Tag: الیکشن 2018

  • الیکشن کے دن ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان

    الیکشن کے دن ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان

    اسلام آباد: محکمہ موسمیات نے الیکشن کے دن بارش کی نوید سنا دی، 25 جولائی کو ملک بھر میں بارش کا امکان ہے۔

    تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ الیکشن 2018 کے روز 25 جولائی بروز بدھ کو پاکستان کے مختلف شہروں میں شدید بارش کا امکان ہے۔

    محکمہ موسمیات کے مطابق مون سون کا نیا اسپیل ملک بھر میں 21 جولائی سے شروع ہوگا اور 25 جولائی کے روز تیز بارشیں ہوں گی۔

    جن شہروں میں بارشیں ہوں گی ان میں راولپنڈی، اسلام آباد، مری، لاہور، فیصل آباد، پشاور، ایبٹ آباد، ساہیوال، سرگودھا گوجرانوالہ، میانوالی، اٹک، ڈیرہ اسمعٰیل خان، بہاولپور، رحیم یار خان، سکھر، لاڑکانہ، جھنگ، ڈیرہ غازی خان اور ملتان شامل ہیں۔

    خیال رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد ہونے جارہا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • چیف جسٹس ثاقب نثار الیکشن کے دن بھی مقدمات سنیں گے

    چیف جسٹس ثاقب نثار الیکشن کے دن بھی مقدمات سنیں گے

    اسلام آباد : چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار الیکشن کے دن بھی مقدمات سنیں گے، 25جولائی کو ملک بھر عام تعطیل ہے۔

    تفصیلات کے مطابق ترجمان سپریم کورٹ کا کہنا ہے کہ چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار الیکشن کے دن بھی مقدمات سنیں گے،25 جولائی کو لاہور رجسٹری میں مقدمات سنیں گے۔

    ترجمان کے مطابق 25 جولائی کو ملک بھر میں عدالتی چھٹی ہوگی۔

    یاد رہے کہ چیف جسٹس ان دنوں اپنے اہلخانہ کے ہمراہ5 روزہ تعطیلات پر پاکستان کے شمالی علاقہ جات میں ہیں۔

    چند روز قبل جسٹس ثاقب نثار کی گلگت بلتستان کے دورے کے دوران ثقافتی لباس پہن کر روایتی رقص کی ویڈیو بھی سوشل میڈیا پر وائرل ہوئی تھی۔

    واضح رہے کہ ملک بھر میں 25 جولائی کو عام انتخابات کا انعقاد کیا جارہا ہے ، جس کی تیاریوں کو حتمی شکل دی جارہی ہے اور اس روز عام تعطیل کا بھی اعلان کر رکھا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • ایک ہی گیند سے زرداری اور شہبازشریف کی وکٹیں گریں گی: عمران خان

    ایک ہی گیند سے زرداری اور شہبازشریف کی وکٹیں گریں گی: عمران خان

    لاہور: پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ میرا دل کہہ رہا ہے ایک ہی گیند سے آصف زرداری اور شہباز شریف کی وکٹیں گریں گی، 25 جولائی کو پاکستان کو ایک عظیم ملک بنائیں گے۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور کے علاقے سبزہ زار میں کارکنان سے خطاب کرتے ہوئے کیا، عمران خان کا کہنا تھا کہ قومی دولت کم جبکہ چور اور ڈاکو امیر ہوتے جارہے ہیں، 25 جولائی کو زرداری اور شہبازشریف کی سیاست ختم کریں گے۔

    انہوں نے کہا کہ پچیس جولائی کو ہمیشہ کے لیے ان کی سیاست اور ظلم کا خاتمہ ہوجائے گا، آپ کی کپتانی کر رہا ہوں، ہمیں چوروں کو شکست دینی ہے، یہاں کے این اے 126 میں میں نے اپنے بڑے زبردست گوریلے چھوڑے ہیں۔


