Tag: الیکشن کمیشن آف پاکستان

  • اگر کسی امیدوار کو دھمکی ملی ہے تو وہ آگاہ کرے، الیکشن کمیشن

    اگر کسی امیدوار کو دھمکی ملی ہے تو وہ آگاہ کرے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے کہا ہے کہ جن امیدواروں نے دھمکیاں موصول ہونے کا دعویٰ کیا وہ مذکورہ افراد کے نام بتا دیں اور اگر کسی پارٹی کے لوگ اٹھائے جارہے ہیں تو وہ ہمیں خفیہ چٹھی لکھ دے۔

    اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ سیکیورٹی خدشات موجودہیں جس کے لیے نیکٹا نےہم سےکچھ معلومات شیئرکی اور اب مٹینگ کا بندوبست بھی کیا جارہا ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ پیپلزپارٹی کی رہنما اور سینیٹر شیری رحمان نے بتایا کہ اُن کی پارٹی کے رہنماؤں کو نقل و حرکت میں مشکلات پیش آتی ہیں، پنجاب میں بلاول بھٹو کا قافلہ روکا گیا تو نوٹس لے کر وزیراعلیٰ کو انکوائری کی ہدایت کی۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ ملک میں17ہزارپولنگ اسٹیشن حساس ہیں، جن میں سی سی ٹی وی کیمرے نصب اور پاک فوج کے جوان تعینات کیے جائیں گے، الیکشن سے قبل امیدواروں، سیاسی لیڈران کی سیکیورٹی کا بھی خیال رکھا جائے گا۔

    مزید پڑھیں: آبزرور اور میڈیا کو پولنگ بوتھ میں جانے کا اختیار ہوگا: الیکشن کمیشن

    اُن کا کہنا تھا کہ کچھ امیدواروں نے دھمکیاں موصول ہونے کا دعویٰ کیا ایسے تمام افراد ہمت کر کے کال کرنے والے کا نام بتائیں اور اگر کسی پارٹی کے لوگ حراست میں لیے جارہے ہیں تو وہ بھی ہم سے بذریعہ خط رابطہ کرسکتا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے سیکریٹری کا کہنا تھا کہ وقت بڑھانے کا مطالبہ بعد میں بھی سامنے آتا اس لیے ہم نے پولنگ میں ایک گھنٹے کی توسیع کا پہلے ہی اعلان کردیا، فیس بک کی جانب سے خط موصول ہوا جس پر مشورہ جاری ہے۔

    ’الیکشن کمیشن کے اجلاس میں خدشہ ظاہر کیا گیا تھا کہ دہشت گرد امیدواروں، سیاسی رہنماؤں کو ٹارگٹ کرسکتے ہیں جو پشاور حادثے کے بعد درست ثابت ہوئے، مگر امن و امان کو بحال رکھنے کے لیے اقدامات کیے جارہے ہیں‘۔

    یہ بھی پڑھیں: فیس بک کی الیکشن کمیشن کو انتخابات 2018 سے متعلق خصوصی ٹرینڈ بنانے کی پیشکش

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ میراخیال ہےٹرن آؤٹ پچھلی بارسےبہترہوگا کیونکہ لوگوں کاجمہوریت پر اعتمادبڑھ گیا، الیکشن کا کنٹرول آئینی طور پر ہمارے ہی پاس ہے جو کسی اور ادارے کے پاس کسی صورت نہیں جاسکتا مگر مختلف شخصیات اور جماعتوں کی جانب سے ہردورمیں الیکشن کمیشن پر تنقیدہوتی ہے یہ اُسی کا سلسلہ ہے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ تمام عملہ سویلین ہے اور بھر پورتربیت کی گئی، انتخابی عمل الیکشن ایکٹ کے تحت ہوگا، بیلٹ پیپرز کی ترسیل فوج کی نگرانی میں جلد شروع ہوجائے گی جبکہ اس بار آروز کو بھی پولنگ بوتھ جانے کا اختیار ہوگا۔

