Tag: الطاف حسین

  • ایم کیوایم سے جو ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہوجائے گا، الطاف حسین

    ایم کیوایم سے جو ٹکرائے گا وہ پاش پاش ہوجائے گا، الطاف حسین

    لندن / کراچی : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کہاہے کہ پاکستان 98 فیصد غریب ومتوسط طبقہ کے عوام کاملک ہے جس پر دوفیصد مراعات یافتہ طبقہ نے قبضہ کررکھا ہے ، ایم کیوایم انشاء اللہ ملک بھرکے مظلوم عوام کے ساتھ مل کر مراعات یافتہ طبقہ کی حکمرانی سے پاکستان کو آزادکرائے گی۔

    یہ بات انہوں نے گزشتہ روزلندن میں ایم کیوایم یوتھ ونگ کے تحت اے پی ایم ایس او کے 37 ویں یوم تاسیس کے اجتماع سے ٹیلی فون پر خطاب کرتے ہوئے کہی۔

    اجتماع میں برطانیہ کے مختلف شہروں سے تعلق رکھنے والے ایم کیوایم کے ذمہ داران ، کارکنان اور ہمدرد پاکستانیوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی ۔

    اپنے خطاب میں الطاف حسین نے تقریب کے شرکاء کو اے پی ایم ایس او کے 37ویں یوم تاسیس کی دلی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ ایم کیوایم برطانیہ یوتھ ونگ بہت بڑااورمثبت انقلابی کردارادا کررہا ہے اور مجھے یقین ہے کہ اللہ تعالیٰ کے سوا دنیا کی کوئی بھی طاقت ایم کیوایم کو ختم نہیں کرسکتی اور انشاء اللہ ایم کیوایم سے جو ٹکرائے گا وہ خود پاش پاش ہوجائے گا۔

    الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان میں صحیح معنوں میں جمہوریت اسی وقت آئے گی جب پاکستانی عوام چیف آف آرمی اسٹاف کے بجائے منتخب وزیراعظم کا نام جانیں گے۔ انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے دشمن عناصر الطاف حسین کی تقریرسے ڈرتے ہیں۔

    انہوں نے کہاکہ ایم کیوایم کے بے گناہ کارکنان کوگرفتارکرکے جھوٹے مقدمات میں ملوث کیاجارہا ہے ۔ رینجرز نے ایم کیوایم کے تمام سیکٹراوریونٹ آفس بند کرادیئے ہیں لیکن اس طرح ایم کیوایم کو ختم نہیں کیاجاسکتا۔

    اس موقع پر ایم کیوایم کے سینئرڈپٹی کنوینرندیم نصرت ، رابطہ کمیٹی کے ارکان محمدانور، ڈاکٹرسلیم دانش یوتھ ونگ کی انچارج حبادانش، یوتھ ونگ کی کمیٹی کے ارکان ایمان انور، کنورواسع نے خطاب کیا۔

    جبکہ رابطہ کمیٹی کے ارکان مصطفےٰ عزیزآبادی اورقاسم علی رضانے نظمیں پیش کیں جبکہ زنیرالدین نے ترانہ پیش کیا۔ تلاوت قرآن مجید صیان خانزادہ نے کی۔

  • جن صنعتکاروں نے شکایت کی ہے ان کے نام معلوم کروا رہے ہیں، الطاف حسین

    جن صنعتکاروں نے شکایت کی ہے ان کے نام معلوم کروا رہے ہیں، الطاف حسین

    لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین کا کہنا ہے کہ شکایت کرنے والے صنعتکاروں کے نام معلوم کروا رہے ہیں۔

    ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے کہ ان کی پریس کانفرنس کا بائیکاٹ کیا گیا، کبھی کے دن بڑے ہوتے ہیں اور کبھی کی راتیں، نواز شریف اپنے بیان پر قوم سے معافی مانگیں۔

    انھوں نے کہا کہ جن صنعتکاروں نے شکایت کی ہے ان کے نام معلوم کروا رہے ہیں۔

    اس سے قبل ایم کیوایم کے مرکزنائن زیرو پر کارکنوں سے خطاب میں الطاف حسین نے کہا کہ ان کی تحریک کو تینتیس سال بیت گئے ہیں،  عوام کی فلاح و بہبود کے لیے زندگی کا طویل عرصہ گزارا۔

