Tag: الزبتھ ہورسٹ

  • امریکا پاکستان کے آئندہ انتخابات وقت پر دیکھنا چاہتا ہے، الزبتھ ہورسٹ

    امریکا پاکستان کے آئندہ انتخابات وقت پر دیکھنا چاہتا ہے، الزبتھ ہورسٹ

    امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ برائے پاکستان الزبتھ ہورسٹ نے کہا ہے کہ امریکا پاکستان کے آئندہ انتخابات آئین کے مطابق اور وقت پر دیکھنا چاہتا ہے۔

    اقوامِ متحدہ نیویارک میں پاک امریکا تعلقات سے متعلق سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ پاکستان کے مسائل کا حل شفاف انتخابات سے ہی ممکن ہے۔ پاکستان کےعوام اپنے نمائندے انتخاب کے ذریعے چن سکتے ہیں۔

    انھوں نے کہا کہ امریکا پاکستان میں کسی مخصوص جماعت یا شخصیت کو سپورٹ نہیں کرتا۔ پاکستان میں جمہوریت کی مضبوطی چاہتے ہیں۔

    امریکی اسسٹنٹ سیکرٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ افغانستان سے انخلا کے بعد امریکا پاکستان کے تعلقات کا ازسرنو جائزہ لیا گیا۔ پاکستان اور امریکا کے خطے میں مشترکہ مفادات ہیں۔ ہم پاکستان کو اپنا اتحادی تصور کرتے ہیں۔

    الزبتھ ہورسٹ نے کہا کہ پاکستان کی تمام اہل جماعتوں کو الیکشن میں حصہ لینے کی اجازت ہونی چاہیے۔ میڈیا کو پاکستان کے آئندہ انتخابات کی مکمل مانیٹرنگ کی اجازت ہونی چاہیے۔

    امریکی اسسٹنٹ سیکریٹری آف اسٹیٹ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی صورتحال پرتشویش ہے۔ آئی ایم ایف معاہدے سے کچھ بہتری آئی ہے۔ پاکستان کو آئی ایم ایف معاہدوں کا پاس کرنا ہوگا۔ امریکا پاکستان سےمعاشی اور دفاعی معاملات پر بات کر رہا ہے۔

    امریکا کی سابق سفیر رابن رافیل نے پاکستان کی موجودہ سیاسی صورتحال کوسنگین قراردیا، ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی موجودہ صورتحال کی ذمہ داری تمام فریقین پرعائد ہوتی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کو بھی صبر کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

    سابق امریکی سفیررابن رافیل نے کہا کہ احتجاجی سیاست کے بجائے بات چیت سے مسائل کا حل چاہتے ہیں۔

  • امریکا کا پاکستان میں انتخابات کے اعلان کا خیر مقدم

    امریکا کا پاکستان میں انتخابات کے اعلان کا خیر مقدم

    واشنگٹن: امریکا نے پاکستان میں انتخابات کے اعلان کا خیر مقدم کیا ہے، امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ نے کہا ہے کہ انتخابات کا اعلان حوصلہ افزا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری الزبتھ ہورسٹ نے واشنگٹن میں پاکستانی میڈیا سے گفتگوکرتے ہوئے کہا پاکستان میں انتخابات کا اعلان حوصلہ افزا ہے، ہم آزادانہ، منصفانہ اور پرامن انتخابات کے انعقاد کے لیے پر امید ہیں۔

    الزبتھ ہورسٹ نے کہا پاکستان اور امریکا کے مابین پائیدار شراکت داری ہے، دونوں ممالک کی متعدد معاملات میں مشترکہ دل چسپی ہے، پاکستان کے لیے معیشت اور موسمی تبدیلی بڑے چیلنجز ہیں۔ انھوں نے کہا کہ امریکا کو حالیہ دہشت گرد حملوں پر تشویش اور ان میں جانی و مالی نقصان پر افسوس ہے۔

    امریکی ڈپٹی اسسٹنٹ سیکریٹری کا کہنا تھا کہ امریکا پاکستانی مصنوعات کا سب سے بڑا خریدار ہے، گزشتہ برس 9 بلین ڈالر کی تجارت ہوئی، امریکا کی طرف سے براہ راست غیر ملکی سرمایہ کاری 250 ملین ڈالر رہی۔

    الزبتھ ہورسٹ نے امریکی امداد کا تذکرہ بھی کیا، انھوں نے کہا کہ سیلاب متاثرین کی بحالی کے لیے امریکا نے 215 ملین ڈالر پاکستان کو دیے۔