Tag: الطاف حسین

  • وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات

    اسلام آباد: ایم کیوایم کے قائد کے معاملے پر برطانوی ہائی کمشنر نے چوہدری نثار سے ملاقات کی ہے جس میں وزارت داخلہ جانب سے قائد متحدہ کے خلاف کارروائی کے لیے بھیجے گئے ریفرنس پر کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دار الحکومت میں وزیر داخلہ چوہدری نثار سے برطانوی ہائی کمشنر کی ملاقات ہوئی جس میں قائد ایم کیوایم کے خلاف بھیجے گئے ریفرنس پربات چیت ہوئی۔

    ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لیے ضروری شواہد برطانوی ہائی کمشنر کے حوالے کردیئے، چوہدری نثار نے برطانوی ہائی کمشنر سے ملاقات میں کہا کہ الطاف حسین نے اپنی تقریر کے ذریعے اشتعال انگیزی کی اور بد امنی پھیلائی، برطانوی حکومت اپنے قوانین کے مطابق متحدہ بانی کے خلاف کارروائی کرے۔

    ذرائع کے مطابق چوہدری نثار نے ہائی کمشنر سے کہا کہ قائد ایم کیوایم کے خلاف برطانوی قوانین کے تحت کارروائی کی جائے،برطانوی ہائی کمشنر نے الطاف حسین کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کا جائزہ لینے کی یقین دہانی کرائی ہے، انہوں نے بتایا کہ برطانیہ میں تشدد پراکسانے کے قوانین بہت سخت ہیں۔

  • متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں، عمران خان

    متحدہ قومی موومنٹ پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں، عمران خان

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میں اختلافات کے باوجود میں ایم کیو ایم پر پابندی کے حق میں نہیں ہوں۔

    ایم کیو ایم میں محب وطن اور پڑھے لکھے لوگ آج بھی ہیں، لہٰذا ایسے لوگوں کو بھی آگے آنا چاہئیے.

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی کے پروگرام الیونتھ آور میں میزبان وسیم بادامی سے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے کیا۔


    پی ایس پی سے مستقبل میں اتحاد ہوسکتا ہے

    عمران خان کا کہنا تھا کہ مصطفیٰ کمال کی آمد خوش آئند ہے، مستقبل میں پی ایس پی سے اتحاد ہو سکتا ہے، متحدہ قومی موومنٹ دہشت گرد اور نواز لیگ معاشی دہشت گرد جماعت ہے۔

    فاروق ستار اورالطاف حسین کا میچ فکس ہے

    ان کا کہنا تھا کہ ڈاکٹر فاروق ستار اورالطاف حسین کا معاملہ میچ فکسنگ لگتا ہے، فاروق ستار اپنے قائد کا ساتھ کبھی نہیں چھوڑیں گے۔ لیکن وہ مجبور بھی ہیں۔ عمران خان نے دعویٰٰ کیا کہ کراچی تو تحریک انصاف کا ہی شہر ہے۔

     پی ٹی وی پر حملہ ہم نے نہیں کروایا

    انہوں نے کہا کہ بیس سال میں کبھی توڑ پھوڑ کی سیاست نہیں کی، پی ٹی وی کی عمارت پر حملہ ہم نے نہیں کرایا، سرکاری ٹی وی پر حملہ ہوا تو کنٹینر پر کھڑے ہوکر کہا تھا کہ واپس آجاؤ۔ مجھے شک ہے کہ یہ حملہ حکومت نے خود کروایا تھا۔

    فیصل واوڈا پر حملے کا الزام فی الحال کسی پر نہیں لگا سکتے

    پی ٹی آئی رہنما فیصل واوڈا کی گاڑی پر حملے کے حوالے سے عمران خان کا کہنا تھا کہ حملے کا الزام بغیر کسی ثبوت کے کسی پر نہیں لگا سکتے، ان پر حملہ ہم کو ڈرانے کی کوشش ہے۔

    فیصل واوڈا نیب کے دفتر میں کچھ ثبوت دینے کیلئے گئے تھے، ہوسکتا ہے حملے کے محرکات پانامہ لیکس کے حوالے سے ہوں یا پھر وہ عناصر جو شہر میں امن و امان کو تباہ کرنا چاہتے ہیں، لیکن اس پر کچھ واضح طور پر نہیں کہا جاسکتا۔


