Tag: اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس

  • وزارت اطلاعات کو کورونا اشتہاری مہم کیلئے  141 ملین روپے فراہم کرنے کی منظوری

    وزارت اطلاعات کو کورونا اشتہاری مہم کیلئے 141 ملین روپے فراہم کرنے کی منظوری

    اسلام آباد : وزیرخزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں وزارت اطلاعات کو کورونا اشتہاری مہم کیلئے 141 ملین روپے فراہم کرنے کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیرصدارت کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا ، جس میں 5 نکاتی ایجنڈا پرغور کیا گیا ، ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں ہیلی کاپٹروں کی مرمت کیلئے 4 کروڑروپے اور رینجرز پنجاب کے ہیلی کاپٹرکی مرمت کیلئے 50 لاکھ روپےکی گرانٹ منظور کرلی گئی۔

    ذرائع نے کہا کہ ای سی سی نے ایف سی کے پی ہیلی کاپٹر کی مرمت کیلئے ایک کروڑ روپے اور ایف سی بلوچستان کے ہیلی کاپٹرمرمت کیلئے 2 کروڑ 50لاکھ کی گرانٹ کی منظوری دی۔

    اجلاس میں وزارت اطلاعات کی کورونا اشتہاری مہم کیلئے مالی وسائل کی فراہمی کی منظوری بھی دی گئی ، 141 ملین روپے اشتہاری مہم کیلئے وزارت اطلاعات کو فراہم کیے جائیں گے۔

    ای سی سی نے وزارت ہاؤسنگ کی پاکستان کواٹرزکی لیزمیں توسیع کی منظوری دی اور سوئی سدرن فوجی فرٹیلائزربن قاسم میں گیس سپلائی معاہدے کی تجدید کی۔

    ذرائع کے مطابق ثاقب ون اے گیس ذخیرے سے ایس ایس جی سی ایل کیلئے گیس فراہمی کی منظوری دی گئی ، ایس ایس جی سی ایل کو8ایم ایم سی ایف ڈی گیس دی جائے گی۔

  • اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس : ملک بھر میں  فائیو جی لائسنس کے اجراء کیلئے کمیٹی تشکیل

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس : ملک بھر میں فائیو جی لائسنس کے اجراء کیلئے کمیٹی تشکیل

    اسلام آباد : مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس برآمدی سیکٹر کیلئے بجلی اور آر ایل این جی کے نرخ کی منظوری اور فائیو جی لائسنس کے اجراء کیلئے کمیٹی تشکیل دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کی زیر صدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کااجلاس ہوا، جس میں برآمدی سیکٹر کیلئے بجلی اور آر ایل این جی کے ریٹس کا جائزہ لیا گیا۔

    اجلاس میں نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز اسپیکٹرم کیلئے ایڈوائزری کمیٹی کی منظوری دے دی گئی ، کمیٹی وزرا، آئی ٹی، صنعت وپیداوار ، منصوبہ بندی،مشیر تجارت پر مشتمل ہوگی جبکہ کمیٹی کی سربراہی مشیرخزانہ عبدالحفیظ شیخ کریں گے، کمیٹی فائیوجی سروسز سےمتعلق امور کا جائزہ لیکر پی ٹی اے کوسفارشات دے گی۔

    ای سی سی نے نیا پاکستان ہاوسنگ اتھارٹی کیلئےفیصلے میں ترمیم کی منظوری دیدی، فیصلے کے مطابق33ارب سے زائد رقم10 سے 20سال کیلئے مارک اپ سبسڈی پر ہوگی جبکہ 4 ارب77کروڑ کی سپلیمنٹری گرانٹ موجودہ مالی سال کےمارک اپ کی مدمیں دی جائے گی۔

