Tag: اقوام متحدہ

  • چینی مضبوط قوم ہے، بحران سے نکل آئے گی: بان کی مون

    چینی مضبوط قوم ہے، بحران سے نکل آئے گی: بان کی مون

    لندن: اقوام متحدہ کے سابق سیکریٹری جنرل بان کی مون نے کرونا وائرس کے خاتمے کے لیے چین کی کوششوں پر اطمینان کا اظہار کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق بان کی مون لندن میں گلوبل سافٹ پاور سمٹ سے خطاب کر رہے تھے، انھوں نے دنیا میں موجود تنازعات کا جنگوں کی بجائے سافٹ پاور سے حل ڈھونڈنے پر زور دیا۔

    بان کی مون سے جب کرونا وائرس اور چینی حکومت کے کردار پر سوال کیا گیا تو انھوں نے چین کی کوششوں کی تعریف کی، اور کہا کہ چین کی حکومت نے تمام دستیاب وسائل کرونا وائرس کے خاتمے پر لگا رکھے ہیں، چین میں لوگوں کی بڑی تعداد اس سے متاثر ہوئی، ہمیں اس بحران سے سیکھنے کی ضرورت ہے۔

    انھوں نے کہا مجھے امید ہے کہ چین کی حکومت اور مضبوط قوم اس بحران سے نکل آئے گی۔

    کرونا وائرس سے ہلاکتوں کی تعداد 2715 ہو گئی

    سمٹ میں موجود پاکستانی صحافیوں نے بان کی مون کی توجہ کشمیر میں موجود کرفیو اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی طرف بھی دلائی، جس پر انھوں نے کہا کہ وہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے ماضی میں بھی بیانات دے چکے ہیں اور چاہیں گے کہ فریقین اس مسئلے کا پر امن حل نکالیں۔

    خیال رہے کہ نہایت مہلک وائرس کووِڈ 19 سے ہلاکتوں کی تعداد 2 ہزار 715 تک پہنچ گئی ہے، گزشتہ چوبیس گھنٹوں میں چین کے اندر مزید 52 افراد وائرس کا شکار ہو کر ہلاک ہو گئے۔

  • مودی کے ہوتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل نظر نہیں آتا،وزیراعظم

    مودی کے ہوتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل نظر نہیں آتا،وزیراعظم

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، مودی کے ہوتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل نظر نہیں آتا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم عمران خان نے غیرملکی میڈیا کو انٹریو میں کہا کہ کرکٹ کھیلنے اور ملک چلانے میں فرق ہوتا ہے، حکومت سنبھالنے کے بعد معاشی چیلنجز کا سامنا کرنا پڑا۔

    کشمیر سے متعلق وزیراعظم کا کہنا تھا کہ بھارت نے مقبوضہ کشمیر میں ظلم کا بازار گرم کر رکھا ہے، بھارتی فوج نے کشمیری نوجوانوں کو جیلوں میں ڈال رکھا ہے، کشمیریوں کو اقوام متحدہ کی قراردادوں کے مطابق حق ملنا چاہیے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان بھارت کے درمیان مسئلہ کشمیر ترقی کی راہ میں رکاوٹ ہے، بھارت میں کوئی سنجیدہ حکومت تو مسئلہ کشمیر حل ہوسکتا ہے، مودی کے ہوتے ہوئے مسئلہ کشمیر کا حل نظر نہیں آتا۔

    پاکستانی معیشت سے متعلق عمران خان کا کہنا تھا کہ پاکستان مشکل وقت سے نکل آیا ہے، روپے کی قدر مستحکم، کرنٹ اکاؤنٹ خسارہ 75 فیصد کم ہوا۔

    وزیراعظم پاکستان کا کہنا تھا کہ چار بڑے مذاہب کے مقدس مقامات پاکستان میں ہیں، نائن الیون کے بعد 2019 پاکستان میں محفوظ ترین سال رہا، دہشت گردی کے خلاف جنگ میں ہزاروں پاکستانیوں نے جانیں قربان کیں۔

