Tag: اقوام متحدہ

  • عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے: خلیل ہاشمی

    عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے: خلیل ہاشمی

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کچھ ایٹمی ریاستیں جوہری ہتھیاروں کو اور بڑھا رہی ہیں، عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب خلیل ہاشمی نے اقوام متحدہ جنرل اسمبلی کی پہلی کمیٹی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ امتیازی پالیسیوں سے دیرینہ قوانین کو ختم کیا جا رہا ہے۔

    خلیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ جوہری تخفیف اسلحہ کی ذمہ داریاں بڑی حد تک ادھوری ہیں، کچھ ایٹمی ریاستیں جوہری ہتھیاروں کو اور بڑھا رہی ہیں، عالمی فوجی اخراجات اور تجارت غیر معمولی سطح پر پہنچ گئی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ جنوبی ایشیا میں اسلحے میں توازن کی پاکستانی تجاویز کو روک دیا گیا، مساوات اور دیرینہ قواعد و ضوابط کی وفاداری کی پابندی ضروری ہے۔ ایک نیا بین الاقوامی اسلحہ کنٹرول آرڈر تیار کرنے کی ضرورت ہے۔

    خلیل ہاشمی کا کہنا تھا کہ تمام ریاستوں کے سیکیورٹی خدشات کو دور کرنا ضروری ہے، جوہری تخفیف اسلحہ کی ذمہ داریوں کو پورا کرنا ضروری ہے۔ روایتی ہتھیاروں کے کنٹرول کو آگے بڑھانا چاہیئے۔

  • اقوام متحدہ نے صاف، صحت مند ماحول کو بنیادی حق تسلیم کر لیا

    اقوام متحدہ نے صاف، صحت مند ماحول کو بنیادی حق تسلیم کر لیا

    جنیوا: اقوام متحدہ نے صاف، صحت مند ماحول کو بنیادی حق تسلیم کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے صاف، صحت مند ماحول تک رسائی کو انسانی حق قرار دے دیا۔

    جنیوا میں قائم اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کونسل نے جمعہ کے روز ایک قرارداد منظور کی ہے جس میں ‘محفوظ، صاف، صحت مند اور پائیدار ماحول تک رسائی کو بنیادی انسانی حق کے طور پر تسلیم کر لیا گیا ہے، اس کے باوجود کہ امریکا اور برطانیہ نے اس قرارداد پہلے منفی رد عمل ظاہر کیا تھا۔

    اس کی تجویز کوسٹاریکا، مالدیپ، مراکش، سلووینیا، اور سوئٹزرلینڈ نے پیش کی تھی، جس کو 43 ووٹ ملے، مخالفت میں ایک بھی ووٹ نہیں پڑا، تاہم روس، بھارت، چین، اور جاپان غیر حاضر رہے جب کہ برطانیہ نے بالکل آخری لمحات میں اس کے حق میں ووٹ دیا، اور امریکا 47 رکنی کونسل کا رکن نہ ہونے کے باعث ووٹ نہ دے سکا۔

    ابتدائی طور پر اسے 22 ممالک بشمول فن لینڈ، جرمنی اور شمالی مقدونیہ، فیجی اور مالدیپ نے تجویز کیا تھا، فیجی اور مالدیپ جزائر والی اقوام ہیں، جنھیں آب و ہوا کی ہنگامی صورت حال سے خاص طور پر خطرات لاحق ہیں۔

    اگرچہ قرارداد اس بات کی پابند نہیں کرتی، تاہم یہ ریاستوں کو ماحولیاتی تحفظ کو اپنانے کی ترغیب دیتی ہے، اور ان پر دباؤ ڈالتی ہے کہ وہ 100 سے زیادہ ان ممالک میں شامل ہوں، جن میں صحت مند ماحول کے حوالے سے کچھ آئینی اقدامات کیے جا چکے ہیں۔

    ورلڈ ہیلتھ آرگنائزیشن (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق ماحولیات سے منسلک، ایک سال میں مرنے والوں کی تعداد 13.7 ملین ہے (ایک کروڑ 37 لاکھ)، جو تمام عالمی اموات کے تقریباً 24 فی صد کے برابر ہے۔

  • پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزین ڈاکٹر کے لیے عالمی اعزاز

    پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزین ڈاکٹر کے لیے عالمی اعزاز

    پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزین سلیمہ رحمٰن پناہ گزین لڑکیوں کے لیے امید کی کرن بن گئیں، سلیمہ نہ صرف پہلی پناہ گزین ڈاکٹر بنیں بلکہ اقوام متحدہ کی جانب سے انہیں اعزاز سے بھی نواز گیا۔

    رواں برس اقوام متحدہ کا نانس رفیوجی ایوارڈ پاکستان میں مقیم افغان پناہ گزین سلیمہ رحمٰن کو دیا گیا۔ یہ اعزاز انہیں افغان مہاجرین اور مقامی افراد کی غیر معمولی مدد کرنے کے صلے میں دیا گیا۔

    سلیمہ پہلی پناہ گزین خاتون ڈاکٹر ہیں اور ان کا یہ سفر آسان نہیں تھا۔

    اے آر وائی نیوز کے مارننگ شو باخبر سویرا میں گفتگو کرتے ہوئے سلیمہ نے بتایا کہ ان کے خاندان میں لڑکیوں کو گھر سے باہر نکلنے کی اجازت نہیں تھی لیکن ان کے والد انہیں ڈاکٹر بنانا چاہتے تھے۔

    اپنے والدین کی حوصلہ افزائی کے ساتھ انہوں نے میڈیکل کالج میں داخلہ لینے کے لیے بھرپور محنت کی جس کے باعث وہ پناہ گزینوں کے لیے مختص ایک سیٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوگئیں۔

    سلیمہ کا کہنا ہے کہ ان کی کامیابی کے بعد وہی لوگ جو ان کی مخالفت کر رہے تھے اب انہیں اپنی کمیونٹی کا فخر قرار دیتے ہیں، ان کی وجہ سے کئی افغان پناہ گزینوں نے بھی اپنی بیٹیوں کو اسکول بھیجنا شروع کردیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ وہ اس کامیابی کے لیے اپنے والدین اور پاکستانی اساتذہ کی بے حد شکر گزار ہیں۔

    سلیمہ نے افغان لڑکیوں کے لیے اپنے پیغام میں کہا کہ وہ بالکل حوصلہ نہ ہاریں اور اپنا مستقبل بنانے کے لیے جدوجہد کریں۔

  • غذائی ضیاع: اقوام متحدہ نے دنیا سے ہنگامی اپیل کر دی

    غذائی ضیاع: اقوام متحدہ نے دنیا سے ہنگامی اپیل کر دی

    نیویارک: اقوام متحدہ نے منگل کو دنیا بھر سے ہنگامی اپیل کی ہے کہ خوراک کے ضیاع کی مقدار کو کم کرنے کے لیے اقدامات اٹھائے جائیں، غذا کی کمی، بھوک اور غذائیت سے محرومی دنیا کے ہر ملک کو متاثر کر رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے خوراک اور زراعت سے متعلق ادارے ایف اے او نے خوراک کے نقصان اور ضیاع کو بھوک اور غذائی قلت کی ایک بڑی وجہ قرار دیتے ہوئے خوراک کے ضیاع کو روکنے کے لیے اقدامات کی اپیل کی ہے۔

    ادارے کے ماہرین نے کہا ہے کہ اس وقت دنیا بھر کے تمام ممالک لگ بھگ 8 ارب لوگوں کے لیے کافی خوراک پیدا کر رہے ہیں، لیکن اس کے باوجود 80 کروڑ لوگ ابھی تک بھوک کا شکار ہیں، اور 2 ارب انسانوں کو غذائی قلت کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے، جس سے صحت کے سنگین مسائل جنم لے سکتے ہیں۔

    خوراک اور زراعت کے عالمی ادارے کے ماہرین کا کہنا ہے کہ دنیا بھر میں پیدا کی جانے والی خوراک کا لگ بھگ ایک تہائی یا ایک ارب 30 کروڑ ٹن خوراک کسی کے پیٹ میں جانے کی بجائے آخر کار پرچون مارکیٹ میں پڑے پڑے گل سڑ جاتی ہے، یا صارفین کے کوڑے دانوں میں چلی جاتی ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق اس نقصان کا اندازہ سالانہ ایک ٹریلین ڈالر ہے۔

