Tag: الطاف حسین

  • لندن میں بانی متحدہ کی رہائش گاہ سمیت دیگر جائیدادوں پر ایم کیو ایم پاکستان نے دعویٰ دائر کر دیا

    لندن میں بانی متحدہ کی رہائش گاہ سمیت دیگر جائیدادوں پر ایم کیو ایم پاکستان نے دعویٰ دائر کر دیا

    لندن: برطانیہ میں بانی متحدہ کی رہائش گاہ سمیت دیگر جائیدادوں پر متحدہ قومی موومنٹ پاکستان نے دعویٰ دائر کر دیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے لندن ہائی کورٹ میں جائیدادوں کی ملکیت کا دعویٰ کر دیا، ذرایع کا کہنا ہے کہ ایم کیو ایم پاکستان نے بانی متحدہ، ان کے بھائی اور 5 دیگر افراد کے خلاف دعویٰ دائر کیا ہے۔

    رپورٹ کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان نے لندن کے لا فرم کے ذریعے مجموعی طور پر 7 جائیدادوں پر دعویٰ کیا ہے، ذرایع کا کہنا ہے کہ ان جائیدادوں کی ملکیت تقریباً 10 ملین پاؤنڈز ہے۔

    یہ دعویٰ ایم کیو ایم پاکستان کی جانب سے ممبر قومی اسمبلی امین الحق نے کیا ہے، کیس میں طارق میر، محمد انور، افتخار حسین، قاسم رضا، یورو پراپرٹی ڈویلپمنٹ کو بھی نامزد کیا گیا ہے۔

    جن پراپرٹیز کے متعلق دعویٰ دائر کیا گیا ہے ان میں بانی متحدہ کی رہائش گاہ بھی شامل ہے، وکلا نے دعویٰ کیا ہے کہ ایم کیوایم پاکستان ان پراپرٹیز کی قانونی طور پر حق دار ہے۔

    وکلا کا کہنا ہے کہ برطانوی ٹرسٹ قوانین کے تحت ایم کیو ایم پاکستان جائیدادوں کی قانونی ملکیت کی حق دار ہے، ایم کیو ایم نے عدالت سے ٹرسٹ قوانین کے تحت جائیدادوں کی فروخت اور کرایہ وغیرہ کی رقم سے متعلق حکم امتناع کی استدعا کر دی ہے۔

  • یادگار شہدا کو مسمار کرنے میں را کے ملوث ہونے کا انکشاف

    یادگار شہدا کو مسمار کرنے میں را کے ملوث ہونے کا انکشاف

    کراچی: شہر قائد کے علاقے عزیز آباد میں واقع یادگار شہدا کو مسمار کرنے والا ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد نکلا۔

    ذرایع کے مطابق عزیز آباد یادگار شہدا کو گزشتہ روز مسمار کرنے والا ایم کیو ایم لندن کا دہشت گرد علی غلام پٹنی ہے، جو اس وقت ملائیشیا میں مقیم ہے، قانون نافذ کرنے والے اداروں کا کہنا ہے کہ غلام پٹنی یادگار کو تباہ کرنے کا ماسٹر مائند ہے۔

    قانون نافذ کرنے والے اداروں نے معاملے کا سراغ لگاتے ہوئے کہا ہے کہ سربراہ ٹارگٹ کلنگ ٹیم علی غلام پٹنی کو بانی ایم کیو ایم نے یادگار شہدا کی مسماری کا کام سونپا تھا، ذرایع کا یہ بھی کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کو بھارتی ایجنسی را نے کام سونپا تھا، اور یادگار کو مسمار کرنے کا مقصد اردو بولنے والوں میں بے چینی پھیلانا تھا۔

    یہ بھی پڑھیں:  کراچی، عزیزآباد میں یادگار شہدا پر نامعلوم افراد کی توڑ پھوڑ

    یاد رہے کہ گزشتہ روز کراچی کے علاقے عزیز آباد میں ایم کیو ایم کی یادگار شہدا پر نامعلوم افراد توڑ پھوڑ کر کے فرار ہو گئے تھے، ایم کیو ایم پاکستان کی رابطہ کمیٹی نے یادگار شہدا کی تعمیر نو کرانے اور بحال کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔

