Tag: العزیزیہ فلیگ شپ ریفرنس

  • العزیزیہ/ فلیگ شپ ریفرنس، نوازشریف کے خلاف نیب کی اپیلیں سماعت کے لئے مقرر

    العزیزیہ/ فلیگ شپ ریفرنس، نوازشریف کے خلاف نیب کی اپیلیں سماعت کے لئے مقرر

    اسلام آباد : اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کےخلاف نیب کی اپیلیں بھی سماعت کے لئےمقرر کردیں، جسٹس عامر فاروق اور جسٹس محسن اختر پر مشتمل دو  رکنی بینچ سماعت کرے گا، نیب نے العزیزیہ ریفرنس میں نواز شریف کی سزا بڑھا نے اور فلیگ شپ ریفرنس میں سزادینے کی اپیل کی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کے خلاف نیب کی اپیلیں بھی سماعت کے لئے مقرر کردیں، چیف جسٹس ثاقب نثار نے بینچ تشکیل دے دیا ہے۔

    نوازشریف کی اپیلوں کے ساتھ نیب کی اپیلیں بھی اکیس جنوری سے سنی جائیں گی، ہائی کورٹ کے سینئر جج جسٹس عامرفاروق اورجسٹس محسن اخترکیانی پر مشتمل ڈویژن بینچ سماعت کرے گا۔

    یاد رہے 5 جنوری کو اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کوفلیگ شپ ریفرنس میں بھی سزا دلوانے اور العزیزیہ ریفرنس میں سزا بڑھانے کے لئے نیب کی اپیلیں بھی سماعت کے لئے منظور کی تھی۔

    نیب نےالعزیزیہ کیس میں نوازشریف کی سزا سات سال سےبڑھانے کی استدعاکی ہے جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں نوازشریف کی بریت کو چیلنج کیا ہے۔

    مزید پڑھیں : العزیزیہ ریفرنس ، نواز شریف کی سزاکےخلاف اپیل پر سماعت 21 جنوری کو ہوگی

    خیال رہے اسلام آباد ہائی کورٹ نے نوازشریف کی العزیزیہ ریفرنس میں سزاکےخلاف اپیل سماعت کیلئے مقرر کی تھی، جسٹس عامراورجسٹس محسن 21 جنوری کو سماعت کریں گے جبکہ نوازشریف کی سزامعطلی اور ضمانت کی درخواست بھی ساتھ ہی سنی جانی ہے۔

    واضح رہے گزشتہ برس 24 دسمبر کو سابق وزیر اعظم نواز شریف کے خلاف العزیزیہ اسٹیل ملز اور فلیگ شپ ریفرنسز کا فیصلہ سنایا گیا تھا، فیصلے میں نواز شریف کو العزیزیہ ریفرنس میں مجرم قرار دیتے ہوئے گرفتار کیا گیا جبکہ فلیگ شپ ریفرنس میں انہیں بری کردیا گیا تھا۔

    بعدازاں ان کی درخواست پر انہیں راولپنڈی کی اڈیالہ جیل کے بجائے لاہور کی کوٹ لکھپت جیل منتقل کیا گیا تھا۔

  • کرپشن ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ، شہباز شریف نواز شریف کے لیے دعاگو

    کرپشن ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ، شہباز شریف نواز شریف کے لیے دعاگو

    لاہور: العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ ہونے پر سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا ہے کہ اللہ سے دعا ہے انصاف کا بول بالا ہو اور بلا امتیاز و تفریق فیصلہ آئے۔

    تفصیلات کے مطابق سابق وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف سے العزیزیہ اور فلیگ شپ ریفرنس پر فیصلہ محفوظ ہونے پر سوال کیا گیا تو انہوں نے کہا کہ اللہ سے دعا ہے انصاف کا بول بالا ہو اور بلا امتیاز و تفریق فیصلہ ہو۔

    شہباز شریف نے کہا کہ یہی طریقہ ہے ملک آگے جاسکتا ہے، کفر کا نظام چل سکتا ہے ناانصافی کا نہیں، امید ہے انصاف کا بول بالا ہوگا۔

    شہباز شریف سے سوال کیا گیا کہ فیصلہ نواز شریف کے خلاف آیا تو کیا لائحہ عمل اختیار کریں گے جس پر انہوں نے کہا کہ آپ ایسے سوال کیوں کرتے ہیں ہمیں اللہ سے دعا کرنی چاہئے۔

    مزید پڑھیں: نواز شریف کے خلاف کرپشن ریفرنسز پر فیصلہ محفوظ کرلیا گیا

    واضح رہے کہ آج احتساب عدالت میں سابق وزیراعظم نواز شریف کے خلاف کرپشن ریفرنسز کی سماعت مکمل کرلی گئی، دونوں ریفرنسز میں فریقین کے حتمی دلائل مکمل ہوچکے ہیں جس کے بعد فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔

    احتساب عدالت میں ہونے والی سماعت میں جواب الجواب دلائل پیش کیے گئے جس کے بعد ریفرنسز کا فیصلہ محفوظ کرلیا گیا۔ فیصلہ 24 دسمبر کو سنایا جائے گا۔

    سماعت کے دوران نواز شریف کے وکیل خواجہ حارث نے مزید دستاویزات جمع کروانے کے لیے ایک ہفتے کی مہلت کی استدعا کی جسے مسترد کردیا گیا۔