Tag: اقوام متحدہ

  • 6 شہید پاکستانی امن اہلکاروں کے لیے اعلیٰ ایوارڈ

    6 شہید پاکستانی امن اہلکاروں کے لیے اعلیٰ ایوارڈ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے امن مشن کی جانب سے سنہ 2021 کے شہدا کو ڈگ ہیمرسک جولڈ میڈل سے نوازا گیا جن میں 6 پاکستانی امن اہلکار بھی شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ سیکریٹریٹ نیویارک میں ایوارڈ کی تقریب کا انعقاد ہوا جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے سنہ 2021 کے شہدا کو بعد از مرگ ڈگ ہیمرسک جولڈ میڈل سے نوازا۔

    ایوارڈز حاصل کرنے والوں میں 6 پاکستانی امن اہلکار بھی شامل ہیں۔

    ایوارڈ حاصل کرنے والوں میں لیفٹیننٹ کرنل (ر) سید ابرار (مغربی صحارا)، حوالدار محمد شفیق (وسطی افریقہ)، نائیک محمد نعیم (دارفور)، لانس نائیک عادل جان (دارفور)، لانس نائیک طاہر اکرام (دارفور) اور نان کمبیٹنٹ انرولڈ طاہر محمود (کانگو) شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ یو این امن مشن پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری سے امن کے مشترکہ عزم کے لیے کوشاں ہے۔

    گزشتہ 60 برسوں میں پاکستان نے 28 ممالک میں 46 مشنز میں اپنی خدمات انجام دیں، پاکستان کے 2 لاکھ فوجیوں نے امن مشن میں اپنی خدمات پیش کیں، جبکہ 169 پاکستانی امن اہلکاروں نے فروغ امن کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا۔

  • تحریک انصاف   کا جعلی مقدمات کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

    تحریک انصاف کا جعلی مقدمات کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ

    اسلام آباد : تحریک انصاف نے جعلی مقدمات کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا، اقوام متحدہ سے معاملے پر تفصیلی انکوائری کا کہا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق توہین مذہب قوانین کے استعمال اور سیاسی حریفوں پر مقدمے بنانے کے معاملے پر تحریک انصاف نے جعلی مقدمات کا معاملہ اقوام متحدہ میں اٹھانے کا فیصلہ کرلیا ، اس حوالے سے شیریں مزاری کی جانب سے اقوام متحدہ انسانی حقوق نمائندے کو خط لکھا جارہا ہے۔

    جس میں جعلی مقدمے بنانے کے معاملے پر تفصیلی انکوائری کی درخواست کی جائیں گی.۔

    مسلم لیگ ق کے رہنما پرویز الہی اورمونس الہی نے مقدمات بنائے جانے کی مذمت کی ، پرویزالہی نے کہا کہ مقدمے بنانا فسطائی حکومت کی بھونڈی حرکت ہے، شریفوں نے تاریخ سے سبق نہیں سیکھا۔

    عمران خان کے خلاف مقدمہ درج کرنے پر فیصل آباد کےعوام مشتعل ہوگئے اور تھانہ مدینہ ٹاؤن کے باہراحتجاج کرتے ہوئے جوابی مقدمہ درج کرنے کے لیے درخواست بھی جمع کرادی۔

    درخواست میں وزیراعظم شہباز شریف،وزیرداخلہ رانا ثنا اللہ ، مریم نواز اورنوازشریف کو نامزد کیا گیا ہے۔

  • ’باکا میں شہریوں کی لاشوں کی تصاویر دیکھ کر گہرے صدمے سے دوچار ہو گیا ہوں‘

    ’باکا میں شہریوں کی لاشوں کی تصاویر دیکھ کر گہرے صدمے سے دوچار ہو گیا ہوں‘

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتیرس نے کہا ہے کہ یوکرین کے دارالحکومت کیف کے قریب باکا قصبے میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی تصاویر دیکھ کر انھیں ‘گہرا صدمہ’ پہنچا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یوکرین کے پراسیکیوٹر جنرل کا کہنا ہے کہ 410 شہریوں کی لاشیں کیف کے ان علاقوں سے ملی ہیں جہاں سے روسی افواج نے انخلا کیا ہے۔

    لاشوں کی تصاویر دیکھنے کے لیے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے واقعے کی آزادانہ تحقیقات کا مطالبہ بھی کر دیا ہے۔

