Tag: الیکشن کی خبریں

  • ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں۔ واضح انداز میں کہہ رہا ہوں الیکشن کمیشن پر کسی کا دباؤ نہیں۔

    تفصیلات کے مطابق سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ انتخابی سامان کی بر وقت ترسیل یقینی بنائی جا رہی ہے، روشنائی ختم ہونے کی شکایات کا تدارک کر دیا ہے۔ الیکشن کے لیے ضروری سامان ریٹرننگ افسران کو بھجوا دیا۔

    انہوں نے بتایا کہ پوسٹل بیلٹ کا غلط استعمال روکنے کے لیے مخصوص طریقہ اختیار کیا ہے۔ سی سی ٹی وی کیمروں کی تنصیب کا کام جاری ہے۔ الیکشن کے دن پولنگ اسٹیشن پر کیمروں سے مانیٹرنگ ہوگی۔ پولیس اورفوج سمیت 8 لاکھ اہلکار پولنگ اسٹیشن پر سیکیورٹی کے لیے تعینات ہوں گے۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ وزارت داخلہ نے 3 امیدواروں سے متعلق آگاہ کیا تھا۔ 3 افراد کو نوٹس دیا وہ کمیشن کے سامنے پیش ہو کر وضاحت دیں گے۔

    انہوں نے کہا کہ سیکیورٹی اہلکار انتخابی ضابطہ اخلاق کے تحت کام کریں گے۔ چیف جسٹس سپریم کورٹ اور ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز کے شکر گزار ہیں۔ ریٹرننگ افسران، ڈپٹی ریٹرننگ افسران ججز ہیں۔ عدلیہ کی جانب سے ججوں کی ڈیوٹی لگانے کی اجازت دی گئی۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن نے کہا کہ الیکشن نہایت شفاف اور آئین کے مطابق ہوں گے۔ ووٹر ملک میں جمہوریت کے فروغ کے لیے اپنا فرض ضرور ادا کریں۔ الیکشن 2018 شفاف اور غیر جانبدار ہوں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پولنگ شروع اور ختم کروانا پریزائیڈنگ افسران کی ذمے داری ہے۔ عالمی مبصرین کو بھی الیکشن سے متعلق آگاہی دی ہے۔ پنجاب، اور پختونخواہ کے پولنگ اسٹیشن میں سہولتیں بہتر کردی گئی ہیں، سندھ اور بلوچستان کے پولنگ اسٹیشن میں بھی بہتری جاری ہے۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ تین دن میں 70 لاکھ ووٹرز نے ایس ایم ایس سروس سے معلومات لیں۔ پولنگ اسٹیشنز پر سیکیورٹی فوج اور پولیس کی ذمے داری ہوگی۔ آج گوگل میپ پر پولنگ اسکیم جاری کردیں گے۔ آر ٹی ایس نظام پر کام جاری ہے، 23 جولائی تک کام مکمل ہوجائے گا۔

    انہوں نے کہا کہ تمام جماعتیں انتخابی مہم بھرپور طریقے سے چلا رہی ہیں۔ پنجاب کے وزیر اعلیٰ کو لکھا کہ کسی کو انتخابی مہم سے نہ روکا جائے۔ یہ بات غلط ہے کہ کسی جماعت کی انتخابی مہم کو روکا گیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بڑے بڑے حادثات ہوئے لیکن باوجود اس کے انتخابی مہم جاری ہے۔ یوسف رضا گیلانی کے بیٹے پر فائرنگ کا نوٹس لیا۔ الیکشن سے متعلق کوئی شک و شہبات نہیں ہونے چاہیئں۔ اگر کسی سے متعلق کوئی شک ہے تو وزارت داخلہ ہمیں بتائے، وزارت داخلہ کی فراہم معلومات کو دیکھ کر نوٹس لیا جائے گا۔

    بابر یعقوب نے کہا کہ الیکشن صاف شفاف اور آئین کے مطابق ہوں گے۔ آر ٹی ایس نظام پر موصول نتیجہ پی ٹی وی کے ذریعے شیئر کریں گے۔ ہمارے پاس مکمل اختیارات ہیں، تمام ادارے تعاون کر رہے ہیں۔ واضح انداز میں کہہ رہا ہوں الیکشن کمیشن پر کسی کا دباؤ نہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کر دیں گے: مصطفیٰ کمال

