Tag: العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس

  • نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

    نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی

    اسلام آباد : احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم میاں نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کو سخت سیکیورٹی میں اڈیالہ جیل سے احتساب عدالت لایا گیا۔

    احتساب عدالت کےمعزز جج نے مسلم لیگ ن کے قائد کے وکیل خواجہ حارث کی مصروفیت کے باعث سماعت ملتوی کردی۔

    عدالت میں گزشتہ روز سماعت کے دوران نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہ واجد ضیاء پرجرح کرتے ہوئے سوال کیا تھا کہ جے آئی ٹی کے پاس وہ دستاویزات ہیں جس میں ہل میٹل کو کمپنی ظاہر کیا گیا ہو؟

    استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء کا کہنا تھا کہ جے آئی ٹی کے پاس موجود ایک سورس دستاویز میں ایچ ایم ای کو کمپنی لکھا گیا ہے اور یہ سورس دستاویز ایم ایل اے لکھے جانے کے بعد 20 جون 2017 کو موصول ہوئی تھی۔

    نوازشریف کےخلاف ریفرنسزکی سماعت 6 ہفتوں میں مکمل کرنےکا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کو نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزاورفلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید 6 ہفتے کی مہلت دی تھی۔

    واضح رہے کہ ایون فیلڈ ریفرنس کیس میں احتساب عدالت کی جانب سے نوازشریف، ان کی صاحبزادی مریم نواز اور داماد کیپٹن ریٹائرڈ صفدر کو سزا سنائی جا چکی ہے اور وہ اس وقت جیل میں ہیں۔

  • نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت پیرتک ملتوی

    نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت پیرتک ملتوی

    اسلام آباد : احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت پیرتک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کو سخت سیکیورٹی میں احتساب عدالت میں لایا گیا جبکہ خواجہ حارث نے آج بھی واجد ضیاء پر جرح کی۔

    استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء نے کہا کہ ماڈرن انڈسٹری سے متعلق ایم ایل اے سعودی عرب نہیں بھیجا، جب سعودی عرب کو خط لکھا اس وقت کمپنی کا مکمل نام معلوم نہیں تھا۔

    جے آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ ایم ایل اے صرف ایچ ایم ای سے متعلق سعودی عرب کو لکھا گیا،اس وقت کمپنی کے مکمل نام سے متعلق دستاویزدستیاب نہیں تھیں۔

    واجد ضیاء نے کہا کہ دستاویز کے مطابق کمپنی اسٹیل کے کاروبارسے متعلق ہے، ایم ایل اے لکھنے سے ایک دن قبل حسین نوازشامل تفتیش ہوئے۔

    خواجہ حارث نے کہا کہ تفتیش میں جے آئی ٹی کےعلم میں آیا ہل میٹل کا پورا نام کیا ہے اور جو دستاویزات دیے گئے اس میں کسی کا ایڈریس دیا گیا تھا؟۔

    جے آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ دستاویزات میں آفس ایڈریس اور پی او باکس نمبر دیا ہوا تھا۔

    نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ ہل میٹل کمپنی ہے، کارپوریشن ہے یا پراپرئٹرشپ ہے جس پر واجد ضیاء نے جواب دیا کہ دستاویزات میں ایسی کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔

    واجد ضیاء نے بتایا کہ اس کاروبارکو دستاویزات میں اسٹیل بنانے کا کاروبارہی لکھا گیا تھا۔ انہوں نے کہا کہ 30 جولائی2017 کوحسین نوازشامل تفتیش ہوئے۔

    خواجہ حارث نے سوال کیا کہ کیا حسین نوازسے آپ نے پوچھا ہل میٹل کمپنی ہے یا کارپوریشن؟ واجد ضیاء نے جواب دیا کہ جےآئی ٹی نے حسین نوازسے اس بارے میں نہیں پوچھا۔

    استغاثہ کے گواہ نے بتایا کہ 31مئی2017 کوجب ایم ایل اے بھیجا تومعلوم نہیں تھا، نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ کیا یہ درست ہے آپ نے ایم ایل اے میں ہل میٹل کوکمپنی لکھا۔

    جے آئی ٹی سربراہ نے کہا کہ ایک جگہ پرہم نے کمپنی کا لفظ استعمال کیا ہے، حسین نوازکی پیش دستاویزات میں ایچ ایم ای کوفرد واحد پروپرائٹرظاہرکیا گیا۔

    خواجہ حارث نے سوال کیا کہ کیا آپ عربی سمجھ لیتے ہیں جس پر واجد ضیاء نے جواب دیا کہ کچھ وقت سعودی عرب میں گزارا اس لیے تھوڑی سمجھ لیتا ہوں۔

