Tag: البغدادی

  • داعش سربراہ البغدادی کی اہلیہ اور بیٹی نے کئی رازوں سے پردہ ہٹا دیا

    داعش سربراہ البغدادی کی اہلیہ اور بیٹی نے کئی رازوں سے پردہ ہٹا دیا

    داعش کے سربراہ البغدادی کی اہلیہ اور بیٹی نے کئی رازوں سے پردہ ہٹا دیا ہے، بیٹی امیمہ کا کہنا تھا کہ انھیں والد کی خلافت کے اعلان پر صدمہ ہوا تھا۔

    تفصیلات کے مطابق داعش کے مقتول سربراہ ابوبکر البغدادی کی بیٹی امیمہ اور اہلیہ اسما نے العربیہ اور الحدث کو انٹرویو دیا ہے، جو اس وقت عراق کی ایک جیل میں قید ہیں، انھوں نے کہا ’’میں نے والد کو ٹی وی پر موصل کی النوری مسجد سے داعش کی خلافت کا اعلان کرتے ہوئے دیکھا تو مجھے بہت صدمہ ہوا تھا۔‘‘

    امیمہ نے انکشاف کیا کہ البغدادی کی خلافت کے اعلان کے بعد پورے خاندان کی زندگی بے تحاشا پابندیوں کی زد میں آ گئی تھی، طیاروں کے خوف سے انھیں باغ سے باہر جانے کی اجازت بھی نہیں تھی، پڑوسیوں کے ہاں بھی نہیں جا سکتے تھے۔

    البغدادی کی اہلیہ کا یہ انٹرویو ان کی ہلاکت کے پانچ سال بعد سامنے آیا ہے، اسما نے یہ سنسنی خیز انکشاف کیا کہ البغدادی کے پاس 10 سے زیادہ خواتین تھیں جن کو اس نے قیدی بنا رکھا تھا، تاہم اسما نے کہا کہ البغدادی ان کے ساتھ حسن سلوک کرتا تھا۔

    البغدادی کی بیوی کے مطابق اس نے ایک 13 سالہ عراقی لڑکی سے بھی شادی کر رکھی تھی، وہ خواتین کے جنون میں مبتلا تھا، اوراس نے خلافت کے لیے بنائی ریاست کو زنان خانے میں تبدیل کر دیا تھا۔

    اسما نے کہا ان کے شوہر ذیابیطس کے مریض تھے اور خلافت کے اعلان کے بعد وہ اپنی خواہشات میں مبتلا ہو گیا تھا، وہ اپنی ایسی ریاست کے حصول کا خواہش مند تھا جو یورپ میں روم تک پہنچ جائے۔ اہلیہ کا کہنا تھا کہ ان کی اپنے شوہر سے ملاقات شاذ و نادر ہی ہوتی تھی کیوں کہ وہ ہر وقت حرکت میں رہتا تھا۔

  • امریکا کا البغدادی کی ہلاکت سے متعلق ویڈیو جاری کرنے کا فیصلہ

    امریکا کا البغدادی کی ہلاکت سے متعلق ویڈیو جاری کرنے کا فیصلہ

    واشنگٹن: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے داعش سربراہ البغدادی کے خلاف چھاپا مار کارروائی کی ویڈیو کے بعض حصے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکا کے صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے شام میں سخت گیر جنگجو گروپ داعش کے سربراہ ابوبکرالبغدادی کے خلاف اپنے فوجیوں کی چھاپا مار کارروائی کی ویڈیو کے بعض حصے جاری کرنے کا اعلان کیا ہے۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق صدر ٹرمپ نے واشنگٹن سے شکاگو روانہ ہوتے وقت گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ہم اس (ویڈیو) کے بعض حصے لے کر جاری کر سکتے ہیں۔

    امریکا کے خصوصی دستوں کی ہفتے کو شام میں چھاپا مار کارروائی میں البغدادی اپنے تین بچوں اور بعض ساتھیوں سمیت مارے گئے تھے۔

    صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اتوار کو اس چھاپا مار کارروائی کی تفصیل بیان کی تھی اور بتایا تھا کہ امریکی فوجیوں نے ابوبکر البغدادی کو ایک سرنگ میں مسدود کردیا تھا۔

