Tag: الزامات

  • یوکرین تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد قرار

    یوکرین تنازع میں پاکستانیوں کے ملوث ہونے کے الزامات بے بنیاد قرار

    اسلام آباد : پاکستان نے یوکرین تنازع میں اپنے شہریوں کے ملوث ہونے کے الزامات کو مسترد کر دیا اور کہا یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کی جائے گی۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستانی دفتر خارجہ نے یوکرین تنازع میں پاکستانی شہریوں کے ملوث ہونے سے متعلق الزامات کو سختی سے مسترد کر دیا ہے، اور انہیں بے بنیاد اور غیر مصدقہ قرار دیا ہے۔

    ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ "یوکرینی حکام کی جانب سے اب تک کوئی قابلِ تصدیق شواہد فراہم نہیں کیے گئے اور نہ ہی پاکستان کو اس حوالے سے باضابطہ طور پر آگاہ کیا گیا ہے۔”

    دفتر خارجہ کا کہنا ہے کہ حکومت پاکستان اس معاملے پر یوکرینی حکام سے باضابطہ وضاحت طلب کرے گی تاکہ کسی بھی قسم کی غلط فہمی یا غیر ذمہ دارانہ بیان بازی کی روک تھام کی جا سکے۔

    ترجمان نے واضح کیا کہ پاکستان یوکرین تنازع کے پُرامن حل کا خواہاں ہے اور ہمیشہ اقوام متحدہ کے چارٹر کے مطابق بات چیت اور سفارت کاری پر یقین رکھتا ہے۔

    ترجمان نے زور دیا کہ پاکستان ایک ذمہ دار ریاست کے طور پر بین الاقوامی قوانین اور اصولوں کا مکمل احترام کرتا ہے اور ایسی قیاس آرائیوں کو مسترد کرتا ہے جو حقائق کے منافی ہوں۔

  • شہزاد اکبر کے فرنٹ مین کیخلاف اربوں کے اثاثے بنانے کے الزامات پر انکوائری شروع

    شہزاد اکبر کے فرنٹ مین کیخلاف اربوں کے اثاثے بنانے کے الزامات پر انکوائری شروع

    اسلام آباد: سابق مشیر احتساب بیرسٹر شہزاد اکبر کے فرنٹ مین عارف رحیم کیخلاف اربوں کے اثاثے بنانے کے الزامات پر اینٹی کرپشن نے انکوائری شروع کردی۔

    تفصیلات  کے مطابق شہزاد اکبر کے فرنٹ مین عارف رحیم پر پراپرٹی ڈیولپرز سے ملنے والے پلاٹس بیچ کر دبئی، برطانیہ اور ترکی میں جائیدادیں خریدنے کا الزام ہے۔

    سورس رپورٹ کے مطابق گریڈ 18 کے عارف رحیم نے سروس کے دوران فارم ہاؤس اور بیدیاں روڈ پر ڈیری فارم بنایا، انہوں نے  راولپنڈی ڈویژن میں سرکاری رقبے غیر قانونی طور پر ہاوسنگ سوسائٹیز میں شامل کروانے میں ملوث رہے۔

    رپورٹ میں بتایا گیا کہ شہزاد اکبر کی ایما پر عارف رحیم پر راولپنڈی میں اربوں مالیت کی اراضی کی خریداری میں کلیدی کردار ادا کرنے کا الزام ہے، عارف رحیم نے راولپنڈی کی مختلف ہاؤسنگ اسکیموں سے کک بیکس اور رشوت میں پلاٹس لئے۔

    سورس رپورٹ کے مطابق عارف رحیم  پر بیگم، بھائی اور بہنوں کے نام پر رہائشی و کمرشل پراپرٹیز بنانے کا بھی الزام ہے، شہزاد اکبر اور مراد اکبر کے حکم پر غیر قانونی ہاؤسنگ سوسائٹیز کیخلاف انکوائریاں اور کیسز بنا کر رشوت لی گئی۔

    سورس رپورٹ میں یہ بھی انکشاف ہوا کہ ہاوسنگ سوسائٹیز اور آرڈی اے سے متعلقہ تمام کیسز فرنٹ مین انسپکٹر زاہد ظہور کے ذریعے ڈیل کئے جاتے تھے۔