    افغان عمل کے حوالے سے وزیراعظم نے کہا کہ افغان امن عمل کے لیے پہلی دفعہ درست راستے کا انتخاب کیاگیا ہے، امریکا طالبان کے ساتھ امن معاہدے کے لیے مذاکرات کر رہا ہے، امریکا طالبان مذاکرات کی کامیابی سے امن کا قیام ممکن ہوگا۔

  • یو این سیکریٹری جنرل کا دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانگی کے بعد ٹوئٹ

    یو این سیکریٹری جنرل کا دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانگی کے بعد ٹوئٹ

    اسلام آباد: یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے دورہ مکمل کر کے پاکستان سے روانگی کے بعد ٹوئٹ کرتے ہوئے پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ میں پاکستان کا دورہ مکمل کر کے واپس جا رہا ہوں، اس دورے میں عالمی ثقافتی ورثہ قرار دیے گئے شاہی قلعے اور بادشاہی مسجد گیا۔

    انتونیو گوتریس نے لکھا کہ انھوں نے لاہور کی وسیع تاریخ اور متحرک ثقاقت سے لطف اندوز ہونے کے بعد دورہ ختم کیا، ایک شان دار دورے پر پاکستان کے عوام کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    قبل ازیں، یو این سیکریٹری جنرل دورہ پاکستان مکمل کر کے لاہور ایئر پورٹ سے واپس روانہ ہوئے تھے، اقوام متحدہ میں مستقل پاکستانی مندوب منیر اکرم نے سیکریٹری جنرل کو رخصت کیا، انتونیو گوتریس نے خطے میں امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کو سراہا، اور دہشت گردی کو شکست دینے پر پاکستان کی کاوشوں کی تعریف کی۔

    لاہوریوں کی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا، انتونیو گوتریس

    یاد رہے کہ گزشتہ روز سیکریٹری جنرل نے لاہور میں حضوری باغ میں اپنے اعزاز میں وزیر اعلیٰ پنجاب اور گورنر کی جانب سے دیے گئے عشائیے میں کہا تھا کہ پنجاب ثقافتی حسن سے مالا مال ہے، لاہوریوں کی مہمان نوازی کا لطف برسوں نہیں بھلا پاؤں گا۔ عشائیے میں بلوچی، چولستانی، پنجابی موسیقی اور ثقافتی شو بھی پیش کیا گیا تھا۔

  • سیکریٹری جنرل نے ماہرہ خان کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    سیکریٹری جنرل نے ماہرہ خان کا شکریہ کیوں ادا کیا؟

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے معروف اداکارہ اور مہاجرین کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان سے ملاقات کی اور ان کا شکریہ ادا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے معروف پاکستانی اداکارہ اور خیر سگالی سفیر برائے مہاجرین ماہرہ خان سے ملاقات کی۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے ٹویٹ میں سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ ہمیں افغان مہاجرین کے ساتھ پاکستان کی یکجہتی کے 40 سال مکمل ہوگئے ہیں، اس موقع پر مہاجرین کی خیر سگالی سفیر ماہرہ خان سے مل کر خوشی ہوئی۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے مزید لکھا کہ میں ماہرہ خان اور تمام پاکستانیوں کے غیر معمولی تعاون پر ان کا شکر گزار ہوں۔

    بعد ازاں ماہرہ خان نے بھی ان کا شکریہ ادا کرتے ہوئے ٹویٹر پر لکھا کہ میں اس سلسلے میں مزید کام کرنے کی منتظر ہوں۔

    خیال رہے کہ گزشتہ برس اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین (یو این ایچ سی آر) نے ماہرہ خان کو پاکستان میں اپنا خیر سگالی سفیر مقرر کیا تھا۔

    اس موقع پر ماہرہ خان کا کہنا تھا کہ پاکستانی عوام نے افغان مہاجرین کو کھلے دل سے خوش آمدید کہا، یہی وجہ ہے کہ پاکستان 4 دہائیوں سے 40 لاکھ افغان مہاجرین کی مدد کر رہا ہے۔

