Tag: اقوام متحدہ

  • پاک بھارت پانی کے مسائل کو بات چیت سے حل ہونا چاہیئے: انتونیو گتریس

    پاک بھارت پانی کے مسائل کو بات چیت سے حل ہونا چاہیئے: انتونیو گتریس

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس کا کہنا ہے کہ پاک بھارت پانی تقسیم کے مسائل بات چیت سے حل ہو سکتے ہیں، پانی کو وجہ تنازع نہیں ہونا چاہیئے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں کلائمٹ چینج سے متعلق تقریب منعقد ہوئی جس میں اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس خصوصی طور پر شریک ہوئے۔ تقریب میں وزیر مملکت برائے کلائمٹ چینج زرتاج گل اور وزیر اعظم کے مشیر ملک امین اسلم بھی شریک ہوئے۔

    تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ پاکستان میں موسمیاتی تبدیلیوں پر خطاب میرے لیے اعزاز ہے، پاکستان موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثر ہونے والا بڑا ملک ہے، پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

    انتونیو گتریس کا کہنا تھا کہ مختلف آفات سے متاثر ہونے والے افراد سے اظہار یکجہتی کرتا ہوں، ہمارا مشترکہ وژن موسمیاتی تبدیلی سے نمٹنا ہے۔ پائیدار ترقی کے اہداف انسانی ترقی کے لیے ضروری ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ غربت کا خاتمہ پاکستان کی پالیسی کا بنیادی حصہ ہے، تعلیم، معیشت اور برابری ترقی کے لیے اہم ہیں۔ پاکستان پائیدار ترقی کے اہداف کے لیے کاوشیں کر رہا ہے۔ پاکستان میں سب کے لیے صحت اور سہولت فراہمی کے وژن سے متاثر ہوں۔ پاکستان کو صحت سمیت مختلف شعبوں میں چیلنجز درپیش ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلی کے اثرات سے کوئی ملک محفوظ نہیں۔ سیلاب و قدرتی آفات سے پاکستان بہت متاثر ہوا ہے۔ پاکستان میں 80 فیصد پانی زراعت کے لیے استعمال ہوتا ہے۔ پاکستان میں ترقیاتی اہداف کو موسمیاتی تبدیلی سے خطرات لاحق ہیں۔ عالمی قائدین موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مل کر کام کریں۔

    سیکریٹری جنرل نے مزید کہا کہ پاکستان اور بھارت میں پانی کے استعمال کا معاہدہ موجود ہے، دونوں ممالک میں عالمی بینک کے تحت پانی کے استعمال کا معاہدہ ہے۔ پانی کو تنازعے کی وجہ نہیں بلکہ حل ہوناچاہیئے۔

  • افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    افغان پناہ گزینوں کی میزبانی پر پاکستان کا شکریہ: سیکریٹری جنرل اقوام متحدہ

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے مہاجرین سے ملاقات کے دوران کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے، افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس نے اسلام آباد میں مہاجرین سے ملاقات کی جن میں افغانستان، یمن اور تاجکستان کے مہاجرین شامل تھے۔

    اس موقع پر مہاجرین نے پاکستان میں تعلیم، کاروبار اور ہنر سے متعلق اپنے تجربات کا اظہار کیا۔

    ملاقات کے دوران سیکریٹر جنرل انتونیو گتریس کا کہنا تھا کہ پاکستان مہمان نواز ملک ہے، پاکستان نے خصوصی طور پر افغان پناہ گزینوں کی مہمان نوازی کی۔ افغان پناہ گزینوں کی میزبانی کرنے پر پاکستان کا شکریہ ادا کرتا ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان طویل عرصے سے افغان مہاجرین کی مہمان نوازی کر رہا ہے۔ یہاں آنے کا مقصد پاکستان کی دریا دلی کو سراہنا ہے۔

    ملاقات میں مہاجرین کے نمائندوں نے پاکستان اور پاکستانی عوام کا شکریہ ادا کیا، مہاجرین کے وفد کا کہنا تھا کہ عظیم قوم نے ہماری دیکھ بھال کی، ہم میں سے کچھ یہیں پیدا ہوئے۔

