Tag: اقوام متحدہ

  • انسانی اسمگلنگ کی روک تھام: سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان معاہدہ

    ریاض: سعودی عرب اور اقوام متحدہ کے درمیان انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے معاہدہ طے پا گیا جس کے ذریعے ان جرائم کو قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر روکنے کے لیے کام کیا جائے گا۔

    اردو نیوز کے مطابق سعودی انسانی حقوق کے کمیشن اور اقوام متحدہ کے ادارہ برائے منشیات و جرائم نے انسانی اسمگلنگ کی روک تھام کے لیے ہونے والے معاہدے کے دوسرے مرحلے پر دستخط کردیے ہیں۔

    یہ معاہدہ کمیٹی برائے انسداد انسانی اسمگلنگ کے قومی ایکشن پلان کے مقاصد کو پورا کرنے میں معاون ثابت ہوگا۔

    سعودی انسانی حقوق کمیشن کی صدر ہلا التویجری کا کہنا ہے کہ انسانی اسمگلنگ گھناؤنے جرائم میں سے ایک ہے جو انسانی حقوق کی خلاف ورزی کرتا ہے اور افراد کو ان کی آزادی اور وقار سے محروم رکھتا ہے۔

    انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سعودی عرب نے قوائد و ضوابط لاگو کر کے اور عالمی معاہدوں کے ذریعے ایک قانونی اور ادارہ جاتی فریم ورک تیار کیا ہے جو بغیر کسی امتیاز کے ہر ایک شخص کی حفاظت کو یقینی بناتا ہے اور متاثرہ افراد کی مدد کرتا ہے۔

    صدر ہلا التویجری نے مزید کہا کہ معاہدوں کی تجدید مملکت کے اسی فریم ورک کا حصہ ہے تاکہ ان جرائم کے انسداد اور ان سے لڑنے کے لیے ہونے والے منصوبوں پر نظر رکھی جائے اور ان جرائم سے نمٹنے کے لیے قومی سطح پر صلاحیتیں پیدا کی جائیں۔

    اقوام متحدہ کے دفتر برائے منشیات اور جرائم کے علاقائی نمائندے جج حاتم علی نے مملکت کے ساتھ ہونے والی شراکت داری کا خیر مقدم کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا کہ اس معاہدے کا مقصد موجودہ اشتراک کو آگے بڑھانا ہے اور ان جرائم کو قومی، علاقائی اور بین الاقوامی سطح پر روکنا ہے۔

  • لڑکیوں کے اسکول دوبارہ کھولیں، اقوام متحدہ کا طالبان سے پُر زور مطالبہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے افغانستان کی طالبان حکومت سے پُر زور مطالبہ کیا ہے کہ لڑکیوں کے اسکول دوبارہ کھولے جائیں، اور خواتین کے خلاف پالیسیاں واپس لی جائیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے طالبان سے افغانستان میں خواتین اور لڑکیوں کو نشانہ بنانے والی پالیسیوں کو واپس لینے کا مطالبہ کیا ہے، فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق سلامتی کونسل نے منگل کو افغانستان میں ’انسانی حقوق کی بڑھتی ہوئی خلاف ورزیوں‘ پر اظہار تشویش کیا۔

    سلامتی کونسل کے بیان میں این جی اوز کے لیے کام کرنے والی خواتین پر پابندی کی بھی مذمت کی گئی، بیان میں کہا گیا کہ پابندیاں طالبان کی جانب سے افغان عوام کے ساتھ کیے گئے وعدوں کے ساتھ ساتھ بین الاقوامی برادری کی توقعات سے بھی متصادم ہیں۔

    یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے خواتین اور لڑکیوں پر حالیہ پابندیوں کو ’غیر منصفانہ اور انسانی حقوق کی خلاف ورزی‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ انھیں منسوخ کیا جانا چاہیے۔

