Tag: اقوام متحدہ

  • وزیر خارجہ کی یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    وزیر خارجہ کی یو این سیکریٹری جنرل سے ملاقات، مشرق وسطیٰ کی صورت حال پر تبادلہ خیال

    نیویارک: وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس سے ملاقات کی، جس میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم بھی موجود تھے، ملاقات میں مشرق وسطیٰ اور مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالیوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر خارجہ شاہ محمود نے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل کو ملاقات میں مشرق وسطیٰ میں کشیدگی میں کمی کے لیے پاکستان کے اقدامات سے آگاہ کیا، اس سلسلے میں انھیں دورہ ایران اور سعودی عرب سے متعلق تفصیلات بتائی گئیں، وزیر خارجہ نے کہا کہ مشرق وسطیٰ کسی نئی محاذ آرائی کا متحمل نہیں ہو سکتا۔ جب کہ انتونیو گوتریس نے قیام امن کے لیے پاکستان کے مثبت کردار کی تعریف کی۔

    بعد ازاں، نیویارک میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ سلامتی کونسل میں پانچ ماہ کے دوران دوسری بار مسئلہ کشمیر پر بات ہوئی ہے، مقبوضہ کشمیر کے حالات پر تین اجلاس منعقد کرنے پر شکریہ ادا کرتے ہیں، سلامتی کونسل میں ساتھ دینے پر چین کے بھی شکر گزار ہیں۔

    سلامتی کے دشمن بھارت کی سلامتی کونسل میں پھر سبکی

    ان کا کہنا تھا کہ انتونیو گوتریس نے قیام امن کے لیے پاکستان کی کوششوں کی تعریف کی، انھیں کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں پر تشویش ہے۔ عالمی برادری کشمیروں کو بھارتی جبر سے نجات دلانے کے لیے کردار ادا کرے۔

    شاہ محمود نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ سعودی عرب اور ایران کے درمیان ثالثی کی کوشش نہیں کر رہے، خواہش ہے کہ خطے میں امن قائم ہو۔ خطے میں کافی کشیدگی تھی، جس میں کمی کے لیے پاکستان جو کردار ادا کر سکتا ہے کر رہا ہے، سعودی عرب اور ایران کے دورے اچھے رہے۔ انھوں نے یہ بھی کہا کہ وہ سلامتی کونسل کے صدر کو عمران خان کے احساس پروگرام سے بھی آگاہ کریں گے۔ کشمیر کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیاں تشویش ناک ہیں، 80 لاکھ کشمیری 5 اگست سے لامتناہی کرفیو کا سامنا کر رہے ہیں، مقبوضہ کشمیر میں مواصلاتی بلیک آؤٹ سے حقائق چھپائے جا رہے ہیں۔

  • سعودی شہزادی کا اہم اعزاز

    سعودی شہزادی کا اہم اعزاز

    ریاض: سعودی شہزادی ہیفا بنت عبد العزیز کو اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو میں سعودی عرب کی مستقل مندوب مقرر کرلیا گیا۔

    سعودی اخبار کے مطابق مملکت کی نائب وزیر برائے پائیدار ترقی اور جی 20 کے امور کی معاون، شہزادی ہیفا بنت عبد العزیز آل مقرن کو اقوام متحدہ کی تعلیمی، سائنسی اور ثقافتی تنظیم (یونیسکو) میں سعودی عرب کی مستقل مندوب مقرر کرلیا گیا ہے۔

    شہزادی ہیفا نے سنہ 2008 سے 2009 کے دوران کنگ سعود یونیورسٹی میں لیکچرار کی حیثیت سے کام کیا۔ وہ دسمبر 2017 سے پائیدار ترقیاتی امور کے اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری سمیت وزارت اقتصادیات اور منصوبہ بندی میں اہم عہدوں پر فائز ہیں۔

    وہ جون 2018 سے جی 20 امور کی قائم مقام اسسٹنٹ انڈر سیکریٹری اور 2016 سے 2017 کے درمیان پائیدار ترقیاتی اہداف کے شعبے کی سربراہ رہی ہیں۔

    شہزادی ہیفا نے 2007 میں برطانیہ کے سکول آف اورینٹل اینڈ افریقن اسٹڈیز سے معاشیات میں ماسٹر ڈگری حاصل کی، انہوں نے ریاض کی کنگ سعود یونیورسٹی سے بھی معاشیات میں ڈگری حاصل کر رکھی ہے۔

    اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے یونیسکو میں سعودی عرب کا نمایاں کردار ہے اور نومبر 2019 سے 2023 تک کے لیے مملکت نے ایگزیکٹو کونسل کی رکنیت بھی حاصل کرلی ہے۔

    وزیر ثقافت شہزادہ بدر بن عبد اللہ بن فرحان کا کہنا ہے کہ سعودی عرب ایگزیکٹو کونسل کے تمام ارکان کے ساتھ تعاون بڑھانے کی کوشش کرے گا۔

    ان کے مطابق سعودی عرب ثقافت اور ورثے کے تحفظ کے ساتھ ساتھ، پائیدار معاشرتی ترقی کے لیے جدت اور ٹیکنالوجی کی مدد اور ایک روادار عالمی معاشرے کو فروغ دینے کے لیے بھی کام کرے گا۔

  • سعودی عرب نے یمن کے لیے شاہی خزانوں کے منہ کھول دیے

    سعودی عرب نے یمن کے لیے شاہی خزانوں کے منہ کھول دیے

    ریاض: اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سعودی عرب امداد دینے والا دنیا کا پانچواں بڑا ملک اور عرب دنیا میں سرفہرست ملک بن گیا۔

    سعودی خبر رساں ادارے کے مطابق اقوام متحدہ کے ماتحت ادارے نے اپنی رپورٹ میں بتایا ہے کہ سعودی عرب نے سنہ 2019 کے دوران ایک ارب 281 ملین امریکی ڈالر امداد کے طور پر پیش کیے۔

    رپورٹ کے مطابق 2019 کے دوران یمن کو سب سے زیادہ امداد دینے والا ملک سعودی عرب ہے جس نے یمن کو 1 ارب 216 ملین ڈالر پیش کیے۔ یہ یمن کو پیش کی جانے والی کل مدد کا 31.3 فیصد ہے۔

    شاہ سلمان مرکز برائے انسانی امداد کے نگران اعلیٰ ڈاکٹر عبداللہ الربیعہ نے شاہ سلمان اور ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کو الگ الگ تہنیتی پیغام ارسال کر کے بتایا کہ سعودی عرب پوری دنیا میں امداد دینے والا پانچواں بڑا ملک ہے اور عرب دنیا میں اس حوالے سے سعودی عرب کا نمبر پہلا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ سعودی عرب نے یہ اعزاز اپنی قیادت کی لامحدود مدد کے نتیجے میں حاصل کیا ہے۔ سعودی عرب انسانی امداد کا مشن دین اسلام کے احکام پر عمل اور قومی اقدار سے متاثر ہو کر کر رہا ہے۔

  • امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا

    امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا

    نیویارک: امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو اقوام متحدہ کے اجلاس میں شرکت سے روک دیا۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا نے ایرانی وزیر خارجہ جواد ظریف کو ویزہ جاری کرنے سے انکار کر دیا ہے، ایرانی وزیر خارجہ نے جمعرات کو سیکورٹی کونسل کے اجلاس میں شرکت کرنی تھی۔

    دوسری طرف اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوٹیریس نے مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی پر ایک بار پھر تشویش کا اظہار کر دیا ہے، انھوں نے عالمی رہنماؤں سے صبر و تحمل کا مظاہرہ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے کہا کہ تناؤ سے غیر متوقع فیصلے اور ان کے خطرناک نتائج سامنے آتے ہیں۔

    جوہری معاہدہ منسوخ کرنے پر ایران کے خلاف یورپی یونین کا بیان بھی سامنے آ گیا

    انتونیو گوٹیریس کا کہنا تھا کہ جنگوں سے اجتناب ہم سب کی مشترکہ ذمے داری ہے، کیوں کہ اس کی قیمت عام آدمی کو چکانی پڑتی ہے۔

    خیال رہے کہ یورپی یونین نے بھی جوہری پروگرام کے معاہدے سے ایران کی علیحدگی پر اظہار تشویش کرتے ہوئے کہا ہے کہ تہران کے معاہدے سے علیحدگی کے فیصلے پر یورپی یونین کو افسوس ہے۔

