Tag: اقوام متحدہ

  • ایئر انڈیا طیارہ حادثہ، بھارت نے اقوام متحدہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیش کش ٹھکرادی

    ایئر انڈیا طیارہ حادثہ، بھارت نے اقوام متحدہ کی تحقیقات میں تعاون کی پیش کش ٹھکرادی

    بھارت نے احمد آباد میں تباہ ہونے والے ایئر انڈیا کے طیارے کے حادثے کے معاملے پر اقوام متحدہ کے تحقیقات کاروں کا تعاون لینے سے انکار کردیا۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق طیارہ حادثے کی تحقیقات میں شفافیت پر سوالات اٹھ رہے ہیں، بھارتی تحقیقاتی ادارے ائیر کرافٹ ایکسیڈنٹ انوسٹی گیشن بیورو پر تحقیقات میں سست روی برتنے کا الزام لگایا جارہا ہے، یاد رہے کہ طیارہ حادثے میں 260 افراد لقمہ اجل بن گئے تھے۔

    رپورٹس کے مطابق گزشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی ایوی ایشن ایجنسی نے غیر معمولی اقدام کے طور پر بھارتی حکومت کو احمد آباد طیارہ حادثے میں تحقیقات پر تعاون کرنے کی پیشکش کی تھی۔

    اس سے قبل یونائیٹڈ نیشن کا ادارہ بین الاقوامی سول ایوی ایشن آرگنائزیشن 2014ء میں ملائیشین ایئر لائن کے طیارے کو مار گرائے جانے اور یوکرین ایئر لائن کے 2020ء میں ہونے والے حادثات پر تحقیقات کرچکا ہے۔

    دوسری جانب واضح رہے کہ احمدآباد میں پیش آنے والے اندوہناک طیارہ حادثے کے بعد ایئر انڈیا نے منی پور میں اپنی سروسز ختم کرنے کا اعلان کردیا ہے۔

    ٹاٹا گروپ نے طیارہ حادثے میں 241 افراد کی ہلاکت کے بعد اہم فیصلہ کرتے ہوئے ریاست منی پور کے دارلحکومت امپھال میں اپنی ایئرلائن ایئرانڈیا کی فل سروس کو ختم کرنے کا اعلان کیا ہے، ایئر انڈیا نے 15 جون 2025 سے منی پور کے بین الاقوامی امپھال ایئرپورٹ پر اپنا آپریشن ختم کر دیا ہے۔

    ایئر انڈیا کے ڈریم لائنر کی ریاض میں ہنگامی لینڈنگ، تمام مسافر محفوظ

    سرکاری خبر رساں ایجنسی پی ٹی آئی نے بتایا کہ پیر 16 جون 2025 کو ایئرپورٹ اتھارٹی آف انڈیا (اے اے آئی) کے حکام نے اس حوالے سے مطلع کیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق کمپنی کم لاگت والی ایئرلائن ایئر انڈیا ایکسپریس کے ذریعے بھارتی کی شمال مشرقی ریاست سے آنے والے روٹس پر سروس جاری رکھے گا۔

  • پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کو کرارا جواب

    پاکستان کا اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کو کرارا جواب

    پاکستان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں بھارت کو کرارا جواب دیا ہے، سفارتکار ربیعہ اعجاز نے بھارتی ریاستی دہشتگردی کا مکروہ چہرہ بے نقاب کیا۔

    سفارتکار ربیعہ اعجاز نے کہا مقبوضہ کشمیر میں معصوم بچے بھارتی جبر و تشدد برداشت کررہے ہیں، کشمیری بچے دہشت، صدمے اور جبر کے سائے تلے پروان چڑھ رہے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ بھارت نے پاکستان سمیت دنیا بھر میں دہشتگردی کی سرپرستی کی، آرمی پبلک اسکول اور خضدار میں اسکول وین پر حملے معصوم بچے شہید ہوئے۔

    ربیعہ اعجاز نے کہا کہ پاکستان نے بھارتی ریاستی دہشت گردی کے ٹھوس ثبوت فراہم کیے ہیں، اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق مسئلہ کشمیر حل کیا جائے۔

    واضح رہے کہ سیکنڈ سیکرٹری پاکستان مشن ربیعہ اعجاز نے بھارتی مندوب کے خطاب پر اپنا حق جواب دہی استعمال کیا۔

    https://urdu.arynews.tv/pakistan-ready-to-assume-presidency-of-un-security-council/

    دوسری جانب پاکستان اگلے ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالے گا، سفیر عاصم افتخار احمد نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل سے ملاقات کرکے پاکستان کی سلامتی کونسل کی صدارت کے دوران پروگرام آف ورک سے آگاہ کیا۔

