Tag: الیکشن کمیشن

  • الیکشن2013 کالعدم قرار دینےکی درخواست سماعت کیلئے منظور

    الیکشن2013 کالعدم قرار دینےکی درخواست سماعت کیلئے منظور

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں الیکشن دوہزارتیرہ کالعدم قراردینے کےلئے دائردرخواست کی سماعت انتیس اکتوبرکو ہوگی۔

    سپریم کورٹ نے الیکشن دوہزارتیرہ کالعدم قراردیئےجانے سے متعلق دائر درخواست کی ابتدائی سماعت کےلئے تاریخ مقرر کردی ہے، درخواست ریٹائرڈ جسٹس شاہد محمود صدیقی نے دائرکی ہے۔ درخواست میں الیکشن شفاف نہ ہونے کی بنا پرکالعدم قراردینے کی درخواست کی گئی ہے۔ درخواست کی سماعت چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بنچ انتیس اکتوبر کو کرے گا۔

  • الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی

    الیکشن کمیشن نے بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے پنجاب اورسندھ میں حلقہ بندیوں سمیت بلدیاتی انتخابات کی تیاریاں شروع کردیں ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے سیکریٹری بلدیات پنجاب کو اپنے مراسلے میں آگاہ کیا ہے کہ نئے قانون کے مطابق بلدیاتی حلقہ بندیاں الیکشن کمیشن آف پاکستان کی ذمہ داری ہے لہذا حلقہ بندیوں کیلئے یونین کونسل ، وارڈ اور نقشوں کی تفیصلات فرا ہم کی جائیں۔

    الیکشن کمیشن نے سیکریٹری بلدیات کو اپنے خط میں ہدایت کی کہ صوبائی الیکشن کمیشن کو یہ تفصیلات جلد ازجلد فراہم کی جائیں تاکہ حلقہ بندیوں کا عمل شروع ہو سکے، ذرائع کے مطابق سندھ اور پنجاب میں حلقہ بندیوں کیلئے چھ ماہ کا وقت درکارہےاور بلدیاتی انتخابات جولائی دوہزار پندرہ سے قبل ممکن نہیں، خیبرپختوانخوا میں بلدیاتی انتخابات آئندہ سال مارچ میں پرانی حلقہ بندیوں پر کرائے جانے کا امکان ہے۔

  • حلقہ بندیاں،الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پرسماعت منظور

    حلقہ بندیاں،الیکشن کمیشن کی نظرثانی درخواست پرسماعت منظور

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے حلقہ بندیوں کے حوالے سے الیکشن کمیشن کی نظر ثانی کی درخواست سماعت کیلئے منظورکرلی ہے۔

    سپریم کورٹ میں بلدیاتی انتخابات، انتخابی اصلاحات اور حلقہ بندیوں کے حوالے سے مقدمات کی سماعت ہوئی، سماعت کے دوران الیکشن کمیشن نے استدعا کی کہ سپریم کورٹ بلدیاتی انتخابات کے حوالے سے اپنے حکم پر نظر ثانی کرے۔

    حلقہ بندیوں کیلئے مرحلہ وار کام شروع کر دیا گیا ہے، عمل مکمل کرنے کیلئے مہلت دی جائے، جس پر عدالت نے الیکشن کمیشن کی درخواست سماعت کیلئے منظور کرلی ہے۔

    سماعت کے دوران ایڈوکیٹ جنرل خیبرپختونخوا نے کہا کہ کے پی کے میں الیکشن سے قبل کچھ اقدامات کرنے ہیں مہلت دی جائے، جس پر عدالت نے کے پی کے حکومت کو ایک ماہ کی مہلت دے دی۔

  • الیکشن کمیشن نے انتخابات کے 20حلقوں میں دھاندلی کااعتراف کرلیا

    الیکشن کمیشن نے انتخابات کے 20حلقوں میں دھاندلی کااعتراف کرلیا

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پا کستان نے اپنی رپورٹ میں کہا ہے کہ دوہزار تیرہ کے عام انتخا بات میں ملک بھر میں کم از کم بیس حلقوں میں بھر پور یا جزوی دہاندلی کی گئی ۔

    الیکشن کمیشن آف پاکستان نے اپنی رپورٹ میں کہاہے کہ ملک کے بیس حلقوں میں دو ہزار تیرہ کے عام انتخا بات میں منظم یا جزوی دھاندلی ثابت ہوگئی، تسلیم شدہ دھا ندلی زدہ حلقوں میں قومی اسمبلی کے سات، اور صوبائی اسمبلیوں کے تیرہ حلقے شامل ہیں الیکش کمیشن نے بیس میں سے پانچ میں دوبارہ پولنگ اورایک حلقے میں دوبارہ گنتی کا حکم دیا ہے، دھا ندلی کرنے پر جن امیدواروں کو نا اہل قرار دیا گیا ہے ان میں مسلم لیگ نواز کے دیوان عاشق حسین ،پیپلز پا رٹی کے عبدالستار راجپڑ اور آزاد امیدوار چو ہدری یوسف جو بعد ن لیگ کا حصہ بنے شامل ہیں۔