    واقعے کے بعد عزیز آباد یادگار شہدا پر رینجرز اور پولیس کی بھاری نفری تعینات ہے، ایم کیو ایم پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ کچھ لوگ ایم کیو ایم پاکستان کی مضبوطی سے خوف زدہ ہیں، کچھ عناصر ہمارے نئے صوبے کے مطالبے سے پریشان ہیں، یادگار شہدا چھوٹی سی جگہ تھی بتایا جائے کس کو بری لگ رہی تھی۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما عامر خان نے ہنگامی اجلاس میں اعلان کیا کہ یاد گار شہدا کو دوبارہ تعمیر کریں گے، ہم شہدا کے وارث ہیں ان کے لیے کام کرتے رہیں گے۔

  • برطانوی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منظور

    برطانوی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منظور

    لندن: برطانوی عدالت میں بانی ایم کیو ایم کی سخت شرائط کے ساتھ ضمانت منطور کرلی گئی۔

    غیرملکی خبررساں ادارے کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی ضمانت پر پراسیکیوشن کی جانب سے مخالفت کی گئی تھی، پراسیکیوشن نے ضمانت کی شرائط پر اتفاق کیا جس کے بعد بانی ایم کیو ایم کی ضمانت منظور کرلی گئی۔

    عدالت کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم پر رات 12 سے صبح 9 بجے تک پابندی رہے گی، ان پر سوشل میڈیا کے استعمال پر پابندی ہوگی، بانی ایم کیو ایم سوشل میڈیا کے کسی بھی پلیٹ فارم پر تحریر و تقریر کی پابندی عائد ہوگی۔

    عدالت نے مجسٹریٹ کورٹ ایکٹ کے تحت رپورٹنگ پر پابندی عائد کردی، بانی ایم کیو ایم کی آئندہ پیشی یکم نومبر کو سینٹرل کرمنل کورٹ میں ہوگی، ان کا پاسپورٹ بھی پولیس کی تحویل میں رہے گا۔

    مزید پڑھیں: نفرت انگزیز تقریر اور اے آر وائی نیوز پر حملہ، بانی ایم کیو ایم سدک پولیس اسٹیشن سے گرفتار

    رپورٹ کے مطابق بانی ایم کیو ایم کے ٹخنے پر جی پی ایس ٹریکر لگا دیا گیا ہے، ان کے ٹخنے پر جی پی ایس ٹریکر نائٹ کرفیو یقینی بنانے کے لیے لگایا گیا ہے۔

    عدالتی احکامات کی خلاف ورزی پر بانی ایم کیو ایم دوبارہ گرفتار کرلیا جائے گا۔

    یاد رہے 12 ستمبر کو لندن میں بانی ایم کیو ایم کو سدک پولیس اسٹیشن میں طلب کیا گیا تھا ،جہاں ان کی ضمانت میں دوسری بار توسیع کی گئی اور نفرت انگیز تقاریر سے متعلق پوچھ گچھ کی گئی تھی۔

    رپورٹ کے مطابق شرائط کے تحت بانی ایم کیو ایم کسی اجتماع سے خطاب نہیں کرسکتے ہیں، شام سے صبح تک گھر سے باہر نہیں نکل سکتے ہیں، بانی ایم کیو ایم کے برطانیہ سے باہر جانے پر بھی پابندی ہے۔

  • لندن: بانی ایم کیو ایم ضمانت پر رہا

    لندن: بانی ایم کیو ایم ضمانت پر رہا

    لندن: بانی ایم کیو ایم کو لندن پولیس نے ضمانت پر رہا کر دیا.

    تفصیلات کے مطابق لندن پولیس نے بانی ایم کیوایم کو رہاکر دیا، اس فیصلے کا سبب ناکافی شواہد کو قرار دیا ہے.

    بانی ایم کیو ایم سے سدرن پولیس اسٹیشن میں‌ تفتیش کی گئی. بانی ایم کیوایم نےتفتیش میں پولیس کوجواب دینے سے انکارکردیا تھا. انھوں نے تفتیش میں صرف نام، تاریخ پیدائش اور پتہ بتایا۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز اسکاٹ لینڈ یارڈنےصبح سویرے بانی ایم کیو ایم کےگھرچھاپہ مار کرانھیں گرفتار کیا تھا، ان پرنفرت انگیز تقریر سے تشدد پر اکسانے کے الزامات ہیں۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بیان میں کہا تھا ایم کیو ایم کےایک شخص کو نفرت انگیزتقریروں پرگرفتارکیا گیا، چھاپے میں پندرہ پولیس اہلکاروں نےحصہ لیا، پولیس نےگھنٹوں رہائش گاہ کی تلاشی لی، اس دوران افسرپاکستانی حکام سےبھی رابطےمیں رہے.