    سفیر عاصم افتخار احمد نے مشرق وسطیٰ کی بگڑتی ہوئی صورتحال، افریقہ، یورپ، ایشیا اور لاطینی امریکہ میں ہونے والی پیش رفت اور اقوام متحدہ کی امن مشنز کے ذریعے سلامتی کونسل کے مقاصد کے فروغ میں ان کے کردار پر بھی گفتگو کی۔

    اس موقع پر سفیر عاصم افتخار احمد نے کہا کہ تنازعات کے پرامن حل کے ذریعے عالمی امن و سلامتی کے فروغ کے لیے رکن ممالک کے درمیان مضبوط عزم موجود ہے۔

  • پاکستان اگلے ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کیلئے تیار

    پاکستان اگلے ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کیلئے تیار

    پاکستان آئندہ ماہ اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی صدارت سنبھالنے کیلئے تیار ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی مستقل مندوب عاصم افتخار نے اس حوالے سے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی جس میں انہوں نے سیکریٹری جنرل کو پروگرام آف ورک سے آگاہ کیا۔

    ملاقات میں سلامتی کونسل کے اہم عالمی امور پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا اور اقوام متحدہ امن مشنز کے کردار، مشرق وسطیٰ، افریقہ، ایشیا اور لاطینی امریکا کی صورتحال پر گفتگو کی گئی۔

    ملاقات میں عالمی چیلنجوں سے نمٹنے کے لیے اجتماعی کوششوں پر زور دیا گیا۔

    پاکستانی مندوب نے کہا کہ پاکستان سلامتی کونسل کی صدارت شفاف اور مشاورتی انداز  میں نبھائے گا، انہوں نے اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عملدرآمد کے عزم کا اعادہ کیا۔

  • ایران کے خلاف امریکا کے طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہوں، انتونیو گوتریس

    ایران کے خلاف امریکا کے طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہوں، انتونیو گوتریس

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وہ ایران پر امریکا کے طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہو گئے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق ایران پر امریکی فضائی حملے کے بعد اقوام متحدہ کے سربراہ نے کہا کہ ’’میں آج امریکا کی طرف سے ایران کے خلاف طاقت کے استعمال سے سخت پریشان ہوں، تنازع کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔‘‘

    انھوں نے کہا خطہ پہلے ہی تباہی کے دہانے پر ہے امریکا کے حملے نے صورت حال مزید خطرناک کر دی ہے، یہ بین الاقوامی امن اور سلامتی کے لیے براہ راست خطرہ ہے۔ سیکریٹری جنرل نے رکن ممالک سے کشیدگی میں کمی کے لیے کردار ادا کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ اس بات کا خطرہ بڑھتا جا رہا ہے کہ یہ تنازع تیزی سے قابو سے باہر ہو سکتا ہے۔


    دنیا کے لیے ایران کا جوہری خطرہ ختم کر دیا، اسرائیل اب زیادہ محفوظ ہے، ٹرمپ


    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ عام شہریوں، خطے اور دنیا پر تباہ کن اثرات پڑ سکتے ہیں، اس خطرناک گھڑی میں افراتفری کی لہر سے بچنا ضروری ہے، آگے بڑھنے کا واحد راستہ سفارتکاری ہے، واحد امید امن ہے۔

    واضح رہے کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مقامی وقت کے مطابق رات 10 بجے وائٹ ہاؤس سے قوم سے ٹیلی وژن خطاب کیا اور کہا کہ ایران کی جوہری تنصیبات فردو، نطنز اور اصفہان کو ’’مکمل طور پر تباہ‘‘ کر دیا گیا ہے، انھوں نے طویل فاصلے تک مار کرنے والے حملے کو ’’شان دار فوجی کامیابی‘‘ قرار دیا۔

    صدر ٹرمپ نے ایران کی قیادت پر زور دیا کہ وہ اب ’’امن قائم کریں‘‘ اور اپنے جوہری پروگرام پر مذاکرات کی طرف واپس آئیں، یا اس سے کہیں زیادہ حملوں کی لہر کا سامنا کریں۔

  • ایران کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس کب ہوگا؟

    ایران کی درخواست پر سلامتی کونسل کا اجلاس کب ہوگا؟

    اسرائیل ایران جنگ پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس جمعہ کو ہوگا۔

    الجزیرہ کے مطابق ایران کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس طلب کر لیا گیا ہے، سلامتی کونسل کا اجلاس بلانے کی ایرانی درخواست کو پاکستان، چین اور روس کی حمایت حاصل ہے۔