    ایم کیو ایم کے قائد نے کہا کہ مظالم کے خلاف انہوں نے عدالتوں سے رجوع کیا لیکن کوئی فائدہ نہیں ہوا۔

    الطاف حسین کا کہنا ہے کہ کچھ لوگ گھروں میں بیٹھ کر ان کی تقریر سن لیا کرتے تھے اس پر بھی پابندی لگادی گئی ہے۔

    یاد رہے کہ  گزشتہ روز وزیرِاعظم نواز شریف نے کراچی میں تقریب سے خطاب میں گورنر سندھ کو مخاطب کرتے ہوئے کہا گورنر صاحب صنعتکار شکایت کرتے ہیں، کراچی میں مکھی بھی مر جائے تو ہڑتال ہوتی ہے۔

  • بجٹ میں وڈیروں، جاگیرداروں کے مفادات کا تحفظ کیا گیا،الطاف حسین

    بجٹ میں وڈیروں، جاگیرداروں کے مفادات کا تحفظ کیا گیا،الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے اس امرپرشدید مایوسی اورگہرے دکھ کا اظہارکیا ہے کہ حالیہ وفاقی بجٹ میں عوام کے بجائے جاگیرداروں، وڈیروں ، بڑے بڑے سرمایہ داروں اور 2 فیصد مراعات یافتہ طبقہ کے مفادات کاتحفظ کیاگیاہے۔

    اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہاکہ ایسی صورتحال میں جبکہ وفاقی وزیرخزانہ خوداس بات کااعتراف کررہے ہیں کہ حکومت اپنے معاشی اہداف حاصل نہیں کرسکی ہے تو ملک کی موجودہ خراب معاشی صورتحال کاتقاضہ تھاکہ وفاقی حکومت زراعت کے شعبہ میں بھی آمدنی پر ٹیکس عائد کرتی۔

    انہوں نے کہا کہ ماضی کی طرح اس مرتبہ بھی وڈیروں، جاگیرداروں کے مفادات کاتحفظ کیاگیاہے۔بجٹ میں بجلی کے بڑے بلوں کی ادائیگی پر تو ٹیکس عائدکردیاگیاہے جس سے صنعتی پیداوارمتاثرہونے کاخطرہ ہے۔

    دوسری جانب زراعت کے شعبہ میں اربوں کھربوں روپے کمانے والے جاگیرداروں ،وڈیروں اوربڑے بڑے زمینداروں کی آمدنی پر کوئی ٹیکس عائدنہیں کیاگیاہے اوراس کوصوبائی معاملہ کہہ کرٹال دیا گیا ہے ۔

    الطاف حسین نے کہا کہ مہنگائی پر قابوپانے کیلئے تیل کی قیمتوں اورپیٹرولیم لیویز کا خاتمہ کیاجاناچاہیے تھالیکن اس بجٹ میں بھی بجلی، گیس اورتیل پر سیلزٹیکس عائد کیا گیا ہے جس کی نتیجے میں مہنگائی میں کمی ہونے کے بجائے اضافہ ہوگا۔

    بجٹ میں چھوٹی اورگھریلو صنعتوں کے فروغ کیلئے بھی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں ۔حالیہ بجٹ میں صحت اور تعلیم کے شعبہ میں بھی بجٹ میں کوئی اضافہ نہیں کیاگیا۔

    الطاف حسین نے کہاکہ کراچی قومی خزانے میں ملک کی مجموعی آمدنی کا 70 فیصد دیتاہے لیکن ملکی ترقی کیلئے ایک ہزار514 ارب روپے میں سے کراچی کیلئے محض 16 ارب کاایک منصوبہ رکھا گیا ہے جو کراچی کے ساتھ سراسرظلم ،زیادتی اورکھلاتعصب ہے۔

    الطاف حسین نے کہاکہ جب تک حکومتیں عوام کے بجائے محض مراعات یافتہ طبقہ کے مفادات کوتحفظ دیتی رہیں گی نہ توملک صحیح معنوں میں ترقی کرے گااورنہ ہی ملک کے غریب عوام کی حالت بہترہوسکے گی۔