    وفد نے کہا کہ پاکستانی قوم کی جانب سے ہمارا خیال رکھا گیا ہے، پاکستان نے سر چھپانے کی جگہ اور کاروبار و تعلیم کے مواقع فراہم کیے۔

    خیال رہے کہ پاکستان ترکی کے بعد مہاجرین کی میزبانی کرنے والا دوسرا بڑا ملک ہے۔ مہاجرین میں زیادہ تر افغانی ہیں جو 45 لاکھ کی تعداد میں افغانستان کی جنگ کے دوران پاکستان آئے۔

    پاکستانی قوم مہاجرین کی بھرپور لگن و جذبے سے میزبانی کر رہی ہے، اس وقت بھی 27 لاکھ افغان مہاجرین پاکستان میں قیام پذیر ہیں۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل پاکستان پہنچ گئے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے جبکہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 4 روزہ دورے پر پاکستان پہنچ گئے، انتونیو گتریس غیر ملکی ایئر لائن کی پرواز کے ذریعے اسلام آباد پہنچے جہاں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے ان کا استقبال کیا۔

    اپنے دورے کے دوران انتونیو گتریس صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی اور وزیر اعظم پاکستان عمران خان سے ملاقات کریں گے۔ پاکستانی قیادت مسئلہ کشمیر کے تمام پہلوؤں سے سیکریٹری جنرل کو آگاہ کرے گی۔

    سیکریٹری جنرل مہاجرین سے بھی ملاقات کریں گے جبکہ وہ یو این فوجی مبصر گروپ پاک بھارت آفس کا بھی دورہ کریں گے، اس دوران وہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی اور یو این کمشنر پناہ گزین سے ملاقات بھی کریں گے۔

    انتونیو گتریس پائیدار ترقی اور موسمیاتی تبدیلیوں پر بھی خصوصی گفتگو کریں گے۔ وہ افغان پناہ گزینوں کے 40 سال پر کانفرنس سے بھی خطاب کریں گے، کانفرنس کی افتتاحی تقریب میں وزیر اعظم کی شرکت متوقع ہے۔

    اپنے دورے کے دوران سیکریٹری جنرل پاکستان میں انسداد پولیومہم کا بھی آغاز کریں گے، اور بادشاہی مسجد کا بھی دورہ کریں گے۔

    اپنی آمد سے قبل انتونیو گتریس نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے پاکستان کی امن کاوشوں کا برملا اعتراف کیا۔

    اپنے ٹویٹ میں انہوں نے پاک فوج کی خواتین افسران کے دستے کی گروپ فوٹو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ پاکستان، پوری دنیا میں اقوام متحدہ کے امن مشنز میں شامل ہے۔ پاکستان امن کا مستقل مزاج اور قابل بھروسہ حصہ دار ہے۔

    انہوں نے کہا کہ امن کے لیے کام کرنے والوں سے اظہار تشکر کے لیے پاکستان جا رہا ہوں۔

  • تیرتا ہوا شہر حقیقت بننے والا ہے؟

    تیرتا ہوا شہر حقیقت بننے والا ہے؟

    دنیا بھر میں موسمی تغیرات یعنی کلائمٹ چینج اور اس کے بدترین اثرات کو دیکھتے ہوئے ان سے بچاؤ اور مطابقت کے لیے نئے نئے منصوبے بنائے جارہے ہیں اور انہی میں سے ایک ’تیرتا ہوا شہر‘ بھی ہے جو جلد حقیقت بننے والا ہے۔

    کچھ عرصے پہلے اس کا تصور پیش کیے جانے کے بعد اسے دیوانے کی بڑ قرار دیا گیا تھا، تاہم اب اقوام متحدہ نے خود اس منصوبے کی سرپرستی لے لی ہے اور اسی دہائی میں یہ منصوبہ مکمل کردیے جانے کا امکان ہے جس کے بعد تیرتے ہوئے شہر ایک حقیقت بن جائیں گے۔

    اس شہر کی تعمیر سطح سمندر میں اضافے کو مدنظر رکھتے ہوئے کی جارہی ہے، گلیشیئرز کے پگھلنے اور سمندر کی سطح بلند ہونے سے دنیا کے 90 فیصد شہروں کے زیر آب آجانے کا خدشہ ہے۔

