Tag: الیکشن

  • بلاول بھٹوکوہائی کورٹس کےفیصلوں کی ٹائمنگ پرتشویش

    بلاول بھٹوکوہائی کورٹس کےفیصلوں کی ٹائمنگ پرتشویش

    کراچی : پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے اسلام آباد ، لاہور اور بلوچستان ہائی کورٹ کے فیصلوں اور ان کی ٹائمنگ پرتشویش کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق چیئرمین پیپلزپارٹی بلاول بھٹوزرداری نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹرپر اپنے پیغام میں اسلام آباد، بلوچستان اور لاہور ہائی کورٹ کے فیصلوں اور ان کی ٹائمنگ پرتشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ وہ اصولی طور پرانتخابات کے التوا کے خلاف ہیں۔

    بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبرپختونخواہ پرویز خٹک کے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط اور الیکشن ملتوی کرنے کے لیے بلوچستان اسمبلی کی قرارداد پربھی تشویش کا اظہار کیا۔

    بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا پرویز خٹک کے الیکشن کمیشن کو لکھے گئے خط اور الیکشن ملتوی کرنے کے لیے بلوچستان اسمبلی کی قرارداد پر بھی تشویش کا اظہار کیا۔

    لگتا ہے، کوئی سسٹم انتخابات کو التوا میں ڈال رہا ہے: اعتراز احسن

    خیال رہے کہ گزشتہ روز پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما اعتراز احسن کا کہنا تھا کہ ایسا لگتا ہے، کوئی سسٹم انتخابات کو التوا میں ڈال رہا ہے تاہم ان کی پارٹی کا موقف ہے کہ الیکشن وقت پرہوں۔

    یاد رہے کہ گزشتہ روز بلوچستان ہائی کورٹ نے کوئٹہ میں صوبائی اسمبلی کے 8 حلقوں کی حلقہ بندیوں کو کالعدم جبکہ اسلام آباد ہائی کورٹ نے ایبٹ آباد کے 2 حلقوں کی حلقہ بندیا کالعدم قرار دے دیں۔

    اسلام آباد ہائی کورٹ اس سے پہلے بھی 10 اضلاع کی حلقہ بندیاں کالعدم قرار دے چکی ہے۔

    عدالتی حکم کے بعد الیکشن کمیشن نے کاغذات نامزدگی کی وصولی کا عمل روک دیا

    واضح رہے کہ گزشتہ روز ہی لاہور ہائی کورٹ نے کاغذات نامزدگی میں ترامیم کالعدم قرار دے کر الیکشن کمیشن کو نئے کاغذات نامزدگی تیار کرنے کا حکم دیا تھا۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں

  • عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں‌ گے، صدر ممنون حسین نے منظوری دے دی

    عام انتخابات 25 جولائی کو ہوں‌ گے، صدر ممنون حسین نے منظوری دے دی

    اسلام آباد: آئندہ عام انتخابات 25 جولائی 2018 کو منعقد ہوں گے، صدرممنون حسین نے تاریخ کی منظوری دے دی.

    تفصیلات کے مطابق وزیراعظم نےانتخابات سےمتعلق صدرممنون حسین کو سمری بھیجی تھی، جسے صدر نے منظور کر لیا ہے،عام انتخابات کے لیے 25 جولائی 2018 کی تاریخ حتمی ہوئی ہے.

    یاد رہے کہ 21 مئی کو الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال کی گئی تھی، جس میں 25 تا 27 جولائی 2018 کی تاریخیں تجویز کی گئی تھیں.

    صدر مملکت ممنون حسین کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد الیکشن کمیشن عام انتخابات کی شیڈول کا باقاعدہ اعلان کرے گا.

    واضح رہے کہ الیکشن کمیشن کی جانب سے عام انتخابات کی تیاریاں جاری ہیں. الیکشن کمیشن آف پاکستان نے عام انتخابات پر اخراجات کا ابتدائی تخمینہ لگالیا ، جس کے مطابق انتخابات میں 20ارب سے زائد لاگت آنے کا امکان ہے۔

    الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کو بھی حتمی شکل دے دی ہے، جن کے مطابق آئندہ انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے.

    یاد رہے کہ بگڑتی سیاسی صورت حال کی وجہ سے تجزیہ کار یہ اندیشے ظاہر کر رہے تھے کہ شاید انتخابات وقت پر نہ ہوں، البتہ اب صدر کی جانب سے سمری کی منظوری کے بعد آئندہ عام انتخابات کے لیے 25 جولائی 2018 کی تاریخ مقرر کی گئی ہے.


