Tag: الرٹ جاری

  • اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری

    اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری

    اسلام آباد : وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کردیا گیا، جس میں کہا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم شدت پسند تنظیمیں اور دشمن ایجنسیاں حملہ کرسکتی ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارلحکومت اسلام آباد میں سیکیورٹی صورتحال سے متعلق الرٹ جاری کر دیا گیا ہے۔

    اس حوالے سے جاری مراسلے میں کہا گیا ہے کہ نیشنل پریس کلب اسلام آباد کے سامنے بلوچ یکجہتی کمیٹی کا احتجاج ریڈ زون کے قریب تین ہفتے سے جاری ہے، بلوچستان شہدا فورم کا احتجاجی کیمپ بھی نیشنل پریس کلب کے سامنے لگا ہوا ہے۔

    مراسلے میں کہنا ہے کہ پاکستان ایران کشیدگی کی وجہ سے صورتحال گھمبیر ہوچکی ہے، صورتحال کا ریاست مخالف عناصر اور دہشت گرد تنظیمیں فائدہ اٹھا سکتی ہیں۔

    مراسلے میں خبردار کیا گیا ہے کہ بلوچستان میں سرگرم شدت پسند تنظیمیں اور دشمن ایجنسیاں حملہ کرسکتی ہیں۔۔ بلوچستان شہدا فورم کے جمال رئیسانی کو پہلے ہی دھمکیوں کا سامنا ہے ساتھ ہی سیکیورٹی پر تعینات اہلکار بھی دہشت گردوں اور دشمن ایجنسیوں کا ہدف بن سکتے ہیں۔

  • امریکا میں برفانی طوفان کا الرٹ جاری

    امریکا میں برفانی طوفان کا الرٹ جاری

    امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں آج برفانی طوفان کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔ اس حوالے سے الرٹ جاری کردیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق امریکا کے مشرقی ساحلی علاقوں میں برفانی طوفان سے سفری بحران پیدا ہونے کا خطرہ ہے۔ گنجان آباد علاقوں میں برفباری سے بجلی معطل اور درخت گرنے کا بھی خدشہ ہے۔

    نیشنل ویدر سروس کے مطابق برفانی طوفان کی وجہ سے مشرقی ساحلی علاقوں میں سفر ناممکن ہوسکتا ہے۔ امریکی ماہرین موسمیات کا کہنا ہے کہ برفانی طوفان سے تقریباً ڈھائی کروڑ افراد متاثر ہوسکتے ہیں۔

    دوسری جانب سعودی محکمہ موسمیات نے شمالی سرحدی علاقے میں شدید دھند کے باعث ریڈ الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا تھا کہ پورا علاقہ شدید دھند کی لپیٹ میں ہے۔

    کینیڈا کے ورک پرمٹ کے نظام میں اہم تبدیلیاں

    رپورٹ کے مطابق العوقلیہ کا علاقہ دھند سے زیادہ متاثر ہے جب کہ دیگر شہر بھی دھند کی لپیٹ میں ہیں۔ شدید دھند کی وجہ سے حد نگاہ ایک کلومیٹر تک کم ہو گئی ہے۔

  • سعودی عرب: شہریوں اور غیر ملکیوں کیلئے الرٹ جاری

    سعودی عرب: شہریوں اور غیر ملکیوں کیلئے الرٹ جاری

    سعودی محکمہ شہری دفاع نے شہریوں اور مقیم غیر ملکیوں کو خبردار کیا ہے کہ وہ بارشوں اور سیلاب کے دوران وادیوں کو عبور نہ کریں اور محتاط رہیں۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق سیلابی ریلے کے وقت وادی کو عبور کرنا اپنی جان کو خطرے میں ڈالنے کے مترادف ہے۔

    محکمہ شہری دفاع کے ترجمان کرنل محمد الحمادی کا اس حوالے سے مزید کہنا تھا کہ ملک کی کئی وادیوں میں پانی جمع ہو گیا ہے، جب کہ شدید بارشوں کے باعث کئی شہروں میں سیلابی ریلے موجود ہیں۔

    اُن کا مزید کہنا تھا کہ قانون کے مطابق سیلابی ریلے کے دوران وادی عبور کرنے پر 10 ہزار ریال جرمانہ ہوگا۔ ”سیلابی ریلے کے دوران وادی کو عبور کرنے کے خطرے کے بارے میں آگاہ کرنا ہمارے فرائض میں شامل ہے“۔

