Tag: الیکشن کمیشن

  • کمشنر راولپنڈی کے الزامات مسترد  : الیکشن کمیشن نے بڑا اعلان کردیا

    کمشنر راولپنڈی کے الزامات مسترد : الیکشن کمیشن نے بڑا اعلان کردیا

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کا اعلان کردیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چھٹہ کے لگائے گئے الزامات کو مسترد کرتے ہوئے کمشنر راولپنڈی کے بیان کی تحقیقات کا اعلان کردیا۔

    الیکشن کمیشن نے معاملےکی جلدانکوائری کروانے کا حکم دیتے ہوئے کہا کہ کمشنرراولپنڈی کے چیف الیکشن کمشنر یا الیکشن کمیشن پر الزامات کی تردید کرتے ہیں، الیکشن کمیشن کے کسی عہدیدار نے الیکشن نتائج تبدیلی کیلئے کمشنر کو کبھی ہدایات جاری نہیں کی۔

    ترجمان کا کہنا تھا کہ کسی بھی ڈویژن کا کمشنر نہ تو ڈی آر او، آر او یا پریذائیڈنگ آفیسر ہوتا ہے، کمشنر کا الیکشن کے انعقاد میں کوئی براہ راست کردار نہیں ہوتا، الیکشن کمیشن اس معاملے کی جلد از جلد انکوائری کروائے گا۔

    یاد رہے کمشنر راولپنڈی لیاقت علی چٹھہ نے عام انتخابات میں دھاندلی کا اعتراف کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن ٹھیک نہیں کرواسکا،عہدے سے استعفیٰ دیتاہوں۔

    لیاقت علی چٹھہ کا کہنا تھا کہ راولپنڈی کی ایم این اے کی تیرہ نشستوں پر ہارے ہوئے لوگوں کو جتوایا، جعلی مہریں لگا کر ستر ستر ہزارووٹوں کی لیڈ والوں کوہروایا، میں ماتحت ریٹرننگ افسران سے معذرت چاہتا ہوں، انھیں غلط کام کیلئے کہہ رہا تھا اور وہ نہیں کرنا چاہتے تھے۔

    کمشنر راولپنڈی نے کہا تھا کہ اس وقت بھی راولپنڈی میں جعلی مہریں لگائی جارہی ہیں۔ جو کام میں نے کئے وہ مجھے زیب نہیں دیتے، تمام غلط کاموں کی ذمہ داری میں خود لیتا ہوں، میں نے جو ظلم کیا اس کی سزا مجھے ملنی چاہیے۔

    ان کا کہنا تھا کہ اس کام میں چیف الیکشن کمشنربھی ملوث ہیں، میں نے ملک کی پیٹھ پرچھراگھونپا،اس میں ملوث لوگوں کوبھی سخت سزا ملنی چاہیے۔

    لیاقت علی چٹھہ نے بتایا تھا کہ دھاندلی پر پہلے خود کشی کا سوچا پھر سوچاحرام کی موت کیوں مروں، کیوں نہ ساری چیزیں عوام کےسامنےلاؤں، اپنے ملک اور دین کے ساتھ اتنی بڑی غداری اور بے ضمیری نہیں کرنی چاہئے۔

  • این اے 15 مانسہرہ :  نواز شریف کی عذرداری بحال، سماعت 20 فروری کو ہوگی

    این اے 15 مانسہرہ : نواز شریف کی عذرداری بحال، سماعت 20 فروری کو ہوگی

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی عذرداری بحال کردی، عذرداری کی سماعت 20 فروری کو ہوگی۔

    تفصیلات کے مطابق مسلم لیگ ن کے قائد نواز شریف کی این اے 15 مانسہرہ پر عذرداری کی بحالی کی درخواست پر سماعت ہوئی، ممبر سندھ نثار درانی کی سربراہی میں 3 رکنی کمیشن نے سماعت کی۔

    جہانگیر جدون نے کہا کہ میری تاخیر سے آمد پرعذرداری مستردکی گئی،این اے 15 میں ووٹوں کی دوبارہ گنتی نہیں ہوئی، کئی پولنگ اسٹیشنز پر ووٹوں کی گنتی کے بغیر فارم 47 جاری کیا گیا۔

    ممبر نثار درانی کا کہنا تھا کہ ریٹرننگ افسرنےاین اے 15 کے رپورٹ جمع کرائی ہے، تمام پولنگ اسٹیشنز کے فارم 45کی بنیاد پر فارم 47 جاری کیا گیا، جس پر جہانگیر جدون نے کہا کہ الیکشن کمیشن موقع دے ثابت کرینگے کئی پولنگ اسٹیشنز کے ووٹ نہیں گنےگئے،ہمارے پاس تمام پولنگ اسٹیشنز کے اوریجنل فارم 45 موجود ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے این اے 15 مانسہرہ سے نواز شریف کی عذرداری بحال کردی، نواز شریف کی عذرداری کی سماعت 20 فروری کو ہوگی۔

