Tag: الیکشن 2024 پاکستان:

  • عام انتخابات کی کوریج، غیر ملکی میڈیا کو اجازت نامے جاری

    عام انتخابات کی کوریج، غیر ملکی میڈیا کو اجازت نامے جاری

    حکومت نے ملک بھر میں 8 فروری 2024 کو ہونے والے عام انتخابات کی کوریج کے لیے حکومت نے غیر ملکی میڈیا کو اجازت نامے جاری کر دیئے۔

    ذرائع کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات 2024 کی کوریج کے لیے حکومت پاکستان نے پہلے مرحلے میں 35 غیر ملکی  صحافیوں کو اجازت نامے جاری کیے ہیں ۔

    ذرائع کا بتانا ہے کہ جس میں چین، جاپان، امریکا، لندن، کینیڈا، ہانگ کانگ، سنگاپور  کے صحافی شامل ہیں، غیر ملکی مبصرین کی درخواستیں جمع کرانے کی آخری تاریخ 20 جنوری تھی۔

    ذرائع نے مزید بتایا کہ الیکشن کمیشن نے 2 لاکھ ایکریڈیشن کارڈز چھاپے ہیں، یورپی یونین، کامن ویلتھ ممالک کے وفود بھی مشاہدہ کے لئے آئیں گے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : این اے 83 اور  85 میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹی فکیشن منسوخ

    الیکشن 2024 پاکستان : این اے 83 اور 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹی فکیشن منسوخ

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے این اے 83 اور 85 میں انتخابات ملتوی کرنے کا نوٹیفکیشن منسوخ کردیے، جس کے بعد دونوں حلقوں میں انتخابات ہوں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے این اے 83 اور 85 میں انتخابات ملتوی کرنےکےآراوکےنوٹیفکیشن منسوخ کردیے۔

    چیف الیکشن کمشنر نے ہدایت کی ہے کہ دونوں حلقوں میں انتخابات ہوں گے، انتخابی عمل جاری رکھا جائے۔

    چیف الیکشن کمشنر کی سربراہی میں پانچ رکنی بینچ نے سماعت کی، لیگی امیدوار نے موقف اپنایا کہ آراو کا ایک نوٹس ملا کہ آپ کے حلقے میں آزاد امیدوار فوت ہو گیا ، وفات پانے والے امیدوار کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ 15 جنوری کا ہے۔

    ن لیگی امیدوار کا کہنا تھا کہ تحقیقات پر پتا چلا صادق علی کی وفات 2 جنوری کو ہوئی، 3 جنوری کو نماز جنازہ ہوئی، اس معاملے میں جعل سازی ہوئی، 2حلقوں میں انتخابات ملتوی کروانے کیلئے سازش کی گئی۔

    ڈی آر و نے کہا کہ انکوائری میں ثابت ہو گیا ہے کہ صادق علی کی وفات دو جنوری کو ہوئی، انکوائری میں صادق علی کی والدہ، بیٹی، امام مسجد کے بیان ریکارڈ کیے گئے۔

    سیکریٹری یوسی نے بتایا کہ ہم نے نمبردار کی تصدیق اور بیٹے کی درخواست پر ڈیتھ سرٹیفکیٹ جاری کیا، جس پرنمبردار کا کہنا تھا کہ میرے جعلی دستخط کئے گئے۔

    جس پر چیف الیکشن کمشنر نے سیکرٹری یوسی کے خلاف ڈی سی سرگودھا کو کارروائی کی ہدایت کی اور ریمارکس دیئے کہ سیکریٹری یوسی کو نوکری سے برخواست کرنا چاہیے۔

  • فواد چوہدری کا گروپ سمیت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

    فواد چوہدری کا گروپ سمیت انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان

    اسلام آباد: چوہدری فواد حسین اور انکے گروپ نے نام نہاد اور جعلی الیکشن کا بائیکاٹ کااعلان کردیا۔

    سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط میں انتخابات کے بائیکاٹ کا اعلان کیا، فواد چوہدری کا خط ان کے بھائی اور فیصل چوہدری ایڈووکیٹ الیکشن کمیشن میں جمع کرائینگے۔

    سابق وفاقی زیر نے کہا کہ انتخابات ایسے ہورہے ہیں کہ’’سونیاں ہوجان گلیاں وچ مرزا یار پھرے‘‘، آئین جمہوریت کی اساس ہے اور ریاست کا اقتدارعوام کی امانت ہے، الیکشن کمیشن نے پہلے خلاف آئین پنجاب اورکے پی میں انتخابات نہیں کرائے۔