    افغانستان بھر میں یونیورسٹیز کے باہر طالبات کے مظاہرے

    اس سے قبل منگل کو اقوام متحدہ نے خبردار کیا تھا کہ ایسی پالیسیوں کے ’خوف ناک‘ نتائج سامنے آئیں گے، انسانی حقوق کے ہائی کمشنر وولکر ترک نے ایک بیان میں کہا کہ ’خواتین اور لڑکیوں پر لگائی جانے والی یہ ناقابل تصور پابندیاں نہ صرف تمام افغانوں کے مصائب میں اضافہ کریں گی، بلکہ مجھے خدشہ ہے کہ یہ افغانستان کی سرحدوں سے باہر بھی خطرے کا باعث بنیں گی۔

    انھوں نے کہا کہ ان پالیسیوں سے افغان معاشرے کو عدم استحکام کا خطرہ ہے۔

  • سیلاب متاثرہ علاقے: 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم

    سیلاب متاثرہ علاقے: 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب سے متاثر 35 لاکھ بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد حاملہ خواتین طبی امداد سے محروم ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میں سیلاب متاثرین کی ابتر صورتحال پر اقوام متحدہ نے رپورٹ جاری کردی، رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ سندھ کے 11 اور بلوچستان کے 2 اضلاع میں تاحال سیلابی پانی کھڑا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ جو اضلاع تاحال سیلابی پانی میں ڈوبے ہوئے ہیں ان میں سندھ کے دادو، قمبر شہداد کوٹ، خیرپور، میرپور خاص، جامشورو، سانگھڑ، عمر کوٹ، بدین، شہید بے نظیر آباد اور نوشہرو فیروز، اور بلوچستان کے صحبت پور اور جعفر آباد شامل ہیں۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ 80 لاکھ افراد سیلابی پانی سے متاثر ہیں، سندھ میں سیلاب سے متاثرہ ڈھائی لاکھ افراد تاحال بے گھر ہیں، 90 فیصد سیلاب متاثرین عارضی رہائش گاہوں میں رہنے پر مجبور ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق سیلاب متاثرہ 2 لاکھ 80 ہزار سے زائد حاملہ خواتین طبی امداد سے محروم ہیں، 35 لاکھ سے زائد بچے اسکول جانے سے محروم ہیں، 5 لاکھ 20 ہزار سے زائد بچے خوراک کی شدید کمی کا شکار ہیں۔

    رپورٹ میں مزید کہا گیا کہ سیلاب متاثرین کے لیے 816 ملین ڈالرز درکار تھے، اب تک صرف 30 فیصد رقم مل سکی ہے۔

  • اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا

    اقوام متحدہ نے سیلاب متاثرین کیلئے امدادی سرگرمیاں معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کر دیا

    اقوام متحدہ نے پاکستان کے سیلاب متاثرین کے لیے امدادی سرگرمیاں معطل ہونے کا خدشہ ظاہر کردیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے کوآرڈینیٹر جولین ہارنیز و دیگر عہدیداران نے پریس بریفنگ میں سیلاب متاثرین کیلئےامدادی سرگرمیاں معطل ہونےکاخدشہ ظاہر کیا ہے۔

    پریس بریفنگ میں اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کیلئے ہمارے پاس فنڈز 15 جنوری کو ختم ہو جائیں گے، ہمیں امدادی سرگرمیوں کیلئے بڑے پیمانے پر فنڈنگ درکار ہے۔

     اقوام متحدہ کے ریذیڈنٹ اور ہیومینٹیرین کو آرڈینیٹر جولین ہارنیز نے کہا کہ محدود فنڈنگ کی وجہ سے تمام ضروریات پوری کرنا ممکن نہیں ہے۔

    انکا کہنا تھا کہ سیلاب کے 3 ماہ بعد حالات مزید بگڑ گئے ہیں، صحت سے متعلق امداد 6.4 ملین افراد کے بجائے 1.8 ملین کو دی گئی، غذائی امداد 3.9 ملین کے بجائے صرف 1.5 ملیں لوگوں کو دی گئی۔

    بریفنگ میںں بتایا کہ سیلٹرز کی امداد 3.5 ملین کے بجائے صرف 1.9 ملین لوگوں کو دی گئی، تعلیمی امداد 7 لاکھ کے بجائے 1 لاکھ 35 ہزار لوگوں کو دی گئی۔

