Tag: الطاف حسین

  • الطاف حسین کے خطاب پر پابندی کے لئے رینجرز کا پی ٹی اے سے رابطہ

    الطاف حسین کے خطاب پر پابندی کے لئے رینجرز کا پی ٹی اے سے رابطہ

    کراچی : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خطاب پر پابندی کے لئے رینجرز نے پی ٹی اے سے رابطہ کرلیا، رینجرز حکام کا کہنا ہے عسکری گروہ چلانےوالےکراچی آپریشن کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی میں رینجرز کی کارروائیاں جاری ہیں، رینجرز اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ عسکری گروہ چلانےوالےکراچی آپریشن کیخلاف سازشوں میں مصروف ہیں۔

    سازش کے تحت کراچی کا امن اور عوام کے خلاف منصوبہ بنایا جارہا ہے۔ ترجمان رینجرز کا کہنا ہے کہ رینجرز نےعوام کےساتھ مل کر امن کے خلاف سازشوں کوناکام بنایاہے۔

    دشمن عناصر عوام میں بے چینی پھیلانے کی کوشش کررہے ہیں ۔ ترجمان نے کہا کہ عوام بے چینی پھیلانے والوں کی اطلاع رینجرز کی ہیلپ لائن پر دیں۔

    رینجرز نے الطاف حسین کے خطاب پر پابندی کیلئے پی ٹی اے سے تحریری درخواست کردی ہے۔ جس میں کہا گیا ہے موبائل فونز کمپنیز، لینڈلائن،انٹرنیٹ کمپنیزکو الطاف حسین کی تقریر نشر نہ کرنے کا پابند کیا جائے۔

    یہ قدم بھارتی ایجنسی را سے مدد مانگنے اور افواج پاکستان کے خلاف نازیباں زبان استعمال کرنے پر اٹھایا گیا ہے۔

  • الطاف حسین پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے، پنجاب اسمبلی میں قرارداد

    الطاف حسین پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے، پنجاب اسمبلی میں قرارداد

    لاہور : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی مسلح افواج کے خلاف ہرزاہ سرائی پر حکمران مسلم لیگ نون نے پنجاب اسمبلی میں بھی قرارداد پیش کرتے ہوئے وزارت داخلہ سے مطالبہ کردیا کہ الطاف حسین کو انٹرپول کے ذریعے پاکستان بلا کر اس پر غداری کا مقدمہ چلایا جائے۔

    متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کی مسلح افواج اور سندھ رینجرز کے خلاف کی جانے والی ہرزاہ سرائی پر حکمران مسلم لیگ نون کی رکن صوبائی اسمبلی راحلیہ خادم حسین نے پنجاب اسمبلی میں مذمتی قرارداد جمع کروادی۔

    قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ الطاف حسین کی جانب سے متحدہ کے انیسویں کنونشن کے موقع پر کی جانے والی تقریر میں جہاں مسلح افواج کے افسران اور جوانوں کی ہرزہ سرائی کی گئی وہیں پاکستانیوں کی بھی شدید دل آزاری ہوئی ہے۔

    خاتون محرک نے اس موقع پر حکومت سے مطالبہ کیا کہ الطاف حسین کو پاکستانی عدالتیں مفرور قرار دے چکی ہیں اسلئے حکومت کو انہیں انٹرپول کے ذریعے پاکستان بلا کر ان کے خلاف غداری کا مقدمہ درج کرنا چاہئیے۔

  • آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم  کو نشانہ بنایاجارہا ہے، الطاف حسین

    آپریشن کی آڑ میں ایم کیوایم کو نشانہ بنایاجارہا ہے، الطاف حسین

    کراچی / لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ کفر کی حکومت قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت کبھی قائم نہیں رہ سکتی ۔

