Tag: الیکشن کمیشن آف پاکستان

  • ملک میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے 2 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کر لیا

    ملک میں بلدیاتی انتخابات، الیکشن کمیشن نے 2 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کر لیا

    اسلام آباد: ملک میں بلدیاتی انتخابات کے سلسلے میں الیکشن کمیشن نے 2 ستمبر کو اہم اجلاس طلب کر لیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے بلدیاتی انتخابات کے انعقاد کے سلسلے میں دو ستمبر کو اجلاس طلب کر کے پنجاب میں حلقہ بندیوں کی پیش رفت کا جائزہ لیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ اجلاس میں متعقلہ رولز کے نوٹیفکیشن کے اجرا پر بات چیت کی جائے گی، اور صوبائی نمائندگان سے مشاورت کی جائے گی، انتخابی مواد کے حصول اور بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا جائزہ لیا جائے گا۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق اجلاس میں ڈی آر اوز اور آر اوز کی تعیناتی پر بھی فیصلے ہوں گے، سندھ میں حلقہ بندیوں سے متعلق کمیٹیوں کا جائزہ لیا جائے گا، حلقہ بندی سے متعلق اتھارٹیز کے قیام کا معاملہ بھی زیر بحث آئے گا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اعلان

    اجلاس میں خیبر پختون خوا میں ڈویژنل ہیڈ کوارٹرز پر سٹی کونسل کی تشکیل بھی زیر غور آئے گی، بلوچستان میں بلدیاتی انتخابات سے متعلق ایکٹ، رولز کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔

    دریں اثنا، الیکشن کمیشن نے سندھ میں آئندہ بلدیاتی انتخابات کے لیے مجوزہ انتخابی حلقوں کی حد بندی کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، الیکشن کمیشن کی مقرر کردہ کمیٹیاں 9 ستمبر سے حلقہ بندیوں کا کام شروع کریں گی، 30 اکتوبر تک کمیٹیاں سندھ بھر میں حلقہ بندیوں کا کام مکمل کر لیں گی۔

  • الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اعلان

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کا سندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کا اعلان

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان کاسندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کااعلان کردیا، یوسیز، یونین کمیٹیز اور وارڈز کی ازسرنو حلقہ بندیاں کی جائیں گی۔

    تفصیلات کے مطابق سندھ میں موجودہ بلدیاتی نظام کے خاتمے کے بعدالیکشن کمیشن متحرک ہیں، الیکشن کمیشن آف پاکستان کاسندھ میں بلدیاتی حلقہ بندیوں کااعلان کردیا۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ یوسیز، یونین کمیٹیز اور وارڈز کی ازسرنو حلقہ بندیاں کی جائیں گی، الیکشن کمیشن کے زیر نگرانی سندھ نئی بلدیاتی حلقہ بندیاں ہوں گی، نئی حلقہ بندیوں کے بعد سندھ میں بلدیاتی الیکشن کا انعقاد ہوگا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلدیاتی حلقہ بندیوں کا شیڈول جاری کردیا ، جس کے مطابق 9 سے22ستمبرتک سندھ بھرمیں بلدیاتی حلقہ بندیوں کومکمل کیاجائے گا اور 23 ستمبر کو سندھ میں ابتدائی حلقہ بندیاں آویزاں کی جائیں گی۔

    الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حلقہ بندیوں کے بعد الیکشن شیڈول کااعلان کیاجائے گا۔

    خیال رہے سندھ کے بلدیاتی اداروں کو مدت مکمل ہونے پر تحلیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کردیاگیا ہے ، سندھ حکومت نے میئرز، ڈپٹی میئرز چیئرمین، وائس چیئرمین اور منتخب نمائندوں کی مدت مکمل ہونے کا پروانہ جاری کیا۔

    میونسپل کارپوریشن، ڈسٹرکٹ کونسلز، یونین کونسلز کے ساتھ ساتھ میونسپل ، ٹاؤن اور یونین کمیٹیز بھی تحلیل کردی گئی۔

    نوٹیفکیشن میں سابق منتخب نمائندوں کو سرکاری گاڑیاں اور دیگر مراعات واپس کرنے کی ہدایت کی گئی ہے۔

  • چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے حلف اٹھا لیا، میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

    چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان نے حلف اٹھا لیا، میڈیا سے غیر رسمی گفتگو

    اسلام آباد: چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے حلف اٹھا لیا، چیف جسٹس گلزار احمد نے چیف الیکشن کمشنر سے حلف لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ نے اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا، 24 جنوری کو سکندر سلطان راجہ کو پانچ سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیا گیا تھا۔