  • جرم ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا، سخت سزا کے لیے تیار ہوں، سعید غنی

    جرم ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا، سخت سزا کے لیے تیار ہوں، سعید غنی

    کراچی: وزیر اطلاعات سندھ سعید غنی نے ایس ایس پی ڈاکٹر رضوان کی جانب سے رپورٹ میں لگائے جانے والے تمام الزمات کو بے بنیاد قرار دیتے ہوئے کہا کہ جرم ثابت ہوا تو سیاست چھوڑ دوں گا، سخت سزا کے لیے تیار ہوں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے صوبائی وزیر سعید غنی نے کہا کہ جرائم پیشہ لوگوں کی سیاسی سرپرستی پر رپورٹ میں کسی کا نام نہیں تھا، جب یہ رپورٹ آئی تو اے ڈی خواجہ آئی جی سندھ تھے۔

    وزیر اطلاعات سندھ نے کہا کہ چنیسر گوٹھ میں جرائم پیشہ عناصر کی سرپرستی کے معاملے پر آئی جی کو خط بھیجا، خط پر اے ڈی خواجہ کی طرف سے کوئی جواب نہیں آیا تھا۔

    انہوں نے کہا کہ چنیسرگوٹھ میں منشیات کا کاروبار کرنے والوں کو سب جانتے ہیں، منشیات کا کاروبار کرنے والوں کے خلاف ایف آئی آر بھی درج ہیں، جو 4 سے 5 معروف لوگ منشیات میں ملوث ہیں ان کا نام تک نہیں۔

    سعید غنی نے کہا کہ جس لڑکے کا ذکر ہے وہ معذور اور یو سی دفتر میں چپڑاسی ہے، رپورٹ میں میرے بھائی کا حوالہ بھی موبائل میں صرف نمبر کی بنیاد پر ڈالا گیا، رپورٹ ثابت ہوگئی تو سیاست،عہدے چھوڑوں گا اور سخت سزا کے لیے بھی تیار ہوں۔

    وزیر اطلاعات سعیدغنی کے بھائی کا جرائم پیشہ افراد سے روابط کا انکشاف

    واضح رہے کہ ایس ایس پی جمشید ٹاؤن ڈاکٹر رضوان نے رپورٹ میں انکشاف کیا کہ سعید غنی کے بھائی فرحان غنی اجرتی قاتل، منشیات فروشوں کے سہولت کار ہیں۔

  • احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم نواز کے الزامات کو بے بنیاد اورجھوٹا قراردے دیا

    احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے مریم نواز کے الزامات کو بے بنیاد اورجھوٹا قراردے دیا

    اسلام آباد: احتساب عدالت کے معزز جج ارشد ملک نے مریم نوازکی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو کوحقائق کے برعکس قرار دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے جج ارشد ملک نے پریس ریلیز کے ذریعے اپنے خلاف سامنے آنے والی مبینہ ویڈیو پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ میری ذات اورخاندان کی ساکھ متاثرکرنے کی سازش کی گئی۔

    معزز جج کی جانب سے جاری پریس ریلیز میں کہا گیا کہ نوازشریف اور ان کے خلاف کے خلاف مقدمات کی سماعت کے دوران ان کے نمائندوں سے بارہا نہ صرف رشوت کی پیش کش کی گئی بلکہ تعاون نہ کرنے کی صورت میں سنگین نتائج کی دھمکیاں بھی دی گئیں جنہیں سختی سے رد کرتے ہوئے حق پر قائم رہنے کا عزم کیا۔

    فاضل جج نے کہا کہ اگر دباؤ یا رشوت کی لالچ میں فیصلہ سناتا تو ایک مقدمے میں سزا اور دوسرے میں بری نہ کرتا، انصاف کرتے ہوئے شواہد کی بنا پر نوازشریف کو العزیزیہ کیس میں سزا اور فلیگ شپ کیس میں بری کیا۔