    ایران اسرائیل جنگ آج ساتویں دن میں داخل ہو گئی ہے، جنیوا میں ایک تقریب سے خطاب میں اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی نائب سربراہ ندا النشف نے تہران اور تل ابیب کے درمیان جاری میزائل حملوں کو ختم کرنے کے لیے فوری مذاکرات کا مطالبہ کیا۔

    نائب سربراہ نے کہا ’’یہ ضروری ہے کہ دونوں فریق بین الاقوامی قانون کا مکمل احترام کریں، خاص طور پر گنجان آباد علاقوں میں شہریوں اور شہری املاک کے تحفظ کو یقینی بنایا جائے، ہم تمام اثر و رسوخ رکھنے والوں پر زور دیتے ہیں کہ وہ ترجیحی طور پر مذاکرات میں شامل ہوں۔‘‘


    تہران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    ہیومن رائٹس کونسل سے خطاب کرتے ہوئے ایران کے مستقل نمائندے سفارتکار علی بحرینی نے اسرائیلی حملوں کی مذمت کرتے ہوئے کہا ’’ایران کے خلاف 13 جون کی جارحیت سے بدتر کوئی خلاف ورزی نہیں، رہائشی علاقوں پر مسلسل اندھے حملے، ضروری سپلائی پر بمباری، پینے کے پانی کے ریسورسز پر دھماکا اور جوہری تنصیبات پر لاپرواہ حملے ایران کے شہریوں اور عوام کو فوری طور پر متاثر کر رہے ہیں۔‘‘

    ادھر اسرائیلی میڈیا نے دعویٰ کیا ہے کہ یورپی وزرائے خارجہ جمعہ کو ایران سے جوہری مذاکرات کریں گے، جن میں جرمنی، فرانس، برطانیہ شامل ہیں، ایران سے مذاکرات جنیوا میں جرمن قونصلیٹ میں ہوں گے، یورپی یونین کی اعلیٰ سفارتکار کایاکالاس بھی مذاکرات میں شریک ہوں گی، اسرائیلی میڈیا کا کہنا ہے کہ مذاکرات امریکی منظوری سے ہو رہے ہیں، مقصد کشیدگی میں کمی لانا ہے۔

  • اقوام متحدہ کی اسرائیل ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کی اپیل

    اقوام متحدہ کی اسرائیل ایران کے درمیان فوری جنگ بندی کی اپیل

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے اسرائیل ایران کے درمیان جاری کشیدگی پر گہری تشویش کا اظہار کرتے ہوئے جنگ بندی کی اپیل کی ہے۔

    اپنے ایک بیان میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر شدید تشویش ہے، فوری طور پر ایران اسرائیل کشیدگی کم کی جائے اور جنگ بندی کی جائے۔

    سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ نے کہا کہ عسکری کارروائیاں خطے اور دنیا بھر کے لیے تباہ کن ہوسکتی ہیں، سویلین ہلاکتیں، زخمی اور بنیادی ڈھانچے کی تباہی قابل مذمت ہے۔

    ایران کے ایٹمی پروگرام اور علاقائی تحفظ کے مسائل کا حل صرف سفارت کاری ہے، اقوام متحدہ کے چارٹر پر مکمل عمل درآمد کیا جائے۔

    medical workers

    علاوہ ازیں اقوام متحدہ نے اسرائیل سے امداد کے متلاشی فلسطینیوں پر جان لیوا حملے بند کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔

    اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کے دفتر نے اسرائیلی فوج سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ امدادی قافلوں اور خوراک کی تقسیم کے مراکز کے قریب مہلک طاقت کے استعمال کو فوری طور پر روکے۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی فوج نے امداد کے انتظار میں کھڑے درجنوں فلسطینیوں کو گولیوں سے بھون دیا

    جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ غزہ میں خوراک لینے والے فلسطینیوں پر اسرائیلی حملے بار بار ہورہے ہیں، خان یونس میں خوراک کے منتظر فلسطینیوں پر اسرائیلی فائرنگ سے 70شہید اور سیکڑوں زخمی ہوئے۔

  • اقوام متحدہ اور کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کی ایرانی ٹی وی پر حملے کی مذمت

    اقوام متحدہ اور کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کی ایرانی ٹی وی پر حملے کی مذمت

    نیویارک: اقوام متحدہ اور کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ کی جانب سے ایرانی ٹی وی پر اسرائیلی حملے کی مذمت کی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل نے ایرانی ٹی وی چینل پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحافیوں اور میڈیکل عملے کو عالمی قانون کے تحت تحفظ حاصل ہے۔