    ایم کیوایم کے مرکزنائن زیروعزیزآباد میں رابطہ کمیٹی اور ایم کیوایم کے شعبہ جات کے ارکان سے ٹیلی فون پرگفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ 21 ویں صدی میں جبکہ پوری دنیا گلوبل ولیج میں تبدیل ہوچکی ہے اور انٹرنیٹ کے ذریعہ دنیا کے ایک سرے میں ہونے والے واقعہ کی خبرمنٹوں سیکنڈوں میں دنیا کے دوسرے سرے تک پھیل جاتی ہے ان حالات میں حقائق کو دنیا سے چھپایا نہیں جاسکتا اور آج بین الاقوامی ذرائع ابلاغ بھی ایم کیوایم کے موٴقف کی تائید کررہے ہیں کہ کراچی میں جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کی آڑ میں ایم کیوایم جیسی لبرل اور روشن خیال جماعت کو نشانہ بنایاجارہا ہے

    ۔انہوں نے کہاکہ پاکستان میں مہاجروں کے آئینی ، قانونی اور انسانی حقوق بری طرح پامال کیے جارہے ہیں اور ہم ان مظالم کے خلاف جمہوری انداز میں آواز بلند کررہے ہیں ،ہمارے پاس ایم کیوایم کے رہنماوٴں ، ذمہ داروں اورکارکنوں پر ڈھائے جانے والے ایک ایک مظالم کے ثبوت وشواہد موجود ہیں، جب بھی غیرملکی عدالت میں مقدمہ چلایاجائے گا تو یہ تمام ثبوت وشواہد پیش کیے جائیں گے ۔

    انہوں نے کہاکہ ہمارا ایمان ہے کہ کفر کی حکومت قائم رہ سکتی ہے لیکن ظلم کی حکومت کبھی قائم نہیں رہ سکتی ۔ الطاف حسین نے حق پرست عوام سے کہاکہ اپنی صفوں میں اتحاد برقراررکھیں اور مہاجروں پر ڈھائے جانے والے مظالم کےخلاف پرامن جدوجہد جاری رکھیں ۔

    الطاف حسین نے مشکل اور کھٹن حالات میں ہمت وجرات اورثابت قدمی کے مظاہرے پر ایم کیوایم کے تمام کارکنان کو زبردست خراج تحسین بھی پیش کیا۔

  • حکومت کا الطاف حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

    حکومت کا الطاف حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان

    اسلام آباد : وفاقی وزیر داخلہ چوہدری نثار نے کہا ہے کہ الطاف حسین نے تمام حدیں پار کرلیں۔ ریاست کو نشانہ بنایااور دشمن ملک کو پاکستان میں مداخلت کیلئے کہا۔جو ناقابل برداشت ہیں۔

    تفصیلات کے مطابق الطاف حُسین کی اشتعال انگیز تقریرپرحکومت پاکستان نے بڑا فیصلہ کرلیا، حکومت نے الطاف حسین کے خلاف قانونی چارہ جوئی کا اعلان کردیا۔

    وزیر داخلہ چوہدری نثار نے اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اب برداشت کی حدختم ہوچکی، چودھری نثار علی خان نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم کے سربراہ الطاف حسین پاکستان کی ریاست اور اداروں کی تضحیک کر رہے ہیں۔الطاف حسین کی اشتعال انگیز تقاریر کے خلاف قانونی مسودے کی تیاری شروع کردی ہے۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ الطاف حسین کی تقریر افسوسناک ہے کوئی بھی محب وطن ملک دشمنوں کو دعوت نہیں دیتا، چودھری نثار کا کہنا تھا کہ یہ زبان اردو سپیکنگ یا ایم کیو ایم کی نہیں بلکہ دشمنوں کی ہے۔

    ایم کیو ایم ایک محب الوطن جماعت ہے۔ سمجھتا ہوں کہ جو کچھ بھی ہو رہا ہے ایم کیو ایم کے چند لوگوں کے سوائے کوئی اس سے آگاہ نہیں ہے۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی لائیو تقریر تو بند کر دی ہے۔ مکمل طور پر تقریر بند کرنے پر ابھی بات کی جا رہی ہے۔

