Tag: اقلیت

  • بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں، ترجمان دفترخارجہ

    بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں، ترجمان دفترخارجہ

    اسلام آباد: پاکستان کے ترجمان دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن بننے کی پوزیشن میں نہیں ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لوک سبھا میں بھارتی خارجہ امور کے شر انگیز بیان پر ترجمان دفتر خارجہ نے ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت اقلیتوں کے حقوق کا چیمپئن نہ بنے، وہ اس پوزیشن میں نہیں ہے۔

    ترجمان نے کہا بھارت خود اقلیتوں کے حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں میں ملوث ہے، بھارت میں اقلیتوں پر حملے حکومتی سرپرستی میں ہوتے ہیں، جب کہ پاکستان میں اقلیتوں کے تحفظ کے لیے ریاستی ادارے متحرک ہیں۔

    انھوں نے کہا انڈیا میں اقلیتوں کے خلاف نفرت، امتیاز اور تشدد کی سرپرستی کی جاتی ہے، شہریت ترمیمی قانون سے مساجد پر حملوں تک بھارت کا ریکارڈ اقلیت دشمنی سے بھرا ہے، اور گجرات قتل عام، دہلی فسادات، بابری مسجد کی شہادت بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کی داستانیں ہیں۔


    اسلاموفوبیا کے محاذ پر پاکستان کی ایک اور کامیابی


    دفتر خارجہ کے ترجمان نے کہا انڈیا کو دوسروں پر انگلی اٹھانے سے پہلے اپنے اقلیت دشمن رویے پر غور کرنا چاہیے، مودی سرکار اقلیتوں کے تحفظ کے لیے عملی اقدامات کرے، بیانات کافی نہیں ہیں، بھارت میں اقلیتوں کی جان و مال، عبادت گاہیں غیر محفوظ ہیں۔

    واضح رہے کہ تازہ ترین رپورٹ کے مطابق مودی سرکار نے وقف املاک پر قبضے کی مہم تیز کر دی ہے، مودی سرکار نے وقف ایکٹ میں ترامیم متعارف کروا کر بھارت میں مسلم املاک پر قبضے کا آغاز کر دیا ہے، بھارت میں 8 لاکھ سے زائد وقف جائیدادوں کی مالیت 14.22 بلین ڈالر ہے، مودی کی انھیں ہڑپ کرنے کی سازش شروع کر دی ہے، اس سلسلے میں اْجین، مدھیہ پردیش میں 250 سے زائد مکانات، دکانیں اور اور تاریخی مسجد مسمار کی گئیں، اور 2.1 ہیکٹر زمین کلیئر کرائی گئی ہے۔

  • بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے: دفتر خارجہ

    بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے: دفتر خارجہ

    اسلام آباد: پاکستان نے بھارت میں مسلمان مظاہرین پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے، عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کی مذمت کرے۔

    تفصیلات کے مطابق دفتر خارجہ نے بھارت میں مسلمانوں پر پولیس تشدد کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ بھارت میں مسلمان پر امن اپنا احتجاج ریکارڈ کروانا چاہتے تھے، مسلمان نماز جمعہ کے بعد اپنے جذبات کا اظہار کر رہے تھے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارتی مسلمان بی جے پی رہنماؤں کے شرپسند بیانات پر احتجاج کرنا چاہتے تھے، بھارتی ریاست نے نہتے مسلمان مظاہرین پر بہیمانہ تشدد کیا۔ کئی بھارتی ریاستوں میں مسلمان مظاہرین پر حکومت نے طاقت کا بہیمانہ استعمال کیا۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ بھارتی ریاست کی جانب سے مسلمان مظاہرین پر فائرنگ کی گئی، ریاستی تشدد اور فائرنگ سے 2 نہتے مسلمان مظاہرین جاں بحق ہوئے، 227 پرامن مظاہرین گرفتار کرلیے گئے۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہندو توا پولیس، مسلمان اقلیتوں پر ظلم کر رہی ہے، مسلمانوں پر ظلم کا بازار گرم ہے۔ عالمی برادری بھارت میں مسلمانوں پر بڑھتے مظالم کی مذمت کرے۔