    الجزیرہ نے اس حوالے سے ایک شاکنگ فوٹیج بھی جاری کی ہے، جس میں جگہ جگہ بکھری لاشوں کو دیکھا جا سکتا ہے۔ تاہم دوسری طرف روس کی وزارت دفاع نے اس بات کی تردید کی ہے کہ روسی افواج نے باکا میں شہریوں کو ہلاک کیا۔

    روس کی وزارت خارجہ کا کہنا ہے کہ یوکرین کے قصبے باکا (Bucha) میں ہلاک ہونے والے شہریوں کی فوٹیج امریکا نے روس پر الزام لگانے کی سازش کے تحت ‘تیار’ کی ہے۔ ماسکو نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل سے درخواست کی ہے کہ وہ باکا میں ‘یوکرینی بنیاد پرستوں کی اشتعال انگیزی’ کے بارے میں بات کرنے کے لیے اجلاس طلب کرے۔

    ماریہ زاخارووا نے کہا کہ مرنے والے شہریوں کی تصاویر پر فوری طور پر مغربی شور و غل سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ کہانی روس کی ساکھ کو خراب کرنے کے منصوبے کا حصہ تھی۔

  • 38 لاکھ سے زائد شہری یوکرین چھوڑ کر بھاگ گئے

    38 لاکھ سے زائد شہری یوکرین چھوڑ کر بھاگ گئے

    کیف: اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کے ادارے (یو این ایچ سی آر) کا کہنا ہے کہ روس کے حملے کے بعد سے 3.8 ملین سے زیادہ لوگ یوکرین سے نقل مکانی کر چکے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق یو این ایجنسی نے کہا ہے کہ یوکرین چھوڑنے والے 38 لاکھ 66 ہزار 224 افراد میں سے تقریباً 90 فی صد خواتین اور بچے ہیں۔

    یو این ادارے نے مزید تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ زیادہ تر یوکرینی شہری پولینڈ بھاگ گئے ہیں، 2.2 ملین سے زیادہ لوگ یوکرین کے مغربی پڑوس میں داخل ہوئے ہیں، 5 لاکھ سے زیادہ رومانیہ میں داخل ہو چکے ہیں، جب کہ مالڈووا اور ہنگری میں 3 لاکھ سے زیادہ مہاجرین داخل ہوئے ہیں۔

    UNHCR نے کہا ہے کہ انھوں نے ہمسایہ ممالک کے اُن شہریوں کو شمار نہیں کیا، جو یوکرین چھوڑ کر وطن واپس گئے ہیں۔

    یوکرین نے شہری انخلا روک دیا

    یوکرین کا کہنا ہے کہ اس نے عارضی طور پر روسی ‘اشتعال انگیزی’ کے خطرے کے پیش نظر انسانی ہمدردی کی راہداریوں کے ذریعے شہریوں کے انخلا کا عمل روک دیا ہے۔

    ماریوپول کے میئر کا کہنا ہے کہ جنوب مشرقی بندرگاہی شہر ایک انسانی تباہی کے دہانے پر ہے، یہ شہر روس کے قبضے میں آ چکا ہے، دوسری طرف دارالحکومت کیف کا کہنا ہے کہ وہ غیر جانب دار حیثیت اختیار کرنے پر ماسکو کے ساتھ بات چیت کے لیے تیار ہے۔

    کیف ماسکو کے ساتھ جنگ کے خاتمے کے لیے مذاکرات کے نئے دور کی تیاری بھی کر رہا ہے۔

  • موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عام لوگ کیا کریں؟

    موسمیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے عام لوگ کیا کریں؟

    اقوام متحدہ نے کہا ہے کہ آلودگی، موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ سائیکل چلا کر کیا جا سکتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں ایک قرارداد منظور کی گئی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ آلودگی اور موسمیاتی یا ماحولیاتی تبدیلیوں کا مقابلہ کرنے کے لیے لوگوں میں سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دیا جائے گا۔

    یہ قرارداد دنیا کے 193 ممالک نے منظور کی، اور اسے اقوام متحدہ میں ترکمانستان نے پیش کیا تھا۔

    خیال رہے کہ سائیکلنگ ایک بہترین جسمانی سرگرمی یا ورزش سمجھی جاتی ہے، ماہرین صحت اس کی تجویز دیتے ہیں، ایندھن والی سواریوں کے مقابلے میں سائیکل کے استعمال سے ظاہر ہے کہ آلودگی کم ہو سکتی ہے۔

