Tag: اقوام متحدہ

  • جی 20 اجلاس میں یوکرین تنازع پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی دُہائی

    جی 20 اجلاس میں یوکرین تنازع پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی دُہائی

    نئی دہلی: جی 20 اجلاس میں یوکرین تنازع پر اقوام متحدہ کے چارٹر کی دُہائی سنائی دی گئی ہے تاہم روس کا ذکر غائب رہا اور روسی حملے کی مذمت نہیں کی گئی، پہلے روز کے اجلاس کے بعد جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ یوکرین تنازع پر تمام ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر اصولوں کے مطابق عمل کریں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کے دارالحکومت نئی دہلی میں جی ٹوئنٹی ممالک کا اجلاس دوسرے روز بھی جاری ہے، آج اجلاس میں موسمیاتی تبدیلی سمیت خطے کی صورت حال پر تبادلہ خیال کیا جائے گا، جب کہ گزشتہ روز اعلامیے میں تمام ممالک نے یوکرین میں جنگ پر اظہار تشویش کیا۔

    بھارتی وزیر اعظم اور جی ٹوئنٹی کے میزبان نریندر مودی نے کہا کہ عالمی رہنما مشترکہ اعلامیے پر اتفاق رائے پر پہنچ گئے ہیں، ہفتے کے روز اعلان کردہ حتمی بیان میں ’’یوکرین میں جنگ کے انسانی مصائب اور منفی اضافی اثرات‘‘ پر تو روشنی ڈالی گئی، لیکن روس کے حملے کا ذکر نہیں کیا گیا۔ جس پر ماسکو نے کہا کہ یہ بیان ’’متوازن‘‘ تھا، تاہم یوکرین کی وزارت خارجہ نے روس کے حملے کا ذکر نہ کرنے پر اس پر تنقید کی۔

    جاری اعلامیے میں تمام ملکوں پر زور دیا گیا کہ یوکرین تنازع میں دوسرے ملک کی علاقائی سالمیت کو نقصان پہنچانے کے لیے طاقت کے استعمال سے باز رہا جائے۔ اعلامیہ میں اتفاق کیا گیا کہ یوکرین تنازع پر تمام ممالک اقوام متحدہ کے چارٹر اصولوں کے مطابق عمل کریں، کہا گیا کہ یوکرین تنازع میں جوہری ہتھیاروں کے استعمال کی دھمکی ناقابل قبول ہے۔

    دریں اثنا، جی ٹوینٹی کے اجلاس کی سائیڈ لائن پر امریکا اور سعودی عرب کے درمیان ٹرانسپورٹ راہداری کا معاہدہ بھی طے پا گیا ہے۔ G20 سربراہی اجلاس کے موقع پر بھارت کو مشرق وسطیٰ اور یورپ سے جوڑنے والے کثیر القومی ریل اور جہاز رانی کے منصوبے کی نقاب کشائی کی گئی۔

    روسی صدر ولادیمیر پیوٹن، چینی صدر شی جن پنگ اور میکسیکو کے صدر اینڈریس مینوئل لوپیز اوبراڈور اجلاس میں شریک نہیں ہوئے۔ دوسری طرف 55 رکنی افریقی یونین نے مودی کی دعوت پر جی 20 کے رکن کے طور پر اپنی نشست باضابطہ طور پر سنبھالی۔

  • اقوام متحدہ کے امن مشن کا وزارتی اجلاس 2023 آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا

    اقوام متحدہ کے امن مشن کا وزارتی اجلاس 2023 آج اسلام آباد میں منعقد ہوگا

    اسلام آباد: پاکستان میں اقوام متحدہ کے امن مشن کا وزارتی اجلاس 2023 آج سی آئی پی ایس اسلام آباد میں منعقد ہوگا۔

    کانفرنس میں مختلف ممالک کے سفارتکار، یو این محکمہ امن اور آپریشنل سپورٹ کے انڈر سیکرٹری جنرل، پاکستان کے وزیر خارجہ ودفاع اور چیف آف آرمی اسٹاف خصوصی طور پر شرکت کریں گے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اس کانفرنس کا موضوع ” اقوام متحدہ کے امن دستوں کی حفاظت اورسلامتی“ ہے، امن مشنز میں پاکستان کی مسلسل شرکت اقوام متحدہ منشور، مقاصد، اصولوں سے ہماری وابستگی کا ثبوت ہے۔

    اقوام متحدہ بحالی امن مؤثر شراکت کی بہترین مثالوں میں سے ایک ہے، جبکہ اقوام متحدہ بحالی امن کئی ملکوں کے استحکام کو بڑھانے کی منفرد اہلیت رکھتا ہے۔