    سربراہ یورپین خارجہ امور جوزف بوریل نے اس سلسلے میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ ہم معاہدے کے فریقین کے ساتھ پیش رفت کے رابطے جاری رکھیں گے، یورپی یونین آئی اے ای اے کی یورینیم افزودگی سے متعلق تصدیق پر بھروسا کرے گی، جنرل قاسم کی ہلاکت کے بعد ہم صورت حال کا جائزہ لے رہے ہیں، کشیدگی کے خاتمے کے لیے یورپی یونین کے کردار پر مشاورت بھی جاری ہے۔

  • پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، سیکریٹری جنرل

    پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، سیکریٹری جنرل

    جنیوا: اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے، عالمی برادری کو پناہ گزینوں کے لیے مل کرکام کرنا ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق سوئٹزرلینڈ کے شہر جنیوا میں پناہ گزینوں کے پہلے عالمی فورم سے خطاب کرتے ہوئے اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیوگوتریس نے کہا کہ پناہ گزینوں کے لیے بہت کچھ کرنے کی ضرورت ہے۔

    سیکریٹری جنرل نے فورم کے انعقاد میں شمولیت پر پاکستان اور دیگرممالک کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ مہاجرین کو پناہ دینے پر پاکستان اور دیگرممالک کے شکرگزار ہیں۔

    انتونیوگوتریس نے کہا کہ ماحولیاتی تبدیلیوں، معاشی حالات سے مہاجرین کی تعداد بڑھ رہی ہے، عالمی برادری کو پناہ گزینوں کے لیے مل کر کام کرنا ہوگا۔

    سیکریٹری جنرل کا کہنا تھا کہ دنیا میں امن وسلامتی کے بڑھتے چیلنجز کی وجہ سے پناہ گزینوں کا مسئلہ بہت اہمیت اختیار کر گیا ہے، بدقسمتی سے کئی ممالک نے اپنے دروازے پناہ گزینوں پر بند کیے ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ عالمی پناہ گزین فورم، 21ویں صدی کا پہلا بڑا اجلاس ہے جس کی مشترکہ میزبانی اقوام متحدہ ہائی کمشنر برائے پناہ گزین اور سوئٹرزلینڈ کی حکومت کر رہے ہیں۔

  • اقوام متحدہ نے عراق میں سیکڑوں ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

    اقوام متحدہ نے عراق میں سیکڑوں ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا

    بغداد: اقوام متحدہ نے عراق میں حکام سے سیکڑوں ہلاکتوں کی تحقیقات کا مطالبہ کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل نے عراق میں حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ وہ مظاہرین کے خلاف پر تشدد واقعات اور کریک ڈاؤن کے حوالے سے تحقیقات کرائیں۔

    انسانی حقوق کمیشن عراق کا کہنا ہے کہ عوامی مظاہروں کے دوران سیکڑوں افراد جانیں کھو چکے ہیں، سماجی کارکنوں کو اغوا کر کے قتل کیا جا رہا ہے، سلامتی کونسل نے بھی مظاہرین کی ہلاکتوں کی بڑھتی تعداد پر گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔

    سلامتی کونسل کا کہنا تھا کہ احتجاج کرنے والوں کے قتل میں مسلح جماعتیں ملوث ہیں، یہ صورت حال باعث تشویش ہے، حکام ان واقعات کی تحقیقات کرے اور پرتشدد واقعات کو روکے۔

    یہ بھی پڑھیں:  عراقی وزیر اعظم کا عہدہ چھوڑنے کا اعلان

    عراق میں پرتشدد واقعات کا آغاز یکم اکتوبر کو دارالحکومت بغداد اور جنوبی صوبوں میں حکومت کے خلاف احتجاجی مظاہرے شروع ہونے کے بعد ہوا ہے، غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق مظاہرین کو منتشر کرنے کے لیے ان پر براہ راست فائرنگ کی گئی۔

    میڈیا رپورٹس کے مطابق عراق میں مظاہروں میں ہلاکتوں کی تعداد 400 سے زیادہ ہو چکی ہے۔ دوسری طرف 29 نومبر کو عراق کے وزیراعظم عادل عبدالمہدی نے ملک بھر میں جاری مظاہروں کے پیش نظر اپنے عہدے سے مستعفی ہونے کا اعلان کیا تھا۔ جس کے بعد 2 دسمبر کو ان کا استعفیٰ عراقی کابینہ نے منظور کر لیا۔ عراقی عوام نے استعفے کا خیر مقدم کرتے ہوئے سارے سیاسی نظام کو مکمل بدلنے کا مطالبہ کیا۔

  • اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    اقوام متحدہ میں پاکستان کی بھارت پر زبردست تنقید