    ایف اے او کی ڈپٹی ڈائریکٹر ننسی ابورٹو کا کہنا ہے کہ خوراک کے ضیاع کے نتیجے میں پانی، زمین، توانائی، مزدوری اور سرمائے سمیت وہ تمام وسائل ضائع ہو جاتے ہیں، جو اسے پیدا کرنے میں صرف ہوتے ہیں، اگر خوراک کے ضیاع کی روک تھام کے لیے اقدامات نہ کیے گئے تو اقوام متحدہ 2030 تک بھوک کے خاتمے سے متعلق دیرپا ترقی کے اپنے ہدف کو کبھی حاصل نہیں کر سکے گا۔

    انھوں نے مزید کہا کہ غذائی قلت کے باعث ایک جانب لاکھوں بچے مختلف بیماریوں کا شکار ہو جاتے ہیں اور موت کے منہ میں چلے جاتے ہیں تو دوسری طرف ہر تین میں سے ایک بالغ شخص موٹاپے کا شکار ہے، وہ کہتی ہیں کہ غذائیت کی کمی کا ایک اور سبب غیر صحت بخش خوراک اور ضروری وٹامنز اور معدنیات کی غذا میں کمی ہے۔

    خوراک اور زراعت کے عالمی ادارے کی ایک رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019 کے دوران دنیا بھر میں پیدا ہونے والی خوراک کا 14 فی صد حصہ کھیتوں کھلیانوں سے لے کر اسے فروخت کے مراکز تک پہنچانے کے عمل کے دوران ضائع ہو گیا تھا، ایک رپورٹ کے مطابق دستیاب خوراک کا اندازاً 17 فی صد حصہ ضائع ہوا۔

  • ’امریکا کو مطلوب‘ طالبان وزیر داخلہ سے یو این خاتون نمائندے کی ملاقات

    ’امریکا کو مطلوب‘ طالبان وزیر داخلہ سے یو این خاتون نمائندے کی ملاقات

    کابل: ’امریکا کو مطلوب‘ طالبان وزیر داخلہ سراج الدین حقانی سے یو این خاتون نمائندے ڈیبورا لیونس نے اہم ملاقات کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی افغانستان کے لیے نمائندہ خصوصی ڈیبورا لیونس نے افغانستان کے نئے وزیر داخہ سراج الدین حقانی کے ساتھ ملاقات کی، حقانی کئی برس سے امریکا کی انتہائی مطلوب افراد کی فہرست میں شامل ہیں۔

    برطانوی خبر رساں ادارے روئٹرز نے طالبان کے ترجمان سہیل شاہین کے حوالے سے بتایا ہے کہ جمعرات کو ہونے والی اس ملاقات میں انسانی بحران سے نمٹنے کی سرگرمیوں سے متعلق بات چیت کی گئی۔

    جاپانی ڈاکٹر کے قاتلوں کو ڈھونڈ نکالیں گے: طالبان ترجمان کا انٹرویو

    سہیل شاہین نے کہا کہ سراج الدین حقانی نے اس پر زور دیا کہ اقوام متحدہ کے کارکن کسی بھی رکاوٹ کے بغیر افغان عوام کے لیے امدادی سرگرمیاں انجام دے سکتے ہیں۔

    افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن نے کہا کہ بدھ کو ہونے والی ملاقات میں ڈیبورا لیونس نے اس بات پر زور دیا کہ اس وقت اقوام متحدہ اور دیگر امدادی کارروائیاں کرنے والے افراد کو بغیر کسی رکاوٹ کے افغان عوام کی مدد کرنے کے لیے سازگار ماحول کی ضرورت ہے۔

    خیال رہے کہ دو دہائیوں تک جاری رہنے والی جنگ میں اقوام متحدہ کے عملے کے ارکان کو بھی طالبان کی جانب سے نشانہ بنانے کے واقعات پیش آتے رہے ہیں۔ 2009 میں کابل کے ایک گیسٹ ہاؤس میں اقوام متحدہ کے غیر ملکی عملے پر طالبان جنگجوؤں نے مہلک ترین حملہ کیا تھا۔