  • یو این سیکریٹری جنرل کا بہادر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین

    یو این سیکریٹری جنرل کا بہادر پاکستانی خواتین کو خراج تحسین

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے بہادر پاکستانی خواتین اور مردوں کو خراج تحسین پیش کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق سیکریٹری جنرل یو این انتونیو گوتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر اپنے پیغام میں کہا کہ یو این امن مشنز میں پاکستان سب سے بڑا شراکت دار ہے۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ انھوں نے اس امن مشن میں خدمات انجام دینے والے کچھ بہادر پاکستانی خواتین اور مردوں کے ساتھ ملاقات کی، جو متاثر کن رہی۔ انتونیو گوتریس نے پاکستانی بہادر خواتین اور مردوں کی قربانی اور خدمات کے لیے ان کا شکریہ بھی ادا کیا۔

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں: انتونیو گوتریس

    خیال رہے کہ انتونیو گوتریس پاکستان میں افغان مہاجرین کے لیے منعقدہ کانفرنس میں شرکت کے لیے پانچ روزہ دورے پر آئے ہیں، گزشتہ روز انھوں نے وزیر اعظم عمران خان اور آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے بھی ملاقاتیں کیں۔

    سیکریٹری جنرل نے گزشتہ روز نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں، پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائد جوانوں نے امن مشنز میں کام کیا، پاکستانی افسران امن مشن میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں، امن مشنز میں پاکستانی افواج کے 157 جوانوں نے شہادت پائی، پاکستانی افواج ، پولیس اور سویلینز کا عزم امن مشن کے لیے شان دار ہے۔

  • افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے، انتونیوگوتریس

    افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے، انتونیوگوتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا کہ افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے ایوان صدر میں عشائیے سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور ایران نے افغان مہاجرین کو فراخدلی سے قبول کیا، افغان مہاجرین کی باعزت واپسی کے لیے عالمی برادری کردار ادا کرے۔

    انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ اقوام متحدہ امن مشنز کی کامیابی میں پاکستان کے کردار کوسراہتے ہیں۔ موسمیاتی تبدیلی سے متعلق سیکریٹری جنرل نے کہا کہ پاکستان موسمیاتی تغیرات کے خلاف اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق کوشاں ہے۔

    دوسری جانب صدر پاکستان نے کہا کہ مہاجرین کے مسائل کے حل کے لیے انتونیوگوتریس کا کردار قابل ستائش ہے۔ انہوں نے کہا کہ 27 لاکھ سے زیادہ افغان مہاجرین پاکستان میں مقیم ہیں، محدود وسائل کے باوجود افغان مہاجرین کے لیے پاکستان نے کشادہ دلی کامظاہرہ کیا۔

    ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وزیراعظم نے اقتدار میں آتے ہی بھارت کو مسائل کے حل کی دعوت دی، پاکستان کے برعکس بھارت نے ماضی کے تجربات سے کچھ نہیں سیکھا، ہمسایہ ملک نے جنگی جنون کو فروغ دیا۔

    انہوں نے کہا کہ 5اگست کے بعد مقبوضہ کشمیر کی صورت حال تبدیل کرنے کی کوشش کی گئی، مقبوضہ کشمیر میں عالمی مبصرین اور میڈیا کی رسائی ہونی چاہیے، مسئلہ کشمیر کےحل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پرعملدرآمد ہوناچاہیے۔

  • آرمی چیف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    آرمی چیف سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کی ملاقات

    راولپنڈی: آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس سے ملاقات کی ہے۔

    پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ آئی ایس پی آر کے مطابق پاک فوج کے سربراہ جنرل قمر جاوید باجوہ سے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے جی ایچ کیو میں ملاقات کی۔ ملاقات میں علاقائی سیکورٹی، مسئلہ کشمیر، افغانستان میں مفاہمتی عمل اور باہمی دلچسپی کے امور پر بات چیت کی گئی۔

