سابق وزیر خزانہ اسد عمر نے پاکستان میں ہونے والے عام انتخابات سے متعلق پیغام جاری کیا ہے۔
سابق وفاقی وزیر خزانہ اسد عمر نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر( ایکس) پر جاری پیغام میں کہا کہ کسی جمہوری ملک میں شہری کے پاس سب سے بڑا اختیار ووٹ کی طاقت ہے۔
اسد عمر کا کہنا تھا کہ ہمارے نظام میں یہ اختیار 5 سال میں صرف ایک دن ملتا ہے، آج خاص دن ہے، اپنی طاقت کا استعمال کرے اور ضمیر کے مطابق ووٹ ڈالیں۔
واضح رہے کہ پاکستان کے بارہویں اور ملکی تاریخ کے سب سے بڑے عام انتخابات کیلئے پولنگ کا عمل شروع ہوگیا، ملک بھر میں پولنگ کا عمل بغیر کسی وقفے کے صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گا۔
عام انتخابات کے دوران قومی اور چاروں صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں کیلئے 882 خواتین اور 4 خواجہ سراؤں سمیت ملک کی تاریخ میں سب سے زیادہ امیدوار حصہ لے رہے ہیں جن کی تعداد 17 ہزار 816 بنتی ہے۔
عام انتخابات کیلئے جاری پولنگ کے دوران ملک بھر میں 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ووٹرز آج اپنا حق رائے دہی استعمال کر سکیں گے۔
پاکستان میں عام انتخابات کا دنگل سج چکا ہے، پورے ملک میں ووٹنگ کا عمل شروع ہو چکا ہے اور ہر علاقے میں ہلچل دکھائی دے رہی ہے، ایسے میں سب سے بڑے سرچ انجن گوگل نے بھی پاکستان میں اپنے ٹائٹل پر بیلٹ باکس لگا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق گوگل کا ڈوڈل بھی الیکشن کی گہماگہمی کے ساتھ انتخابی رنگ میں رنگ گیا ہے، سرچ انجن کے ٹائٹل پر پاکستان کا جھنڈا اور بیلٹ بکس کی تصویر لگا کر انتخابات کی اہمیت کو اجاگر کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ گوگل کا یہ ڈوڈل آج 8 فروری 2024 کو لانچ کیا گیا ہے، اور اسے صرف پاکستان کی جغرافیائی حدود کے اندر ہی دیکھا جا سکتا ہے۔ ڈوڈل کا عنوان ہے: پاکستان نیشنل الیکشنز 2024۔
آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ گوگل نے اپنا پہلا ڈوڈل کیا جاری کیا تھا، یہ ایک حیران کر دینے والا پیغام تھا، دراصل گوگل کمپنی کے دونوں بانی لاری اور سرگئی جب چھٹیوں پر گئے تو پہلا ڈوڈل لانچ کیا گیا جو یہ تھا: آؤٹ آف آفس۔
پشین : پی بی 47 میں انتخابی دفتر کے قریب دھماکے میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے جبکہ دھماکے کے زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ بلوچستان کے ضلع پشین کے پی بی 47 خانوزئی میں آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا، جس میں 17 افراد جاں بحق ہوگئے۔
ڈپٹی کمشنر جمعہ داد نے بتایا کہ دھماکے میں 30 سے زائدافراد بھی زخمی ہوئے ، زخمی افراد کو اسپتال منتقل کیاجارہا ہے جن میں کچھ زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں۔
ایم ایس حبیب الرحمان نے بتایا کہ دھماکے میں جاں بحق ہونیوالوں میں سلطان محمد،محمد عمر،نثار احمد، احسان،عبدالغفور،نجیب احمد،حاجی قلعہ ، عمران ،محمدعلی ،سلطان محمد،عبدالله شامل ہیں۔