    بارہ مئی کا ذمہ دار وسیم اختر نہیں الطاف حسین اور مشرف ہیں 

    ایک سوال کے جواب میں عمران خان نے کہا کہ سانحہ بارہ مئی کا مقدمہ وسیم اختر پر نہیں بلکہ الطاف حسین اور اس وقت کے صدر پرویزمشرف پر قائم کیا جانا چاہیئے۔ انہوں نےکہ الطاف حسین برطانوی شہری ہیں اور حکومت کو چاہیئے کہ پاکستان میں شر انگیزی پھیلانے جرم میں ان کو جیل میں ڈلوائے۔

    انہوں نے کہا کہ پاکستان کی فارن پالیسی نہ ہونے کے برابر ہے، انہوں نے کہا کہ کراچی کے ضلع غربی کے بلدیاتی انتخابات میں ایم کیو ایم کے ساتھ اتحاد پر افسوس ہے۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ صوبہ خیبر پختونخواہ میں جرائم کی شرح دوسرے صوبوں کے مقابلے میں سب سے کم ہے، اگر رینجرز کو ضرورت ہے تو وہ جرائم پیشہ افراد کیخلاف ضرور آپریشن کرے۔

     

     

  • الطاف حسین کے کسی بھی عمل کی ذمہ دارمتحدہ نہیں، الیکشن کمیشن

    الطاف حسین کے کسی بھی عمل کی ذمہ دارمتحدہ نہیں، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ذرائع نے کہا ہے کہ الطاف حسین کے کسی بھی عمل کی ذمہ داری متحدہ قومی موومنٹ پر عائد نہیں‌ہوتی، متحدہ کے آئین میں الطاف حسین کی کوئی آئینی حیثیت نہیں ہے۔

     ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ ہے

    زاہد مشوانی نمائندہ اسلام آباد کے مطابق ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) نے  جون 2012ء میں اپنا آئین الیکشن کمیشن کے پاس جمع کرادیا تھا جس کے تحت ایم کیو ایم پاکستان فاروق ستار کے نام سے رجسٹرڈ ہے، فاروق ستار ایم کیو ایم کے آئینی لیڈر ہیں اور پارٹی معاملات پرجواب دہ بھی وہی ہیں جب کہ ان کے پاس ڈپٹی کنوینئر کا عہدہ بھی موجود ہے۔

    متحدہ میں ایم کیو ایم کی کوئی آئینی حیثیت نہیں

    آئین کے مطابق نسرین جلیل کے پاسب بھی ڈپٹی کنوینئر کا عہد ہے لیکن الطاف حسین کی کوئی آئینی حیثیت نہیں اور نہ ان کے پاس کوئی عہدہ ہے ان کے نام صرف قائد اور رہبر کے طور پر درج ہے جس کے بعد ان کے کسی بھی عمل کی ذمہ داری متحدہ قومی موومنٹ پر عائد نہیں کی جاسکتی اور نہ متحدہ قومی موومنٹ الطاف حسین کے کسی بھی عملی وضاحت یا جواب دہی کی ذمہ دار ہے۔

    فاروق ستار کے پاس دو پارٹی عہدے ہیں

    آئین کے مطابق فاروق ستار کے پاس ایم کیو ایم کے دو عہدے ہیں جن میں سے ایک ڈپٹی کنوینر کا عہدہ بھی ہے،کراچی آرگنائزنگ کمیٹی کے ذمہ دار خالد عمرہیں، کے پی کے اور گلگت کی ذمہ داری گل فراز خٹک اور اسلم آفریدی کے پاس ہے اسی طرح چاروں صوبوں کی آرگنائزنگ کمیٹیوں کے نام دے دیے گیے ہیں۔

  • ایم کیو ایم کے دفاترکو بند یا کھلوانا رینجرزکا کام نہیں، رانا ثناء اللہ

    ایم کیو ایم کے دفاترکو بند یا کھلوانا رینجرزکا کام نہیں، رانا ثناء اللہ

    لاہور: وزیر قانون پنجاب رانا ثناء اللہ نے کہا ہے کہ رینجرز ہمارے سر کا تاج ہے لیکن ایم کیو ایم کے دفاتر کو بند یا کھلوانا رینجرز کا کام نہیں،

    یہ بات انہوں نے لاہور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہی، تفصیلات کے مطابق کراچی سمیت سندھ کے مختلف شہروں میں ایم کیوایم کے قبضے کی زمین پرقائم سیکٹر اور یونٹ آفس گرانے کا سلسلہ جاری ہے۔


    Sanaullah says Altaf digging his own grave by arynews

    مسلم لیگ ن کے اہم رہنما اور وزیرقانون پنجاب رانا ثناء اللہ ایم کیوایم کی حمایت میں خم ٹھونک کر سامنے آگئے۔ ایم کیوایم کے دفاتر گرانے کا ذمہ دار رینجرز کو قراردے دیا۔