    کراچی: پاک سرزمین پارٹی کے سربراہ مصطفیٰ کمال نے کہا ہے کہ ہم صرف 6 مہینوں میں کراچی کو ٹھیک کردیں گے، یہاں کے شہریوں کے پاس ہمارے سوا کوئی آپشن ہی نہیں ہے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ آخری بار کراچی ہمارے ہاتھوں سے بنا،آئندہ بھی ہم بنائیں گے، یہ ہم ہی کو پتہ ہے کہ اس شہر کو فکس کیسے کرنا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نظریاتی اختلافات کو دشمنی میں نہیں بدلنا چاہیے، ہم دشمن کو بھی گلے لگانا چاہتےہیں، ڈولفن کو اللہ نے انسان دوست بنایا ہے۔


    ایم کیو ایم اور پیپلز پارٹی کچرے پر کھڑے ہو کر ووٹ مانگ رہی ہیں، مصطفیٰ کمال


    چیئرمین پاک سرزمین پارٹی کا کہنا تھا کہ لوگ کہتے ہیں ایم کیو ایم کی وجہ سے مصطفیٰ کمال نے کام کرائے، ایم کیو ایم تو حیدر آباد میں بھی تھی، وہاں کام کیوں نہ ہوئے؟

    مصطفیٰ کمال کا کہنا تھا کہ کراچی کے عوام کے لیے پاک سرزمین واحد امید ہے، کراچی کے مسائل کا حل ہمارے پاس ہے، لوگ واضح اکثریت سے ہمیں کامیاب بنائیں گے، ہم نفرت کی سیاست ختم کرنا چاہتے ہیں۔

    ان کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ چودہ سال گورنر رہنے والا ہٹنے کے بعد 5 دن بھی شہر میں نہ رکا، اپنے آپ کو شہر کا وارث کہنے والی جماعت نے کراچی کے لیے کچھ نہیں کیا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • صرف پیپلز پارٹی کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے: بلاول بھٹو

    صرف پیپلز پارٹی کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے: بلاول بھٹو

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ صرف پیپلز پارٹی کراچی کی تقدیر بدل سکتی ہے، اپنی سیاست کا آغاز اسی شہر سے کر رہا ہوں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے کراچی کے مختلف علاقوں میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ پاکستان پیپلز پارٹی کو کراچی میں روکنے کی کوشش کی گئی، کراچی کے وارث بننے والے نہ خود کام کرتے ہیں نہ کسی کو کرنے دیتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ پیپلز پارٹی کے دور میں جو کام ہوئے کسی نے نہیں کیے، ہم نے اسٹیل ملز کو بچانا ہے، اسٹیل ملز کی زمین سندھ حکومت کی ملکیت ہے، ہم کسی کو اسٹیل ملز نہیں بیچنے دیں گے۔


    ن لیگ اور پی ٹی آئی نے دہشت گردوں سے مل کر ہم پر حملے کیے، بلاول بھٹو


    سربراہ پی پی کا کہنا تھا کہ ہم اصولوں کی اور دیگر جماعتیں نفرت کی سیاست کررہی ہیں، جو کام رہتا ہے وہ میں پورا کروں گا، پی پی کا مقابلہ دہشت گردی، غربت اور بے روزگاری سے ہے، ہماری جدوجہد محترمہ کا نامکمل مشن پورا کرنے کے لیے ہے۔

    بلاول بھٹو کا مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے کہنا تھا کہ کے پی میں 5 سال میں کوئی بھی اسپتال یا یونیورسٹی نہیں بنائی گئی، نیا پاکستان کا نعرہ لگانے والوں نے اپنے صوبے میں کچھ نہیں کیا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم پورے سندھ میں آر او پلانٹس لگائیں گے، کراچی کے شہریوں کے لیے صاف پانی لائیں گے، سمندر کے پانی کو میٹھا کرنا پڑا تو کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کے دن ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان

    الیکشن کے دن ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے الیکشن کے دن بارش کی نوید سنا دی، 25 جولائی کو ملک بھر میں بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 کے روز 25 جولائی بروز بدھ کو پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا اسپیل ملک بھر میں 21 جولائی سے شروع ہوگا اور 25 جولائی کے روز تیز بارشیں ہوں گی۔

    جن شہروں میں بارشیں ہوں گی ان میں راولپنڈی، اسلام آباد، مری، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ساہیوال، سرگودھا گوجرانوالہ، میانوالی، اٹک، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایک ہی گیند سے زرداری اور شہبازشریف کی وکٹیں گریں گی: عمران خان