ڈپٹی کمشنر جمعہ داد نے دھماکے کی نوعیت کے حوالے سے بتایا کہ دھماکاخیز مواد موٹرسائیکل میں نصب تھا تاہم دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نےعلاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
الیکشن کمیشن کا پشین دھماکے کا نوٹس
الیکشن کمیشن نے پشین پی بی 47 میں سیاسی جماعت کے دفتر کے قریب دھماکے کا نوٹس لیتے ہوئے چیف سیکرٹری اور آئی جی بلوچستان سے فوری رپورٹس طلب کرلی ہے۔
الیکشن کمیشن نے واقعے میں ملوث افراد کے خلاف فوری کارروائی کی بھی ہدایت جاری کردی۔
افسوسناک واقعے کے باوجود کل الیکشن ہوں گے، جان اچکزئی
نگراں وزیراطلاعات بلوچستان جان اچکزئی نے اے آر وائی نیوز سے خصوصی گفتگو میں بتایا کہ پشین دھماکے میں ابتدائی معلومات کے مطابق 6 افراد جاں بحق اور متعدد زخمی ہوئے۔
جان اچکزئی کا کہنا تھا کہ لیویز اور پولیس علاقے میں موجود ہیں ،واقعےکی تحقیقات جاری ہیں، الیکشن کے عمل کو سبوتاژ کرنے کی کوشش ہے، افسوسناک واقعے کے باوجود کل الیکشن ہوں گے۔
اسلام آباد : الیکشن 2024 کو پاکستان کی تاریخ کے مہنگے ترین انتخابات قرار دیا جارہا ہے، انتخابات کیلئے 42 ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا، جو 2018 کے مقابلے میں چھبیس گنا زیادہ مہنگے ہیں۔
تفصیلات کے مطابق 2024 کے عام انتخابات میں فیصلے کی گھڑی قریب آگئی ہے، اس الیکشن میں انتخابی مہم کے دوران جہاں سیاسی جماعتیں خوب سرگرم نظرآئیں وہیں اس الیکشن میں ماضی کے کچھ ریکارڈ ٹوٹے ہیں اور کچھ نئے ریکارڈ بنے ہیں۔
آٹھ فروری دوہزار چوبیس کے عام انتخابات پچھلے تمام انتخابات کے مقابلے میں منفرد اہمیت کے حامل ہیں، اس بار عام انتخابات کیلئے بیالیس ارب روپے کا بجٹ رکھا گیا، جو انتخابات ملکی تاریخ کے مہنگے ترین اور دوہزارآٹھ کے انتخابات کے مقابلے میں چھبیس گنا زیادہ مہنگے ہیں۔
یہ اخراجات صوبائی حکومتوں کی جانب سے سیکیورٹی اور دیگر انتظامات پر خرچ کیے گئے بجٹ کے علاوہ ہیں۔
الیکشن کمیشن نے اس بار عام انتخابات کیلئے چھبیس کروڑ بیلٹ پیپرز چھاپے ہیں جو گزشتہ انتخابات کے مقابلے میں چار کروڑ زیادہ ہیں۔
آٹھ فروری دوہزار چوبیس کے عام انتخابات میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد ملک کی کل آبادی کا پچاس فیصد سے زائد ہے اور الیکشن کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق دوہزار اٹھارہ سے اب تک پاکستان میں ایک کروڑ پچیس لاکھ خواتین سمیت دو کروڑ پچیس لاکھ ووٹرز کا اضافہ ہوا ہے، اس اضافے سے دوہزارچوبیس میں رجسٹرڈ ووٹرز کی کل تعداد بارہ کروڑ پچیاسی لاکھ پچیاسی ہزار سات سو ساٹھ ہو گئی ہے۔
عالمی سطح پر پاکستان کے رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد دنیا بھر میں بھارت، انڈونیشیا، امریکا اور برازیل کے بعد پانچویں نمبر پر پہنچ گئی ہے۔
سال 2018 میں گیارہ اعشاریہ آٹھ فیصد پر موجود صنفی فرق دوہزار چوبیس میں کم ہو کر سات اعشاریہ سات فیصد رہ گیا ہے، ووٹرز کی فہرست میں شامل دو کروڑ پچیس لاکھ نئے ووٹرز میں ایک کروڑ پچیس لاکھ خواتین اور ایک کروڑ مرد شامل ہی