    انہوں نے خط میں لکھا کہ مجھے گرفتار کرلیا گیا تاکہ میں خود ہی انتخابات سے دستبردار ہوجاؤں، بھائی فراز کاغذات جمع کرانے گیا تو گرفتار کر کے کہا گیا دوبارہ جہلم نظر نہ آنا، ان حالات کے باوجود میں نے، اہلیہ اوربھائی فیصل چوہدری نے کاغذات جمع کرائے۔

    فواد چوہدری نے کہا کہ پھرآراو نے میرے کاغذات ایسی سوسائٹی میں پلاٹوں پر مسترد کردیے جس کا وجود نہیں، پھرعدالت میں اعتراض آیا کہ ہم نے اپنے ایزی پیسہ کا اکاؤنٹ ظاہرنہیں کیا، جب بھائی فیصل چوہدری کے کاغذات منظور ہوئے تو انہیں نیب میں شریک ملزم بنادیا۔

    انہوں نے کہا کہ ان حالات میں انتخابات کیا ہونگے جب نتیجے پہلے سے تیار ہوں، خود تکلیفیں برداشت کرلوں گا کارکنان، خاندان اوردوستوں کو مشکل میں نہیں ڈالنا چاہتا۔

    فواد چوہدری نے خط میں لکھا کہ میرا گروپ اس جعلی انتخابی عمل کے مکمل بائیکاٹ کا اعلان کرتا ہے، الیکشن کمیشن مکمل ناکام ہے اور ان سے استعفے کا مطالبہ وقت کا ضیاع ہے، ایسے انتخابات سے بننے والی حکومت ناصرف اخلاقی بلکہ قانونی مینڈیٹ سے محروم ہوگی۔

    خیال رہے کہ فواد چوہدری جہلم میں ہاؤسنگ پراجیکٹ میں کرپشن الزامات پر نیب کی حراست میں ہیں۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : ملک بھر سے کتنے امیدوار الیکشن لڑیں گے؟َ تفصیلات جاری

    الیکشن 2024 پاکستان : ملک بھر سے کتنے امیدوار الیکشن لڑیں گے؟َ تفصیلات جاری

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن نے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 33 ویب سائٹ پر جاری کر دیے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے عام انتخابات کے امیدواروں کی فہرست جاری کردی اور قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے تمام حلقوں کے فارم 33 ویب سائٹ پر جاری کر دیے۔

    فارم 33 میں ہر حلقے کے امیدواروں کی حتمی فہرست اور امیدواروں کے انتخابی نشان کی تفصیلات بھی شامل ہیں۔

    جس کے مطابق ملک بھر سے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر مجموعی طور پر 17 ہزار 816 امیدوار الیکشن لڑیں گے۔

    مجموعی طور پر سیاسی جماعتوں کے 6ہزار 31 امیدوار قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے الیکشن لڑیں گے، 11 ہزار 785 آزاد امیدوار میدان میں ہیں۔

    قومی اور صوبائی اسمبلیوں کی جنرل نشستوں پر 882 خواتین اور چار خواجہ سرا بھی الیکشن لڑیں گے۔.

  • شفاف الیکشن کے لئے سب سے بات کرنے کو تیار ہیں: بیرسٹرگوہر

    شفاف الیکشن کے لئے سب سے بات کرنے کو تیار ہیں: بیرسٹرگوہر

    پی ٹی آئی رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے کہا ہے شفاف الیکشن کے لئے سب سے بات کرنے کو تیار ہیں۔

    پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما بیرسٹر گوہر علی خان نے وائس آف امریکا کو انٹرویو میں کہا کہ بس بہت ہوا مخالفین اب ہمارے لئے آسانیاں پیدا کردیں، کلیش آف ٹائٹنز اب ختم ہونا چاہئے، سیز فائر ہونا چاہیے۔

    بیرسٹرگوہر کا کہنا تھا کہ شفاف الیکشن کے لئے سب سے بات کرنے کو تیار ہیں، پی ٹی آئی نے 800 سے زائد  آزاد امیدوار وں کو میدان میں اتارا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ کسی ایک پارٹی کو تنہا کرنے سے جمہوریت کو نقصان ہوگا، نو مئی واقعے  پر عام معافی نہیں چاہتا سزا دینی بھی ہے تو ہمارے خدشات کو مدنظر رکھا جائے۔

     انہوں نے مزید کہا کہ مائنس  بانی پی ٹی آئی کسی صورت ممکن نہیں، بلے کو بچانے کے لئے بانی پی ٹی آئی نے چیئرمین کا عہدہ چھوڑا، سپریم کورٹ کا تفصیلی فیصلہ آئے گا تو نظر ثانی کی اپیل دائر کریں گے۔