    انہوں نے کہا کہ مجھ پر بالواسطہ یا بلا واسطہ کوئی دباؤ نہیں تھا، مریم نواز کی پریس کانفرنس میں دکھائی گئی ویڈیو جعلی، جھوٹی اورمفروضوں پرمبنی ہے، اس ویڈیو میں ملوث افراد کے خلاف قانونی کارروائی کی جانی چاہیے۔

    احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ گزشتہ روز مریم نواز کی جانب سے پریس کانفرنس میں مجھ پر سنگین الزامات لگائے گئے اور میری ذات اور میرے خاندان کی ساکھ کو متاثر کرنے کی سازش کی گئی۔

    معزز جج نے کہا کہ ناصربٹ اوراس کے بھائی سے وکالت کے دورکی پرانی شناسائی ہے انہوں نے مزید کہا کہ خدا کو حاضر ناظرجان کر قانون وشواہد کی بنیاد پرفیصلے کیے۔

    مریم نواز احتساب عدالت کے جج کی مبینہ ویڈیو سامنے لے آئیں

    یاد رہے کہ گزشتہ روز مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز نے اپنے والد اور پارٹی قائد نوازشریف کے خلاف احتساب عدالت کے کیس میں جج ارشد ملک کی خفیہ کیمرے سے بنی مبینہ ویڈیو سامنے لائی تھیں۔

  • برازیلی خاتون کا نیمار پر ریپ کا الزام، اسٹارفٹبالر نے الزامات مسترد کردئیے

    برازیلی خاتون کا نیمار پر ریپ کا الزام، اسٹارفٹبالر نے الزامات مسترد کردئیے

    ریوڈی جنیرو : برازیل کی ایک خاتون نے اسٹار فٹ بال کھلاڑی نیمار پر جنسی زیادتی کا الزام عائد کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق انہوں نے پولیس کو بتایا کہ گزشتہ ماہ پیرس میں نیمار نے ان کا ریپ کیا تاہم پیرس سینٹ جرمین کی نمائندگی کرنے والے برازیلی کھلاڑی نے ان الزامات کو مسترد کر دیا ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیمار نے اپنے انسٹاگرام پیچ پر سات منٹ کی ویڈیو میں کہا کہ یہ خاتون دراصل انہیں پھنسانے کی کوشش کر رہی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ ان دونوں کے مابین جو کچھ بھی ہوا، وہ باہمی رضامندی سے ہوا۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق انہوں نے مزید کہا کہ اس معاملے کی چھان بین سے حقائق جلد ہی سامنے آ جائیں گے۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا تھا کہ نیمار نے اپنی بے گناہی ثابت کرنے کےلیے خاتون کے ساتھ سماجی رابطے کی ویب سائٹ واٹس ایپ پر ہونے والی گفتگو سوشل میڈیا پر پوسٹ کردی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ نیمار ان دنوں کوپا امریکا فٹبال چیمپیئن شپ میں برازیل کی نمائندگی کررہے ہیں۔

    پولیس دستاویزات کے مطابق خاتون کی نیمار سے انسٹاگرام پر گفتگو ہوئی تھی جس کے بعد نیمار نے انہیں پیرس میں ملاقات کی پیش کش کی تھی۔

    میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ فٹبالر نے خاتون کو برازیل سے فرانس آنے کے لیے ہوائی جہاز کا ٹکٹ فراہم کیا اور پیرس کے عالی شان ہوٹل میں رہائش کا بندوبست بھی کیا۔

    خاتون نے الزام عائد کیا تھا کہ 15 مئی کو جب نیمار ہوٹل میں آیا تو وہ بہت زیادہ نشے کی حالت میں تھا۔

    پولیس دستاویزات میں بتایا گیا ہے کہ نیمار اور خاتون کے درمیان گفتگو کے بعد فٹبالر غصّے میں آگیا اور تشدد کے بعد خاتون کی رضامندی کے بغیر جنسی تعلق قائم کرنے کی کوشش کی۔

    غیر ملکی میڈیا کا کہنا تھا کہ خاتون واقعے کے دو دن بعد فرانسیسی پولیس کو واقعے کی اطلاع دئیے بنا برازیل لوٹ آئیں کیونکہ ان کے جذبات کو کافی ٹھیس پہنچی تھی۔

