Tag: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل

  • پاکستان اقوام متحدہ کی  سلامتی کونسل کا سربراہ بن گیا

    پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سربراہ بن گیا

    نیویارک : پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا سربراہ بن گیا، اپنی صدارت کے دوران پاکستان اعلیٰ سطح کے 2 اہم اجلاس منعقد کرے گا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت جولائی 2025 کیلئے سنبھال لی۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے کہا گیا کہ پاکستان اہم ذمہ داری کو انکساری اور یقین کے جذبے کیساتھ انجام دے گا، ہماری پالیسی یواین منشور، بین الاقوامی قانون کے احترام سے وابستگی پرقائم رہے گی۔

    دفتر خارجہ کا کہنا تھا کہ پاکستان سلامتی کونسل میں غیرجانبدار،اصولی،متوازن نقطہ نظر لائے گا، پاکستان نے کونسل پروگرام کی تیاری میں متوازن،مشاورت پرمبنی طریقہ اپنایا۔

    دفتر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو دنیا میں امن وسلامتی کودرپیش چیلنجزکا بخوبی ادراک ہے، بحرانوں کی انسانی قیمت متقاضی ہے سلامتی کونسل مؤثر، قابل اعتبارپلیٹ فارم ہو، صدارت کے دوران پاکستان بامعنی ،عملی نتائج پرمبنی مشاورت کوفروغ دے گا۔

    مزید پڑھیں : پاکستان اگلے ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کیلئے تیار

    ترجمان نے مزید بتایا کہ پاکستان سلامتی کونسل ، اقوام متحدہ کی وسیع رکنیت کے درمیان پل کا کردار ادا کرے گا اور تمام امور پرجامع شمولیت یقینی بناتے ہوئے تعمیری مکالمے کو فروغ دیا جائے گا ، عالمی امن و سلامتی کا قیام پاکستان سمیت تمام ممالک کی مشترکہ ذمہ داری ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پاکستان اعلیٰ سطح کے اہم اجلاس منعقد کرے گا، بائیس جولائی کو کثیرالجہتی نظام، تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے امن کے فروغ کے موضوع پر مباحثہ ہوگا جبکہ چوبیس جولائی کو اقوام متحدہ اور علاقائی وذیلی علاقائی تنظیموں کے درمیان تعاون پر بات ہوگی۔

    ان اجلاسوں کی صدارت نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کریں گے، اسحاق ڈار تئیس جولائی کو فلسطین کے مسئلے پر سہ ماہی مباحثےکی صدارت بھی کریں گے۔

  • پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر بھر پورانداز میں اٹھا دیا

    پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر بھر پورانداز میں اٹھا دیا

    نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں مسئلہ کشمیر بھر پورانداز میں اٹھا دیا اور پائیدارامن کے قیام کیلئے سلامتی کونسل پر تنازعات کی بنیادی وجوہات حل کرنے پر زور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم کے معاون خصوصی طارق فاطمی نے سلامتی کونسل میں منعقدہ اعلیٰ سطحی کھلی بحث میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کشمیری عوام سےاستصواب رائےکے ذریعے حق خودارادیت کے حصول کا وعدہ کیا گیا تھا اب سلامتی کونسل کی ذمے داری ہے کہ وہ کشمیری عوام کے اس حق کو یقینی بنائے۔

    معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ مسئلہ جموں وکشمیر بدستور سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے ، مسئلہ کشمیر کا منصفانہ اور حتمی حل تاحال قراردادوں کے مطابق باقی ہے، بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی اس میں کارگر ثابت ہوگی۔

    مزید پڑھیں : پاکستان کا اقوام متحدہ میں بھارتی مندوب کو کرارا جواب

    انہوں نے زور دیا کہ سلامتی کونسل تنازع کے منصفانہ اور دیرپا حل کے لیے اپنی قراردادوں پر عمل درآمد کے لیے اقدامات کرے۔

    اس موقع پر طارق فاطمی نے یو این امن مشنزمیں پاکستان کے طویل المدتی کردار پر بھی روشنی ڈالتے ہوئے کہا کہ پاکستان سب سے طویل عرصے سے خدمات انجام دینے والے ممالک میں شامل ہے، پاکستان امن قائم کرنے والے کمیشن کا بانی رکن بھی ہے۔

  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جعفرایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی جعفرایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت

    نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جعفرایکسپریس پر حملے کی شدید مذمت کرتے ہوئے رکن ملکوں پرپاکستان سے تعاون پرزور دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے جعفرایکسپریس پر حملے پر مذمتی بیان میں کہا کہ ٹرین پرحملہ گھناؤنا، بزدلانہ اوردہشت گردانہ کارروائی ہے، بزدلانہ وسفاک دہشت گردحملےکی مذمت کرتےہیں۔

    اقوام متحدہ سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ جعفر ایکسپریس مسافر ٹرین11 مارچ کوکوئٹہ سےپشاورجارہی تھی، ٹرین کوبلوچستان کےشہرسبی کےقریب دہشت گردوں نےنشانہ بنایا، قابل مذمت دہشت گردحملےمیں 26پاکستانی شہری شہیدہوئے۔

    سلامتی کونسل نے متاثرہ خاندانوں ، پاکستانی حکومت اور عوام سے ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے زخمیوں کی جلد اور مکمل صحت یابی کی خواہشات کا اظہار کیا۔

    اقوام متحدہ سلامتی کونسل نے کہا کہ بی ایل اے نے دعویٰ کیا ہے کہ حملہ اس کی مجید بریگیڈ نے کیا، دہشت گردی کی کوئی بھی کارروائی مجرمانہ اور بلاجواز ہےچاہےمحرک کچھ بھی ہو، دہشت گردی اپنی تمام شکلوں،مظاہر میں عالمی امن کولاحق سنگین خطرات میں سے ایک ہے۔

    سلامتی کونسل ارکان ہر قسم اور ہر شکل میں دہشت گردی کے خاتمے کا اعادہ کرتے ہیں اور زور دیتے ہیں کہ مرتکب افراد، منتظمین، مالی معاونین اور سرپرستوں کوکٹہرے میں لایا جائے۔

    ارکان نے کہا کہ تمام ممالک عالمی قانون، سلامتی کونسل قراردادوں کے تحت پاکستان کیساتھ تعاون کریں، کسی بھی مقصد کے تحت دہشت گردی کا کوئی بھی عمل ناقابل قبول ہے، تمام ممالک عالمی امن وسلامتی کولاحق خطرات کیخلاف ہر ممکن اقدامات کریں۔

  • غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے، پاکستان

    غزہ میں اسرائیلی جارحیت کو فوری طور پر روکا جائے، پاکستان

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا ہے کہ غزہ مغربی کنارے میں اسرائیلی جارحیت کو فوری روکا جائے۔

    یہ بات انہوں نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بریفنگ دیتے ہوئے کہی، ان کا کہنا تھا کہ عالمی برادری مقبوضہ فلسطینی علاقوں میں پائیدار امن کے قیام کو اوّلین ترجیح دے۔

    عاصم افتخار نے بریفنگ کے دوران غزہ میں مکمل اور فوری طور پر جنگ بندی پر زور دیتے ہوئے کہا کہ اسرائیل کی مغربی کنارے میں جارحیت کو فوری روکا جائے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ قبضے اور جبر کے ذریعے کبھی استحکام حاصل نہیں کیا جاسکتا اور نہ ہی انسانی امداد کو ہتھیار کے طور پراستعمال کیا جاسکتا ہے۔

    عاصم افتخار نے مطالبہ کیا کہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل فلسطینیوں کی جبری بے دخلی کے خلاف ڈٹ کر کھڑی ہو، اسرائیلی جارحیت کے ذریعے کیا  جانے والا غیرقانونی قبضہ مشرق وسطیٰ میں بدامنی کی جڑ ہے

    مزید پڑھیں: امریکی قرارداد پاکستانی مؤقف کے عین مطابق ہے، پاکستانی مندوب

    واضح رہے کہ گزشتہ روز اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے روس مخالف تمام ترامیم مسترد کرتے ہوئے یوکرین سے متعلق امریکی قرارداد منظور کرلی تھی۔

    مذکورہ قرار داد میں حق میں پاکستان، چین، امریکا، پاناما، الجیریا، کوریا اور روس نے ووٹ دیئے، مجموعی طور پر قرارداد کے حق میں 10 ووٹ پڑے، فرانس ، برطانیہ، ڈنمارک،یونان سمیت 5ارکان غیرحاضر رہے۔

    اس موقع پر اقوام متحدہ میں پاکستان کے متبادل مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے کہا تھا کہ امریکی قرار داد پاکستان کے واضح اور مستقل مؤقف کے عین مطابق ہے۔