    استغاثہ کے گواہ واجد ضیاء نے بتایا کہ اہم تھا کمپنی فرد واحد کسی کی ملکیت ہے یہ شراکت داری پرہے، مخصوص سوال نہیں پوچھا۔

    احتساب عدالت میں دوران سماعت گفتگو کرنے پر معزز جج کی جانب سے طارق فضل چوہدری اور پرویز ملک پربرہمی کا اظہار کیا گیا۔

    جج ارشد ملک نے کہا کہ پہلے بھی کہا تھا یہاں بیٹھنا ہے توبندے بن کربیٹھیں، میاں صاحب سے بات کریں توسمجھ آتی ہے، عدالت میں بیٹھ کرآپس میں گفتگو کا کیا جواز بنتا ہے۔

    وکیل صفائی خواجہ حارث نے عدالت کو یقین دہانی کرائی کہ آئندہ ایسا نہیں ہوگا۔

    بعدازاں عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت پیر تک ملتوی کردی۔

    احتساب عدالت میں گزشتہ روز سماعت کے دوران واجد ضیاء سے جرح کرتے ہوئے خواجہ حارث نے کہا تھا کہ کیا جے آئی ٹی نے الداد آڈٹ بیورو کے کسی آفیشل سے رابطے کی کوشش کی ؟۔

    جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء نے جواب دیتے ہوئے کہا تھا کہ ہم نے ایم ایل اے بھیجا تھا۔

    خواجہ حارث اورپراسیکیوٹر نیب کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

    عدالت میں سماعت کے دوران خواجہ حارث نے کہا تھا کہ جرح کر رہا ہوں دونوں پراسیکیوٹرز آپس میں بات نہ کریں، اس سے میں ڈسٹرب ہوتا ہوں۔

    نیب پراسیکیوٹر کا کہنا تھا کہ مجھے عدالت کہے تومیں بات نہیں کروں گا، آپ ڈکٹیٹ نہ کریں، عدالت نے نیب پراسکیوٹر کو دوران جرح بات نہ کرنے کی ہدایت کی تھی۔

    نوازشریف کےخلاف ریفرنسزکی سماعت 6 ہفتوں میں مکمل کرنےکا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کو نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزاورفلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید 6 ہفتے کی مہلت دی تھی۔

  • العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر سماعت کل تک ملتوی

    العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر سماعت کل تک ملتوی

    اسلام آباد: احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے کی۔

    سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء پرجرح کی۔

    خواجہ حارث نے سماعت کے دوران سوال کیا کہ کیا جے آئی ٹی نے آڈٹ بیورو کے کسی حکام سے رابطے کی کوشش کی؟ جس پر واجد ضیاء نے جواب دیا کہ آلڈرآڈٹ رپورٹ ان اسٹیٹمنٹ کی بنیاد پر ہے جن کا آڈٹ بیورونے نہیں کیا۔

    استغاثہ کے گواہ نے بتایا کہ حسین نواز سے متعلق آڈٹ رپورٹ مالی سال 2010 سے 2014 تک کی ہے، جس شخص نے رپورٹ تیارکی اس کا نام اوردیگرتفصیل رپورٹ میں درج ہے۔

    خواجہ حارث نے سوال کیا کہ ہل میٹل اسٹیبلشمنٹ کب آپریشنل ہوئی جس پر واجد ضیاء نے جواب دیا کہ ریکارڈ دیکھ کرجواب دے سکتا ہوں۔

    جے آئی ٹی سربراہ نے کہا کہ جواب دینے کے لیے سی ایم اے اورحسین نوازکا بیان دیکھنا پڑے گا۔

    استغاثہ کے گواہ نے بتایا کہ سپریم کورٹ میں متفرق درخواست جمع کرائی گئی تھی جس کے مطابق اایچ ایم ای 2006 کے آغازمیں قائم ہوئی۔

    نوازشریف کے وکیل نے سوال کیا کہ جے آئی ٹی کی تفتیش کے مطابق ایچ ایم ای کب قائم ہوئی؟ واجد ضیاء نے جواب دیا کہ جے آئی ٹی نے اس حوالے سے ایم ایل اے لکھا تھا۔

    جے آئی ٹی سربراہ نے بتایا کہ الدار آڈٹ رپورٹ ایچ ایم ای کے 15-2010 کے اکاؤنٹس پرمبنی ہے، ایچ ایم ای کے آڈیٹڈ اکاؤنٹس کی تفصیلات مانگنا ضروری نہیں سمجھا۔