    اس حوالے سے اقوام متحدہ امن فوج کے اعلیٰ سطح اجلاس مختلف ممبرز ممالک میں منعقد ہوتے ہیں۔

    اس کانفرنس کا مقصد اقوام متحدہ امن دستوں کودرپیش سیکیورٹی چیلنجز، طبی مسائل سے نمٹنا، جدید ٹیکنالوجی کے استعمال بشمول بارودی سرنگوں کیخلاف حکمت عملی و تربیت، امن دستوں میں شامل خواتین کی سیفٹی اور سیکیورٹی بہتر بنانے سے متعلق اقدامات کاجائزہ لیناہے۔

    پاکستان نے 28 سے زائد ممالک میں 2 لاکھ 30 ہزار سے زائد افواج کے ہمراہ 48 مشترکہ امن مشنز میں حصہ لیا، اقوام متحدہ کے امن مشنز میں 171 جوانوں بشمول 24 افسران نے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

    متعددعالمی رہنماؤں، اقوام متحدہ کی قیادت نے عالمی سطح پر پاکستان کی فوج کی کارکردگی کوسراہا، پاکستان کی جانب سے عالمی امن کو برقرار رکھنے کی کاوشیں ہمارے عزم کے غیر متزلزل ہونیکا ثبوت ہیں۔

  • فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی

    فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی

    فلسطینیوں پر اسرائیلی مظالم کے حوالے سے اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق صہیونی فورسز نے فلسطینیوں پر ظلم اور بربریت کے پہاڑ تور دیے، اقوامِ متحدہ نے ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسرائیلی فورسز کے حملوں اور پُرتشدد کارروائیوں کی تعداد 600 سے زائد ہو گئی ہے۔

    اقوامِ متحدہ کی رپورٹ کے مطابق 2023 کی پہلی ششماہی میں مظلوم فلسطینیوں کے خلاف مذموم 591 پُرتشدد واقعات ریکارڈ ہوئے، سال 2022 کے مقابلے میں ان کارروائیوں میں 39 فی صد اضافہ ہوا۔

    واضح رہے کہ فلسطین میں اسرائیلی فورسز کی ظالمانہ کارروائیاں تواتر کے ساتھ جاری ہیں، گزشتہ روز بھی مقامی میڈیا اور فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فورسز نے مقبوضہ مغربی کنارے میں اپنے معمول کے چھاپوں کے دوران ایک فلسطینی نوجوان کو گولی مار کر شہید کر دیا۔

    اس سے قبل ایک اور واقعے میں آبادکاروں کے ہاتھوں ایک فلسطینی شہید ہوا، فلسطین کی وزارت صحت نے جمعہ کو بتایا کہ 19 سالہ قصی جمال معتان کو رام اللہ کے مشرق میں واقع گاؤں برقۃ میں آباد کاروں نے گولی مار کر شہید کیا۔

  • چین کا یوم استحصال کشمیر پر اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ

    چین کا یوم استحصال کشمیر پر اقوام متحدہ سے بڑا مطالبہ

    بیجنگ: کشمیریوں کے یوم سیاہ پر چین نے مسئلہ کشمیر کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حل کرنے کا مطالبہ کردیا۔

    چینی وزارت خارجہ کی ترجمان ماؤ ننگز نے کہا کشمیر کے تنازع پر چین کا مؤقف مستقل اور واضح ہے، مسئلہ کشمیر اقوام متحدہ کے چارٹر اور سلامتی کونسل کی قراردادوں کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    ترجمان ماؤ ننگز کا کہنا تھا کہ کشمیر بھارت اور پاکستان کے درمیان تاریخی مسئلہ ہے، فریقین کشمیر کے تنازع کو بات چیت اور مشاورت سے حل کریں۔

    دوسری جانب ترکیہ میں مقبوضہ کشمیر میں بھارتی یکطرفہ اقدام کے چار سال مکمل ہونے پر انقرہ میں پاکستانی سفارتخانے کی جانب سے تقریب ہوئی۔

    ترک پارلیمنٹیرین نے تقریب میں شرکت کی، تقریب میں کشمیر میں بھارتی مظالم کو اجاگر کیا گیا۔

    اس کے علاوہ انقرہ میں بھارتی جبر اور مظالم کی عکاسی کے لئے دو روزہ تصویری نمائش جاری ہے جہاں ترک سول سوسائٹی سے وابستہ اہم شخصیات نے نمائش کا دورہ کیا۔

