Tag: الیکشن سے قبل دھاندلی

  • سانگھڑ: دھاندلی میں انتخابی عملہ اور دیگر افراد ملوث نکلے

    سانگھڑ: دھاندلی میں انتخابی عملہ اور دیگر افراد ملوث نکلے

    سانگھڑ: سندھ کے شہر سانگھڑ کی قومی و صوبائی نشستوں کے پوسٹل بیلٹس میں دھاندلی کا انکشاف ہوا ہے، دھاندلی میں انتخابی عملہ ملوث نکلا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر سانگھڑ نے پولیس کو مراسلہ لکھ کر کہا تھا کہ دھاندلی میں سانگھڑ میں تعینات انتخابی عملہ اور دیگر افراد ملوث ہیں۔

    ڈی سی سانگھڑ امتیاز علی کا کہنا ہے کہ پولیس کو مراسلہ دھاندلی کے خلاف کارروائی کے لیے لکھا گیا تھا، پولیس نے پوسٹل بیلٹ دھاندلی میں ملوث افراد کے خلاف مقدمہ درج کر لیا ہے۔

    ڈپٹی کمشنر کے مطابق دھاندلی کے خلاف انکوائری میں پوسٹل بیلٹس میں دھاندلی کے ثبوت مل گئے ہیں، تاہم ملوث افراد طلبی کے با وجود انکوائری میں پیش نہیں ہوئے۔

    سیہون میں دھاندلی پر اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم، پنجاب کے چار افسران بھی معطل

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بھی گزشتہ روز سندھ کے شہر سیہون شریف اور سانگھڑ میں پوسٹل بیلٹ پیپرز کے ذریعے دھاندلی کے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کی گرفتاری کا حکم دیا تھا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے چیف سیکریٹری سندھ سے رابطہ کر کے کہا تھا کہ سیہون کے اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو گرفتار کیا جائے۔ دوسری طرف الیکشن کمیشن نے ڈی ایس پی سمیت پنجاب کے چار افسران کو بھی سرکاری حیثیت کا ناجائز استعمال کرنے کے الزام میں معطل کیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صوابی میں 15 پوسٹل بیلٹ پُر اسرار طور پر غائب

    صوابی میں 15 پوسٹل بیلٹ پُر اسرار طور پر غائب

    صوابی: انتخابات سے قبل دھاندلی کا سلسلہ زور و شور سے شروع ہو چکا ہے، صوابی میں 15 پوسٹل بیلٹ پُر اسرار طور پر غائب کر دیے گئے۔

    تفصیلات کے مطابق پوسٹل بیلٹ خیبر پختونخوا کے ضلع صوابی کے علاقے ادینہ میں حلقہ پی کے 47 میں غائب کیے گئے ہیں۔

    صوابی پولیس کا کہنا ہے کہ پوسٹل بیلٹ غائب کرنے کے الزام میں ادینہ سے ایک پوسٹ مین اور تین اساتذہ کو حراست میں لے لیا گیا ہے۔

    مبینہ طور پر دھاندلی کے لیے غائب کیے جانے والے پوسٹل بیلٹ معاملے پر ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر نے ڈی سی اور پوسٹ ماسٹر کو تحقیقات کا حکم دے دیا۔

    ڈپٹی ریٹرننگ افسر صوابی عادل خان نے کہا ہے کہ پوسٹل بیلٹ غائب کرنے میں ملوث افراد کے خلاف سخت کارروائی کی جائے گی۔

    الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    واضح رہے کہ آج اے آر وائی نیوز کی رپورٹر نے لاہور میں عمران خان کے حلقے میں ووٹر لسٹوں میں الیکشن سے قبل دھاندلی کے منصوبے کا انکشاف کیا ہے۔

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    دوسری طرف سندھ کے شہر سیہون شریف میں بھی سابق وزیر اعلیٰ سندھ مراد علی شاہ کے حلقے میں پی پی کے کارکن کو بیلٹ پیپر پر ٹھپے لگاتے ہوئے گرفتار کیا گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، 5 افراد گرفتار

