Tag: الیکشن کمیشن آف پاکستان

  • پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس سماعت کیلئے مقرر

    پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس سماعت کیلئے مقرر

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس 18 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کردیا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے چیئرمین پاکستان تحریک انصاف بیرسٹر گوہر اور رؤف حسن کو نوٹس جاری کردیا ہے، ادارے نے پی ٹی آئی انٹرا پارٹی الیکشن کیس 18 ستمبر کو سماعت کیلئے مقرر کیا۔

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کی کاز لسٹ جاری کردی ہے، پی ٹی آئی انٹرا پارٹی کیس کی سماعت میں دلائل دیے جائیں گے۔

    ماضی میں الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کو کالعدم قرار دیتے ہوئے بلے کا انتخابی نشان واپس لے لیا تھا۔

    الیکشن کمیشن نے پی ٹی آئی انٹراپارٹی الیکشن کیس کا فیصلہ سنایا تھا جس میں قرار دیا گیا تھا کہ پی ٹی آئی انٹراپارٹی انتخابات کروانے میں ناکام رہی۔

    چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں 5 رکنی بنچ نےفیصلہ سنایا تھا، انٹراپارٹی الیکشن کیس کافیصلہ اکرام اللہ خان نے تحریر کیا تھا، اس فیصلے کے بعد سے اب تک پارٹی بلے کے نشان سے محروم ہے۔

  • انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن

    انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہیں، الیکشن کمیشن

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کا کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے الزامات مسترد کرتے ہیں، اکادکا واقعات سے انکار نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق انتخابات میں دھاندلی کی گونچ پر الیکشن کمیشن کا موقف بھی سامنے آگیا ہے جس میں ادارے نے دھاندلی کے الزامات کو مسترکردیا ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا تھا کہ اس طرح کے چند ایک واقعات سے انکار نہیں۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا کہ ان کے تدارک کیلئے متعلقہ فورمز موجود ہیں۔ شکایات پرفوری فیصلے کیے جارہے ہیں،

    مشکلات کے باوجود انتخابی عمل پرامن اور منظم رکھنے میں کامیاب رہے۔ انتخابات بہت بڑا آپریشن تھا جسے کامیابی سےپایہ تکمیل تک پہنچایا۔ ای ایم ایس نے آر اوز کے دفاتر میں تسلی بخش کام کیا۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ موبائل سروس کی بندش سے پریذائیڈنگ افسران الیکٹرانک ڈیٹا بھیجنے سے قاصر رہے۔

    اعلامیے میں کہا گیا کہ معمول کی کوآرڈینیشن، نقل و حمل کو موبائل سروس کی بندش نے بری طرح متاثر کیا۔ 2018 انتخابات کا پہلا نتیجہ اگلے روز صبح 4 بجے موصول ہوا تھا۔

    اس مرتبہ پہلا نتیجہ رات 2 بجے موصول ہوا۔ کچھ حلقوں کے سوا انتخابات کے نتائج ڈیڑھ دن میں مکمل کیے گئے۔ 2018 کے انتخابات میں نتائج کی تکمیل میں 3 روز لگے تھے۔

    الیکشن کمیشن نے کہا کہ کچھ حلقوں میں نتائج کی تاخیرسے کسی مخصوص سیاسی جماعت کو فائدہ یا نقصان نہیں پہنچا۔

  • اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری فیصلہ جاری

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کے بلدیاتی انتخابات ملتوی کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کردیا۔

    فیصلے کے مطابق یونین کونسلزکی تعدادکا تعین وفاقی حکومت کا اختیار ہے، الیکشن کمیشن یونین کونسلزکی تعداد کے مطابق حلقہ بندی کا پابند ہے۔

    فیصلے میں بتایا گیا کہ بلدیاتی قانون میں پارلیمان نے ترامیم کر کےصدر کو بھجوادی ہیں، ترامیم کے مطابق میئرکا انتخاب براہ راست اور الیکشن کے دن ہی ہوگا۔

    الیکشن کپیشن کی جانب سے جاری کردہ تفصیلی فیصلے کے مطابق اسلام آباد ہائیکورٹ کے احکامات واضح ہیں اس صورتحال میں انتخابی شیڈول جاری نہیں ہوسکتا تھا، اس لیے الیکشن کمیشن اپنے اختیارات استعمال کرتے ہوئے بلدیاتی انتخابات ملتوی کررہا ہے۔

  • حکومت کا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    حکومت کا الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ