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے

    واضح رہے کہ آج مقبوضہ کشمیر میں بھارت کے غیر قانونی اقدام کے 4 سال مکمل ہو گئے، پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج یوم استحصال کشمیر منایا جا رہا ہے، شہر شہر کشمیریوں سے اظہار یک جہتی کے لیے مظاہرے ہوں گے۔

  • اقوام متحدہ کی پاکستان میں خود کش دھماکے کی مذمت، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کی پاکستان میں خود کش دھماکے کی مذمت، ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ

    نیو یارک: اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل، سیکریٹری جنرل اور صدر نے پاکستان میں خود کش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے ذمہ داروں کو کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سیکیورٹی کونسل نے باجوڑ دھماکے کی شدید مذمت کرتے ہوئے ہر قسم اور شکل کی دہشت گردی عالمی امن کے لیے سنگین خطرہ قرار دے دیا، سیکیورٹی کونسل نے حکومت پاکستان اور جاں بحق افراد کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار بھی کیا، اور زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کی۔

    سیکیورٹی کونسل نے تمام متعلقہ ممالک سے باجوڑ واقعے کے مجرمان کے خلاف فیصلہ کن کارروائی پر زور دیا، اور اعلامیے میں کہا ملوث تمام کرداروں، مالی معاونین، اور سہولت کاروں کو جلد کٹہرے میں کھڑا کرنا چاہیے، اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ تمام متعلقہ ممالک عالمی قوانین کے تحت مجرمان کو کیفر کردار تک پہنچانے میں پاکستان سے تعاون کریں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے پاکستان میں خودکش دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کا اظہار کیا، انتونیو گوتریس نے پاکستانی حکام سے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ بھی کیا۔ انھوں نے کہا ہم دہشت گردی کے واقعات اور شہریوں کے خلاف جان بوجھ کر ٹارگٹ حملوں کی مذمت کرتے ہیں، دہشت گردی کا مقابلہ کرنے کے لیے پاکستان کی حکومت اور عوام کے ساتھ کھڑے ہیں۔

    اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کے صدر کابا کوروسی نے پاکستان میں خودکش حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ متاثرین کے خاندانوں، حکومت، اور پاکستان کے عوام سے تعزیت کا اظہار کرتے ہیں۔ صدر جنرل اسمبلی نے کہا دہشت گردی اپنی تمام شکلوں اور مظاہر میں مجرمانہ اور ناقابل جواز ہے، عالمی برادری دہشت گردی کی لعنت سے نمٹنے کے لیے اپنی کوششوں کو مضبوط بنائے، اور مجرموں کو انصاف کے کٹہرے میں لائے۔

  • تعلیمی اداروں میں اسمارٹ فون کے استعمال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ

    تعلیمی اداروں میں اسمارٹ فون کے استعمال پر اقوام متحدہ کی رپورٹ

    نیویارک: اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ پڑھائی کے دوران موبائل فون کے استعمال سے طلبہ کی کارگردگی اور صلاحیت متاثر ہوتی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این ایجنسی یونیسکو نے کہا ہے کہ اس امر کے شواہد موجود ہیں کہ موبائل فون کے زیادہ استعمال سے تعلیمی کارکردگی میں کمی آتی ہے۔

    یونیسکو رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسکرین پر زیادہ وقت گزارنے سے بچوں کے جذباتی استحکام پر منفی اثرات مرتب ہوتے ہیں، 2023 کی گلوبل ایجوکیشن مانیٹر رپورٹ کے مصنف مانوس انتونینیس کے مطابق اسمارٹ فونز سے نہ صرف طلبہ کی پرائیویسی کو خطرہ لاحق رہتا ہے بلکہ اس سے طلبہ کے سیکھنے کی صلاحیت میں کمی پیدا ہو رہی ہے۔

    مانوس انتونینیس نے واضح کیا کہ ٹیکنالوجی تعلیم کے حصول میں مددگار ہوتی ہے، لیکن اسکول میں کس قسم کی ٹیکنالوجی لانے کی اجازت ہو، اس سلسلے میں بہتر رہنمائی کی ضرورت ہے، ایسی ٹیکنالوجی جو سیکھنے کے عمل میں مدد دے۔

