Tag: اقوام متحدہ

  • اسرائیل کو اختیار نہیں کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ کرے، اقوام متحدہ

    اسرائیل کو اختیار نہیں کہ غزہ کے مستقبل کا فیصلہ کرے، اقوام متحدہ

    اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی فرانسیشا البانیز کا کہنا ہے کہ عالمی عدالت انصاف نے اپنے حکم میں کہا ہے کہ اسرئیل جنگ کا سلسلہ روکے اور ہونے والے نقصان کا ہرجانہ ادا کرے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ کی نمائندہ خصوصی فرانسیشا البانیز نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اسرائیل اور غزہ میں جنگ کے حوالے سے اہم بیان جاری کیا ہے۔

    نمائندہ خصوصی فرانسیشا البانیزکا کہنا ہے کہ اسرائیل بغیر کسی دباؤ کے خاموشی سے جنگ کے بعد غزہ کے حوالے سے منصوبہ بندی میں مصروف ہے، انہوں نے کہا ہے کہ انہیں کبھی سفارت کاری اتنی ظالم اور بیرحم محسوس نہیں ہوئی۔

    واضح رہے کہ غزہ میں اسرائیلی فوج کی جانب سے خون کی ہولی کھیلنے کا سلسلہ جاری ہے، تازہ حملوں میں مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ میں اسرائیل کی جارحیت کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں مزید 250 فلسطینی شہید ہوگئے۔

    غزہ کی محکمہ صحت کے مطابق اسرائیلی فوج کی جانب سے غزہ جنگ بندی معاہدہ یکطرفہ توڑنے کے بعد سے حملوں میں اب تک 3 ہزار کے قریب فلسطینی جام شہادت نوش کرچکے ہیں جبکہ 8 ہزار سے زائد زخمی ہوئے ہیں۔

    واضح رہے کہ امریکا نے 10لاکھ فلسطینیوں کو لیبیا منتقل کرنے کا منصوبہ بنالیا ہے، امریکی میڈیا نے سابق امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ امریکا نے فلسطینیوں کی آباد کاری پر لیبیا کی قیادت سے بات چیت کی ہے۔

    اسرائیل کی یمن کی الحدیدہ بندرگاہ پر بمباری

    امریکی میڈیا نے سابق امریکی عہدیدار کے حوالے سے دعویٰ کیا ہے کہ بدلے میں ایک دہائی قبل منجمد کیے گئے لیبیا کے اربوں ڈالر بحال کردیئے جائیں گے۔

  • پاکستان میں ہیٹ ویو پر ایک جامع ویڈیو رپورٹ، اقوام متحدہ 2025 میں‌ کتنے ڈالر خرچ کرے گا؟

    پاکستان میں ہیٹ ویو پر ایک جامع ویڈیو رپورٹ، اقوام متحدہ 2025 میں‌ کتنے ڈالر خرچ کرے گا؟

    اقوام متحدہ پاکستان میں ہیٹ ویو سے بچاؤ کے لیے رواں سال 8 لاکھ 29 ہزار 728 ڈالر خرچ کرے گا، گلوبل کلائمیٹ رسک انڈیکس میں پاکستان کو موسمیاتی تبدیلیوں سے متاثرہ دنیا کا پانچواں ملک قرار دیا گیا ہے، تفصیل کے لیے یہ ویڈیو رپورٹ دیکھیں۔

    پاکستان میں موسمیاتی تباہی کے نتیجے میں ہیٹ ویو کے اثرات اور عوام میں اس سے بچنے کی آگاہی مہم پر اقوام متحدہ 2025 میں خطیر رقم خرچ کر رہا ہے۔ جس کے لیے ملک کے چاروں صوبوں میں مجموعی طور پر 38 اضلاع کو ہدف بنایا جائے گا، جن کی آبادی کا تخمینہ 3 کروڑ 60 لاکھ سے زائد ہے۔

    یہ رقم ملک کے شہری علاقے خصوصآ سندھ میں کراچی، حیدر آباد اور سکھر اور بلوچستان میں جعفر آباد، صحبت پور اور نصیر آباد میں کمزور آبادی کے تحفظ کے لیے خرچ کی جائے گی۔