    داعش رہنما ابوبکربغدادی کی باقیات کو ٹھکانے لگا دیا گیا

    اس کے بعد انھوں نے خود کو اپنے تین بچوں سمیت دھماکے سے اڑا دیا تھا۔ انھوں نے کہا کہ وہ کتے کی موت مراہے۔ یوں صدر ٹرمپ نے اپنے پیش رو صدور سے ایک مختلف آہنگ و انداز میں اپنے ایک مخالف کی موت کا اعلان کیا تھا۔

    ان کے بہ قول داعش کے سربراہ نے اپنی خود کش جیکٹ کو دھماکے سے اڑایا تھا۔ امریکی فوجی ان کا پیچھا کررہے تھے اور اس وقت وہ موت کی بند سرنگ میں پھنس کر رہ گئے تھے۔ ان کی شناخت ہلاکت کے بعد ڈی این اے ٹیسٹ سے ہوئی تھی۔

  • داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی زندہ ہے: قریبی ساتھی کا انکشاف

    داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی زندہ ہے: قریبی ساتھی کا انکشاف

    بغداد: داعش کے سربراہ ابوبکر البغدادی کے زندہ ہونے کی ایک اور خبر سامنے آگئی ہے، البغدادی کے ایک قریبی ساتھی نے انکشاف کیا ہے کہ وہ زندہ ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق عراق میں سپریم جوڈیشل کونسل نے کہا ہے کہ تحقیقات کی مرکزی عدالت نے داعش سربراہ کے ایک قریبی ساتھی کے اعترافات کا اندراج کیا ہے۔

    کونسل کے مطابق ملزم نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے گزشتہ جولائی کو البغدادی سے آخری بار ملاقات کی تھی اور اس سے قبل ان کی ملاقاتیں تسلسل کے ساتھ ہوتی رہی ہیں۔

    کونسل کا کہنا تھا کہ ملزم کے اعتراف کے مطابق وہ داعش کی نگرانی کرنے والی جنرل کمیٹی کا رکن ہے اور کئی مزید عہدوں پر کام کیا ہے۔

    کونسل کے نمائندے کا کہنا تھا کہ مذکورہ ملزم کو ترکی میں گرفتار کیا گیا ہے جس میں ترک سیکورٹی اداروں اور عراقی انٹیلی جنس کی مشترکہ کوششیں شامل تھیں۔ کونسل نے کہا کہ البغدادی کے حالیہ مقام کے بارے میں متضاد معلومات ہیں۔ واضح رہے کہ امریکی سلامتی اداروں کا کہنا ہے کہ شام اور عراق میں داعش پر قابو پانے کے باوجود تنظیم اب بھی ایک خطرہ ہے۔

    خیال رہے کہ داعش کے سربراہ کے زندہ ہونے کی خبریں اس سے قبل بھی آتی رہی ہیں تاہم ان کی طرف سے کوئی آڈیو یا ویڈیو پیغام جاری نہیں ہوا۔ رواں سال فروری میں عراقی انٹیلی جنس چیف نے کہا تھا کہ البغدادی شام میں موجود ہیں اور ایک فضائی حملے میں ان کی ٹانگ زخمی ہوچکی ہے۔

    داعش کا سربراہ ابوبکر البغدادی زندہ ہے، کرد حکام

    دوسری طرف فرانسیسی فوج کے سربراہ فرانسوا لیوکوانٹا نے کہا ہے کہ سوچ بھی نہیں سکتے کہ امریکی فوج داعش کا خاتمہ کرنے سے قبل شام سے نکل جائے گی۔ ہماری اولین ترجیح داعش کا خاتمہ ہے اس لیے امریکیوں کے ساتھ ہمارا شام میں رہنا ضروری ہے۔ امریکی فوج شام سے کبھی نہیں جائے گی۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ماہ کے آغاز میں امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اعلان کیا تھا کہ امریکا جلد ہی شام میں موجود اپنے فوجیوں کو وطن واپس بلا لے گا۔ فرانسیسی فوج کے سربراہ کا کہنا تھا کہ مجھے نہیں لگتا کہ داعش کو شکست دیے بغیر امریکی ملک چھوڑیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