    ’الیکشن میں فوج کا اختیارصرف سیکیورٹی تک محدود رہے گا، تاثرغلط ہے کہ سیکیورٹی فورسزانتخابی نتائج جمع کریں گے، فوج کی تعیناتی کامطالبہ بھی سیاسی جماعتیں ہی کرتی ہیں، پولنگ بوتھ پرامن وامان کی ذمہ داری فورسزکی بھی ہے، ماضی میں بھی سیکیورٹی فورسز کو قیام امن کیلئےتعینات کیاجاتارہا جس پر کسی کو کوئی اعتراض نہیں رہا‘۔

    اسے بھی پڑھیں: 25 جولائی کو میڈیا سات بجے سے قبل پولنگ نتائج جاری نہ کرے، الیکشن کمیشن

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ سیکورٹی اہلکاروں کے لیے بھی  ضابطہ اخلاق جاری کیا گیا، جس کے تحت الیکشن کے دن نتائج کی ترسیل پاک فوج یا سیکیورٹی اہلکار نہیں کریں گے یہ ذمہ داری متعلقہ افسران ہی انجام دیں گے البتہ سیکیورٹی پر مامور اہلکار اور عام شہری پریذائیڈنگ افسر کو دھاندلی کی شکایت سے آگاہ کرسکتا ہے جبکہ میڈیا کو موبائل استعمال نہ کرنے کی شرط پر پولنگ بوتھ میں جانےکی اجازت بھی ہوگی۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے مزید بتایا کہ ملک بھر کے 849 حلقوں پر انتخابات منعقد کیے جارہے ہیں، مذکورہ حلقوں میں سے 100 سے زائد پر مقدمات ہیں جن کے بیلٹ پیپرز کی چھپائی شروع نہیں کی جبکہ ایک کروڑخواتین ایسی ہیں بطور ووٹررجسٹرڈ نہیں ہوسکیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • 25 جولائی کو میڈیا سات بجے سے قبل پولنگ نتائج جاری نہ کرے، الیکشن کمیشن

    25 جولائی کو میڈیا سات بجے سے قبل پولنگ نتائج جاری نہ کرے، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے میڈیا سے درخواست کی ہے کہ وہ انتخابات والے دن شام سات بجے سے قبل پولنگ کے نتائج جاری نہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا ہے کہ میڈیا اس بات کو یقینی بنائے کہ پچیس جولائی کو شام سات بجے سے پہلے انتخابات کے نتائج ٹی وی پر آن ایئر نہیں ہوں گے۔

    بابر یعقوب فتح محمد نے کہا ” برائے مہربانی اس بات کو یقینی بنائیں کہ پولنگ والے دن شام سات بجے سے قبل انتخابات کے نتائج جاری نہ ہوں۔“

    یہ درخواست ای سی اپی کے سیکریٹری، چیف الیکشن کمشنر ریٹائرڈ جسٹس سردار محمد رضا اور چیئرمین پاکستان الیکٹرونک میڈیا ریگولیٹری اتھارٹی (پیمرا) محمد بیگ کے مابین ایک ملاقات میں کی گئی۔

    کراچی شہر میں الیکشن کے روز32 ہزار 849 اہلکار تعینات ہوں گے


    پیمرا کے چیئرمین محمد بیگ نے انتخابات منعقد کرانے والے ادارے کو اپنے بھرپور تعاون کی یقین دہانی کرادی، انھوں نے اس موقع پر جسٹس سردار محمد رضا اور ای سی پی سیکریٹری کو میڈیا ضابطۂ اخلاق کے بارے میں بھی آگاہ کیا۔

    خیال رہے کہ پچیس جولائی کو عوام صبح آٹھ بجے سے شام چھ بجے تک ووٹ ڈال سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 20 جولائی کو مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن

    بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل 20 جولائی کو مکمل ہوگا، الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے کہا ہے انتخابات 2018 کے سلسلے میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کا عمل آج سے شروع ہو رہا ہے جو بیس تاریخ کو مکمل ہوگا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان انٹرنیشنل ائیر لائن (پی آئی اے) نے 14 ٹن بیلٹ پیپرز کی پرنٹنگ پریس میں بر وقت ترسیل کو ممکن بنا دیا ہے، جس کی وجہ سے چھپائی کا عمل بر وقت مکمل ہونے کا امکان ہے۔