    ایک ہی گیند سے زرداری اور شہبازشریف کی وکٹیں گریں گی: عمران خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میرا دل کہہ رہا ہے ایک ہی گیند سے آصف زرداری اور شہباز شریف کی وکٹیں گریں گی، 25 جولائی کو پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے علاقے سبزہ زار میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی دولت کم جبکہ چور اور ڈاکو امیر ہوتے جارہے ہیں، 25 جولائی کو زرداری اور شہبازشریف کی سیاست ختم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پچیس جولائی کو ہمیشہ کے لیے ان کی سیاست اور ظلم کا خاتمہ ہوجائے گا، آپ کی کپتانی کر رہا ہوں، ہمیں چوروں کو شکست دینی ہے، یہاں کے این اے 126 میں میں نے اپنے بڑے زبردست گوریلے چھوڑے ہیں۔


    خطرات کے پیشِ نظر عمران خان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی


    سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ زرداری نے سندھ کو کھنڈر بنا کر رکھ دیا ہے، اندرون سندھ 75 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، 25 جولائی کو نظریے پر ٹھپہ لگانا ہے، کوئی دوستی، کوئی خاندان نہیں صرف نظریے پر ٹھپہ لگائیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر جانے والی حکومت خالی خزانہ اور فضل الرحمان چھوڑ کر جاتی ہے، چوروں اور ڈاکوؤں نے ہمیں مقروض بنا دیا ہے، آج 128 روپے کا ایک ڈالر ہوگیا ہے، سبز پاسپورٹ کی دنیا میں عزت کروانی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہے، اس قوم کو ایک عظیم قوم بنائیں گے، چوروں اور لٹیروں کو ملک سے بھگائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • 26 جولائی کو عمران خان کے ساتھ حکومت بنا کر دکھاؤں گا: شیخ رشید

    26 جولائی کو عمران خان کے ساتھ حکومت بنا کر دکھاؤں گا: شیخ رشید

    راولپنڈی: پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو لال حویلی میں جشن ہوگا اور 26 جولائی کو عمران خان کے ساتھ حکومت بنا کر دکھاؤں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریں گے، پنڈی والوں سے کہتا ہوں کہ قبضہ گروپ کو ووٹ نہ دینا۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے وقت پڑنے پر لوگوں کے پاؤں پڑتے ہیں بعد میں گلے پڑتے ہیں، شریف خاندان نے ملک کو لوٹ کر اپنی جائیدادیں بنائی۔


    قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکورٹی مزید بہتر کی جائے، شیخ رشید


    سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈالر 128 روپے کا ہوگیا ہے اور قرضے واپس کرنے کے پیسے نہیں ہیں، الیکشن جیت کر 15 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں دوں گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 جولائی کو عمران خان لیاقت باغ جلسے میں شرکت کریں گے، 25 جولائی کی رات لوگوں کو لال حویلی میں جشن کی دعوت دیتا ہوں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ملک میں خوش اسلوبی سے انتخابات چاہتے ہیں، بیرونی قوتیں سازشیں کررہی ہیں، الیکشن میں التوا چاہتی ہیں، قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکیورٹی مزید بہتر کی جائے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آئندہ آنے والی حکومت کے لیے مشکلات ہوں گی، ہمیں حکومت کے راستے میں حائل مشکلات کا ادراک کرنا ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • 25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟

    25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز، پارٹیوں اور افسران کو مطلع کیا ہے کہ ووٹنگ کے دن کون سے ’کام‘ جرائم میں شمار ہوں گے جن سے اجتناب برتا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ای سی پی نے ایسے ’جرائم‘ کی نشان دہی کر دی ہے جو پچیس جولائی کو ضلعی ریٹرننگ افسران کی عمل داری میں آئیں گے۔

