Tag: اقوام متحدہ

  • اقوام متحدہ صحافیوں کی آواز بن گیا

    اقوام متحدہ صحافیوں کی آواز بن گیا

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے دنیا بھر میں تمام حکومتوں سے مطالبہ کیا کہ وہ آزادی صحت کو یقینی بنانے کے لیے اقدامات کریں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے یوم آزادی صحافت پر اپنا پیغام جاری کیا۔ انہوں نے تمام حکومتوں سےکہا کہ میڈیا کی آزادی کا تحفظ یقینی بنائیں۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ کروناوائرس کی وبا کے دوران حکومتیں صحافیوں کی مدد کریں، حکومتی مدد سے صحافی اپنے فرائض انجام دیں، عالمگیر وبا کے تناظر میں صحافیوں کی سہولتوں کا خیال رکھنا ضروری ہے۔

    آزادی صحافت کا عالمی دن: پھر وہی جہد مسلسل پھر وہی فکر معاش

    خیال رہے کہ آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں آزادی صحافت کا عالمی دن منایا جارہا ہے، سنہ 1992 سے 2020 تک دنیا بھر میں 13 سو 69 صحافی پیشہ وارانہ فرائض کی انجام دہی کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرچکے ہیں۔

    عالمی سطح پر پریس فریڈم ڈے کا آغاز سنہ 1993 میں ہوا تھا جب اس دن کی باقاعدہ منظوری اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی نے دی تھی۔ یہ دن منانے کا مقصد پیشہ وارانہ فرائض کی بجا آوری کے دوران صحافیوں اور صحافتی اداروں کو درپیش مشکلات، مسائل، دھمکی آمیز رویوں اور زندگیوں کو درپیش خطرات کے متعلق قوم اور دنیا کو آگاہ کرنا ہے۔

    دنیا بھر میں اس دن کے انعقاد کی ایک وجہ معاشرے کو یہ یاد دلانا بھی ہے کہ عوام کو حقائق پر مبنی خبریں فراہم کرنے کے لیے کتنے ہی صحافی اس دنیا سے چلے گئے اور کئی پس دیوار زنداں ہیں۔

  • اقوام متحدہ کی ایک اور رپورٹ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب

    اقوام متحدہ کی ایک اور رپورٹ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب

    نیویارک: اقوام متحدہ کی انسانی حقوق کی ایک اور رپورٹ میں بھارت کا مکروہ چہرہ بے نقاب ہو گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این انسانی حقوق نے آزادئ رائے کے فروغ و تحفظ سے متعلق ایک رپورٹ جاری کی ہے جس میں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال کا خصوصی ذکر شامل کیا گیا ہے۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ جموں و کشمیر میں ابلاغی پابندیوں کے باعث بنیادی حقوق پامال ہو رہے ہیں، وادی کے عوام کو بھارت پابندیاں لگا کر سزا دے رہا ہے، بھارت نے کشمیری عوام کے لیے انٹرنیٹ تک رسائی بھی انتہائی محدود کر دی ہے۔

    رپورٹ کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں پابندیوں کے باعث کرونا وبا کے دوران طبی عملے کے لیے اہم معلومات حاصل کرنا بھی مشکل ہو گیا ہے۔

    ادھر عالمی یوم آزادئ صحافت پر اقوام متحدہ کے خصوصی نمایندے کا ویڈیو بیان بھی سامنے آیا ہے، جس میں کہا گیا ہے کہ مقبوضہ کشمیر میں انٹرنیٹ کی بندش سے معلومات کا حصول مشکل ہو گیا، کرونا وبا کے دوران معلومات کے لیے انٹرنیٹ کا حصول انتہائی ضروری تھا، اور طبی عملے کو صحت سے متعلق بین الاقوامی معلومات حاصل کرنی تھیں۔

    رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے یورپ میں چیئرمین کشمیر کونسل علی رضا سید نے کہا کہ یو این رپورٹ کا خیر مقدم کرتے ہیں، مقبوضہ وادی کے گھمبیر حالات پر اقوام متحدہ کی رپورٹ حقایق پر مبنی ہے، رپورٹ نے مقبوضہ کشمیر میں مواصلات کی بندش کو آزادئ اظہار رائے کے خلاف قرار دیا، اب بھارت کشمیریوں پر جاری ظلم و ستم چھپا نہیں سکتا۔

    چیئرمین کشمیر کونسل نے مطالبہ کیا کہ عالمی برادری رپورٹ کے مطابق مقبوضہ وادی کی صورت حال کا نوٹس لے۔ انھوں نے کہا کہ ایل او سی پر بسنے والے باشندے بھی بھارتی فوج کے حملوں سے محفوظ نہیں، دنیا بھارت کو ایل او سی کی سویلین آبادی کے قتل عام سے بھی روکے۔