    کمیٹی ٹو پروٹیکٹ جرنلسٹ نے بھی ایرانی سرکاری ٹی وی پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ لائیو نشریات کے دوران چینل پر بمباری قابل مذمت ہے، اسرائیل نے غزہ میں 200 صحافیوں کو بے دریغ قتل کیا، خطے میں میڈیا پر حملے اسرائیل کی دیدہ دلیری ظاہر کرتے ہیں، خطے میں خونریزی بند کی جائے، قتل عام روکا جائے۔


    تہران اسرائیل جنگ سے متعلق تازہ ترین خبریں یہاں پڑھیں


    ادھر ایرانی ہلال احمر نے ایک بیان میں کہا ہے کہ تہران میں اسرائیلی حملے میں 3 ایرانی ہلال احمر کے اہلکار بھی شہید ہو گئے ہیں، تینوں شہید اہلکار تہران میں ریسکیو آپریشن میں مصروف تھے، ہلال احمر نے کہا ریسکیو ورکرز کو نشانہ بنانا انسانی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔

    اسرائیل کے وزیرِ دفاع نے تصدیق کی ہے کہ انھوں نے تہران میں ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کو نشانہ بنایا ہے۔ جب میزائل عمارت پر گرا تو خاتون اینکر سحر امامی لائیو نشریات کے دوران اپنی پیشہ ورانہ ذمہ داری نبھا رہی تھیں۔ پوری دنیا نے ایک ویڈیو میں دیکھا کہ ایران کی بہادر خاتون اینکر اسرائیلی حملے کے فوراً بعد دوبارہ لائیو نشریات کرنے اسٹوڈیو میں واپس آ گئی۔

    اسرائیل کی جانب سے ایران کے سرکاری ٹی وی چینل پر حملے کے جواب میں ایران نے بھی اسرائیلی ٹی وی چینلز کو فوری انخلا کا انتباہ جاری کر دیا ہے۔

  • وقت آگیا ہے ایران اسرائیل کشیدگی کوروکا جائے، انتونیو گوتریس

    وقت آگیا ہے ایران اسرائیل کشیدگی کوروکا جائے، انتونیو گوتریس

    ایران اور اسرائیل کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کے درمیان اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ ایران اسرائیل کشیدگی بہت بڑھ چکی ہے، اب وقت آگیا ہے کہ اسے روکا جائے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے ایران اسرائیل کشیدگی میں کمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ امن اور سفارتکاری کا بول بالا ہونا چاہیے۔

    واضح رہے کہ اسرائیل نے جمعے کی صبح ایران میں درجنوں مقامات پر فضائی حملے کیے جن میں فوجی قیادت کی رہائش گاہوں اور فوجی و جوہری تنصیبات کو نشانہ بنایا گیا۔

    اسرائیلی کارروائی کے بعد ایران نے ردعمل دیتے ہوئے اسرائیل پر 150 سے 200 سے بیلسٹک میزائل داغ دیئے۔

    دوسری جانب امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے ایران پر اسرائیلی حملے کو غیرقانونی قرار دیتے ہوئے ان حملوں کی مخالفت کردی۔

    امریکی سینیٹر برنی سینڈرز نے اسرائیلی وزیر اعظم بنجمن نیتن یاہو کے ایران پر ”یکطرفہ”حملے کی مذمت کی اور خبردار کیا کہ اسرائیل کا حملہ وسیع علاقائی جنگ کو جنم دے سکتا ہے۔

    امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے کہا کہ امریکا کو اسرائیل کی ایک اور جنگ میں گھسیٹا نہیں جاسکتا، ایران کے جوہری پروگرام پر مذاکرات اتوار کو ہونے تھے اور اسرائیل نے حملہ کردیا۔

    امریکی سینیٹر نے کہا کہ نیتن یاہو نے جنگ بندی کے سب سے بڑے مذاکرات کار کو مار دیا، نیتن یاہو نے ایسا کر کے امریکا کی سفارتکاری کو نیچا دکھایا ہے۔

    امریکا کے سینیٹر برنی سینڈرز نے مزید کہا کہ نیتن یاہو نے ہزاروں شہریوں کی جانوں کو خطرے میں ڈالا ہے۔

    ہماری تنصیبات کو نشانہ بنایا تو۔۔ امریکا کی ایران کو دھمکی

    سینڈرز نے اپنے بیان میں کہا کہ پہلے نیتن یاہو نے غزہ میں بھوکے بچوں کو جنگ کے آلے کے طور پر استعمال کیا اور جنیوا کنونشنز کی وحشیانہ خلاف ورزی کی اب اس نے ایران پر یکطرفہ غیر قانونی حملہ کردیا۔