    اسلام آباد : حکومت نے الیکشن کمیشن آف پاکستان سے مستعفی ہونے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا چیف الیکشن کمشنر اور ممبران استعفیٰ دیں، وفاقی وزیر شفقت محمود نے کہا کہ عوام کا الیکشن کمیشن سے اعتماد اٹھ چکاہے۔

    تفصیلات کے مطابق وفاقی وزرا کی جانب سے پریس کانفرنس کی گئی ، وفاقی وزیر تعلیم شفقت محمود نے کہا کہ سیاست میں تشدد کی شدید مذمت کرتےہیں، ن لیگ کواپنےگریبان میں جھانکناچاہیے، سیاست کو سیاست سمجھ کر کی جائے تشددکاعنصرن لیگ میں موروثی طور پرموجود ہے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنی سیاست کو ان چیزوں سے پاک کرنا ہے، نوازشریف نے 2015میں اوپن بیلٹ کاقانون لانے کی کوشش کی عمران خان نے خوش آمدیدکہا، 2018میں الیکشن میں پی ٹی آئی واحد ہے جس نے ایم پی ایزکیخلاف ایکشن لیا۔

    شفقت محمود نے کہا کہ جب بھی سینیٹ الیکشن ہوتے ہیں توخریدوفروخت کی باتیں ہوتی ہیں، اوپن بیلٹ ریفرنس پر سپریم کورٹ کا فیصلہ حالات کے مطابق تھا، الیکشن کمیشن کی ذمہ داری ہے کہ شفاف الیکشن کرائے۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہمارا مطالبہ تھا پاکستان میں سیاست میں کرپٹ پریکٹسز ختم اور اوپن بیلٹ الیکشن ہوں اور الیکشن کمیشن سے استدعا کی ایسی نشانی ہو جس سے تحقیق ہوسکے، افسوس ہے الیکشن کمیشن ہماری استدعامسترد کی اورکمیٹی بنادی، اس کانتیجہ یہ نکلا کہ اسلام آباد سے یوسف گیلانی کو زیادہ ووٹ ملے۔

    وفاقی وزیر تعلیم نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی کی خاتون امیدوار کو 174ووٹ ملے ، یوسف گیلانی کو زیادہ ووٹ پڑنےسے صاف ظاہر ہوتا ہے لین دین ہوئی، یہ ناکامی الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ہے وہ اپنی ذمہ داری نہیں نبھاسکا۔

    شفقت محمود کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن مکمل ناکام ہوچکا ہے کسی کو اعتماد نہیں رہا، سب سے بڑی جماعت پی ٹی آئی کو الیکشن کمیشن پر کوئی اعتماد نہیں، موجودہ حالت میں الیکشن کمیشن نہیں چل سکتا انھیں استعفیٰ دیناچاہیے۔

    انھوں نے مزید کہا عوام کا الیکشن کمیشن پر اعتماد نہیں ہوگا تو اس کے سوا کوئی چارہ نہیں کہ موجودہ الیکشن کمیشن اپنی ذمہ داریوں سے دستبردار ہو، ایسا الیکشن کمیشن ہوناچاہیےکہ آئندہ الیکشن شفاف اورکوئی اعتراض نہ کرے۔

    وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ کی رولنگ میں باقاعدہ الیکشن کمیشن کو موقع فراہم کیاگیا، الیکشن کمیشن سپریم کورٹ کے فیصلے کی روشنی میں اقدامات کرسکتی تھی تاہم الیکشن کمیشن کےاقدام سے نظام اورجمہوریت کو ٹھیس پہنچی۔

    شفقت محمود نے مطالبہ کیا کہ چیف الیکشن کمشنراور ان کے ممبران استعفیٰ دیں ، الیکشن کمیشن ایمپائر کا کردار ادا نہیں کررہا ہے، ہمارا مطالبہ سیاسی ہے کوئی ریفرنس کرنے کا ارادہ نہیں ہے۔

    انھوں نے مزید کہا کہ ہم وہ بات کرتے ہیں جوملک،جمہوریت اور مستقبل کیلئے بہتر ہے، وزیراعظم اورہماری جماعت سمجھتی ہےوقت آگیا الیکشن پر سوالیہ نشان سے آگے بڑھیں۔

  • الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بڑے پیمانے پر تبادلے

    الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بڑے پیمانے پر تبادلے

    کراچی: الیکشن کمیشن آف پاکستان میں بڑے پیمانے پر افسران کے تبادلے اور تعیناتیاں کر دیں۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے بڑے پیمانے پر اکھاڑ پچھاڑ کرتے ہوئے مختلف اضلاع کے افسران سندھ کے مختلف اضلاع میں تعینات کر دیے۔