    دوسری جانب سعودی حکومت کی جانب سے سیاحت کے فروغ کے لئے بڑے اقدامات اٹھائے جارہے ہیں، جس کے باعث سعودیہ سیاحت کے فروغ میں 58 فیصد اضافے کے ساتھ عالمی درجہ بندی میں دوسرے نمبر پر پہنچ چکا ہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ اس سال 2023ء کے پہلے سات ماہ کے دوران سیاحوں کی آمد کے لحاظ سے سعودی عرب عالمی سطح پر دوسرے نمبر پر ہے۔

    سعودی پریس ایجنسی کی رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ 2019 کے اسی عرصے کے مقابلے اس سال جولائی کے آخر تک مملکت میں سیاحوں کی تعداد 58 فیصد بڑھ گئی ہے۔

    یہ اعداد و شمار گزشتہ ماہ اقوام متحدہ کے عالمی سیاحتی ادارے سے حاصل کیے گئے تھے، اس کے علاوہ UNWTO کے ورلڈ ٹورازم بیرومیٹر سے حاصل کیے گئے تھے۔

    ریاض نے 27-28 ستمبر کو عالمی یوم سیاحت کی میزبانی کی، جو کہ عالمی سیاحت کے شعبے کے لیے مملکت کے عزم کا عکاس ہے۔

    سعودی وزیر سیاحت احمد الخطیب کا اس حوالے سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ یہ اتنی بڑی کامیابی ”حرمین شریفین کے متولی شاہ سلمان اور ان کے ولی عہد شہزادہ محمد بن سلمان کے تعاون کے بغیر ممکن نہیں تھی“۔

  • ’سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں الرٹ جاری‘

    ’سعودی عرب کے متعدد علاقوں میں الرٹ جاری‘

    سعودی محکمہ شہری دفاع نے مملکت کے مختلف علاقوں میں مسلسل بارش کی پیشگوئی کے پیش نظر الرٹ جاری کردیا ہے، جبکہ شہریوں سے احتیاطی تدابیر اختیار کرنے کا کہا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق محکمہ شہری دفاع کا کہنا ہے کہ سعودی شہری محفوظ مقامات تک خود کو محفوظ رکھیں، بارش یا سیلاب سے جمع ہونے والے پانی سے دور رہیں۔

    محکمہ موسمیات کے قومی مرکز نے پیر سے جمعے تک مملکت کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی ہے۔

    طائف، میسان، اضم اور العرضیات میں گرد آلود تیز ہواؤں کا سلسلہ جمعے تک جاری رہنے کا امکان ہے، مکہ مکرمہ ریجن میں درمیانے درجے سے موسلا دھار تک بارش اور ژالہ باری کے امکانات ہیں۔ جبکہ سیلاب کا بھی خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔

    مکہ مکرمہ شہر، الجموم، الکامل کے علاوہ مدینہ منورہ، شمالی حدود، الجوف، تبوک اور حائل ریجنوں میں گرد آلود تیز ہواؤں کے ساتھ بوندا باندی سے درمیانے درجے تک کی بارش ہوسکتی ہے۔

    بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ عسیر، جازان اور باحہ ریجن بھی گرد آلود ہواؤں کے علاوہ موسلا دھار بارش کی زد میں ہوں گے۔

  • سندھ میں خطرناک وائرس پھیلنے کا خطرہ، الرٹ جاری

    سندھ میں خطرناک وائرس پھیلنے کا خطرہ، الرٹ جاری

    کراچی : پڑوسی ملک بھارت میں پھیلنے والے ’نپاہ‘ نامی خطرناک وائرس کے پاکستان ہر حملے کے پیش نظر محکمہ صحت کے حکام نے ہدایات جاری کردیں۔

    تفصیلات کے مطابق بھارت میں خطرناک وائرس نپاہ کے پاکستان میں پھیلنے کے خدشہ کی وجہ سے محکمہ صحت سندھ نے ہیلتھ ایڈوائزری جاری کردی۔

    محکمہ صحت سندھ نے وائرس کے ممکنہ خطرے کے پیش نظر متعلقہ عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایت کردی ہے۔

    اس سلسلے میں ڈائریکٹر جنرل ہیلتھ سندھ نے تمام اسپتالوں کو مراسلہ ارسال کردیا جس میں ایم ایس، ڈائریکٹرز اور محکمہ لائیواسٹاک کے عملے کو الرٹ رہنے کی ہدایات دی گئی ہیں۔

