Tag: اقربا پروری

  • بالی ووڈ میں کیسے آیا، کتنی بار مسترد ہوا؟ شاہد کپور نے کہانی سنا دی

    بالی ووڈ میں کیسے آیا، کتنی بار مسترد ہوا؟ شاہد کپور نے کہانی سنا دی

    ممبئی: بالی ووڈ انڈسٹری میں اقربا پروری کی آئے دن نئی کہانی سامنے آتی ہے لیکن دوسری طرف شاہد کپور جیسے اداکار کہتے ہیں کہ اقربا پروری تو ان کے کچھ کام نہ آئی۔

    ایک انٹرویو میں بالی ووڈ اداکار شاہد کپور نے انکشاف کیا ہے کہ انھیں 100 بار آڈیشن میں مسترد کیا گیا، اقربا پروری ان کے کچھ کام نہیں آئی، اور کیریئر بطور بیک گراﺅنڈ ڈانسر شروع کیا۔

    شاہد کپور نے بالی ووڈ میں آنے کی کہانی سناتے ہوئے کہا کہ وہ شدید تگ و دو کے بعد انڈسٹری میں اپنے قدم جمانے میں کامیاب ہوئے۔

    اداکار نے کہا ’’ہر کوئی سوچتا ہے کہ مجھے پنکج کپور کا بیٹا ہونے کا فائدہ ملا ہوگا مگر ایسا بالکل نہیں ہے، میں نے کسی بھی نئے اداکار کی طرح انڈسٹری میں کام حاصل کرنے کے لیے سخت جدوجہد کی ہے۔‘‘

    واضح رہے کہ بالی ووڈ کے متعدد ڈائریکٹرز، پروڈیوسرز اور سینئر اداکار اقربا پروری کے الزام کی زد میں رہتے ہیں اور اس میں کافی کچھ حقیقت بھی ہے، لیکن شاہد کپور نے بتایا کہ انھوں نے بیک گراﺅنڈ ڈانسر سے کیریئر کا آغاز کیا اور آڈیشنز دینے شروع کیے، لیکن سو بار مسترد ہونے کے بعد آخر کار انھیں چانس مل ہی گیا۔

    شاہد کپور نے کہا ’’فلم عشق وشق نے میری زندگی ہی بدل ڈالی، اس وقت نئے لوگوں کو انڈسٹری میں قبول نہیں کیا جاتا تھا، میرے ساتھ بھی ایسا ہی معاملہ ہوا، مجھے لگتا تھا کہ کوئی مجھے چانس ہی نہیں دے گا۔‘‘

    شاہد کپور نے جب اشتہارات اور میوزک ویڈیوز میں کام شروع کیا تو انڈسٹری کے لوگوں کو نظر آنے لگے، اور اس کے بعد آڈیشنز کا موقع ملا، لیکن فلم عشق وشق میں چانس ملنے سے قبل انھیں تقریباً سو بار مسترد کیا گیا۔

    شاہد کپور نے اپنے سخت دنوں کو یاد کرتے ہوئے بتایا ’’ان دنوں میرے پاس کھانے اور آڈیشنز پر جانے کے لیے پیسے نہیں ہوتے تھے، میں نے وہ زندگی بھی گزاری، مجھے اپنی زندگی کے اس وقت کے بارے میں بات کرنا پسند نہیں ہے۔‘‘

    یاد رہے کہ فلم عشق وشق میں شان دار پرفارمنس پر شاہد کپور کو بہترین ڈیبیو اداکار کا فلم فیئر ایوارڈ دیا گیا تھا۔

  • زرتاج گل نے ادارے کو کوئی خط نہیں لکھا، نیکٹا نے وضاحت کر دی

    زرتاج گل نے ادارے کو کوئی خط نہیں لکھا، نیکٹا نے وضاحت کر دی

    اسلام آباد: قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) نے اعلامیہ جاری کرتے ہوئے وضاحت کی ہے کہ زرتاج گل کی جانب سے ادارے کو کوئی خط نہیں لکھا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نیکٹا کی جانب سے اعلامیہ جاری ہوا ہے جس میں زرتاج گل کی بہن شبنم گل کی نیکٹا میں تعیناتی سے متعلق وضاحت کی گئی ہے، کہا گیا ہے کہ زرتاج گل نے نیکٹا کو کوئی خط نہیں لکھا۔

    اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ ایک خط وزیر مملکت برائے موسمیاتی تبدیلی زرتاج گل سے منسوب کر کے میڈیا میں زیر بحث ہے، یہ خط زرتاج گل کے پرنسپل اسٹاف افسر نے سیکریٹری وزارت داخلہ کو لکھا۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل نیکٹا نے وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ زرتاج گل کی بہن شبنم گل کی تعیناتی میرٹ پر ہوئی، شبنم گل پی ایچ ڈی اسکالر ہیں، انتہا پسندی اور دہشت گردی پر مقالے لکھ چکی ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  وزیر اعظم کا زرتاج گل کے معاملے پر شدید اظہار برہمی، نیکٹا کو لکھا خط واپس لینے کی ہدایت

    واضح رہے کہ آج وزیر مملکت زرتاج گل کی ہمشیرہ کی نیکٹا میں تعیناتی کے معاملے پر وزیر اعظم عمران خان نے شدید برہمی کا اظہار کرتے ہوئے زرتاج گل کو نیکٹا کو لکھے گئے خط سے دست بردار ہونے کی ہدایت کر دی تھی۔

    معاون خصوصی نعیم الحق کے مطابق زرتاج گل وزیر نے اپنی بہن شبنم گل کی تعیناتی کے لیے قومی ادارہ برائے انسداد دہشت گردی (نیکٹا) میں تعیناتی کے لیے خط لکھا تھا۔

    نعیم الحق نے ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ وزیر اعظم نے زرتاج گل کو نیکٹا کو لکھے گئے خط سے دست بردار ہونے کی ہدایت کر دی ہے۔