    مزید پڑھیں: بانی ایم کیو ایم کا تفتیش کے دوران لندن پولیس کوجواب دینے سے انکار

    بعد ازاں اسکاٹ لینڈ یارڈ کی ٹیم ایم کیو ایم سیکرٹریٹ بھی پہنچی اور وہاں موجود ریکارڈ کی چھان بین کی۔

    واضح رہے  22 اگست  2016 میں بانی ایم کیو ایم نے  لندن سے بذریعہ ٹیلیفونک خطاب کے دوران ریاست مخالف تقریرکی تھی،  ان کی تقریر کے بعد اے آر وائی  سمیت مختلف ٹی وی چینلزپرحملہ کیا گیا تھا۔

  • بانی متحدہ مکافاتِ عمل کا شکارہیں، مصطفیٰ کمال

    بانی متحدہ مکافاتِ عمل کا شکارہیں، مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ آج بانی ایم کیو ایم کے خاص ساتھی بھی انہیں چھوڑ کرجاچکے ہیں، یہ مکافاتِ عمل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری پر ردعمل دیتے ہوئے پی ایس پی کے رہنما مصطفیٰ کمال کا کہنا ہے کہ ہم بہت سالوں سےایک ٹریپ میں پھنسےہوئےہیں، کئی دہائیوں سے یہ سلسلہ مہاجر قوم کے ساتھ جاری ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ بانی ایم کیوایم آج سےپہلےبھی گرفتارہوئےتھے،آج پوراسیٹ بانی ایم کیوایم کےساتھ نہیں ہے، ان کے خاص ساتھی انہیں چھوڑ کرجاچکے ہیں اور اب صرف ان کے تنخواہ دار ان کے ساتھ ہیں۔

    مصطفی ٰ کمال کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کےساتھ جوہورہاہےوہ مکافات عمل ہے،ہمارے7کارکنان مارےگئےہم نےپلٹ کرکچھ نہیں کیا۔

    ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ میں نے ایم کیو ایم میں رہتے ہوئے کوئی ثبوت جمع نہیں کیے، میں کسی کا ایجنٹ نہیں تھا جو ثبوت جمع کرتا۔ بانی ایم کیو ایم کی تقاریراوران کےاعمال ہی ان کےخلاف شواہدہیں۔

    انہوں نے مزید کہا کہ مجھےان کےخلاف کسی ثبوت کی ضرورت نہیں ہے،لندن پولیس کےپاس پہلےہی بہت شواہدموجودہیں۔

    بانی ایم کیو ایم لندن میں گرفتار، اسکاٹ لینڈیارڈ کی تصدیق

    آج صبح اسکاٹ لینڈ یارڈ نے بانی ایم کیو ایم کو صبح 8 بجے ان کےگھر پر چھاپہ مار کر انھیں حراست میں لیا، گرفتاری کے بعد انھٰیں مقامی پولیس اسٹیشن منتقل کردیا گیا ، نارتھ لندن میں چھاپے میں15 پولیس افسران نے حصہ لیا تھا۔

    نارتھ لندن میں بانی ایم کیوایم کےگھرکی تلاشی لی جارہی ہے، بانی ایم کیو ایم کی گرفتاری ممکنہ طور پر 2016 کی نفرت انگیز تقریر پر کی گئی، نفرت پھیلانے کے جرم میں 6ماہ سے 3 سال تک کی سزاہوسکتی ہے۔

    یاد رہے اگست 2016 میں کراچی پریس کلب کے باہر قائد ایم کیو ایم کی جانب سے پاکستان مخالف اشتعال انگیز تقریر کی گئی تھی، جس کے بعد مظاہرین نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کر کے دفتری املاک کو شدید نقصان پہنچایا اور دفتر میں موجود اسٹاف کو بھی زدکوب کیا تھا۔

    بعد ازاں اسکاٹ لینڈ یارڈ نے تصدیق کرتے ہوئے کہا تھا ’’ایم کیو ایم سے منسلک برطانوی شہری کی تقریر کا مکمل متن حاصل کرلیا ہے، جس کا ترجمہ کیا جارہا ہے تاکہ برطانوی قوانین کی روشنی میں اس حوالے سے کارروائی عمل میں لائی جائے‘‘۔