  • بد ترین دھاندلی : کے پی کے میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، الطاف حسین

    بد ترین دھاندلی : کے پی کے میں دوبارہ انتخابات کرائے جائیں، الطاف حسین

    لندن : ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا ہے خیبرپختونخواکے بلدیاتی الیکشن میں ہونے والی دھاندلی سے پاکستان کی بدنامی ہوئی ہے۔

    اپنے ایک جاری کردہ بیان میں ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات میں بڑے پیمانے پرہونے والی دھاندلی سے پوری دنیامیں پاکستان کامذاق بنا ہے۔

    انہوں نے چیف الیکشن کمیشن آف پاکستان سے اپیل کی ہے کہ خیبر پختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کوکالعدم قراردے کرنئے سرے سے بلدیاتی انتخابات کرائے جائیں۔

    الطاف حسین نے بلدیاتی الیکشن میں حصہ لینے والی جماعتوں سے بھی اپیل کی کہ وہ بلدیاتی الیکشن میں تاریخ کی بدترین دھاندلی کے خلاف بھرپور اندازمیں پرامن احتجاج کریں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ ہماراملک پہلے ہی اپنے پرایوںکے طرح طرح کے طعنوں اورسنگین الزامات سے دوچار ہے۔کوئی پاکستان کوداعش اورالقاعدہ اورطالبان کا مرکزقراردیتاہے توکوئی فرقہ وارانہ فسادات کاگڑھ قراردیتاہے توکوئی پاکستان پر دنیابھرمیں بغاوت کےلئے دہشت گرد بھیجنے کا الزام لگاتاہے۔

    دوسری طرف ہم خودہی اپنے ملک کوبدنام کرنے کے لئے ملک کی کمزوریوں کوتلاش کرتے رہتے ہیں اور ان کمزوریوں کوخوب نمک مرچ لگاکرپیش کرتے ہیں تاکہ ملک کاخوب مذاق اڑایاجائے۔

    ملک دشمنوںکوخوب خوش کیاجائے اورملک کے اصلاح احوال کا کوئی حل پیش نہ کیاجاسکے۔

  • کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    کے پی کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطاف حسین نے کہا ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران متعدد علاقوں میں خواتین کو ووٹنگ سے روکا گیا ہے اور جبروتشدد اوربندوق کے زورپرعوام کے جمہوری حق پر ڈاکہ ڈالاگیا ہے۔

    لہٰذا صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے اوروہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنوانتخابات کروائے جائیں ۔

    ایک بیان میں الطاف حسین نے کہاکہ ملک کی بیشتر سیاسی ومذہبی جماعتوں کی جانب سے ایم کیوایم کے خلاف بہتان تراشی کی گئی اور ہرواقعہ میں ایم کیوایم کو ملوث کرکے اس کامیڈیا ٹرائل کیاگیا لیکن آج صوبہ خیبرپختونخوا میں مختلف سیاسی ومذہبی جماعتوں کے رہنماؤں اورکارکنوں کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی کی گئی۔

    عوام کے سامنے بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگائے گئے ، جدید ترین اسلحہ کی آزادانہ نمائش واستعمال کیا گیا،پولنگ اسٹیشنوں پر حملے کئے گئے ،مخالف امیدواروں اورسیاسی کارکنوں کو ہلاک وزخمی کیا گیااوریہ مناظر پاکستان کے تقریباً تمام ٹی وی چینلز نے نمایاں انداز میں نشر کئے ہیں ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ ذرائع ابلاغ اور حقوق نسواں کی تنظیموں کی جانب سے مسلسل اس بات کی نشاندہی کی جارہی ہے کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں پی ٹی آئی، جماعت اسلامی ، مسلم لیگ(ن) اور اے این پی نے خواتین کو ووٹنگ سے روکنے کیلئے باقاعدہ اتفاق رائے سے معاہدہ کیا ہے اور اسی وجہ سے لوئردیر کے بعد اب پختونخوا کے متعدد علاقوں میں بلدیاتی الیکشن میں بھی خواتین کو ووٹ کے حق سے روکاگیا ہے ۔