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستان نے بھارت پر زبردست تنقید کی ہے، مستقل مندوب منیر اکرم نے مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے کہا ہے کہ بھارت خطے میں امن کے لیے سب سے بڑا خطرہ ہے، بی جے پی حکومت آر ایس ایس نظریے کو فروغ دے رہی ہے۔

    مودی سرکار کی مسلم دشمن پالیسیوں کو بے نقاب کرتے ہوئے منیر اکرم نے کہا کہ بھارت میں مسلم شناخت اور ورثے کو مٹایا جا رہا ہے، کشمیر میں بھارتی اقدامات ہندو تنگ نظری اور اسلام دشمنی کا نتیجہ ہیں، کشمیر میں بڑے پیمانے پر خون ریزی اور نسل کشی کا خطرہ ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  بھارت مودی کی قیادت میں ہندو بالا دستی کی طرف بڑھ رہا ہے: وزیر اعظم

    پاکستانی مندوب نے بھارت پر زبردست تنقید کرتے ہوئے اقوام عالم سے مطالبہ کیا کہ سنجیدہ اقدامات کے ذریعے بھارت کو مسلمانوں کی نسل کشی سے روکا جائے۔

    خیال رہے کہ بھارتی لوک سبھا اور راجیہ سبھا نے شہریت کا ترمیمی بل منظور کر لیا ہے، جس کے مطابق مسلمانوں کے علاوہ تمام غیر قانونی تارکین وطن کو بھارتی شہریت دی جا سکے گی، شہریت کے اس متنازع بل میں مسلمان تارکین وطن کو شہریت کا حق نہیں دیا گیا۔

    گزشتہ روز یونین مسلم لیگ پارٹی نے شہریت کا یہ متنازع بل بھارتی سپریم کورٹ میں چیلنج کر دیا ہے۔ بل کے خلاف پڑوسی ملک بھارت میں احتجاج بھی زور پکڑ گیا ہے، انڈین میڈیا کا کہنا ہے کہ بھارت کے مختلف شہروں میں بل کی منظوری کے خلاف ہڑتال کی جا رہی ہے۔

  • آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

    آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے

    کراچی: آج پاکستان سمیت دنیا بھر میں انسانی حقوق کا عالمی دن منایا جا رہا ہے، جس کا مقصد انسانوں کو قابل احترام مقام دینا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انسانی حقوق کا عالمی دن اقوام متحدہ کی طرف سے عالمی سطح پر انسانی وقار برقرار رکھنے اور لوگوں میں انسانوں کے حقوق کے حوالے سے شعور کی بیداری کی غرض سے منایا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ کی جانب سے 2019 کے لیے جس تھیم کا انتخاب کیا گیا ہے وہ ہے ’نوجوان انسانی حقوق کے لیے اٹھ رہے ہیں‘ یہ تھیم اس بات کی طرف اشارہ کر رہا ہے کہ عالمی سطح پر نوجوانوں میں قیادت کا جذبہ بیدار ہونے لگا ہے۔

    تازہ ترین:  عالمی قوانین کے رکھوالے بھارت کے غاصبانہ قبضے کا نوٹس لیں: عمران خان

    اقوام متحدہ کے منشور میں واضح طور پر لکھا گیا ہے کہ اقوام متحدہ کے لوگ یہ یقین رکھتے ہیں کہ کچھ ایسے انسانی حقوق ہیں جو کبھی چھینے نہیں جا سکتے، جن میں انسانی وقار بھی شامل ہے۔

    دوسری طرف تحریک ِآزادی کشمیر کے ممتاز رہنما سید علی گیلانی نے مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی پامالی پر بین الاقوامی بے حسی کے خلاف انسانی حقوق کے عالمی دن پر یوم سیاہ منانے کا اعلان کیا ہے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے آج ٹویٹر کے ذریعے مطالبہ کیا ہے کہ عالمی قوانین کے رکھوالے بھارت کے غاصبانہ قبضے کا نوٹس لیں، کشمیریوں پر مظالم کے پہاڑ توڑے جانے کا سلسلہ رکوایا جائے، مقبوضہ کشمیر پر 4 ماہ سے جاری بھارتی قبضے کی مذمت کرتے ہوئے انھوں نے لکھا کہ بھارت انسانی حقوق کے عالمی قوانین کی دھجیاں اڑا رہا ہے، سلامتی کونسل مقبوضہ کشمیر کے غیر قانونی الحاق پر بھارت کے خلاف اقدام کرے۔