    سیہون: انتخابات 2018 سے قبل بڑی دھاندلی کی خبر آگئی ہے، سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم ہو گیا، پولیس نے پانچ افراد کو گرفتار کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق صوبہ سندھ کے قدیم شہر سیہون شریف میں ٹھپہ مافیا سرگرم ہو گیا ہے، پی ایس 80 کے انتخابی حلقے میں ابھی سے دھاندلی شروع ہوگئی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ایس 80 سیہون کے ایجوکیشن آفس میں ٹھپے مارے جا رہے تھے، اس انتخابی حلقے سے سابق وزیرِ اعلیٰ مراد علی شاہ پیپلز پارٹی کے امیدوار ہیں۔

    پولیس نے قربان علی کے دفتر سے پری پول رِگنگ کے الزام میں ایک شخص عزیز راہو پوٹو سمیت پانچ افراد کو گرفتار کرلیا ہے، ذرائع کے مطابق عزیز راہو کا تعلق پیپلز پارٹی سے بتایا جاتا ہے۔

    الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    ذرائع نے بتایا کہ عزیز راہو پوٹو ایجوکیشن آفس میں بیٹھ کر امیدوار مراد علی شاہ کے انتخابی نشان پر ٹھپے لگا رہا تھا، ملزم سے 200 سے زائد ٹھپے لگے پوسٹل بیلٹ پیپرز بر آمد کر لیے گئے ہیں۔

    ڈی آئی جی حیدر آباد سلطان خواجہ نے کہا ہے کہ ایس ایس پی جام شورو کو سیہون روانہ کر دیا گیا ہے جو واقعے کی انکوائری کریں گے۔

    دوسری طرف نگراں وزیرِ اعلیٰ نے سیہون میں بیلٹ پیپرز پر ٹھپے لگانے کی خبر کا نوٹس لے لیا ہے، انھوں نے ڈی سی جام شورو اور ایس ایس پی جام شورو سے رات 9 بجے تک رپوٹ طلب کرلی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    الیکشن سے پہلے دھاندلی کا منصوبہ، اے آر وائی نیوز نے ثبوت حاصل کر لیے

    لاہور: این اے 131 لاہور میں الیکشن سے پہلے دھاندلی کے منصوبے کا انکشاف ہوا ہے، اے آر وائی نیوز نے دھاندلی کے ثبوت بھی حاصل کر لیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور کے انتخابی حلقے این اے 131 میں پی ٹی آئی چیئرمین عمران خان اور ن لیگ کے رہنما خواجہ سعد رفیق آمنے سامنے ہیں۔

    عمران خان کے انتخابی حلقے میں دھاندلی کی نشان دہی اے آر وائی نیوز کی رپورٹر نے کی، متعدد گھرانوں میں افراد کی تعداد سے زائد ووٹوں کا اندراج کیا گیا ہے۔

    اے آر وائی نیوز رپورٹر کے مطابق کسی گھر کے شجرے میں 11 جعلی ووٹ درج ہیں تو کسی گھرانے میں 2 جعلی ووٹرز بنا دیے گئے ہیں۔

    الیکشن سے قبل بڑی دھاندلی: سیہون میں پوسٹل بیلٹ کے ذریعے ٹھپہ مافیا سرگرم، ایک شخص گرفتار

    ایک گھرانے میں 5 افراد موجود ہیں لیکن 16 ووٹرز کے نام لسٹ میں شامل ہیں، ووٹرز لسٹ میں مردے بھی زندہ کر دیے گئے ہیں۔

    الیکشن کمیشن انتخابات 2018 کے نتائج نادرا سے منسلک موبائل سے وصول کرے گا

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے ملک میں 25 جولائی کو محفوظ، پُر امن اور شفاف انتخابات کے سلسلے میں ہر ممکن کارروائی جاری ہے تاہم عمران خان کے انتخابی حلقے میں جعلی ووٹرز کی نشان دہی کے بعد دھاندلی سے پاک الیکشن پر سوالیہ نشان بن گیا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