    منصوبے کے ابتدائی خاکے کے مطابق یہاں ہزاروں افراد کے رہنے کے لیے گھر ہوں گے، جبکہ یہاں ٹاؤن اسکوائرز اور مارکیٹس بھی بنائی جائیں گی۔

    اقوام متحدہ کے صدر دفتر میں ہونے والی ایک میٹنگ میں اس منصوبے کی تکمیل کے لیے 10 سال کا عرصہ پیش کیا گیا ہے۔

    یہاں سوال یہ پیدا ہوتا ہے کہ کیا یہ شہرسونامی اور دیگر خطرناک سمندری طوفانوں کے دوران قائم رہ سکیں گے؟

    اس حوالے سے پروجیکٹ کی ٹیم میسا چوسٹس انسٹی ٹیوٹ آف ٹیکنالوجی (ایم آئی ٹی) کے شعبہ اوشیئن انجینئرنگ کے ساتھ بھی کام کر رہی ہے اور ان کی کوشش ہے کہ اس شہر کو ایسا بنایا جائے کہ یہ درجہ 5 کے طوفانوں میںبھی  قائم رہ سکے۔

    کہا جارہا ہے کہ اس طرح کے تعمیراتی منصوبے بنانے کا مقصد کلائمٹ چینج کی اصل وجوہات اور انہیں کم کرنے کے اقدامات سے توجہ ہٹانے کی کوشش ہیں۔

    ایک اور خدشہ یہ بھی ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ منصوبہ صرف امرا کے لیے مخصوص ہوجائے گا جیسا اس سے قبل دبئی میں ہوچکا ہے اور غریب افراد زمین پر کلائمٹ چینج کے شدید اثرات سہنے کے لیے رہ جائیں گے۔

    مذکورہ عالیشان منصوبے کے حوالے سے پیش رفت اقدامات جلد سامنے آنے شروع ہوجائیں گے۔

  • اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے

    اسلام آباد: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان پہنچیں گے، اس موقع پر وہ صدر مملکت اور وزیر اعظم سے ملاقاتیں کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گتریس 15 فروری کو پاکستان کے دورے پر پہنچیں گے۔ سیکریٹری جنرل 14 رکنی وفد کے ہمراہ پاکستان آئیں گے۔

    دورہ پاکستان کے موقع پر سیکریٹری جنرل، صدر مملکت اور وزیر اعظم سمیت اہم پاکستانی شخصیات سے ملاقات کریں گے۔

    سیکریٹری جنرل پاکستان میں اقوام متحدہ مشن کے دفاتر کا بھی دورہ کریں گے، خطے کی صورتحال کے تناظر میں سیکریٹری جنرل کے دورے کو انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔

    اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل مسئلہ کشمیر پر سخت تشویش کا اظہار کرچکے ہیں۔ ایک موقع پر انہوں نے کہا تھا کہ مقبوضہ کشمیر میں 80 لاکھ لوگ قید میں اور بینادی ضرورتوں سے محروم ہیں۔

    انہوں نے مطالبہ کیا تھا کہ مسئلہ کشمیر کے حل کے لیے پاکستان اور بھارت با مقصد مذاکرات کریں، مقبوضہ کشمیر کی صورتحال پر اقوام متحدہ کامؤقف تبدیل نہیں ہوا۔

  • کشمیر کو منی ہندوستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مشعال ملک

    کشمیر کو منی ہندوستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے، مشعال ملک

    لاہور: حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا ہے کہ کشمیر کو منی ہندوستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں مشعال ملک نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کشمیر میں 70سال سے ظلم ہو رہا ہے ، میڈیا ہمیشہ کشمیر یوں کی آواز بنا۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں کرفیو تو ہوتا رہتا تھا اب توظلم کے پہاڑ توڑے جا رہے ہیں، کشمیر کو منی ہندوستان بنانے کی کوشش کی جا رہی ہے۔

    مشعال ملک کا کہنا تھا کہ مسئلہ کشمیر سے متعلق اقوام متحدہ کی قرارداد پر عمل درآمد کرایا جائے، پاکستان کا سب سے بڑا ایشو کشمیر ہے اس سے بڑھ کر کچھ نہیں۔