    چیف الیکشن کمشنر نے حلف اٹھانے کے بعد غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ملک میں صاف و شفاف انتخابات ان کی ذمہ داری ہے، جب بھی الیکشن ہوں گے شفافیت اوّلین ترجیح ہوگی۔

    سکندر سلطان راجہ نے ایک استفسار پر کہا کہ انتخابات کا انعقاد کب ہوگا اس کا ان کے ساتھ کوئی تعلق نہیں۔ ایک صحافی نے سوال کیا کہ آپ ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے؟ انھوں نے جواب دیا کہ جی ووٹ کی عزت کو یقینی بنائیں گے، شفاف الیکشن میری ترجیحات میں شامل ہے۔

    سکندرسلطان راجہ 5 سال کیلئے چیف الیکشن کمشنر مقرر، نوٹیفکیشن جاری

    خیال رہے کہ 24 جنوری کو جاری شدہ نوٹیفکیشن کے مطابق سکندر سلطان راجہ 5 سال کے لیے چیف الیکشن کمشنر مقرر کیے گئے ہیں، جب کہ سندھ سے نثار درانی اور بلوچستان سے شاہ محمود جتوئی کو رکن الیکشن کمیشن تعینات کیا گیا ہے۔ حکومت اور اپوزیشن نے طویل ڈیڈ لاک کے بعد چیف الیکشن کمشنر کے لیے سکندر سلطان راجہ کے نام پر اتفاق کیا تھا۔

    واضح رہے کہ چیف الیکشن کمیشن سردار رضا خان 6 دسمبر 2019 کو ریٹائر ہوئے تھے اور ان کی جگہ جسٹس (ر) الطاف قریشی قائم مقام الیکشن کمشنر کے فرائض انجام دے رہے تھے۔

  • فردوس عاشق اعوان کیخلاف درخواست، مسلم لیگ ن کو مزید مواد فراہم کرنے کی ہدایت

    فردوس عاشق اعوان کیخلاف درخواست، مسلم لیگ ن کو مزید مواد فراہم کرنے کی ہدایت

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کیخلاف درخواست پر مسلم لیگ ن کو مزید مواد فراہم کر نے کی ہدایت کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن میں قائم مقام چیف الیکشن کمشنر سردار الطاف ابراہیم قریشی کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے معاون اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف توہین کمیشن کیس پر سماعت کی۔

    دوران سماعت (ن )لیگ اور تحریک انصاف کے وکلاءاور پیمرا کے وکیل الیکشن کمیشن کے سامنے پیش ہوئے، قائمقام چیف الیکشن کمشنر نے بتایا کہ آپ درخواست سے متعلق مواد تو جمع کرائیں۔

    وکیل درخراست گزار نے بتایاکہ ہم نے اس کیس میں پیمرا کو فریق بنانا چاہتے ہیں جبکہ وکیل تحریک انصاف نے کہا مسلم لیگ ن نے اپنی درخواست میں صرف دال میں کالا لکھا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے ن لیگ سے مزید مواد فراہم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے سماعت 16 دسمبر تک ملتوی کر دی۔

    مزید پڑھیں : مسلم لیگ ن نے فردوس عاشق اعوان کیخلاف درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرادی

    یاد رہے گذشتہ ماہ مسلم لیگ ن نے معاون خصوصی برائے اطلاعات فردوس عاشق اعوان کے خلاف درخواست الیکشن کمیشن میں جمع کرائی تھی، ن لیگ نے درخواست میں مؤقف اختیار کیا تھا کہ حکومت ممنوعہ اور غیر ملکی فنڈنگ کیس میں الیکشن کمیشن پر دباؤ ڈال رہی ہے، معاون خصوصی اطلاعات کی پریس کانفرنس الیکشن کمیشن کو دھمکانے کے مترادف ہے۔

    معاون خصوصی اطلاعات کی پریس کانفرنسز کا ٹرانسکرپٹ بھی درخواست کے ساتھ لگایا گیا تھا۔

    بعد ازاں مسلم لیگ ن کے وکیل جہانگیر جدون نے الیکشن کمیشن کےباہرمیڈیاسےگفتگو میں کہا تھا کہ پی ٹی آئی نےفارن فنڈنگ کیس میں تاخیری حربے استعمال کیے، پی ٹی آئی رہنماؤں نےالیکشن کمیشن کے خلاف الزامات شروع کردیے، فردوس عاشق اعوان نے کہا دال میں کچھ کالا ہے یا پوری دال کالی ہے

