Tag: الاباما ایلیمنٹری اسکول

  • طلبہ کو فائرنگ سے بچانے کے لیے اسکول میں بُلٹ پروف کمرے تیار

    طلبہ کو فائرنگ سے بچانے کے لیے اسکول میں بُلٹ پروف کمرے تیار

    الاباما: طلبہ کو فائرنگ سے بچانے کے لیے امریکی ریاست الاباما کے ایک اسکول میں بُلٹ پروف کمرے تیار کر لیے گئے۔

    امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق الاباما کے ایک ایلیمنٹری اسکول نے طلبہ کو ’ماس شوٹنگ‘ سے بچانے میں مدد کے لیے دو تیزی سے نصب ہونے والے بلٹ پروف کمرے متعارف کرا دیے ہیں۔

    ابتدائی طور پر الاباما کے شہر کلمین کے اسکول کے 2 کلاس رومز میں 60 ہزار ڈالر خرچ کر کے بلٹ پروف کمرے بنائے گئے ہیں، یہ امریکا کا پہلا اسکول بن گیا ہے جس میں اس قسم کے کمرے تیار کیے گئے ہیں۔

    یہ دراصل ایک بیلسٹک دیوار ہے جسے وائٹ بورڈ کے طور پر استعمال کیا جا سکتا ہے، اور اسے جب کمرے کی شکل میں نصب نہیں کیا جاتا تو یہ دیوار کے ساتھ وائٹ بورڈ کے طور پر لگایا جاتا ہے۔

    خراب موسمی حالات یا فائرنگ کے وقت اسے محض 10 سیکنڈز میں کھینچ کر کمرے کا روپ دیا جا سکتا ہے، اس کے دروازے میں ہینڈل بھی نہیں ہے، تاکہ طالب علموں کو باہر سے چھوٹے سیف روم میں داخل ہونے والے شوٹر سے بچایا جا سکے۔

    واضح رہے کہ امریکا کے تعلیمی اداروں میں فائرنگ کے متعدد واقعات نے امریکیوں سمیت کئی ممالک کو تشویش میں مبتلا کر رکھا ہے، فروری 2018 میں فلوریڈا کے ہائی اسکول میں فائرنگ کے واقعے کے بعد اس طرح کے حفاظتی اقدامات کی گونج سنائی دی تھی۔

  • ہرن حادثاتی طور پر کلاس روم پہنچ گیا، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    ہرن حادثاتی طور پر کلاس روم پہنچ گیا، پھر کیا ہوا؟ ویڈیو وائرل

    الاباما: امریکی ریاست الاباما میں ایک ہرن کے اسکول کی کھڑکی سے کلاس روم میں داخل ہونے کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ریاست الاباما کے ایک ایلیمنٹری اسکول میں سیکیورٹی کیمرے میں ایک دل چسپ ویڈیو ریکارڈ ہوئی ہے، جس میں ایک ہرن کو کلاس روم کی کھڑکی سے ٹکراتے ہوئے اندر داخل ہوتے دیکھا جا سکتا ہے۔

    ایورگرین ایلیمنٹری اسکول کے منتظمین نے فیس بک پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے کہا کہ پیر کو ہمیں غیر متوقع طور پر یہ ویڈیو ملی جس سے ہمیں پتا چلا کہ ایک ہرن کلاس روم کی کھڑکی سے تیز رفتاری سے داخل ہوا تھا۔

    ویڈیو میں دیکھا جا سکتا ہے کہ کلاس روم کے چکنے فرش پر ہرن اپنے پاؤں نہیں ٹکا پا رہا تھا، اور پھسل رہا تھا۔

    ہرن کلاس روم میں داخل تو ہو گیا تھا لیکن چکنے فرش نے اسے بہت پریشان کیا اور وہ کئی گھنٹوں تک خود کو سنبھالنے کی جدوجہد کرتا رہا، اور پھر آخر کار جس تیزی سے کھڑکی سے داخل ہوا تھا اسی طرح واپس بھاگ گیا۔