    ترجمان کا مزید کہنا تھا کہ بھارت میں بڑھتے اسلامو فوبیا کے خلاف عالمی برادری اقدامات کرے، بھارت میں مسلمانوں کی مذہبی آزادی کا تحفظ سب کی ذمے داری ہے۔

  • پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    اسلام آباد: پاکستان میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے، یہ دن بانی پاکستان قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخ ساز تقریر کی یاد اور ان کے افکار کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن سنہ 2009 سے ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔

    پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن 11 اگست سنہ 1947 میں کی جانے والی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تقریر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا، آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں، مسجدوں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں۔

    قائد اعظم نے کہا تھا، آپ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی عقیدے پر کاربند ہوں، کار سرکار سے اس کا کوئی تعلق نہیں۔

    بانی پاکستان کی اسی تقریر کی یاد میں سنہ 2009 میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر صدر مملکت اور وزیر اعظم پاکستان نے اپنے پیغامات میں کہا کہ اس دن کو منانے کا مقصد اس عزم کا اعادہ کرنا ہے کہ ریاست اقلیتوں کے حقوق کا تحفظ کرے گی اور زندگی کے ہر شعبے میں انہیں مساوی مواقع مہیا کرے گی۔

    صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح و بہبود کے لیے مسلسل کوشاں اور سرگرم عمل ہے۔

    وزیر اعظم پاکستان عمران خان کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان نے قومی کمیشن برائے اقلیت کو مکمل اختیار دیا ہے کہ وہ اقلیتوں کے حقوق کے لیے اپنا مؤثر کردار ادا کرے۔

    انہوں نے کہا کہ اقلیت برداری سے تعلق رکھنے والے ہمارے پارلیمانی ارکان، سول سرونٹس اور دیگر حکومتی و غیر حکومتی اداروں میں کام کرنے والے افراد نہ صرف ریاست کی مجموعی بہتری میں اپنا مؤثر کردار ادا کر رہے ہیں بلکہ ہمارے معاشرے کے تنوع کا بھی عکاس ہیں۔

    خیال رہے کہ اس دن کو بطور قومی دن منانے کی تجویز سابق وزیر اقلیتی امور شباز بھٹی نے دی تھی جنہیں سنہ 2011 میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا تھا۔

  • آج ملک بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    آج ملک بھر میں اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے

    اسلام آباد: پاکستان میں آج اقلیتوں کا قومی دن منایا جارہا ہے، یہ دن قائد اعظم کی 11 اگست 1947 کی تاریخ ساز تقریر کی یاد اور ان کے افکار کی روشنی میں منایا جاتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں آج سرکاری سطح پر اقلیتوں کا قومی دن منایا جا رہا ہے، یہ دن سنہ 2009 سے ہر سال 11 اگست کو منایا جاتا ہے۔

    اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اپنے پیغام میں تمام تر تعصبات کو بالائے طاق رکھتے ہوئے برداشت، سماجی برابری اور بھائی چارہ اپنانے پر زور دیا۔

    صدر مملکت کا کہنا تھا کہ ہر پاکستانی کی ذمہ داری ہے کہ وہ اپنے ہم وطنوں کا خیال رکھے۔

    انہوں نے اس بات کا یقین دلایا کہ مملکت میں موجود تمام کمیونٹیز کے ساتھ مساوی سلوک کیا جائے گا جبکہ انہیں مساوی سہولیات و مواقع میسر ہوں گی تاکہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوسکے۔

    صدر مملکت کا مزید کہنا تھا کہ یہ دن قائد اعظم کے ان افکار کی یاد دلاتا ہے کہ جب 11 اگست سنہ 1947 کو اپنی تاریخ ساز تقریر میں انہوں نے کہا کہ آپ آزاد ہیں، اپنے مندر، اپنی مساجد یا جہاں آپ عبادت کرنا چاہیں وہاں جانے کے لیے۔ آپ کا مذہب کوئی بھی ہو یا آپ کسی بھی رنگ و نسل سے تعلق رکھتے ہوں، ریاست پاکستان کا اس سے کوئی لینا دینا نہیں۔