    مندرجہ ذیل ’کام‘ ای سی پی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

    • ووٹر کو پولنگ اسٹیشن سے نکالنا
    • ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے سے متعلق ووٹر کے فیصلے پر براہ راست یا بالواسطہ اثر انداز ہونا
    • ووٹر کو تحفہ دینا، کوئی پیش کش کرنا یا وعدہ کرنا رشوت سمجھی جائے گی
    • ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے کے لیے کسی کو طاقت یا تشدد سے مجبور کرنا
    • کسی کو کسی مذہبی شخصیت کے غصے یا رضا کے ذریعے دھمکانا، یا نقصان یا دھمکی کا باعث بننا
    • کسی ووٹر کو اغوا کرنا یا غیر قانونی ذرائع سے کسی کو متاثر کرنا یا دھوکا دینا یا اس پر اثر انداز ہونا
    • بیلٹ پیپر یا سرکاری اسٹامپ خراب کرنا
    • بیلٹ پیپر پولنگ اسٹیشن سے لے جانا یا بیلٹ باکس میں جعلی بیلٹ پیپر ڈالنا
    • کسی کو بغیر اجازت بیلٹ پیپر فراہم کرنا، بیلٹ پیپرز یا باکسز اٹھانا، بیلٹ باکس کی سیل توڑنا
    • پولنگ اسٹاف کو پریشان کرنا، کسی سرکاری ملازم کی مدد سے پولنگ کے عمل کو متاثر کرنا
    • جعلی ووٹ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش، یا متعدد ووٹ ڈالنا
    • پولنگ کے عمل کے دوران آتشیں اسلحہ رکھنا یا دکھانا، عملے پر تشدد کرنا
    • پولنگ اسٹیشن کے قریب رکاوٹ پیدا کرنا تاکہ ووٹرز پریشان ہو جائیں
    • پریزائڈنگ آفسر یا دیگر عملے کے کام میں مداخلت کرنا
    • پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کے اندر کسی ووٹر کو کسی خاص امیدوار کے لیے ووٹ ڈالنے پر مائل کرنا
    • پولنگ اسٹیشن کے 100 میٹر علاقے کے اندر یا الیکشن ایجنٹس کے لیے مختص جگہ میں کوئی نوٹس، انتخابی نشان یا جھنڈا لگانا
    • یہ جاننے کی کوشش کرنا کہ ووٹر نے کس کو ووٹ ڈالا
    • اپنے ووٹ یا بیلٹ پیپر کی تصویر اتارنا

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق مندرجہ ذیل جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف ایک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر یا سیشن جج ایکشن لے کر انھیں تین سال قید کی سزا یا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دے سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی: سیکریٹری الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا ہے کہ الیکشن کے روز فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی۔ تاثر دیا گیا فوج آزاد حیثیت میں کام کرے گی یہ غلط ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے داخلہ کے اجلاس میں سیکریٹری الیکشن کمیشن بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ انتخابات میں واٹر مارک بیلٹ پیپرز دیے جائیں گے۔ تمام پولنگ اسٹیشن پر سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے۔ ہمارے پاس 85 ہزار پریذائیڈنگ افسران ہیں۔

    انہوں نے بتایا کہ تمام انتخابی مبصرین پاکستان پہنچ چکے ہیں، مبصرین سے متعلق منفی رپورٹس کو مسترد کرتے ہیں۔

    انہوں نے کہا کہ ہمارے اسٹاف کو بلوچستان میں سیکیورٹی دی گئی ہے۔ گزشتہ انتخابات میں ہمارے افسر کو شہید کیا گیا تھا۔

    بابر یعقوب کا کہنا تھا کہ نیکٹا کے ساتھ اجلاس ہوا 20 ہزار کے قریب حساس پولنگ اسٹیشن ہیں۔ صوبوں کو کہا ہے وہاں پر سی سی ٹی وی کیمرے ضرور لگائیں، الیکشن کمیشن نے فوج تعینات کرنے کا فیصلہ کیا۔

    سیکریٹری الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ فوج پریزائیڈنگ افسر کے ماتحت کام کرے گی۔ تاثر دیا گیا فوج آزاد حیثیت میں کام کرے گی یہ غلط ہے۔

    انہوں نے کہا کہ انتخابات کے موقع پر دہشت گردی کا خطرہ ہوتا ہے۔ امیدواروں کا تحفظ، عملے اور پولنگ اسٹیشنز کا تحفظ ضروری ہے۔ 18 ہزار پولنگ اسٹیشنز پر کیمرے لگائے جائیں گے۔

    سیکریٹری کا کہنا تھا کہ طے شدہ طریقہ کار پر چلا جائے گا، پھر کارروائی کی جائے گی۔ ضابطہ اخلاق تحریری طور پر رکھا گیا ہے۔ بعض سیاسی جماعتوں کے قابل اعتراض اشتہارات کا نوٹس لیا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ بیلٹ بکس بھرنے کی کوشش پر فوجی جوان آر او اور پی او کو بتائے گا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایم کیو ایم کے امیدوارنے جماعت اسلامی کے امیدوارکی اقتدا میں نمازادا کرکے مثال قائم کردی

    ایم کیو ایم کے امیدوارنے جماعت اسلامی کے امیدوارکی اقتدا میں نمازادا کرکے مثال قائم کردی