    دریں اثنا سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پرنٹنگ پریس آف پاکستان کا دورہ کیا، انھوں نے پرنٹنگ پریس میں بیلٹ پیپرز کی چھپائی کے انتظامات کا جائزہ لیا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ 55 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر بیلٹ پیپرز وقت پر پہنچانے کی کوشش کی جائے گی، خیال رہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی فوج کی نگرانی میں ہو رہی ہے۔

    بابر یعقوب نے بتایا کہ انتخابات میں خاص سیکورٹی والا بیلٹ پیپر استعمال کیا جاتا ہے، پرنٹنگ پریس میں پہنچائے گئے کاغذ میں سیکورٹی کے تمام فیچرز موجود ہیں۔ واٹر مارکڈ بیلٹ پیپرز تاریخ کے مہنگے ترین بیلٹ پیپرز ہیں۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ قومی ایئر لائن نے بیلٹ پیپرز کی بر وقت ترسیل میں بہت مدد کی، چھپائی کا عمل بر وقت مکمل ہو جائے گا۔

    انھوں نے ٹرانسفر کے حوالے سے کہا کہ کسی بھی ٹرانسفر اور پوسٹنگ سے متعلق آر او قانون کے مطابق دیا جاتا ہے، 2014 کی جوڈیشنل انکوائری کے بعد مانیٹرنگ کا نظام بھی بہتربنایا گیا۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ قانون کی خلاف ورزی پر بینرز اور پوسٹرز اتارے جا رہے ہیں، خلاف ورزیاں دہرانے پر امیدواروں کو نا اہل بھی کیا جا سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتخابات 2018: الیکشن کمیشن کا تمام امیدواروں کوسیکیورٹی دینے کا فیصلہ

    انتخابات 2018: الیکشن کمیشن کا تمام امیدواروں کوسیکیورٹی دینے کا فیصلہ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں اور سیاسی قائدین کو سیکیورٹی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے صوبائی حکومتوں کو مراسلہ ارسال کیا ہے جس میں امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے احکامات دیے گئے ہیں۔

    ذرائع کے مطابق الیکشن کمیشن نے امیدواروں کو سیکیورٹی فراہم کرنے کے لیے مراسلہ جاری کیا ہے جس میں احکامات دیے گئے ہیں کہ امیدواروں کے علاوہ ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسران، ریٹرننگ افسران اور اسسٹنٹ ریٹرننگ افسران کو بھی سیکیورٹی دی جائے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن نے صوبائی حکومتوں کو انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پرجلد سی سی ٹی وی کیمرے نصب کرنے کا بھی حکم دیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں

    خیال رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے ضابطہ اخلاق کی مانیٹرنگ کے لیے مجموعی طور پر 592 ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جبکہ صوبائی اسمبلی کی الگ الگ مانیٹرنگ ٹیمیں ہوں گی۔

    واضح رہے کہ 25 جولائی کو الیکشن والے دن ہر پولنگ بوتھ پر فوج تعینات ہوگی جو کسی بھی قسم کے ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے تیار رہے گی اور سیکیورٹی کے سخت انتظامات ہوں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن کا تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز تبدیل کرنے کا حکم

    الیکشن کمیشن کا تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز تبدیل کرنے کا حکم

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وفاقی حکام کو تمام صوبوں میں چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کی تبدیلی کا حکم جاری کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسٹیبلشمنٹ ڈویژن کو احکامات جاری کیے ہیں کہ کل تک نئے چیف سیکریٹریز اور نئے پولیس چیفس کی تقرری عمل میں لائی جائے۔

    چیف سیکریٹریز اور آئی جیز کے ناموں پر غور کے لیے کل نگراں وفاقی کابینہ کا اجلاس بھی طلب کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے،  اس سلسلے میں نئے آئی جی سندھ کے لیے نگراں حکومت نے وفاق کو شعیب دستگیر، اقبال محمود اور امجد سلیمی کے نام بھجوا دیئے ہیں۔

