Tag: القادر یونیورسٹی

  • القادر یونیورسٹی میرے پاس آگئی بچوں کو جادو، تعویز نہیں سکھایا جائے گا، مریم نواز

    القادر یونیورسٹی میرے پاس آگئی بچوں کو جادو، تعویز نہیں سکھایا جائے گا، مریم نواز

    وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز کا کہنا ہے کہ القادر یونیورسٹٰ میرے پاس آگئی ہے اس کے بچوں کو جادو، تعویز نہیں سکھایا جائے گا۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق اوکاڑہ میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ پنجاب مریم نواز نے کہا کہ القادر یونیورسٹی کے بچوں کو بھی اسکالر شپ دوں گی، اس یونیورسٹی میں اب دینی اور دنیاوی دونوں تعلیم دی جائے گی آپ لوگوں کو جادو تعویز نہیں سکھایا جائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ چور چور کہنے والوں پر آج خود چوری ثابت ہوگئی، تاریخ کا پہلا وزیراعظم ہے جو رشوت لیتے ہوئے رنگے ہاتھوں پکڑا گیا ہے۔

    وزیر اعلیٰ پنجاب کا کہنا تھا کہ آج کے فیصلے کے بعد پاکستان اسٹاک مارکیٹ میں تیزی دیکھی گئی، یہ شخص اسی اڈیالہ جیل میں قید ہیں جس میں نواز شریف اور میں قید تھے، میرے سیل میں کیمرے لگائے گئے تھے، جیل میں ایک وقت کا کھانا دیا جاتا تھا، اچھی بات ہے میرا وزن کم ہو گیا۔

    ان کا کہنا تھا وقت ہمیشہ ایک جیسا نہیں رہتا، اس شخص کو جیل میں اچھا کھانا اور دیگرسہولیات مل رہی ہیں ہمیں کوئی اعتراض نہیں ہے۔

    مریم نواز کا کہنا تھا القادر یونیورسٹی سرکاری تحویل میں دے دی گئی ہے، اب وہ یونیورسٹی میرے پاس آگئی ہے، القادر یونیورسٹی کے طلبا کو بھی اسکالرشپ دی جائے گی۔

    یاد رہے کہ احتساب عدالت نے القادر یونیورسٹی ٹرسٹ کیس میں کرپٹ پریکٹس اور بدعنوانی پر 14 سال قید اور 10 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے جبکہ جرم میں معاونت کرنے پر بشریٰ بی بی کو 7 سال قید اور 5 لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی ہے۔

  • وزیر اعظم نے القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کر دیا

    وزیر اعظم نے القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کر دیا

    جہلم: وزیر اعظم عمران خان نے سوہاوہ ضلع جہلم میں القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان نے سوہاوہ میں سیرت النبی ﷺ اور صوفیائے کرام کی تعلیمات کے فروغ کے حوالے سے تعمیر کی جانے والی القادر یونی ورسٹی کا افتتاح کیا۔

    وزیر اعظم نے القادر یونی ورسٹی میں شجر کاری مہم کے تحت پودا بھی لگایا، اور یونی ورسٹی کے قیام میں پیش رفت کا جائزہ لیا۔

    وزیراعظم عمران خان نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں تعلیم کی اہمیت کو اجاگر کرنا بہت ضروری ہے، کوئی بھی قوم علم کے بغیر ترقی نہیں کر سکتی۔

    وزیر اعظم نے کہا جانور اور انسان میں پہچان صرف علم کے باعث ہوتی ہے، ہم القادر یونی ورسٹی کو جامعہ الازہر کی طرز پر اعلیٰ ادارہ بنانا چاہتے ہیں۔

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ القادر یونی ورسٹی کو نوجوانوں کے لیے رول ماڈل بنائیں گے، یہ یونی ورسٹی لوگوں کی سوچ میں بہتری لائے گی۔

    انھوں نے کہا سینیٹ الیکشن میں بکرا منڈی کی طرح لیڈر شپ کی خرید و فروخت ہوئی، اور اس پر انصاف کے نظام نے بھی ایکشن نہیں لیا۔

  • وزیراعظم اورخاتون اول نے القادر یونیورسٹی منصوبے کو حقیقت میں ڈھالنے میں اہم کردار ادا کیا

    وزیراعظم اورخاتون اول نے القادر یونیورسٹی منصوبے کو حقیقت میں ڈھالنے میں اہم کردار ادا کیا

    اسلام آباد : وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو س عاشق اعوان نے کہا وزیراعظم اورخاتون اول نے القادر یونیورسٹی منصوبے کو حقیقت  میں ڈھالنے  میں اہم ترین کردار ادا کیا، یونیورسٹی نوجوانوں کو جدید سائنسی علم سکھانے اور نبی پاک کی زندگی کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہی  فراہم کرےگی۔

    تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی معاون خصوصی برائے اطلاعات فردو س عاشق اعوان نے انٹرویو میں کہاہے کہ القادر یونیورسٹی کو قائم کرنے کا منصوبہ خاتون اول بشریٰ بی بی اور وزیراعظم عمران خان کا ہے، اس منصوبے کو حقیقت میں ڈھالنے میں دونوں نے اہم ترین کردار ادا کیا ہے۔

    فردو س عاشق اعوان کا کہنا تھا القادر یونیورسٹی کا قیام علاقےکےعوام کیلئے تحفہ ہے، یونیورسٹی عمران خان کے ویژن کے تحت قائم کی جارہی ہے۔ نوجوان  نسل کو یکساں تعلیم کے مواقع فراہم کرنے کی جانب اہم قدم ہے۔

    یونیورسٹی میں صوفی ازم کی ترویج کی جائے گی تاکہ بین المذاہب ہم آہنگی کو فروغ دیا جاسکے اور نوجوانوں کو جدید سائنسی علم سکھانے اور نبی پاک کی زندگی کے بارے میں نوجوانوں کو آگاہی فراہم کرےگی۔

    یاد رہے گذشتہ روز وزیر اعظم نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کا سنگِ بنیاد رکھا، تقریب سے خطاب کرتے ہوئے عمران خان نے کہا تھا جب لوگوں کا نظریہ ہی نہیں ہوگا تو وہ لیڈر کیسے بن سکتے ہیں، دنیا کی جدید ٹیکنالوجیز کی طرف قدم بڑھائیں گے، روحانیات کو سپر سائنس بنائیں گے، عبد القادر جیلانی کے نام پر یونی ورسٹی بنا رہے ہیں۔

    مزید پڑھیں : وزیر اعظم نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کے سنگِ بنیاد رکھ دیا

    وزیراعظم کا کہنا تھا القادر یونی ورسٹی تاریخ سے آگاہ کرے گی، یونی ورسٹی میں 35 فی صد بچوں کو مفت اسکالر شپ ملے گی، مستقبل کے لیڈر القادر یونی ورسٹی سے سامنے آئیں گے۔

    انھوں نے کہا تھا وہ القادر یونی ورسٹی جیسے ادارے پر 23 سال سے سوچ رہے تھے، جس طرح نمل، شوکت خانم بنایا اسی طرح القادر یونی ورسٹی بنائیں گے، ذہین اور اچھے نوجوانوں کو اکٹھا کر کے القادر یونی ورسٹی میں پڑھائیں گے۔

  • جب لوگوں کا نظریہ ہی نہیں ہوگا تو وہ لیڈر کیسے بن سکیں گے: وزیر اعظم عمران خان

    جب لوگوں کا نظریہ ہی نہیں ہوگا تو وہ لیڈر کیسے بن سکیں گے: وزیر اعظم عمران خان

    سوہاوہ: وزیر اعظم عمران خان نے کہا ہے کہ جب لوگوں کا نظریہ ہی نہیں ہوگا تو وہ لیڈر کیسے بن سکتے ہیں، دنیا کی جدید ٹیکنالوجیز کی طرف قدم بڑھائیں گے، روحانیات کو سپر سائنس بنائیں گے، عبد القادر جیلانی کے نام پر یونی ورسٹی بنا رہے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار وزیر اعظم نے سوہاوہ میں القادر یونی ورسٹی کے سنگِ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا، انھوں نے کہا کہ القادر یونی ورسٹی تاریخ سے آگاہ کرے گی، یونی ورسٹی میں 35 فی صد بچوں کو مفت اسکالر شپ ملے گی، مستقبل کے لیڈر القادر یونی ورسٹی سے سامنے آئیں گے۔

    وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ وہ القادر یونی ورسٹی جیسے ادارے پر 23 سال سے سوچ رہے تھے، جس طرح نمل، شوکت خانم بنایا اسی طرح القادر یونی ورسٹی بنائیں گے، ذہین اور اچھے نوجوانوں کو اکٹھا کر کے القادر یونی ورسٹی میں پڑھائیں گے۔

    انھوں نے خطاب میں کہا کہ ہم روحانیت کے سپہ سالار عبد القادر جیلانی کے نام پر یونی ورسٹی بنا رہے ہیں، روحانیات کو سپر سائنس بنائیں گے، القادر یونی ورسٹی میں صوفی ازم پر بھی ریسرچ کی جائے گی۔