کراچی : محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ پاکستان میں عام انتخابات والے دن یعنی آٹھ فروری بروز جمعرات کو ملک کے بیشتر مقامات پر موسم خشک رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق سیاسی موسم گرم ہے لیکن ملک میں کہیں کہیں سردی اور برف باری بھی ہورہی ہے۔
ایسے میں ووٹنگ والے دن موسم بہت اہمیت کا حامل ہوگا، محکمہ موسمیات کے مطابق پاکستان میں عام انتخابات والے دن یعنی آٹھ فروری بروز جمعرات کو ملک کے بیشتر مقامات پر موسم خشک رہے گا۔
موسمیاتی تجزیہ کار کے مطابق سات فروری کو مغربی سندھ اور بلوچستان میں ہلکی بارش کا امکان ہے جب کہ آٹھ فروری کو ملک کے کئی علاقوں میں موسم خشک رہے گا، یعنی الیکشن کے روز بارش کے کسی بڑے اسپیل کا امکان نہیں ہے۔
دوسری جانب ملک کے مختلف حصوں میں بارش اوربرف باری سے سردی کی شدت میں اضافہ ہوگیا، گلگت بلتستان، بالائی خیبرپختونخوا اورشمالی بلوچستان میں شدید ٹھنڈ نے بسیرا کرلیا۔
کالام میں درجہ حرارت منفی چودہ، استورمنفی نو، اسکردومنفی سات، مالم جبہ منفی پانچ، قلات منفی چار اور کوئٹہ میں منفی تین ریکارڈ کیا گیا۔
محکمہ موسمیات نے ژوب، کوئٹہ، زیارت، قلات اور خضدار میں بارش اور برف باری کی پیش گوئی کی ہے۔
کوئٹہ: بلوچستان کے دارلحکومت کوئٹہ میں پولنگ اسٹیشنزکے قریب مارکیٹس بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے گئے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان میں قلعہ سیف اللہ اور پشین میں دھماکوں کے بعد کمشنر کوئٹہ حمزہ شفقات نے پولنگ اسٹیشنزکے قریب مارکیٹس بند کرنے کے احکامات جاری کردئیے۔
کمشنر کوئٹہ کا کہنا تھا کہ ڈویژن کے تمام اضلاع میں اسنیپ چیکنگ بڑھادی گئی اور سیکیورٹی انتظامات مزید سخت کئےجارہےہیں۔
خیال رہے بلوچستان میں دو دھماکوں میں انتیس افراد جاں بحق اور تیس زخمی ہوگئے ہیں، پہلا دھماکا پشین کےعلاقے خانوزئی میں آزاد امیدوار اسفندیار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے قریب ہوا جبکہ دوسرا دھماکا قلعہ سیف اللہ میں جے یو آئی کے انتخابی دفتر کے باہر ہوا۔
دھماکوں میں سینتالیس افراد زخمی ہیں، جن میں کئی کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔
کراچی : پی ایس 102 کراچی سے پیپلزپارٹی کی سب سے کم عمرامیدوارعقربہ فاطمہ میدان میں ہیں، 26 سالہ عقربہ فاطمہ کا کہنا ہے سیاست میں آنے کا مقصدعوام کی خدمت کرنا ہے۔
پاکستان میں انتخابات کا انعقاد کل ہونے جارہا ہے ، مگر مسائل وہی کے وہی ہے، عوام اب پرانے سیاسی دعووں کو سُن کر تھک چکی ہے ایسے میں ایک نیا چہرہ سیاسی میدان میں اترا ہے۔
پیپلزپارٹی نے پی ایس 102 کراچی سے عقربہ فاطمہ کو میدان میں اتارا ہے ، جو پیپلزپارٹی کی سب سے کم عمرامیدوار ہیں۔
عقربہ کا کہنا تھا کہ اب وہ وقت آ گیا ہے کہ نوجوان طبقہ راؤنڈ ٹیبل پر بیٹھ کر فیصلے لے، پاکستان کی نوجوان نسل ملک کا مستقبل ہے، اس لیے ان کو بااختیار بنایا جائے۔
ان کا کہنا تھا کہ سیاست میں آنے کا مقصد عوام کی خدمت کرنا ہے، اب دیکھنا ہوگاعوام نئے چہروں کوموقع دیتی ہے یاپرانے لوگوں کو منتخب کرتی ہے۔
