Tag: الرٹ جاری

  • دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری ، لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

    دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری ، لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ

    لاہور : پنجاب کے تین دریاؤں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کے خطرے کے پیش ںظر الرٹ جاری کردیا گیا ، جس میں لاہور ، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ظاہر کیا گیا ہے.

    تفصیلات کے مطابق وبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے دریائے ستلج، راوی، چناب اور ملحقہ ندی نالوں میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا الرٹ جاری کردیا۔

    ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ 5 ستمبر تک دریائے راوی، ستلج اور چناب میں انتہائی اونچے درجے کے سیلاب کا خدشہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ دریائے ستلج میں ہریکے ڈاؤن اسٹریم اور گنڈا سنگھ والا کے مقام پر اونچے درجے کے سیلاب کی صورتحال برقرار ہے، جبکہ دریائے چناب ہیڈ تریموں کے مقام پر بھی انتہائی اونچے درجے کا سیلاب ریکارڈ کیا گیا ہے۔

    ادارے نے خبردار کیا ہے کہ 3 ستمبر تک دریاؤں کے بالائی حصوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے جس کے باعث پانی کے بہاؤ میں مزید اضافہ ہوسکتا ہے۔

    مزید برآں، اگلے 72 گھنٹوں میں لاہور، گوجرانوالہ اور گجرات میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

    پی ڈی ایم اے پنجاب نے متعلقہ اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز اور کمشنرز کو ہائی الرٹ رہنے کی ہدایت جاری کی ہے۔ ان میں لاہور، ساہیوال، ملتان، بہاولپور، ڈیرہ غازی خان، قصور، اوکاڑہ، پاکپتن، وہاڑی، بہاولنگر، لودھراں اور مظفرگڑھ شامل ہیں۔

    پی ڈی ایم اے کی جانب سے لوکل گورنمنٹ، محکمہ زراعت، آبپاشی، صحت، جنگلات، لائیو اسٹاک اور ٹرانسپورٹ سمیت تمام متعلقہ محکموں کو بھی الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق حساس مقامات پر ریسکیو ٹیموں کو تعینات کرنے اور شہریوں کو موسلادھار بارش کی صورت میں بروقت آگاہ کرنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    ڈائریکٹر جنرل پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ ضلعی انتظامیہ اور ریسکیو اداروں کے ساتھ تعاون کریں تاکہ کسی بھی ہنگامی صورتحال سے بروقت نمٹا جا سکے۔

  • ملک بھر میں 23 تا 30 اگست شدید بارشوں کا نیا الرٹ جاری

    ملک بھر میں 23 تا 30 اگست شدید بارشوں کا نیا الرٹ جاری

    اسلام آباد : ملک بھر میں شدید بارشوں اور ممکنہ سیلابی صورت حال کا نیا الرٹ جاری کردیا گیا، لینڈ سلائیڈنگ اور نالوں میں طغیانی کا خطرہ لاحق ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق نیشنل ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے ) نے 23 سے 30 اگست تک ملک کے مختلف علاقوں میں شدید بارشوں ا ور ممکنہ سیلابی صورت حال کا الرٹ جاری کردیا۔

    این ڈی ایم اے کے این ای او سی نے ملک کے مختلف علاقوں میں موسمی صورتحال سے متعلق عوم کو ممکنہ خطرے سے آگاہ کردیا۔

    این ای او سی کے مطابق پاکستان میں بارش برسانے والے تین موسمی سلسلے داخل ہو رہے ہیں، 23 تا 30 اگست کے دوران ملک کے بیشتر علاقوں میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    23تا 25 اگست اسلام آباد، کشمیر، خیبر پختونخوا اور پنجاب میں شدید بارشیں متوقع ہیں، شہری اور نشیبی علاقوں میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں بارشوں کے باعث لینڈ سلائیڈنگ کا شدید خطرہ ہے، پنجاب کے شمال مشرقی اضلاع میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    اس کے علاوہ راولپنڈی، اٹک، جہلم، میانوالی، خوشاب اور سرگودھا میں بارشیں متوقع جبکہ سیالکوٹ، گجرات، حافظ آباد اور منڈی بہاؤالدین میں بارش کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال کا خطرہ ہے۔