    خیال رہے کہ آج دنیا بھر میں یوم آزادئ صحافت منایا جا رہا ہے، اقوام متحدہ کے ادارے یونیسکو کے تحت یوم آزادئ صحافت منانے کا مقصد کسی دباؤ کے بغیر آزاد اور ذمہ دارانہ اطلاعات عوام تک پہنچانا ہے۔

  • اقوام متحدہ کا کانگو میں پاکستانی امن دستے کی کاوشوں کا اعتراف

    اقوام متحدہ کا کانگو میں پاکستانی امن دستے کی کاوشوں کا اعتراف

    نیویارک: اقوام متحدہ نے بھی کانگو میں پاکستانی امن دستے کی کاوشوں کا اعتراف کر لیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اقوام متحدہ نے کانگو میں سیلاب متاثرین کی مدد کرتے پاکستانی امن دستے کی کاوشیں قابل تعریف قرار دے دیں۔

    یو این کی جانب سے کانگو میں مدد میں مصروف پاکستانی امن دستے کی ویڈیو ٹویٹر پر شیئر کی گئی ہے، جس کے ساتھ پیغام میں کہا گیا ہے کہ پاکستانی دستے نے شدید سیلاب سے متاثرہ علاقے میں ہزاروں جانیں بچائیں۔

    کانگو میں‌ سیلاب کی تباہ کاریاں: پاک فوج کے جوانوں نے انسانیت کی اعلیٰ مثال قائم کردی

    ترجمان اقوام متحدہ کا کہنا تھا کہ متاثرہ علاقوں میں پھنسے افراد کو پاکستانی امن اہل کاروں نے پیٹھ پر اٹھا کر محفوظ مقامات پر منتقل کیا، پاکستان امن دستوں میں تعاون کرنے والے بڑے ممالک میں شامل ہے۔

    پیغام میں کہا گیا کہ پاکستانی اہل کاروں نے خطروں سے کھیل کر ہزاروں قیمتی جانیں بچائیں، ویڈیو پاکستانی امن مشن اہل کاروں کی فرض شناسی کا منہ بولتا ثبوت ہے۔

    خیال رہے کہ چند دن قبل پاک فوج کے شعبہ تعلقاتِ عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے جاری اعلامیے میں بتایا گیا تھا کہ پاکستانی امن دستے نے کانگو میں بھرپور امدادی کارروائیاں کیں اور شدید سیلاب میں پھنسے 2 ہزار سے زائد افراد کی زندگیوں کو محفوظ بنایا۔

    پاکستانی امن دستے کے اہل کاروں نے سیلاب کی تباہ کاریوں کو روکنے کے لیے بھی مختلف اقدامات کیے، دور دراز اور دشوار گزار راستوں والے علاقوں میں راشن کی فراہمی کو یقینی بنایا گیا۔

  • اقوام متحدہ کے اہم فورم پر وزیر اعظم کی تجاویز کا خیر مقدم

    اقوام متحدہ کے اہم فورم پر وزیر اعظم کی تجاویز کا خیر مقدم

    اسلام آباد: کرونا وائرس کے ہول ناک نتائج کے باعث تباہی کے بھنور میں پھنسی معیشتوں کی بحالی کے لیے اقوام متحدہ کے اہم فورم پر وزیر اعظم عمران خان کی تجاویز کا زبردست خیر مقدم کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے امداد برائے ترقی کے اعلیٰ سطح اجلاس میں کرونا وائرس کے بھیانک معاشی اثرات سے نکلنے اور متاثرہ ملکوں کی معیشت کو مستحکم کرنے کے لیے عالمی سطح کے اقدمات پر اتفاق کیا گیا۔

    اجلاس کے افتتاحی خطاب میں معاشی اور سماجی کونسل کی صدر مونا جُول نے قرضوں کی ادائیگی میں سہولت کے حوالے سے متعدد تجاویز کا جائزہ لیا اور عمران خان کے مطالبے کی تائید کی۔

    اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر تیجانی محمد باندے نے بھی قرضوں میں چھوٹ کے لیے پاکستان کی تجاویز کا خیر مقدم کیا۔ خیال رہے کہ اس سے قبل اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس بھی کرونا وائرس اور قرضوں کے حوالے سے اپنے پالیسی بیان میں عمران خان کے مطالبے کی حمایت کر چکے ہیں۔