    دوسری جانب فٹبالر نے خاتون کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ یہ ان کے خلاف منفی پروپیگنڈا کرنے کی سازش ہے۔

    پولیس کا کہنا ہے کہ واقعےکی تحقیقات جاری ہیں رپورٹ و حقائق سامنے آنے کے بعد ہی کوئی فیصلہ کیا جاسکتا ہے۔

  • بحرین، دہشتگردی کے الزامات میں 138 افراد کو قید کی سزائیں، شہریت منسوخ

    بحرین، دہشتگردی کے الزامات میں 138 افراد کو قید کی سزائیں، شہریت منسوخ

    منامہ : بحرینی عدالت نے پاسداران انقلاب کے ہمراہ دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور دہشتگردانہ کارروائیوں کی سازش کرنے کے الزام میں 138 افراد کو 3 سال سے عمر قید تک کی سزا سنادی۔

    تفصیلات کے مطابق بحرین میں ایک عدالت نے 138 افراد کو ایران کی سپاہِ پاسداران انقلاب کے ساتھ مل کر ایک دہشت گرد گروپ تشکیل دینے اور دہشت گردی کی کارروائیوں کی سازش کے الزامات میں قصور وار دے کر قید کی سزا سنائی ہیں اور ان سب کی شہریت منسوخ کرنے کا حکم دیا ہے۔

    بحرین کے ایڈووکیٹ جنرل احمد الحمادی نے ایک بیان میں کہا ہے کہ ان ملزموں نے لبنان کی شیعہ ملیشیا حزب اللہ کے طرز پر بحرین میں بھی حزب اللہ کے نام سے ایک دہشت گرد گروپ تشکیل دینے کی کوشش کی تھی۔

    غیر ملکی خبر رساں ادارے کا کہنا ہے کہ ان 138 افراد میں سے 69 کو دہشت گردی کی سرگرمیوں میں ملوّث ہونے کے الزامات میں عمر قید کی سزائیں سنائی گئی ہیں۔

    پبلک پراسیکیوشن کے بیان کے مطابق پبلک پراسیکیوٹر کے دفتر کو نظامتِ عامہ برائے تفتیش ِ جرائم کی جانب سے بحرین میں دہشت گردی کے ایک سیل کے قیام سے متعلق رپورٹ موصول ہوئی تھی۔

    یہ سیل ایرانی رجیم کے لیڈروں نے قائم کیا تھا اور وہ سپاہ پاسداران انقلاب کے عناصر کو بحرینی حزب اللہ نامی اس گروہ کی تشکیل کے لیے دہشت گردوں کو لاجسٹیکل اسپورٹ مہیا کرنے کی ہدایات جاری کرتے تھے۔

    بحرین میں اس سے قبل بھی پاسداران انقلاب ایران سے تعلق یا ان سے تربیت حاصل کرنے کے الزامات میں متعدد افراد کو قید و جرمانے کی سزائیں سنائی جاچکی ہیں، ایک فوجداری عدالت نے چند ماہ قبل کالعدم قرار دیے گئے ایک دہشت گرد گروپ فروری 14 اتحاد سے تعلق کے الزام میں تین افراد کو تین سال سے عمر قید تک جیل کی سزائیں سنائی تھیں۔

    استغاثہ کے مطابق ان میں ایک مدعا علیہ کا تعلق دہشت گرد تنظیم سریّہ المختار سے تھا، اس نے دوسرے دو مدعا علیہان کو بحرین کے علاقے بری میں دہشت گردی کی کارروائیوں اور بلووُں کے لیے بھرتی کیا تھا اور اس کو دھماکا خیز مواد سے عوامی مقامات پر حملوں کی تربیت دی تھی۔