    الطاف حسین نے خواتین کوووٹ دینے سے روکے جانے پر شدیداحتجاج کرتے ہوئے چیف الیکشن کمشنرآف پاکستان سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں خواتین کوووٹنگ سے روکے جانے اور وسیع پیمانے پر دھاندلی کی شکایات کی بنیاد پر ان بلدیاتی انتخابات کو کالعدم قراردیکر وہاں غیرجانبدار مبصرین کی زیرنگرانی ازسرنو انتخابات کروائے جائیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بدنظمی، بدانتظامی، بدامنی اور کھلی دھاندلی کے بدترین واقعات سے ثابت ہوگیا ہے کہ جعلی مینڈیٹ رکھنے والی کون کون سی جماعتیں اسلحہ کی سیاست ،دہشت گردی، قتل وغارتگری، بیلٹ پیپرز پرٹھپے لگاکر عوام کے جمہوری حق پرڈاکہ ڈالنے اور خواتین کوووٹ کے حق سے محروم رکھنے میں ملوث ہیں۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران آج آئین ، قانون اور ضابطہ اخلاق کی دھجیاں بکھیردی گئیں۔

    پورے صوبے میں خوف ودہشت کا ماحول گرم کردیا گیااور متعدد افراد کو ہلاک وزخمی کردیا گیا لیکن ان المناک واقعات میں ملوث کسی ایک بھی جماعت کے خلاف قانونی کارروائی نہیں کی گئی ۔

    الطاف حسین نے کہاکہ صوبہ خیبرپختونخوا کی سیاسی ومذہبی جماعتوں کے غیرجمہوری ، غیرآئینی اور غیراخلاقی طرزعمل نے صوبہ خیبرپختونخوا کے پورے بلدیاتی انتخابات پر سوالیہ نشان کھڑادیا ہے اوراب بندوق کے زورپر حاصل کیے جانے والے نتائج اپنی اہمیت وافادیت کھوچکے ہیں۔

    الطاف حسین نے صدرپاکستان ممنون حسین، وزیراعظم پاکستان محمد نوازشریف ، چیف جسٹس آف پاکستان اورچیف الیکشن کمشنر سے مطالبہ کیا کہ صوبہ خیبرپختونخوا میں بلدیاتی انتخابات کے دوران کھلی دھاندلی، بدامنی، دہشت گردی اور قتل وغارتگری کا فوری نوٹس لیاجائے اور صوبہ خیبرپختونخوا کے بلدیاتی انتخابات کو فی الفور کالعدم قراردیا جائے۔

  • جیو نیوزفوری طور پر قوم سے معافی مانگے، الطاف حسین

    جیو نیوزفوری طور پر قوم سے معافی مانگے، الطاف حسین

    کراچی : جیو نیوز کے پروگرام میں پاکستان کے نقشے سے کشمیر کو الگ کرنے پر حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگ اپنے مفادات کیلئے پاکستان کےبجائے بھارت سے وابستگی رکھتے ہیں۔

    جبکہ ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے جیو نیوز سے اس معاملے پر فوری معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق  کشمیری حریت رہنما سید علی گیلانی نے کہا ہے کہ کچھ لوگوں کی وابستگی پاکستان کےبجائےبھارت سےہے۔

    کشمیر کو پاکستان کے نقشے سے الگ کرنا سازش ہی ہوسکتی ہے وہاں کچھ ایسے لوگ ہیں جو سیکولر ذہن کے ہیں ان کے مفادات بھارت سے وابستہ ہیں۔

    ذاتی اغراض کی وجہ سے وہ پاکستان کے وجودکو برداشت نہیں کرتے، جس مقصد کیلئے پاکستان وجودمیں آیا،اس سےبھی انھیں کوئی دلچسپی نہیں، کشمیر کے لوگ67سال سے ایک عذاب میں مبتلا ہیں، قابض بھارت نے ان سے سب کچھ چھین رہا ہے، ان لوگوں کو کشمیریوں سےکوئی محبت یا وابستگی نہیں ہے۔

    ایم کیو ایم کے قائد  الطاف حسین نے اس معاملے پر جیو نیوز سے معافی مانگنے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا ہے کہ اس سے مجھے شدید دکھ پہنچا ہے یقیناً دیگر پاکستانیوں کو بھی دکھ ہوا ہوگا، کشمیریوں کےحق خودارادیت کیلئے اقوام متحدہ میں قرارداد موجود ہے اس قرارداد کو ختم نہیں کیا جاسکتا۔