    یو این او سی ایچ اے کے مطابق ہلکی سے معتدل ہیٹ ویو کا تعلق روزانہ زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 3 سے 5 دن کی مدت کے لیے ہے، جو معمول کے زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت سے 3 سے 5 ڈگری سینٹی گریڈ زیادہ ہوتا ہے، جس سے جسمانی اور ذہنی صحت کے مسائل جیسے اموات اور اسپتال میں داخل ہونا پڑ سکتا ہے۔


    پاکستان دنیا میں موسمیاتی تبدیلیوں سےمتاثرہ ممالک میں پانچویں نمبر پر ہے اور خطے میں بدلتے موسمی حالات کے اثرات، خاص طور پر شدید سیلاب، خشک سالی اور ہیٹ ویو کا نمایاں طور پر سامنا کر رہا ہے۔ اس درجہ بندی میں شدید موسمی واقعات اور اس کے نتیجے میں پیدا ہونے والے معاشی اور انسانی اثرات کو اجاگر کیا گیا ہے، یہ درجہ بندی اس بات کی نشان دہی کرتی ہے کہ پاکستان موسمیاتی تبدیلی کے اثرات، خاص طور پر شدید موسمی واقعات، جیسے سیلاب اور ہیٹ ویو کا نمایاں طور پر سامنا کر رہا ہے۔


    کیا نادرا عوام کو سہولیات دینے میں ناکام ہو رہا ہے؟ ویڈیو رپورٹ


    اقوام متحدہ کے دفتر برائے رابطہ انسانی امور (یو این او سی ایچ اے) کے مطابق پاکستان میں بار بار ہیٹ ویو سے متعلق اموات کو کم کرنے کے لیے مؤثر پیشگی انتباہ یا آگاہی کے نظام کا فقدان ہے، جس کی وجہ سے متاثرہ علاقوں میں معاشی اور صحت عامہ کے مسائل میں اضافہ ہو رہا ہے۔


    ملٹی میڈیا – ویڈیو خبریں دیکھنے کے لیے کلک کریں


  • ’شام اب مقروض نہیں رہا‘ سعودی عرب اور قطر نے قرضہ ادا کردیا

    ’شام اب مقروض نہیں رہا‘ سعودی عرب اور قطر نے قرضہ ادا کردیا

    سعودی عرب اور قطر نے شام پر واجب الادا ڈیڑھ کروڑ ڈالر سے زائد کا قرضہ ادا کردیا۔

    غیر ملکی میڈیا رپورٹ کے مطابق ورلڈ بینک نے اعلان کیا شام کا قرضہ ادا کردیا گیا ہے شام اب مقروض نہیں رہا اور نئے قرضوں کے لیے اہل ہے۔

    ورلڈ بینک نے کہا کہ 14 سال بعد شام میں اپنی سرگرمیاں دوبارہ شروع کرینگے،  پہلا منصوبہ بجلی کی ترسیل اور رسائی کو بہتر بنانے کے حوالے سے ہوگا، کیونکہ یہ طبی سہولیات، تعلیم اور پانی کی فراہمی جیسی بنیادی ضروریات کے لیے اہم ہے۔

    امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے دورہ سعودی عرب کے دوران شام پر سے پابندیاں ہٹانے کا اعلان کیا تھا جبکہ اس ہفتے کے اوائل میں، امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے سعودی عرب میں شام کے صدر احمد الشارع سے ملاقات بھی کی تھی۔

    واضح رہے کہ شام کے سابق صدر بشار الاسد کو اقتدار سے ہٹانے اور ملک کے بنیادی ڈھانچے کو تباہ کرنے والی خانہ جنگی کے خاتمے کے مہینوں بعد، ملک میں بجلی کی شدید قلت جاری ہے۔

    اس حوالے سے اقوام متحدہ نے اپنی بیان میں کہا تھا کہ 90 فیصد شامی غربت کی حالت میں زندگی بسر کررہے ہیں، ریاست کی طرف سے فراہم کی جانے والی بجلی روزانہ 2 گھنٹے سے بھی کم ہوتی ہے۔