    ترجمان اسکاٹ لینڈ یارڈ کا کہنا تھا کہ ’’اشتعال انگیز تقریر کے بعد برطانیہ اور بیرون ممالک میں مقیم پاکستانی کمیونٹی کی جانب سے کئی افراد نے بذریعہ خطوط اور کالز اپنی شکایات درج کروائیں تھیں جس پر تحقیقات کا آغاز کیا گیا‘‘۔

  • حکومت کا بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، برطانیہ سے جلد رابطہ متوقع

    حکومت کا بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ، برطانیہ سے جلد رابطہ متوقع

    اسلام آباد: وزارتِ داخلہ نے اپنے اجلاس میں ایم کیو ایم کے بانی کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق وزارتِ داخلہ نے بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی کا فیصلہ کر لیا، جس کے بعد حکومت ان کے خلاف کارروائی کے لیے برطانیہ سے جلد رابطہ کرے گی۔

    [bs-quote quote=”وزارت داخلہ کو علی رضا عابدی کے قتل میں بانی ایم کیو ایم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔” style=”style-7″ align=”left” color=”#dd3333″ author_name=”ذرائع”][/bs-quote]

    ذرائع نے کہا ہے کہ علی رضا عابدی کے قتل میں بھی بانی ایم کیو ایم کے ملوث ہونے کا شبہ ہے۔

    ذرائع کے مطابق حکومت پاکستان کی طرف سے برطانیہ سے بانی ایم کیو ایم کے خلاف کارروائی یا پاکستان حوالگی کی بات کی جائے گی۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بانی ایم کیو ایم کے خلاف 200 سے زائد مقدمات کا ریکارڈ برطانیہ بھجوایا جائے گا، شبہ ہے ایم کیو ایم کے دور رہنے والے رہنماؤں کو بانی ایم کیو ایم قتل کرا سکتے ہیں۔


    یہ بھی پڑھیں:  علی رضا عابدی قتل کیس، فاروق ستار کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے طلب کرلیا


    یاد رہے کہ 25 دسمبر کو کراچی کے علاقے ڈیفنس میں ایم کیو ایم کے سابق رہنما اور سابق رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کو گھر کے دروازے پر دو قاتلوں نے فائرنگ کر کے قتل کر دیا تھا۔

    علی رضا عابدی کے قتل کی تفتیش کے سلسلے میں 3 جنوری کو پولیس کی تحقیقاتی ٹیم نے ایم کیو ایم کے رہنما فاروق ستار کو بھی ساؤتھ زون انویسٹی گیشن آفس طلب کر کے آدھے گھنٹے تک پوچھ گچھ کی تھی۔

  • بانی متحدہ اور اہل خانہ سے منسوب عوامی مقامات کے ناموں‌ کی تبدیلی سے متعلق عملدرآمد رپورٹ‌ طلب

    بانی متحدہ اور اہل خانہ سے منسوب عوامی مقامات کے ناموں‌ کی تبدیلی سے متعلق عملدرآمد رپورٹ‌ طلب

    کراچی: سندھ حکومت نے بانی ایم کیوایم اور ان کے اہل خانہ سے منسوب شہر قائد کی مختلف شاہراہوں سمیت دیگر مقامات کے ناموں کو تبدیل کرنے کا حکم دیتے ہوئے 27 نومبر تک عمل درآمد رپورٹ طلب کرلی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ حکومت کی جانب سے ماتحت سرکاری اداروں کو ہدایت جاری کی گئی کہ وہ بانی ایم کیو ایم یا اُن کے اہل خانہ سے منسوب عمارتوں، پارکس، گراؤنڈ، گلیوں اور شاہراہوں کے نام تبدیل کریں۔

    حکومت سندھ نے محکمہ صحت، بلدیات، تعلیم ، کمشنر کراچی، میونسپل کمشنر بلدیہ عظمیٰ سمیت 6 اضلاع کے ڈپٹی کمشنرز کو خط ارسال کیا جس میں ہدایت کی کئی ہے کہ ناموں کی تبدیلی سے متعلق عملدرآمد رپورٹ 27 نومبر تک جمع کرائیں تاکہ اُسے آئندہ ہونے والے اپیکس کمیٹی کے اجلاس میں وزیر اعلیٰ سندھ کے سامنے پیش کیا جاسکے۔