    متحدہ کے دفاتر گرانے سے نفرت پیدا ہوگی

    رانا ثناء اللہ نے ایم کیو ایم کے دفاتر گرائے جانے کی مذمت کرتے ہوئے کہا کہ رینجرز کی کراچی اور پورے ملک میں کارروائیاں قابل ستائش ہیں تاہم سیاسی دفاتر کو تالا لگانا یا کھلوانا رینجرز کا کام نہیں ، کہیں ایسا نہ ہو کہ وہ جو دفاتر بند کرائیں وہ لوگوں کے دلوں میں کھل جائیں ۔سیاسی جماعتوں کا کام سیاسی جماعتوں کو ہی کرنا چاہئیے۔

    متحدہ قائد نے اپنی سیاسی موت کو خود دعوت دی 

    متحدہ قائد الطاف حسین خود اپنی تقریر کے ذریعے اپنی سیاسی موت مرنے کے عمل سے گزر رہے ہیں، اسٹیبلشمنٹ جو کام تیس سال میں نہ کرسکی وہ کام الطاف حسین نے خود تین نعروں اور تین منٹ میں کردیا۔

    انہوں نے کہا کہ الطاف حسین کی سیاسی موت کو غیرفطری اورغیرسیاسی انداز سے سپیڈ اپ کیا گیا تو یہ اس کے لیے لائف سیونگ ڈرگ کا کام کرے گی۔

    پی ایس پی پر اسٹیبلشمنٹ کا ٹھپہ ہے 

    رانا ثناء اللہ نے پاک سرزمین پارٹی اور مصطفیٰ کمال پر وہی الزام لگائے جو اس سے قبل ایم کیوایم کے قائد لگا چکے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پاک سرزمین پارٹی پر اسٹیبلیشمنٹ کا ٹھپہ ہے، جسے دھونا اس کا کام ہے۔

    فاروق ستارکی گرفتاری سے لیکر آصف حسنین کی شمولیت درست عمل نہیں 

    رانا ثناء اللہ نے بائیس اگست کو فاروق ستارکو رینجرز کی جانب سے حراست میں لیے جانے کی بھی دبے لفظوں میں مذمت کی۔ انہوں نے کہا کہ فاروق ستار کی گرفتاری سے لے کر آصف حسنین کی پی ایس ایس پی میں شمولیت تک کا عمل درست نہیں تھا۔

    مزید پڑھیں: ن لیگ اورایم کیو ایم ایک ہیں، متحدہ قائد الگ نہیں ہوئے، سیاسی رہنماؤں کا ردعمل

    واضح رہے کہ وزیر قانون پنجاب اور ن لیگ کے رہنما رانا ثناء اللہ کی جانب سے متحدہ قومی موومنٹ کے دفاتر منہدم کرنے کی مذمت کرنے پر ملک کی مختلف سیاسی جماعتوں کے نمائندوں نے رانا ثناء اللہ پر شدید تنقید کی ہے،

     

  • حکومت ایم کیو ایم اوراسکے قائد کیخلاف فوری ایکشن لے، افتخار چوہدری

    حکومت ایم کیو ایم اوراسکے قائد کیخلاف فوری ایکشن لے، افتخار چوہدری

    لاہور : سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس افتخار چوہدری نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم پر پابندی تو دور کی بات، پاکستان مردہ باد کی بات کرنے والے کو پاکستان میں زندہ رہنے کا بھی حق نہیں ہے۔

    پنجاب یونیورسٹی میں موومنٹ آف ایسوسی ایٹڈ پاکستانی فارماسسٹ کی تقریب کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے افتخار چوہدری نے کہا کہ حیران ہوں کہ وفاقی حکومت نے پاکستان مخالف بیان پر الطاف حسین اور ایم کیو ایم کے خلاف ابھی تک ایکشن کیوں نہیں لیا۔

    افتخارچوہدری نے کہا کہ کراچی میں امن وامان کا مسئلہ ہے۔ اس کے ذریعے پانامہ لیکس کو دبانے کی سازش نہیں کی جارہی۔ جبکہ ملک میں گڈ گورننس اور ٹرانسپرینسی کہیں نظر نہیں آرہی۔

    چیئرمین پی ٹی آئی کے حوالے سے ایک سوال کے جواب میں ان کا کہنا تھا کہ عمران خان اپنے مستقبل کے بارے میں خود ہی بتا سکتے ہیں۔ اس موقع پر سابق چیف جسٹس نے ینگ فارماسسٹس سے حلف لیا اور ملکی ترقی کیلئے فارماسسٹس کو اپنا کردار ادا کرنے پر زور دیا۔