    یہ رپورٹ ایسے موقع پر سامنے آئی ہے جب پی ٹی آئی دھا ندلی کیخلاف اسلا م آباد میں دھرنا اور پو رے ملک میں احتجا جی جلسے کر رہی ہے، اب الیکشن منعقد کرانے کے ذمہ دار ادارے کی جانب سے جا ری جا ری رپورٹ پی ٹی آئی کی دہا ندلی کیخلاف تحریک کوجلا بخشنے میں ایندھن کاکم کرے گی وہیں اس بات کا بھی قوی امکان ہے کہ حکمران اسے بھی مٹی پاو تےروٹی کھاو کے آزمودہ نسخے پر عمل کر یں گےاور نئی قانونی مو شگا فیوں کا سہا را لیتے ہو ئے معاملہ التوا میں ڈا لنے اپنی سی بھر پور کو شش کریں گے۔

  • رکن سندھ اسمبلی عبدالستارراجپرکی رکنیت ختم

    رکن سندھ اسمبلی عبدالستارراجپرکی رکنیت ختم

    کراچی: الیکشن کمیشن نے رکن سندھ اسمبلی عبدالستار راجپر کی رکنیت ختم کردی۔ عبدالستارراجپر پرعام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات تھے،الیکشن کمیشن کے مطابق پیپلز پارٹی کے عبدالستار راجپر پی ایس بائیس نوشہرہ فیروز سے منتخب ہوئے تھے۔

    الیکشن کمیشن نےرکنیت ختم کرنے کا نوٹی فیکشن جاری کرتے ہوئے کہا ہےکہ رکنیت الیکشن ٹربیونل کی حکم پر ختم کی گئی ہے۔ ان کے خلاف نیشنل پیپلز پارٹی کے عارف مصطفیٰ جتوئی نے پٹیشن دائر کی تھی ۔

    عبدالستار راجپرمئی پر دوہزار تیرہ کے عام انتخابات میں دھاندلی کے الزامات تھے۔ دوہزار تیرہ کے نتائج کے مطابق عبدالستار راجپر تین ہزار ایک سو چوبیس ووٹ سے جیت گئے تھے۔

  • الیکشن کمیشن نے دو سو بارہ اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی

    الیکشن کمیشن نے دو سو بارہ اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کردی

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے اثاثوں کی تفصیلات جمع نہ کرانے پر دو سو بارہ اراکین اسمبلی کی رکنیت معطل کرتے ہوئے نوٹی فکیشن جاری کردیا۔

    معطل ہونے والوں میں سینیٹ کے دو ، قومی اسمبلی کے چالیس جبکہ پنجاب اسمبلی کے اٹھانوے، سندھ کے ستائیس، خیبر پختون خوا کے بتیس اور بلوچستان اسمبلی کے نو اراکین شامل ہیں۔

    اثاثوں کی تفصیلات جمع کرانے تک یہ اراکین ایوان کی کارروائی میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔ الیکشن کمیشن نے چیئرمین سینیٹ اور اسمبلیوں کے اسپیکرز کو ان اراکین کو کام سے روکنے کے لیے خطوط بھجوا دیئے ہیں۔

    معطل اراکین میں دانیال عزیز، قیوم سومرو، شگفتہ جمانی، غلام ربانی کھر، چوہدری جعفر اقبال، پیرصدرالدین راشدی، نجف سیال، ساجد نواز، داورکنڈی، اویس لغاری ، عارف علوی اور دیگر شامل ہیں۔

  • انتخابی اصلاحات کیس : چیف جسٹس, جسٹس ناصرالملک سماعت سے علیحدہ

    انتخابی اصلاحات کیس : چیف جسٹس, جسٹس ناصرالملک سماعت سے علیحدہ

    اسلام آباد: چیف جسٹس جسٹس ناصر الملک نے انتخابی اصلاحات کیس کی سماعت سے خود کو الگ کرلیا ہے، کیس کی سماعت اب نیا بینچ کرے گا۔ چیف جسٹس کی سربراہی میں تین رکنی بینچ نے انتخابی اصلاحات اور چار حلقوں میں انگوٹھوں کی تصدیق سے متعلق کیس کی سماعت کی۔

    سماعت کے آغاز پر چیف جسٹس نے خود کو اس کیس سے الگ کر لیا چیف جسٹس کا کہنا تھا کہ جس وقت الیکشن کمیشن کی جانب سے سپریم کورٹ میں جواب جمع کروایا گیا میں اس وقت قائم مقام چیف الیکشن کمشنر تھا، اس لیے میں اس کیس کی سماعت نہیں کر سکتا۔

    الیکشن کمیشن نے مارچ اور مئی میں اس کیس سے متعلق جواب جمع کروائے تھے اب اس کیس کی سماعت دس نومبر کو نیا بینچ کرے گا۔