  • ملک بھر سے بروقت نتائج الیکشن کمیشن بھیجنے کے لیے کیا انتظامات کیے گئے ہیں؟

    ملک بھر سے بروقت نتائج الیکشن کمیشن بھیجنے کے لیے کیا انتظامات کیے گئے ہیں؟

    اسلام آباد: الیکشن کے دن ملک بھر سے بروقت نتائج الیکشن کمیشن بھیجنے کے لیے تمام تر انتظامات مکمل کر لیے گئے۔

    الیکشن کمیشن کے ذرائع کے مطابق الیکشن 2024 میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم (ای ایم ایس) کا استعمال کیا جائے گا، ای ایم ایس سے نتائج انٹرنیٹ اور بغیر انٹرنیٹ کے بھی بھیجے جا سکیں گے۔

    ذرائع کا کہنا ہے کہ تمام حلقوں کے ریٹرننگ افسران کو 3، 3 ڈیٹا انٹری آپریٹرز فراہم کیے جائیں گے، آر اوز کو فائبر آپٹکس سہولت میسر ہوگی، متبادل کے طور پر وائی فائی ڈیوائس دی جائے گی۔

    الیکشن کمیشن چاروں صوبوں میں الیکشن مینجمنٹ سسٹم کا کامیاب تجربہ کر چکا ہے، مختلف اضلاع میں ریجنل الیکشن کمشنرز، ڈسٹرکٹ الیکشن کمشنرز کے دفاتر سے ای ایم ایس کا تجربہ کیا گیا، ای ایم ایس سسٹم جدید تقاضوں کو مدنظر رکھتے ہوئے تیار کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن نے سکیورٹی اہلکاروں کیلیے ضابطہ اخلاق جاری کر دیا

    ذرائع کے مطابق پریزائیڈنگ افسران اپنے پولنگ اسٹیشن کے نتائج ریٹرننگ افسران کو بھجوائیں گے، آر او ڈیجیٹل اور مینوئل طریقے سے رزلٹ الیکشن کمیشن کو بھجوائے گا۔

  • الیکشن 2024 پاکستان : ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی اے، بی اور سی کیٹگری میں تقسیم

    الیکشن 2024 پاکستان : ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی اے، بی اور سی کیٹگری میں تقسیم

    اسلام آباد : الیکشن کے لئے ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی اے، بی اور سی کیٹگری میں تقسیم کردی گئی۔

    تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں انتہائی حساس اور حساس پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی مکمل کرلی۔

    جس کے تحت ملک بھر کے پولنگ اسٹیشنز کی درجہ بندی اے، بی اور سی کیٹگری میں تقسیم کردی گئی، 32 ہزار 508 پولنگ اسٹیشنز حساس اور ساڑھے 17 ہزار سے زائد پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں۔

    بلوچستان کے 2 ہزار 38 اور خیبرپختونخواکے 4 ہزار 344پولنگ اسٹیشنز انتہائی حساس قرار دیئے گئے ہیں جبکہ پنجاب کے 15 ہزار 829 پولنگ اسٹیشنز حساس قراردیے۔

    سندھ میں 8ہزار 30، بلوچستان میں2ہزار68 اور خیبرپختونخوامیں ساڑھے6ہزارسےزائد پولنگ اسٹیشنز حساس کیٹگری میں شامل ہیں۔

  • سرگودھا : آزادا میدوار کی موت معمہ بن گئی، جنازہ پڑھانے والے مولوی کا اہم بیان

    سرگودھا : آزادا میدوار کی موت معمہ بن گئی، جنازہ پڑھانے والے مولوی کا اہم بیان

    سرگودھا : این اے تراسی اور پچاسی سرگودھا سے آزاد امیدوارصادق علی کی موت معمہ بن گئی،صادق علی کا جنازہ پڑھانے والے مولوی کا اہم بیان آگیا۔

    تفصیلات کے مطابق سرگودھا میں آزاد امیدوار صادق علی کی وفات کے باعث این اے تراسی اور پچاسی میں الیکشن ملتوی ہونے پر نیا تنازع کھڑا ہوگیا۔

    محسن شاہنواز رانجھا اورڈاکٹر ذوالفقار بھٹی آزادامیدوار صادق علی کی وفات سے متعلق مبینہ جعل سازی کا ریکارڈ سامنے لے آئے۔