    مزید پڑھیں: مکا چوک کا نام ’’شہید ملت لیاقت علی خان‘‘ چوک رکھنے کا فیصلہ

    حکومت نے متعلقہ اداروں سے سوال کیا ہے کہ اپیکس کمیٹی کے فیصلے  پر کس حد تک عملدرآمد ہوا؟ کیا فہرست کے علاوہ بھی شہر میں کوئی اور مقامات بھی موجود ہیں؟۔

    سندھ حکومت نے  کراچی اور دیگر علاقوں میں موجود  51 مقامات جن کی پہلے سے  ہی نشاندہی کردی گئی تھی اُن کے ناموں کی تبدیلی پر  عمل درآمد رپورٹ جمع کروانے کا حکم دیا۔

    صوبائی حکومت کی جانب سے متعلقہ اداروں کو بھیجی جانے والی فہرست کے مطابق بانی ایم کیوایم اور ان کے اہل خانہ کے ناموں سے  18 پارکس ،17 اسکول، ایک یونیورسٹی، دو لائبریریز، 4 ڈسپینسریاں، 7 گلیاں، پل، انڈرپاسز، 2 کمیونٹی ہال اور ایک کرکٹ اکیڈمی الطاف حسین، نذیر حسین، خورشید بیگم یا بیٹی افضا الطاف ناموں سے منسوب ہے۔

    یاد رہے کہ سندھ اسمبلی میں 27 مارچ 2017 کو ہونے والے اجلاس کے دوران ایک قرار داد منظور کی گئی تھی جس کے تحت الطاف حسین یونیورسٹی کے کراچی اور حیدرآباد میں موجود کیمپس کا نام عبدالستار ایدھی اور مادرملت محترمہ فاطمہ جناح کے ناموں سے تبدیل کردیا گیا تھا۔

    اسی طرح سال 2016 میں سندھ حکومت عزیزآباد میں واقع مکا چوک کا نام بھی تبدیل کر کے اسے پاکستان کے پہلے وزیراعظم لیاقت علی خان کے نام سے منسوب کرچکی ہے۔

  • منی لانڈرنگ کیس: فاروق ستار اورمصطفیٰ کمال سمیت بڑے ناموں کا انکشاف

    منی لانڈرنگ کیس: فاروق ستار اورمصطفیٰ کمال سمیت بڑے ناموں کا انکشاف

    کراچی : منی لانڈرنگ اور کراچی میں دہشتگردی کیلئے بھارتی فنڈنگ کے مقدمےمیں مزید انکشافات سامنے آگئے، بینک اکاؤنٹس کی مجازاتھارٹی میں ڈاکٹر فاروق ستار، مصطفیٰ کمال سمیت اعلیٰ قیادت کےناموں کا انکشاف ہوا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق بانی ایم کیو ایم کیخلاف منی لانڈرنگ کے مقدمہ میں تیرہ جوائنٹ بینک اکاؤنٹس کی مجازاتھارٹی میں بڑےنام سامنےآگئے، انسداد دہشت گردی عدالت میں رپورٹ پیش کردی گئی۔

    تحقیقاتی رپورٹ کے مطابق منی لانڈرنگ کیلئے13جوائنٹ بینک اکاؤنٹس استعمال ہوئے جو عزیز آباد کے نجی بینکوں کی مختلف برانچوں میں کھولے گئے تھے، جس میں ایم کیو ایم پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار پی ایس پی چیئرمین مصطفیٰ کمال، ڈپٹی میئر کراچی ارشدوہرا سمیت اعلیٰ قیادت کےنام شامل ہیں۔

    یہ انکشاف بھی ہوا کہ مذکورہ اکاؤنٹس ایم کیوایم، کےکےایف، سن اکیڈمی کے نام پرکھولے گئے، اس کے علاوہ نذیرحسین یونیورسٹی اور طارق میر کے نام پربھی اکاؤنٹ ہیں۔

    رپورٹ کے مطابق تیرہ میں سے ایک اکاؤنٹ ختم اور چارغیر فعال ہیں، ان بینک اکاؤنٹس میں فاروق ستار،مصطفی کمال، ڈپٹی میئر کراچی ارشدوہرا دستخط کرنے کے مجاز رہے، جبکہ بابرغوری، رؤف صدیقی، خالد مقبول صدیقی کےنام بھی رپورٹ کا حصہ ہیں۔