    واجد ضیاء نے کہا کہ سعودی حکام کو31 مئی 2017 کوصرف ایک ایم ایل اے لکھا گیا جس کا جواب نہیں ملا۔

    خواجہ حارث اورپراسیکیوٹر نیب کے درمیان تلخ جملوں کا تبادلہ

    عدالت میں سماعت کے دوران خواجہ حارث نے کہا کہ جرح کر رہا ہوں دونوں پراسیکیوٹرز آپس میں بات نہ کریں، آپ دوران جرح بات مت کریں، اس سے میں ڈسٹرب ہوتا ہوں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ مجھے عدالت کہے تومیں نہیں پوچھوں گا، آپ ڈکٹیٹ نہ کریں، عدالت نے نیب پراسکیوٹر کو دوران جرح بات نہ کرنے کی ہدایت کردی۔

    خواجہ حارث نے سوال کیا کہ علم میں ہے کمپنیز آرڈیننس 1984 کو 2017 کمپنیز ایکٹ نے تبدیل کیا؟ واجد ضیاء نے جواب دیا کہ نہیں میرے علم میں نہیں ہے۔

    نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ علم میں ہے پارٹنر شپ ایکٹ 1969 چل رہا ہے؟ جس پرجے آئی ٹی سربراہ نے جواب دیا کہ جی یہ میں جانتا ہوں۔

    خواجہ حارث نے سوال کیا کہ پتہ ہے کمپنیز ایکٹ کمپنی کواورپارٹنر شپ ایکٹ پارٹنرشپ کوڈیل کرتا ہے؟ واجد ضیاء نے جواب دیا کہ میں ایکسپرٹ نہیں ہوں۔

    پراسیکیوٹر نیب نے خواجہ حارث کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ پارٹنرشپ ایکٹ 1969 نہیں 1932 ہے ٹھیک کرلیں جس پر نوازشریف کے وکیل آپے سے باہر ہوگئے اور اپنے معاون وکیل کو جھاڑ پلا دی۔

    سابق وزیراعظم کے وکیل نے کہا کہ وہ آپ کو پاگل بنا رہے ہیں اور آپ پاگل بن رہے ہیں۔

    بعد ازاں العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس پر سماعت کل تک ملتوی کردی گئی، خواجہ حارث کل بھی واجد ضیا پر جرح جاری رکھیں گے۔

    نواز شریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور

    احتساب عدالت میں گزشتہ سماعت پر سابق وزیراعظم کے وکیل خواجہ حارث نے اپنے اعتراض ریکارڈ کرائے تھے۔

    عدالت میں سماعت کے دوران سابق وزیراعظم نواز شریف کی آج کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست منظور کی گئی تھی۔

    نوازشریف کےخلاف ریفرنسزکی سماعت 6 ہفتوں میں مکمل کرنےکا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ سپریم کورٹ آف پاکستان نے احتساب عدالت کو نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزاورفلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے مزید 6 ہفتے کی مہلت دی تھی۔

  • اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ حارث کےاعتراض کودرست قرار دے دیا

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے خواجہ حارث کےاعتراض کودرست قرار دے دیا

    اسلام آباد : ملز ریفرنس میں واجد ضیاء کے بیان میں مبینہ تبدیلی کے معاملے پرعدالت نے احتساب عدالت کو ہدایات جاری کی ہے کہ خواجہ حارث کے اعتراضات کو ریکارڈ کا حصہ بنایا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس میں واجد ضیاء کے بیان میں مبینہ تبدیلی سے متعلق نوازشریف کی درخواست پر جسٹس اطہرمن اللہ اور جسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل اسلام آباد ہائی کورٹ کے دو رکنی بینچ نے سماعت کی۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ میں سماعت کے آغاز پر عدالت نے ریمارکس دیے کہ 30 اگست کو احتساب عدالت کی کارروائی میں سوال کا بڑامسئلہ نہیں جس پرنیب پراسیکیوٹر نے کہا میں 5 منٹ میں بتا دیتا ہوں۔

    جسٹس محسن اخترکیانی نے سوال کیا کہ نوازشریف کے وکیل کا کہنا ہے ایک سوال ڈیلیٹ کیا گیا؟ جس پر نیب پراسیکیوٹرنے جواب دیا کہ جی نہیں کوئی سوال ڈیلیٹ نہیں کیا گیا۔

    جسٹس اطہرمن اللہ نے استفسار کیا کہ کسی سوال میں ترمیم کی گئی ہے؟ نیب پراسیکیوٹرسردار مظفرعباسی نے جواب دیا کہ جی نہیں ترمیم بھی نہیں کی گئی۔