    اقوام متحدہ نے کہا تگا کہ لاکھوں شامی نجی جنریٹر کی خدمات کے لیے بھاری رقم ادا کرنے یا کم سپلائی کو پورا کرنے کے لیے سولر پینل لگانے کے متحمل نہیں ہو سکتے۔

  • اقوام متحدہ غزہ میں غیرمشروط جنگ بندی کرائے، پاکستانی مندوب

    اقوام متحدہ غزہ میں غیرمشروط جنگ بندی کرائے، پاکستانی مندوب

    نیویارک: اقوام متحدہ میں پاکستانی مندوب عاصم افتخار نے کہا ہے کہ سلامتی کونسل غزہ میں مستقل اور غیرمشروط جنگ بندی کرائے۔

    یہ بات انہوں نے غزہ میں امداد سے متعلق سلامتی کونسل اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہی، انہوں نے کہا کہ غزہ کے لوگ ناقابل تصور اذیت ناک تکالیف کا سامنا کرچکے ہیں۔

    عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ غزہ کے لوگوں کو امن وعزت کے ساتھ رہنے کا حق ہے، سلامتی کونسل اپنی قرار دادوں پرعمل درآمد اور فلسطین پر قبضہ ختم کرائے۔

    پاکستانی مندوب نے کہا کہ قیام امن کا راستہ1967 سے قبل کی سرحدوں کی بنیاد پر دو ریاستی حل ہے،
    سلامتی کونسل غزہ میں مستقل اور غیرمشروط جنگ بندی کرائے۔

    فلسطینی علاقوں پر قبضہ ہی مسئلے کی بنیادی وجہ ہے جسے سلامتی کونسل فوری طور پر حل کرے،
    غزہ کا محاصرہ فوری ختم کیا جائے، فلسطینیوں کی جبری بےدخلی منظور نہیں۔

    عاصم افتخار نے کہا کہ غزہ میں بھوک کا بطور جنگی ہتھیار استعمال ایک سنگین جرم ہے ،سلامتی کونسل غزہ میں امدادی قافلوں، طبی عملے کی حفاظت کو یقینی بنائے۔

    اپنے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ غزہ میں اجتماعی سزا دینے کا سلسلہ ختم کیا جائے، غزہ کی تعمیرنو کے پلان کی مکمل اور بھرپور حمایت کی جائے۔

    غزہ میں اسپتالوں، طبی عملے کو ہدف بنا کر منظم حملے کیے گئے، وہاں 4لاکھ 70 ہزار افراد کو تباہ کن بھوک اور افلاس کا سامنا ہے، غزہ میں ورلڈ فوڈ پروگرام کی تمام بیکریاں بند کردی گئی ہیں۔

  • غزہ میں قحط کا سنگین خطرہ، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    غزہ میں قحط کا سنگین خطرہ، اقوام متحدہ نے خبردار کردیا

    بیروت: اقوام متحدہ کی ایک تازہ رپورٹ وارننگ جاری کی گئی ہے کہ غزہ کی پٹی میں پانچ لاکھ افراد شدید فاقہ کشی کی زد میں ہیں اور ستمبر کے آخر تک قحط پڑنے کا سنگین خطرہ موجود ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق عالمی سطح پر خوراک کی نگرانی کرنے والے ادارے Integrated Food Security Phase Classification (IPC) نے اپنی رپورٹ میں انکشاف کیا ہے کہ غزہ میں غذائی حالات اکتوبر 2023 کے بعد سے شدید خراب ہوچکے ہیں اور 2.1 ملین افراد، جو تقریباً پورا غزہ ہے، انتہائی شدید غذائی قلت کا سامنا کر رہے ہیں۔

    4 لاکھ 69 ہزار سے زائد افراد ایسے ہیں جو شدید سطح کی بھوک کا شکار ہیں، جبکہ بچوں میں 71 ہزار سے زائد غذائی قلت کے کیسز متوقع ہیں، جن میں 14 ہزار سے زائد کیسز شدید سطح کے ہوں گے۔