    ریجنل کمشنر حیدرآباد ندیم حیدر کو ریجنل الیکشن کمشنر کراچی تعینات کر دیا گیا، سائیں بخش چنڑ کو ریجنل الیکشن کمشنر آف حیدرآباد مقرر کر دیا گیا۔

    وسیم جعفری کو ڈائریکٹر الیکشن کمیشن سندھ تعینات کر دیا گیا، ڈپٹی ڈائریکٹر احمد ندیم شیخ ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر ٹنڈو محمد خان،
    نوید عزیز ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر ملیر،اظہر ٹانوری الیکشن کمشنر نوشہرو فیروز اور باصل اکرم کو ڈپٹی ڈائریکٹر الیکشن کمیشن سیکریٹریٹ مقرر کر دیا گیا۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عبدالرزاق ،سعید سومرو کو ڈپٹی ڈائریکٹرز صوبائی الیکشن کمشنر سندھ اور نعیم الرحمن کو ڈسڑکٹ الیکشن کمشنر سانگھڑ تعینات کر دیا۔

  • قانون پر پورا نہ اترنے والی 278 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم

    قانون پر پورا نہ اترنے والی 278 سیاسی جماعتوں کی رجسٹریشن ختم

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے سیاسی جماعتوں کی فہرست جاری کردی، چھانٹی کے بعد ملک میں سیاسی جماعتوں کی تعداد نصف سے بھی کم رہ گئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے قانون کے تقاضے پورا نہ کرنے والی سیاسی جماعتوں کی چھانٹی کردی ہے، نئی لسٹ کے مطابق ملک میں اب رجسٹرڈ سیاسی جماعتوں کی تعداد 122 رہ گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ نئی فہرست  میں 278 سیاسی جماعتوں کو رجسٹریشن کی فہرست سے خارج کردیا گیا ہے ، اس سے قبل ملک میں رجسٹرڈ سیاسی  جماعتوں کی تعداد 400 تھی ۔

    یاد رہے کہ یہ تعداد پوری دنیا میں سب سے زیادہ ہے اور پاکستان سے کہیں زیادہ آبادی والے ممالک میں بھی اتنی سیاسی جماعتیں رجسٹرڈ نہیں ہیں۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رجسٹریشن کے لیے دو لاکھ روپے فیس اور کم از کم دو ہزار رجسٹرڈ کارکنان کی تفصیلات طلب کی تھیں، جو جماعتیں قواعد پر پوری نہیں اتریں۔ ان کی رجسٹریشن خارج کی گئی ہے۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جارہ کردہ فہرست دیکھنے کے لیے کلک کریں

    ملک کی تمام مرکزی جماعتیں، جن میں پاکستان تحریک انصاف، مسلم لیگ ن، پیپلز پارٹی، ایم کیوایم، ایم ایم اے، مسلم لیگ ق، اے این پی، مہاجر قومی موومنٹ اور جماعت اسلامی اپنی رجسٹریشن قائم رکھنے میں با آسانی کامیاب رہی ہیں۔

    یہ نوٹی فکیشن الیکشن ایکٹ 2017 کے سیکشن 202(2) کے تحت جاری کیا گیا ہے اور متاثرہ سیاسی جماعتیں ڈی لسٹنگ کے تیس دن کے اندر عدالت سے رجوع کرسکتی ہیں۔

  • الیکشن کمیشن ووٹرلسٹوں اورکاغذاتِ نامزدگی میں’تیسری جنس کا کالم‘ شامل کرے گا

    الیکشن کمیشن ووٹرلسٹوں اورکاغذاتِ نامزدگی میں’تیسری جنس کا کالم‘ شامل کرے گا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرفہرستوں اورکاغذات نامزدگی میں خواجہ سراؤں کے لیے تیسری جنس کاکالم شامل کرنے کی یقین دہانی کرادی۔

    تفصیلات کے مطابق سیکرٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے پاکستان کی خواجہ سرا کمیونٹی کو یقین دہانی کرائی ہے کہ وہ چیئر مین نادرا سے اس معاملے پر بات کریں گے ۔