    لاہور، فیصل آباد، ملتان، گوجرانوالہ اور نارووال میں نشیبی علاقے زیر آب آنے کا خدشہ ہے، تلہ گنگ اور چکوال میں شدید بارشیں اور سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔

    جاری ہونے والے الرٹ کے مطابق ڈیرہ غازی خان، ڈیرہ اسماعیل خان اور راجن پور کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے جبکہ خیبرپختونخوا میں 23 تا 27 اگست ممکنہ بارشوں کے باعث ندی نالوں میں طغیانی متوقع ہے۔

    این ڈی ایم اے کے مطابق خیبرپختونخوا کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ اور ، چترال، دیر، سوات، شانگلہ اور مانسہرہ میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

    بٹگرام، ایبٹ آباد، ملاکنڈ، پشاور، چارسدہ اور نوشہرہ، مردان، ڈیرہ اسماعیل خان، ٹانک، بنوں اور لکی مروت میں شدید بارشیں متوقع ہیں۔

    اس کے علاوہ صوابی، مردان، مالاکنڈ اور ہزارہ ڈویژن میں شدید سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، جبکہ آزاد کشمیر میں مظفرآباد، راولا کوٹ اور باغ میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ درپیش ہے۔

    حویلی، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش کے باعث ممکنہ طور پر سیلابی صورتحال پیدا ہوسکتی ہے، 23تا 27 اگست گلگت بلتستان میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ گلگت، سکردو، ہنزہ، غذر اور دیامر میں شدید بارشیں متوقع ہیں جبکہ استور، گانچھے اور شگر میں لینڈ سلائیڈنگ سے رابطہ سڑکیں متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔

    جاری ہونے والے الرٹ کے مطابق سندھ کے ساحلی اضلاع میں 27 تا 30 اگست شدید بارشیں متوقع ہیں، کراچی، ٹھٹہ، سجاول، بدین اور تھرپارکر میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    سندھ کے اندرون اضلاع حیدرآباد، جامشورو، نواب شاہ اور دادو، خیرپور، سکھر، گھوٹکی، لاڑکانہ اور جیکب آباد، شکارپور، کشمور اور شہید بینظیر آباد میں شدید بارشوں کا امکان ہے۔

    بلوچستان کے اضلاع لسبیلہ، خضدار اور آواران میں موسلادھار بارشیں جبکہ قلات، گوادر، تربت، کیچ اور پنجگور میں طوفانی ہواؤں کے ساتھ بارشیں متوقع ہیں۔

    کوئٹہ، زیارت، ژوب، لورالائی اور بارکھان میں 24 تا 25 اور 27 تا 30 اگست بارشیں متوقع ہیں، موسیٰ خیل، ڈیرہ بگٹی اور کوہلو میں وقفے وقفے سے بارش کا امکان ہے۔

    ڈیرہ مراد جمالی، اوستہ محمد، ڈیرہ بگٹی اور آواران میں سیلابی صورتحال کا خدشہ ہے، نصیر آباد، کیچ اور لہری میں بارشوں کے باعث ممکنہ سیلابی صورتحال درپیش ہے۔

    ڈیموں میں پانی کی مزید گنجائش نہ ہونے سے دریاؤں کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے، دریائے سندھ میں تونسہ، گڈو اور کالا باغ پر پانی کا بہاؤ 5 لاکھ کیوسک تک متوقع ہے۔

    اس کے علاوہ دریائے راوی اور چناب کے ملحقہ علاقوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے شہریوں کو ہدایت دی ہے کہ کسی بھی ایمرجنسی کی صورت میں مقامی انتظامیہ سے فوری رابطہ کریں۔

    ترجمان این ڈی ایم اے کے مطابق محکمہ متاثرہ علاقوں میں امدادی کارروائیوں کی مسلسل نگرانی کر رہا ہے، تمام متعلقہ ادارے ہنگامی صورتحال سے نمٹنے کے لیے اقدامات یقینی بنا رہے ہیں۔