    یونیسکو رپورٹ میں انکشاف کیا گیا ہے کہ متعدد مطالعات سے پتا چلتا ہے کہ اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی لگانے سے تعلیمی کارکردگی بہتر ہوتی ہے، برطانوی ماہرین تعلیم کے حوالے سے کہا گیا کہ ان کا کہنا ہے کہ اسکول میں اسمارٹ فون کی اجازت سے لاحق خطرات میں تعلیمی کارکردگی متاثر ہونا، پڑھائی میں توجہ نہ ہونا، سیکھنے کی صلاحیت میں کمی جیسے مسائل کا سامنا ہوسکتا ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ ان خطرات کو کم کرنے کے لیے اساتذہ کو موبائل فون پر پابندی لگانے پر غور کرنا چاہیے، واضح رہے کہ برطانیہ میں اساتذہ فون کے استعمال کے حوالے سے قوانین طے کرتے ہیں لیکن زیادہ تر اسکولوں میں اس پر پابندی ہے، اور یونیسکو رپورٹ کے مطابق دنیا میں ہر 4 میں سے صرف ایک ملک ایسا ہے جہاں اسکولوں میں موبائل فون پر پابندی کے قوانین یا پالیسیاں موجود ہیں۔

  • فلسطینیوں پر مظالم کرنے والے ملک اسرائیل کی نصیحت کی ضرورت نہیں، پاکستان کا دو ٹوک مؤقف

    فلسطینیوں پر مظالم کرنے والے ملک اسرائیل کی نصیحت کی ضرورت نہیں، پاکستان کا دو ٹوک مؤقف

    نیویارک : پاکستان نے اقوام متحدہ میں اسرائیل کی سفارشات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ فلسطینیوں پر مظالم کرنے والے ملک اسرائیل کی نصیحت کی پاکستان کو ضرورت نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے پاکستان کی یونیورسل پریاڈک رپورٹ متفقہ طور پر منظور کر لی۔

    پاکستان نے اسرائیل کی سفارشات کو مسترد کردیا، دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ فلسطینیوں پر مظالم کرنے والے ملک اسرائیل کی نصیحت کی پاکستان کو ضرورت نہیں۔

    ترجمان نے کہا کہ اسرائیلی بیانیے کا سیاسی محرک بنیادی طور پر سیشن کے مثبت لہجے اور ریاستوں کی ایک بڑی اکثریت کے بیانات سے متصادم ہے۔

    اسرائیل نے اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے اجلاس میں پاکستان کو سفارشات پیش کیں کہ پاکستان جبری گمشدگیوں، تشدد، پر امن احتجاج پر کریک ڈاؤن، مذہبی اقلیتوں پر تشدد کو روکنے کے لیے کارروائی کرے۔

    سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے تیریپن ویں اجلاس میں پاکستان میں انسانی حقوق کے حوالے سے رپورٹ پیش کی گئی جس پر کونسل ممالک بشمول اسرائیل نے گفتگو کی۔

  • اقوام متحدہ کے تحت پہلی بار جنیوا میں روبوٹس کی پریس کانفرنس، صحافیوں کے سوالات کا سامنا کیا

    اقوام متحدہ کے تحت پہلی بار جنیوا میں روبوٹس کی پریس کانفرنس، صحافیوں کے سوالات کا سامنا کیا

    جنیوا: آرٹیفیشل انٹیلی جنس کا زمانہ آ گیا، اقوام متحدہ کے تحت پہلی بار جنیوا میں روبوٹس نے پریس کانفرنس کر کے دنیا کو حیران کر دیا، روبوٹس نے صحافیوں کے تیکھے سوالات کا بھی سامنا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی ٹیکنالوجی ایجنسی نے جمعے کو ایک نیوز کانفرنس میں روبوٹس کے ایک گروپ کو اکٹھا کیا جو جسمانی طور پر انسانوں سے مشابہت رکھتے تھے، اور صحافیوں کو ان سے سوالات پوچھنے کی دعوت دی جس کا مقصد مصنوعی ذہانت کے مستقبل کے بارے میں بحث چھیڑنا تھا۔

    پریس کانفرنس میں صحافیوں کے سامنے 9 روبوٹس کو بٹھایا گیا، ان میں ایک صوفیہ تھی جو اقوام متحدہ کے ترقیاتی پروگرام UNDP کی پہلی روبوٹ سفیر ہے؛ گریس نامی روبوٹ ایک ہیلتھ کیئر روبوٹ ہے؛ اور ڈیسڈیمونا ایک راک اسٹار روبوٹ ہے، جب کہ دو روبوٹس جیمینائڈ اور ناڈین اپنے بنانے والوں سے مشابہت رکھتے ہیں۔