    سماعت کے دوران خواجہ حارث کی مداخلت پرنیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ آپ سینئروکیل ہیں بار بار مداخلت مجھے پسند نہیں ہے، عدالت نے نوازشریف کے وکیل کو ہدایت کی دلائل مکمل ہونےدیں بعد میں بولیں۔

    جسٹس اطہرمن اللہ نے کہا کہ جج نےقبول کیا ترمیم کی تفصلات میں جانا نہیں چاہتے، جج احتساب عدالت نے ترمیم کرنی تھی تووجہ لکھ لیتے۔

    نوازشریف کے وکیل نے کہا کہ ہمارے اعتراض کوریکارڈ کا حصہ نہیں بنایا گیا، اسلام آباد ہائی کورٹ نے ریمارکس دیے کہ عدالت کواختیار ہے اعتراض اسی وقت یا بعد میں ریکارڈ کا حصہ بنائے۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کے وکیل کے اعتراض کو درست قراردیتے ہوئے حکم دیا کہ جج احتساب عدالت 30 اگست کی سماعت میں اعتراض ریکارڈ کاحصہ بنائیں۔

    عدالت میں گزشتہ روز خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ میرا موقف ہے کہ نوازشریف اور حسین نوازنے رپورٹ پیش نہیں کی۔

    جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ رپورٹ پیش کی گئی تو جے آئی ٹی رپورٹ میں موجود ہوگا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف کے وکیل نے کہا تھا کہ جے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء نے جو بیان دیا وہ لکھوایا گیا۔

    خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا کہ 30 اگست کواحتساب عدالت نے قانونی تقاضے پورے نہیں کیے کیے، عدالت نے سوال نامے کے تحت کارروائی نہیں چلائی۔

    جسٹس اطہرمن اللہ نے ریمارکس دیے تھے کہ نیب حکام کو کل سن لیتے ہیں، بعدازاں اسلام آباد ہائی کورٹ نے نیب کو نوٹس جاری کیا تھا۔

  • نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

    نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کل تک ملتوی

    اسلام آباد: سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزاور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت نمبرٹو کے جج ملک ارشد نے نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز کی سماعت کی۔

    مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کو احتساب عدالت میں پیشی کے بعد 23 گاڑیوں کے قافلے میں عدالت سے اڈیالہ جیل روانہ کردیا گیا۔

    احتساب عدالت میں وقفے کے بعد ریفرنسز کی سماعت شروع ہوئی تو نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے گواہ جرح کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے بیان دیا تھا گواہوں کوسوال نامہ نہ بھجوانے کا فیصلہ کیا تھا۔

    ڈپٹی پراسیکیوٹرجنرل نیب نے خواجہ حارث کے سوال پراعتراض کرتے ہوئے کہا کہ وکیل صفائی دوسرے کیس میں بیان پرسوال نہیں کرسکتے۔

    معزز جج ارشد ملک نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ 6 ہفتے کا وقت لے کر آگئے ہیں پھرجس پرانہوں نے جواب دیا کہ میں نے نہیں لیا وہ توسپریم کورٹ نے 6 ہفتے کا وقت دیا ہے۔

    نوازشریف کے وکیل کی جانب سے کیس کی سماعت ملتوی کرنے کی استدعا کی گئی جسے عدالت نے مسترد کردیا۔

    احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ سماعت 4 سے 5 بجے تک جاری رہے گی، اگر12 یا ایک بجے تک سماعت کریں گے تو6 ہفتے میں ریفرنس کیسے ختم ہوگا۔

    گواہ واجد ضیاء نے عدالت میں بیان دیتے ہوئے کہا کہ پیشگی سوال نامہ بھیجنے کی شرط ہم نے نہیں مانی یہ درست ہے، مشاورت کے بعد طے کیا پیشگی سوالنامہ نہیں بھیجا جائے گا۔

    بعدازاں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزاور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی، نوازشریف کے وکیل کل بھی واجد ضیاء پرجرح جاری رکھیں گے۔

    خیال رہے کہ اس سے قبل آج عدالت میں سماعت کے آغاز پر نوازشریف کی جانب سے ایڈ ووکیٹ محمد زبیرخٹک عدالت میں پیش ہوئے۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ حارث سپریم کورٹ میں مصروف ہیں۔

    معزز جج محمد ارشد ملک نے ریمارکس دیے کہ اگرایک ماہ کا وقت ملتا ہے تو روزانہ کی بنیاد پرسماعت ہوگی، اگر2ماہ کا وقت ملا توپھراس حساب سے دیکھ لیں گے۔