    مزید پڑھیں: منی لانڈرنگ : بانی ایم کیوایم کیخلاف رپورٹ عدالت میں پیش


    رپورٹ میں احمدعلی، کنور خالد یونس، شیعب بخاری مرحوم سمیت نازیہ جمیل، عادل صدیقی اور طارق میرکے نام بھی شامل ہیں، عدالت میں ارشد وہرا اپنابیان ریکارڈ کراچکے ہیں۔


    مزید پڑھیں: بانی ایم کیوایم کو55کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی


    تفتیشی ذرائع کے مطابق بڑےناموں کے سامنے آنے پر تفتیش کادائرہ بھی بڑھائے جانے کا امکان ہے۔ تفتیشی ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ ڈپٹی میئر ارشد وہرا کا نام مقدمے سے نکالنے کا تاثرغلط ہے۔

  • بانی ایم کیوایم کو55کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، ایف آئی اے

    بانی ایم کیوایم کو55کروڑ روپے کی منی لانڈرنگ کی گئی، ایف آئی اے

    کراچی : ایم کیو ایم کے بانی کو منی لانڈرنگ کے ذریعے رقم بھجوانے کی تحقیقات میں اہم پیش رفت ہوئی ہے، اس حوالے سے ایف آئی اے کو منی لانڈرنگ میں استعمال کئے جانے والے اکاؤنٹس کی منی ٹریل موصول ہوگئی۔

    ایف آئی اے کے مطابق چار بینکوں کی فراہم کردہ ابتدائی ٹریل کے مطابق 55 کروڑ روپے کی مبینہ منی لانڈرنگ کی گئی، منی ٹریل کی روشنی میں بانی ایم کیو ایم کے دست راست طارق میر کو نوٹس جاری کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    طارق میر کے ساتھ محمد انوراوربابرغوری کو بھی نوٹس جاری کئے جانے کا امکان ہے، ڈپٹی میئر کراچی ارشد وہرہ بھی ریکارڈ کے ساتھ دوبارہ پیش ہو کر اپنا بیان ریکارڈ کرائیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پہلی پیشی میں ارشد وہرہ سے صرف تفصیلات حاصل کی گئیں، طلبی کے نوٹس آئندہ چند روز میں جاری کردیئے جائیں گے۔

    ایف آئی اے ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ منی لانڈرنگ میں ملوث چار کمپنیوں کا ریکارڈ بھی ایس ای سی پی سے حاصل کر لیا گیا ہے، مذکورہ کمپنیوں میں شامل دو کمپنیوں کے مالکان کو بھی طلب کیا جائے گا۔


    مزید پڑھیں: بانی ایم کیوایم کیخلاف منی لانڈرنگ رپورٹ عدالت میں پیش


    واضح رہے کہ اس سے قبل بانی ایم کیوایم اور دیگرکیخلاف منی لانڈرنگ تحقیقات کی رپورٹ ایف آئی اے نے عدالت میں پیش کردی ہے، ایف آئی اے کی جانب سے پیش کیا گیا چالان عدالت نے منظور بھی کرلیا۔

    رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ منی لانڈرنگ کیلئے خدمت خلق فاؤنڈیشن (کے کے ایف) کے اکاؤنٹس استعمال ہوئے، یہ رقم مختلف بینکوں سے ہوتی ہوئی برطانیہ پہنچی۔

  • فاروق ستار نے متحدہ لندن اور پی ایس پی کو چیلنج کردیا

    فاروق ستار نے متحدہ لندن اور پی ایس پی کو چیلنج کردیا

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے  سلمان مجاہد بلوچ کا یہ الزام غلط ہے کہ میں بالواسطہ طور پر الطاف حسین سے رابطے میں ہوں، اگر انہیں پتا تھا تو اسی دن ہم سے الگ کیوں نہیں ہوگئے؟ پی ایس پی اور لندن کو چیلنج دیتا ہوں کہ ہمارے استعفوں سے خالی ہونے والے نشستوں پر انتخابات میں  ہمارا مقابلہ کرلیں آئے دال کا بھاؤ پتا چل جائے گا۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی کو خصوصی انٹرویو دیتے ہوئے کہی۔

    ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ میں بہت محتاط ہوں اور میں نے ایک لائن ڈرا کر رکھی ہے احتیاط کی، جو پی ایس پی جارہا ہے میں اسے بھی فون نہیں کرتا کہیں وہ اسے دھمکی کے زمرے میں نہ لے۔

    الطاف حسین سے کوئی رابطہ نہیں، الزام غلط ہے

    سترہ ستمبر کو الطاف حسین کی سالگرہ منائی کہ نہیں؟ اس سوال پر فاروق ستار نے کہا کہ ہم اپنے کام پر تھے، ہمارا ان سے کوئی رابطہ نہیں، کوئی خفیہ یا کسی کے ذریعے مبارک باد کا پیغام نہیں دیا، سلمان مجاہد بلوچ کا یہ الزام غلط ہے کہ میں بالواسطہ طور پر الطاف حسین سے رابطے میں ہوں۔

    انہوں نے کہا کہ یہ الزام ایسے لوگ لگارہے ہیں جن کی سیاست ہی الزامات پر ہے ، اس ایم این اے کو چاہیے تھا کہ اسی وقت پارٹی چھوڑ دیتا جب اس کے علم میں یہ بات آئی۔

    ملک سے متعلق مہاجروں کا ریفرنڈم کرایا جائے

    انہوں نے کہا کہ کچھ لوگوں اور ریفرنڈم میں بڑا فرق ہے، کچھ سیٹوں کے بجائے سب کی بات کرتے ہیں ریفرنڈم کرایا جائے تو سامنے آجائے گا کتنے مہاجر ملک کے خلاف ہیں؟ کتنے ملک دشمنی پر مبنی نعروں کے حامی ہیں اور کتنے نظریہ اور آئین پاکستان کے ساتھ ہیں۔

    فاروق ستار کا پی ایس پی اور متحدہ لندن کو چیلنج

    فاروق ستار نے کہا کہ ہم نے خود کو آزمائشوں میں ڈالا پی ایس پی نے نہیں، انہوں نے صرف دعوے کیے ہیں، میں پی ایس پی اور ایم کیو ایم لندن دونوں کو چیلنج دیتا ہوں کہ ہمارے استعفوں سے خالی ہونے والے نشستوں پر ہونے والے انتخابات میں پی ایس پی، لندن اور پاکستان آجائیں پھر ہم دیکھتے ہیں کسے ووٹ ملتے ہیں، آٹے دال کا بھاؤپتا چل جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ میں چیلنج دیتا ہوں آئیں اور الیکشن لڑیں، اخلاقیات کا درس دینا اور بات ہے اور پائنچے چڑھا کر پانی میں اترنا اور بات ہے، یہ ہم نے کہا ہے کہ ہمارے استعفی قبول کیے جائیں اور انتخابات کرائے جائیں۔

    مسنگ پرسن کےگھرانے روز گھر پر آتے ہیں

    ایک سوال پر سربراہ ایم کیو ایم نے کہا کہ مجھ پر مسنگ پرسنز کے گھرانوں کے دباؤ ہیں، روزانہ پانچ سے چھ گھرانے آتے ہیں جو مجھ سے دفتر یا گھر پر آکر ملاقات کرتے ہیں، میں اپنے بات پر قائم ہوں کہ اگر میرے سوالات کے جوابات نہ ملے یا میرا کوئی اور ایم پی اے پارٹی چھوڑتا ہے تو میں استعفی دے دوں گا، میں اپنے بیان پر قائم ہوں۔

    نیب کو آج نہیں تو کل یہ گرفتاریاں کرنی تھیں

    ڈاکٹر فاروق ستار نے شرجیل میمن کے معاملے پر کہا کہ نیب کو آج نہیں تو کل یہ کرنا تھا، نیب یا تو سب کو بلا کر سوالات کرے اگر ضرورت محسوس ہو تو گرفتاری کرلے، دوسرا طریقہ یہی ہے کہ براہ راست گرفتار کرلے، شرجیل میمن پتا نہیں کیا سوچ کر باہر گئے اور کیا سوچ کر واپس آئے۔


    انہوں نے کہا کہ میں نے پی پی کے خلاف وائٹ پیپر جاری کیا تھا وہ فہرست سپریم کورٹ نے بنائی تھی جس میں اربوں روپے کی کرپشن کے الزامات ہیں، میں کسی کو بغیر ثبوت کے کرپٹ نہیں کہہ سکتا۔