  • ننکانہ صاحب واقعہ میرے وژن کے خلاف ہے: وزیر اعظم

    ننکانہ صاحب واقعہ میرے وژن کے خلاف ہے: وزیر اعظم

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے ننکانہ صاحب پر پیش آنے والا نا خوش گوار واقعہ اپنے وژن کے خلاف قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق آج وزیر اعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹر اکاؤنٹ پر پیغام دیا ہے کہ ننکانہ صاحب واقعہ قابل مذمت ہے، اس واقعے اور بھارت میں اقلیتوں سے سلوک میں بہت فرق ہے۔

    انھوں نے کہا کہ مودی آر ایس ایس کے نظریے کے تحت اقلیتوں پر مظالم کی حمایت کرتا ہے، جب کہ ننکانہ صاحب واقعہ میرے وژن کے خلاف ہے، یہ حکومت بشمول پولیس اور عدلیہ سب کے لیے ناقابل برداشت ہے۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ بھارت میں ہجوم مسلمانوں کو یرغمال بنا لیتا ہے، مسلمانوں کو یرغمال بنانے کے واقعات کو مودی سرکار کی حمایت حاصل ہے، بھارتی پولیس بھی مسلمانوں پر تشدد میں ملوث ہے۔

    قبل ازیں، وزیر اعظم عمران خان نے کابینہ ڈویژن کو ہدایت جاری کی ہے کہ ریگولیٹری ادارے لائسنسز، اجازت ناموں اور این او سیز اجرا کا عمل سادہ بنائیں، اور کابینہ ڈویژن سے مربوط نظام اور ٹائم لائنز پر مبنی ایس او پیز بنائی جائیں۔ انھوں نے لائسنس اور این او سی کا طریقہ کار ویب سائٹ پر فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کابینہ ڈویژن طریقہ کار کا مسودہ 2 ہفتے میں وزیر اعظم آفس میں پیش کرے۔

    ننکانہ صاحب گوردوارہ واقعے کو مذہبی رنگ دینے کی کوششیں غلط ہیں،دفتر خارجہ

    خیال رہے کہ دو روز قبل ننکانہ صاحب گوردوارہ میں دو مسلم گروہوں میں لڑائی ہو گئی تھی، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق چائے کی ایک دکان پر معمولی بات پر تکرار سے جھگڑا بڑھ گیا اور ہاتھا پائی ہوئی، جس پر ضلعی انتظامیہ نے کارروائی کرتے ہوئے ملزمان کو گرفتار کر لیا تھا۔ تاہم بھارت کی جانب سے اس واقعے کو اقلیتوں پر حملے کا رنگ دینے کی کوشش کی گئی۔

    ننکانہ صاحب میں جمعے کو احتجاج کے دوران مظاہرین کی قیادت کرنے والےعمران علی چشتی نے بھی ویڈیو پیغام میں کہا ہے کہ گوردوارے کا گھیراؤ اور پتھراؤ کیا ہے نہ کریں گے، جذبات میں سکھ برادری کے بارے میں کافی باتیں کر گیا تھا، کسی کی دل آزاری ہوئی ہو تو معذرت چاہتا ہوں، سکھ ہمارے بھائی تھے، بھائی ہیں اور بھائی رہیں گے۔

  • بھارتی حکومت کے فیصلوں سےاقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے، اسد قیصر

    بھارتی حکومت کے فیصلوں سےاقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے، اسد قیصر

    ریاض: اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کا کہنا ہے کہ بھارتی حکومت کے فیصلوں سےاقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاض میں اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے چیئرمین سعودی شوریٰ کونسل سے ملاقات کی۔ اپوزیشن اور حکومتی اراکین کا پارلیمانی وفد بھی ملاقات میں شامل تھا۔