    امام مسجد چک 142 جنوبی کا بیان حلفی سامنے آ گیا ہے، صادق علی کا جنازہ پڑھانے والے مولوی نے بیان میں کہا ہے کہ صادق علی کا 15جنوری والا ڈیتھ سرٹیفکیٹ جعلی ہے۔

    مولوی کا کہنا تھا کہ آزاد امیدوار صادق علی کا 2 جنوری کو انتقال ہوا تھا اور اس کا 3 جنوری کو نماز جنازہ میں نے خود پڑھایا تھا جبکہ صادق علی کی تدفین 3 جنوری کو سینکڑوں سوگواروں کی موجودگی میں ہوئی تھی۔

    محسن رانجھا نے کہا ہے کہ دونوں حلقوں میں الیکشن ملتوی کرانےکی سازش بری طرح بے نقاب ہوگئی، 2جنوری کو فوت ہونے والےشخص کا ڈیتھ سرٹیفکیٹ 15 جنوری کاکیسےبن سکتا ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن نے انکوائری لگا دی ہے جلد فیصلہ ہوگا اور الیکشن ہرصورت ہونگے،سازشی عناصر کو کٹہرے میں لاؤں گا۔

    گذشتہ روز سرگودھا سے آزاد امیدوار کی وفات پر آر اوز نے دونوں حلقوں کا الیکشن ملتوی کیا تھا۔

  • الیکشن 2024 پاکستان :  الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ پیپرز کا اجرا شروع کردیا

    الیکشن 2024 پاکستان : الیکشن کمیشن نے پوسٹل بیلٹ پیپرز کا اجرا شروع کردیا

    لاہور: ملک میں 8 فروری کو ہونے والے الیکشن کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کا اجرا شروع کردیا، اہل افراد 22جنوری تک اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے انتخابات کیلئے پوسٹل بیلٹ پیپرز کا اجرا شروع کردیا، ،ذرائع نے بتایا کہ پوسٹل بیلٹ پیپرسے اہل افراد 22جنوری تک اپنا ووٹ کاسٹ کرسکیں گے۔

    جوسرکاری ملازمین اور اہل خانہ الیکشن کے دن متعلقہ حلقوں سے دور ڈیوٹی پر ہوں گے وہ یہ سہولت حاصل کرسکتے ہیں۔

    مختلف مقدمات میں زیر حراست قیدی او رملزمان بھی پوسٹل بیلٹ ووٹ کے اہل ہوتے ہیں جبکہ جسمانی معذوری والے افراد بھی پوسٹل بیلٹ پیپر سے اپنا ووٹ کاسٹ کر سکتے ہیں۔

    درخواست فارم پر ڈی آراو کے دفتر اور الیکشن کمیشن کی ویب سائٹ سے بھی ڈاؤن لوڈ کی جاسکتی ہے۔

  • الیکشن 2024 پاکستان: دور درازعلاقوں میں الیکشن مٹیریل کی ترسیل ہیلی کاپٹر سے کرنے کا فیصلہ

    کوئٹہ : نگراں وزیراعلٰی بلوچستان میر مردان ڈومکی کی زیر صدارت اجلاس میں دور درازعلاقوں میں الیکشن مٹیریل کی ترسیل ہیلی کاپٹر سے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔

    تفصیلات کے مطابق نگراں وزیر اعلٰی میر مردان ڈومکی کی زیرصدارت انتخابات کے پر امن انعقاد سے متعلق اجلاس ہوا۔

    اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ دور درازعلاقوں میں الیکشن مٹیریل کی ترسیل ہیلی کاپٹر سے ہوگی۔

    حکام نے بریفنگ میں بتایا کہ زیارت اورسرد علاقوں میں ممکنہ برفباری کی صورت میں مشینری موجود ہوگی۔

    اجلاس میں انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر سیکیورٹی تعیناتی، کیمروں کی تنصیب اور انتخابی سامان کی ترسیل سے متعلق بھی فیصلے کئے گئے۔

    حکام نے بریفنگ میں کہا کہ حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنوں پر 8ہزار سی سی ٹی وی کیمرے نصب ہوں گے،الیکشن ڈیوٹی کے لئے ریٹائرڈ سیکیورٹی اہلکاروں کی خدمات بھی حاصل کی جائیں گی۔

    وزیر اعلٰی بلوچستان میر مردان ڈومکی کا کہنا تھا کہ الیکشن سے متعلق اب تک کیے گئے اقدامات اطمینان بخش ہیں، قیام امن کیلئے کیے گئے اقدامات میں مزید بہتری لائی جائے، الیکشن سےمتعلق امیدواروں اور عوام کے تحفظات کا فوری ازالہ کیا جائے۔