    حریت رہنما کی اہلیہ نے کہا کہ کشمیری حریت رہنماؤں کو سیولین ایوارڈز دیے جائیں، شاہراؤں کے نام کشمیریوں کے نام پر رکھے جائیں۔ انہوں نے مزید کہا کہ کشمیری حق خود ارادیت سے کم کچھ قبول نہیں کریں گے۔

    کشمیر میں بھارتی تسلط کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے، مشعال ملک

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ حریت رہنما یاسین ملک کی اہلیہ مشعال ملک کا کہنا تھا کہ بھارتی جبر کشمیریوں کے حوصلے نہیں پست کرسکا، کشمیرمیں بھارتی تسلط کا سورج جلد غروب ہونے والا ہے۔

  • کشمیریوں نے اپنے خون سے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے، دفترخارجہ

    کشمیریوں نے اپنے خون سے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے، دفترخارجہ

    اسلام آباد: ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی کا کہنا ہے کہ کشمیریوں نے اپنے خون سے مسئلہ کشمیر کو زندہ رکھا ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان دفتر خارجہ عائشہ فاروقی نے کہا کہ کشمیری بھرپوراندازمیں تحریک حق خودارادیت چلا رہے ہیں، برہان وانی سمیت کشمیریوں کو سلام عقیدت پیش کرتی ہوں۔

    عائشہ فاروقی نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں بدترین صورت حال، ظلم وبربریت ہے، کشمیریوں نے اپنے خون سے مسئلہ کشمیرکو زندہ رکھا ہوا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ نے کہا کہ حکومت پاکستان کشمیر کی صورت حال کو بھرپور اجاگر کر رہی ہے، وزیراعظم، وزیرخارجہ مقبوضہ کشمیرکی صورت حال پرفعال ہیں، 5 ماہ میں یواین کی سلامتی کونسل کے 2 اجلاس ہوچکے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیرمیں کرفیو کو 5 ماہ سے زائد عرصہ گزر چکا ہے، عالمی طاقتیں مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر تشویش کا اظہار کر رہی ہیں۔

    بھارتی فوج کی ریاستی دہشتگردی، دو روز میں 5 کشمیری شہید

    واضح رہے کہ مقبوضہ کشمیر میں بھارتی جارحیت تھم نہ سکی، قابض فوج نے نام نہاد آپریشن کے دوران مزید 2 کشمیریوں کو شہید کر دیا جس کے بعد گزشتہ دو روز میں شہید ہونے والوں کی تعداد 5 ہوگئی ہے۔

  • ایٹمی پروگرام معاہدے میں اقوام متحدہ کو ملوث کرنے پر ایران کی دھمکی

    ایٹمی پروگرام معاہدے میں اقوام متحدہ کو ملوث کرنے پر ایران کی دھمکی

    تہران: ایرانی وزیر خارجہ کا کہنا ہے کہ یورپی ممالک کو اپنا نامناسب رویہ بدلنا ہوگا، فائل سلامتی کونسل کو بھجوائی تو این پی ٹی چھوڑ دیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایٹمی پروگرام معاہدے میں اقوام متحدہ کو ملوث کرنے پر ایران نے دھمکی دیتے ہوئے کہا کہ ایٹمی ہتھیاروں سے متعلق فائل یواین کو نہیں بجھوائی جانی چاہیئے۔

    ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف نے کہا کہ یورپی ممالک کو اپنا نامناسب رویہ بدلنا ہوگا، فائل سلامتی کونسل کو بھجوائی تو این پی ٹی چھوڑ دیں گے۔

    اس سے قبل ایران کے پارلیمانی اسپیکر علی لاریحانی نے خبردار کیا کہ اگر یورپی ممالک نے ایران کے خلاف تنازعات کے حل کے لیے غیرمنصفانہ میکنزم نافذ کیا تو اس کے سنگین نتائج نکل سکتے ہیں۔

    میزائل استعمال نہیں کرنا چاہتے، ایران جوہری منصوبے سے دستبردار ہوجائے، ٹرمپ

    یاد رہے کہ رواں ماہ 8 جنوری کو امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ ایران کو جوہری منصوبے سے دستبردار ہونا پڑے گا، میں جب تک امریکا کا صدر ہوں ایران ایٹمی طاقت نہیں بن سکتا۔