  • خواتین پر تشدد کے خاتمے کا دن: مقبوضہ کشمیر میں خواتین بدترین جنسی تشدد کا شکار

    خواتین پر تشدد کے خاتمے کا دن: مقبوضہ کشمیر میں خواتین بدترین جنسی تشدد کا شکار

    پاکستان سمیت دنیا بھر میں آج خواتین پر تشدد کے خاتمے کا عالمی دن منایا جارہا ہے، مقبوضہ کشمیر میں اس وقت خواتین بھارتی فوجیوں کی جانب سے بدترین جنسی تشدد کا شکار ہیں۔ خود بھارت بھی خواتین کے لیے خطرناک ترین ممالک کی فہرست میں پہلے نمبر پر ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق دنیا بھر میں ہر 3 میں سے ایک عورت کو اپنی زندگی میں جسمانی، جنسی یا ذہنی تشدد کا سامنا کرنا پڑتا ہے جو صرف صنف کی بنیاد پر اس سے روا رکھا جاتا ہے۔

    اقوام متحدہ کے مطابق خواتین کو ذہنی طور پر ٹارچر کرنا، ان پر جسمانی تشدد کرنا، جنسی زیادتی کا نشانہ بنانا یا جنسی طور پر ہراساں کرنا، ایسا رویہ اختیار کرنا جو صنفی تفریق کو ظاہر کرے، غیرت کے نام پر قتل، کم عمری کی یا جبری شادی، وراثت سے محرومی، تیزاب گردی اور تعلیم کے بنیادی حقوق سے محروم کرنا نہ صرف خواتین بلکہ بنیادی انسانی حقوق کی بھی خلاف ورزی ہے۔

    رواں برس خواتین پر تشدد کے حوالے سے جاری کی جانے والی رپورٹ میں گھر کو ہی خواتین کے لیے سب سے زیادہ غیر محفوظ قرار دیا گیا۔ رپورٹ کے مطابق گزشتہ برس دنیا بھر میں 50 ہزار خواتین اپنوں ہی کے ہاتھوں تشدد کا شکار ہونے کے بعد قتل ہوئیں۔

    ان خواتین کے خلاف پرتشدد اور جان لیوا کارروائیوں میں ان کے خاوند، بھائی، والدین، پارٹنرز یا اہل خانہ ملوث تھے۔

    پاکستان میں گھریلو تشدد

    پاکستان میں بھی گھریلو تشدد خواتین کی فلاح و بہبود کی راہ میں سب سے بڑی رکاوٹ ہے۔

    خواتین کے حقوق کے لیے کام کرنے والی تنظیم عورت فاونڈیشن کے مطابق سنہ 2013 میں ملک بھر سے خواتین کے خلاف تشدد کے رپورٹ ہونے والے کیسز کی تعداد 7 ہزار 8 سو 52 ہے۔

    پاکستان کے کمیشن برائے انسانی حقوق کے مطابق سنہ 2014 میں 39 فیصد شادی شدہ خواتین جن کی عمریں 15 سے 39 برس کے درمیان تھی، گھریلو تشدد کا شکار ہوئیں۔

    کمیشن کی ایک اور رپورٹ کے مطابق سال 2015 میں 1 ہزار سے زائد خواتین کے قتل ریکارڈ پر آئے جو غیرت کے نام پر کیے گئے۔

    دوسری جانب ایدھی سینٹر کے ترجمان کے مطابق صرف سنہ 2015 میں گزشتہ 5 برسوں کے مقابلے میں تشدد کا شکار ہو کر یا اس سے بچ کر پناہ لینے کے لیے آنے والی خواتین میں 30 فیصد اضافہ ہوا۔

    اوسطاً پاکستان میں ہر سال 5 ہزار خواتین گھریلو تشدد کے باعث جبکہ لاکھوں معذور ہوجاتی ہیں۔ علاوہ ازیں بے شمار خواتین ذہنی دباؤ یا اہلخانہ کی جانب سے مذموم کارروائیوں کے بعد اپنے بہترین کیریئر کے مواقعوں سے ہاتھ دھو بیٹھتی ہیں جبکہ سماجی طور پر بھی کٹ کر رہنے پر مجبور کردی جاتی ہیں۔