    مزید بارشوں کی صورت میں لینڈ سلائیڈنگ کے واقعات میں اضافے کا خدشہ ہے، این ڈی ایم اے نے ہدایت دی ہے کہ شہری بارشوں اور سیلاب کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی اقدامات اپنائیں، سیاح حضرات بھی خصوصی طور پر شمالی علاقہ جات کا سفر کرنے سے گریز کریں۔

  • سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ، کونسے علاقے متاثر ہوں گے ؟

    سعودی عرب میں شدید بارشوں کا الرٹ، کونسے علاقے متاثر ہوں گے ؟

    سعودی عرب میں محکمہ شہری دفاع کی جانب سے مملکت کے کچھ علاقوں میں آئندہ بدھ تک گرج چمک کے ساتھ بارش کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    سعودی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایکس اکاونٹ پر اپنے بیان میں محکمہ شہری دفاع نے کہا کہ مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار بارش کے ساتھ ژالہ باری اور گرد آلود ہوائیں چلنے کا امکان ہے۔

    رپورٹس کے مطابق طائف، میسان، اضم، مکہ مکرمہ شہر، العرضیات، اللیث، القنقذہ، الجموم، الکامل، بحرہ، الموہ، تربہ، الخرمہ اور رنیہ میں بارشیں ہوں گی۔

    عسیر، جازان، الباحہ اور نجران ریجن کے علاقے بھی درمیانے درجے سے شدید بارش سے متاثر ہوں گے جبکہ ریاض اور مدینہ ریجن میں ہلکی سے درمیانے درجے کی بارش ہوسکتی ہے۔

    محکمہ شہری دفاع نے اپنے بیان میں شہریوں کو احتیاطی تدابیر کے ساتھ خود کو محفوظ مقامات تک محدود رکھنے کا مشورہ دیا ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ’سیلاب سے متاثرہ مقامات، وادیوں اور نشیبی مقامات سے دور رہیں۔ ایسے مقامات پر جہاں بارش کا پانی جمع ہو تیراکی سے گریز کیا جائے‘۔

    سرکاری چینلز اور سوشل میڈیا پلیٹ فارمز کے ذریعے اعلان کردہ شہری دفاع کی ہدایات پر عمل کیا جائے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز سعودی عرب کے سیاحتی شہر ابھا میں افسوسناک حادثہ رونما ہوا، آسمانی بجلی گرنے سے 2 خواتین جاں بحق جبکہ ایک شدید زخمی ہوگئیں، زخمی خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال میں داخل کردیا گیا ہے۔

    متاثرہ خاندان کے رشتہ دار کا کہنا ہے کہ ہم 2 خاندان القریات سے سیر و تفریح کی غرض سے ابھا کے ایک تفریحی مقام پر موجود تھے۔

    اسی دوران اچانک آسمانی بجلی گری جس کی زد میں آکر ایک رشتہ دار خاتون اور اس کی 22 سالہ بیٹی موقع پر ہی جان کی بازی ہار گئیں۔

    سعودی عرب کے اسپتال نے عالمی ریکارڈ بنا لیا!

    الشراری کے مطابق خاندان کی ایک اور بیٹی بھی حادثے کے وقت وہیں موجود تھی جو بجلی گرنے سے زخمی ہوگئی۔ اسے تشویشناک حالت میں اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔

  • راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، الرٹ جاری

    راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، الرٹ جاری

    راولپنڈی(19 جولائی 2025): راولپنڈی شہر اور کینٹ کو پینے کا پانی سپلائی کرنے والے راول ڈیم میں پانی کی سطح انتہائی بلند ہوگئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق راول ڈیم میں پانی کی سطح خطرے کے نشان کے قریب پہنچ گئی، راول ڈیم میں پانی کی سطح ایک ہزار 749 فٹ تک پہنچ گئی ہے تاہم اس ڈیم کی حد ایک ہزار 752 فٹ ہے۔

    انتظامیہ نے نشیبی علاقے کے مکینوں کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کی ہے جبکہ کل صبح 6 بجے سے 5 گھنٹے کیلئے ڈیم کے اسپل وےکھول دیے جائیں گے۔