    کرونا سے نمٹنے کے لیے ترقی پذیر ممالک کو قرضوں میں ریلیف دیاجائے،وزیراعظم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز وزیر اعظم عمران خان سے یو ٹیوب وی لاگرز نے ملاقات کی تھی، جس میں وزیر اعظم نے کہا کہ پاکستان کو کرونا کے معاملے پر دنیا بھر سے کوئی مالی امداد نہیں ملی ہے۔ انھوں نے کہا کہ پاکستان کی ایکسپورٹ گر چکی ہیں، زر مبادلہ بھی کم ہو گیا، صرف آئی ایم ایف نے قرضوں کی قسطوں میں سہولت دی ہے۔

  • یو این کی مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل

    یو این کی مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے مقبوضہ کشمیر سمیت دنیا بھر میں سیز فائر کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دنیا بھر کے متنازعہ علاقوں میں جنگ بندی کی اپیل کی ہے، انھوں نے کہا کہ یہ اپیل کشمیر میں ایل او سی پر بھارتی خلاف ورزیوں کے متعلق بھی ہے۔

    ترجمان انتونیو گوتریس نے کہا کہ بھارت مستقل طور پر کشمیر میں ایل او سی پر سیز فائر کی خلاف ورزی کر رہا ہے، بھارت خلاف ورزیاں کر کے پاکستان کو جانی و مالی نقصان پہنچا رہا ہے۔

    ایل او سی پر فضائی حدود کی خلاف ورزی، پاک فوج نے بھارتی ڈرون مار گرایا

    ترجمان نے بتایا کہ جنگ بندی کی اپیل دنیا کے ہر خطے سے متعلق ہے، یو این سیکریٹری جنرل کا پیغام پوری دنیا کے لیے تھا، 23 مارچ کو بھی یو این سیکریٹری جنرل نے کرونا سے نمٹنے کے لیے جنگ بندی کی اپیل کی تھی، اپیل کے باوجود بھارتی فورسز کی جانب سے ایل او سی پر فائرنگ کا سلسلہ جاری رہا۔

    دنیا بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کرے: اقوام متحدہ

    خیال رہے کہ ایل او سی کی خلاف ورزی پر پاکستان نے بھارت سے احتجاج بھی کیا، پاکستان نے یو این ملٹری آبزرور گروپ میں شکایات بھی درج کرائیں۔ واضح رہے کہ آج بھی لائن آف کنٹرول کے سنکھ سیکٹر پر ایک بھارتی ڈرون 600 میٹر تک پاکستان کی حدود میں گھس آیا تھا، جس پر پاک فوج نے بھارتی کواڈ کاپٹر کو مار گرا دیا۔

  • اقوام متحدہ کا بھارت سے کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ

    اقوام متحدہ کا بھارت سے کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے چیف نے بھارت سے کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بھارت سے کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ مقبوضہ وادی میں قید رہنماؤں اور وادی میں بڑھتے کرونا کیسز کے معاملے کو بغور دیکھ رہے ہیں۔

    سیکریٹری جنرل نے اپنے بیان میں کہا کہ انسانی حقوق کی 6 تنظیموں نے کشمیری رہنماؤں کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے، مشترکہ مطالبہ ہے کہ بھارت کشمیری رہنماؤں کو رہا کرے۔ انھوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے دوران قیدیوں کی صورت حال بغور دیکھ رہے ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر کے ڈھانچے میں تبدیلی کی ایک اور مذموم کوشش

    ادھر مقبوضہ کشمیر میں آبادی کا تناسب تبدیل کرنے کے خلاف حریت قیادت سراپا احتجاج بن گئی ہے، حریت قیادت نے احتجاج کرتے ہوئے کہا ہے کہ کشمیری مرتے دم تک نئے ڈومیسائل قانون کو قبول نہیں کریں گے، کشمیری اپنی زمینیں بھارتیوں کو کسی قیمت پر فروخت نہیں کریں گے۔

    اسلامی تعاون کی تنظیم نے بھی مودی سرکار کے گھناؤنے اقدام کو مسترد کر دیا ہے۔ دوسری طرف مقبوضہ وادی میں بھارتی فوج کے مظالم جاری ہیں، رواں ماہ 12 سے زائد کشمیری نوجوان شہید کیے جا چکے ہیں، جب کہ درجنوں زیر حراست لیے گئے۔ گزشتہ روز مقبوضہ وادی کے ضلع کپواڑہ میں ایک جھڑپ کے دوران 8 بھارتی فوجی مارے گئے اور متعدد زخمی ہوئے۔