  • الیکشن کمیشن تمام شکایتیں سن کر22 فروری سے پہلے فیصلہ کرے، عدالت

    الیکشن کمیشن تمام شکایتیں سن کر22 فروری سے پہلے فیصلہ کرے، عدالت

    سندھ ہائیکورٹ نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن تمام شکایتیں سن کر 22 فروری سے پہلے قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے40 سے زائد قومی و صوبائی حلقوں کے نتائج کیخلاف درخواستوں کے حوالے سے سندھ ہائی کورٹ نے تحریری فیصلہ جاری کردیا۔ عدالت نے کہا کہ الیکشن کمیشن تمام فریقین کی شکایت سن کر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔

    عدالت کا کہنا تھا کہ تمام شکایتیں سن کر22 فروری سے پہلے الیکشن کمیشن فیصلہ کرے۔ الیکشن کمیشن درخواست گزاروں کے فارم 45 یا 47 کا ریکارڈ سے جائزہ لے۔

    تحریری فیصلے میں کہا گیا کہ اگرکوئی بےضابطگی پائی جائے تو الیکشن کمیشن اسے دور کرے۔ الیکشن کمیشن درخواستوں پر قانون کے مطابق فیصلہ کرے۔ اس کے بعد متاثرہ فریق چاہے تو قانون کے مطابق متعلقہ فورم سے رجوع کرسکتا ہے۔

    سندھ ہائی کورٹ نے کہا کہ تمام درخواست گزاروں نے ایک جیسے خدشات کا اظہار کیا ہے۔ درخواست گزاروں کے مطابق آر اوز نے فارم 47 امیدواروں کی غیرموجودگی میں بنایا۔

    الیکشن کمیشن کا جواب میں کہنا تھا کہ درخواست گزار الیکشن ایکٹ 2017 کے تحت متعلقہ فورم سے رجوع کریں۔ عدالت نے مصطفیٰ کمال، خالد مقبول صدیقی و دیگرکیخلاف دائر تمام درخواستیں نمٹا دیں۔

  • ثبوت ہونگے تو الیکشن کمیشن نتائج تبدیل کرسکتا ہے، کنور دلشاد

    ثبوت ہونگے تو الیکشن کمیشن نتائج تبدیل کرسکتا ہے، کنور دلشاد

    الیکشن کمیشن کے سابق سربراہ کنور دلشاد نے کہا ہے کہ الیکشن کمیشن کے سامنے درست ثبوت ہونگے تو نتائج تبدیل کرسکتا ہے۔

    اے آر ائی کے پروگرام دی رپورٹرز میں گفتگو کرتے ہوئے سابق سیکرٹری الیکشن کمیشن کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ یہ منفرد الیکشن ہے جس میں فارم 45 اور فارم 47 کا ذکر ہورہا ہے۔ فارم 45 کی بنیاد پر ہی ریٹرننگ افسر فارم 47 تیار کرتا ہے۔ سب سے اہم دستاویز فارم 45 ہے۔

    کنور دلشاد نے کہا کہ الیکشن کمیشن فارم 47 کے مطابق نتائج کا اعلان کرتا ہے۔ ریٹرننگ افسر فارم 45 کی بنیاد پر ہی فارم 47 تیار کرتا ہے۔

    انھوں نے کہا کہ آر او فارم 45 کی تصدیق اور تحقیق کے بعد ہی فارم 47 بناتا ہے۔ فارم 45 اور فارم 47 میں فرق پایا جاتا ہے تو آر او کیخلاف کارروائی ہوتی ہے۔

    کنور دلشاد کا کہنا تھا کہ فارم 47 فارم 45 سے مطابقت نہیں رکھتا تو وہ ٹیمپرنگ میں آتا ہے۔ ہائیکورٹ میں پٹیشنز گئی ہیں جہاں فارم 45 اور فارم 47 میں ٹیمپرنگ کا پتہ چل جائیگا۔

    انھوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کے سامنے درست ثبوت ہونگے تو وہ نتائج تبدیل کرسکتا ہے۔ آر او نے فارم 47 میں ٹیمپرنگ کی ہے تو ان کیخلاف محکمانہ کارروائی ہوگی۔

  • اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اسلام آباد کی تینوں نشستوں پر کامیاب امیدواروں کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن کے مطابق این اے 46 سے ن لیگ کے انجم عقیل کامیاب قرار پائے ہیں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق این اے 47 سے ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب قرار پائے، جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجہ خرم نواز کامیاب قرار پائے ہیں۔

    گزشتہ روز الیکشن کمیشن نے فارم 47 چیلنج کیے جانے پر وفاقی دارالحکومت اسلام آباد سے قومی اسمبلی کی تینوں نشستوں کے ریٹرننگ افسران کو نتائج کے حتمی نوٹیفکیشن جاری کرنے سے روک دیا تھا، ان حلقوں کے غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج میں ن لیگ کے امیدوار کامیاب قرار پائے تھے۔

    غیر سرکاری اور غیر حتمی نتائج کے مطابق این اے 46 اسلام آباد سے مسلم لیگ ن کے انجم عقیل خان کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ عامر مسعود دوسرے نمبر پر رہے تھے۔ این اے 47 اسلام آباد سے بھی ن لیگ کے طارق فضل چوہدری کامیاب اور پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار شعیب شاہین دوسرے نمبر پر رہے تھے، جب کہ این اے 48 سے آزاد امیدوار راجا خرم شہزاد نواز نے کامیابی حاصل کی تھی اور یہاں سے پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار سید محمد علی بخاری دوسرے نمبر پر رہے تھے اور راجا خرم شہزاد نے کامیابی کے بعد ن لیگ میں شامل ہونے کا اعلان کر دیا تھا۔

  • الیکشن 2024 پاکستان: پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان

    الیکشن 2024 پاکستان: پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان

    اسلام آباد: ملک میں 8 فروری کو ہونے والے عام انتخابات میں پولنگ کے بعد نتائج آنے کا سلسلہ تاحال جاری ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی کے تمام انتخابی حلقوں کے نتائج کا اعلان کردیا گیا جس کے مطابق سب سے زیادہ پی ٹی آئی کے حمایت یافتہ سمیت 138 آزاد امیدواروں نے میدان مار لیا۔

    الیکشن کمیشن کی جانب سے جاری کردہ نتائج کے مطابق آزاد امیدوار کی شمولیت کے بعد نون لیگ کی نشستوں کی تعداد بھی 138 ہوگئی جبکہ پیپلز پارٹی نے 10 اور ق لیگ نے 8 نشستیں لی ہیں۔

    نتائج کے مطابق استحکام پاکستان پارٹی، پی ایم ایل ضیا اور ٹی ایل پی کو ایک ایک نشست ملی جبکہ ایک سیٹ پر الیکشن ملتوی کیا گیا۔

    قومی اسمبلی کی 265 نشستوں میں سے 257 کے نتائج جاری، پی ٹی آئی کے آزاد امیدواروں کی سبقت

    واضح رہے کہ عام انتخابات 2024 کے غیر حتمی اور غیر سرکاری نتائج کے مطابق قومی اسمبلی میں تحریک انصاف کے حمایت یافتہ آزاد امیدوار 95 نشستیں لے کر سب سے آگے ہیں جب کہ مسلم لیگ ن 78 اور  پیپلز پارٹی نے اب تک 54 نشستیں حاصل کی ہیں۔

    اس کے علاوہ متحدہ قومی موومنٹ پاکستان 17، دیگر آزاد امیدوار 3، مسلم لیگ (ق) 3، استحکام پاکستان پارٹی 2 اور مجلس وحدت المسلمین ایک نشست حاصل کرچکی ہے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان :  پنجاب میں کس کا پلڑا بھاری؟

    الیکشن 2024 پاکستان : پنجاب میں کس کا پلڑا بھاری؟

    لاہور : پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں نون لیگ 131 نشستوں کے ساتھ سب سے آگے ہے جبکہ آزاد امیدواروں 127 نشستوں کے ساتھ دوسرا نمبر پر ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے پنجاب اسمبلی کی 297 میں سے 295 نشستوں کے غیرسرکاری غیر حتمی نتائج کا اعلان کردیا۔

    پنجاب کی صوبائی اسمبلی میں نون لیگ سب سے آگے ہے جبکہ آزاد امیدواروں کا دوسرا نمبر ہے۔

    نون لیگ ایک سو اکتیس نشستوں اور آزاد امیدوار ایک سو ستائیس پر کامیاب ہوئے ہیں جبکہ پیپلز پارٹی نے دس اور ق لیگ نے آٹھ نشستیں لی ہیں۔۔