    چوہدری نثار کا کہنا تھا کہ منی لانڈرنگ اور عمران فاروق قتل کیس میں برطانوی حکومت اور پولیس سے تعاون جاری رکھیں گے۔

    ان کا کہنا تھا کہ سیاست کو ایک طرف رکھ کر کراچی آپریشن کا فیصلہ کیا گیا۔ یہ تاثر غلط ہیں کہ کراچی آپریشن میں صرف ایم کیو ایم کو نشانہ بنایا جا رہا ہے۔ ہم ایم کیو ایم کے مینڈیٹ کا احترام کرتے ہیں۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے الطاف حسین نے گزشتہ رات ایک بار پھر پاک فوج کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔


    Chaudhry Nisar Ali Khan press conference 02… by arynews

  • مہاجروں کے قتل عام میں شریف برادران برابر کے شریک ہیں، ایم کیو ایم

    مہاجروں کے قتل عام میں شریف برادران برابر کے شریک ہیں، ایم کیو ایم

    کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کی رابطہ کمیٹی نے کہاہے کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں محب وطن مہاجروں کے سیاسی ، معاشی اور جسمانی قتل عام میں شریف برادران بھی برابر کے شریک ہیں اور انشاء اللہ بہت جلد ظالموں کو عبرتناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا ۔

    ایک بیان میں رابطہ کمیٹی نے وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور وزیراعلیٰ بلوچستان سرفراز بگٹی کے بیانات شدیدالفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ قائد تحریک الطاف حسین نے سچائی بیان کرکے پانچ کروڑ مہاجروں کے دلوں کی ترجمانی کی ہے ۔

    بین الاقوامی ذرائع ابلاغ اور انسانی حقوق کمیشن آف پاکستان کی رپورٹ سے ثابت ہوگیا ہے کہ کراچی آپریشن کی آڑ میں کروڑوں عوام کی منتخب نمائندہ جماعت ایم کیوایم کو کچلنے کی سازش کی جارہی ہے اورمہاجروں کے بنیادی انسانی حقوق پامال کیے جارہے ہیں لیکن اس ظلم کے خلاف میاں شہبازشریف اور سرفراز بگٹی کو ایک لفظ تک بولنے کی توفیق نہیں ہوئی ۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ ہم مذہب اورہم وطن شہریوں پر ڈھائے جانے والے مظالم کی حمایت کرنے والے خود پاکستان کے سب سے بڑے دشمن اور بدمعاش ہیں۔رابطہ کمیٹی نے کہاکہ جب قانون نافذ کرنے والے ادارے اور حکومت اپنے شہریوں کی جان ومال کی دشمن بن جائے تو ظلم کا شکار مہاجر عوام کو انصاف کون فراہم کرے گا؟

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ بانیان پاکستان کی اولادوں نے عزت سے جینے اور عزت سے مرنے کا فیصلہ کرلیا ہے اور انشاء اللہ بہت ظالموں اور ان کا ساتھ دینے والوں کو انجام عبرتناک ہوگا۔

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ میاں شہبا زشریف ، قوم کو جواب دیں کہ وزیراعظم میاں محمد نوازشریف اور وفاقی وزیرداخلہ چوہدری نثارعلی خان کی باربار یقین دہانیوں کے باوجود کراچی آپریشن کیلئے آج تک مانیٹرنگ کمیٹی کیوں تشکیل نہیں دی گئی؟

    میاں شہبازشریف کو کراچی میں رینجرز کی جانب سے ایم کیوایم کے بے گناہ رہنماوٴں ، ذمہ داروں اور کارکنوں کی غیرقانونی گرفتاریاں، حراست کے دوران ان پرکیا گیابہیمانہ تشدد،گرفتارشدہ کارکنان کی گمشدگی اوربے گناہ کارکنان کے ماورائے عدالت قتل کے واقعات کیوں دکھائی نہیں دیئے؟