     

  • بلوچستان اسمبلی : قائد ایم کیو ایم کی تقریر کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

    بلوچستان اسمبلی : قائد ایم کیو ایم کی تقریر کیخلاف مذمتی قرارداد منظور

    کوئٹہ : بلوچستان اسمبلی میں بھارتی وزیراعظم کے بیان اور قائد ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے خلاف مذمتی قرارداد کو منظور کر لیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق بلوچستان اسمبلی کا خصوصی اجلاس اسپیکر راحیلہ حمید درانی کی زیر صدارت منعقد ہوا جس میں بھارتی وزیراعظم مودی کے بیان اور قائد ایم کیو ایم کی پاکستان مخالف تقریر کے خلاف قراردادیں پیش ہوئیں جنہیں ایوان نے اتفاق رائے منظور کر لیا۔

    ارکین اسمبلی نے مطالبہ کیا ہے کہ قائد ایم کیو ایم کی پاکستان کے خلاف زبان درازی غداری کے زمرے میں آتی ہے ان کیخلاف کارروائی کی جائے۔

    اراکین نے بھارتی وزیراعظم کے بیان پر بھی شدید رد عمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بھارتی وزیراعظم کے بیان سے ثابت ہوگیا کہ بلوچستان میں دہشتگردی بھارتی سرکار کروارہی ہے۔

    ، قائد ایم کیو ایم کا بیان پاکستان کی خود مختاری اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی خلاف ورزی ہے۔ ایوان میں دونوں قراردادوں پرچار گھنٹے تک گرما گرم بحث ہوئی۔

    اراکین اسمبلی کا کہنا تھا کہ ملک کے خلاف زبان درازی کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی جسے اس ملک میں رہنا ہے تو اُسے پاکستان زندہ باد کہنا ہوگا۔

     

  • حکومت کا الطاف حسین کی حوالگی کا مطالبہ نہ کرنے کا فیصلہ

    حکومت کا الطاف حسین کی حوالگی کا مطالبہ نہ کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد: حکومت پاکستان نے متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین کے خلاف برطانیہ میں مقدم چلوانے کا فیصلہ کیا ہے تاہم ان کی پاکستان حوالگی کا مطالبہ نہیں کیا جائےگا۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ برطانیہ میں تشدد پر اکسانے کے قوانین سخت ہیں، اپنی اشتعال انگیز تقریر سے کسی کو تشدد یا دہشت گردی کے لیے اکسانے برطانوی قوانین کے تحت سنگین جرم کے زمرے میں آتا ہے، اس لیے حکومت پاکستان کی جانب سے شواہد پیش کرنے پر الطاف حسین کے خلاف سخت کارروائی کا امکان ہے، الطاف حسین کے خلاف کارروائی کے لیے وزارت داخلہ نے برطانوی حکام پر دبائو بڑھا دیا ہے۔

    ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ قائم ایم کیو ایم کی پاکستان حوالگی کا مطالبہ نہیں کیا جائےگا اس کی ایک وجہ یہ ہے کہ پاکستان کا برطانیہ کے ساتھ حوالگی کا کوئی معاہدہ نہیں ہے اس لیے پاکستان کے طلب کرنے پر بھی برطانیہ پابندی نہیں ہے کہ اپنے شہری کو پاکستان کے حوالے کرے۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ الطاف حسین کی حوالگی کا مطالبہ نہ کرنے کی دوسری وجہ یہ ہے کہ برطانیہ اپنے کسی بھی شہری کو ا یسے ملک کے حوالے ویسے بھی نہیں کرتا جہاں سزائے موت کا قانون موجود ہو۔

  • سول سائٹی کے نمائندوں کا قائد ایم کیوایم کے بیان کیخلاف مظاہرہ

    سول سائٹی کے نمائندوں کا قائد ایم کیوایم کے بیان کیخلاف مظاہرہ

    کراچی : برطانوی قونصل خانے کے قریب سول سائٹی کے نمائندوں نے ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے مذمتی قرارداد قونصل خانے میں جمع کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق سول سائٹی کے نمائندوں نے برطانوی قونصل خانے کے قریب ایم کیو ایم کے قائد کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تین تلوار کے قریب ہونے والے احتجاجی مظاہرے میں سول سوسائٹی کے لوگوں کی بڑی تعداد شریک تھی، جنہوں نے ایم کیو ایم کے قائد کی پاکستان کے خلاف نعرے بازی کی مذمت کی اور اے آر وائی نیوز پر حملے کی بھی شدید الفاظ میں مذمت کی۔