    کوآرڈینیٹر نے بتایا کہ تحفظ سے متعلق امداد 8.5 ملین کے بجائے0.99 ملین افراد کو دی گئی، بیرون ملک پاکستانی اپنے بہن بھائیوں کی مدد کریں۔

    پاکستان میں اسکولوں اور صحت کے مراکز بنانے کی ضرورت ہے، متاثرہ علاقوں میں بڑھتی ہوئی تعداد غذائی عدم تحفظ کا شکار ہو رہی ہے۔

  • وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا اقوام متحدہ میں بھارت کو کرارا جواب

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا اقوام متحدہ میں بھارت کو کرارا جواب

    نیویارک: وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے اقوام متحدہ میں بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض ملکوں میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم پر دنیا کی خاموشی جرم ہوگی، کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادیں عملدرآمد کی منتظر ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بین الاقوامی امن کی بحالی کے عنوان پر مباحثہ ہوا، جس میں وزیرخارجہ بلاول بھٹو نے اظہارخیال کرتے ہوئے کہا آج دنیا کو بہت سے چیلنجز کا سامنا ہے، عالمی سطح پر قیام امن کے ساتھ سماجی اورمعاشی ترقی کا چیلنج بھی درپیش ہے، کوپ 27 میں لاس اینڈ ڈیمج فنڈ کا قیام بڑی پیشرفت ہے۔

    وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی سطح پرانصاف کیلئےاقوام متحدہ پراہم ذمہ داری عائدہوتی ہے،ب عالمی امن اورمتعلقہ مسائل کاحل سلامتی کونسل کی ذمہ داری ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ کورونا ہو یا انسانی حقوق کا معاملہ، دہشت گردی ہو یا موسیاتی تباہیاں ہر شعبے میں کردار بڑھ گیا ہے، کسی بھی تنازع کے فریق ملک دوطرفہ معاملہ کہہ کر توجہ نہیں ہٹاسکتے، سلامتی کونسل تسلیم شدہ تنازعات کے حل میں مؤثر کردار ادا کرے۔

    وزیرخارجہ نے بھارت کو کرارا جواب دیتے ہوئے کہا کہ بعض ملکوں میں اقلیتوں پر ہونے والے مظالم پر دنیا کی خاموشی جرم ہوگی، بھارت میں بڑھتی ہوئی نفرت،اسلاموفوبیا اورانتہا پسندی کا مقابلہ کرنا ہوگا۔

    انھوں نے روز دیا کہ دیرینہ تنازعات کوکونسل کی قراردادوں کےمطابق حل ہونا چاہیے، کشمیر پر سلامتی کونسل کی قراردادیں عملدرآمد کی منتظر ہیں۔

    بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ سلامتی کونسل میں توسیع بالادستی کی بجائے برابری کی بنیاد پر ہونی چاہیے، مزید ملکوں کو ویٹو پاور دینے سے عالمی سطح پر خلیج بڑھے گی، قراردادوں پرعملدرآمدنہ کرنےوالےملک مستقل رکن کیسے بن سکتےہیں؟

  • کوپ 27: غریب ممالک کے لیے خوش خبری، موسمیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی فنڈ قائم

    کوپ 27: غریب ممالک کے لیے خوش خبری، موسمیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی فنڈ قائم

    قاہرہ: ماحولیاتی تبدیلی سے متاثر پاکستان کا مؤقف تسلیم کر لیا گیا، عالمی برادری نے متاثرہ ترقی پذیر ملکوں کی امداد کا اعلان کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق مصر میں کاپ ٹوئنٹی سیون میں تاریخی معاہدہ طے پا گیا، غریب ممالک میں موسمیاتی نقصانات کے ازالے کے لیے عالمی فنڈ قائم کر دیا گیا۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ سمیت عالمی قائدین نے اس سلسلے میں اہم کردار ادا کیا، ’ڈیمیج اینڈ لاس فنڈ‘ کا قیام موسمیاتی انصاف کی طرف عملی پیش رفت قرار دے دیا گیا، موسمیاتی نقصانات کے شکار ممالک کو اس سے مالی معاونت مل سکے گی۔

