Tag: الیکشن کمشین

  • ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: شہباز شریف سمیت 31 رہنماؤں کو نوٹس جاری

    ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی: شہباز شریف سمیت 31 رہنماؤں کو نوٹس جاری

    فیصل آباد: صوبہ پنجاب کے شہر فیصل آباد میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر شہباز شریف سمیت مسلم لیگ ن کے 31 رہنماؤں کو نوٹس جاری کردیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کشمنر کی جانب سے جاری کردہ نوٹس میں شہباز شریف کے علاوہ رانا ثنا اللہ اور عابد شیر علی کے نام بھی شامل ہیں۔

    نوٹس میں کہا گیا ہے کہ شہباز شریف نے پابندی کے باوجود گزشتہ رات سڑک پر جلسہ کیا۔ رہنما حکومتی احکامات پر عمل درآمد کرنے میں ناکام رہے۔

    نوٹس کے مطابق سلیمی چوک میں جلسہ کر کے سڑک بلاک کرنے سے روکا گیا تھا، اقدام سے الیکشن ضابطہ اخلاق کی 5 دفعات کی خلاف ورزی کی گئی۔ سڑک بلاک ہونے سے عوام کو مشکلات پیش آئیں جبکہ امن و امان میں خرابی بھی پیدا ہوئی۔

    نوٹس میں کہا گیا کہ لیگی رہنما 23 جولائی کو ڈپٹی کمشنر کے پاس پیش ہو کر تحریری جواب داخل کریں۔ پیش نہ ہونے پر تمام لیگی رہنماؤں کے خلاف الیکشن ایکٹ کے تحت کارروائی ہوگی۔

    ڈپٹی کمشنر نے نوٹس کی کاپیاں الیکشن کمیشن اور پولیس کو بھی ارسال کردی ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتخابات وقت پر ہوں‌ گے، کسی ادارے نے نہیں‌ روکا، سیکریٹری الیکشن کمشین

    انتخابات وقت پر ہوں‌ گے، کسی ادارے نے نہیں‌ روکا، سیکریٹری الیکشن کمشین

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ کسی ادارے نے انتخابی شیڈول جاری کرنے سے نہیں روکا، آئندہ عام انتخابات 25 جولائی 2018 کو ہی منعقد کیے جائیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق اسلام آباد میں میڈیا سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ پورے ملک کے لیے انتخابی شیڈول جاری کردیا، ای سی پی نے انتخابی تاریخ کا اعلان آئین کے تحت کیا۔

    اُن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 25جولائی 2018کو ہی ہوں گے، یکم جون کوریٹرننگ افسران کو پبلک نوٹس جاری کیے جائیں گے،  اور 25 جولائی سے پہلے تمام معاملات مکمل ہوجائیں گے۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھاکہ جون سے 6جون  تک امیدوار کاغذات نامزدگی جمع کراسکیں گے جبکہ7جون کو  امیدواروں کی فہرست جاری کی جائےگی اور 14جون  تک امیدواروں کی اسکروٹنی کی جائےگی۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ امیدوار آر او کے فیصلوں کے خلاف 19جون کواپیلیں دائرکرسکیں گے، الیکشن ٹریبونلز ریٹرننگ فیصلوں کے خلاف اپیلوں کی سماعت  26جون تک نمٹائیں گے جبکہ امیدواروں کی حتمی فہرست 27جون کوجاری کی جائےگی۔

    اُن کا کہنا تھا کہ بیلٹ پیپرکاکاغذفرانس اوربرطانیہ سے منگوایا ہے جو آدھا کراچی اور آدھا اسلام آبادمیں آئے گا، انتخابات کے لیے فوج کی تعیناتی سےمتعلق تاحال کوئی فیصلہ نہیں ہوا۔

    مزید پڑھیں: خدارا الیکشن ایک ماہ کے لیے ملتوی کردیں: وزیر اعلیٰ بلوچستان

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ نگراں حکومتیں آنےکے بعد ان سےمشاورت ہوگی، بیلٹ پیپرفوج کی نگرانی میں چھاپےجائیں گے اور انتخابات کے لیے میڈیا کو بھی ضابطہ اخلاق جاری کیاجائےگا۔

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے آئندہ عام انتخابات کے لیے 25 جولائی کا اعلان کیا گیا ہے مگر گزشتہ روز بلوچستان اسمبلی میں حکومت نے ایک قرار داد پاس کی جس میں الیکشن کو ایک ماہ کے لیے مؤخر  کرنے تجویز دی تھی۔

    علاوہ ازیں حلقہ بندیوں کے حوالے سے بھی اسلام آباد ہائی کورٹ سمیت مختلف عدالتوں میں درخواستیں زیر سماعت ہیں اور کچھ حلقہ بندیوں کو متنازع قرار دیتے ہوئے کالعدم قرار دیا گیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