    تقرری کے بعد نئے چیف سیکریٹریز اور پولیس چیفس الیکشن کمیشن کی طرف سے منعقد ہونے والے 14 جون کے اجلاس میں شرکت کریں گے۔ جمعرات کو اسلام آباد میں ہونے والے اس اہم اجلاس میں انتخابات کے لیے سیکورٹی انتظامات کا جائزہ لیا جائے گا۔

    قبل ازیں نگراں وزیر اعظم جسٹس (ر) ناصر الملک نے چیف الیکشن کمشنر سردار محمد رضا کے ساتھ اسلام آباد میں ملاقات کی، ملاقات میں انتخابات سے متعلق مختلف امور پر بات چیت کی گئی۔

    الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے لیے مانیٹرنگ ٹیمیں تشکیل دے دیں


    وزیر اعظم نے کہا کہ عبوری حکومت شیڈول کے مطابق ملک میں عام انتخابات کے پُر امن اور شفاف انعقاد کے سلسلے میں الیکشن کمیشن کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی۔

    واضح رہے کہ یکم جون کو حلف اٹھانے کے بعد نگراں وزیر اعظم نے صحافیوں کے ساتھ گفتگو کرتے ہوئے کہا تھا کہ حکومت انتخابات کے بروقت اور شفاف طریقے سے انعقاد کو یقینی بنائے گی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن کا عام انتخابات میں 20ارب سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ

    الیکشن کمیشن کا عام انتخابات میں 20ارب سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ  عام انتخابات میں 20ارب سے زائد کے اخراجات  آنے کا امکان ہے، حکومت نے فنڈزکی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ لگالیا ، جس کے مطابق انتخابات میں 20ارب سے زائد لاگت آنے کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ عام انتخابات میں سیکیورٹی پر ایک ارب،الیکشن ڈیوٹی کی مد میں 6سے7ارب کے اخراجات آئیں گے جبکہ ٹرانسپورٹیشن کی مد میں ایک ارب سے زائد اخراجات کا تخمینہ لگایا گیا ہے۔

    بیلٹ پیپرکی خریداری اورچھپائی پر ڈھائی ارب روپے کے اخراجات آئیں گے۔

    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ حکومت نے فنڈزکی فراہمی کی یقین دہانی کرائی ہے، حکومت پہلے بھی فنڈزدےچکی ہے، فنڈزکی فراہمی حکومت کی ذمہ داری ہے۔

    گذشتہ روز  الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کیلئے صدر مملکت ممنون حسین کو سمری بھجوائی تھی۔


    مزید پڑھیں : الیکشن کمیشن کی صدر کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال


    ذرائع الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ عام انتخابات کے انعقاد کیلئے صدر کو3 تاریخیں تجویز کی ہیں، انتخابات کیلئے جولائی کے آخری ہفتے کی 3تاریخیں تجویز کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق تجویز کردہ تاریخیں 25 تا 27 جولائی 2018 کی ہیں۔

    ذرائع کا کہنا تھا کہ عام انتخابات 2018 کے لئے الیکشن کمیشن یکم جون کو شیڈول جاری کرے گا جبکہ صدر مملکت ممنون حسین کی طرف سے سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کی شیڈول کا باقاعدہ اعلان کرے گا۔

    واضح رہے کہ موجودہ حکومت کی آئینی مدت جون کے مہینے میں ختم ہورہی ہے جس کے بعد جولائی کے مہینے میں انتخابات کے انعقاد کا امکان ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کردی

    الیکشن کمیشن نے وزیراعظم کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کردی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ بیان آئین کی روح، الیکشن کمیشن کے مینڈیٹ کے خلاف ہے۔

    تفصیلات کےمطابق الیکشن کمیشن کے ترجمان نے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کے خلائی مخلوق والے بیان کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن انتخابات کے لیے مکمل تیارہے۔

    ترجمان الیکشن کمیشن نے کہا کہ انتخابات کوئی خلائی مخلوق کرا رہا ہے والےبیان کی تردید کرتے ہیں، یہ بیان آئین کی روح، الیکشن کمیشن کےمینڈیٹ کے خلاف ہے، الیکشن کمیشن آئینی وقانونی ذمہ داریوں میں مکمل آزاد ہے۔