    امریکی صدر کا کہنا تھا کہ اوباما دور میں ایران کو پیسے ملے اور اس نے میزائل بناکرہم پرحملہ کیا، ہم اپنےزبردست مہلک ہتھیا راستعمال نہیں کرناچاہتے مگر ایران کو جوہری منصوبے سے دستبردار ہونا پڑے گا۔

  • سعودی عرب کے شہر ریاض کے لیے بڑا اعزاز

    سعودی عرب کے شہر ریاض کے لیے بڑا اعزاز

    ریاض: اقوام متحدہ کی جانب سے سعودی دارالحکومت کو اسمارٹ سٹی ہونے کا سرٹیفیکیٹ جاری کر دیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب کا دارالحکومت ریاض اسمارٹ سٹیز میں شامل ہوگیا، اقوم متحدہ کی خصوصی کمیٹی نے سرٹیفیکیٹ جاری کیا۔ ریاض رائل اتھارٹی کے ماتحت ادارے ریسرچ اینڈ اسٹیڈیز کے ڈائریکٹر انجینئر عبدالرحمان السلطان نے ایوارڈ وصول کیا۔

    سعودی شہر ریاض کے علاوہ چار اور شہروں کو بھی اسمارٹ سٹی کے سرٹیفیکیٹ جاری کیے گئے جن میں ماسکو، دبئی بھی شامل ہیں، ان شہروں کا انتخاب دنیا بھر کے 100 شہروں میں سے کیا گیا۔

    اسمارٹ سٹی کے انتخاب کا معیار پائیدار ترقی اور ذہانت کے استعمال میں 5 شہروں کی گرانقدر خدمات کو قرار دیا گیا، یہ شہر اسمارٹ سٹیز کے عالمی پیمانے ترتیب دینے کے اہل بھی قرار پائے۔

    اسپین میں اقوام متحدہ کی خصوصی کمیٹی کے اجلاس میں اسمارٹ سٹیز سرٹیفیکیٹ کے امیدوار شہروں کے استحقاق پر مشاورت کی گئی تھی۔

    یاد رہے کہ جولائی 2019 میں انٹرنیشنل کمیونیکیشن آرگنائزیشن اور غیرجانبدار بین الاقوامی تنظیموں کے ایک وفد نے ریاض شہر کا دورہ کر کے اسمارٹ سٹی کے حوالے سے اس کے استحقاق کا جائزہ لیا تھا۔

  • وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو خوش آیند قرار دے دیا

    وزیر اعظم نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو خوش آیند قرار دے دیا

    اسلام آباد: وزیر اعظم عمران خان نے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو خوش آیند قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے آج ایک ٹویٹ میں کہا کہ پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو خوش آیند قرار دیتا ہے۔

    وزیر اعظم نے لکھا کہ ہم سیکورٹی کونسل کی جانب سے ایک بار پھر مقبوضہ کشمیر کی صورت حال پر غور کا خیر مقدم کرتے ہیں، مقبوضہ جموں و کشمیر عالمی طور پر تسلیم شدہ متنازع معاملہ ہے، اور یہ سلامتی کونسل کے ایجنڈے پر موجود ہے۔

    انھوں نے لکھا ’اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کی روشنی میں مسئلہ کشمیر کے حل کی تدبیر وقت کا اہم تقاضا ہے۔‘

    وزیر خارجہ کی یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    ان کا کہنا تھا کہ سیکورٹی کونسل کا مقبوضہ کشمیر پر غور وادی میں درپیش سنگین صورت حال کا اعتراف ہے، انھوں نے مطالبہ کیا کہ کشمیر کا مسئلہ کشمیری عوام کی خواہشات کے مطابق حل ہونا چاہیے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے ایک بار پھر واضح کیا کہ پاکستان حق خود ارادیت ملنے تک کشمیریوں کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا، اس سلسلے میں پاکستان اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کے اجلاس کو خوش آیند قرار دیتا ہے۔

    خیال رہے کہ وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے آج نیویارک میں یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس اور یو این صدر سے ملاقاتیں کیں، جن میں مشرق وسطیٰ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ان کا کہنا تھا سلامتی کونسل میں پانچ ماہ کے دوران دوسری بار مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تین اجلاس منعقد کرنے پر ہم شکریہ ادا کرتے ہیں۔