  • الطاف ابراہیم نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا

    الطاف ابراہیم نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا

    اسلام آباد: سردار رضا چیف الیکشن کمشنر کے عہدے سے ریٹائرڈ ہو گئے، جب کہ الطاف ابراہیم قریشی نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کا حلف اٹھا لیا۔

    تفصیلات کے مطابق چیف الیکشن کمشنر سردار رضا مدت ملازمت پوری ہونے کے بعد اپنے عہدے سے ریٹائر ہو گئے، قائم مقام چیف الیکشن کمشنر کے طور پر حلف اٹھانے والے جسٹس (ر) الطاف ابراہیم قریشی الیکشن کمیشن کے سینئر ممبر ہیں، ممبر کے پی ارشاد قیصر نے قائم مقام چیف الیکشن کمشنر سے حلف لیا۔

    سردار رضا کی ریٹائرمنٹ کے بعد الیکشن کمیشن میں صرف 2 ممبران رہ گئے ہیں، ارکان اور چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے سلسلے میں حکومت اور اپوزیشن کے درمیان ڈیڈ لاک آ چکا ہے، جس کی وجہ سے اپوزیشن اس مسئلے کو سپریم کورٹ لے جا چکی ہے۔

    یہ بھی پڑھیں:  چیف الیکشن کمشنر کی تقرری ، حکومت نے 3 نام تجویز کردیئے

    عدالت کو دی گئی درخواست میں کہا گیا تھا کہ سپریم کورٹ ممکنہ آئینی بحران حل کرنے کے لیے مناسب فیصلہ کرے، ارکان کی تقرری کے لیے پارلیمانی کمیٹی کا اجلاس ناموں پر غور و فکر کے بعد ختم ہو گیا تھا، پارلیمانی کمیٹی میں اتفاق نہ ہونے کے بعد آرٹیکل 213 خاموش ہے، آرٹیکل کی خاموشی سے آئینی بحران پیدا ہو جائے گا۔

    وفاقی‌ حکومت کی جانب سے چیف الیکشن کمشنر کی تقرری کے لیے 3 نام سامنے آ چکے ہیں، جن میں بابر یعقوب، فضل عباس میکن اور عارف خان شامل ہیں۔ وفاقی وزیر فواد چوہدری نے گزشتہ روز کہا تھا کہ حکومت اور اپوزیشن میں الیکشن کمیشن پر کوئی ڈیڈ لاک نہیں، آج کل میں ناموں پر اتفاق ہو جائے گا۔

  • وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو  بڑا ریلیف مل گیا

    وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو بڑا ریلیف مل گیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے خلاف کارروائی کی درخواست خارج کر دی، مراد علی شاہ پر ضمنی انتخاب میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کاالزام تھا۔

    تفصیلات کے مطابق وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کو الیکشن کمیشن سے بڑا ریلیف مل گیا، الیکشن کمیشن میں ممبر پنجاب الطاف قریشی کی سربراہی میں دو رکنی کمیشن نے وزیراعلی سندھ مراد علی شاہ کے خلاف کارروائی کی درخواست پر سماعت کی۔

    سماعت میں الیکشن کمیشن نے مراد علی شاہ کے خلاف کارروائی کی درخواست خارج کر دی، درخواست پی ٹی آئی رہنما حلیم عادل شیخ کی عدم پیروی پر خارج کی۔

    وزیراعلی سندھ پر این اے دو سو پانچ گھوٹکی کے ضمنی الیکشن میں ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کا الزام تھا اور حلیم عادل شیخ نے سعید غنی سمیت دیگر وزراء کیخلاف بھی کارروائی کی استدعا کر رکھی تھی۔

    مزید پڑھیں : پی ٹی آئی نے مراد علی شاہ کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست دائر کردی

    یاد رہے رواں سال جولائی میں پی ٹی آئی نے وزیر اعلیٰ سندھ سید مراد علی شاہ کیخلاف گھوٹکی میں سرکاری مشینری استعمال کرنے کے الزام میں ان کے خلاف الیکشن کمیشن میں درخواست جمع کراوائی تھی۔

    درخواست میں کہا گیا تھا مراد علی شاہ نے اپنے اس عمل سے الیکشن کمیشن پربراہ راست اثر انداز ہونے کی کوشش کی ہے، ضابطہ اخلاق کے تحت حکومتی افراد الیکشن پراثرانداز نہیں ہوسکتے، لہٰذا ان کیخلاف مؤثر کارروائی کی جائے۔