    اس قرارداد میں اقوام متحدہ کے رکن ممالک کو تجویز دی گئی ہے کہ ترقی یافتہ اور ترقی پذیر ممالک کے شہری اور دیہی علاقوں کی پبلک ٹرانسپورٹ میں سائیکل کو بھی شامل کیا جائے۔

    سڑک پر سائیکل چلانے والوں کے لیے حفاظتی اقدامات کو بڑھانے اور بائیک کی سواری کے فروغ سے دیرپا ترقی اور گرین ہاؤس گیسوں کے اخراج میں کمی کا عالمی ہدف حاصل کیا جا سکتا ہے۔

    ترکمانستان نے اپنی پیش کردہ قرارداد کے ذریعے تجویز دی کہ دنیا بھر میں جب بھی اور جہاں بھی عالمی، علاقائی اور ملکوں کی قومی ترقی کی پالیسی اور پروگرام مرتب کیے جائیں، ان میں سائیکل چلانے کے رجحان کو فروغ دینے کے لیے خصوصی اقدامات بھی کیے جائیں۔

  • میانمار فوج نے شہریوں کے ساتھ کیا کیا؟

    میانمار فوج نے شہریوں کے ساتھ کیا کیا؟

    میانمار: اقوام متحدہ نے ایک چشم کشا رپورٹ جاری کی ہے کہ میانمار فوج نے شہریوں پر بہیمانہ ظلم کیا، انھیں پکڑ کر سروں میں گولیاں ماری گئیں، اور زندہ جلایا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ نے میانمار میں گزشتہ سال کی فوجی بغاوت کے بعد انسانی حقوق کی صورت حال پر منگل کو اپنی پہلی جامع رپورٹ میں کہا ہے کہ میانمار کی فوج منظم طریقے سے انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں میں مصروف ہے، جن میں سے بہت سے جنگی جرائم اور انسانیت کے خلاف جرائم شامل ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق فروری 2021 میں فوجی بغاوت کے بعد سے میانمار میں فوج انسانی حقوق کی منظّم خلاف ورزیوں میں مصروف ہے۔

    اقوام متحدہ کی ہائی کمشنر برائے انسانی حقوق مشیل بیچلیٹ نے کہا کہ بہت سے افراد کو سر میں گولیاں ماری گئیں، زندہ جلایا گیا، کسی الزام کے بغیر گرفتار کرکے اذیتیں دی گئیں یا انسانی ڈھال کے طور پر استعمال کیا گیا۔

    اقوام متحدہ نے رپورٹ میں عالمی برادری سے میانمار کے خلاف بامعنی کارروائی کرنے کی اپیل بھی کی۔ رپورٹ کے مطابق میانمار فوج نے کم از کم 16 سو افراد کو ہلاک کیا جب کہ ساڑھے 12 ہزار سے زائد قید میں ہیں۔

    اقوام متحدہ کی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ میانمار کی فوج نے سگینگ خطے میں بڑے پیمانے پر قتل عام کیا جہاں بہت سی ہاتھ پاؤں بندھی لاشیں ملیں، جب کہ کایاہ ریاست میں خواتین اور بچوں کی جلی ہوئی لاشیں پائی گئیں۔ گرفتار شدگان کو دورانِ تفتیش اذیتیں دی گئیں، الٹا لٹکایا گیا، بجلی کے جھٹکے دیے گئے، منشیات کے انجکشن دیے گئے اور جنسی زیادتی بھی کی گئی۔

    یاد رہے کہ گزشتہ برس میانمار فوج نے اقوام متحدہ اور اس کے آزاد ماہرین پر خفگی کا اظہار کرتے ہوئے کہا تھا کہ وہ غیرمصدقہ اطلاعات اور مخالف گروہوں کے بیانات پر انحصار کرتے ہیں۔ جب کہ اقوام متحدہ کی یہ رپورٹ متاثرین سے بات چیت اور عینی شاہدین کے بیانات پر مبنی ہے جس میں تصاویر اور مصدقہ وڈیوز کے علاوہ دیگر ذرائع سے دستیاب اطلاعات بھی شامل کی گئی ہیں۔

    واضح رہے کہ فروری 2021 میں آنگ سان سوچی کی منتخب حکومت کو برطرف کرنے کے بعد سے فوج کو عوامی مخالفت کا سامنا ہے، 2021 کی فوجی بغاوت سے پہلے بھی میانمار فوج نے روہنگیا مسلم اقلیتی آبادی کے متعدد گاؤں نذرآتش کیے اور انھیں قتل کیا۔