  • شریف خاندان کے ملازم کے انکشافات حمزہ شہباز کے گلے کا پھندہ بن گئے

    شریف خاندان کے ملازم کے انکشافات حمزہ شہباز کے گلے کا پھندہ بن گئے

    لاہور: قومی ادارہ احتساب (نیب) کی زیر حراست 2 ملزمان قاسم قیوم اور فضل داد کے انکشافات کے بعد حمزہ شہباز شریف کے وارنٹ گرفتاری جاری کیے گئے، مذکورہ ملزمان نے شریف خاندان کی آمدن سے زائد اثاثے بنانے میں مدد کی۔

    تفصیلات کے مطابق قومی ادارہ احتساب (نیب) کی جانب سے حمزہ شہباز پر لگائے گئے الزامات کی تفصیلات اے آر وائی نیوز نے حاصل کرلیں۔ حمزہ شہباز کے وارنٹ گرفتاری منی لانڈرنگ کیس میں گرفتار قاسم قیوم اور فضل داد کے انکشافات کے بعد جاری کیے گئے۔

    قاسم قیوم منی چینجر کا غیر قانونی کاروبار کرتا تھا، قاسم نے غیر قانونی طور پر اکاؤنٹ میں ڈالرز اور درہم منتقل کیے، رقم شہباز شریف، حمزہ اور سلمان شہباز کے اکاؤنٹ میں منتقل کی گئی۔

    دوسرا ملزم فضل داد عباسی شریف گروپ کا پرانا ملازم ہے، ملزم فضل داد سلمان شہباز کے پاس سنہ 2005 سے کام کر رہا تھا۔ فضل داد مختلف لوگوں سے رقوم جمع کر کے قاسم قیوم کو پہنچاتا تھا اور قاسم مشکوک ٹرانزیکشنز سے رقوم شہباز خاندان کو منتقل کرتا تھا۔

    ملزمان رقوم اپنے ملازمین کے شناختی کارڈ کے ذریعے بھجوایا کرتے تھے، ملازمین کو رقوم بھیجنے سے متعلق کاروباری شخصیت کے طور پر پیش کرتے تھے۔

    عدالت نے گزشتہ روز دونوں ملزمان کو 14 روزہ جسمانی ریمانڈ پر نیب کے حوالے کیا تھا، عدالت نے دونوں کو 19 اپریل کو پیش کرنے کا حکم دیا تھا۔ ملزمان سے تحقیقات میں انکشافات پر چیئرمین نیب نے حمزہ شہباز کے وارنٹ کی منظوری دی تھی۔

    نیب ٹیم نے گزشتہ روز حمزہ شہباز کی رہائش گاہ پر چھاپہ مارا تھا جس کا مقصد حمزہ شہباز کو گرفتار کرنا تھا، نیب ٹیم کے پاس وارنٹ گرفتاری بھی موجود تھا۔

    تاہم اس موقع پر حمزہ شہباز کے محافظوں نے نیب اہلکاروں پر تشدد کیا اور انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دی گئیں، صورتحال ناخوشگوار ہونے پر نیب ٹیم گرفتاری کی کارروائی مکمل کیے بغیر ہی وہاں سے روانہ ہوگئی۔

    نیب اعلامیہ کے مطابق ٹیم سپریم کورٹ کے فیصلےکی روشنی اور ٹھوس شواہد کی بنیاد پر حمزہ کی گرفتاری کے لیے گئی تھی۔

    اعلامیے میں کہا گیا تھا کہ نیب حکام ملزم حمزہ شہباز کی گرفتاری کے وارنٹ لے کر گئے تھے، نیب کو کسی ملزم کی گرفتاری کے لیے پہلے سے آگاہ کرنا ضروری نہیں، حمزہ شہباز کی جانب سے قانون کی خلاف ورزی کی گئی، کار سرکار میں مداخلت کرنے والوں کے خلاف قانون حرکت میں آئے گا۔

  • اب ہم وہی کریں گے، جو ملک کے لئے بہترہوگا: وزیراعظم کا ڈونلڈ‌ ٹرمپ کو دوٹوک جواب

    اب ہم وہی کریں گے، جو ملک کے لئے بہترہوگا: وزیراعظم کا ڈونلڈ‌ ٹرمپ کو دوٹوک جواب

    اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ مہربانی فرما کر مسٹرٹرمپ الزامات لگانے سے پہلے ریکارڈ درست کرلیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کیا. وزیراعظم عمران خان نے اپنے ٹویٹ میں کہا کہ امریکی صدر کو اپنا ریکارڈ درست کرنے کی ضرورت ہے.

    وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ ہمارے قبائلی علاقے شدید متاثر ہوئے، لاکھوں افراد بے گھر ہوئے، اس جنگ سے پاکستان کے عام شہریوں کی زندگی پر منفی اثرات مرتب کیے، پاکستان نے امریکا کو زمینی اور فضائی حدود بلامعاوضہ فراہم کیں، کیا کسی اور اتحادی نے اتنی قربانیاں دیں۔

    انھوں نے کہا کہ نائن الیون کے واقعےمیں کوئی پاکستانی ملوث نہیں تھا، البتہ ملوث نہ ہونے پربھی دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاکستان شامل ہوا.

    وزیراعظم نے کہا کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں75 ہزار جانوں کی قربانی دی، دہشت گردی کے خلاف جنگ سے123 بلین ڈالرمعیشت کو نقصان پہنچا.

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ سے 123بلین ڈالر معیشت کونقصان پہنچا، امریکاجس امدادکی بات کررہاہے، وہ محض 20بلین ڈالرہے۔

    مزید پڑھیں: نئے پاکستان میں اب برابری کی سطح پربات ہوگی، ڈومور نہیں سنیں گے، شہریارآفریدی

    وزیراعظم نے اپنے ٹوئٹ میں مزید کہا کہ امریکا اپنی ناکامیوں پرپاکستان کوقربانی کابکرانہ بنائے، امریکا نے افغانستان میں ایک کھرب ڈالر دہشت گردی کے خلاف لگا دیے،  ایک لاکھ 40 ہزار نیٹو اور ڈھائی لاکھ افغان افواج کے باوجودطالبان طاقتور  ہیں۔

    وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ صدرٹرمپ کاجھوٹ پر اصرار زخموں پر نمک چھڑکنےکے مترادف ہے، پاکستان نےدہشت گردی کے خلاف جنگ کی جانی ومالی قیمت اداکی، ٹرمپ کوتاریخی حقیقت سےآگاہی کی ضرورت ہے،  پاکستان نےامریکاکی جنگ میں بڑانقصان اٹھایا، اب ہم وہی کریں گے، جو ملک وقوم کےلئےبہترہوگا۔

    واضح رہے کہ امریکی صدر نے کہا تھا کہ ہم نے پاکستان کی امداد اس لیے بند کی، کیوں کہ پاکستان نے ہمارے لیے کچھ نہیں کیا، پاکستان کو افغانستان میں دہشت گردی روکنے کے لیے کہا، لیکن اس میں بھی کوئی پیش رفت نہ ہوسکی۔

  • ن لیگ کی سیاست فقط الزام تراشی کی سیاست ہے: فیصل واوڈا

    ن لیگ کی سیاست فقط الزام تراشی کی سیاست ہے: فیصل واوڈا

    کراچی: پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فیصل واوڈا نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کی ن لیگ کی سیاست فقط الزام تراشی کی سیاست ہے۔

    تفصیلات کے مطابق  فیصل واوڈا نے  ن لیگ کا آڑے ہاتھ لیتےہ وئے کہا کہ ن لیگ کا کام الزام تراشی کرنا ہے، مسلم لیگ ن نے عوام کے پیسے چرائے اور کرپشن کی۔

    پاکستان اسٹیل ڈوب گئی مگر شریف خاندان کی مل اربوں روپے کمارہی ہے، فیصل واوڈا

    ان کا کہنا تھا کہ ن لیگ کی حکومت ہمارے لیےخزانہ خالی چھوڑ کر گئی ہے، پاکستانی معیشت کی حالت بہت خراب ہے، ملکی معیشت مضبوط کرنے کے لیے حکومت کام کر رہی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ حکومت کو معیشت کی بحالی کے لیے سخت فیصلے کرنے ہوں گے۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل فیصل واوڈا نے کہا تھا کہ پاکستان اسٹیل ڈوب گئی مگر شریف خاندان کی مل اربوں روپے کمارہی ہے، نوازشریف نے ایون فیلڈ اپارٹمنٹ بنالیے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ نواز شریف نے سعودی عرب میں ملز بنالی اور ملک کا برا حال کردیا۔