اسلام آباد: پاکستان میں عام انتخابات کے لیے پولنگ کل ہو گی، ووٹرز قومی اور صوبائی اسمبلیوں کے 855 حلقوں میں امیدوار چنیں گے، ملک بھر میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 12 کروڑ 85 لاکھ 85 ہزار 760 ہے۔
الیکشن والے روز کچھ فارمز بہت ضروری ہوتے ہیں جن کے بارے میں جاننا ضروری ہے، رپورٹ کے مطابق فارم 45، فارم 46، فارم 47، فارم 48 اور فارم 49 وہ فارمز ہیں جو الیکشن نتائج مرتب کرنے کے نظام سے متعلق ہیں۔
فارم 45
عام انتخابات ہوں یا ضمنی انتخاب، فارم 45 کا تذکرہ اور الزامات ہمیشہ ہی لگائے جاتے ہیں، فارم 45 عام طور پر ’رزلٹ آف دی کاوئنٹ‘ کہا جاتا ہے، اس اہم فارم میں پولنگ اسٹیشن کا نمبر، حلقے کا نام، رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد، ڈالے گئے ووٹوں کی کل تعداد اور ہر امیدوار کے حاصل کردہ ووٹوں کی تفصیل شامل ہوتی ہے، امیدوار پولنگ اسٹیشن سے فارم 45 کے ذریعے اپنے حاصل کردہ ووٹوں کی تعداد خود گن سکتے ہیں۔
فارم 46
فارم 46 میں پولنگ اسٹیشن میں موصول ہونے والے بیلٹ پیپرز کی تعداد، بیلٹ باکسز سے نکالے گئے بیلٹ پیپرز کی تعداد، چیلنج کئے گئے، غلط اور منسوخ شدہ بیلٹ پیپرز کی تعداد سے متعلق تمام معلومات موجود ہوتی ہیں، اس کے علاوہ فارم 46 میں غیر قانونی نتائج کے بارے میں بھی معلومات شامل ہوتی ہیں۔
فارم 47
فارم 47 میں انتخابی حلقے کے غیر مصدقہ نتائج کے بارے میں معلومات شامل ہوتی ہیں، اس کے علاوہ اس فارم میں ڈالے گئے اور منسوخ کئے گئے ووٹوں کی تعداد کا بھی ذکر ہوتا ہے۔
فارم 48
الیکشن نتائج کی تیاری کے لئے فارم 48 سب سے اہم فارم ہے کیونکہ اس میں ایک حلقے میں ہر امیدوار کو ڈالے گئے ووٹوں کی تعداد شامل ہوتی ہے۔
فارم 49
فارم 49 پاکستان کے گزٹ میں شامل کیا گیا ہے اس فارم کو حتمی اور سرکاری نتیجے کا فارم بھی کہا جاتا ہے، فارم 49 میں امیدواروں کے نام، ان سے وابستہ سیاسی جماعتوں کے نام اور انتخابی حلقے میں حاصل کردہ ووٹ کی معلومات شامل ہوتی ہیں۔
کوئٹہ : قلعہ سیف اللہ میں جےیو آئی کے دفتر کے قریب دھماکے کے نتیجے میں 12افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوگئے ، جنہیں اسپتال منتقل کیا جارہا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقے قلعہ سیف اللہ میں جے یوآئی امیدوار مولاناعبدالواسع کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا۔
دھماکے میں 12 افراد جاں بحق اور متعدد افراد زخمی ہوئے ، جنہیں اسپتال منتقل کیا جا رہا ہے، دھماکے کے وقت کارکنوں کی بڑی تعداد دفتر میں موجود تھی۔
قلعہ سیف اللہ دھماکے کے متعدد زخمیوں کی حالت تشویشناک ہیں ، جس کے باعث مزید ہلاکتوں کا خدشہ ظاہر کیا جارہا ہے۔
پولیس کا کہنا تھا کہ پی بی 3 سے جے یو آئی کے امیدوار مولانا عبدالواسع دفترمیں موجود نہیں تھے۔
دھماکے کے بعد قانون نافذ کرنیوالے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے لیا ہے۔
اس سے قبل پشین کے پی بی 47 خانوزئی میں آزاد امیدوار اسفند یار کاکڑ کے انتخابی دفتر کے قریب دھماکا ہوا تھا ، دھماکے میں 14 افراد جاں بحق اور 25 زخمی ہوئے۔
