Tag: الکوحل

  • ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے 7 افراد ہلاک، 2 کوما میں

    ہینڈ سینی ٹائزر پینے سے 7 افراد ہلاک، 2 کوما میں

    روس میں ایک پارٹی میں موجود 9 افراد نے الکوحل ختم ہونے پر ہینڈ سینی ٹائزر پی لیا جس سے 7 افراد کی موت واقع ہوگئی جبکہ بقیہ 2 کوما میں چلے گئے۔

    یہ واقعہ روس کے علاقے یاکٹویا میں پیش آیا جہاں 9 افراد ایک گھر میں جمع ہو کر پارٹی کر رہے تھے، مذکورہ افراد نے الکوحل ختم ہونے پر اس کی جگہ روس میں تیار کردہ اینٹی سیپٹک سینی ٹائزر پی لیا۔

    سینی ٹائزر پینے کے بعد تمام افراد کی حالت غیر ہوگئی، 7 افراد جلد دم توڑ گئے جبکہ بقیہ دو انتہائی نگہداشت کے یونٹ میں کوما میں ہیں۔

    فیڈرل پبلک ہیلتھ واچ ڈاگ کا کہنا ہے کہ ہینڈ سینی ٹائزر پوائزننگ کے 9 کیس رپورٹ کیے گئے جس میں سے 7 جان لیوا ثابت ہوئے۔

    مقامی پولیس کے مطابق مذکورہ افراد میں 41 سالہ خاتون سمیت 27 سے 70 سال کی عمر تک کے افراد شامل ہیں۔

    پولیس کے مطابق سینی ٹائزر میں 69 فیصد میتھانول شامل تھا اور یہ ہینڈ سینی ٹائزر کے معیار پر نہیں اترتا تھا۔ واقعے کی تفتیش کرمنل کیس کے تحت کی جارہی ہے۔

  • ابرار الحق بوہیمیا کی زندگی تبدیل کرنے میں مددگار

    ابرار الحق بوہیمیا کی زندگی تبدیل کرنے میں مددگار

    معروف پاکستانی نژاد گلوکار بوہیمیا کا کہنا ہے کہ پاکستانی گلوکار ابرار الحق نے انہیں الکوحل اور سگریٹ نوشی چھوڑنے کی ترغیب دی۔

    اپنے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر بوہیمیا نے اپنی اور ابرار الحق کی ایک تصویر پوسٹ کرتے ہوئے کہا، ’جب سے میں اس شخص سے ملا ہوں، میں نے الکوحل اور سگریٹ نوشی ترک کردی ہے‘۔

    بوہیمیا نے ابرار الحق کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے پرستاروں کو بھی اپنی روش اختیار کرنے کا کہا۔

    اس سے ایک ماہ قبل بھی انہوں نے ٹوئٹر پر اپنی ایک پوسٹ میں لکھا تھا کہ گزشتہ ایک ماہ سے وہ الکوحل اور سگریٹ کا استعمال بالکل چھوڑ چکے ہیں، تاہم اس وقت انہوں نے یہ نہیں بتایا کہ اس کی ترغیب انہیں کس نے دی۔

    یاد رہے کہ بوہیمیا ابرارالحق کے نئے گانے ’ایتھے رکھ‘ میں اپنی آواز کا جادو جگانے جا رہے ہیں اور گانے کی عکس بندی کے لیے دونوں گلوکار آج کل دبئی میں موجود ہیں۔

    بوہمیا اس سے قبل سجاد علی کے ساتھ ان کے گانے تماشہ میں بھی اپنی گلوکاری کا مظاہرہ کر چکے ہیں۔