    اعلامیے میں کہا گیا روایتی نرخ پاورڈویژن کی طرف سے جولائی،اگست کی ورکنگ پرہوں گے اور برآمدی شعبےکو7.7سینٹ فی کلوواٹ پر جولائی،اگست کیلئے بجلی فراہم کی جائے گی جبکہ جاری مالی سال کےبقیہ مہینوں کیلئے یہ نرخ 9فی کلوواٹ ہوں گے۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی نے برآمدی سیکٹر کیلئے بجلی اور آر ایل این جی کے ریٹ کی منظوری دے دی، برآمدی شعبے میں قالین سازی، لیدر مصنوعات، کھیلوں کا سامان اور ٹیکسٹائل سیکٹر شامل ہیں۔

    اجلاس میں آلو کی برآمد پر پابندی سے متعلق سمری پر فیصلہ موخر کردیا گیا، آلو کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ آئندہ اجلاس میں ہوگا۔

    گذشتہ اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی ایک روپے 09 پیسے فی یونٹ مہنگی کرنے کی منظوری دی گئی تھی گئی، اضافہ اکتوبر کے بجلی بل میں شامل ہوگا۔

    کمیٹی نے موجودہ بجٹ سےکے الیکٹر ک کیلئے 4.7ارب روپے جاری کرنے کی ہدایت دی ، وفاقی حکومت کےالیکٹرک کو4.7 ارب روپےسبسڈی کی مد میں دےگی۔

    ای سی سی نے ہوٹل روزویلٹ کےلیے14 کروڑ 20 لاکھ ڈالر کی منظوری بھی دی ، رقم قرضے، سود اور واجبات کی ادائیگی کےلیےفراہم کی جائےگی۔

  • گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

    گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کرنے کی منظوری

    اسلام آباد : اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی کردی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی  سے ہوگا، قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو500 ارب سے زائدریونیوحاصل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق مشیر خزانہ حفیظ شیخ کی زیرصدارت اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا ، جس میں گھریلوصارفین کیلئےگیس کی قیمتوں میں اضافے کی منظوری دے دی گئی۔

    گھریلو صارفین کیلئے گیس 190 فیصد تک مہنگی ہوجائے گی جبکہ دیگرکیٹیگریز کےلیےگیس قیمتوں میں31 فیصد سےزیادہ اضافے کی منظوری دی گئی، نئی قیمتوں کا اطلاق یکم جولائی سے ہوگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے گیس کی قیمتوں میں اضافہ آئی ایم ایف کی شرائط میں شامل تھا، قیمتوں میں اضافے سے حکومت کو500 ارب سے زائدریونیوحاصل ہوگا، حکومت دسمبر میں گیس کی قیمتوں کا دوبارہ جائزہ لے گی۔

    اجلاس میں سعودی عرب سے ادھار تیل کے طریقہ کار کی بھی منظوری دی گئی، پیپرا رولز کا اطلاق نہیں ہوگا، سعودی عرب سے ادھار تیل کی سہولت یکم جولائی سے شروع ہو گی، پی ایس اوسعودی عرب سے پیٹرولیم مصنوعات کی درآمد کرے گا۔

    اقتصادی رابطہ کمیٹی کے اجلاس میں پاکستان جیمز جیولری کمپنی کو ضمنی گرانٹس فراہم کرنے کی سمری منظور کرلی گئی۔

    یاد رہے پیٹرولیم ڈویژن نےگیس کی قیمتوں میں اضافےکی سمری ای سی سی کو ارسال کی تھی، جس میں گھریلو صارفین کیلئےگیس کی قیمت میں دوسو فیصد اور کمرشل صارفین کیلئےگیس اکتیس فیصد مہنگی کرنےکی تجویزدی گئی تھی۔

    سمری میں ماہانہ پچاس یونٹ والےگھریلو صارفین کیلئےگیس پچیس فیصد، سو یونٹ ماہانہ والوں کیلئے پچاس فیصد، اور دو سو یونٹ والے گھریلو صارفین کیلئے پچھتر فیصد گیس مہنگی کرنے کی تجویز دی گئی جبکہ نیٹ ماہانہ تین سو یونٹ والے گھریلو صارفین کے لئے گیس کی قیمت میں سو فیصد اضافہ کرنے کی تجویز تھی۔

    کمرشل صارفین کیلئے گیس کی قیمت میں اکتیس فیصد مہنگی کرنے کی سفارش کی گئی تھی۔