اسسٹنٹ کمشنر کا کہنا تھا کہ دھماکے کے زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے، جن میں متعدد کی حالت تشویشناک ہیں ، دھماکا خیز مواد موٹر سائیکل میں نصب تھا۔
کل 8 فروری کو تمام پاکستانی اپنا ووٹ کاسٹ کرکے اپنی حق رائے دہی کا استعمال کریں گے ، لیکن سوال یہ ہے کہ ووٹ کاسٹ کرنے کا صحیح طریقہ کیا ہے؟
عام انتخابات کیلئے ووٹنگ کل ہوگی، الیکشن کمیشن نے تمام تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔
کل عام انتخابات میں سیاسی جماعتوں کے 6 ہزار اور ساڑھے 11 ہزارسے زائد آزاد امیدوار تین سو چھیاسٹھ قومی اورسات سو اننچاس صوبائی اسمبلیوں کی نشستوں پرمد مقابل ہیں۔
جن کا انتخاب بارہ کروڑسے زائد رجسٹرڈ ووٹرز کریں گے،، کل اپنا ووٹ درست طریقے سے کاسٹ کریں اور خیال رکھیں کہ کہیں آپ کا ووٹ ضائع نہ ہوجائے۔
سب سے پہلے معلوم کریں کہ آپ رجسٹرڈ ووٹر ہیں یا نہیں ؟ جس کے لیے اپنا قومی شناختی کارڈ نمبرآٹھ تین صفر صفر (8300) پرایس ایم ایس کرکے اپنے اندراج ، اور پولنگ اسٹیشن کی معلومات لے لیں۔
آپ کو موصول ہونے والے میسج میں آپ کو آپ کا شماریاتی بلاک کوڈ، سلسلہ نمبر، خاندان نمبر، قومی اسمبلی کا حلقہ نمبر اور پولنگ سٹیشن کا نام مل جائے گا، اس کو اپنے پاس محفوظ کر لیں۔
پولنگ اسٹیشن پر پریزائیڈنگ آفیسر آپ کا ووٹر نمبر انتخابی فہرست میں اور شناختی کارڈ نمبر بیلٹ پیپر کے کاؤنٹر پر درج کرے گا اور اس پر سرکاری نشان کے ساتھ مہر لگا کر دستخط کرے گا۔
اس کے بعد وہ ووٹر لسٹ میں آپ کے نام کے سامنے آپ کے انگوٹھے کے نشان لگوائے گا، پھر آپ اپنا ووٹ کاسٹ کرنے کیلئے مخصوص جگہ پر جا سکتےہیں۔
دھیان رہے کہ ballot paper کی پشت پر سرکاری مہر اور
presiding officer کے دستخط لازمی موجود ہوں ورنہ کاؤنٹنگ کے دوران کوئی بھی پولنگ اینجٹ آپ کا ووٹ cancel کرسکتا ہے۔
ان مرحلوں سے گزرنے کے بعد اب finally آپ اپنا ووٹ ڈالنے کیلئے قومی اور صوبائی اسمبلیوں کےballot papers پر مہر لگائیں گے۔ ہرے رنگ کا ballot paper قومی جبکہ سفید رنگ کا ballot paper صوبائی اسمبلی کیلئے استعمال ہوگا۔
بیلٹ پیپرز پر مہر لگاتے ہوئے خیال رکھیں کہ آپ اپنے پسندیدہ کسی ایک امیدوار کے نام اور نشان پر ہی مہر لگائیں، آپ کی مہر کسی دو امیدواروں کے نام کے درمیان نہ لگی ہو، ورنہ آپ کا ووٹ ضائع ہوجائے گا۔
یہ بھی دیکھیں اگرآپ کے ووٹ کے پیچھے مہر یا دستخط موجود نہیں تو اُسے گنتی کے لیے اہل نہیں سمجھا جائے گا۔
۔ یاد رہے کے ہرے رنگ والا ballot paper ہرے رنگ کے ڈھکن والے باکس میں ڈالا جائے گا اور سفید رنگ کا ballot paper سفید ڈھکن والے باکس میں ڈالا جائے گا۔
عام انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ووٹرز کو ہدایات جاری کی ہیں جس کے مطابق ووٹ ڈالنےکے لیے اصلی شناختی کارڈکا ساتھ ہونا لازم قرار دیا گیا ہے، تاہم زائد المیعاد شناختی کارڈ پر ووٹ ڈالا جا سکتا ہے، شناختی کارڈ کے علاوہ کوئی دستاویز مثلاً پاسپورٹ، ب فارم یا ڈرائیونگ لائسنس قابل قبول نہیں ہے۔