    تشدد کے دیرپا اثرات

    اقوام متحدہ کی ایک رپورٹ کے مطابق خواتین پر تشدد ان میں جسمانی، دماغی اور نفسیاتی بیماریوں کا سبب بنتا ہے۔ مستقل تشدد کا سامنا کرنے والی خواتین کئی نفسیاتی عارضوں و پیچیدگیوں کا شکار ہوجاتی ہیں۔

    تشدد خواتین کی جسمانی صحت کے لیے بھی تباہ کن ثابت ہوتا ہے اور وہ بلڈ پریشر اور امراض قلب سے لے کر ایڈز جیسے جان لیوا امراض تک کا آسان ہدف بن جاتی ہیں۔

    دوسری جانب ذہنی و جسمانی تشدد خواتین کی شخصیت اور صلاحیتوں کو بھی متاثر کرتا ہے اور انہیں ہمہ وقت خوف، احساس کمتری اور کم اعتمادی کا شکار بنا دیتا ہے جبکہ ان کی فیصلہ کرنے کی صلاحیت کو بھی ختم کردیتا ہے۔

    اقوام متحدہ کا کہنا ہے کہ سب سے زیادہ خطرے کی زد میں وہ خواتین ہیں جو تنازعوں اور جنگ زدہ ممالک میں رہائش پذیر ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں خواتین کی بدترین حالت زار

    گزشتہ 113 دن سے لاک ڈاؤن کا شکار مقبوضہ کشمیر اس وقت دنیا کی سب سے بڑی جیل بن چکا ہے جہاں رابطے کے تمام ذرائع بند ہیں۔

    مقبوضہ کشمیر میں کشمیری خواتین بھارتی فوجیوں کی جانب سے بدترین جنسی تشدد کا شکار ہیں۔ ہیومن رائٹس واچ رپورٹ کے مطابق زیادتی کے بیشتر واقعات محاصرے اور تلاشی کے آپریشنز کے دوران پیش آتے ہیں۔

    کشمیر میں بھارتی فوجی جدوجہد آزادی کو دبانے کے لیے خواتین کی عصمت دری کو جنگی حربے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔ خواتین سے زیادتی و بے حرمتی کی تمام تر رپورٹس کے باوجود دنیا کشمیر کے معاملے میں آنکھیں بند کیے بیٹھی ہے۔

  • مقبوضہ کشمیرمیں 113ویں روز بھی کرفیو برقرار

    مقبوضہ کشمیرمیں 113ویں روز بھی کرفیو برقرار

    سری نگر: آرٹیکل 370 کی منسوخی کے بعد مقبوضہ کشمیر میں کرفیو کا 113 واں روز ہے، وادی میں اسکول، کالجز اور تجارتی مراکز بند ہیں، مقبوضہ وادی میں نظام زندگی پوری طرح مفلوج ہوچکا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق مقبوضہ کشمیر میں قابض بھارتی فوج کی جارحیت بدستور جاری ہے اور وادی میں لاک ڈاؤن کا 113واں روز ہے، کشمیری روز مرہ کی ضروری اشیاء خریدنے سے بھی قاصر ہیں، دودھ بچوں کی خوراک، ادویات سب ختم ہو چکا ہے۔

    مقبوضہ کشمیر میں لاک ڈاؤن کے باعث کشمیریوں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔ کرفیو اور پابندیوں کے باعث اب تک مقامی معیشت کو ایک ارب ڈالر کا نقصان ہوچکا ہے جبکہ ہزاروں لوگ بے روزگار ہوچکے ہیں۔

    کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کشمیری رہنماؤں، نوجوانوں سمیت بچے بھی جیلوں میں قید ہیں، 4 ماہ سے کشمیریوں کو نماز جمعہ مساجد میں ادا کرنے نہیں دی جا رہی۔

    سابق بھارتی وائس ایئرمارشل کا مقبوضہ کشمیرمیں مظالم کا اعتراف

    یاد رہے کہ دو روز قبل بھارتی ایئر فورس کے سابق ایئر مارشل کپل کاک کا کہنا تھا کہ مقبوضہ کشمیر یخ بستہ جیل ہے، 80 لاکھ کشمیری یخ بستہ قید میں ہیں، صورت حال نارمل کیسے کہہ سکتے ہیں۔

    سابق بھارتی وائس ایئر مارشل کپل کاک نے مقبوضہ کشمیر میں مظالم کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ اعلانات کے بجائے کشمیریوں کا درد سمجھنے کی ضرورت ہے۔