    فنڈ کے قیام سے پاکستان میں سیلاب متاثرین کی بحالی اور تعمیر نو میں بھی بڑی مدد مل سکے گی، یاد رہے کہ کاپ27 کا سربراہی اجلاس شرم الشیخ میں 7 سے 8 نومبر کو منعقد ہوا تھا، کانفرنس اور مصر کے صدر کی خصوصی دعوت پر وزیر اعظم شہباز شریف بھی اس میں شریک ہوئے تھے، اجلاس میں 2 سو ملکوں کے نمائندوں نے شرکت کی۔

    پاکستان نے ماحولیاتی تبدیلی کے باعث نقصانات کو عالمی سطح پر بھرپور طریقے سے اٹھایا تھا، رہنماؤں کا کہنا ہے کہ موسمیاتی تبدیلوں سے لاحق خطرات سے نمٹنے میں یہ فنڈ ایک سنگ میل ثابت ہوگا۔

    وزیر اعظم شہباز شریف نے فنڈ کے قیام کا خیر مقدم کیا، انھوں نے کہا فنڈز کا قیام موسمیاتی انصاف کے ہدف کی طرف پہلا اہم قدم ہے، اس سلسلے میں شیری رحمان اور ان کی ٹیم کی کوششیں قابل تعریف ہیں۔

    شیری رحمان نے کہا ترقی پذیر ممالک کے لیے فنڈ کے قیام پر شکرگزار ہیں، یہ کوپ27 کی جانب سے مثبت اور اہم سنگ میل ہے، فنڈ کا قیام سب کے مستقبل کو محفوظ بنانے میں مدد فراہم کرے گا، پاکستان کو موسمیاتی تبدیلی کی وجہ سے بدترین سیلاب کا سامنا کرنا پڑا۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے معاہدے کا خیر مقدم کیا، انھوں نے کہا کوپ27 نے انصاف کی طرف ایک اہم قدم اٹھایا ہے، میں فنڈ کے قیام اور اسے فعال کرنے کے فیصلے کا خیر مقدم کرتا ہوں، انتونیو گوتریس نے کہا یہ معاہدہ ٹوٹے ہوئے اعتماد کو دوبارہ بحال کرنے میں مدد دے گا۔

  • اقوام متحدہ کا بھی ارشد شریف  کی موت کی مکمل چھان بین کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کا بھی ارشد شریف کی موت کی مکمل چھان بین کا مطالبہ

    نیویارک : اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے ترجمان نے بھی ارشد شریف کی موت کی   مکمل چھان بین کا مطالبہ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ سیکرٹری جنرل کے ترجمان اسٹیفن ڈیوجاریک کی جانب سے بیان میں کہا گیا ہے کہ میں نے ارشد شریف کی موت کی المناک خبر دیکھی ، اس واقعے کی مکمل چھان بین ہونی چاہیے۔

    ترجمان یواین کا کہنا تھا کہ کینین حکام نے کہا ہے کہ وہ جلد از جلد تحقیقات مکمل کرکے نتائج سامنے لائیں گے۔

    یاد رہے امریکا نے سینیئر صحافی اور نامور اینکر ارشد شریف کے قتل کی مذمت کرتے ہوئے کینیا کی حکومت سے واقعے کی مکمل تحقیقات کا مطالبہ کیا تھا۔

    ترجمان امریکی محکمہ خارجہ نے واشنگٹن میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مطالبہ کیا کہ پاکستانی حکام اظہار رائے کی آزادی کو یقینی بنانے کے اقدامات کریں، ارشد شریف کا تحقیقاتی کام پوری دنیا کے سامنے تھا، معلوم ہے دنیا میں کہاں کہاں صحافیوں کی آواز کو دبانے کی کوشش ہوتی ہے۔

  • سوڈان: قبائلی جھڑپوں میں 150 افراد ہلاک، متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ

    سوڈان: قبائلی جھڑپوں میں 150 افراد ہلاک، متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ

    خرطوم: جنوبی سوڈان کے ایک علاقے میں قبائلی جھڑپوں کے دوران 150 افراد ہلاک جب کہ متعدد افراد زخمی ہو گئے ہیں۔