    روئٹرز کے مطابق حقانی نیٹ ورک کو متعدد حملوں کا ذمہ دار قرار دیا گیا ہے، امریکا نے اس نیٹ ورک کو 2012 میں دہشت گرد تنظیموں کی فہرست میں شامل کیا تھا۔

  • اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    اقوام متحدہ کی اقوام عالم کو طالبان سے متعلق اہم ہدایت

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے تمام ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان کے ساتھ بات چیت کا سلسلہ جاری رکھیں، دہشت گردی روکنے کے لیے طالبان سے بات چیت ضروری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اے ایف پی کو دیے گئے انٹرویو میں انتونیو گوتریس نے اس خدشے کا اظہار کیا ہے کہ طالبان کے حکومت میں آنے سے افریقی ممالک میں موجود جہادیوں کو تقویت مل سکتی ہے۔ انھوں نے کہا کہ تمام رکن ممالک کو افغان عوام کے ساتھ یک جہتی کرتے ہوئے طالبان کے ساتھ بات چیت جاری رکھنی چاہیے، تاکہ انھیں اصولوں سے براہ راست آگاہ کیا جا سکے۔

    سیکریٹری جنرل نے تمام ممالک پر زور دیا کہ وہ افغانستان میں معاشی بحران پیدا نہ ہونے دیں، انھوں نے عالمی پابندیوں اور افغانستان کے مالی ذخائر کے منجمند ہونے کا ذکر کیے بغیر کہا کہ مالیاتی اقدامات سے افغانستان کی معیشت کے لیے آسانیاں پیدا ہوں گی۔

    امریکی سیکریٹری دفاع افغان طالبان سے پُرامید

    انتونیو گوتریس نے کہا کہ طالبان کے ساتھ مذاکرات کے نتائج سے متعلق کوئی گارنٹی نہیں دی جا سکتی لیکن اگر ہم چاہتے ہیں کہ افغانستان دہشت گردی کا گڑھ نہ بنے، خواتین اور لڑکیاں وہ تمام حقوق نہ کھوئیں جو انھوں نے گزشتہ عرصے میں حاصل کیے، اور تمام نسلی گروہوں کی برابر نمائندگی ہو، تو بات چیت ضروری ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے کہا کہ اب تک جتنی بھی بات چیت ہوئی ہے اس میں کم از کم طالبان کی جانب سے آمادگی کا اظہار کیا گیا ہے۔ دوسری جانب اقوام متحدہ میں افغانستان کے سفیر غلام اسحاق زئی نے تمام رکن ممالک پر زور دیا ہے کہ وہ طالبان پر پابندیاں عائد کریں۔

  • افغان شہریوں تک خوراک کی ترسیل: اقوام متحدہ پاکستان کی مدد لے گا

    افغان شہریوں تک خوراک کی ترسیل: اقوام متحدہ پاکستان کی مدد لے گا

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کا ذیلی ادارہ برائے خوراک افغان شہریوں تک خوراک کی امداد پہنچانے کے لیے پاکستان کی مدد لے گا، اس حوالے سے ورلڈ فوڈ پروگرام کو اجازت جاری کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ فوڈ پروگرام کی جانب سے افغانستان میں فوڈ سپلائی کے لیے پاکستان معاونت کرے گا، ورلڈ فوڈ پروگرام برائے افغانستان کے لیے پاکستان سے مشروط فضائی آپریشن کی اجازت دے دی گئی۔

    سول ایوی ایشن کا کہنا ہے کہ افغان دارالحکومت کابل تک خوراک کی ترسیل کے لیے طیاروں اور ہیلی کاپٹرز کا استعمال ہوگا، عالمی ادارہ خوراک کو آپریشن کے لیے مقررہ فیس ادا کرنی ہوگی۔

    جاری کردہ نوٹیفکیشن کے مطابق ادارے کو افغانستان کے لیے امدادی سامان کی تفصیلات بھی فراہم کرنا ہوں گی، آپریشن کے لیے 2 افراد پر مشتمل فکس ونگ طیارہ استعمال ہوگا۔

    پرواز اسلام آباد سے روزانہ کابل کے لیے روانہ ہوگی، ایم 18 ہیلی کاپٹر کے ذریعے 6 افراد پشاور سے خوراک کابل لے کر جائیں گے جبکہ آپریشن کے لیے اسلام آباد اور پشاور کے ایئر پورٹ استعمال ہوں گے۔