    اس موقع پر انتونیوگوتریس کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے اقوام متحدہ کی قراردادوں پر عمل ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ انسداد دہشت گردی، امن مشن میں پاکستان کا کردار قابل تعریف ہے۔

    آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ مستحکم اور پرامن پاکستان کے لیے پرعزم ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ یو این فوجی مبصرگروپ کو کشمیرمیں رسائی دینے پر شکرگزار ہیں، خطے میں امن واستحکام کے لیے پاکستان کی کوششیں قابل تقلید ہیں۔

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں،انتونیوگوتریس

    اس سے قبل انتونیوگوتریس نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا تھا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔

  • پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں،انتونیوگوتریس

    پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہےہیں،انتونیوگوتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس کا کہنا ہے کہ پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے نسٹ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ پاکستانی دستوں نے دوسروں کے لیے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کیا، پاکستان کے دستے امن کے لیے بہترین کام کر رہے ہیں۔

    انتونیو گوتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان کے ایک لاکھ 50 ہزار سے زائدجوانوں نے امن مشنز میں کام کیا، پاکستانی افسران امن مشن میں فرسٹ کمانڈر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل نے کہا کہ تنازعات کے حل کے لیے اقدامات میں مشکلات درپیش ہیں، نئے چیلنجز امن کے تمام شراکت داروں کے لیے اہم ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ امن مشنز میں پاکستانی افواج کے 157جوانوں نے شہادت پائی، پاکستانی افواج ، پولیس اور سویلینز کا عزم امن مشن کے لیے شاندار ہے۔

    اس موقع پر اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پاکستانی امن مشنز سے متعلق تصویری نمائش کا افتتاح بھی کیا۔

  • پرتگال کی سیر کیجیے

    پرتگال کی سیر کیجیے

    بحرِاوقیانوس کے کنارے آباد پرتگال جنوب مغربی یورپ کاحصّہ ہے۔ جغرافیائی حقیقت اپنی جگہ مگر یہ بات شاید آپ کی دل چسپی کا باعث ہو کہ پرتگال کسی پڑوسی ملک سے محروم ہے۔

    اسی ملک پرتگال سے تعلق رکھتے ہیں انتونیو گوتریس، جن کا ملکی ذرایع ابلاغ میں خوب چرچا ہو رہا ہے۔ وہ پاکستان میں ہیں اوراہم تقاریب میں شرکت کے ساتھ مختلف تاریخی مقامات کا دورہ بھی کررہے ہیں جس سے وہ ہماری تاریخ، اس خطے کی تہذیب، ثقافت اور رسم و رواج کے بارے میں جان سکیں گے۔

    ہم بھی انتونیو گوتریس کے وطن پرتگال چلتے ہیں جس پر صدیوں پہلے مسلمان حکم رانی کیا کرتے تھے۔

    پرتگال کے مشرق اور شمال میں صرف اسپین آبادہے۔یوں کہیے کہ اسپین کی سرحد کے علاوہ اس ملک کے باسی ہر طرف ٹھاٹھیں مارتا ہوا سمندر دیکھتے ہیں۔

    رقبے کے اعتبار سے اسے ایک چھوٹا ملک کہا جاسکتا ہے، لیکن یورپ میں مختلف حوالوں سےپرتگال اہمیت رکھتا ہے۔ قدیم زمانے میں بھی اس علاقے کو یورپ کےلیے راستے اور گزر گاہ کے طور پر استعمال کیا جاتا تھا۔

    تاریخی اعتبار سے یہ علاقہ مسلم اسپین کاحصہ رہاہے۔ تاہم اس سے قبل یہاں مختلف تہذیبوں کااثر رہا، جن کے آثار میں رومیوں کے دور کی آبادیاں اور شہرقابلِ ذکر ہیں۔ 868عیسوی میں پرتگال ایک عیسائی ریاست میں تبدیل ہو گیا جب کہ 1139 میں یہاں خود مختار شاہی ریاست قائم کر دی گئی۔ یہاں ایک زمانےمیں یہودی بھی بڑی تعداد میں آباد تھے۔