    این ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ راول ڈیم پرپانی کی سطح 1748.40 فٹ پر پہنچ گئی ہے، ڈیم کی سطح  1746 فٹ تک برقرار رکھنے کیلئے اسپل ویز کھولے جائیں گے۔

    این ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا کہ ‏عوام واٹر فرنٹ سے دور رہیں اوت اسپل ویز کے قریب فوٹو گرافی یا تفریح سے گریز کریں۔

  • شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    شدید بارشوں اور سیلاب کا خطرہ، پی ڈی ایم اے کا الرٹ جاری

    ملک کے بیشتر علاقوں میں آج بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے، محکمہ موسمیات نے خیبر پختونخوا میں سیلاب کا خطرہ طاہر کیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کی رپورٹ کے مطابق محکمہ موسمیات نے آئندہ چوبیس گھنٹے کے دوران کراچی، کوئٹہ، لاہور، اسلام آباد، پشاور سمیت ملک کے بیشترعلاقوں میں کہیں ہلکی کہیں تیز بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    موسم کا حال بتانے والوں کا کہنا ہے کہ کشمیر، گلگت بلتستان میں بھی موسلا دھار بارش سے ندی اور نالوں میں شدید طغیانی کا خطرہ ہے۔

    پی ڈی ایم اے کے مطابق کے پی میں 24 سے 48 گھنٹوں کے دوران مزید موسلا دھار بارش کا امکان ہے، سوات، چترال، ایبٹ آباد، مانسہرہ، پشاور، بنوں اور وزیرستان میں سیلاب کی صورتحال کا خدشہ ہے۔

    اس کے علاوہ دریائے سوات، پنجکوڑا اور ندیوں میں پانی کی سطح میں مزید اضافہ متوقع ہے، دریائے کابل میں کم درجے کے سیلاب کی صورتحال پیدا ہونے کا قوی امکان ہے۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اور مقامی ندی نالوں میں طغیانی کا خدشہ ہے، ضلعی انتظامیہ کو پیشگی اقدامات اٹھانے کے لیے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    ترجمان کے مطابق سیلابی صورتحال کو مدنظر رکھتے ہوئے مقامی انتظامیہ کو حساس مقامات اور شاہراہوں پر ٹریفک کنٹرول کے لیے اقدامات کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    مزید پڑھیں : شمالی علاقہ جات میں جھیلیں پھٹنے اور سیلاب کا خطرہ

    یاد رہے کہ س سے قبل بھی این ڈی ایم اے نے شمالی علاقوں میں شدید گرمی اور مون سون بارشوں کے باعث گلیشیئر پھٹنے اور سیلاب کا انتباہ جاری کیا تھا۔

    جس میں کہا گیا تھا کہ شدید گرمی اور مون سون بارشوں سے گلیشیئر پھٹنے کا خطرہ بڑھ گیا ہے، گلیشیئر پھٹنے کے باعث سڑکوں اور پلوں کو نقصان کا اندیشہ ہے۔

  • بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں موسلا دھار بارشوں کا الرٹ جاری

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں مون سون بارشوں کا سلسلہ جاری ہے، ایسے میں آئی ایم ڈی نے کئی ریاستوں میں موسلادھار بارشوں کی پیش گوئی کی ہے۔

    غیر ملکی ذرائع ابلاغ کے مطابق بھارت کے محکمہ موسمیات (IMD) کا کہنا ہے کہ جنوب مغربی مون سون مسلسل بھارت کی طرف بڑھ رہا ہے، آئی ایم ڈی نے گرج چمک اور تیز ہواؤں کی وارننگ کے ساتھ موسلا دھار بارشوں کا انتباہ دیا ہے۔

    آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ آنے والے چند دنوں میں مدھیہ پردیش، چھتیس گڑھ، جھارکھنڈ، بہار اور اوڈیشہ میں بہت زیادہ بارش ہوسکتی ہے،اس وقت، مون سون ان علاقوں میں سرگرم ہے جس میں بڑے پیمانے پر بارش ہونے کی توقع ہے۔