    انہوں نے کہا کہ کشمیر کی آزادی کی جدوجہد میں لاکھوں کشمیریوں کا خون شامل ہے، جیونیوز اپنے اس عمل کی فوری معافی مانگے یہ ایک نہایت ہی افسوس کی بات ہے۔

  • پانی کے بحران پرایم کیوایم کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات

    پانی کے بحران پرایم کیوایم کے وفد کی وزیراعلیٰ سے ملاقات

    کراچی : شہر قائد میں پانی کے بحران پر وزیر اعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے ایم کیو ایم کے پانچ رکنی وفد نے ملاقات کی اور پانی کی قلت کو دور کرنے اور فراہمی کو منصفانہ بنانے کے لئے پانچ نکاتی ایجنڈہ پیش کیا۔

    ملاقات میں پیپلز پارٹی سے شرجیل میمن ، مراد علی شاہ ، اور سکندر میندھرو جبکہ ایم کیو ایم کی جانب سے خواجہ اظہار الحسن ، کنور نوید جمیل، محمد حسین، سید سردار احمد نے شرکت کی ۔

    ملاقات کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے خواجہ اظہار الحسن نے کہا کہ وزیر اعلیٰ سندھ نے یقین دہانی کرائی ہے کہ پانی کے بحران پر قابو پانے کے لئے ہر ممکن کردار ادا کریں گے اور پینسٹھ ایم گی ڈی کے حوالے سے جون کے پہلے ہفتے میں ٹینڈر کیا جائے گا۔

    اس سے قبل ایم کیوایم کے قائد الطاف حسین نے وزیراعلیٰ سندھ سید قائم علی شاہ سے فون پر گفتگو کی اور کراچی میں امن وامان کی صورتحال اور پانی کے شدید بحران پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔

    پانی کے شدید بحران کے حوالے سے الطاف حسین کا کہنا تھا کہ پانی کےبحران کےباعث کراچی کے شہریوں میں شدید بے چینی پائی جاتی ہے، وزیراعلیٰ شہریوں کوپانی کی فراہمی یقینی بنانے کیلئے اپنا کردار ادا کریں۔

  • الطاف حسین کا کراچی پولیس اور سندھ حکومت کوخراج تحسین

    الطاف حسین کا کراچی پولیس اور سندھ حکومت کوخراج تحسین

    کراچی: متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی میں سانحہ صفورا چورنگی، سبین محمود کے قتل اوردہشت گردی کے دیگر واقعات میں ملوث دہشت گردوں کی گرفتاری پر کراچی پولیس اور سندھ حکومت کو خراج تحسین پیش کیا ہے ۔

    رابطہ کمیٹی کے ارکان سے ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے الطاف حسین نے کہاکہ کراچی میں اسماعیلی کمیونٹی کے افراداور سماجی رہنما سبین محمود کے قتل اورامریکی پروفیسر ڈیبرا لوبوپر قاتلانہ حملے کے واقعات میں ملوث دہشتگرد گروپ کے ارکان کی گرفتاری کراچی پولیس کا تاریخی کارنامہ ہے ۔

     انہوں نے کہاکہ کراچی پولیس کے افسران اور اہلکار اپنی جانوں کو ہتھیلی پر رکھ کر سفاک قاتلوں کی تلاش اور انہیں گرفتارکرنے کی کوششوں میں مصروف تھے ۔

     الطاف حسین نے کہاکہ سانحہ صفورا چورنگی اوردیگر بڑے واقعات میں ملوث سفاک دہشت گردوں کی گرفتاری پر پولیس کے افسران اور اہلکاروں کو تعریف کے مستحق ہیں۔