  • ملتان :این اے149میں ضمنی انتخاب کے التواء کی درخواست مسترد

    ملتان :این اے149میں ضمنی انتخاب کے التواء کی درخواست مسترد

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے این اے ایک سواننچاس میں ضمنی انتخاب ملتوی کرنےکی درخواست مسترد کردی ہے، ملتان کے اس حلقے میں الیکشن سولہ اکتوبرکو ہی ہوگا۔

    این اے ایک سو اننچاس میں ضمنی انتخاب ملتوی کرانے کی درخواست پنجاب حکومت نے کی تھی، الیکشن کمیشن نے درخواست مسترد کرتے ہوئے کہا کہ ضمنی انتخابات ملتوی نہیں کرائے جاسکتے، تیاریاں مکمل ہیں۔

    الیکشن کمیشن نے واضح طور پر کہا ہے کہ انتخابات شیڈول کے مطابق سولہ اکتوبر کو ہوں گے، ذرائع کے مطابق ملتان میں تحریکِ انصاف کے جلسے میں ہلاکتوں کے باعث ضمنی انتخاب ملتوی کرنے کی درخواست کی گئی تھی۔

    الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخاب کے التواء کی مخالفت کرتے ہوئے کہا کہ تمام انتظامات مکمل ہوچکے ہیں، این اے ایک سو اننچاس کی نشست سینئر سیاستدان جاوید ہاشمی کے استعفے کے بعد خالی ہوئی تھی، اس حلقے میں جاوید ہاشمی اور دوسرے امیداوار عامر ڈوگر کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

  • سپریم کورٹ میں الیکشن 2013 کو چیلنج کردیا گیا

    سپریم کورٹ میں الیکشن 2013 کو چیلنج کردیا گیا

    اسلام آباد: سپریم کورٹ میں الیکشن دوہزار تیرہ کو چیلنج کردیا گیا ہے، درخواست گزار کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کرکے انتخابات کی شفافیت مشکوک بنا دی ہے۔

    سابق جج محمود اختر کی جانب سے سپریم کورٹ میں دائر درخواست میں الیکشن دوہزار تیرہ کو چیلنج کیا گیا، درخواست گزار کی پیروی سابق جج جسٹس اللہ نواز کریں گے۔

    درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ مقناطیسی سیاہی اور دیگر سامان فراہم کرنا الیکشن کمیشن کی ذمہ داری تھی، الیکشن کمیشن نے اپنی ذمہ داری پوری نہ کرکے انتخابات کی شفافیت مشکوک بنا دی ہے،  درخواست گزار کا مؤقف تھا کہ الزامات کی تحقیقات کی جائے اور الیکشن کالعدم قرار دیا جائے جبکہ غفلت کے ذمہ داروں کو سخت سے سخت سزا دی جائے۔

  • چھ سو اڑتالیس ارکانِ پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی

    چھ سو اڑتالیس ارکانِ پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی

    اسلام آباد: چھ سو اڑتالیس ارکان پارلیمنٹ نے اثاثوں کی تفصیلات جمع کرادی ہے۔

    پارلیمنٹیرین نے گوشواروں کی تفصیلات الیکشن کمیشن کو فراہم کردیں، الیکشن کمیشن کے مطابق گیارہ سو چوہتر اراکین میں سے چھ سو اڑتالیس نے تفصیلات جمع کرادیں، آخری دن اثاثے جمع کرانے والوں میں وزیرِاعلی پنجاب شہباز شریف، تحریکِ انصاف کے چیئرمین عمران خان، وزیرِخزانہ اسحاق ڈار، وزیرِ دفاع خواجہ آصف سمیت رحمان ملک ، شیری مزاری اور دیگر شامل ہیں۔

    خیبر پختون خوا کے وزیراعلیٰ پرویز خٹک، ق لیگ کے رہنماء پرویز الٰہی سمیت پانچ سو تیئس ارکان نے اثاثے ظاہر نہیں کئے، الیکشن کمیشن کے مطابق تفصیلات جمع کرانے والوں میں قومی اسمبلی کے دوسوتینتالیس، سینیٹ کے پچیاسی، پنجاب اسمبلی کےایک سو اکتالیس، سندھ کے نوے، خیبرپختونخوا کےاکیانوے اور بلوچستان اسمبلی کے اٹھائیس ارکان شامل ہیں۔

    گوشوارے جمع نہ کرانے والوں میں چھیانوے کا تعلق قومی اسمبلی ،سینیٹ سے انیس، پنجاب اسمبلی کے دو سو تیس، سندھ کے اٹہتر، خیبرپختونخوا کے تریسٹھ اور بلوچستان اسمبلی سینتیس ارکان شامل ہیں۔

    آخری اطلاعات تک رضا ربانی ، اسد عمر، فریال تالپر، خرم دستگیر، مخدوم امین فہیم، عارف علوی، شاہد خاقان عباسی اور بعض دیگر اراکین نے گوشوارے جمع نہیں کرائے۔گوشوارے جمع نہ کرانے والے اراکین کے نام پندرہ اکتوبر کو جاری کردیے جائیں گے اور انہیں کام سے روک دیا جائے گا۔