    رپورٹس کے مطابق غزہ کو مارچ 2025 سے اسرائیلی فوجی محاصرے کا سامنا ہے، جس کے باعث امدادی سامان اور تجارتی اشیاء کی ترسیل رک چکی ہے۔

    اقوام متحدہ کی نائب ڈائریکٹر بیتھ بیچڈول کا کہنا ہے کہ مارچ سے جاری محاصرہ غزہ میں انسانی بحران کو مزید گہرا کر رہا ہے، اور صورتحال بہت بگڑ چکی ہے۔

    رپورٹ پر رد عمل دیتے ہوئے اسرائیل نے قحط کے خطرے کو مسترد کیا اور دعویٰ کیا کہ وہ امداد کی فراہمی کی کوششوں میں مصروف ہے، جبکہ حماس پر امداد چوری کرنے کا الزام بھی لگایا۔ دوسری جانب حماس نے ان الزامات کی تردید کرتے ہوئے اسرائیل پر غذا کو ہتھیار کے طور پر استعمال کرنے کا الزام لگایا ہے۔

    دوسری جانب حماس نے غزہ میں اسرائیل اور امریکا کی نئی فاؤنڈیشن کے ذریعے امداد کی تقسیم کے منصوبے کو مسترد کر دیا۔

    اسلامی مزاحمتی تنظیم نے اعلان کیا کہ حماس نے غزہ میں امداد کی تقسیم اور اقوام متحدہ کے بغیر ایک نئی فاؤنڈیشن شروع کرنے کے لیے امریکی-اسرائیلی دباؤ کو مسترد کرتے ہیں۔

    گروپ نے کہا کہ امداد کے انتظام اور تقسیم کے لیے صرف متعلقہ ادارے اقوام متحدہ اور حکومتی ادارے ہیں نہ کہ قابض یا اس کے ایجنٹ۔۔

    انسانی ہمدردی کی تنظیموں نے بھی کسی بھی متبادل امداد کی تقسیم کی کوششوں کو مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ اقوام متحدہ غزہ کی پٹی میں فلسطینیوں کو انتہائی ضروری امداد کی ترسیل کو سنبھالنے کے لیے بہترین طریقے سے لیس ہے۔

    امریکا نے ایران پر مزید پابندیاں لگا دیں

    فلسطینی گروپ نے اسرائیل پر الزام لگایا ہے کہ وہ جان بوجھ کر غزہ میں ”قحط اور بگڑتی ہوئی انسانی تباہی”پیدا کرنا چاہتا ہے۔

  • یو این جنرل اسمبلی کے صدر نے پاک بھارت جنگ بندی معنی خیز قرار دے دی

    یو این جنرل اسمبلی کے صدر نے پاک بھارت جنگ بندی معنی خیز قرار دے دی

    نیویارک: اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے صدر فلیمون یانگ نے پاک بھارت جنگ بندی کو معنی خیز قرار دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صدر اقوام متحدہ جنرل اسمبلی فلیمون یانگ نے ایک بیان میں کہا ہے کہ وہ پاکستان اور بھارت میں جنگ بندی کا خیر مقدم کرتے ہیں، انھوں نے کہا ’’دونوں ممالک میں جنگ بندی کشیدگی میں کمی کی جانب معنی خیز پیش رفت ہے۔‘‘

    فلیمون یانگ کا کہنا تھا کہ یہ سیز فائر دونوں ممالک کے، خطے میں امن و استحکام کے لیے عزم کا اظہار ہے، دیرپا امن و استحکام اور اختلافات کے خاتمے کے لیے سفارتی کوششیں اور بات چیت جاری رکھی جائے۔

    واضح رہے کہ پاک بھارت جنگ بندی پر دنیا بھر کے ممالک کا ردعمل سامنے آیا ہے، یو این سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے کہا ہے کہ انھیں امید ہے یہ معاہدہ دیرپا قیام امن میں معاون ثابت ہوگا۔