  • پاکستان کا اقوام متحدہ سے بھارتی میزائل گرنے کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ

    پاکستان کا اقوام متحدہ سے بھارتی میزائل گرنے کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ

    اسلام آباد : پاکستان نے اقوام متحدہ سے بھارتی میزائل کے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کردیا ، وزیر خارجہ نے کہا ہے کہ میزائل کس طرح پاکستان کی حدودمیں گرا بھارت وضاحت دے۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا ہے کہ او آئی سی کا اجلاس 22 اور 23 مارچ کو اسلام آباد میں ہو گا، او آئی سی اقوام متحدہ کے بعد بڑا فورم ہے، پاکستان سمجھتا ہے اس حساس موقع پر اجلاس کی افادیت بہت زیادہ ہے، ہم اس موقع پر مسلمانوں میں اتحاد کا فروغ چاہتے ہیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اپنی آواز کو موثر بنانے کےلیے یہ ہماری ضرورت ہے، غلط فہمیوں کو دور کرنے کے لیے ایک پل کا کردار ادا کرنے کے درپے ہیں، مسلم امہ کو درپیش مسائل پرراستےکی تلاش مل کر تلاش کرنا چاہتے ہیں، چاہتےہیں مقبوضہ کشمیر، فلسطین کو انصاف مل سکے.

    او آئی سی اجلاس کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ او آئی سی میں پاکستان کا کردار سب کے سامنے ہے، اجلاس میں100سے زائدقراردادیں پیش کی جائیں گی، کوشش ہے تمام قراردادیں منظور کرائی جا سکیں۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اجلاس میں کشمیر کی صورتحال پرازسر نو جائزہ بھی لیا جائے گا، کوشش ہے کشمیر کی صورتحال پررپورٹ کونسل آف وزرائےخارجہ میں پیش کی جائے۔

    وزیر خارجہ نے بھارتی میزائل کے معاملے پر اقوام متحدہ سے معاملے کی تحقیقات کا مطالبہ کرتے ہوئے بتایا کہ میری اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری سے بات ہوئی ہے، بھارتی میزائل کا پاکستان میں گرنا بڑا سنگین معاملہ ہے ، اقوام متحدہ کے جنرل سیکرٹری کوپاکستان کی تشویش سے آگاہ کیا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ یواین صدرسیکورٹی کونسل اور جنرل سیکرٹری کو خط بھی لکھا ہے، یہ واقعہ دنیا کی آنکھوں سے اوجھل کیوں ہو رہا ہے،کچھ سوالات رکھے ہیں کہ کس طرح میزائل پاکستان کی حدودمیں گرا بھارت وضاحت دے، غلطی سے گرنیوالےمیزائل کی کیا نوعیت تھی،

    شاہ محمود قریشی نے سوال کیا کہ غلطی سے میزائل گرنےپر بھارت نے فوری اطلاع کیوں نہیں دی ، بھارت بتائے میزائل آرمی ہینڈل کررہی تھی یاکوئی اورشرارتی عناصر اور بھارت واضح کرے میزائل تنصیبات کی دیکھ بھال کیلئے کیسا سسٹم رائج ہے۔

    وزیر خارجہ نے کہا دنیا کو اس بات کا احساس دلایا ہے کہ اس کا نتجہ کیا ہوسکتا تھا ، میں توقع کرتا ہو او آئی سی اور سلامتی کونسل جواب دیں گے ، میزائل جوہری ہتھیار لے جانے کی صلاحیت رکھتا تھا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ بھارتی لوک سبھامیں جو جواب دیا گیا وہ ناکامی ہے ، معاملےپرایک واضح پوزیشن لینے کی ضرورت ہے ، بھارت کو احساس ہے میزائل کہ وجہ سےایٹمی وار شروع ہوسکتی تھی ؟

  • بڑا اعزاز ، پاکستان کو اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر ماحولیاتی لیڈرشپ مل گئی

    بڑا اعزاز ، پاکستان کو اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر ماحولیاتی لیڈرشپ مل گئی

    اسلام آباد: پاکستان کو اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر ماحولیاتی لیڈرشپ مل گئی اور پاکستان عشرہ ماحولیات میں 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کرنے میں بازی لے گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ٹین بلین ٹری سونامی منصوبے کی پھر سے اقوام متحدہ اسمبلی میں گونج سنائی دی اور پاکستان کو اقوام متحدہ میں ایک مرتبہ پھر ماحولیاتی لیڈرشپ مل گئی۔