    [bs-quote quote=”مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی ایک وجہ نظریے کا پیچھے چلے جانا بھی ہے، مشرقی پاکستان کے لوگوں کو انصاف نہیں ملا ان میں احساس محرومی آ گئی۔” style=”style-8″ align=”center” author_name=”وزیر اعظم عمران خان”][/bs-quote]

    وزیر اعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سوہاوہ کو ترقی کا پہاڑ کہا جاتا ہے، یہاں ایک بابا نورالدین تھے جنھوں نے 70 سال چلّہ بھی کاٹا، نبی ﷺ نے شروع ہی سے لوگوں کی تعلیم پر خاص توجہ دی، ہمیں نوجوانوں کو لیڈر بنانا ہے، ریاست مدینہ سے آگاہی دینی ہے۔

    انھوں نے کہا کہ جو شخص تعلیم سے ذہنی شعور حاصل نہ کرے وہ آگے نہیں بڑھتا، یہ وہ ریاست نہیں جس کا وعدہ پاکستان بنانے والوں نے کیا تھا، فاٹا کے حالات خراب ہیں، ان کی مدد کرنی ہے، بلوچستان میں 70 فی صد لوگ غربت سے نیچے زندگی گزار رہے ہیں۔

    عمران خان نے کہا کہ ذوالفقار علی بھٹو کے بعد سب حکمران عوام کے خیر خواہ بن گئے لیکن عوام پر توجہ دینے کی بہ جائے بیرون ملک جائیدادیں بنائیں، نظریہ ختم ہو جاتا ہے تو قوم بھی ختم ہو جاتی ہے، علامہ اقبال اور قائد اعظم کی سوچ کو ملک کی قیادت نے دفن کر دیا ہے۔

    وزیر اعظم نے مزید کہا کہ مشرقی پاکستان کی علیحدگی کی ایک وجہ نظریے کا پیچھے چلے جانا بھی ہے، ریاست عوام کی ضرورت پوری کرتی ہے اور انصاف فراہم کرتی ہے، مشرقی پاکستان کے لوگوں کو انصاف نہیں ملا ان میں احساس محرومی آ گئی، ملک ٹوٹا تو غلطی ہماری تھی بھارت نے فائدہ اٹھایا۔

  • پاکستان میں عمران خان کے عروج کو کوئی نہیں روک سکتا، فواد چوہدری

    پاکستان میں عمران خان کے عروج کو کوئی نہیں روک سکتا، فواد چوہدری

    سوہاوا: وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا ہے کہ عمران خان انسانیت کی قدر کرنے والے رہنما ہیں، پاکستان میں عمران خان کے عروج کو کوئی نہیں روک سکتا، وزیراعظم نے انقلاب برپا کیا۔

    تفصیلات کے مطابق القادر یونیورسٹی کے سنگ بنیاد کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیر سائنس و ٹیکنالوجی فواد چوہدری نے کہا کہ 30 سال سے اقتدار پر بیٹھے لوگ خود کو ہر چیز سے بالاتر سمجھتے تھے، اقتدار سے چمٹے لوگ چوہے کی طرح بلوں میں گھستے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ کبھی لندن جاتے ہیں کبھی کسی کو معافی دلوانے کا کہتے ہیں، نواز شریف جیل جارہے ہیں، زرداری کیس بھگت رہے ہیں، شہباز شریف بھاگ رہے ہیں یہ سب عمران خان کی کوشش کا نتیجہ ہے۔

    مزید پڑھیں: رویت ہلال کے لیے 5 رکنی کمیٹی قائم کردی ہے، فواد چوہدری

    فواد چوہدری نے کہا کہ تحریک انصاف متوسط طبقے کی نمائندہ جماعت ہے، پیٹرول کی قیمتیں بڑھتی ہیں، دال سبزی کی قیمتیں بڑھتی ہیں تو دل دکھتا ہے، ملک میں مہنگائی کا سامنا ماضی کے حکمرانوں کی وجہ سے ہے۔

    وزیر سائنس و ٹیکنالوجی نے کہا کہ ماضی کے حکمرانوں کے دل میں غریب کا خیال ہوتا تو یہ حالات کا سامنا نہ ہوتا، پی ٹی آئی نے سیاسی کامیابی حاصل کی ہے متوسط طبقے کا راج قائم کیا۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ یقین ہے حکومت عوام کو مسائل سے باہر نکالے گی، عمران خان کی قیادت پر جہلم کے عوام نے اعتماد کا اظہار کیا ہے، نظام کے خلاف جدوجہد ختم نہیں ہوئی ہے، عمران خان کی قیادت میں پسماندہ نظام کو جڑ سے اکھاڑ پھینکیں گے۔