    رپورٹس کے مطابق آسام اور میگھالیہ میں آج اور کل موسلا دھار بارش کا امکان ہے۔ مشرقی مدھیہ پردیش، گجرات کے علاقے اور بہار کے کچھ حصے بھی بارش سے متاثر ہوسکتے ہیں۔

    مغربی بھارت میں آئی ایم ڈی نے 22 اور 24 جون کے درمیان خاص طور پر گجرات، کونکن اور گوا، اور مدھیہ مہاراشٹرا میں، 26 جون تک جاری رہنے والی بارش میں مزید اضافے کی پیش گوئی کی ہے۔

    دہلی میں آج آسمان عام طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے اور آج ہلکی بارش اور گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔ 50 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے تیز ہوائیں چل سکتی ہیں۔ آئی ایم ڈی نے پیش گوئی کی ہے کہ مون سون 24 جون تک دہلی پہنچ سکتا ہے۔

    بھارت کی مختلف ریاستوں میں طوفانی بارشوں سے سیلابی صورتحال

    رپورٹس کے مطابق ہماچل پردیش، اتراکھنڈ، پنجاب، ہریانہ، اور مشرقی راجستھان سمیت شمال مغربی ریاستوں کو 20 اور 26 جون کے درمیان بارش کے لیے الرٹ پر رکھا گیا ہے۔ ان علاقوں میں بارش کی سرگرمیوں میں بتدریج اضافہ متوقع ہے۔

  • ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے

    ایران نے اسرائیل پر درجنوں میزائل داغ دیئے

    تہران : ایران  نے اسرائیل پر جوابی حملہ کرتے ہوئے درجنوں میزائل داغ دیئے، حملوں میں اسرائیل کی اہم تنصیبات کو نشانہ بنایا جارہا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق ایرانی میزائل حملوں کے بعد اسرائیل بھر میں سائرن گونج اٹھے۔ ایرانی میزائلوں کو اردن میں روکا جارہا ہے۔

    ایرانی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایران اسرائیلی حیفا بندرگاہ ،اشکلون اور اوروٹ پاور پلانٹس پر حملے کرے گا۔

    ایرانی سرکاری ٹی وی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اسرائیل میں فوجی اہداف کو نشانہ بنایا جارہا ہے، میزائل اور ڈرون حملوں میں اسرائیلی فوجی تنصیبات کو شدید نقصان پہنچا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایران نے اسرائیل پر سیکڑوں میزائلوں اور ڈرونز سے حملہ کردیا، جس میں اب تک 14اسرائیلی زخمی ہونے کی اطلاعات ہیں جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ ایرانی جوابی حملوں میں اہم اہداف کو ہٹ کیا گیا، ایران نے دعویٰ کیا ہے کہ اسرائیلی دفاعی نظام میزائلوں اور ڈرونز کو نہ روک سکا۔

    ایران کے سرکاری میڈیا نے بتایا ہے کہ تازہ حملے میں ایران نے اسرائیل پر 100 سے زائد میزائل داغ دیے، مختلف علاقوں میں میزائلوں کا ملبہ گرنے اور آگ لگنے کی اطلاعات ملی ہیں۔

    دوسری جانب پاسدارانِ انقلاب نے کہا ہے کہ آپریشن وعدہ صادق سوم کے دوسرے مرحلے میں ایرانی افواج نے اسرائیل پر میزائل اور ڈرونز داغے، یہ حملہ اسرائیل کے تازہ فضائی حملوں کے جواب اور ایران کے دفاع اور سلامتی کے تحفظ کیلئے کیا گیا ہے۔

    اسرائیلی فوج نے لوگوں کو محفوظ پناہ گاہوں میں جانے کا حکم دے دیا، ایران کے حملوں کے خطرے کے پیش نظر اسرائیلی حکومت نے شہریوں کیلیے الرٹ جاری کردیا ہے، اسرائیلی حکومت نے شہریوں کو محفوظ پناہ گاہوں کے قریب رہنے کی ہدایت دی ہے۔

    اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ تمام شہری محفوظ مقامات کے قریب رہیں اور شہری اگلے نوٹس تک پناہ گاہوں سے دور نہ جائیں۔

    خبر رساں ادارے الجزیرہ کی جانب سے جاری تصدیق شدہ ویڈیو میں اسرائیل کے آسمانوں پر ایرانی میزائل آتے ہوئے دکھائی دے رہے ہیں۔

    یہ ویڈیو سوشل میڈیا پر پوسٹ کی گئی ہے جس میں شمالی اسرائیل کی فضا میں ایرانی کروز میزائلوں کو باآسانی دیکھا جا سکتا ہے۔

    دوسری جانب ایرانی فوج کا کہنا ہے کہ اس نے جارح صیہونی حکومت کے حملوں کے جواب میں کامیابی سے اسرائیلی اہداف کو نشانہ بنایا ہے۔ ایران کی مسلح افواج صیہونی دشمن کو بھاری ضربیں لگائیں گی۔

    مزید پڑھیں : ایران کا اسرائیل کے خلاف بہت جلد بڑی کارروائی کا فیصلہ

    اس سے قبل ایک بیان میں ایرانی حکومت کا کہنا تھا کہ اسرائیل نے ایران پر حملوں کی نئی لہرشروع کر دی ہے، اسرائیلی حملوں کے بعد ایران کے کئی شہروں میں ایئر ڈیفنس سسٹم متحرک کردیا گیا۔

    غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق ایرانی شہروں میں دھماکوں کی آوازیں سنی جارہی ہیں، تہران، بندرعباس ،تبریز، اصفہان، ہرمزگان، کرمانشاہ، مغربی آذربائیجان پر اسرائیلی فوج کی جانب سے حملے کیے گئے۔

  • ملک میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

    ملک میں شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری

    کراچی: محکمہ موسمیات کی جانب سے ملک میں آئندہ ہفتے شدید گرمی کی لہر کا الرٹ جاری کردیا گیا ہے، 9 سے 12 جون اسلام آباد، بالائی پنجاب میں درجہ حرارت 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق کے پی، کشمیر، جی بی میں درجہ حرارت معمول سے 5 سے 7 ڈگری زیادہ رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، جنوبی پنجاب، سندھ، بلوچستان میں درجہ حرارت4 سے 6 ڈگری زیادہ رہنے کا امکان ہے۔

    لاہور، ملتان، فیصل آباد، پشاور میں درجہ حرارت 44 سے 45 ڈگری تک پہنچنے کی توقع ہے، سندھ، جنوبی پنجاب، بلوچستان میں شدید گرمی، گرد آلود ہواؤں کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات نے چترال، دیر اور بالائی علاقوں میں شام یا رات کو ہلکی بارش کی پیشگوئی کی ہے جبکہ پنجاب کے بیشتر علاقوں میں گرم وخشک موسم، دوپہر کے بعد گرد آلودہواؤں کا امکان ہے۔

    کشمیر،جی بی میں موسم گرم و خشک، شام کو جی بی میں مطلع جزوی ابرآلود رہنے کی توقع ظاہر کی جارہی ہے۔

    دوسری جانب محکمہ موسمیات نے پاکستان میں مون سون بارشوں کے حوالے سے خطرے کی گھنٹی بجادی ہے۔

    مون سون سے متعلق فیڈرل فلڈ کمیشن کا اجلاس ہوا، اجلاس کی صدارت وفاقی وزیرآبی وسائل میاں معین وٹو نے کی، سیکرٹری آبی وسائل، چیئرمین فلڈکمیشن اجلاس میں شریک ہوئے۔

    اجلاس میں مون سون سے قبل تیاریوں اورخطرات کا جائزہ لیا گیا، محکمہ موسمیات نے بتایا کہ جولائی تا ستمبر معمول سے زیادہ بارش کاامکان ہے، شمال مشرقی پنجاب،کشمیر میں زیادہ بارش متوقع ہے۔