    خطرات کے پیشِ نظر عمران خان کی سیکورٹی بڑھا دی گئی


    سربراہ پی ٹی آئی کا کہنا تھا کہ زرداری نے سندھ کو کھنڈر بنا کر رکھ دیا ہے، اندرون سندھ 75 فیصد لوگ غربت کی لکیر سے نیچے ہیں، 25 جولائی کو نظریے پر ٹھپہ لگانا ہے، کوئی دوستی، کوئی خاندان نہیں صرف نظریے پر ٹھپہ لگائیں۔

    عمران خان کا کہنا تھا کہ ہر جانے والی حکومت خالی خزانہ اور فضل الرحمان چھوڑ کر جاتی ہے، چوروں اور ڈاکوؤں نے ہمیں مقروض بنا دیا ہے، آج 128 روپے کا ایک ڈالر ہوگیا ہے، سبز پاسپورٹ کی دنیا میں عزت کروانی ہے۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ ہم نے قائد اعظم کا پاکستان بنانا ہے، اس قوم کو ایک عظیم قوم بنائیں گے، چوروں اور لٹیروں کو ملک سے بھگائیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • 26 جولائی کو عمران خان کے ساتھ حکومت بنا کر دکھاؤں گا: شیخ رشید

    26 جولائی کو عمران خان کے ساتھ حکومت بنا کر دکھاؤں گا: شیخ رشید

    راولپنڈی: پاکستان عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ 25 جولائی کو لال حویلی میں جشن ہوگا اور 26 جولائی کو عمران خان کے ساتھ حکومت بنا کر دکھاؤں گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، شیخ رشید کا کہنا تھا کہ عام انتخابات میں واضح کامیابی حاصل کریں گے، پنڈی والوں سے کہتا ہوں کہ قبضہ گروپ کو ووٹ نہ دینا۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ والے وقت پڑنے پر لوگوں کے پاؤں پڑتے ہیں بعد میں گلے پڑتے ہیں، شریف خاندان نے ملک کو لوٹ کر اپنی جائیدادیں بنائی۔


    قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکورٹی مزید بہتر کی جائے، شیخ رشید


    سربراہ عوامی مسلم لیگ کا کہنا تھا کہ ملک میں ڈالر 128 روپے کا ہوگیا ہے اور قرضے واپس کرنے کے پیسے نہیں ہیں، الیکشن جیت کر 15 ہزار نوجوانوں کو نوکریاں دوں گا۔

    ان کا مزید کہنا تھا کہ 22 جولائی کو عمران خان لیاقت باغ جلسے میں شرکت کریں گے، 25 جولائی کی رات لوگوں کو لال حویلی میں جشن کی دعوت دیتا ہوں۔

    خیال رہے کہ دو روز قبل میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے شیخ رشید نے کہا تھا کہ ملک میں خوش اسلوبی سے انتخابات چاہتے ہیں، بیرونی قوتیں سازشیں کررہی ہیں، الیکشن میں التوا چاہتی ہیں، قوم کے لیے 10 دن اہم ہیں، سیکیورٹی مزید بہتر کی جائے۔

    انہوں نے یہ بھی کہا تھا کہ آئندہ آنے والی حکومت کے لیے مشکلات ہوں گی، ہمیں حکومت کے راستے میں حائل مشکلات کا ادراک کرنا ہوگا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے نکلے ہیں، بلاول بھٹو

    بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے نکلے ہیں، بلاول بھٹو

    جڑانوالہ: پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو نے کہا ہے کہ شہید بینظیر بھٹو کے نامکمل مشن کو پورا کروں گا، ہم بینظیر بھٹو کا وعدہ نبھانے اور پاکستان بچانے نکلے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے جڑانوالہ میں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے کیا، بلاول بھٹو نے کہا کہ غربت مٹاؤ پروگرام سے سندھ میں 8 لاکھ خاندانوں کو بلاسود قرضے دئیے، غذائی قلت کے خلاف بھوک مٹاؤ پروگرام کے ذریعے کارڈ دئیے جائیں گے، ہر یونین کونسل کی سطح پر اس پروگرام کو خواتین چلائیں گی۔

    چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا کہ غریب کسانوں کے لیے کسان کارڈ بنوائیں گے، کسان کارڈ سے سستی کھاد اور فصلوں کی انشورنس ہوگی، ہمارے منشور میں کسانوں کے لیے واضح پالیسی ہے، ہماری جدوجہد ظلم، نفرت، بیروزگاری اور عوامی مسائل کے خلاف ہے۔

    بلاول بھٹو نے کہا کہ 25 جولائی کو تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلزپارٹی کو کامیاب بنائیں، مسائل کے حل کے لیے تیر پر ٹھپہ لگا کر پیپلزپارٹی کے امیدوار کو منتخب کرانا ہوگا۔

    انہوں نے کہا کہ نام نہاد جماعتوں نے پنجاب کی سیاست کو یرغمال بنا رکھا ہے، یہ لوگ نوجوانوں، مزدوروں کے مسائل حل نہیں کرسکتے، صرف بھٹو کی پارٹی ہی عوام کے مسائل حل کرسکتی ہے۔

    مزید پڑھیں: پیپلز پارٹی یوٹرن لیتی ہے نہ شو بازی کرتی ہے: بلاول بھٹو

    ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف جیسی جماعتیں آئین کو کمزور کرتی ہیں، پیپلز پارٹی پارلیمنٹ میں جا کر آئین کو مضبوط کرے گی، پیپلز پارٹی آج بھی اداروں کو مضبوط کرنا چاہتی ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتخابی گہما گہمی عروج پر: عمران، بلاول اور شہباز کے ایک دوسرے پر وار

    انتخابی گہما گہمی عروج پر: عمران، بلاول اور شہباز کے ایک دوسرے پر وار

    لاہور: ملک بھر میں جلسے جلوس اور ریلیوں کی صورت میں انتخابات 2018 کے سلسلے میں رونقیں عروج پر پہنچ گئی ہیں، تاریخی انتخابات چھ دن بعد منعقد ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق عوام کو ووٹ کے لیے مائل اور قائل کرنے کے لیے سیاسی جماعتوں کے پاس انتخابی مہم چلانے کے سلسلے میں صرف پانچ دن باقی رہ گئے۔

    سیاسی قائدین میں پی ٹی آئی کے چیئرمین عمران خان نے لاہور کا محاذ سنبھال لیا ہے جہاں وہ مختلف حلقوں میں کارنر میٹنگز اور جلسوں سے خطاب کریں گے۔

    ن لیگ کے صدر شہباز شریف نے اٹک کے محاذ سے مخالفین پر وار کرنا شروع کر دیے۔ جب کہ پی پی چیئرمین بلاول نے فیصل آباد میں پاور شو دکھایا۔

    عمران خان نے فاسٹ رن اَپ سے مخالفین پر تابڑ توڑ باؤنسر مارے، کہتے ہیں ن لیگ کی تجربہ کار ٹیم کا نتیجہ قوم نے دیکھ لیا، ڈالرکی قیمت بڑھنے سے قوم بیٹھے بیٹھے غریب ہوگئی۔

    اگر موقع ملا تو پاکستان کو ترکی اور ملیشیا بنادوں گا، شہبازشریف

    بلاول بھٹو زرداری نے بھی مخالفین پر وار کرتے ہوئے کہا ’ن لیگ اور پی ٹی آئی لڑائی ذاتی ہے نظریاتی نہیں، پیپلز پارٹی یو ٹرن اور شو بازی نہیں کرتی۔‘

    قوم سے ملک میں پیسہ لانے کو کہہ کر اپنا پیسہ باہر بھجوایا جاتا ہے: عمران خان

    شہباز شریف بھی مخالفین پر کڑے وار کرنے میں مصروف ہیں، کہتے ہیں عمران خان نے خیبر پختون خوا کا بیڑا غرق کردیا، فراڈ کمپنی کو میٹرو کا ٹھیکا دیا، ہم نے ایسا کیا ہوتا تو نیب کالے پانی کی سزا دیتا۔