  • غزہ میں جنگ بندی : اقوام متحدہ میں امریکی قرارداد منظور

    غزہ میں جنگ بندی : اقوام متحدہ میں امریکی قرارداد منظور

    نیو یارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی کی امریکی قرارداد منظور کرلی گئی، روس نے روس نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے غزہ میں جنگ بندی کی تجویز کی حمایت کرنے کے لیے امریکہ کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد منظور کرلی۔

    غزہ پر اسرائیلی جارحیت کے 8ماہ بعد جنگ بندی کی قرارداد منظور کی گئی، ووٹنگ کے عمل میں 14ارکان نے قرارداد کےحق میں ووٹ دیا جبکہ روس نے حصہ نہیں لیا۔

    قرارداد میں حماس سے مطالبہ کیا گیا ہے کہ وہ بھی یہ قرارداد منظور کرلے اور دونوں فریق بغیر کسی تاخیر کے قرارداد پر عمل کریں۔

    قرارداد کے مطابق دونوں متحارب فریق بات چیت کریں گے اور اس دوران جنگ بندی جاری رہے گی، ذرائع کے مطابق اسرائیل اور حماس کے درمیان جنگ بندی کی اس تجویز کا مسودہ امریکی صدر جوبائیڈن نے منظور کیا تھا۔

    اس حوالے سے حماس کے رہنما اسماعیل ہانیہ نے اپنے بیان میں کہا ہے کہ اسرائیل جنگ بندی کی کوششوں کو روک رہا ہے۔

    امریکی سفیر برائے اقوام متحدہ نے کہا کہ حماس کو جنگ بندی کا ایک اور موقع دے رہے ہیں، غزہ میں اسرائیلی جارحیت کے باعث اب تک37ہزار سے زائد فلسطینی شہید ہوچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ غزہ میں کئی مرتبہ جنگ بندی سے متعلق یو این قراردادوں کو ویٹو کرنے والے امریکا نے سلامتی کونسل سے غزہ میں جنگ بندی کے لیے ووٹنگ کی درخواست کی تھی۔

    امریکہ نے گزشتہ اتوار کی شام اعلان کیا تھا کہ اس نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے ایک قرارداد کے مسودے پر ووٹنگ کرنے کو کہا ہے جس میں اسرائیل اور حماس سے کہا گیا ہے کہ وہ غزہ میں مجوزہ جنگ بندی پر عمل درآمد کے لیے "بلا تاخیر” اقدامات کریں۔

    سلامتی کونسل نے مارچ میں بھی غزہ میں فوری جنگ بندی اور حماس کی جانب سے اسرائیلی یرغمالیوں کی فوری رہائی کا مطالبہ کیا تھا۔

    یاد رہے کہ اسرائیل کے کٹر اتحادی امریکا نے اقوام متحدہ کی متعدد قراردادوں کے مسودے روکے، جن میں غزہ میں فوری جنگ بندی کا مطالبہ کیا گیا تھا، قتل عام روکنے کے لیے لائی جانے والی ان قراردادوں کو ناکام بنانے پر امریکا پر بڑے پیمانے پر تنقید کی گئی۔

  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافہ، پاکستان  کی ایک بار پھر مخالفت

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافہ، پاکستان کی ایک بار پھر مخالفت

    نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کی ایک بارپھر مخالفت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی مستقل مندوب منیراکرم نے چوتھے آئی جی این اجلاس سے خطاب میں کہا کہ مستقل ارکان کی تشکیل سلامتی کونسل کی اصلاحات کے بنیادی اصولوں اور مقاصد کے خلاف ہو گی۔

    انہوں نےکہا اقوام متحدہ کی نمائندگی اسی صورت میں ہوسکتی ہے، جب چھوٹی اوردرمیانی ریاستوں کومساوی طورپروسیع پیمانے پرنمائندگی دی جائے۔

    پورے نظام میں صرف پانچ ممالک وسیع اختیارات کے حامل ہیں جوویٹوپاورکی صلاحیت رکھتےہیں، جومایوس کن ہے،اور اس مایوسی کا تبھی ازالہ ممکن ہے، جب سلامتی کونسل میں چھوٹی اور درمیانی ریاستوں کی زیادہ نمائندگی ہو۔

    یاد رہے فروری میں بھی پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں نئے مستقل ارکان کی تعداد میں اضافے کی مخالفت کا اعادہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا تھا کہ مستقل نشستوں میں کوئی بھی اضافہ 15 رکنی ادارے کو مفلوج کر دے گا اور چھوٹے اور درمیانے درجے کے ارکان کی اکثریت کو ادارے میں خدمات کی فراہمی سے روک سکے گا۔

  • امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اسرائیل کیخلاف مذمتی اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا

    امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اسرائیل کیخلاف مذمتی اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا

    واشنگٹن : امریکا نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کو اسرائیل کیخلاف مذمتی اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا اور کہا لبنان اور غزہ سے راکٹ داغے جانے کے بعد اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد اقصیٰ پر اسرئیلی حملے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس منعقد کیا گیا ، جس میں متعدد اراکین نے اقوام متحدہ کے اعلیٰ پینل پر زور دیا کہ وہ پیر کی رات الاقصیٰ میں پولیس کی جانب سے مسلمان نمازیوں کی پٹائی پر اسرائیل کی مذمت میں بیان جاری کرے۔

    اقوام متحدہ کے سفارت کار کا کہنا تھا کہ کچھ ارکان اس بیان پر زور دے رہے تھے کہ غزہ اور لبنان سے اسرائیل پر راکٹ فائر کی مذمت بھی شامل ہو۔

    امریکا نے سلامتی کونسل کو اسرائیل کیخلاف مذمتی اعلامیہ جاری کرنے سے روک دیا اور کہا لبنان اور غزہ سے راکٹ داغے جانے کے بعد اسرائیل کو اپنے دفاع کا حق حاصل ہے۔

    مجوزہ مذمتی اعلامیے میں مسجد اقصیٰ پر اسرئیلی پولیس کے چھاپوں کی مذمت کی جانی تھی تاہم سلامتی کونسل کا اعلامیہ جاری کرنے کے لیے تمام ارکان کا متفق ہونا ضروری ہوتا ہے۔

    یاد رہے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملے کے بعد متحدہ عرب امارات اور چین نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے بند کمرہ اجلاس کی درخواست کی تھی۔

    مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی بند کمرہ اجلاس آج طلب کرلیا گیا، ہنگامی اجلاس متحدہ عرب امارات اورچین کی درخواست پر بلایا گیا۔

    خیال رہے صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    قابض اسرائیلی فوج کےساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ، اسرائیل نےغزہ،مغربی کنارے ،نابلوس اور ہیبرون میں فائرنگ کی اور زہریلے گیس بم بھی پھینکے تھے۔

  • مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کا حملہ ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی  اجلاس آج طلب

    مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کا حملہ ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب

    نیویارک : اقوام متحدہ نے مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملہ پر  سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس آج طلب کرلیا۔

    تفصیلات کے مطابق مسجد اقصیٰ پر اسرائیلی فوج کے حملہ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی بند کمرہ اجلاس آج طلب کرلیا گیا، ہنگامی اجلاس متحدہ عرب امارات اورچین کی درخواست پر بلایا گیا۔

    اس سے قبل اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے کیخلاف او آئی سی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کی،پاکستان نے اسرائیل کے مسجد اقصٰی پر حملے کے بعد او آئی سی کی قرارداد پیش کی ، قرارداد کے حق میں اڑتیس اور مخالفت میں چار ووٹ پڑے جبکہ پانچ ملکوں نے ووٹنگ میں حصہ نہیں لیا۔

    دوسری جانب یورپی یونین نے مسجد اقصٰی پر اسرائیلی حملے پر گہری تشویش کا اظہار کیا تھا۔

    یاد رہے گذشتہ روز صیہونی فوج نے مسجدِ اقصیٰ میں نمازیوں پر حملہ کر کے اسے میدان جنگ بنادیا تھا،اسرائیلی فوجی دندناتے ہوئے مسجد کے اندر داخل ہوئے اور عبادت میں مصروف لوگوں کو تشدد کا نشانہ بنایا۔

    قابض اسرائیلی فوج کےساتھ جھڑپوں میں درجنوں فلسطینی زخمی ہوئے جبکہ تین سو سے زائد افراد کو حراست میں لیا گیا تھا ، اسرائیل نےغزہ،مغربی کنارے ،نابلوس اور ہیبرون میں فائرنگ کی اور زہریلے گیس بم بھی پھینکے تھے۔

  • اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے، وزیر خارجہ کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے، وزیر خارجہ کا مطالبہ

    اسلام آباد : وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر اور سیکریٹری جنرل کو مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کردیا اور مطالبہ کیا کہ سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیر میں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے صدر
    اور سیکریٹری جنرل کو خطوط لکھے، جس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سے آگاہ کیا گیا ہے۔