    اس کے علاوہ استحکام پاکستان پارٹی، پی ایم ایل ضیا اور ٹی ایل پی ایک ایک نشست پر کامیاب قراردی گئی ہیں جبکہ ایک سیٹ پر الیکشن ملتوی کیا گیا ہے، ابھی صرف ایک نشست کا نتجہ آنا باقی ہے۔

  • پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں پہلی مرتبہ سنچری کرے گی

    پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں پہلی مرتبہ سنچری کرے گی

    کراچی : پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں پہلی مرتبہ سنچری کرے گی، سندھ اسمبلی کی 130 نشستوں میں سے 84 پر پیپلز پارٹی کامیاب ہوگئی۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے سندھ اسمبلی کی تمام ایک سو تیس نشستوں کے نتائج کا اعلان کر دیا، سندھ میں عام انتخابات میں پاکستان پیپلز پارٹی کی تاریخ ساز فتح حاصل کرلی۔

    سندھ اسمبلی میں پاکستان پیپلز پارٹی چوراسی نشستوں کے ساتھ سرفہرست ہے، جس کے بعد پاکستان پیپلز پارٹی سندھ اسمبلی میں پہلی مرتبہ سنچری کرے گی۔

    سندھ اسمبلی میں پیپلزپارٹی کو بیس خواتین اور اقلیتوں کی چھ مخصوص نشستیں بھی ملیں گی، جس کے بعد سندھ اسمبلی کے ایک سو اڑسٹھ کے ایوان میں پیپلز پارٹی کے پاس ارکان کی تعداد ایک سو دس ہوجائے گی۔

    یوں پیپلزپارٹی کی پہلی بار سندھ اسمبلی سو سے زائد سیٹیں ہوجائیں گی، الیکشن کمیشن نے اعلان کردہ نتائج کے مطابق ایم کیو ایم پاکستان اٹھائیس نشستوں کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہے جبکہ چودہ آزادامیدوار کامیاب ہوئے ہیں اور جی ڈی اے اور جماعت اسلامی کو دو دو نشستیں ملی ہیں۔

  • پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ

    پی ٹی آئی کا الیکشن کمیشن سے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ

    اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) نے پولنگ کا وقت بڑھانے کا مطالبہ کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پی ٹی آئی نے پولنگ کا وقت بڑھانے کے لیے الیکشن کمیشن پاکستان میں باضابطہ درخواست جمع کرانے کا فیصلہ کیا ہے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ بڑی تعداد میں لوگ پولنگ اسٹیشنز کے باہر موجود ہیں، الیکشن کمیشن پولنگ کو 6 بجے تک جاری رکھنے کا اعلان کرے۔

    پی ٹی آئی ترجمان نے کہا کہ موبائل، انٹرنیٹ بندش کے باوجود ووٹ کیلئے نکلنے پر عوام کے شکر گزار ہیں، الیکشن عملے کی سست روی کا شکار ہونے کی بے پناہ شکایات ہیں۔

  • الیکشن کمیشن کی بیرسٹر گوہر کے پولنگ انتظامات سے متعلق بیان پر وضاحت

    الیکشن کمیشن کی بیرسٹر گوہر کے پولنگ انتظامات سے متعلق بیان پر وضاحت

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پاکستان تحریک انصاف کے رہنما بیرسٹر گوہر کے پولنگ انتظامات سے متعلق بیان پر وضاحت دی ہے۔

    اے آر وائی نیوز کے مطابق الیکشن کمیشن آف پاکستان کے ترجمان کا کہنا ہے کہ بونیر میں بھی پولنگ کیلئے بہتراور مناسب انتظامات کیے گئے ہیں۔

    الیکشن انتظامات سے مطمئن نہیں ہوں: بیرسٹر گوہر

    الیکشن کمیشن ترجمان کے مطابق ضلع بونیر میں 397  پولنگ اسٹیشنز قائم کیے گئے ہیں، 4604پولنگ عملہ، 3029 پولیس اہلکار، 32 کیو آر فورس کے اہلکار تعینات ہیں۔

    ترجمان نے مزید کہا کہ ضلع بونیر میں خوشگوار ماحول میں پولنگ کا عمل اب تک جاری ہے۔

    واضح رہے کہ آبائی حلقے میں ووٹ کاسٹ کرنے کے بعد بیرسٹر گوہر نے کہا تھا کہ انتخابات کے انتظامات سے مطمئن نہیں ہوں۔ ابھی تک جو اطلاعات ہیں وہ مایوس کن ہیں۔ انٹرنیٹ سروس بند کردینے سے شکوک وشبہات پیدا ہوئے ہیں۔