  • الیکشن کمیشن کا بلاول سمیت دیگر ارکان اسمبلی کو حتمی نوٹس

    الیکشن کمیشن کا بلاول سمیت دیگر ارکان اسمبلی کو حتمی نوٹس

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بلاول بھٹو اور صوبائی اسمبلی کے حلقے 11 کے پی پی امیدوار کو دوسرا اور حتمی نوٹس جاری کر دیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ای سی پی نے انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی پر پی پی چیئرمین بلاول بھٹو، نثار کھوڑو، شبیر بجارانی، ناصر شاہ، شرجیل میمن سمیت دیگر کو حتمی نوٹسز جاری کر دیے ہیں۔

    ڈسٹرکٹ ریٹرنگ افسر نے کہا ہے کہ نوٹس کا جواب کل داخل کروانا تھا، نہ کروانے پر دوسرا حتمی نوٹس نکالا گیا ہے۔

    ڈی آر او ندیم حیدر کا کہنا ہے کہ آج نوٹسز کے جوابات جمع نہیں کروائے گئے تو قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔

    یہ بھی پڑھیں:  وفاقی حکومت اور اتحادی سندھ کے دل کراچی پر قبضہ چاہتے ہیں: بلاول بھٹو

    واضح رہے کہ ای سی پی کی جانب سے یہ نوٹسز انتخابی حلقہ پی ایس 11 کی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر جاری کیے گئے ہیں۔

    یاد رہے کہ 12 اکتوبر کو لاڑکانہ میں انتخابی ریلی نکالی گئی تھی، جس میں نثار کھوڑو، سہیل سیال، ناصر حسین شاہ، شبیر بجارانی و دیگر نے شرکت کی تھی جس پر اگلے دن ای سی پی کی جانب سے نوٹس جاری کیا گیا۔

    ریلی سے خطاب میں بلاول بھٹو نے کہا تھا لاڑکانہ کے عوام تیر کے ساتھ ہیں، 17 اکتوبر کو تیر پر ٹھپا لگا کر وفاق کو جواب دیں، ایک سال سے عوام کی لڑائی اسمبلی میں لڑ رہا ہوں، میں نے حکومت کو گھر بھیجنا ہے۔

  • قبائلی اضلاع میں انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرکی چھپائی شروع

    قبائلی اضلاع میں انتخابات کے لیے بیلٹ پیپرکی چھپائی شروع

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع میں الیکشن کی تیاریاں آگے بڑھاتے ہوئے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع کردی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے قبائلی اضلاع کی 16صوبائی نشتوں پر انتخابات کے لیے 28 لاکھ بیلٹ پپیرز چھاپے جائیں گے،بیلٹ پپیرز کی چھپائی کا عمل 3سے 4دن میں مکمل ہوگا۔

    ذرایع کا کہنا ہے کہ بیلٹ پپیرزکی چھپائی کے دوران پرنٹنگ پریس پرپاک فوج کےجوان تعینات رہیں گے جبکہ پولنگ کے دوران بھی فوجی جوان اپنی ڈیوٹی سر انجام دیں گے۔

    انتخابات کے لیے قبائلی اضلاع میں ایک ہزار 943 پولنگ اسٹیشن قائم ہوں گے،قبائلی اضلاع کے 26 لاکھ سے زائد ووٹر حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    قبائلی اضلاع میں ہونے والے الیکشن میں پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر 18 سے21 جولائی تک پاک فوج کےجوان تعینات ہوں گے۔پاک فوج کےجوان انتخابی عملے کی تربیت گاہوں کی بھی حفاظت کریں گے۔

    بتایا جارہا ہے کہ 16قبائلی نشستوں پرانٹرنیٹ نہ ہونے کے سبب آرٹی ایس سسٹم استعمال نہیں کیاجائے گا، یاد رہے کہ گزشتہ سال منعقدہ عام انتخابات میں آرٹی ایس سسٹم بیٹھ جانے سے تحفظات پیدا ہوئے تھے۔

    قبائلی اضلاع میں امن وامان کی صورت حال بہتر رکھنے کے لیے پاک فوج کی اضافی نفری ریزرو رکھی جائے گی۔

    یاد رہے کہ 12 جون کو الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات 18 روز کے لیے موخر کرتے ہوئے پولنگ 20 جولائی کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے قبل صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ 2 جولائی کو ہونا تھی۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاف کے مطابق تمام قبائلی اضلاع میں سرکاری ملازمین کے تقررو تبادلوں پر پہلے سے پابندی عائد ہے، 20 جولائی تک ان علاقوں میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم بھی شروع نہیں کی جاسکے گی۔