  • کرونا: اقوام متحدہ کے پاکستان میں سربراہ کی دفترخارجہ آمد، وزیرخارجہ سے اہم ملاقات

    کرونا: اقوام متحدہ کے پاکستان میں سربراہ کی دفترخارجہ آمد، وزیرخارجہ سے اہم ملاقات

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے پاکستان میں سربراہ جولین فریڈرک نے دفترخارجہ کا دورہ کیا اور وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی سے اہم ملاقات کی۔ اس دوران کروناوائرس سے متعلق تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق جولین فریڈرک نے دفترخارجہ کا اہم دورہ کیا۔ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے جولیان فریڈرک کی ملاقات میں کرونا وائرس کے عالمی چیلنج سے نمٹنے کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    اس موقع پر وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ کرونا وائرس دنیا کے لیے بڑا چیلنج بن چکا ہے، ترقی پذیر ممالک چیلنج سے نمٹنے میں معاشی مشکلات کا شکار ہیں۔

    غریب کی مشکلات کے ازالے کے لیے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے،وزیرخارجہ

    انہوں نے کہا کہ پاکستان محدود وسائل کے باوجود مؤثر اقدامات اٹھا رہا ہے۔ دریں اثنا جولین فریڈرک نے کورونا وائرس کے خلاف بھرپور معاونت کی یقین دہانی کرائی۔

    قبل ازیں وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور معاون خصوصی عثمان ڈار کے درمیان ہونے والی ملاقات میں کرونا وائرس کے لیے خصوصی فنڈ، ٹائیگر فورس کی تشکیل کے حوالے سے تبادلہ خیال کیا گیا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نوجوانوں کو ضرورت مندوں کی مدد کے لیے استعمال کرنا چاہتے ہیں، کم آمدنی والے غریب طبقے کی مشکلات کا مکمل ادراک ہے، غریب کی مشکلات کے ازالے کے لیے کرونا ٹائیگر فورس عمل میں لائی جا رہی ہے، نوجوانوں نے ہر مشکل میں بہترین جذبے کا مظاہرہ ،بے لوث خدمات دیں۔

  • اقوام متحدہ کا کورونا پر اجلاس طلب،فواد چوہدری پاکستان کی نمائندگی کریں گے

    اقوام متحدہ کا کورونا پر اجلاس طلب،فواد چوہدری پاکستان کی نمائندگی کریں گے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ نے کورونا پررکن ممالک کے سائنس وزرا کا اجلاس طلب کرلیا، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری پاکستان کی نمائندگی کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق کورونا وائرس کے خطرات سے نمٹنے کےلیےعالمی سطح پرکوششیں تیز کردیں، اقوام متحدہ نے کورونا پررکن ممالک کے سائنس وزرا کا اجلاس طلب کرلیا۔

    اجلاس 30 مارچ ویڈیو لنک کے ذریعے ہوگا ، وفاقی وزیر سائنس اینڈ ٹیکنالوجی فواد چوہدری پاکستان کی نمائندگی کریں گے، اجلاس میں سائنس کی مدد سےکورونا سے بچاؤ پر تجاویز دی جائیں گی۔

    رکن ممالک کے سائنس وزرا کے اجلاس میں کووڈ19 کےخلاف عالمی جنگ میں لائحہ عمل تیار کیا جائے۔

    واضح رہے نئے اور مہلک وائرس COVID 19 دنیا کے 199 ممالک تک پھیل گیا ہے، ہلاکتیں بڑھ کر 24 ہزار 89 ہوگئیں، جب کہ 5 لاکھ 32 ہزار 237 افراد وائرس سے متاثر ہو چکے ہیں، دوسری طرف صحت یاب افراد کی تعداد بھی بڑھ کر ایک لاکھ 24 ہزار 331 ہو گئی ہے۔

    وائرس کی ہلاکت خیزی کے آگے بھی تاحال کوئی قابل ذکر بندھ نہیں باندھا جا سکا، تاہم دنیا بھر میں سائنس دان وائرس کا توڑ نکالنے کے لیے سرتوڑ کوششیں کر رہے ہیں۔

    یہ وائرس چین کے شہر ووہان سے پھیلنا شروع ہوا، چین کے اندر وائرس کے پھیلاؤ اور ہلاکت خیزی کو تقریباً کنٹرول کیا جاچکا ہے، تاہم دنیا کے دیگر ممالک میں وائرس چین سے بھی کہیں زیادہ تباہ کن ثابت ہوا۔

  • دنیا بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کرے: اقوام متحدہ

    دنیا بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کرے: اقوام متحدہ

    نیویارک: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے دنیا سے جنگ بندی کی اپیل کر دی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ وقت آ گیا ہے کہ دنیا میں بے مقصد جنگیں بند کر کے کرونا کے خلاف جنگ کی جائے۔