    روبوٹس نے کہا ہم انسانوں کے ساتھ مل کر دنیا کو بہتر جگہ بنائیں گے، ہم انسانوں کی نوکریاں ختم کرنے نہیں آئے۔

    صحافی نے سوال کیا کہ کیا انسان واقعی مشینوں پر بھروسا کر سکتے ہیں؟ روبوٹ نے جواب دیا اعتماد کمایا جاتا ہے، شفافیت کے ذریعے اعتماد پیدا کرنا ضروری ہے۔

  • پاکستان کے مطالبے پر اقوام متحدہ نے سویڈن واقعے پر رواں ہفتے ہنگامی اجلاس بلا لیا

    پاکستان کے مطالبے پر اقوام متحدہ نے سویڈن واقعے پر رواں ہفتے ہنگامی اجلاس بلا لیا

    نیویارک: سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی کوشش پر پاکستان کے مطالبے پر اقوام متحدہ نے رواں ہفتے ہنگامی اجلاس بلا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے بھی سویڈن میں قرآن پاک کی بے حرمتی کی مذموم کوشش پر قدم اٹھاتے ہوئے رواں ہفتے ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔

    اقوام متحدہ کی کونسل برائے انسانی حقوق کے جاری اجلاس کا ایجنڈا تبدیل کر کے سویڈن واقعے پر بحث کی جائے گی، واضح رہے کہ پاکستان نے اقوام متحدہ سے قرآن پاک کی بے حرمتی پر فوری اقدامات کا مطالبہ کیا تھا، اقوام متحدہ کا اجلاس 14 جولائی تک جاری رہے گا۔

    ادھر وزیر اعظم پاکستان شہباز شریف نے جمعے کو یوم تقدیس قرآن منانے کا اعلان کر دیا ہے، اور سویڈن واقعے کے خلاف ملک گیر احتجاج ہوگا، وزیر اعظم نے تمام جماعتوں اور عوام سے شرکت کی اپیل کی اور کہا کہ پوری قوم یک زبان ہو کر شیطانی ذہنوں کو پیغام دے گی، قرآن کریم کی عزت و حرمت ہمارے ایمان کا حصہ ہے، اس معاملے پر ہم سب ایک ہیں۔ 6 جولائی کو پارلیمنٹ کا مشترکہ اجلاس بلانے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے، جس میں سویڈن واقعے پر قومی لائحہ عمل مرتب کیا جائے گا۔

  • اقوام متحدہ کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کا انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ

    نیویارک: یو این ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق اقوام متحدہ نے انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق نے یونان میں افسوس ناک کشتی حادثے کے بعد انسانی اسمگلروں کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کر دیا۔

    یو این ہائی کمشنر نے کہا کہ افسوس ناک واقعے کی شفاف تحقیقات کرتے ہوئے ذمہ داروں کو انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، انھوں نے کہا حادثے کی شفاف تحقیقات ہونی چاہئیں۔

    نیویارک میں نامہ نگاروں کو بریفنگ دیتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈوجارک نے کہا کہ ایسے واقعات کو روکنے کے لیے یورپی ممالک کو اقدام کرنے چاہئیں۔ انھوں نے کہا اقوام متحدہ کے سربراہ انتونیو گوتریس نے پہلے بھی زور دیا تھا کہ ہر وہ شخص جو بہتر زندگی کی تلاش میں ہے، اسے ایک وقار اور حفاظت کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یہ ایک اور مثال ہے کہ رکن ممالک کو اکٹھے ہونے اور نقل مکانی پر مجبور لوگوں کے لیے منظم طریقے سے محفوظ راستے بنانے اور سمندر میں جان بچانے اور خطرناک سفر کو کم کرنے کے لیے جامع کارروائی کی ضرورت ہے۔

    یونان کشتی حادثے میں 500 تاحال لاپتا، 12 پاکستانیوں سمیت 104 کو بچا لیا گیا

    منگل کو جاری اقوام متحدہ کے اعداد و شمار کے مطابق گزشتہ سال مشرق وسطیٰ اور شمالی افریقہ کے اندر اور اس سے نقل مکانی کے راستوں پر تقریباً 3,800 افراد ہلاک ہوئے تھے، یہ 2017 کے بعد سب سے زیادہ تعداد ہے، جب 4,255 اموات ریکارڈ کی گئی تھیں۔ پہلی سہ ماہی میں وسطی بحیرہ روم میں 441 تارکین وطن ہلاک ہوئے، اور 2014 سے اب تک تمام راستوں پر 26,000 سے زیادہ افراد ہلاک یا لاپتا ہو چکے ہیں۔