    احتساب عدالت کی جانب سے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزاور فلیگ شپ ریفرنس کی سماعت 11 بجے تک ملتوی کی گئی۔

    احتساب عدالت کے جج نے گزشتہ روز شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز نمٹانے کی ڈیڈ لائن میں توسیع کے لیے سپریم کورٹ کو خط لکھا تھا۔

    خط میں لکھا گیا تھا کہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا ٹرائل مکمل کرنے کے لیے توسیع دی جائے۔

    یاد رہے کہ گزشتہ سماعت پرنوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے دلائل دیتے ہوئے کہا تھا میری موجودگی میں استغاثہ کا بیان ریکارڈ نہیں کیا گیا۔

    خواجہ حارث کا کہنا تھا کہ العزیزیہ اورفلیگ شپ ریفرنس کا فیصلہ ایک ساتھ کیا جائے، جج احتساب عدالت نے کہا تھا میں باقی 2 ریفرنس نہیں سن سکتا۔

    نوازشریف کے وکیل کا کہنا تھا کہ تفتیشی افسرمحبوب عالم کا بیان آخرمیں ریکارڈ کرایا جائے۔

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواز شریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

  • احتساب عدالت کا نوازشریف کوپیرکو پیش کرنےکا حکم

    احتساب عدالت کا نوازشریف کوپیرکو پیش کرنےکا حکم

    اسلام آباد: احتساب عدالت نے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کے دوران سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کو13 اگست کو پیش کرنے کا حکم دے دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے آغاز پرنیب پراسیکیوٹر سردار مظفرعباسی نے دلائل کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ہائی کورٹ نے ریفرنسزاحتساب عدالت منتقل کردیے ہیں۔

    انہوں نےعدالت کو بتایا کہ ریفرنسز میں 3،3 ملزمان نامزد ہیں، حسن اورحسین نواز اشتہاری ہیں جبکہ نوازشریف جیل میں قید ہیں۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ نوازشریف کوسیکیورٹی خدشات کے باعث پیش نہیں کیا گیا احتساب عدالت کے جج نے کہا کہ دفاع کے وکیل آجائیں پھردیکھتے ہیں۔

    احتساب عدالت کے جج محمد ارشد ملک نے پیر کو نوازشریف کو پیش کرنے کا حکم دیتے ہوئے آئندہ سماعت پرجے آئی ٹی سربراہ واجد ضیاء کو بھی طلب کرلیا۔

    بعدازاں معزز جج محمد ارشد ملک نے شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کی سماعت ملتوی کردی۔

    العزیزیہ فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواستیں منظور

    یاد رہے کہ دو روز قبل اسلام آباد ہائی کورٹ نے سزا یافتہ سابق وزیراعظم نوازشریف کی العزیزیہ فلیگ شپ ریفرنسز دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواستیں منظور کرلی تھیں۔

    نوازشریف، مریم نواز اور کیپٹن صفدر کو قید کی سزا اورجرمانہ

    واضح رہے کہ احتساب عدالت کی جانب سے 6 جولائی کو ایون فیلڈ ریفرنس میں نواشریف کو 11، مریم نواز کو 8 اور کیپٹن صفدر کو ایک سال قید کی سزا سنائی گئی تھی۔

    نوازشریف اور ان کی بیٹی مریم نواز 13 جولائی کو جب لندن سے وطن واپس لوٹے تو دونوں کولاہور ایئرپورٹ پرطیارے سے ہی گرفتار کرکے اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا تھا۔

  • العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنسزدوسری عدالت منتقل کرنےکی درخواست پرسماعت

    العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنسزدوسری عدالت منتقل کرنےکی درخواست پرسماعت

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ میں شریف خاندان کے ریفرنس منتقلی کیس اورسزا معطلی کیس سماعت جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ میں جسٹس عامرفاروق اورجسٹس گل حسن اورنگزیب پرمشتمل بینچ العزیزیہ، فلیگ شپ ریفرنسزدوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست پرسماعت کررہا ہے۔

    عدالت میں نیب پراسیکیوٹرسردارمظفر اورنوازشریف کے وکیل خواجہ حارث موجود ہیں۔

    نیب پراسیکیوٹرسردار مظفر نے سماعت کےآغاز پرعدالت میں 27 گواہوں کی فہرست جمع کرائی اور عدالت کو آگاہ کیا کہ نیب کی جانب سے 7 گواہوں کو ترک کردیا گیا۔