    ملاقات میں دونوں ممالک کے درمیان پارلیمانی تعاون بڑھانے پر تبادلہ خیال کیا گیا، ملاقات میں امت مسلمہ سے متعلق امور بھی زیربحث آئے۔ پاکستان اور سعودی شوریٰ کونسل کے درمیان مفاہمی یاداشت پر بھی دستخط کیے گئے

    سعودی شوریٰ نے کہا کہ اسلاموفوبیا سے نمٹنے کے لیے امت مسلمہ کا اتحاد ضروری ہے۔

    اسپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر نے سعودی ہم منصب کو مقبوضہ کشمیرمیں بھارتی مظالم سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کے فیصلوں سے اقلیتوں کو خطرہ لاحق ہے۔

    اسد قیصر نے آئندہ سال اسلام آباد میں مجوزہ عالمی پارلیمانی کانفرنس سے متعلق آگاہ کیا۔ اسپیکر اسد قیصر نے کانفرنس کے انعقاد کے لیے سعودی تعاون پر اظہار تشکر کیا۔ اسد قیصر نے پارلیمانی وفد کے ہمراہ سعودی مجلس شوریٰ کا دورہ بھی کیا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسپیکر قومی اسمبلی اور پارلیمانی وفد سرکاری دورے پر سعودی عرب پہنچے تھے، اسپیکر اسد قیصر چیئرمین شوریٰ کونسل کی دعوت پرسعودی عرب کا دورہ کر رہے ہیں۔

  • پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی: وزیر اعظم

    لاہور: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ میں دنیا بھر سے آئے ہوئے سکھوں کو خوش آمدید کہتا ہوں، کوشش کریں گے سکھوں کو ایئر پورٹ پر ویزے کی سہولت ملے، پاکستان آنے والے سکھوں کو ملٹی پل ویزے دیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں منعقدہ سکھ کنونشن سے خطاب کے دوران کیا، وزیر اعظم نے کہا کہ سکھ برادری کے لیے ہم ہر قسم کی آسانی پیدا کریں گے، پاکستان میں موجود اقلیتی برادری برابر کے شہری ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ مسئلہ کشمیر کو ہم ڈائیلاگ کے ذریعے حل کر سکتے تھے، افسوس ہے ہماری پیش کش پر بھارت کا رویہ غیر ذمہ دارانہ رہا، جنگ سے مسئلے حل نہیں کیے جا سکتے، جیتنے والے کو بھی اتنا نقصان ہوتا ہے کہ واپس کھڑا ہونے میں کئی سال لگتے ہیں، بی جے پی حکومت اس نظریے پر چل رہی ہے جس کی وجہ سے پاکستان بنا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا بھارت میں بی جے پی حکومت صرف ہندو راج چاہ رہی ہے، وہاں کوئی گائے بھی لے کر جاتا ہے تو اسے قتل کر دیا جاتا ہے، کشمیر میں کرفیو لگا کر بھارت نے 80 لاکھ لوگوں کو 29 روز سے بند کر رکھا ہے، مسلمان اگر کسی بھی مذہب سے نا انصافی کرے تو یہ دین کی خلاف ورزی ہوتی ہے۔

    عمران خان نے کہا کہ ہندو مت سمیت کوئی بھی مذہب انسانوں سے ایسے رویے کی اجازت نہیں دیتا، بھارت میں جو ماحول بن رہا ہے مجھے اس پر خوف آتا ہے، 20 کروڑ مسلمان ڈر ڈر کر زندگی گزار رہے ہیں، بھارت کو آر ایس ایس لے کر چل رہی ہے، اقلیتیں خطرے میں ہیں، آج مسلمان نشانہ ہیں کل دوسروں کی باری ہے، خود بھارت کو بھی آر ایس ایس نظریے سے خطرہ ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت ایٹمی ملک ہیں ٹینشن بڑھی تو دنیا کو خطرہ ہو جائے گا، پاکستان کی طرف سے کبھی جنگ کی پہل نہیں ہوگی۔