    بانیان پاکستان کی اولادوں کو مسلسل غیرقانونی اورغیرانسانی ظلم کا نشانہ بناکر کیا پاکستان دشمنی کامظاہرہ نہیں کیاجارہا؟ شہبازشریف ،خواجہ آصف کی جانب سے مسلح افواج کے خلاف توہین آمیز زبان استعمال کرنے پر کیوں خاموش رہے؟

    رابطہ کمیٹی نے کہاکہ عدالت کی جانب سے رابطہ کمیٹی کے اسیررکن قمرمنصور کو طبی معائنہ کیلئے اسپتال بھیجنے کا حکم دینے کے باوجود انہیں کو علاج ومعالجہ کی سہولت سے محروم رکھنے کاعمل کیا توہین عدالت نہیں ہے؟ اور توہین عدالت کے اس عمل پر میاں شہباز شریف کی زبان پر کیوں تالے لگے ہوئے ہیں؟

  • فوج کیخلاف تقریر،الطاف حسین کےوارنٹ گرفتاری جاری

    فوج کیخلاف تقریر،الطاف حسین کےوارنٹ گرفتاری جاری

    گلگت : انسداد دہشت گردی عدالت نے ایم کیو ایم کے قائدالطاف حسین کےوارنٹ گرفتای جاری کر دیئے۔ تفصیلات کے مطابق الطاف حسین کی پاک فوج کے خلاف تقریر پرگلگت کے نو تھانوں میں ایف آئی آرزدرج کرائی گئیں تھیں۔

    گلگت کی انسداد دہشت گردی عدالت نے مقدمات پر کارروائی کرتے ہوئے ایم کیو ایم قائد کے وارنٹ جا ری کر دیئے۔

    الطاف حسین کی متنازعہ تقریرکےخلاف ملک بھر میں شدید رد عمل دیکھنے میں آیا تھا۔ اور شہریوں کی جانب سےشہر شہر مقدمات درج کرائے گئے۔

    واضح رہے کہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف ایف آئی آرز کی تعداد سو سے زائد ہے۔

  • لندن : پی ٹی آئی کا الطاف حسین کیخلاف ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر مظاہرہ

    لندن : پی ٹی آئی کا الطاف حسین کیخلاف ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر مظاہرہ

    لندن : پاکستانی سیاسی جماعتوں کا احتجاج کلچر لندن بھی پہنچ گیا، پی ٹی آئی نے ایم کیو ایم کے خلاف لند ن میں وزیر اعظم برطانیہ کی رہائش گاہ کے سامنے دوسرے روز بھی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق لندن میں پی ٹی آئی کے کارکنان برطانیہ کے وزیر اعظم کی سرکاری رہائش گاہ ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ کے باہر جمع ہوئے۔ انہوں نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کے خلاف احتجاج کیا ۔

    پی ٹی آئی کے مظاہرے کی قیادت پی ٹی آئی کراچی کے رہنما فیصل واوڈا کر رہے تھے۔ پی ٹی آئی کے کارکنان نے الطاف حسین کے خلاف نعرے بازی بھی کی ۔

    اس موقع پر پی ٹی آئی کے کارکنان کا کہنا تھا کہ الطاف حسین پاکستان میں ٹارگٹ کلنگ اور دیگر مقدمات میں مطلوب ہیں۔ الطاف حسین کراچی میں بندوق کی سیاست کرتے تھے اب ناکام ہو گئے ہیں اب بندوق کی سیاست بھی ختم ہونی چاہیئے۔

    واضح رہے کہ گزشتہ ہفتے کے روز بھی پی ٹی آئی کے کارکنان نے لندن میں متحدہ قومی موومنٹ کے انٹرنیشنل سیکریٹیریٹ کے باہر الطاف حسین کے خلاف احتجاج کیا تھا۔

  • لندن میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم

    لندن میں ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم

    لندن: ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کے کارکنوں میں تصادم ہوگیا ،ایک دوسرے پربوتلیں اورجوتے برسا دیئے۔