    ترجمان نے کہا کہ اہم منصب پرفائزشخصیات ایسے بیانات سے گریزکریں، ایسے بیانات محض قیاس آرائیوں اور مفروضوں پرمبنی ہوتے ہیں، ایسے بیانات آئین کے منافی ، تمسخراڑانے کے مترادف ہیں۔


    انتخابات نگراں وزیراعظم نہیں خلائی مخلوق کرائے گی‘شاہد خاقان عباسی

    خیال رہے کہ گزشتہ روز اسپیکرقومی اسمبلی سردار ایازصادق کی جانب سے ارکان کو دیے گئےعشائیے میں صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا تھا کہ انتخابات خلائی مخلوق کرائے گی۔

    نگراں حکومت کے حوالے سے وزیراعظم شاہد خاقان عباسی کا کہنا تھا کہ حکومت اپوزیشن کی جانب سے پیش کیے گئے کسی بھی نام کو باہمی اتفاق سے قبول کرلے گی۔


    آئندہ الیکشن میں ن لیگ کا مقابلہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہے‘ نوازشریف

    یاد رہے کہ 2 مئی 2018 کو صادق آباد میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیراعظم نوازشریف نے کہا تھا کہ آئندہ انتخابات میں ہمارا معرکہ پیپلزپارٹی یا پاکستان تحریک انصاف سے نہیں بلکہ خلائی مخلوق سے ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • ملک  کی تاریخ میں پہلی بار واٹر مارک بیلٹ  پیپرزاستعمال کرنے کا فیصلہ

    ملک کی تاریخ میں پہلی بار واٹر مارک بیلٹ پیپرزاستعمال کرنے کا فیصلہ

    اسلام آباد : ملک کی تاریخ میں پہلی بار واٹر مارک بیلٹ پیپرز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، واٹر مارک کااسپیشل کاغذفرانس سےمنگوایا جائے گا۔

    تفصیلات کے مطابق آئندہ عام انتخابات کی تیاریاں حتمی مراحل میں داخل ہوگئی ہے، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے  دھاندلی کی روک تھام  کی لئے ملک کی تاریخ میں پہلی بارواٹر مارک بیلٹ پیپرز استعمال کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن ذرائع کا کہنا ہے کہ واٹر مارک کااسپیشل کاغذفرانس سےمنگوایا جائے گا اور جون کے آخر میں واٹر مارک پیپرز فراہم کردیا جائے گا۔

    ذرائع کے مطابق انتخابات کیلئے 20کروڑ سے زائدبیلٹ پیپرز چھاپنے کا فیصلہ کیا گیا ہے، پرنٹنگ کارپوریشن، پوسٹل پرنٹنگ پریس کو ایڈوانس ادائیگی کردی گئی، یلٹ پیپرز کی خریداری کیلئے 61 کروڑ 73 لاکھ روپے پرنٹنگ پریس کو جاری کیے گئے ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ بیلٹ پیپرز کی چھپائی پرایک ارب 20کروڑاخراجات آئیں گے، جس میں سے پرنٹنگ پریس کارپوریشن کو 15 اور پوسٹل پرننٹگ کو 11 کروڑ روپے جاری کیے جائیں گے۔


    مزید پڑھیں : رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، الیکشن کمیشن


    یاد رہے اس ےسے قبل  الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا تھا کہ 73 لاکھ نئے ووٹرز کے اندراج کے بعد ملک بھر میں رجسٹرڈ وٹرز کی تعداد 10 کروڑ سے تجاوز کرچکی ہے، ، جن میں مرد ووٹرز کی تعداد 5 کروڑ 84 لاکھ 63 ہزار 228 جبکہ خواتین کی تعداد 4 کروڑ 58 لاکھ 353 تک ہے۔

    عوام کو سہولت فراہم کرنے کے لیے ای سی پی نے ملک بھر میں 15 ہزارکےقریب ڈسپلےسینٹرز قائم کیے ہیں جبکہ اس ضمن میں شہریوں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ اپنے ووٹ کی 8300 سے بھی بذریعہ ایس ایم ایس سے بھی تصدیق کرسکتےہیں۔