    یواین ماحولیات اسمبلی نے پاکستان سمیت 3ممالک کو ماحولیات لیڈر ملک قرار دیا، جس میں پاکستان کے علاوہ جرمنی اور ایل سلواڈور شامل ہیں۔

    ایل سلواڈور کو عشرہ ماحولیات منانے کا آئیڈیا دینے اور جرمنی کو ماحولیات پر زیادہ سرمایہ کاری میں کرنے پر لیڈر شپ ملی جبکہ پاکستان عشرہ ماحولیات میں 10 بلین ٹری سونامی منصوبہ شروع کرنے میں بازی لے گیا۔

    پاکستان ٹین بلین ٹری سونامی منصوبہ کو دنیا بھر میں ماڈل کے طور پر پیش کرے گا۔

    اقوام متحدہ ماحولیاتی اسمبلی میں دنیا بھر کے ماحولیات وزیر شریک ہوئے ، اسمبلی میں معاون خصوصی ملک اسلم کو خطاب کا موقع دیا گیا۔

    ملک امین اسلم نے کہا کہ وزیر اعظم کے ماحولیاتی وژن میں سیکھنے کو بہت کچھ ہے ، پاکستان نے پائیدار ترقی کے لئے ماحول کے خلاف جنگ ختم کی، ہم نے ماحولیات میں سرمایہ کاری کی تو ہمیں اس کا معاشی فائدہ ملا۔

  • مادری زبان میں تعلیم بچوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے

    مادری زبان میں تعلیم بچوں کی صلاحیتوں میں اضافہ کرتی ہے

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں مادری زبانوں کا عالمی دن منایا جارہا ہے، ماہرین کا کہنا ہے کہ بچوں کو مادری زبان میں تعلیم دینا ان کی سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ کرتا ہے اور ان میں تنقیدی انداز فکر پیدا کرتا ہے۔

    مادری زبان کسی بھی شخص کی وہ زبان ہوتی ہے جو اسے اپنے گھر اور خاندان سے ورثے میں ملتی ہے تاہم ماہرین کا کہنا ہے کہ جب والدین اپنے بچوں کو مادری زبان نہیں سکھاتے تو زبانوں کے متروک ہونے کا عمل شروع ہوجاتا ہے۔

    رواں سال اس دن کا مرکزی خیال ہے: مادری زبانیں سکھانے کے لیے ٹیکنالوجی کا استعمال، مواقع اور مشکلات۔

    ایک تحقیق کے مطابق اس وقت دنیا کی 40 فیصد آبادی اس زبان میں تعلیم حاصل کرنے سے محروم ہے جو وہ بولتی یا سمجھتی ہے۔

    ماہرین کا کہنا ہے کہ جب ننھے بچوں کو تعلیم دینی شروع کی جائے تو وہ مادری زبان میں ہونی چاہیئے، اس سے بچوں کی سیکھنے کی صلاحیت میں اضافہ ہوتا ہے جبکہ ان کے اندر تنقیدی انداز فکر پیدا ہوتا ہے۔

    رواں دن کا مرکزی خیال اسی آئیڈیے کے گرد گھومتا ہے کہ کس طرح ٹیکنالوجی کی مدد سے مادری زبانوں میں حاصل کی جانے والی تعلیم کو معیاری اور جدید بنایا جائے۔

    اس وقت دنیا میں سب سے زیادہ زبانیں پاپوا نیو گنی میں بولی جاتی ہیں جہاں کل زبانوں کا 12 فیصد یعنی 860 زبانیں بولی جاتی ہیں۔

    742 زبانوں کے ساتھ انڈونیشیا دوسرے، 516 کے ساتھ نائیجیریا تیسرے، 425 کے ساتھ بھارت چوتھے اور 311 کے ساتھ امریکا پانچویں نمبر پر ہے۔

    آسٹریلیا میں 275 اور چین میں 241 زبانیں بولی جاتی ہیں۔

    مختلف اعداد و شمار کے مطابق دنیا میں سب سے زیادہ بولی جانے والی مادری زبان چینی ہے جسے دنیا کی 16 فیصد آبادی یعنی 1 ارب 20 کروڑ افراد بولتے اور سمجھتے ہیں۔

    اس کے بعد 42 کروڑ 50 لاکھ ہندی، 43 کروڑ ہسپانوی، 34 کروڑ انگریزی اور 20 کروڑ افراد عربی بولتے ہیں۔ بولی جانے والی زبانوں میں پنجابی گیارہویں اور اردو انیسویں نمبر پر ہے۔