    سیکرٹری الیکشن کمیشن نے یہ بھی کہا کہ ووٹر لسٹوں اور کاغذاتِ نامزدگی میں تیسری جنس کا کالم شامل کرنے کے معاملے پر خواجہ سراؤ ں کو بھی شریک کیا جائے گا۔انہوں نے مزید بتایا کہ پاکستان میں اس وقت سواکروڑخواتین بطورووٹرزرجسٹر ہی نہیں ہیں، خواتین کے ووٹ کی رجسٹریشن کے معاملے میں اس ناکامی پر جلد از جلد قابوپاناہوگا۔

    یاد رہے کہ رواں سال چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار کے حکم پر خواجہ سراؤں کے شناختی کارڈ جاری کیے گئے تھے جس کے بعد انہیں ووٹ ڈالنے اور الیکشن میں حصہ لینے کا حق حاصل ہوا تھا۔ تاہم الیکشن 2018 کے لیے خواجہ سرا جب نامزدگی فارم لینے پہنچے تو خواجہ سراؤں کے لیے الگ خانہ نہ ہونے سے بھی انہیں شدید مایوسی ہوئی تھی۔ الیکشن کمیشن کا موقف تھا کہ شناختی کارڈ بنوانے کا حکم بعد میں آیا تھا جبکہ فارم پہلے چھپ چکے تھے۔ بعد ازاں اس مسئلے کو وقتی طور پر حل کیا گیا تھا۔

    الیکشن 2018 کے انتخابا ت میں پاکستانی انتخابات کو مانیٹر کرنے والی غیر سرکاری تنظیم ٹرسٹ فار ڈیموکریٹک ایجوکیشن اینڈ اکاؤنٹیبلیٹی (ٹی ڈی ای اے) نے 125 خواجہ سرا، 125 جسمانی طور پر معذور افراد اور 125 خواتین کو الیکشن ڈے پر پولنگ کے عمل کی مانیٹرنگ کرنے کے لیے ہائر کیا تھا۔

  • ضمنی انتخابات 2018: امید واروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

    ضمنی انتخابات 2018: امید واروں کے لیے ضابطہ اخلاق جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ملک میں ہونے والے ضمنی انتخابات کے لیے ضابطہ اخلاق جاری کردیا ہے، پاک فوج اورعدلیہ کے خلاف ہرزہ سرائی پر پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق 61 نکات پر مشتمل ہے جس کے تحت صدر،وزیراعظم،گورنر،رکن قومی وصوبائی اسمبلی حلقےکادورہ نہیں کرسکیں گے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کی جانب سے جاری کردہ ضابطہ اخلاق کے تحت اسپیکر،ڈپٹی اسپیکرز،چیئرمین وڈپٹی سینیٹ کے بھی حلقوں میں دورےپرپابندی رہے گی جبکہ وزرائےاعلیٰ اور دیگر وزراء بھی انتخابی حلقے کادورہ نہیں کرسکیں گے۔ ضابطہ اخلاق میں کہا گیا ہے کہ بلدیاتی نمائندوں پر بھی انتخابی مہم میں حصہ لینے پر مکمل پابندی عائد ہے اور انتخابی مہم پولنگ کے دن سے 48گھنٹے قبل ختم ہوجائے گی۔

    یہ بھی کہا گیا ہے کہ افواج پاکستان اوراعلیٰ عدلیہ کےخلاف ہرزہ سرائی پرپابندی ہوگی ۔ پولیس اورضلعی انتظامیہ سےمل کرعملدرآمد یقینی بنائیں گے اور مانیٹرنگ ٹیمیں خلاف ورزیوں پر فوری کارروائی کی مجازہوں گی۔

    ضمنی انتخابات میں حصہ لینے والے امیدواروں کو پابند کیا گیا ہے کہ انتخابی اخراجات مقررہ حدسےزائدنہیں ہونےچاہئیں،انتخابی مہم میں تشہیری بینرمقررہ سائزسےتجاوز نہ کریں۔ انتخابی ریلی کی اجازت ضلعی انتظامیہ سےلینالازمی قرار دیا گیا ہے جبکہ کار ریلی پر مکمل پابندی عائد کردی گئی ہے۔

    سیاسی جماعتوں کےلیے تیار ضابطہ اخلاق کے مطابق انتخابات میں مذہب،نسل،ذات کی بنیاد پر الیکشن میں حصہ لینے کی مخالفت نہیں کی جاسکے گی۔انتخابات میں شامل سیاسی جماعتیں کسی ایسے رسمی یاغیررسمی معاہدے کا حصہ نہیں بنیں گے جس میں خواتین کو ووٹ کےحق سے محروم رکھاجائے۔