  • مودی کی مداح خاتون کی دلت اقلیت کو مغلظات بکنے کی ویڈیو وائرل

    مودی کی مداح خاتون کی دلت اقلیت کو مغلظات بکنے کی ویڈیو وائرل

    نئی دہلی : مودی کی مداح خاتون کی دلت اقلیتوں کو سب و شتم کا نشانہ بنانے اور نفرت کا اظہار کرنے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹیوٹر میں بھارت میں اعلیٰ ذات سمجھے جانے والی برہمن سے تعلق رکھنے والی خاتون کی ویڈیو وائرل ہوئی جس میں خاتون دلت اقلیت سے ناصرف شدید نفرت کا اظہار کر رہی ہیں بلکہ غیر اخلاقی زبان بھی استعمال کر رہی ہیں۔

    بھارتی میڈیا پر جاری ہونے والی ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ سرکاری ملازمتوں میں کوٹے کی وجہ سے دلت اقلیتوں کو برے القاب سے پکارنے والی خاتون وزیراعظم نریندرا مودی کی تعریفوں کے پل باندھ رہی ہیں اور واشگاف الفاظ میں مودی سرکار کی اقلیتوں کے خلاف نفرت آمیز پالیسی کی مداح ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ بھارتی گجرات میں مسلمانوں کے قتل عام سے گجرات کے قصاب کا عالمی لقب حاصل کرنے والے نریندرا مودی کی ساری سیاست اقلیتوں کے خلاف نفرت پھیلانے اور اکھنڈ بھارت کے کبھی نہ پورا ہونے والے سوشے پر انحصار کرتی ہے۔

    واضح رہے کہ نریندر مودی کے دور حکومت میں مسلمانوں اور دلتوں سمیت دیگر اقلیتوں کے لیے زمین تنگ کردی گئی۔

  • آسیہ بی بی کی رہائی ، مکمل عدالتی فیصلہ

    آسیہ بی بی کی رہائی ، مکمل عدالتی فیصلہ

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے آج مسیحی خاتون آسیہ بی بی کی سزائے موت کالعدم قرار دیتے ہوئے انہیں بری کردیا، 57 صفحات پر مشتمل فیصلے میں عدالتِ عظمیٰ کی جانب سے اس مقدمے کے تمام فیصلوں پر تفصیل سے روشنی ڈالی گئی ہے۔

    سپریم کورٹ آف پاکستان کی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے مفصل فیصلے میں چیف جسٹس میاں ثاقب نثار کا کہنا تھا کہ آسیہ بی بی کسی اور مقدمے میں گرفتار نہیں ہیں تو انہیں رہا کردیا جائے۔

    فیصلے کی ابتدا میں توہینِ رسالت کے قانون کے تمام تر پہلو اور اس کی شرعی ضرورت قرآن و احادیث کے حوالے سے ثابت کی گئی ہے، اس کے بعد بتایا گیا ہے کہ اس معاملے میں الزام کی صحت ثابت ہونا کس قدر ضروری ہے۔

    یہ بھی بتایا گیا ہے کہ ماضی کی عدالتوں نے کن بنیادوں پر آسیہ بی بی کو مجرم قرار دیا اور سپریم کورٹ نے ان فیصلوں میں کیا سقم پایا۔

    فیصلے کے اختتام پر رسول اللہ ﷺ کی حدیث لکھی گئی ہے جس میں آنحضرت ﷺ نے امتِ مسلمہ کو مخاطب کرکے کہا ہے کہ

    [bs-quote quote=”
    جان لو! جوکوئی بھی کسی غیر مسلم یا اقلیت پر ظلم کرے گا، سختی سے پیش آئے ، ان کے حقوق سلب کرے گا، اور کو ان کی برداشت سے زیادہ ایذا دے گا اور ان کی مرضی کے برخلاف ان سے کچھ چھینے گا، میں (حضرت محمد ﷺ) اس کے بارے میں روزِ قیامت شکایت کروں گا‘‘۔
    ابو داؤد
    ” style=”style-7″ align=”center” color=”#dd3333″][/bs-quote]

    Card

  • اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اقلیتوں کا قومی دن: وزیر اعظم کا روادار معاشرے کے قیام کا عزم