    سی اے اے کے مطابق امدادی سرگرمیوں کے لیے اقوام متحدہ فوڈ پروگرام نے پاکستان سے مدد مانگی تھی۔

  • اقوام متحدہ کا افغانستان کی صورتحال پر اظہار تشویش

    اقوام متحدہ کا افغانستان کی صورتحال پر اظہار تشویش

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے افغانستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ افغانستان میں پرامن تصفیے کے لیے پرعزم ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے افغانستان کی صورتحال پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے، سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ طالبان سمیت تمام فریقین انتہائی تحمل کا مظاہرہ کریں۔

    انہوں نے کہا کہ جانوں کا تحفظ اور ضروریات پوری کرنے کے لیے تحمل کا مظاہرہ کیا جائے، اقوام متحدہ افغانستان میں پرامن تصفیے کے لیے پرعزم ہے۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ تمام افغانوں کے انسانی حقوق کو فروغ دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ روز افغان طالبان افغان دارالحکومت کابل اور بعد ازاں صدارتی محل کا کنٹرول حاصل کرچکے ہیں، صدر اشرف غنی ملک سے فرار ہوچکے ہیں جبکہ افغانستان میں عبوری حکومت کے قیام کا اعلان ہوچکا ہے۔

  • بھارت کو ایک ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    بھارت کو ایک ماہ کے لیے سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ کا رد عمل

    اسلام آباد: بھارت کو ایک ماہ کے لیے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت کی ذمہ داری پر دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارت کو کشمیر پر یو این قراردادوں پر عمل کی ذمہ داری یاد کرائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت کو ماہ اگست کے لیے یو این سیکیورٹی کونسل کی صدارت مل گئی ہے، اور وہ یکم اگست سے یہ ذمہ داری سنبھالے گا، یہ ایک ترتیب وار ذمہ داری ہے جو نام آنے پر ہر رکن ملک سنبھالتا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے اس پر رد عمل میں کہا ہے کہ ترتیب وار نظام کے تحت ایک ماہ کے لیے رکن ملک یہ ذمہ داری انجام دیتا ہے، بھارت کو کشمیر پر یو این قراردادوں پر عمل کی ذمہ داری یاد کرائیں گے۔

    دفتر خارجہ کے بیان میں کہا گیا ہے کہ اجلاس کا انتظام و انصرام کرنا سلامتی کونسل صدر کی ذمہ داری ہوتی ہے، اور صدر سلامتی کونسل اجلاس کو قواعد کے مطابق چلانے کا پابند ہے، امید ہے بھارت سلامتی کونسل کے لیے وضع کردہ اقدار کا احترام کرے گا۔

  • ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب

    ڈاکٹر ثانیہ نشتر کا اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب

    نیویارک: وزیر اعظم کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کی ترقی حکومت پاکستان کی ترجیحات میں شامل ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کی معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ نشتر نے نیویارک میں اقوام متحدہ کے پولیٹیکل فورم سے خطاب کیا۔ ٹاؤن ہال طرز پر منعقدہ پولیٹیکل فورم میں 43 ممالک نے شرکت کی۔

    اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم نے اجلاس کا آغاز کیا۔ اپنے خطاب میں ڈاکٹر ثانیہ کا کہنا تھا کہ سماجی تحفظ اور انسانی وسائل کی ترقی ترجیحات میں شامل تھے۔

    ڈاکٹر ثانیہ نے کہا کہ احساس ایمرجنسی کیش کی تقسیم ڈیجیٹل نظام پر مشتمل تھی، یہ پروگرام دنیا کا تیسرا بڑا پروگرام قرار دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ پروگرام شفاف بنانے کے لیے ڈیٹا اور ترسیل کا جدید نظام بنایا، پاکستان ان ممالک میں ہےجنہوں نے کرونا وائرس کی وبا میں ٹھوس اقدامات کیے۔

    اجلاس کے بعد معاون خصوصی ڈاکٹر ثانیہ اقوام متحدہ کی دیگر کئی ذیلی میٹنگز میں بھی شرکت کریں گی۔