    محکمہ صحت کا کہنا ہے کہ نپاہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں تیزی سے پھیلتا ہے، اس کی علامات میں بخار، جسم میں درد ،کوما سمیت دیگر شامل ہیں، تاہم سندھ بھر میں تاحال کوئی کیس سامنےنہیں آیا ہے۔

    ’نپاہ‘ وائرس کیا ہے؟

    یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں پھیلتا ہے اور یہ خطرناک وائرس پہلی بار 1998 میں ملائیشیا کے جزائر نما علاقوں میں چمگادڑوں اور بعد ازاں سوئروں میں تشخیص ہوا تھا۔

    مذکورہ وائرس ملائیشیا کے علاقے ’نپاہ‘ میں پہلی بار سامنے آیا، جس وجہ سے اس کا نام بھی یہی رکھا گیا اور جلد ہی مذکورہ وائرس وہاں کے دیگر علاقوں کے جانوروں میں پھیل گیا۔

    بعد ازاں ’نپاہ‘ وائرس آسٹریلیا میں بھی چمگادڑوں اور خنزیروں سمیت دیگر جانوروں میں پایا گیا، جہاں بعض انسان بھی اس میں مبتلا ہوئے۔

    سال 2004 میں ’نپاہ‘ وائرس کی تشخیص بنگلادیش میں بھی ہوئی اور وہاں بھی ابتدائی طور پر اس سے جانور متاثر ہوئے لیکن بعد ازاں یہ انسانوں میں بھی پایا گیا۔

    خیال کیا جاتا ہے کہ یہ وائرس جانوروں سے انسانوں میں آسانی سے منتقل ہونے والا خطرناک وائرس ہے جب کہ یہ ایک سے دوسرے انسان میں بھی منتقل ہوسکتا ہے۔

  • ہندوستان میں نئے وائرس کی انٹری، الرٹ جاری

    ہندوستان میں نئے وائرس کی انٹری، الرٹ جاری

    نئی دہلی: کوروناو ائرس کی وبا سے چھٹکارا حاصل کرنے کے بعد ہندوستان میں ایک نئی وبا نے سر اُٹھا لیا ہے، کیرالہ کے کوزی کوڈ میں بخار سے دو افراد اپنی جان سے ہاتھ دھو بیٹھے، جس کے بعد محکمہ صحت نے نیفا وائرس کا الرٹ جاری کر دیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق شبہ ظاہر کیا جارہا ہے کہ یہ اموات اسی وائرس کے سبب پیش آئی ہیں، مذکورہ وائرس کے سبب دو افراد کی اموات سامنے آنے کے بعد صحت کے حکام میں کھلبلی مچ گئی ہے۔

    یاد رہے کہ اس قبل بھی کوزی کوڈ میں نیفا وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں، بتایا جارہا ہے کہ کیرالہ میں ایک بار پھر نیفا وائرس سر اُٹھا رہا ہے۔

    محکمہ صحت نے اموات کے واقعات رپورٹ ہونے کے ساتھ ہی الرٹ جاری کردیا ہے، سال 2018 میں نیفا وائرس کے جملہ 23 معاملات درج کیے گئے تھے اور درجن بھر سے زائد افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے تھے۔

    نیفا وائرس ایک ایسا وائرس ہے جو جانوروں کے ذریعے انسانوں منتقل ہوجاتا ہے، اس کا سب سے پہلا کیس ملیشیا میں سال 1999 میں سامنے آیا تھا اس کے بعد سنگاپور اور بنگلہ دیش میں بھی اس وائرس کے کیسز سامنے آچکے ہیں۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل کورونا وائرس نے بھارت کو اپنی لپیٹ میں لیا تھا، جس کے سبب ہزاروں افراد اپنی زندگیوں سے محروم ہوگئے تھے۔

  • کراچی میں  موسلادھاربارش کی پیش گوئی،  ایئرپورٹ پر الرٹ جاری

    کراچی میں موسلادھاربارش کی پیش گوئی، ایئرپورٹ پر الرٹ جاری

    کراچی : گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اور آندھی کی پیشگوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی کے کراچی ایئرپورٹ پر متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق مون سون کے متوقع سسٹم کے تحت کراچی میں گرج چمک کے ساتھ موسلادھاربارش اور آندھی کی پیش گوئی کے پیش نظر سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کراچی ائرپورٹ پر پیشگی اقدامات کے احکامات جاری کردیے۔