    سردارمظفرعباسی نے کہا کہ العزیز یہ ریفرنس میں 18گواہ کے بیانات مکمل ہوچکے جبکہ 19 ویں گواہ پرجرح جاری ہے۔

    انہوں نےعدالت کوبتایا کہ فلیگ شپ ریفرنس میں 18گواہوں کی فہرست جمع کرائی گئی جن میں 16 گواہوں کا بیان قلمبند ہوچکا جبکہ 2 کوترک کردیا گیا۔

    سردار مظفرعباسی نے کہا کہ درخواست دوسری عدالت منتقل کی تورواج بن جائے گا اور پھرکوئی جج ایک ہی طرح کا کیس دوبارہ نہیں سن سکے گا، ایسا ہوا توہربارنیا جج تعینات کرنا پڑے گا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ ریفرنسزیکجا کرنےکی درخواست ہائی کورٹ نے مسترد کردی اور اس کے بعد سپریم کورٹ سے رجوع نہیں کیا گیا۔

    انہوں نے بتایا کہ یہ تینوں ریفرنسزایک ہی نوعیت کے نہیں ہیں،جج کس طرح اسی نوعیت کا دوسرا کیس نہیں سن سکتا۔؟

    سردار مظفرعباسی نے کہا کہ اس طرح ایک جج پوری زندگی میں ایک نوعیت کا ایک ہی کیس سنے گا، یہ روایت پروان چڑھ گئی تو ہر کیس کے لیے نیا جج تعینات کرنا پڑے گا۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ جج محمد بشیر 10ماہ سےالعزیزیہ اور فلیگ شپ کیس سن رہے ہیں اور معززجج کا دیگر دستیاب ججز سے تجربہ بھی زیادہ ہے۔

    انہوں نے دلائل دیتے ہوئے کہا کہ اچھا وکیل اپنے دلائل اور بہتر دفاع سے جج کا ذہن بدل سکتا ہے جس پر جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ یہ ایسا کیس ہے جس میں حقائق جڑے ہوئے ہیں۔

    جسٹس میاں گل حسن نے کہا کہ بتائیں کل ان حقائق کو دوسرے کیس میں کیسے الگ کیا جا سکتا ہے جس پرپراسیکیوٹر نیب نے جواب دیا کہ ہمارے سب ریفرنسزبطورایڈمنسٹریٹوجج محمد بشیرکے پاس جاتے ہیں۔

    سردار مظفرعباسی نے کہا کہ اسی جج نے فیصلہ کرنا ہوتا ہے کہ اسے دوسرے جج کوبھجوانا ہے۔ انہوں نے سوال کیا کہ ملزمان ایون فیلڈ ریفرنس میں بری ہوتےتوکیادرخواست لائی جاتی۔؟

    جسٹس عامر فاروق نے ریمارکس دیے کہ بریت پراستغاثہ کیس ٹرانسفرکرنے کی درخواست لے کر آجاتی جس پرسراد مظفرعباسی نے کہا کہ ایسی درخواست نہ دیتے، ہمیں فرق نہیں پڑتا جوبھی جج چاہے کیس سنے۔

    جسٹس عامر نے کہا کہ کس بنیاد پرکہا چارج فریم کے بعد کیس دوسری عدالت منتقل نہیں کیا جاسکتا؟ جس پرنیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ چارج فریم کرنےسے پہلے ملزمان کی درخواست پرکیس منتقل کیا جاسکتا تھا۔

    سردار مظفرعباسی نے کہا کہ قانون وآئین کی بنیادی ضروت ہے کہ فریقین کوجج پراعتماد ہونا چاہیے، ٹرائل میں جرح ودفاع پیش کرنے سمیت ملزمان کوہرحق دیا گیا۔

    انہوں نے کہا کہ ملزم نے احتساب عدالت میں دفاع میں کچھ بھی پیش نہیں کیا، عدالت میں ملزم نے صرف یہی موقف اپنایا کہ وہ معصوم ہے۔

    نیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ عدالت میں ملزمان کی طرف سے لندن جائیداد کی ملکیت تسلیم کی گئی جبکہ ملزمان نے لندن فلیٹس کی ملکیت سے متعلق خاص مؤقف اپنایا۔

    سردار مظفرعباسی نے کہا کہ سپریم کورٹ نے ملزمان کی پیش دستاویزکی جانچ کے لیے جےآئی ٹی بنائی۔ انہوں نے عدالت کو بتایا کہ 90کی دہائی سے اب تک لندن فلیٹس نوازشریف، ان کے بچوں کے پاس ہیں۔

  • العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی

    العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی

    اسلام آباد : احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت کے معززجج محمد بشیرمسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت کی۔