    کراچی : ملک کے دیگر شہروں کی طرح شہرِ قائد میں بھی انتخابی مہم زور و شور سےجاری ہے ، ایسے ماحول میں ایک جماعت کے امید وار نے دوسری جماعت کے امیدوار کی اقتدا میں نمازادا کرکے مثال قائم کردی۔

    تفصیلات کے مطابق کراچی کے حلقہ این اے 243 میں ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما اور انتخابی امیدوار سید علی رضا عابدی نے جماعت اسلامی کے امیدوار ڈاکٹر اسامہ رضی کی اقتدا میں نماز ادا کی۔

    الیکشن 2018

    ذرائع کا کہنا ہے کہ گلشن اقبال کے علاقے میں ایک ہی مقام ہر دونوں جماعتوں کے امید وار آمنے سامنے اپنے حامیوں کے ہمرا ہ انتخابی مہم میں مصروف تھے کہ مغرب کی نماز کا وقت ہوگیا۔

    نماز سے قبل دونوں جماعتوں کے امیدوارایک دوسرے کے خلاف انتخابی مہم چلا رہے تھے ، تاہم جیسے ہی نماز کا وقت ہوا اور جماعت اسلامی کے کارکنا ن نے نماز کے لیے صفیں درست کی تو ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما سید علی رضا عابدی بھی اپنے ساتھیوں سمیت اس جماعت میں شریک ہوگئے۔

    کراچی کے انتخابی حلقے

    یاد رہے کہ یہ دونوں جماعتیں شہرِ قائد میں ایک دوسرے کی روایتی حریف سمجھیں جاتی ہیں اور ہمیشہ سے ان کے درمیان اختلاف کی شدید ترین فضا رہی ہے ، تاہم حالیہ اقدام کو کراچی کی سیاست میں تازہ ہوا کا جھونکا قراد یا جاسکتا ہے۔

    الیکشن 2018

    کراچی کا انتخابی حلقہ این اے 243 بہادرآباد، شرف آباد، لیاقت نیشنل اسپتال، آغا خان اسپتال، فیضان مدینہ، ایکسپو سینٹر، حسن اسکوائر، پاناما سینٹر، بیت المکرم مسجد، شانتی نگر، مجاہد کالونی، الہ دین پارک، گلشن اقبال تمام بلاکس، میٹروول تھری کراچی یونی ورسٹی اور گلستان جوہر پر مشتمل ہے۔

    اسی حلقے سے تحریکِ انصاف کےر ہنما عمران خان بھی میدان میں ہیں جبکہ معروف سماجی کارکن جبران ناصر بھی اسی حلقے سے بطور آزاد امیدوارانتخابات میں حصہ لے رہے ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • عام انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا: شاہ محمود قریشی

    عام انتخابات میں دھاندلی کرنے والوں کو نہیں چھوڑا جائے گا: شاہ محمود قریشی

    عمرکوٹ: پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ عام انتخابات میں کسی نے دھاندلی کرنے کی کوشش کی تو اسے نہیں چھوڑا جائے گا، ہر پولنگ اسٹیشن کے اندر اور باہر فوج کا جوان موجود ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے عمر کوٹ میں جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ 2013 اور 2018 میں ایک بنیادی فرق میں دیکھ رہا ہوں، تبدیلی انشااللہ سندھ میں انقلاب برپا کرسکتی ہے۔

    انہوں نے کہا کہ میرا ایمان ہے کہ اللہ کے بعد طاقت کا سرچشمہ عوام ہیں، عمر کوٹ کی تاریخ میں اتنا بڑا اجتماع پہلے کبھی نہیں ہوا، عمرکوٹ کا جلسہ اس تبدیلی کا پیش خیمہ ہےجس کی قوم منتظر ہے۔


    شیر آیا اور اڈیالہ منتقل ہو گیا، ملک میں معمول کے مطابق میں کام جاری ہیں، شاہ محمود قریشی


    رہنما پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ اجتماعی کاوشوں اور حمایت سے یقین ہے کہ ہم کامیاب ہوں گے، آج میں پہلی بار آپ کے دروازے پر دستک دینے نہیں آیا، آپ کو یاد ہوگا 2013 میں‌بھی میں نے عمرکوٹ کا رخ کیا تھا۔

    شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ میں اپنے نہیں بلکہ آپ کے مستقبل کے لیے یہاں آیا ہوں، عام انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریں گے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ عمرکوٹ کو تبدیلی کی سخت ضرورت ہے، عوام کو یاد ہونا چاہیے کہ 2013 میں تھرپارکر میں نتیجہ تبدیل کرنے کے لیے بیلٹ پیپرز کو جلادیا گیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