  • ایکزیکٹ کمپنی کے اعلیٰ عہدیداران کو گرفتار کیا جائے، الطاف حسین

    ایکزیکٹ کمپنی کے اعلیٰ عہدیداران کو گرفتار کیا جائے، الطاف حسین

    لندن : متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے امریکہ کے معروف اخبار دی نیویارک ٹائمز کے ان انکشافات پر انتہائی دلی صدمے کا اظہار کیا ہے جس میں دی نیویارک ٹائمز نے دماغ کے پرخچے اڑادینے والا یہ انکشاف کیا ہے کہ پاکستان کی ایک سافٹ ویئر کمپنی ”ایکزیکٹ“ نے جعلی ڈگریوں سے کروڑوں ڈالرز کمائے ہیں ۔

    انہوں نے کہاکہ اگردی نیویارک ٹائمز کی رپورٹ میں پیش کئے جانے والے یہ انکشافات درست اورحقائق پرمبنی ہیں تو یہ کہنا درست ہوگا کہ ایکزیکٹ کمپنی نے یہ انتہائی سنگین اور گھناؤنا عمل کرکے پاکستان میں رہ کر پاکستان کو نقصان پہنچانے اور ملک سے غداری کاعمل کیا ہے ۔

    الطاف حسین نے وزیراعظم پاکستان میاں محمد نواز شریف اور وفاقی حکومت سے مطالبہ کیا کہ دی نیویارک ٹائمز کی اس رپورٹ میں پیش کئے جانے والے بھیانک انکشافات کی اعلیٰ ترین سطح پر فوری تحقیقات کروائی جائے ۔

    انہوں نے کہا کہ اگر یہ الزامات درست ثابت ہوں تو اس گھناؤنے فراڈ میں ملوث ایکزیکٹ کمپنی کے ایگزیکٹو لیول کے تمام افراد کو فوری طور پر گرفتارکیا جائے اور ان پر آرٹیکل 6 کے تحت مقدمہ چلاکر انہیں ایسی عبرتناک اور مثالی سزا دی جائے کہ پاکستان میں آئندہ کوئی بھی ایسے گھناؤنے عمل کا ارتکاب کرنے کا سوچ بھی نہ سکے ۔

    انہوں نے مزید مطالبہ کیا کہ ایکزیکٹ کمپنی کے ایگزیکٹو پوسٹ پر فائز تمام افراد کے نام ای سی ایل میں ڈال کر ان کے بیرون ملک جانے پر پابندی عائد کی جائے اور ان کے پاسپورٹ ضبط کئے جائیں ۔

    آخر میں الطاف حسین نے کہاکہ پاکستان کے انتہائی حساس ترین اداروں کی اتنے بڑے اورگھناؤنے فراڈ سے لاعلمی نہ صرف افسوسناک بلکہ تمام محب وطن پاکستانیوں کیلئے لمحہ فکریہ بھی ہے۔

  • پاکستان کو متحد اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہوں، الطاف حسین

    پاکستان کو متحد اور مستحکم دیکھنا چاہتا ہوں، الطاف حسین

    لاہور: متحدہ قومی موومنٹ کے قائدالطا ف حسین نے کہاہے کہ وہ متحد اور مستحکم پاکستان دیکھنا چاہتےہیں، ایم کیوایم پر لگائے جانے والے الزامات بے بنیادہیں ۔

    لاہور، راولپنڈی اورملتان میں ایم کیوایم پنجاب کے ذمہ داران وکارکنان سے فون پر گفتگو میں الطاف حسین نے کہاکہ ماضی میں جب ایم کیوایم کاپیغام پھیلنے لگاتوا سکے خلاف آپریشن کیاگیااورصوصاًپنجاب کے عوام کوایم کیوایم سے بدظن کرنے کیلئے جناح پوراورطرح طرح کےالزامات لگائے گئے۔ لیکن وقت نے ثابت کیاکہ تمام الزامات سراسرغلط تھے۔

    قومی اسمبلی کے حلقہ این اے دو سو چھیالیس کے ضمنی انتخاب میں شاندار کامیابی کے بعد ایک بار پھرایم کیوایم پر ملک دشمنی اورغداری کے الزامات لگائے جارہے ہیں۔

     ایم کیوایم پنجاب کے ذمہ داران وکارکنان نے الطاف حسین سے فرداًفرداًگفتگو میں یقین دلایاکہ حالات چاہے کیسے ہی کیوں نہ ہوں، وہ تحریک کوکسی بھی قیمت پرنہیں چھوڑیں گے۔