوانین کی سنگین خلاف ورزی ہے جس پرکفیل کو سخت سزا دی جائے گی.

    محمکہ افرادی قوت کا مزید کہنا تھا کہ اس قانون پر سختی سے عمل درآمد کروایا جائے گا اور جو کمپنی یا فرد اس میں رکاوٹ بنے گا اُس پر 500 دینار سے ایک ہزار دینار تک جرمانہ عائد ہوسکتا ہے.

  • قانونی اصطلاحات سے اپنے مطالب نکالنے والی مریم نواز کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، فواد چوہدری

    قانونی اصطلاحات سے اپنے مطالب نکالنے والی مریم نواز کو جیل میں ہونا چاہیے تھا، فواد چوہدری

    اسلام آباد : رہنما پاکستان تحریک انصاف فواد چوہدری نے کہا ہے کہ مریم نواز نے اپنی ڈکشنری ایجاد کرتے ہوئے بادی النظر اور اقامے کا خود ساختہ مطلب بیان کر ڈالا ہے جو کہ بے بنیاد ہی نہیں مضحکہ خیز بھی ہے.

    وہ اے آر وائی نیوزکی اینکر سے بات کرتے ہوئے مریم نواز کے بیان پر ردعمل دے رہے تھے، فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ مریم نواز کی ڈکشنری میں بادی النظر کا مطلب خیال اور اقامے کا مطلب ویزا حاصل کرنا ہوتا ہے حالانکہ بادی النظر قانونی ایک اصطلاح ہے جس کا مطلب ’’بظاہر‘‘ ہوتا ہے اور اسی طرح خلیجی ممالک میں نوکری یا کاروبار کی غرض سے حاصل ویزے کو ’’اقامہ‘‘ کہتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مریم نواز روزانہ توہین عدالت کررہی ہیں، اور جب دل کرتا ہے اداروں کو شدید تنقید کا نشانہ بنانے لگتی ہیں جس پر اداروں کو سخت ایکشن لیا جانا چاہیے لیکن نا جانے کیوں سپریم کورٹ کوئی نوٹس نہیں لیتی، لگتا ہے مریم نواز کو کسی قانونی فرم سے معاہدہ کرنا ہوگا۔

    ترجمان تحریک انصاف فواد چوہدری کا مزید کہنا تھا کہ یہ وہی مریم نواز ہیں جو کہتی تھیں کہ لندن تو کیا پاکستان میں بھی ان کی کہیں کوئی جائیداد نہیں ہے، اگر کوئی جھوٹوں کی سلطنت ہو تواس کی ملکہ مریم نواز ہوں گی۔


    اسی سے متعلق :  ایک دوسرے کی شکل نہ دیکھنے والے بھی نواز شریف کے خلاف آج اکٹھے ہوگئے: مریم نواز

    انہوں نے کہا کہ سپریم کورٹ نے مریم نواز پر ہلکا ہاتھ رکھا ہوا ہے ورنہ عدالت میں جعلی کاغذات جمع کرانے پر ابھی جیل میں ہوتیں لیکن  عدالت نے نرمی برتی تاہم اب مریم نواز کو تقاریر کیلئے بھی کسی ماہر قانون شخص کو ساتھ رکھنا ہوگا۔

    خیال رہے سابق وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے پارٹی کنونشن سے خطاب کرتے ہوئے پاناما کیس کے فیصلے کو ایک بار پھر تنقید کا نشانہ بنایا اور عدالتی فیصلے میں استعمال ہونے والے الفاظ اقامہ اور بادی النظر کے اپنی مرضی کے مطالب بنالیے۔