    مظاہرین نے قونصل خانے میں ایک یاد داشت جمع کرائی جس میں قائد ایم کیو ایم کے گذشتہ روز کے بیان پر کارروائی کا مطالبہ کیا۔

    مظاہرے کے دوران برطانوی قونصل خانے جانے والے راستے کو سیل کرکے ٹریفک کیلئے بند کیاگیا۔

    واضح رہے کہ گزشتہ روز پریس کلب پر ایم کیو ایم کے بھوک ہڑتالی کیمپ میں قائد ایم کیو ایم نے اپنے خطاب میں پاکستان مخالف نعرے لگائے تھے۔

    اس کے علاوہ ان کی جانب سے ٹی وی چینلز کے حوالے سے غصہ کا اظہار کرنے کے بعد کارکنان نے اے آر وائی نیوز کے دفتر پر حملہ کردیا تھا۔

     

  • اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قائد کی تقاریرکیخلاف تحقیقات شروع کردیں

    اسکاٹ لینڈ یارڈ نے متحدہ قائد کی تقاریرکیخلاف تحقیقات شروع کردیں

    لندن: اسکاٹ لینڈ یارڈ ترجمان نے کہا ہے کہ قائد ایم کیو ایم کی پاکستان میں نفرت انگیزتقاریرکی تحقیقات جاری ہیں کہ ان تقاریر سے قانون شکنی ہوئی یا نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق برطانیہ کی اسکاٹ لینڈ یارڈ پولیس نے اس بات کی تصدیق کی ہے کہ قائد ایم کیو ایم کی پاکستان کیخلاف نفرت انگیز تقاریر پر تحقیقات جاری ہیں۔

    اسکاٹ لینڈ یارڈ حکام کا کہنا ہے کہ تحقیقات کر رہے ہیں کہ قائد ایم کیو ایم کی تقاریر سے قانون شکنی ہوئی یا نہیں، حکام کا کہنا ہے کہ قائد ایم کیو ایم کے خلاف شکایات کی تعداد ہزاروں میں ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ قائد ایم کیو ایم کے خلاف بہت سے پاکستانی فون کر کے شکایات کر رہے ہیں، اگر برطانوی سرزمین پر قائد ایم کیو ایم کے خلاف کسی کے بھی پاس ثبوت موجود ہیں تو وہ فراہم کرے۔

    علاوہ ازیں لندن میں ایک پاکستانی شہری طارق حسین کی جانب سے لیڈ گرو پولیس اسٹیشن میں متحدہ قومی موومنٹ کے قائد کیخلاف درخواست جمع کرائی گئی ہے، جس میں پاکستان مخالف بیان دینے پر متحدہ قائد کیخلاف کارروائی کی استدعا کی گئی ہے۔

     

  • گوجرانوالہ : ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے چار ماہ کی بچی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ : ڈاکٹروں کی مبینہ غفلت نے چار ماہ کی بچی کی جان لے لی

    گوجرانوالہ : ڈاکٹرز کی مبینہ غفلت کے باعث چار ماہ کی بچی جاں بحق ہو گئی, ورثاء نے ڈسٹرکٹ ہسپتال کے باہر احتجاجی مظاہرہ کیا۔

    تفصیلات کے مطابق باغبانپورہ کے علاقہ کولہو والا کے رہائشی محنت کش شمائل کی چار ماہ کی بیٹی ابیحہ کو معمولی بخار کے باعث ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال لایا گیا ، جہاں پر ڈاکٹرز کی جانب سے مبینہ غفلت اور لا پرواہی برتنے پر بچی جاں بحق ہو گئی۔

    بچی کے لواحقین نے ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال کے باہر احتجاج کرتے ہوئے ڈاکٹرز اورسیکیورٹی کے عملہ کے خلاف شدید نعرے بازی کی۔

    لواحقین کا کہنا تھا کہ معمولی بخار میں مبتلا بچی کو ہسپتا ل لایا گیا تھا جس کے بعد ڈاکٹرز نے ایک انجکشن لگا کر تمام اہل خانہ کو کمرے سے باہر نکال دیا ۔

    دو گھنٹے بعد جب بچی کا والد کمرے میں داخل ہوا تو بچی جاں بحق ہو چکی تھی، جس کے بعد ہسپتال کے عملہ نے سیکیورٹی گارڈ کی مدد سے انہیں دھکے دے کر ہسپتال سے باہر نکال دیا ۔

    دوسری طرف واقعہ کی اطلاع ملنے پر تھانہ باغبانپورہ پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