    اقوام متحدہ اپنے ارکان ممالک پر زور دے رہی ہے کہ وہ دنیا میں بولی جانے والی تمام زبانوں کی حفاظت کریں اور انہیں متروک ہونے سے بچائیں۔ اقوام متحدہ کی تحقیق کے مطابق دنیا بھر میں ہر 2 ہفتے میں ایک زبان اپنی تمام تر ثقافت اور ادب سمیت متروک ہوجاتی ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ دنیا میں بولی جانے والی تمام زبانوں کے فروغ کے ذریعے ہی عالمی ثقافتی اور لسانی ہم آہنگی، اتحاد اور یگانگت کو قائم کیا جاسکتا ہے۔

    پاکستان میں بولی جانے والی زبانیں

    پاکستان بھی ایک کثیر اللسان ملک ہے اور ماہرین لسانیات کے مطابق ملک میں مختلف لہجوں کے فرق سے 74 زبانیں بولی جاتی ہیں۔

    سب سے زیادہ بولی جانے والی زبان پنجابی ہے جسے 48 فیصد افراد بولتے ہیں جبکہ 12 فیصد سندھی، 10 فیصد سرائیکی، انگریزی، اردو، 8 فیصد پشتو، بلوچی 3 فیصد، ہندکو 2 فیصد اور ایک فیصد براہوی زبان کا استعمال کرتے ہیں۔

    علاقائی مادری زبانیں منفرد انداز فکر اور حسن رکھتی ہیں۔ مادری زبان نہ صرف انسان کی شناخت اور اظہار کا ذریعہ ہیں بلکہ بیش قیمت روایات بھی رکھتی ہیں۔

    ماہرین لسانیات کا کہنا ہے کہ ختم ہونے والی زبانوں کو جدید طریقوں سے ریکارڈ کر کے محفوظ بنایا جانا ضروری ہے تاکہ مستقبل میں ان زبانوں اور ان سے منسلک تہذیب و تمدن کو سمجھنے میں مدد لی جاسکے۔

  • آتش فشاں پھٹنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کا اہم بیان

    آتش فشاں پھٹنے کے حوالے سے اقوام متحدہ کا اہم بیان

    بحرالکاہل میں واقع ملک ٹونگا میں زیر سمندر آتش فشاں پھٹنے سے آنے والے بدترین سونامی کے نتیجے میں اقوام متحدہ کی جانب سے 2 افراد کے لاپتا ہونے کی اطلاع دی گئی ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ ٹونگا میں دو افراد لاپتا ہیں اور ٹونگا ٹاپُو جزیرے کے ساحلی علاقے میں عمارات کو بھاری نقصان پہنچا ہے۔

    پیسیفک آئی لینڈز کے اس ملک میں ہونے والے نقصان کی شدت کا پتا نہیں لگ سکا ہے کیوں کہ اس علاقے میں ٹیلیفون اور انٹرنیٹ مواصلات کافی محدود ہو کر رہ گئی ہیں۔

    تاہم گزشتہ روز بین الاقوامی تنظیم صلیب احمر نے ٹونگا میں سونامی کے باعث 80 ہزار لوگوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ظاہر کیا تھا۔

    ٹونگا میں آتش فشاں پھٹ گیا، کئی ممالک میں سونامی کی وارننگ جاری

    اقوام متحدہ کے دفتر برائے انسانی اُمور رابطہ کاری نے پیر کے روز بتایا کہ دو افراد لاپتا ہیں تاہم کسی ہلاکت کی تصدیق نہیں ہوئی ہے، سونامی کی وجہ سے دارالحکومت میں بنیادی انفرا اسٹرکچر کو خاصا نقصان پہنچا۔

    اقوام متحدہ کے سٹیلائٹ مرکز نے آتش فشانی اور گرد و نواح کی مصنوعی سیارے سے کھینچی گئی تصاویر جاری کی ہیں جو آتش فشانی سے پہلے اور بعد میں لی گئی تھیں، جن سے ٹونگا ٹاپُو کے ساحلی علاقے میں ہونے والے نقصانات کا اندازہ ہوتا ہے۔

    واضح رہے کہ ہفتے کو ٹونگا میں آنے والی تباہی کے بعد ملک میں ہنگامی حالت کا نفاذ ہے جب کہ خوراک اور پانی کی شدید قلت کا سامنا ہے جس کے بعد حکام نے دنیا سے پانی اور خوراک فراہم کرنے کی اپیل کی ہے۔