  • انتخابات 2018، کون کس کے مدمقابل ہے؟ امیدواران کی حتمی فہرست سامنے آگئی

    انتخابات 2018، کون کس کے مدمقابل ہے؟ امیدواران کی حتمی فہرست سامنے آگئی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات 2018 میں قومی و صوبائی نشستوں پر حصہ لینے والے تمام صوبوں کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان نے امیدواروں کے کوائف نام، بمعہ حلقہ، سیاسی وابستگی، انتخابی نشان والے فارم 33 کو ویب سائٹ پر جاری کی ساتھ ہی چاروں صوبائی الیکشن کمیشنز کو بھی امیدواروں کی تفصیلات پبلک کرنے کا حکم دیاْ

    ای سی پی کی جانب سے جاری فہرست کے مطابق ملک بھر قومی و صوبائی 849 حلقوں سے 12 ہزار کے قریب عام انتخابات میں حصہ لے رہے ہیں جن میں قومی اسمبلی کی نشستوں پر 3 ہزار 675 امیدوار مد مقابل ہیں جبکہ صوبائی کے لیے 8 ہزار 895 امیدوار میدان میں اتریں گے۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے رحیم یار خان، لاہور اور راجن پور سے حصہ لینے والے امیدواروں کے فارم ابھی ویب سائٹ پر نہیں شیئر کیے، البتہ جو فہرست سامنے آئی اُس میں سیاسی جماعتوں سے زیادہ آزاد امیدواروں کی تعداد ہے۔

    خیبرپختونخواہ: حلقہ این اے 1 چترال سے این اے 51 ٹرائبل (قبائلی علاقے) تک کی تفصیل

    خیبرپختونخواہ صوبائی اسمبلی حلقہ پی کے 1 سے پی کے 99 ڈیرہ اسماعیل خان

    پنجاب: حلقہ این اے 52 سے این اے 195 تک کی تفصیل

    صوبائی اسمبلی پی پی 1 اٹک سے پی پی 292 ڈیرہ غازی خان

    سندھ:‌ حلقہ این اے 196 جیکب آباد سے کراچی حلقہ 256 تک کی تفصیل

    صوبائی اسمبلی پی ایس 1 جیکب آباد سے پی ایس 130کراچی

    بلوچستان: حلقہ این اے 257 قلعہ سیف اللہ کم ژوب کم شیرانی سے این اے 272 لسبیلہ کم گوادر تک کی تفصیلات

    صوبائی اسمبلی پی بی 1 موسیٰ خیل سے پی بی 51 گوادار تک کی تفصیل


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عام انتخابات کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان

    عام انتخابات کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان

    اسلام آباد:عام انتخابات کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان ہے جبکہ چیف الیکشن کمشنرنے بھی 25جولائی کو انتخابات کی منظوری دے دی۔

    تفصیلات کے مطابق عام انتخابات کا شیڈول آج جاری ہونے کا امکان ہے، ایوان صدرکی طرف سےشیڈول سےمتعلق سمری الیکشن کمیشن بھجوادی گئی جبکہ چیف الیکشن کمشنرنے بھی25جولائی کو انتخابات کی منظوری دے دی ہے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کیلئے 8دن رکھے گئےہیں، اس سے قبل7 دن میں کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال کی جاتی تھی، سیاسی جماعتوں،امید واروں کوانتخابی مہم کیلئے 28دن دیے گئے ہیں۔

    دوسری جانب الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق کوبھی حتمی شکل دےدی ہے، ضابطہ اخلاق کی کاپی سیاسی جماعتوں کو بھی ارسال کردی گئی ہے اور سیاسی جماعتوں کا مشاورتی اجلاس 31 مئی کو طلب کرلیا گیا ہے۔

    یاد رہے کہ صدر ممنون حسین نے دو ہزار اٹھارہ کے الیکشن کی تاریخ سے متعلق سمری کی منظوری دے دی تھی ، جس کے مطابق عام انتخابات پچیس جولائی کو ہوں گے، قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے لیے ایک ہی دن پولنگ ہوگی۔

    خیال رہے کہ پانچ سال دو ماہ چودہ دن بعد ملک میں عام انتخابات ہوں گے، گزشتہ انتخابات گیارہ مئی دوہزار تیرہ کو ہوئے تھے، پیپلزپارٹی کی حکومت کا پانچ سالہ دور مکمل ہونے کے بعد بیس مارچ دو ہزار تیرہ کو وزیراعظم راجہ پرویز اشرف کی سمری پر صدر آصف زرداری نے منظوری دی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