    بھارت کو تسلیم کرنا ہوگا پاکستان کی فضائی طاقت بھارت سے زیادہ ہے، برطانوی صحافی


    برطانوی وزیر اعظم کیئر اسٹارمر نے کہا کہ جنگ بندی دیرپا ہونی چاہیے، پاکستان بھارت جنگ بندی کے لیے برطانیہ بات چیت میں شامل رہا، اور وزیر خارجہ ڈیوڈ لیمی فریقین سے رابطے میں رہے۔ چینی وزیر خارجہ وانگ ژی نے نائب وزیر اعظم اسحاق ڈار سے رابطہ کر کے کہا چین ہر حال میں پاکستان کے ساتھ کھڑا ہے، سعودی وزارت خارجہ نے کہا امید ہے معاہدہ خطے میں امن و امان کی بحالی کا باعث بنے گا۔

    متحدہ عرب امارات کے وزیر خارجہ نے بھی اسحاق ڈار کو ٹیلی فون کر کے سیز فائر کا خیر مقدم کیا، جرمن وزارت خارجہ نے بیان میں کہا کشیدگی کے خاتمے کے لیے بات چیت کلیدی حیثیت رکھتی ہے۔ مصری وزیر خارجہ نے اسحاق ڈار کو فون کر کے پاک بھارت جنگ بندی کا خیر مقدم کیا۔ امریکی نائب صدر دونوں ملکوں کی اعلیٰ قیادت سے رابطے میں رہے، امریکی وزیر خارجہ مارکو روبیو نے کہا دونوں ملکوں نے نیوٹرل مقام پر بات چیت کے لیے آمادگی کا اظہار کیا ہے، دونوں جانب سے امن کا انتخاب قابل تعریف ہے۔

  • اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا سے متعلق بڑا فیصلہ

    اقوام متحدہ میں اسلامو فوبیا سے متعلق بڑا فیصلہ

    نیو یارک : پاکستان نے سفارتی محاذ پر ایک اور بڑی کامیابی حاصل کرلی، اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل نے اسلامو فوبیا کےخلاف نمائندہ خصوصی مقرر کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اس سلسلے میں میگوئل آنخیل موراتینوس بطور نمائندہ خصوصی خدمات سر انجام دیں گے۔

    رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے اسلامو فوبیا کے خلاف  نمائندہ خصوصی کی تقرری کا خیرمقدم کیا ہے۔

    Islamophobia

    انہوں نے اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ہم نفرت اور امتیاز کے خلاف متحد ہیں، دنیا بھر میں مسلمانوں کے خلاف نفرت اور امتیازی سلوک میں اضافہ ہورہا ہے۔

    پاکستانی مندوب کا کہنا تھا کہ پُرامن بقائے باہمی کے فروغ کے لیے نمائندہ خصوصی کی تقرری ایک اہم سنگ میل ہے۔

    یاد رہے کہ او آئی سی قرار داد میں اس کے خلاف خصوصی نمائندے کی تقرری کی تجویز دی گئی تھی، پاکستان نے جنرل اسمبلی میں او آئی سی قرارداد کی منظوری میں قائدانہ کردار ادا کیا، مذکورہ قرارداد میں مسلمانوں کے خلاف بڑھتے ہوئے امتیازی سلوک کے خلاف فوری اقدام کی ضرورت کو تسلیم کیا گیا تھا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سال مارچ میں اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی میں مسلمانوں پر تشدد اور امتیازی سلوک کے خلاف پاکستان کی قرارداد کثرت رائے سے منظور کرلی گئی تھی۔

    اسلامو فوبیا کے خلاف پاکستان کی جانب سے پیش کردہ قرار داد کے حق میں 115 ووٹ ڈالے گئے جبکہ 44رکن ممالک ووٹنگ کے وقت غیر حاضر رہے۔

    قرارداد میں اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب منیر اکرم نے اسلامو فوبیا پر خصوصی نمائندہ مقرر کرنے اور اس سے نمٹنے کے لیے اقدامات کی ضرورت پر زور دیا تھا۔

