Tag: الاؤنس

  • عرب امارات: کم آمدنی والے افراد کے لیے ماہانہ الاؤنس

    عرب امارات: کم آمدنی والے افراد کے لیے ماہانہ الاؤنس

    ابو ظہبی: متحدہ عرب امارات میں کم آمدنی والے افراد کے لیے الاؤنس کی فراہمی شروع کردی گئی جبکہ ایک اور الاؤنس ستمبر سے جاری کیا جائے گا۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق متحدہ عرب امارات میں سماجی بہبود کی وزارت نے منگل 5 جولائی سے افراط زر الاؤنس کی تقسیم شروع کردی گئی جبکہ فیملی الاؤنس ستمبر سے تقسیم کیا جائے گا۔ فیملی الاؤنس میں بیوی اور بچے شامل ہیں۔

    وزارت سماجی بہبود کا کہنا ہے کہ افراط زر الاؤنس میں پیٹرول، کھانے پینے کی اشیا، پانی اور بجلی کے الاؤنس شامل ہیں۔

    سماجی بہبود کی وزارت نے افراط زر الاؤنسسز اور فیملی الاؤنس کے درمیان فرق کے حوالے سے بتایا کہ جو الاؤنس ستمبر میں اب سے 2 ماہ بعد دیا جائے گا، اس کا تعلق دراصل ان نئے اضافوں سے ہے جس کا تذکرہ نئے پروگرام کے تحت محدود آمدنی والوں کی اعانت کے نظام میں کیا گیا ہے۔

    وزارت کی جانب سے کہا گیا کہ ستمبر میں جو الاؤنس دیے جائیں گے ان کا تعلق محدود آمدنی والے اماراتی خاندانوں کے اعانتی پروگرام سے ہے۔

    اس کے تحت فیملی کے سربراہ کا الاؤنس، بیوی کا الاؤنس، بچوں کا الاؤنس، رہائش کے لیے مختص اعانت، بے روزگاری الاؤنس اور 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگاروں کے الاؤنس سے ہے۔

    امارات کے صدر شیخ محمد بن زاید آل نہیان نے محدود آمدنی والے شہریوں کے لیے سماجی اعانت پروگرام کی تنظیم نو کی ہدایت جاری کی ہے، اس کے تحت یہ پروگرام 28 ارب درہم سے شروع کیا جائے گا۔

    سالانہ سماجی اعانت بجٹ 2.7 ارب درہم سے بڑھ کر 5 ارب درہم تک پہنچ جائے گا۔

    اعانتی پروگرام میں 4 عناصر کا اضافہ کیا گیا ہے، ان میں رہائش، یونیورسٹی کی تعلیم، 45 برس سے زیادہ عمر کے بے روزگار شہری اور روزگار کے متلاشی شہریوں کی اعانت شامل ہے۔

  • اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور الاؤنس سے متعلق بڑی خبر

    اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور الاؤنس سے متعلق بڑی خبر

    اسلام آباد: اراکین پارلیمنٹ کے لیے تنخواہ اور الاؤنس ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کر لیا گیا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق آج فاروق ایچ نائیک کی زیر صدارت سینیٹ کی قائمہ کمیٹی خزانہ کا اجلاس منعقد ہوا جس میں اراکین پارلیمنٹ کی تنخواہ اور الاؤنس سے متعلق ترمیمی بل متفقہ طور پر منظور کیا گیا۔

    بل کے مطابق ارکان پارلیمنٹ کو 25 ٹریول ووچرز ملیں گے، ارکان پارلیمنٹ کو پہلے سالانہ 25 ایئر ٹکٹس کی اجازت تھی، اس سہولت سے رکن پارلیمنٹ کی بیوی اور 18 سال سے کم عمر کے بچے مستفید ہوں گے۔

    چیئرمین کمیٹی فاروق ایچ نائیک کا کہنا تھا کہ بزنس کلاس ایئر ٹکٹ کو ٹریول ووچرز میں تبدیل کیا گیا ہے، ٹریول ووچرز کی سہولت سے قومی خزانے پر اضافی بوجھ نہیں پڑے گا۔

    ارکین پارلیمنٹ کی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ غیرمناسب ہے، اسد قیصر

    انھوں نے وضاحت کی کہ ایوان بالا کے تمام اراکین امیر نہیں ہیں، سفر نہ کرنے کی صورت میں ایئر ٹکٹ کی سہولت ختم ہو جاتی تھی، اب ارکان پارلیمنٹ ٹریول ووچرز کی سہولت کسی بھی وقت استعمال کر سکیں گے۔

    واضح رہے کہ اراکین پارلیمنٹ کو اس سے قبل سال میں 25 ایئر ٹکٹس ملتے تھے، اگر اراکین انھیں استعمال میں نہیں لاتے تھے یا استعمال کی ضرورت نہ پڑتی، تو سال ختم ہونے پر یہ ناقابل استعمال ہو جاتے، موجودہ ٹریول ووچرز سے یہ مسئلہ ختم ہو گیا ہے۔

  • صوبے میں فرنٹ لائن ورکرز کو اضافی الاؤنس دیا جا رہا ہے: فیاض چوہان

    صوبے میں فرنٹ لائن ورکرز کو اضافی الاؤنس دیا جا رہا ہے: فیاض چوہان

    لاہور: صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فرنٹ لائن ورکرز کو اضافی الاؤنس دیا جا رہا ہے، فرنٹ لائن ورکرز کے لیے 4 سے 8 ملین تک لائف انشورنس کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق صوبائی وزیر اطلاعات فیاض الحسن چوہان کا کہنا ہے کہ پنجاب کی تمام ڈویژنز میں گندم کی خریداری جاری ہے، حکومت نے 158 ارب سے زائد کی گندم خریدنے کا ہدف مقرر کیا ہے۔

    فیاض چوہان کا کہنا تھا کہ 30 اپریل تک حکومت 45 لاکھ ٹن میں سے 32 فیصد ہدف پورا کر چکی ہے، 1400 فی من کے حساب سے کسانوں کو محنت کا پورا معاوضہ دیا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ کرونا وائرس کی وبا کے باعث ملکی معیشت شدید دباؤ کا شکار ہے، حکومت انتظامی امور اور عوام کو ریلیف کی پوری کوشش کر رہی ہے، پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی سے عوام کو ریلیف ملے گا۔

    فیاض چوہان کا مزید کہنا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر فرنٹ لائن ورکرز کو اضافی الاؤنس دیا جا رہا ہے، فرنٹ لائن ورکرز کے لیے 4 سے 8 ملین تک لائف انشورنس کا بھی اعلان کیا گیا ہے۔

    اس سے قبل ایک موقع پر صوبائی وزیر اطلاعات نے کہا تھا کہ وزیر اعلیٰ پنجاب کرونا وائرس کے حوالے سے تمام آپشنز استعمال کر رہے ہیں، جدید دور کی مشکلات کا حل نت نئے طریقوں سے ہی ممکن ہے۔

    انہوں نے کہا تھا کہ رائز پنجاب پروگرام اور کرونا ورکنگ گروپ کا قیام مثالیں ہیں، پروگرام بنیادی سہولتوں سے متعلق ہے، معاشی استحکام، رسک کمیونیکیشن اور رسک فنانسنگ رائز پنجاب کا حصہ ہیں۔