    واضح رہے کہ جمہوری تسلسل کو برقرار رکھتے ہوئے ملک بھر میں عام انتخابات رواں سال منعقد کیے جائیں گے، اس سے قبل نگراں حکومت کا قیام عمل میں لایا جائے گا جس کے لیے حکومتی اور اپوزیشن کی جماعتوں نے مشاورت شروع کردی ہے۔

     

     

  • ن لیگ کےحمایت یافتہ سینیٹراسد اشرف کی کامیابی الیکشن کمیشن میں چیلنج

    ن لیگ کےحمایت یافتہ سینیٹراسد اشرف کی کامیابی الیکشن کمیشن میں چیلنج

    اسلام آباد : پاکستان تحریک انصاف نے مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ سینیٹر اسد اشرف کی کامیابی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کی ڈاکٹرزرقا نے ن لیگ کے حمایت یافتہ سینیٹر اسد اشرف کی کامیابی کو الیکشن کمیشن آف پاکستان میں چیلنج کردیا۔

    ڈاکٹرزرقا نے درخواست میں موقف اختیارکیا ہے کہ ڈاکٹر اسد اشرف کو نواز شریف نے ٹکٹ جاری کیا جبکہ َالیکشن کمیشن نے بطور آزاد امیدوار انتخاب میں حصہ لینے کی اجازت دی۔

    درخواست میں کہا گیا ہے کہ قانون الیکشن کمیشن کوازخود انتخابی نشان کی الاٹمنٹ کی اجازت نہیں دیتا، درخواست گزار نے الیکشن کمیشن سے ڈاکٹر اسد اشرف کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کی استدعا کی ہے۔

    پاکستان تحریک انصاف کی رہنما ڈاکٹر زرقا تیمور کا کہنا ہے کہ لاہور ہائی کورٹ میں بھی معاملہ زیرسماعت ہے۔


    سینیٹ میں ن لیگ کا حمایت یافتہ امیدوار کامیاب


    خیال رہے کہ یکم مارچ کو مسلم لیگ ن کے سینیٹر نہال ہاشمی کی نااہلی کی صورت میں خالی ہونے والی نشست پر غیر سرکاری غیر حتمی نتیجے کے مطابق پنجاب اسمبلی سے ن لیگ کے حمایت یافتہ امیدوار اسد اشرف سینیٹ کے لیے منتخب ہوئے تھے

    مسلم لیگ ن کے حمایت یافتہ امیدوارڈاکٹر اسد اشرف نے 298 ووٹ حاصل کیے تھے ، پی ٹی آئی کی ڈاکٹر زرقا 38 ووٹ حاصل کرسکیں تھیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں

  • فاروق ستار سےکوئی ذاتی جھگڑا نہیں‘ خالد مقبول صدیقی

    فاروق ستار سےکوئی ذاتی جھگڑا نہیں‘ خالد مقبول صدیقی

    اسلام آباد : ایم کیو ایم پاکستان بہادرآباد کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ پارٹی معاملات افہام وتفہیم سے حل کرلیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان بہادر آباد گروپ کے رہنما خالد مقبول صدیقی نے الیکشن کمیشن کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ الیکشن کمیشن جوبھی فیصلہ کرے اسے تسلیم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ بھائیوں کے درمیان چھوٹے چھوٹے مسائل ہوتے رہتے ہیں، ہم مسائل کومل کرحل کرنے کی صلاحیت رکھتے ہیں۔

    خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ فاروق ستار کوکئی بارپیشکش کرچکے، آئیں اورپارٹی سنبھالیں، چاہتے ہیں پارٹی آئین پرمن و عن عمل کیا جائے۔

    ایم کیوایم پاکستان بہادرآباد کے رہنما نے کہا کہ فاروق ستار سے کوئی ذاتی جھگڑا نہیں، پارٹی معاملات افہام وتفہیم سے حل کرلیں گے۔


    بلی شیر کو سب کچھ سیکھا دیتی ہےلیکن درخت پر چڑھنا نہیں سیکھاتی‘ فاروق ستار


    خیال رہے کہ دو روز قبل متحدہ قومی موومنٹ (پاکستان) کے سربراہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ جس نے کبھی آئین کھول کر نہیں دیکھا وہ بھی اب آئین پڑھ رہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