    کراچی میں دوران بارش تندوتیز ہوائیں(60 کلومیٹراور اس سیزائد) ہوائیں چلنے کی پیش گوئی کی گئی ہے، سی اے اے کے شعبہ ائرسائیڈ نے متعلقہ اداروں کو الرٹ کردیا گیا۔

    سی اے اے کا کہنا ہے کہ ہلکے وزن کے ہوائی جہازوں کو محفوظ مقامات پرمنتقل کیا جائے اور رن ویز اور ٹارمک ایریامیں کسی بھی تصادم کے خدشے کا باعث بننے والے آلات کو بھی حساس مقامات سے حتی الامکان دور جائے۔

    سی اے اے نے ہداہت کی کہ گرج چمک کے ساتھ بارش اور تیز ہواوں کے دوران مختلف قسم کے حشرات الارض کے خاتمے کے لیے اسپرے کویقینی بنایا جائے اور جہازوں سے پرندوں کو دوررکھنے کے لیے اضافی برڈ شوٹرزتعینات کیے جائیں۔

    ائرفیلڈ لائٹنگ پارٹی رن ویز اوراطراف میں موجود تمام برقی آلات کی کاکردگی کو یقینی بنائیں اور ساتھ ہی بارش کے دوران محفوظ آپریشن کے لیے رن وے کی رگڑ/بریکنگ ایکشن کا تعین کرنے کے لیے ٹیمیں ہمہ وقت تیار رہیں۔

    بین الاقوامی اور ملکی سیٹلائٹ ایریا کے عقب میں بارش کے پانی کا بہاوممکن بنایا جائے اور رن ویز کے اطراف میں ہرقسم کے گڑھوں کوبھرنے کا کام فوری مکمل کیا جائے جبکہ فالومی وین کو کسی بھی ہنگامی حالات کے دوران مکمل متحرک رکھاجائے۔

  • پولیس  کا کریک ڈاؤن‌:  پی ٹی آئی کے تمام کارکنوں اور سپورٹرز کو الرٹ جاری

    پولیس کا کریک ڈاؤن‌: پی ٹی آئی کے تمام کارکنوں اور سپورٹرز کو الرٹ جاری

    لاہور: تحریک انصاف نے پولیس کے کریک ڈاؤن‌ کے پیش نظر پی ٹی آئی کے تمام ورکرز کو محفوظ مقامات پر منتقل ہونے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق پولیس کی جانب سے کریک ڈاؤن کے بعد تحریک انصاف نےتمام کارکنوں اور سپورٹرزکو الرٹ جاری کردیا گیا۔

    ذرائع پی ٹی آئی نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی قائدین،کارکنان کےگھروں پرچھاپےمارےجارہےہیں، پولیس نے تقریباً ایک ہزار لوگوں کی لسٹیں 25 مئی کی طرزپربنائی ہیں، پی ٹی آئی کےتمام ورکرزاحتیاط کریں اورمحفوظ مقامات پررہیں۔

    واضح رہے کہ اسلام آباد اور لاہور میں اتوار کی رات گئے پولیس کریک ڈاؤن کے دوران پاکستان تحریک انصاف کے متعدد رہنماؤں کو گرفتار کیا گیا تھا۔

    اسلام آباد اور لاہور پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں کے گھروں اور ڈیروں پر چھاپے مارے۔

    اسلام آباد پولیس نے پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر شبلی فراز، شفقت محمود ، مسرت چیمہ، انجم تنولی، نعمان گجر، راجہ خرم نواز، علی محمد خان اور دیگر کی رہائش گاہوں پر چھاپے مارے۔

    پولیس نے پی ٹی آئی رہنماؤں میاں اسلم اقبال، میاں افضل اقبال اور میاں امجد اقبال کے ڈیروں پر بھی چھاپے مارے۔

    اس کے علاوہ پی ٹی آئی رہنما چوہدری عمر طالب کی رہائش گاہ پر چھاپے دوران پولیس نے طالب کے بھائی چوہدری عمیر اور ایک ملازم حافظ کو گرفتار کر لیا۔

    علاوہ ازیں پولیس نے آئندہ انتخابات میں پی ٹی آئی کے امیدواروں کے گھروں پر بھی چھاپے مارے۔