    عدالت میں سماعت کے آغاز ہر جج محمد بشیر نے استفسار کیا کہ مدت میں توسیع سے متعلق عدالتی حکم نامے کی کاپی آپ کے پاس ہے؟ جس پر نیب پراسیکیوٹر نے جواب دیا کہ حکم نامے کی کاپی ابھی دفترسے موصول نہیں ہوئی۔

    سردار مظفر نے کہا کہ حکم نامے کی کاپی پیش کرنے کے لیے تھوڑا وقت دیا جائے جس پر عدالت نے ریفرنس کی سماعت میں 12 بجے تک کا وقفہ کیا۔

    احتساب عدالت میں وقفے کے بعد سماعت کے آغاز پرنیب پراسیکیوٹر نے کہا کہ مدت میں توسیع کا سپریم کورٹ کا حکم نامہ ابھی نہیں ملا جس پرجج نے استفسار کیا کہ سپریم کورٹ نےآرڈرکیا سنایا تھا؟۔

    سردا مظفر نے عدالت کو بتایا کہ سنا ہےعدالت عظمیٰ نے 6 ہفتےکی مزید مہلت دی ہے جس پر جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ دیکھناہوگا سپریم کورٹ کے حکم نامے میں لکھا کیا گیا ہے۔

    معاون وکیل ظافرخان نے عدالت کو بتایا کہ خواجہ حارث راستے میں ہیں، وہ بہتربتا سکتے ہیں جس کے بعد سماعت میں 10 منٹ کے لیے وقفہ کردیا گیا۔

    عدالت میں وقفے کے بعد سماعت کا آغاز ہوا تو نوازشریف کے وکیل خواجہ حارث نے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی درخواست دائر کی۔

    خواجہ حارث نے معزز جج کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ آپ کی ذات پراعتراض نہیں، قانون کا تقاضا ہے کہ ریفرنس دوسری عدالت منتقل کیے جائیں۔

    جج محمد بشیر نے ریمارکس دیے کہ قانون کے مطابق فرد جرم عائد کرنے کے بعد ریفرنس منتقل نہیں کرسکتا، اس کے لیے متعلقہ فورم ہائی کورٹ ہے اور اگر دوسرے صوبے میں کیس منتقل کرنا ہو تو سپریم کورٹ متعلقہ فورم ہے۔

    احتساب عدالت کے جج نے خواجہ حارث سے مکالمہ کرتے ہوئے کہا کہ میں آرڈر میں لکھ دیتا ہوں کہ آپ کے تحفظات ہیں۔

    دوسری جانب نیب پراسیکیوٹر نے ریفرنس دوسری عدالت منتقل کرنے کی مخالفت کرتے ہوئے کہا فرد جرم عائد آپ نے عائد کی، بہتر ہے عدالت ریفرنسز پرسماعت کرے۔

    سبق وزیراعظم کے وکیل خواجہ نے عدالت سے درخواست کی کہ سماعت منگل تک ملتوی کی جائے تاکہ ہم متعلقہ فورم سے رجوع کرسکیں۔

    بعدزاں احتساب عدالت نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت 17 جولائی تک ملتوی کردی۔

    خواجہ حارث نے گزشتہ سماعت کے دوران جج محمد بشیر کی جانب سے دیگر دو ریفرنسز کی سماعت پراعتراض اٹھاتے ہوئے کہا تھا کہ وہ یہ دونوں کیس نہیں سن سکتے۔

    نوازشریف کے وکیل کا دلائل دیتے ہوئے کہنا تھا کہ معزز جج چونکہ شریف خاندان کے خلاف ایون فیلڈ ریفرنس کا فیصلہ دے چکے ہیں، لہذا وہ العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ انویسٹمنٹ کے ریفرنسز کی سماعت نہ کریں۔

    احتساب عدالت کے جج نے ریمارکس دیے کہ سپریم کورٹ کی جانب سے دی گئی مدت 10 جولائی کو ختم ہورہی ہے اور اس حوالے سے خط لکھنا بھی میرا کام ہے، بہتر ہے کہ خط میں یہ ساری باتیں لکھ دی جائیں۔

    سابق وزیراعظم کے وکیل کا کہنا تھا کہ بہتر ہے کہ سپریم کورٹ کو خط میں آپ ان باتوں کا حوالہ بھی دے دیں ان کا مزید کہنا تھا کہ عدالت عظمیٰ سے ہدایات ملنے کے بعد ہی کیس کی مزید کارروائی آگے بڑھائی جائے۔