  • الزامات بے بنیاد ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہیں، ترجمان برما

    الزامات بے بنیاد ہیں، اقوام متحدہ کی رپورٹ مسترد کرتے ہیں، ترجمان برما

    نیپی داؤ : برمی حکومت نے اقوام متحدہ کے ادارے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کی مرتب کردہ رپورٹ مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ برما میں انسانی حقوق کی خلاف ورزی برداشت نہیں کی جاتی، رپورٹ میں عائد الزامات بے بنیاد ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق اقوام متحدہ کے ادارے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کی مسلم اکثریتی ریاستوں میں روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی اور خواتین کے جنسی استحصال سے متعلق مرتب کردہ رپورٹ کو برمی حکومت نے یہ کہتے ہوئے مسترد کردیا ہے کہ رپورٹ میں میانمار حکومت پر عائد کیے جانے والے الزامات من گھڑت ہیں۔

    برمی حکومت کے ترجمان زاؤ طے کا کہنا ہے کہ اقوام متحدہ کے ادارے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کو برمی حکومت کی جانب سے مملکت میں داخلے کی اجازت ہی نہیں تھی لہذا اقوام متحدہ کے انسانی حقوق کونسل کی قرار کو رد کرتے ہیں اور ایسی کسی بھی قرار داد سے متفق نہیں ہیں۔

    برمی حکومت کے ترجمان کا کہنا تھا کہ میانمار میں کسی قسم کی انسانی حقوق کی پامالی ممکن نہیں کیوں ملک میں انسانی حقوق کی پاسداری کے حوالے سے ذمہ دارانہ نظام موجود ہے۔

    یاد رہے کہ اقوام متحدہ نے روہنگیا مسلمانوں کے خلاف ہونے والی فوجی کارروائی پر 27 اگست کو جاری تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ برما کی فوج نے مسلم اکثریتی والے علاقے رخائن میں روہنگیا مسلمانوں پر انسانیت سوز مظالم ڈھائے ہیں جو عالمی قوانین کی نظر میں جرم ہیں۔

    اقوام متحدہ کے ادارے ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ نے رپورٹ میں بتایا ہے کہ ریاست رخائن میں میانمار کی فوج نے سیکڑوں مسلمانوں کا قتل عام کیا اور علاقہ چھوڑنے پر مجبور کیا، مذکورہ اقدامات جنگی جرائم اور نسل کشی کے زمرے میں آتے ہیں۔

    تحقیقاتی رپورٹ میں ادارے نے برما کی فوج کے چیف مین اونگ لینگ سمیت 6 اعلیٰ فوجی افسران کے نام شائع کیے ہیں جنہیں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور انسانیت سوز مظالم کا ذمہ دار ٹہراتے ہوئے مقدمہ چلانے کی سفارش کی گئی ہے۔

    غیر ملکی خبر رساں ’فیکٹ فائنڈنگ مشن برائے میانمار‘ کی سربراہ کا کہنا تھا کہ برما میں روہنگیا مسلمانوں کے قتل عام اور خواتین کے ساتھ اجتماعی زیادتی کے سیکڑوں متاثرہ افراد، ان کے اہل خانہ اور عینی شاہدین سے انٹرویوز اور سیٹیلائٹ تصاویر کی بنیاد پر رپورٹ تیار کی گئی ہے۔

    اقوام متحدہ کی جاری کردہ رپورٹ میں بتایا گیا ہے کہ برمی حکومت اور فوج کی جانب سے مسلم اکثریتی علاقے رخائن میں شدت پسندوں کے خلاف آپریشن کے نام پر روہنگیا مسلمانوں کی نسل کشی کی گئی، جس کے باعث گزشتہ 12 ماہ کے دوران میانمار میں تقریباً 7 لاکھ روہنگیا مسلمان ہجرت کرنے پر مجبور ہوئے ہیں۔