  • گلیشئر پھٹنے سے متعلق الرٹ جاری  ،  حفاظتی اقدامات کی ہدایت

    گلیشئر پھٹنے سے متعلق الرٹ جاری ، حفاظتی اقدامات کی ہدایت

    چترال : محکمہ موسمیات نے گلگت بلتستان اور چترال میں گلیشئر پھٹنے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ہے ،جس میں مقامی آبادیوں کو الرٹ رہنے اور متعلقہ حکام کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات نے گلیشیئر پھٹنے سے متعلق الرٹ جاری کر دیا ، جس میں کہا ہے کہ موسمیاتی سسٹم جی بی اور چترال میں 2ہفتے تک موجود رہنے کا امکان ہے اور زیادہ درجہ حرارت کی وجہ سے گلیشیر پھٹنے کے امکانات ہیں۔

    محکمہ موسمیات نے موجودہ صورتحال کے پیش نظر مقامی آبادیوں کو الرٹ رہنے اور متعلقہ حکام کو احتیاطی اقدامات کی ہدایت کردی ہے۔

    دوسری جانب چترال کے علاقوں میں گلیشئر پھٹنے کے خدشات کے پیش نظر پی ڈی ایم اے نے چترال انتظامیہ کو حفاظتی اقدامات اٹھانے اور متعلقہ اداروں کو صورتحال پرنظررکھنے کی ہدایت کی ہے۔

    پی ڈی ایم اے ترجمان کا کہنا ہے کہ پی ڈی ایم اےکایمر جنسی آپریشن سینٹر شب وروز فعل ہے، عوام کوبہترسہولیات فراہم کرنے کیلئے اضافی اسٹاف تعینات کردیا گیا، عوام کسی بھی نا خوشگوار واقعے کی اطلاع ہیلپ لائن 1700پر دیں۔

    گلگت بلتستان ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے بھی گلاف 2 الرٹ جاری کردیا ہے، جس میں کہا ہے کہ محکمہ موسمیات نے گلیشیئر پھٹنے کی پیشگی اطلاع دی ہے، گلیشئر پھٹنے سے شاہراہوں پر لینڈسلائیڈنگ ہوسکتی ہے۔

    جی بی ڈیزاسٹرمینجمنٹ اتھارٹی نے محکمہ سیاحت کو سیاحوں کیلئے ٹریول ایڈوائزری جاری کرنے کی ہدایت کردی ہے۔

  • سندھ میں بڑا سیلاب آ رہا ہے، الرٹ جاری

    سندھ میں بڑا سیلاب آ رہا ہے، الرٹ جاری

    کراچی: پی ڈی ایم اے نے الرٹ جاری کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ سندھ میں بڑا سیلاب آ رہا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق صوبائی ڈیزاسٹر مینجمنٹ سندھ نے بڑے سیلاب کا الرٹ جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ سپر مون سون کی بارشوں کی تباہی کے بعد بڑا سیلابی پانی سندھ آ رہا ہے۔

    اس سلسلے میں پی ڈی ایم اے نے ڈی ڈی ایم اے اور تمام ڈپٹی کمشنرز کو خط لکھ دیا، جس میں اس خدشے کا اظہار کیا گیا ہے کہ سندھ میں سکھر اور کچے کے علاقوں میں سیلابی پانی آئے گا۔

    پی ڈی ایم اے نے کہا ہے کہ دریائے سندھ میں گڈو اور سکھر میں سیلاب کے حوالے سے الرٹ ہے، 8 ستمبر اور 9 ستمبر کو سکھر بیراج اور گڈو بیراج سے سیلابی ریلا گزرے گا۔

    پی ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ سیلاب سے کچے کے علاقے زیر آب آ سکتے ہیں اس لیے وہاں کے لوگوں کو فوری منتقل کرنے کے انتظامات کیے جائیں۔

    آج دریائے سندھ کے بیراجوں پر پانی کے زیادہ بہاؤ کی وجہ سے کہیں درمیانے اور کہیں نچلے درجے کے سیلاب کی صورت حال رہی، گڈو بیراج پر درمیانے درجے اور سکھر بیراج پر نچلے درجے کا سیلاب آیا۔

    گڈو بیراج پر پانی کی آمد 400296 اور اخراج 394076 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، سکھر بیراج پر پانی کی آمد 307025 جب کہ اخراج 291125 کیوسک ریکارڈ کیا گیا، کوٹڑی بیراج پر پانی کی آمد 176442 جب کہ اخراج 176092 کیوسک ریکارڈ کیا گیا۔