    خواجہ حارث نے سماعت کے دوران نوازشریف کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست کرتے ہوئے کہا تھا کہ میرے موکل اور ان کی صاحبزادی 13 جولائی کو لندن سے واپس آرہے ہیں، لہذا 16 جولائی تک سماعت ملتوی کی جائے۔

    احتساب عدالت نے خواجہ حارث کی استدعا مسترد کرتے ہوئے سماعت 12 جولائی تک ملتوی کی تھی۔

    شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی مدت سماعت میں 6 ہفتے کی توسیع

    واضح رہے کہ 10 جولائی کو سپریم کورٹ نے شریف خاندان کے خلاف ریفرنسز کی مدت سماعت میں 6 ہفتے کی توسیع کردی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی 12 جولائی تک ملتوی

    العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت بغیر کارروائی 12 جولائی تک ملتوی

    اسلام آباد: شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت کے دوران سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق شریف خاندان کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی سماعت ہوئی۔

    سماعت میں سابق وزیر اعظم نواز شریف اور ان کی صاحبزادی مریم نواز کی حاضری سے استثنیٰ کی درخواست دائر کی گئی۔

    عدالت میں نواز شریف کی اہلیہ کلثوم نواز کی میڈیکل رپورٹ بھی پیش کی گئی۔

    عدالت نے العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی مزید سماعت 12 جولائی تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ العزیزیہ اسٹیل ملز ریفرنس کی گزشتہ سماعت بھی ایون فیلڈ ریفرنس کے فیصلے کی وجہ سے ملتوی کردی گئی تھی۔

    اس سے قبل پاناما لیکس کی مشترکہ تحقیقاتی ٹیم (جے آئی ٹی) کے سربراہ واجد ضیا کو بھی احتساب عدالت میں طلب کیا گیا تھا اور ان پر جرح کی گئی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • نوازشریف کےوکیل خواجہ حارث نےاپنا وکالت نامہ واپس لےلیا

    نوازشریف کےوکیل خواجہ حارث نےاپنا وکالت نامہ واپس لےلیا

    اسلام آباد : خواجہ حارث سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف نیب ریفرنسز سے علیحدہ ہوگئے۔

    تفصیلات کے مطابق احتساب عدالت میں نوازشریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملزریفرنس کی سماعت کے دوران خواجہ حارث نے عدالت سے اپنا وکالت نامہ واپس لینے کی درخواست کی۔

    خواجہ حارث نے عدالت کو تحریری طورپرآگاہ کیا ہے کہ سپریم کورٹ نے سابق وزیراعظم نوازشریف کے خلاف تینوں نیب ریفرنسز کا ٹرائل 6 ہفتوں میں مکمل کرنے سے متعلق ان کے موقف کو تسلیم نہیں کیا اور یہ ڈکٹیشن بھی دی کہ ایک ماہ میں ریفرنسز کا فیصلہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ ایسے حالات میں وہ کام جاری نہیں رکھ سکتے۔

    خواجہ حارث کی جانب سے وکالت نامہ واپس لینے کے بعد احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے نوازشریف کو روسٹرم پربلایا اور استفسار کیا کہ آپ کے وکیل نے وکالت نامہ واپس لے لیا ہے، اب آپ کس کو وکیل رکھیں گے یا خواجہ حارث کو ہی منا لیں گے۔

    سابق وزیراعظم میاں نوازشریف نے کہا کہ اس حوالے سے مشاورت کے بعد ہی فیصلہ کریں گے جس پر معزز جج محمد بشیر نے کہا کہ آپ کے پاس ایک دن ہے آپ سوچ لیں۔ بعدازاں احتساب عدالت نے نیب ریفرنس کی سماعت کل تک ملتوی کردی۔

    خیال رہے کہ خواجہ حارث تقریباََ 9 ماہ کے بعد مسلم لیگ ن کے قائد نوازشریف کے نیب ریفرنسز سے علیحدہ ہوئے ہیں۔

    شریف خاندان کےخلاف ریفرنسزکا فیصلہ ایک ماہ میں سنانےکا حکم

    یاد رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس آف پاکستان نے شریف خاندان کے خلاف تینوں نیب ریفرنسز پراحتساب عدالت کو ایک ماہ میں فیصلہ سنانے کا حکم دیا تھا۔

    احتساب عدالت نے تین روز قبل سپریم کورٹ میں شریف خاندان کے خلاف نیب ریفرنسز نمٹانے کے لیے مدت میں توسیع کی درخواست دائر کی تھی جس میں استدعا کی گئی تھی کہ نیب ریفرنسزکا فیصلہ 9جون تک نہیں ہوسکتا، وقت بڑھایا جائے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