    وزیرخارجہ نے کہا کہ بھارت مقبوضہ کشمیر میں غیر قانونی طورپرآبادیاتی تبدیلیاں کررہاہے اور بھارت جان بوجھ کر اقلیت کو اکثریت میں تبدیل کر رہا ہے جبکہ بھارتی فورسزمقبوضہ کشمیرمیں انسانی حقوق کی پامالیوں میں مصروف ہے۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ بھارتی انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں سےامن وسلامتی کوخطرات ہیں، بھارت برخلاف غیر کشمیریوں کو مقبوضہ کشمیر میں آباد کر رہا ہے اور مقبوضہ کشمیرمیں بسنے والے کشمیری سیاسی،سماجی پہچان کھورہےہیں، غیر کشمیریوں کوآباد کرکے جائیدادیں خریدنے کاحق دیا جا رہا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ بھارت رواں برس2700بارجنگ بندی معاہدےکی خلاف ورزی کرچکا، خلاف ورزیوں سے 25معصوم شہری شہید،200زخمی ہوچکےہیں۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل متنازع مقبوضہ کشمیرمیں آبادیاتی تبدیلیاں رکوائے اور مقبوضہ کشمیر پراپنی قراردادوں پربھی عمل کرائے.

  • سلامتی کونسل کے مستقل ممالک کے سفیروں کو پاکستان کیخلاف بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر پیش

    سلامتی کونسل کے مستقل ممالک کے سفیروں کو پاکستان کیخلاف بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر پیش

    اسلام آباد : پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے مستقل ممالک کے سفیروں کو بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دے دیئے، ترجمان دفتر خارجہ نے کہا بھارت پاکستان کوعدم استحکام سےدوچارکرنےکی سازش کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کی جانب سے پاکستان کو عدم استحکام کا شکار کرنے اور دہشت گردوں کی سرپرستی پر سلامتی کونسل کے مستقل رکن ممالک چین ، امریکا، روس ،برطانیہ اور فرانس کے سفیروں کو دفترخارجہ میں بریفنگ دی گئی۔

    اس موقع پر پاکستان کیخلاف بھارتی دہشت گردی کے ثبوتوں پر مبنی ڈوزیئر دیا گیا ، ترجمان نے بریفنگ میں بتایا کہ بھارت پاکستان کوعدم استحکام سے دوچار کرنے کی سازش کررہا ہے ، بھارتی مہم جوئی اور اقدامات سے امن کو خطرات لاحق ہیں۔

    یاد رہے 2 روز قبل وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا تھا کہ بھارت دنیا کی سب سے بڑی جمہوریت ہونے کا دعویٰ کرتا ہے، بھارت بدمعاش ریاست کا روپ دھارنے جا رہا ہے اور دہشت گردی کو ہوا دے رہا ہے۔

    مزید  پڑھیں : بھارت کے پاکستان میں دہشت گردی کے ناقابل تردید ثبوت ہیں، وزیر خارجہ

    بھارت نے پاکستان کو غیر مستحکم کرنے کا منصوبہ تیار کیا ہے، بھارتی غیر قانونی اقدامات کا مختلف فورمز پر اظہار کرتا رہا ہوں، مزید خاموشی پاکستان کے مفاد میں نہیں ہوگی ، وقت آگیا ہے کہ قوم اور عالمی برادری کو اعتماد میں لیا جائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی قربانیوں کا اعتراف جتناہونا چاہیئے اتنا نہیں ہوتا، سنہ 2001 سے 2020 تک 19 ہزار 130 دہشت گرد حملے پاکستانیوں نے برداشت کیے، ان حملوں میں 83 ہزار سے زائد جاں بحق اور 25 ہزار سے زائد شہری زخمی ہوئے، پاکستان کو 126 ارب ڈالر سے زیادہ معاشی نقصان پہنچا۔

    وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہمارے پاس بھارت کے خلاف ناقابل تردید شواہد ہیں جو سامنے رکھنا چاہتے ہیں، شواہد ڈوزیئر کی شکل میں پیش کر رہا ہوں جس میں بہت تفصیلات ہیں، پشاور اور کوئٹہ میں حالیہ دہشت گردی کے حملے بھی بھارتی منصوبہ بندی کی عکاسی کرتے ہیں، بھارتی انٹیلی جنس ایجنسیز پاکستان میں کالعدم تنظیموں کی پشت پناہی کر رہا ہے۔