Tag: الیکشن 2024

  • سپریم کورٹ نے عام انتخابات میں تاخیر کے تمام دروازے بند کر دیے

    سپریم کورٹ نے عام انتخابات میں تاخیر کے تمام دروازے بند کر دیے

    اسلام آباد: سپریم کورٹ نے عام انتخابات میں تاخیر کرنے کے تمام دروازے بند کر دیے، سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ انتخابی شیڈول جاری ہونے کے بعد حلقہ بندیوں پر اعتراض نہیں اٹھایا جا سکتا۔

    تفصیلات کے مطابق کوئٹہ کی 2 صوبائی نشستوں پر حلقہ بندیوں کے خلاف اپیل پر جسٹس سردار طارق مسعود کی سربراہی میں سپریم کورٹ آف پاکستان کے 3 رکنی بنچ نے فیصلہ سنا دیا۔

    بلوچستان ہائیکورٹ نے الیکشن کمیشن کی حلقہ بندی تبدیل کی تھی، تاہم سپریم کورٹ نے بلوچستان ہائیکورٹ کا فیصلہ کالعدم قرار دیتے ہوئے الیکشن کمیشن کی اپیل منظور کر لی تھی۔

    جسٹس اطہر من اللہ نے کہا جو اختیار قانون نے الیکشن کمیشن کو دیا اسے ہائیکورٹ کیسے استعمال کر سکتی ہے، جسٹس منصور علی شاہ نے کہا کہ الیکشن پروگرام جاری ہونے کے بعد حلقہ بندیوں سے متعلق تمام مقدمہ بازی غیر مؤثر ہو چکی، کسی ایک فرد کو ریلیف دینے کے لیے پورے انتخابی عمل کو متاثر نہیں کیا جا سکتا، ہمیں اس حوالے سے لکیر کھینچ کر حد مقرر کرنی ہے۔

    قائم مقام چیف جسٹس سردارطارق مسعود نے کہا مجھے سمجھ نہیں آتی کہ سارے کیوں چاہتے ہیں کہ الیکشن لمبا ہو، الیکشن ہونے دیں، جسٹس اطہر من اللہ نے کہا اگر اس درخواست پر فیصلہ دیا تو سپریم کورٹ میں درخواستوں کا سیلاب امڈ آئے گا، الیکشن شیڈول جاری ہو جائے تو سب کچھ رک جاتا ہے، یہ الیکشن کمیشن کا سب سے بڑا امتحان ہے کہ 8 فروری کے انتخابات شفاف ہوں۔

    واضح رہے کہ بلوچستان ہائیکورٹ نے شیرانی اور ژوب میں الیکشن کمیشن کی حلقہ بندی تبدیل کر دی تھی، جس پر الیکشن کمیشن نے ہائیکورٹ کے فیصلے کے خلاف سپریم کورٹ میں اپیل دائر کر دی تھی۔

  • ’’پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے کوئی جماعت تنہا حکومت نہیں بنا سکتی‘‘

    ’’پی ٹی آئی کے ہوتے ہوئے کوئی جماعت تنہا حکومت نہیں بنا سکتی‘‘

    کراچی : سینئیر صحافی اور تجزیہ کار اطہر کاظمی نے کہا ہے کہ اگر تحریک انصاف الیکشنز میں ہوتی ہے تو کوئی بھی جماعت اکیلے حکومت نہیں بنا سکتی۔

    یہ بات انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام باخبر سویرا میں خصوصی گفتگو کرتے ہوئے کہی انہوں نے کہا کہ نواز شریف کو عدالتوں سے ملنے والے ریلیف پر پیپلز پارٹی تھوڑا بہت تو اختلاف کرتی رہے گی لیکن اگلی حکومت پھر انہوں نے مل کر ہی بنانی ہے۔

    PDM pti

    انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے ہوتے ہوئے کوئی جماعت اس پوزیشن میں نہیں ہوگی کہ تنہا حکومت بنا سکے۔ یہ لوگ اپنی تلخیوں کو اتنا نہیں بڑھائیں گے کہ ساتھ بیٹھنا بھی مشکل ہو لیکن الزامات اور طنز وغیرہ ہوتے رہیں گے۔

    ایک سوال کے جواب میں کہ جو لوگ جلسے میں آئے کیا وہ ووٹ ڈالنے بھی آئیں گے؟ اطہر کاظمی کا کہنا تھا کہ پورے پاکستان کے لوگ ووٹ ڈالنے لاہور تو نہیں آئیں گے جیسے جلسے میں آگئے، میڈیا رپورٹس کے مطابق ن لیگ کے جلسے میں لاہوریوں کی تعداد بہت کم تھی۔

    انہوں نے کہا کہ عام انتخابات میں ن لیگ کو ووٹرز کے حوالے سے بہت مشکل صورتحال کا سامنا کرنا پڑسکتا ہے، اطہر کاظمی نے کہا کہ نواز شریف اپنے تمام مقدمات سے بری ہونے کے بعد ہی الیکشن کا مطالبہ کریں گے کیونکہ وہ ابھی تک نااہل ہی ہیں۔

    پی ٹی آئی رہنماؤں کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات 

    پی ٹی آئی کے رہنما اسد قیصر اور علی محمد خان کی مولانا فضل الرحمان سے ملاقات کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ یہ ملاقات ذاتی نوعیت کی تھی کیونکہ جے یو آئی خیبر پختونخوا میں سیاسی طور پر بہت کمزور ہے۔

    انہوں نے کہا کہ یہ ملاقات سیاسی نہیں تھی یہ رہنما تعزیت کیلئے ان سے ملنے گئے تھے اور اس کا علم عمران خان کو بھی نہیں تھا نہ ہی ان کی مرضی یا رضامندی شامل تھی۔