    اسلام آباد: اقلیتوں کے قومی دن کے موقع پر وزیر اعظم پاکستان شاہد خاقان عباسی نے کہا ہے کہ حکومت پاکستان ایک روادار معاشرے کے قیام کی جدوجہد کر رہی ہے جہاں ہر شخص کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق آج پاکستان میں اقلیتوں کا دن منایا جا رہا ہے۔

    اس موقع پر اپنے پیغام میں وزیر اعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان کو ایک روادار اور متحمل مزاج معاشرہ بنائیں گے جہاں ہر انسان کے بنیادی حقوق کی حفاظت کی جائے گی اور ہر پاکستانی مذہب کی تفریق سے بالاتر ہو کر ملک کی ترقی و خوشحالی کے لیے کام کرے گا۔

    ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق وزیر اعظم نے یقین دہانی کروائی کہ قائد اعظم محمد علی جناح کے اس وعدہ کو نبھانے کی کوشش کی جائے گی جس میں انہوں نے اقلیتوں کے لیے یکساں حقوق اور مواقعوں کی یقین دہانی کروائی تھی۔

    انہوں نے تمام شعبہ زندگی خصوصاً صحت کے شعبے میں اقلیتی افراد کی خدمات کا اعتراف بھی کیا۔

    وزیر اعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کے تمام شہری برابر ہیں اور تمام افراد کے مذہب، ذات اور عقائد سے بالاتر ہو کر ان کے حقوق کی فراہمی یقینی بنائی جائے گی۔

    انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان اقلیتوں کی فلاح کے لیے متعدد اقدامات اٹھا رہی ہے جن میں ان کے لیے نوکریوں میں 5 فیصد کوٹہ اور قومی اسمبلی و سینیٹ میں آبادی کے لحاظ سے نشستوں کا مختص کرنا شامل ہے۔

    اقلیتوں کے قومی دن کی تاریخ

    پاکستان میں اقلیتوں کا قومی دن 11 اگست سنہ 1947 میں کی جانے والی بانی پاکستان قائد اعظم محمد علی جناح کی اس تقریر کی یاد میں منایا جاتا ہے جس میں انہوں نے کہا تھا، ’آپ آزاد ہیں، آپ پاکستان کی ریاست میں اپنے مندروں، مسجدوں یا کسی بھی دوسری عبادت گاہ میں جانے کے لیے آزاد ہیں‘۔

    قائد اعظم نے کہا تھا، ’آپ کسی بھی مذہب یا ذات سے تعلق رکھتے ہوں، کسی بھی عقیدے پر کاربند ہوں، کار سرکار سے اس کا کوئی تعلق نہیں‘۔

    بانی پاکستان کی اس تقریر کی یاد میں سنہ 2009 میں اقلیتوں کا قومی دن منانے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

    اس دن کو بطور قومی دن منانے کی تجویز سابق وزیر اقلیتی امور شباز بھٹی نے دی تھی جنہیں سنہ 2011 میں قاتلانہ حملے میں ہلاک کردیا گیا۔

    عمران خان کا پیغام

    اقلیتوں کے عالمی دن کے موقع پر چیئرمین تحریک انصاف عمران خان نے بھی خیر سگالی کا پیغام دیا۔

    اپنے پیغام میں عمران خان کا کہنا تھا کہ اقلیتی برادری کے لیے خیر سگالی کے جذبات رکھتے ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح کے بغیر فلاحی ریاست کا خواب ادھورا رہے گا۔

    انہوں نے کہا کہ بانی پاکستان نے اقلیتوں کو مکمل آزادی اور تحفظ کی ضمانت دی تھی۔ آج بھی اقلیتیں تعمیر وطن میں بھرپور حصہ ڈال رہی ہیں۔ اقلیتوں کی فلاح و ترقی روز اول سے ہمارے منشور کا لازمی جزو ہے۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ خیبر پختونخواہ حکومت نے اقلیتوں کی بہبود پر بطور خاص محنت کی ہے۔