    درجہ حرارت مزید بڑھ سکتا ہے، محکمہ موسمیات کا انتباہ

    اجلاس میں بریفنگ میں کہا گیا کہ شمالی خیبرپختونخوا،گلگت بلتستان میں کم بارش کاامکان اور ملک بھر میں درجہ حرارت زیادہ رہنے کی توقع ہے، درجہ حرارت بڑھنے سے موسمی خطرات میں اضافہ ہو سکتا ہے جبکہ شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے۔

  • سوشل میڈیا ایپس کے پاسورڈز چوری، الرٹ جاری

    سوشل میڈیا ایپس کے پاسورڈز چوری، الرٹ جاری

    نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے سوشل میڈیا صارفین کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے جس میں مختلف ایپس کے پاسورڈ چوری ہونے کی اطلاع دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق نیشنل سائبر ایمرجنسی ریسپانس ٹیم نے سوشل میڈیا صارفین کے لیے الرٹ جاری کر دیا ہے جس میں بتایا گیا ہے کہ گوگل، مائیکرو سافٹ اور فیس بک سمیت سوشل میڈیا ایپس کے پاسورڈز چوری ہو گئے ہیں۔

    سائبر ایمرجنسی الرٹ میں بتایا گیا ہے کہ سوشل میڈیا ایپس کا ایک ارب 80 کروڑ ریکارڈ لیک ہو چکا ہے۔ اس لیک ہونے والے ریکارڈ میں 18 کروڑ 14 لاکھ پاسورڈز شامل ہیں۔

    نیشنل سائبر ایمرجنسی نے صارفین سے کہا ہے کہ وہ فوری طور پر حساس ایپس کے پاسورڈز تبدیل کر دیں اور انکے لیے دُہری تصدیق کا طریقہ اپنائیں۔

    سائبر ایمرجسی نے صارفین کو یہ بھی ہدایت کی ہے کہ وہ مشکوک لنکس پر کلک نہ کریں اور اپنے اکاؤنٹس مانیٹر کریں۔

    https://urdu.arynews.tv/secp-cyber-attacks-advisory-issued/

  • معمول سے 62 فیصد کم بارشیں، خشک سالی کا الرٹ جاری

    معمول سے 62 فیصد کم بارشیں، خشک سالی کا الرٹ جاری

    محکمہ موسمیات نے پاکستان میں 62 فیصد تک معمول سے کم بارشوں کے باعث خشک سالی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق محکمہ موسمیات نے پاکستان میں یکم ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک معمول سے 62 فیصد تک کم بارشیں ہونے کے باعث ملک میں خشک سالی کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    محکمہ موسمیات کے جاری اعداد وشمار کے مطابق یکم ستمبر 2024 سے 21 مارچ 2025 تک پاکستان بھر میں مجموعی طور پر 40 فیصد کم بارشیں ہوئی ہیں۔

    سب سے کم بارشیں صوبہ سندھ میں ہوئیں جہاں اسی مدت کے دوران معمول سے 62 فیصد کم بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ اس کے بعد بلوچستان صوبے میں بھی 52 فیصد کم بارش ہوئی۔

    صوبہ پنجاب میں معمول سے 38 فیصد، خیبر پختونخوا میں معمول سے 35 فیصد اور آزاد کشمیر میں معمول سے 29 فیصد کم بارشیں ہوئیں۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق حالیہ بارشوں سے وسطی اور بالائی علاقوں میں خشک سالی کی صورتحال بہتر ہوئی۔ تاہم سندھ اور بلوچستان کے جنوبی حصوں اور پنجاب کے مشرقی میدانی علاقوں میں خشک سالی برقرار ہے۔

    محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ تربیلا اور منگلا ڈیموں میں پانی کی شدید قلت ہے جبکہ رواں سال مارچ میں جنوبی علاقوں میں اوسط درجہ حرارت معمول سے 2 سے 3 ڈگری زیادہ ہے۔

    محکمہ موسمیات نے بتایا کہ کچھ جنوبی علاقوں میں مسلسل خشک دنوں کی تعداد 200 سے بھی تجاوزکر چکی ہے، خشک سالی سے متاثرہ علاقوں میں صورتحال مزید بگڑ سکتی ہے۔