    خان صاحب کی غلط فہمی ہے سازش کرکے وزیراعظم بنیں گے،بلاول بھٹو


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • الیکشن 2018: کون ووٹ کاسٹ کرسکتا ہے اورکون نہیں

    الیکشن 2018: کون ووٹ کاسٹ کرسکتا ہے اورکون نہیں

    پاکستان میں الیکشن 2018 کا طبل بج چکا ہے اور جہاں سیاسی جماعتیں اپنی مکمل تیاری کے ساتھ ووٹر کو اپنی جانب راغب کرنے کے لیے میدان میں ہیں ، وہیں بحیثیت پاکستانی شہری ووٹر کے بھی کچھ فرائض ہیں۔

    ووٹ ایک مقدس قومی فریضہ ہے جسے ادا کرنا ہر اس پاکستانی پر قانونی طور پر لازم ہے جو ووٹر کی شرائط پر پورا اترتا ہے ، ووٹ بنا کسی سیاسی ، سماجی اور مذہبی وابستگی کے ایسے لوگوں کو دینا چاہیے جو کہ ووٹ کے صحیح حقدار ہوں۔

    کون ’ووٹ‘ دینے کا اہل ہے؟


    • اٹھارہ سال اور اسے زائد عمر کا ہر پاکستانی شہری اپنا ووٹ کاسٹ کر سکتا ہے۔
    • بالغ رائے دہی مرد و خواتین کا یکساں حق ہے اور خواتین برابری کی بنیاد پر اپنا ووٹ کاسٹ کرسکتی ہیں۔
    • ووٹر کے پاس پاکستان کا شناختی کارڈ ہونا لازمی ہے جو کہ ووٹ کاسٹ کرتے وقت اس کی شناخت کا ذریعہ بنے گا۔
    • ووٹر کے نام کا اندراج ووٹر لسٹ میں ہونا ضروری ہے، اگر ووٹر لسٹ میں نام کا اندراج نہیں ہے تو ووٹر اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکتا۔ نام کا اندراج چیک کرنا ووٹر کی آئینی ذمہ داری ہے۔ ووٹر اپنا شناختی کارڈ نمبر 8300 پر بھیج کر اپنا پولنگ اسٹیشن معلوم کرسکتا ہے۔
    • ووٹ ڈالنے والا متعلقہ حلقے کارہائشی ہونا لازمی ہے، کسی اور حلقے کا رہائشی غیر متعلقہ حلقے میں اپنا ووٹ کاسٹ نہیں کرسکتا ۔ شناختی کارڈ جس حلقے سے بنوایا گیا ہے اگر ووٹر وہ حلقہ چھوڑ چکا ہے تو یہ اس کی ذمہ داری ہے کہ اپنے موجودہ پتے کے حساب سے اپنا حلقہ الیکشن کمیشن میں اپ ڈیٹ کروائے۔
    • ووٹ کاسٹ کرنے کے لیے ووٹر کا ذہنی طور پر تندرست ہونا بے حد ضروری ہے ، لازمی ہے کہ کسی مجاز عدالت نےووٹر کو ذہنی طور پر بیمار نہ قرار دیا ہو۔
    • ووٹر کا ازخود پولنگ اسٹیشن جانا ضروری ہے، وہ کسی بھی شخص کو اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کے لیےنامزد نہیں کرسکتا اور قانونی طور پر کوئی بھی شخص کسی اور ووٹر کی جگہ ووٹ نہیں کاسٹ کرسکتا۔
    • پاکستان کے تمام رجسٹرڈ ووٹر 25 جولائی کو اپنی قومی ذمہ داری سمجھتے ہوئے اپنے پولنگ اسٹیشن کے بارے میں پہلے سے معلومات کرکے رکھیں اور الیکشن ڈے پر ووٹ ضرور ڈالیں ۔ ووٹ کے فریضے کی ادائیگی میں ہی آپ کی اور آپ کی آئندہ نسلوں کی بقا ہے۔

      خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات  کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • 25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟

    25 جولائی کو کون سے کام ’جرائم‘ میں شمار ہوں گے؟

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن آف پاکستان نے ووٹرز، پارٹیوں اور افسران کو مطلع کیا ہے کہ ووٹنگ کے دن کون سے ’کام‘ جرائم میں شمار ہوں گے جن سے اجتناب برتا جائے۔

    تفصیلات کے مطابق ای سی پی نے ایسے ’جرائم‘ کی نشان دہی کر دی ہے جو پچیس جولائی کو ضلعی ریٹرننگ افسران کی عمل داری میں آئیں گے۔

    مندرجہ ذیل ’کام‘ ای سی پی کے ضابطۂ اخلاق کی خلاف ورزی سمجھی جائے گی اور خلاف ورزی کرنے والے افراد سے قانون کے مطابق نمٹا جائے گا۔

    • ووٹر کو پولنگ اسٹیشن سے نکالنا
    • ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے سے متعلق ووٹر کے فیصلے پر براہ راست یا بالواسطہ اثر انداز ہونا
    • ووٹر کو تحفہ دینا، کوئی پیش کش کرنا یا وعدہ کرنا رشوت سمجھی جائے گی
    • ووٹ ڈالنے یا نہ ڈالنے کے لیے کسی کو طاقت یا تشدد سے مجبور کرنا
    • کسی کو کسی مذہبی شخصیت کے غصے یا رضا کے ذریعے دھمکانا، یا نقصان یا دھمکی کا باعث بننا
    • کسی ووٹر کو اغوا کرنا یا غیر قانونی ذرائع سے کسی کو متاثر کرنا یا دھوکا دینا یا اس پر اثر انداز ہونا
    • بیلٹ پیپر یا سرکاری اسٹامپ خراب کرنا
    • بیلٹ پیپر پولنگ اسٹیشن سے لے جانا یا بیلٹ باکس میں جعلی بیلٹ پیپر ڈالنا
    • کسی کو بغیر اجازت بیلٹ پیپر فراہم کرنا، بیلٹ پیپرز یا باکسز اٹھانا، بیلٹ باکس کی سیل توڑنا
    • پولنگ اسٹاف کو پریشان کرنا، کسی سرکاری ملازم کی مدد سے پولنگ کے عمل کو متاثر کرنا
    • جعلی ووٹ ڈالنے کی کوئی بھی کوشش، یا متعدد ووٹ ڈالنا
    • پولنگ کے عمل کے دوران آتشیں اسلحہ رکھنا یا دکھانا، عملے پر تشدد کرنا
    • پولنگ اسٹیشن کے قریب رکاوٹ پیدا کرنا تاکہ ووٹرز پریشان ہو جائیں
    • پریزائڈنگ آفسر یا دیگر عملے کے کام میں مداخلت کرنا
    • پولنگ اسٹیشن کے 400 میٹر کے اندر کسی ووٹر کو کسی خاص امیدوار کے لیے ووٹ ڈالنے پر مائل کرنا
    • پولنگ اسٹیشن کے 100 میٹر علاقے کے اندر یا الیکشن ایجنٹس کے لیے مختص جگہ میں کوئی نوٹس، انتخابی نشان یا جھنڈا لگانا
    • یہ جاننے کی کوشش کرنا کہ ووٹر نے کس کو ووٹ ڈالا
    • اپنے ووٹ یا بیلٹ پیپر کی تصویر اتارنا

    الیکشن کمیشن آف پاکستان کے اعلامیے کے مطابق مندرجہ ذیل جرائم کا ارتکاب کرنے والوں کے خلاف ایک ڈسٹرکٹ ریٹرننگ افسر یا سیشن جج ایکشن لے کر انھیں تین سال قید کی سزا یا ایک لاکھ روپے جرمانہ یا دونوں سزائیں دے سکتا ہے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔

  • دہشت گردی، معیشت اور خارجہ پالیسی نئی حکومت کے لیے بڑے چیلنج ہیں، فاروق ستار

    دہشت گردی، معیشت اور خارجہ پالیسی نئی حکومت کے لیے بڑے چیلنج ہیں، فاروق ستار

    کراچی: ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما فاروق ستار نے کہا ہے کہ آنے والی حکومت کے لیے سب سے بڑا چیلنج دہشت گردی، معیشت اور خارجہ پالیسی ہے، موجودہ صورتحال ایسی ہے کہ آئی ایم ایف کے پاس جانا ہوگا۔

