Tag: الطاف حسین کی مذمت

  • دنیاکی کوئی طاقت نبیﷺ کامقام نیچا نہیں کرسکتی، الطاف حسین

    دنیاکی کوئی طاقت نبیﷺ کامقام نیچا نہیں کرسکتی، الطاف حسین

    کراچی: ایم کیوایم کےقائدالطاف حسین نےکہا ہے کہ حضرت محمدمصطفٰی صلی اللہ علیہ وسلم کامقام تاقیامت بلندرہےگا۔

    جناح گراوٴنڈ عزیزآباد میں ایم کیوایم کے زیراہتمام جشن میلاد النبی کے سلسلے میں منعقدہ ”محفل ذکر مصطفی“ کے شرکاء سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہا کہ قرآن مجید میں اللہ تعالیٰ نے ارشاد فرمایا ہے کہ اے نبی ہم نے آپ کا ذکر بلند کردیا ۔ اللہ تعالیٰ ، اس کے ملائکہ، جن وانسان ، شجر وہجر ، چرند پرند ، کائنات کی ہرشے سرکاردوعالم پر درود وسلام بھیجتی ہے لہٰذاکسی ملعون کے گستاخانہ خاکے بنانے سے حضوراکرم کی شان میں کوئی فرق نہیں پڑسکتا کیونکہ جس مقدس ہستی کا ذکر اللہ تعالیٰ نے بلند کردیا ہے۔

     دنیا کی کوئی بھی طاقت ان کے بلندمقام کو نیچا نہیں کرسکتی۔ اللہ تعالیٰ پر یقین رکھنے والے جب تک ختم نبوت پر یقین اور نبی کریم سے محبت نہیں کریں گے اس وقت تک ان کا ایمان پختہ نہیں ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ نبی کریم کو ہرنفس کیلئے رحمت بناکر بھیجے گئے ہمیں ایک دوسرے سے لڑنے جھگڑنے کے بجائے ایک دوسرے کا احترام کرنا چاہیے ، مذہب، مسلک، عقیدہ یا کسی اور بنیاد پر ایک دوسرے سے لڑنا نہیں چاہیے۔ الطاف حسین نے محفل ذکر مصطفی میں شرکت کرنے پر تمام علمااورشرکاکیلئے دعائیں بھی کیں۔

  • پیٹرول کے بحران حکومت کی نااہلی ہے، الطاف حسین

    پیٹرول کے بحران حکومت کی نااہلی ہے، الطاف حسین

    لندن :ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے پیٹرول کے بحران کی شدید مذمت کرتے ہوئے معاملے کو حکومت کی نااہلی قرار دے دیا۔

    الطاف حسین کا کہنا ہے کہ  اعلیٰ عدلیہ کے ججوں اور مسلح افواج کے جرنیلوں کو بھی پیٹرول بحران سے نکلنے کیلئے کردار ادا کرناچاہیے۔ کراچی پاکستان کا معاشی حب ہے، اس کو بچانا پاکستان کو بچانا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ پیپلزپارٹی کے ہر دور میں کراچی کے شہریوں کا خون بہایا گیا، پیپلزپارٹی نے شہری کے ساتھ ساتھ دیہی علاقوں کیلئے بھی کچھ نہیں کیا۔

    الطاف حسین کا کہنا تھا کہ حکومت سندھ بری طرح ناکام ہوچکی ہے، سندھ میں مارشل لاء لگایا جائے۔

    دوسری جانب متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے صوبہ پنجاب کے بعد ملک بھر میں پیدا ہونے والے پیٹرول کے سنگین بحران کی سخت ترین الفاظ میں مذمت کی ہے۔

    رابطہ کمیٹی نے اپنے بیان میں کہا کہ عوام کو پٹرول بحران پر حکومتی اجلاس اور جھوٹے دعوؤں کی نہیں بلکہ عملی اقدامات کی ضرورت ہے، پیٹرول کی فی الفور فراہمی کو عملی جامہ پہنانے میں حکومت اور اس کے متعلقہ وزراء مکمل طور پر ناکام رہے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی  کا کہنا تھا کہ پنجاب میں پیٹرول کی قلت کو پورا کرنے کیلئے کراچی سے پیٹرول روانہ کیا جارہا ہے، جس کے باعث کراچی میں بھی پٹرول پمپس بند ہونا شروع ہوگئے ہیں۔

    رابطہ کمیٹی نے مطالبہ کیا کہ پیٹرول بحران کے ذمہ دار وزراء کو برخاست کرکے انہیں قانون کے مطابق سزا دی جائے۔

  • الطاف حسین کی ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

    الطاف حسین کی ایف سی چیک پوسٹ پر دہشتگرد حملے کی مذمت

    لندن :متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے لورالائی میں ایف سی کی چیک پوسٹ پر دہشتگردوں کے حملے کی مزمت کرتے ہوئے حملے میں اہلکاروں کی شہادت پر دلی افسوس کا اظہار کیا ہے۔

    الطاف حسین کا ایف سی پر حملے کی مذمت کرتے ہوئے کہنا تھا کہ انتہا پسند عناصر نے پاکستان کیخلاف باقاعدہ جنگ چھیڑ رکھی ہے، ملک بھر میں سیکورٹی فورسز اور عوام کو مسلسل دہشت گردی کا نشانہ بنا رہے ہیں۔

    ان کا کہنا تھا کہ دہشت گرد عناصر اس طرح کی کاروائیوں کے ذریعے پاک فوج کی کاروائیوں کو ناکام بنانا چاہتے ہیں، وقت آگیا ہے کہ پوری قوم متحد ہوجائے اور دہشت گردوں کے ناپاک عزائم کو ناکام بنا دے۔

    یاد رہے کہ لورالائی کے علاقے میختر میں چیچلو چیک پوسٹ پر دہشتگردوں نے رات گئے حملہ کرکے اندھا دھند فائرنگ کی، جس کے بعد سیکورٹی فورسز اور حملہ آوروں کے درمیان فائرنگ کا تبادلہ ہوا۔

    جس  کے نتیجے میں سات سیکورٹی اہلکار جاں بحق ہوگئے جبکہ حملہ آور بھی زخمی ہوئے، چیک پوسٹ عملے کی حفاظت کے لئے نفری طلب کی گئی تو دہشتگردوں نے ان پر بھی حملہ کردیا۔

    فورسز کی شدید جوابی کارروائی کے نتیجے میں حملہ آور پسپا ہوکر زخمی حالت میں فرار ہوگئے، جن کی تلاش کے لئے ایف سی نے ڈی جی خان روڈ کو بند کرتے ہوئے علاقے میں ہیلی کاپٹر اور سرغ رساں کتوں کی مدد سے سرچ آپریشن شروع کردیا ہے۔