  • اسرائیلی حملے : روس ایران کی حمایت میں سامنے آگیا

    اسرائیلی حملے : روس ایران کی حمایت میں سامنے آگیا

    جنیوا : ایران اسرائیل کشیدگی پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے ہونے والے اجلاس میں روس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مخالفت کردی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں روس کے ایلچی کی ایران پر اسرائیل کے بلااشتعال حملے کی پرزور مذمت کی ہے۔

    اسرائیل کے ایران پر حملے سے متعلق سلامتی کونسل کا اجلاس بے نتیجہ ختم ہوگیا، روس نے اسرائیلی حملوں کو اقوام متحدہ کے چارٹر کیخلاف ورزی قرار دے دیا۔

    روسی مندوب نے کہا کہ اسرائیلی حملوں نے جوہری مذاکرات کا ماحول خراب کیا، اسرائیل ایران تنازعے کے تباہ کن اثرات پورے خطے پراثر انداز ہوں گے۔

    اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس میں روسی ایلچی کا کہنا تھا کہ ایرانی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کو جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ عالمی برادری اشتعال انگیزی کے ساتھ خاموشی سے کھڑی نہیں رہ سکتی، جارحانہ اقدامات کو برداشت کرنا عالمی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے۔

    روسی ایلچی نے کہا کہ سلامتی کونسل اسرائیل کے حملوں کا جائزہ لے، طاقت کے ذریعے کسی قسم کے دباؤ کو فوری روکنے کا مطالبہ کرتے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے اجلاس میں اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے مزید کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان کشیدگی کم کرنے کیلئے روس سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گا۔

    مزید پڑھیں : اسرائیلی حملے مشرق وسطیٰ کی سیکورٹی کے لیے خطرناک قرار

    واضح رہے کہ روس نے ایران پر اسرائیلی حملے کی مذمت کرتے ہوئے اسے مشرق وسطیٰ کی سیکورٹی کے لیے خطرناک قرار دیا ہے۔

    روسی وزارت خارجہ نے ردعمل میں کہا کہ مشرق وسطیٰ میں خطرناک کشیدگی پر گہری تشویش ہے اسرائیل کے ایران پر فضائی حملوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ اسرائیلی کارروائیاں اقوام متحدہ چارٹر اور عالمی قوانین کی خلاف ورزی ہیں اقوام متحدہ کے رکن خودمختار ملک پر حملہ ناقابل قبول ہے، ایرانی شہروں اورجوہری تنصیبات پر حملہ عالمی امن کےلیے خطرہ ہے۔

  • اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور

    نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں غزہ میں جنگ بندی کی قرارداد بھاری اکثریت سے منظور کرلی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے غزہ میں فوری جنگ بندی کی قرار داد منظور کرلی۔

    جنگ بندی کی قرارداد میں 149 ممالک نے حمایت اور12 نے مخالفت میں ووٹ دیا جبکہ انیس ممالک نے رائے شماری میں حصہ نہیں لیا۔

    قرارداد میں نہ صرف حماس کی جانب سے یرغمال بنائے گئے افراد کی رہائی کا مطالبہ کیا گیا بلکہ اسرائیل میں قید فلسطینیوں کی واپسی اور غزہ سے مکمل فوجی انخلا بھی شامل ہے۔

    قرارداد میں انسانی امداد تک بلا رکاوٹ رسائی کا مطالبہ کیا گیا اور عام شہریوں کو بھوکا رکھنے اور امدادی رسد روکنے جیسے اقدامات کی شدید مذمت کی گئی ہے۔

    مزید پڑھیں : یونیسف نے غزہ میں 5سالہ بچے کی دل دہلا دینے والی تصویر جاری کردی 

    یاد رہے غزہ میں اسرائیلی فورسز نے ظلم و بربریت کی انتہا کر دی، صرف چوبیس گھنٹوں کے دوران بمباری اور فائرنگ کے مختلف واقعات میں ایک سوبیس فلسطینی شہید ہو گئے، سب سے المناک واقعہ امداد کے منتظر شہریوں پر فائرنگ کا تھا، جس میں ستاون افراد شہید اور درجنوں زخمی ہوئے۔

    خان یونس میں بے گھر افراد کے خیموں کو نشانہ بنایا گیا، جہاں چار مزید فلسطینی زندگی کی بازی ہار گئے۔

    صحت حکام کےمطابق اسرائیلی حملوں میں شہدا کی مجموعی تعداد پچپن ہزار سے تجاوز کرچکی ہے، جن میں بڑی تعداد عورتوں اور بچوں کی ہے۔ ہر دن، ہر لمحہ غزہ کی فضاؤں میں صرف بارود کی بو اور چیخوں کی گونج باقی رہ گئی ہے۔