    ان خیالات کا اظہار ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے ایف پی سی سی آئی دورے کے دوران میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، فاروق ستار نے کہا کہ اگر کوئی گیم چینجر ہے تو سی پیک ہے، سی پیک پر ملک کی تمام سیاسی جماعتیں ایک پیج پر ہیں۔

    متحدہ رہنما نے کہا کہ مردم شماری میں صرف مرد گنے گئے، خواتین کی گنتی نہیں ہوئی، یہ سب اس لیے بتا رہاوں کیونکہ صوبہ ضروری ہے، گزشتہ پانچ سال میں ہم سب کو بہت نقصان ہوا ہے۔

    فاروق ستار نے کہا کہ ہم حکومت میں گئے تو لال بتی کے پیچھے لگا دیا گیا، ہم نے اب ٹرک کی لال بتی کے پیچھے جانا چھوڑ دیا ہے، ہم نے جو غلطیاں کیں اب انہیں نہیں دہرائیں گے، اب میثاق معیشت کی ضرورت ہے۔

    ایم کیو ایم پاکستان کے رہنما نے کہا کہ کراچی میں خود مختار شہری انتظامیہ ہونی چاہئے، شہر قائد صرف سبسڈی اور گرانٹ پر نہیں چلے گا، کراچی کو ٹیکس میں حصہ نہیں دیا جارہا ہے، شہر کو پیپلزپارٹی کی صوبائی حکومت پر چھوڑ دیا گیا ہے۔

    مزید پڑھیں: دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیوایم کی پروڈکٹ ہیں، ڈاکٹر فاروق ستار

    واضح رہے کہ فاروق ستار کا کہنا تھا کہ 25 جولائی کو مخالفین کا دھڑن تختہ کردیں گے، دوسری جماعتوں کے آدھے امیدوار ایم کیو ایم کی پروڈکٹ ہیں۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رائے حسن نواز  تاحیات نااہل قرار

    پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رائے حسن نواز تاحیات نااہل قرار

    اسلام آباد : سپریم کورٹ نے این اے 149 سے پاکستان تحریک انصاف کے امیدوار رائے حسن کو تاحیات نااہل قرار دے دیا، جسٹس عظمت سعید شیخ نے ریماکس دیئے کہ واضح طور پر آرٹیکل باسٹھ ون ایف کا اطلاق ہوتا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں جسٹس عظمت سعید کی سرابرہی میں دو رکنی بینچ نے پی ٹی آئی کے امیدوار رائے حسن نواز کی نااہلی کیخلاف درخواست پر سماعت کی۔

    جسٹس عظمت سعید ریمارکس دیئے کہ کیس میں تو پہلے ہی واضح تاحیات نااہلی کا فیصلہ دیا گیا ہے ، 5 رکنی بنچ نے صادق اور امین نہ ہونے پرپہلے ہی فیصلہ دیا ہے، واضح طورپر آرٹیکل 62 ون ایف کااطلاق ہوتا ہے۔

    جسٹس اعجاز الاحسن نے ریمارکس دیئے فیصلے لکھ لکھ کرتھک جاتے ہیں ،وکلاپڑھنےکی زحمت نہیں کرتے، ایسا تو نہیں ہوسکتا کہ کوئی کہے میں نے اب توبہ کرلی۔

    سپریم کورٹ نے این اے 149 سے پی ٹی آئی کے امیدوار رائے حسن نواز کی نااہلی کیخلاف درخواست مسترد کرتے ہوئے نااہل قرار دے دیا۔

    دوسری جانب سپریم کورٹ نے شیخ وقاص اکرم کواین اے ایک سو پندرہ جھنگ سےالیکشن لڑنےکی اجازت دے دی ، مخالف محمدعمران نےجعلی ڈگری پروقاص اکرم کونااہل کرنےکی درخواست دائرکی تھی۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