    غیر ملکی میڈیا کے مطابق جنوبی سوڈان کے صوبے النیل الازرق میں نسلی قبائلی جھڑپیں جاری ہیں، اس دوران اب تک 150 افراد ہلاک اور درجنوں زخمی ہو گئے ہیں جس کے بعد متاثرہ علاقوں میں ایمرجنسی نافذ کر دی گئی۔

    گورنر احمد العدۃ نے اپنے بیان میں سیکیورٹی فورسز کو ہدایت جاری کی کہ ’متاثرہ علاقوں میں فوری مداخلت کر کے تشدد بند کرایا جائے اور خون ریزی روکنے کے لیے تمام وسائل کو بروئے کار لایا جائے۔‘

    سوڈان کی وزارت صحت کے ذرائع نے کا کہنا ہے کہ صوبے النیل الازرق کے ود الماحی علاقے میں قبائلی چھڑپوں کے باعث 150 افراد ہلاک جب کہ 86 کے قریب افراد زحمی ہوئے ہیں۔

    الجزیرہ کے مطابق ود الماحی علاقے کے مقامی اسپتال کے ڈائریکٹر نے بتایا کہ ہلاک ہونے والے افراد میں بچے بوڑھے اور خواتین بھی شامل ہیں، کئی لوگوں کی موت آگ سے متاثر ہونے کے بعد ہوئی ہیں۔

    قبیلے کی ایک رہنما کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی اہل کاروں کی تعیناتی کے باوجود تشدد کے واقعات میں اضافہ ہو رہا ہے، قبائلی جھڑپوں میں اسلحے کا استعمال کیا جا رہا ہے جب کہ کئی مکانات کو بھی نقصان پہنچایا گیا ہے۔

    سوڈان کے لیے اقوام متحدہ کے ایک عہدیدار کا کہنا تھا کہ 13 اکتوبر سے شروع ہونے والے ہنگاموں میں غیر مصدقہ اطلاعات کے مطابق 170 افراد ہلاک اور327  زخمی ہو چکے ہیں۔

  • بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی

    بین الاقوامی سطح پر پاکستان کی ایک اور بڑی کامیابی

    اسلام آباد: پاکستان نے بین الاقوامی سطح پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی، اقوام متحدہ میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر قرارداد منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں سے تباہی پر قرارداد منظور کرلی گئی، چین، امریکا اور روس بھی پاکستان کے لیے ایک صفحے پر آگئے۔

    وزیر خارجہ بلاول بھٹو کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ میں 141 ممالک کی پاکستان میں موسمیاتی تباہی پر قرارداد منظور ہو چکی ہے، چین، امریکا اور روس قرارداد پیش کرنے والوں میں شامل ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ قرارداد پیش کرنے والوں میں شامل ہونے پر چین، امریکا اور روس کے شکر گزار ہیں، سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ، صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی اور اقوام متحدہ میں پاکستانی مشن کا بھی شکر گزار ہوں۔

  • آرمی چیف کی اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات

    آرمی چیف کی اقوام متحدہ کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات

    اسلام آباد: پاک فوج کے سپہ سالار جنرل قمر جاوید باجوہ کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات ہوئی، یو این ملٹری ایڈوائزر نے پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کا کہنا ہے کہ آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کی اقوام متحدہ سیکریٹری جنرل کے ملٹری ایڈوائزر سے ملاقات ہوئی۔

    ملاقات میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے۔

    آئی ایس پی آر کے مطابق ملاقات میں باہمی دلچسپی، علاقائی سیکیورٹی اور دیگر امور پر تبادلہ خیال ہوا جبکہ پاکستان میں بدترین سیلاب کی تباہ کاریوں پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے اقوام متحدہ کے امور کے فروغ کے لیے ملٹری ایڈوائزر کے کردار کو سراہا۔

    دوسری جانب یو این ملٹری ایڈوائزر نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر افسوس کا اظہار کیا، انہوں نے سیلاب متاثرہ خاندانوں سے اظہار تعزیت بھی کیا۔

    ملٹری ایڈوائزر نے امن دستوں اور انسداد دہشت گردی امور میں پاکستان کے کردار کو بھی سراہا۔