    یاد رہے کہ قبائلی اضلاع میں صوبائی اسمبلی کی نشستوں پر انتخابات میں حصہ لینے کے لئے کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا عمل 9 مئی سے شروع ہوا تھا ، امیدواروں کی حتمی فہرست 28 مئی کو جاری کی گئی تھی۔

  • قبائلی اضلاع میں الیکشن ، سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری پاک فوج کے سپرد

    قبائلی اضلاع میں الیکشن ، سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری پاک فوج کے سپرد

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع میں انتخابات کے دوران سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری پاک فوج کو دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قبائلی اضلاع کے 16 حلقوں میں انتخابات فوج کی نگرانی میں کرانے کا فیصلہ کرلیا، سیکیورٹی انتظامات کی ذمہ داری پاک فوج کو دے دی۔

    الیکشن کمیشن کے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق قبائلی اضلاع کے حلقوں کے تمام پولنگ اسٹیشنز کے اندر اور باہر پاک فوج کے جوان تعینات ہوں گے، پاک فوج کے جوان انتخابی عملے کی تربیت گاہوں کی بھی حفاظت کریں گے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے مطابق پاک فوج پرنٹنگ پریس پر 5 جولائی سے تعینات ہوگی، پاک آرمی کے جوان پولنگ اسٹیشنز پر 18 تا 21 جولائی تک تعینات رہیں گے۔

    قبائلی اضلاع میں امن وامان کی صورت حال بہتر رکھنے کے لیے پاک فوج کی اضافی نفری ریزرو رکھی جائے گی۔

    یاد رہے کہ 12 جون کو الیکشن کمیشن نے قبائلی اضلاع میں انتخابات 18 روز کے لیے موخر کرتے ہوئے پولنگ 20 جولائی کو کرانے کا فیصلہ کیا تھا۔ اس سے قبل صوبائی اسمبلی کی 16 نشستوں پر پولنگ 2 جولائی کو ہونا تھی۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ضابطہ اخلاف کے مطابق تمام قبائلی اضلاع میں سرکاری ملازمین کے تقررو تبادلوں پر پہلے سے پابندی عائد ہے، 20 جولائی تک ان علاقوں میں کوئی نئی ترقیاتی اسکیم بھی شروع نہیں کی جاسکے گی۔

  • ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ 14 ہزار 657 ہو گئی: الیکشن کمیشن

    ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ 14 ہزار 657 ہو گئی: الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابی فہرستوں پر درج رائے دہندگان کے اعداد و شمار جاری کر دیے ہیں، ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ 14 ہزار 657 ہو گئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ انتخابی فہرستوں میں درج رائے دہندگان کی تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ 14 ہزار 657 ہو گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے ووٹرز کی رجسٹریشن کا عمل کا سلسلہ جاری ہے، پاکستانی ووٹرز کی تعداد ملکی تاریخ کی ریکارڈ سطح پر پہنچ گئی۔

    ملک بھر میں اس وقت انتخابی فہرستوں میں درج رائے دہندگان کی تعداد 10 کروڑ 75 لاکھ متجاوز ہو گئی ہے، الیکشن کمیشن کے مطابق مرد ووٹرز کی کل تعداد 6 کروڑ 28 ہزار 514 ہو چکی ہے۔

    الیکشن کمیشن نے بتایا کہ خواتین ووٹرز کی کل تعداد 4 کروڑ 74 لاکھ 86 ہزار 143 ہو گئی ہے، انتخابی فہرستوں میں مرد رائے دہندگان 56 فی صد جب کہ خواتین رائے دہندگان 44 فی صد ہیں۔

    یہ بھی پڑھیں:  سوا کروڑ ووٹرز کے جعلی ہونے کا خدشہ

    ذرایع کے مطابق عام انتخابات 2018 کے بعد سے 16 لاکھ سے زائد نئے ووٹرز رجسٹرڈ ہوئے، الیکشن کمیشن کے مطابق مرد اور خواتین ووٹرز کے درمیان 1 کروڑ 25 لاکھ سے زائد فرق تا حال موجود ہے۔

    یاد رہے کہ 19 فروری کو الیکشن کمیشن آف پاکستان (ای سی پی) نے ملک میں سوا کروڑ ووٹ جعلی ہونے کے خدشے کا اظہار کیا تھا، قومی اسمبلی کی قائمہ کمیٹی برائے پارلیمانی امور کے اجلاس میں الیکشن کمیشن کے چیف سیکریٹری بابر یعقوب نے انکشاف کیا کہ سوا کروڑ ووٹ مستقل یا عارضی پتے کی بہ جائے تیسری جگہ پر درج ہیں، ان کے جعلی ہونے کا خدشہ ہے۔