Tag: العلا

  • سعودی عرب کے تاریخی شہر میں نئے انداز کی گاڑی کا افتتاح

    سعودی عرب کے تاریخی شہر میں نئے انداز کی گاڑی کا افتتاح

    العلا: سعودی عرب کے تاریخی اور عجائب سے بھرپور شہر العلا میں پہلی خودکار الیکٹرک پوڈ (گاڑی) کا افتتاح کر دیا گیا۔

    سعودی گزٹ کے مطابق العلا رائل کمیشن نے پہلی خودکار الیکٹرک گاڑی کا افتتاح کر دیا ہے، جو شہر کے ایک حصے سے دوسرے حصے تک 30 سواریوں کو سفر کی سہولت فراہم کر سکتی ہے-

    خبر میں بتایا گیا ہے کہ رائل کمیشن فار العلا (آر سی یو) نے RATP گروپ کے ساتھ شراکت میں پہلی خودمختار الیکٹرک پوڈ کا آغاز کیا ہے تاکہ زائرین کو العلا کے اولڈ ٹاؤن میں لے جایا جا سکے۔

    اس خودکار پوڈ میں بیٹھ کر مقامی رہائشی اور سیاحت کے لیے آنے والے ایک جگہ سے دوسری جگہ پہنچنے کے لیے سفر کے جدید اور نہایت آرام دہ تجربے سے آشنا ہو سکیں گے۔

    العلا رائل کمیشن نے ٹوئٹر اکاؤنٹ پر کہا ہے کہ وہ تاریخی شہر میں تہذیب و تمدن کے ورثے کے تحفظ کے لیے ماحول دوست ٹرانسپورٹ فراہم کرنے کی کوشش میں ہیں، العلا میں اسمارٹ ٹرانسپورٹ سے استفادہ اسی پالیسی کا حصہ ہے۔

    واضح رہے کہ العلا پوری دنیا میں سب سے بڑا تاریخی عجائب گھر ہے، یہ قدرتی عجائبات اور ششدر و حیران کر دینے والے تاریخی مقامات سے مالا مال ہے۔

    یہاں مہم جوؤں کے لیے بہت کچھ ہے، دنیا بھر سے سیر و سیاحت اور قدیم تہذیب و تمدن کے دلدادگان العلا اور اس کے نخلستانوں سے لطف اٹھانے کے لیے اس تاریخی مقام کا رخ کر رہے ہیں۔

  • سعودی عرب میں ہالی ووڈ فلم کی عکس بندی

    سعودی عرب میں ہالی ووڈ فلم کی عکس بندی

    ریاض: سعودی عرب میں ہالی ووڈ فلموں کی عکس بندی کے لیے ’العُلا منیجمنٹ‘ اور فلم کمپنی کے درمیان سمجھوتہ ہو گیا۔

    تفصیلات کے مطابق سعودی عرب میں بین الاقوامی فلموں کی عکس بندی کو فروغ دینے کے لیے پروڈکشن کمپنیوں کے ساتھ سمجھوتے کیے جا رہے ہیں۔

    حال ہی میں ضلع العُلا اور دارالحکومت ریاض میں ایک امریکی فلم ’چیری‘ کے کچھ مناظر کی عکس بندی کی گئی تھی، یہ مملکت میں ہالی ووڈ کی کسی فلم کی عکس بندی کا پہلا تجربہ تھا، اب یہاں کی انتظامیہ نے ایک دوسری فلم کی شوٹنگ کے لیے معاہدہ کر لیا ہے۔

    حکام کے مطابق ضلع العلا میں فلم پروڈکشن کے سلسلے میں مطلوبہ تمام سہولیات اور لاجسٹک سپورٹ فراہم کرنے کا انتظام کر دیا گیا ہے۔ خیال رہے کہ سعودی عرب میں سیاحتی ویزوں کے اجرا کے بعد سے سینما اور ٹی وی پروڈکشن کمپنیوں کی جانب سے مملکت میں عکس بندی کے رجحان میں اضافہ ہوا ہے۔

    سعودی عرب: پہلی کارٹون فلم نمائش کے لیے تیار (ٹریلر دیکھیں)

    پروڈکشن کمپنیاں العُلا اور مملکت کے دیگر کئی علاقوں کا دورہ کر رہی ہیں، تاکہ عکس بندی کے لیے مختلف مقامات کو دریافت کیا جا سکے۔ العُلا فلم مینجمنٹ نے انکشاف کیا ہے کہ دوسری امریکی فلم، جس کے لیے سمجھوتے پر دستخط ہوئے ہیں، میں ہالی ووڈ کے چوٹی کے اداکار کام کر رہے ہیں۔

    واضح رہے کہ العُلا کا تاریخی اور تہذیبی ورثہ انسانی تاریخ میں 2 لاکھ سال قدیم ہے، یہ تاریخ یکے بعد دیگرے تہذیبوں کے 7 ہزار سال پر مشتمل ہے، اور رقبے کے لحاظ سے یہ 22500 کلو میٹر سے زیادہ پر پھیلا ہوا ہے۔

    یہاں سحر انگیز وادیاں، ریتیلے پتھر، سیاہ آتش فشانی چٹانیں، سنہری ریت اور چٹانوں پر مشتمل حیرت انگیز مقامات واقع ہیں، اسی طرح یہاں دیہات، کھیتوں اور قدیم عمارتوں کے ساتھ ہوٹلوں کا انفرا اسٹرکچر بھی ہے جو فلم بنانے والوں کے لیے مختلف نوعیت کے آپشن فراہم کرتا ہے۔