    انتونیو گوتریس نے اپنے تازہ بیان میں کہا ہے کہ دنیا میں جہاں کہیں جنگیں ہو رہی ہیں ان کو ختم کیا جائے، یہی وہ چیز ہے جس کی انسانیت کو پہلے سے کہیں زیادہ ضرورت ہے، دنیا کو مشترکہ دشمن کرونا وائرس کا سامنا ہے، جو بے رحمی سے سب پر حملہ آور ہے۔

    کرونا وائرس سے اموات 16558 ہو گئیں

    خیال رہے کہ نئے اور مہلک وائرس COVID 19 سے دنیا بھر میں اموات 16558 ہو گئی ہیں، جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 653 ہو گئی۔ فلو سے مشابہ نئے کرونا وائرس نے دنیا کے 195 ممالک اور علاقوں کو لپیٹ میں لے لیا ہے، اموات کی تعداد ساڑھے سولہ ہزار بھی بڑھ گئیں، جب کہ متاثرین کی تعداد چار لاکھ کے قریب پہنچ گئی ہیں، دوسری طرف 102,429 افراد مہلک وائرس سے صحت یاب ہو گئے ہیں۔

    اٹلی میں ہلاکتوں کی تعداد بڑھ کر 6077 ہو گئی، جب کہ 63927 افراد متاثر ہوئے، ان میں صرف ساڑھے سات ہزار مریض صحت یاب ہوئے۔ چین میں اموات 3,277 تک پہنچ گئیں، امریکا میں کرونا وائرس سے مزید 29 افراد ہلاک ہونے کے بعد تعداد 582 ہو گئی جب کہ مریضوں کی مجموعی تعداد 46145 تک پہنچ گئی۔

  • اقوام متحدہ نے افغان طالبان اور امریکامعاہدے کے حق میں قرارداد منظور کرلی ، زلمے خلیل زاد

    اقوام متحدہ نے افغان طالبان اور امریکامعاہدے کے حق میں قرارداد منظور کرلی ، زلمے خلیل زاد

    دوحا : امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زادنے کہا ہے کہ اقوام متحدہ کی سیکورٹی کونسل نے طالبان امریکا معاہدے اور امریکا افغان حکومت کے مشترکہ اعلامیے کے حق میں متفقہ قرارداد منظورکرلی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے خصوصی نمائندے زلمے خلیل زاد نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے بیان میں کہا سلامتی کونسل نےقراردادمنظورکرلی ہے، قرارداد معاہدے اور امریکا افغان حکومت کے مشترکہ اعلامیہ پرمنظورکی گئی۔

    زلمے خلیل زاد کا کہنا ہے کہ قرارداد میں افغان حکومت اورافغان طالبان پراعتمادسازی کے اقدامات جاری رکھنے اور جلد انٹرا افغان  مذاکرات شروع کرنے پرزوردیا گیا۔

    امریکا کے خصوصی نمائندے نے مزید کہا کہ قرارداداس بات کا اظہارہے کہ عالمی برادری افغانستان کے حوالے سے عالمی سیکورٹی پرہمارے موقف کی حمایت کرتی ہے، عالمی برادری افغان عوام کے لئے امن اوراتحاد کی بھی حامی ہے۔

    مزید پڑھیں : اقوام متحدہ نے امریکا طالبان معاہدے کی توثیق کر دی

    یاد رہے اقوام متحدہ سیکیورٹی کونسل نے امریکاطالبان معاہدےکی توثیق کردی ، امریکاکی جانب سےپیش کردہ قراردادمتفقہ طورپرمنظورکی گئی، قراردادمیں طالبان،افغان حکومت پر اعتمادسازی کیلئےاقدامات جاری رکھنے پر زور دیا گیا ہے۔

    خیال رہے امریکا اور طالبان کے درمیان کامیاب مذاکرات کے بعد برسوں سے خانہ جنگی کے شکار ملک افغانستان سے امریکی افواج کا انخلا بھی بالآخر شروع ہو رہا ہے۔

    افغانستان میں امریکی افواج کے ترجمان کرنل سونی لیگیٹ نے اپنے بیان میں کہا تھا کہ معاہدے کے تحت امریکی افواج کی تعداد میں مشروط کمی کر رہے ہیں، افغانستان میں 12 سے 13 ہزار امریکی فوجی تعینات ہیں، ابتدائی طور پر امریکی افواج کی تعداد گھٹا کر 8600 کی جائے گی۔