    ایم کیو ایم اور تحریک انصاف کراچی کے بعد لندن میں بھی آمنے سامنے آگئیں ایم کیو ایم سیکریٹریٹ کےباہر تحریک انصاف کے کارکنوں نے الطاف حسین کے خلاف نعرے لگائے تو ایم کیو ایم کے کارکن بھی سامنے آگئے،اورعمران خان اور تحریک انصاف کے خلاف نعرے بازی کی۔

     پی ٹی آئی کا مظاہرہ جاری تھا کہ اس ہی دوران ایم کیو ایم کے کارکن جمع ہوئے اور انہوں نے پی ٹی آئی کے خلاف احتجاج کیا اور عمران خان کے خلاف نعرے بازی کی۔

     اس دوران مشتعل افرد نے ایک دوسرے پر جوتے اور بوتلیں پھینکیں، جو وہاں موجود صحافیوں کو بھی لگیں اشتعال پھیلنے پر برطانوی پولیس نےمظاہرین کو منتشر کر دیا۔

    پی ٹی آئی نے اتوار کو ٹین ڈاؤننگ اسٹریٹ پر برطانوی وزیر اعظم کی رہائش گاہ کے سامنےمظاہرےکا اعلان کیا ہے۔

  • الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کراچی کو برطرف کر دیا

    الطاف حسین نے رابطہ کمیٹی کراچی کو برطرف کر دیا

    لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے ذمہ داریاں پوری نہ کرنے پر رابطہ کمیٹی کراچی کو بر طر ف کر دیا جبکہ رابطہ کمیٹی لندن کے بارے آج یا کل اعلان کردیا جائے گا۔

    الطاف حسین کا کہنا ہے کہ جو سینئر ارکان خود کو رابطہ کمیٹی کی ذمے داریوں کے لئے اہل سمجھتے ہوں وہ اپنے نام، پتے اور فو ن نمبر نائن زیرو پر درج کرادیں تاکہ انٹر ویوز کے بعد نئی رابطہ کمیٹی تشکیل دی جاسکے۔

    اعلامیے کے مطابق کیف الوریٰ،عبدالحسیب اور عارف خان ایڈووکیٹ رابطہ کمیٹی کے ممبر رہیں گے۔ برطرف ارکان سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ مرکز آنے کی زحمت نہ کریں۔

  • علی رضاعابدی کے ریسٹورنٹ کی غیرقانونی بندش ختم کرائی جائے، الطاف حسین

    علی رضاعابدی کے ریسٹورنٹ کی غیرقانونی بندش ختم کرائی جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی ہے کہ حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضاعابدی کے ریسٹورنٹ پر رینجرز کے چھاپے کے دوران قبضہ میں لی گئی تمام اشیاء واپس کرائی جائیں اورانکے ریسٹورنٹ کی غیرقانونی بندش فی الفورختم کرائی جائے۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ رینجرز اہلکاروں نے جمعرات کی شب کلفٹن کے علاقے میں حق پرست رکن قومی اسمبلی علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ پر غیرقانونی چھاپہ مارکر ریسٹورنٹ کے مینیجراور علی رضاعابدی کے کزن کو گرفتارکیا اور ریسٹورنٹ کو سیل کردیا ۔

    رینجرز کی جانب سے ریسٹورنٹ پر تالے ڈالنے کے مختلف جواز پیش کیے جارہے ہیں اور علی رضا عابدی کو معاشی طورپر نقصان پہنچا کر ہراساں کیاجارہا ہے ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ پر چھاپے کے دوران رینجرزکے اہلکاروں نے لیپ ٹاپ، کمپیوٹر، کیمرہ ریکارڈنگ اور دیگر اشیاء اپنے قبضے میں کرلیں ۔

    الطاف حسین نے چیف آف آرمی اسٹاف جنرل راحیل شریف سے اپیل کی کہ اس سے پہلے کہ ان اشیاء کو ضائع کیاجائے یہ تمام اشیاء رینجرز کے قبضے سے واگزار کراکرواپس کرائی جائیں اور علی رضا عابدی کے ریسٹورنٹ کی غیرقانونی بندش فی الفورختم کرائی جائے۔