    مزید پڑھیں : اسلامو فوبیا کے خلاف احتجاج کرنے پر بھارتی مسلم سیاستدان کا گھر مسمار

    پاکستان کی جانب سے قرارداد 15 مارچ کو پیش کی گئی جسے اسلامو فوبیا کی روک تھام کے لیے عالمی طور پر منایا جاتا ہے۔

  • پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کردیا

    پاکستان نے اقوام متحدہ کو بھارتی جارحیت سے آگاہ کردیا

    نیویارک : بھارت کی جانب سے رات گئے میزائل حملوں سے متعلق پاکستان نے اقوام متحدہ کو باضابطہ طور پر بھارتی جارحیت سے آگاہ کردیا۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار نے اقوام متحدہ کے سیکرٹری جنرل، صدر جنرل اسمبلی اور صدر سلامتی کونسل کو آگاہ کیا۔

    اس کے علاوہ اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل نمائندے نے بھی بھارتی جارحیت سے آگاہ کیا۔

    مستقل مندوب عاصم افتخار نے کہا کہ بھارتی جارحیت کا مناسب جواب دینے کا حق رکھتے ہیں، بھارت نے بین الاقوامی قانون کی سنگین خلاف ورزی کی ہے۔

  • نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس شروع

    نیویارک : اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس شروع

    نیویارک : پاکستان کی درخواست پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا بند کمرہ اجلاس شروع ہوگیا جس میں پاکستان، جنوبی ایشیا کی صورتحال سے باضابطہ طور پر آگاہ کرے گا۔

    سلامتی کونسل کے5مستقل سمیت15ارکان اجلاس میں شریک ہیں، اجلاس میں پاکستان بھارت کے اشتعال انگیز بیانات سے متعلق سلامتی کونسل کو آگاہ کرے گا۔

    اجلاس میں بھارت کی جانب سے خطے کا امن خطرے میں ڈالنے والے اقدامات سے بھی آگاہ کیا جائے گا
    پاکستان سلامتی کونسل میں مطالبہ کرے گا کہ علاقائی امن کو لاحق خطرات کا نوٹس لے۔

    پاکستان اقوام متحدہ کی توجہ کشمیری عوام کے حق خودارادیت کی طرف بھی مبذول کرائے گا، اس کے علاوہ پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار سندھ طاس معاہدے کی معطلی کے بھارتی اقدام پر تفصیلی بریفنگ دیں گے۔

  • پہلگام واقعہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    پہلگام واقعہ، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا

    پاکستان کی درخواست پر پہلگام واقعے پر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا اجلاس آج ہوگا، جس میں پہلگام واقعے کے بعد پاک بھارت کشیدگی سے پیدا صورت حال پر غور ہوگا۔

    سلامتی کونسل کے صدر نے پہلگام واقعے کے بعد پیدا شدہ صورت حال کے حوالے سے اپنے بیان میں کہا کہ خطے میں بڑھتی کشیدگی باعث تشویش ہے۔

    ادھر پاکستان کے دفتر خارجہ نے کہا ہے کہ بھارتی جارحانہ اقدامات جنوبی ایشیا اور خطے سے باہر امن و سلامتی کو خطرے میں ڈال رہے ہیں، پاکستان خطے کی تازہ ترین صورت حال پر سیکیورٹی کونسل کو بریفنگ دے گا۔


    بھارتی جارحیت کے خلاف قومی اسمبلی میں قرارداد لانے کا فیصلہ


    دفتر خارجہ کے مطابق اجلاس میں جارحانہ بھارتی اقدامات، اشتعال انگیزی اور بیانات سے آگاہ کیا جائے گا، ترجمان نے کہا خصوصی طور پر سندھ طاس معاہدے کو معطل کرنے کے بھارتی غیر قانونی اقدام کے مسئلے کو اجاگر کیا جائے گا۔

    ترجمان نے مزید کہا ہے کہ سلامتی کونسل کے حوالے سے یہ سفارتی اقدام پاکستان کی عالمی برادری کے سامنے درست حقائق پیش کرنے کی کوششوں کا ایک حصہ ہے۔