    1910 کے بعد پرتگال نے جمہوریت کا سفر شروع کیا۔ تاہم 1974 کے انقلاب نے اس ملک کی سیاست اور سماج پر گہرے اثرات مرتب کیے اور یہاں کے دستور میں ریاست کا سربراہ صدر ِمملکت ٹھیرا جس کا انتخاب قوم براہِ راست کرتی ہے۔ وزیرِاعظم اور اس کی کابینہ کے ہاتھوں میں ملکی نظم و نسق اور انتظامات آئے۔

    پاکستان کا دورہ کرنے والے انتونیو گوتریس نے پرتگال کے شہر لزبن میں آنکھ کھولی اور انجینئرنگ کی تعلیم مکمل کر کے اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے تدریس کا سلسلہ شروع کیا، مگر بعد میں سیاسی مصروفیات کی وجہ سے یہ سلسلہ ترک کر دیا۔ سوشلسٹ پارٹی کے یہ راہ نما پرتگال کے وزیرِ اعظم کے عہدے تک پہنچے اور آج اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری کی حیثیت سے خدمات انجام دے رہے ہیں۔

  • انتونیو گوتریس سے ملیے

    انتونیو گوتریس سے ملیے

    ‘‘قیامِ امن کی کوششوں کے لیے پاکستان دنیا بھر میں سب سے زیادہ قابلِ بھروسا اور مستقل کردار ادا کرنے والے ممالک میں سے ایک ہے۔’’

    یہ الفاظ ہیں انتونیو گوتریس کے، جو اقوامِ متحدہ کےنویں جنرل سیکرٹری ہیں۔

    انتونیو پاکستان کے دورے پر ہیں اور یہاں آمد سے قبل انھوں نے اپنے ٹویٹر اکائونٹ پرپاکستان کی قیامِ امن کے لیے کوششوں اور کردار کو سراہا۔

    آئیے ، انتونیو گوتریس کی زندگی کے سفر پر ایک نظر ڈالتے ہیں۔

    ان کا وطن پرتگال ہے۔

    اونتونیو گوتریس 30، اپریل 1949 کو لزبن شہر میں پیدا ہوئے۔ ابتدائی تعلیم مکمل کرنے کے بعد انجینئرنگ کے شعبے کا چنائو کیا اورتدریس سے وابستہ ہو گئے۔

    سیاست میں قدم رکھنے سے پہلے وہ اسسٹنٹ پروفیسر کی حیثیت سے تدریس میں‌ مصروف تھے۔

    1974 میں انھوں نے سوشلسٹ پارٹی سے وابستگی اختیار کی اور سیاسی سفر کا آغاز کیا۔

    انتخابات میں پارٹی کی فتح کے بعد وہ پرتگال کے وزیرِ اعظم منتخب ہوئے۔

    2005 سے 2015 تک اقوامِ متحدہ میں پناہ گزینوں کے ہائی کمشنر کا عہدہ ان کے پاس رہا۔

    متعدد تنظیموں سے وابستگی اوران کے پلیٹ فارم سے تعمیری و فلاحی سرگرمیاں انجام دینے کے ساتھ 2016 میں اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری کے عہدے کا حلف اٹھایا۔

    اقوامِ متحدہ کے جنرل سیکرٹری لاہور کی تاریخی بادشاہی مسجد اور شاہی قلعے کی سیر کا بھی ارادہ رکھتے ہیں۔انھوں نے پاکستان میں پولیو جیسے مرض کے خاتمے کے لیے بھی امید ظاہر کی ہے ۔ وہ ایک اسکول میں بچوں کو پولیو سے بچاؤ کی ویکسین پلائیں گے۔

    انتونیو گوتریس کرتار پور میں گردوارا صاحب بھی جائیں گے۔