    الیکشن کمیشن کا عام انتخابات میں 20ارب سے زائد کے اخراجات کا تخمینہ


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • عام انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں‌ گے: الیکشن کمیشن

    عام انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں‌ گے: الیکشن کمیشن

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی فہرستوں کو حتمی شکل دے دی، جن کے مطابق آئندہ انتخابات میں 10 کروڑ سے زائد افراد حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ووٹرزکی تفصیلات جاری کردیں، ملک میں ووٹرز کی کل تعداد 10 کروڑ 59 لاکھ 55 ہزار407 ہے.

    ملک میں خواتین ووٹرزکی تعداد 4 کروڑ 67 لاکھ 31 ہزار145 ہے، جب کہ 5 کروڑ 92 لاکھ 24 ہزار262 مرد ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کریں‌ گے.

    الیکشن کمیشن کے اعداد وشمار کے مطابق پنجاب میں کل ووٹرزکی تعداد 6 کروڑ6 لاکھ 72 ہزار 868 ہے، پنجاب میں 2 کروڑ 69 لاکھ 92 ہزار876 خواتین اور 3 کروڑ 36 لاکھ 79 ہزار 992 مرد الیکشن میں‌ ووٹ ڈالیں گے.

    سندھ میں 2 کروڑ 23 لاکھ 91 ہزار 244 شہری ووٹ ڈالیں‌ گے، جن میں‌ مرد ووٹرز کی تعداد ایک کروڑ 24 لاکھ 36 ہزار844، جب کہ خواتین ووٹرزکی تعداد 99 لاکھ 54 ہزار400 ہے.

    خیبرپختونخواہ میں ووٹرزکی کل تعداد 1 کروڑ 53 لاکھ 16 ہزار299 ہے، مرد ووٹرز کی تعداد 87 لاکھ 5 ہزار831 اور خواتین ووٹرز کی تعداد 66 لاکھ 10 ہزار 468 ہے۔

    بلوچستان میں ووٹرزکی تعداد 42 لاکھ 99 ہزار 494 ہے، بلوچستان میں 24 لاکھ 86 ہزار 230 مرد اور 18 لاکھ 13 ہزار 464 خواتین اپنا حق رائے دہی استعمال کریں گے۔

    عام انتخابات میں فاٹا کے 25 لاکھ 10 ہزار 154 اور وفاقی علاقے میں 7 لاکھ 5 ہزار 348 ووٹرز الیکشن کے روز ووٹ ڈالیں گے۔


    الیکشن کمیشن کی صدر کو عام انتخابات کی تاریخ مقرر کرنے کی سمری ارسال


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • انتخابات خونیں ہوں گے، چیف جسٹس اے پی سی بلائیں: شیخ رشید

    انتخابات خونیں ہوں گے، چیف جسٹس اے پی سی بلائیں: شیخ رشید

    لاہور: عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ موجودہ حالات میں انتخابات خونیں ہوں گے، پاکستان کوسرحدوں کے اندر سے شدید خطرات لاحق ہیں.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے لاہور میں میڈیا میں‌ گفتگو کرتے ہوئے کیا. انھوں‌ نے آیندہ انتخابات سے متعلق خدشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ نگراں حکومت کے لئے سب سےبڑامسئلہ ملکی معیشت سنبھالنا ہوگا.

    [bs-quote quote=” انتخابی مہم میں تلخی آرہی ہے، جوگلی محلوں تک پھیل سکتی ہے” style=”style-2″ align=”left” author_name=”شیخ رشید”][/bs-quote]

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ مسلم لیگ ن نے قرضے ڈالرز میں لیے ہیں، خدا نہ کرے کہ ملک ڈیفالٹر ہوجائے، ساری سیاسی جماعتیں مل بیٹھ کر حالات کو بہتر بنائیں.

    ان کا کہنا تھا کہ انتخابی مہم میں تلخی آرہی ہے، جوگلی محلوں تک پھیل سکتی ہے، انتخابات میں تصادم ہوسکتا ہے، پاکستان کو اندرونی محاذ پر خطرات لاحق ہیں.

    انھوں نے کہا کہ کراچی ملک کا صنعتی حب ہے، کراچی کےسیاسی مسئلےکومل بیٹھ کرحل کیاجائے، الیکشن کہیں دورچلے جائیں، اس کے مقابلے میں ایک ڈیڑھ ماہ کی تاخیربہتر ہے

    انھوں نے چیف جسٹس سے اے پی سی بلانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ اس وقت عدلیہ کے علاوہ ملک میں کوئی اور کام نہیں کر رہا.


    تحمل اوربرداشت کے ساتھ الیکشن کی طرف جانا چاہیے‘ شیخ رشید


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • تحمل اوربرداشت کے ساتھ الیکشن کی طرف جانا چاہیے‘ شیخ رشید

    تحمل اوربرداشت کے ساتھ الیکشن کی طرف جانا چاہیے‘ شیخ رشید

    لاہور : عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ تلخ حالات کے خاتمے کے لیے سب مل کرکام کریں، تحمل اوربرداشت کے ساتھ الیکشن کی طرف جانا چاہیے۔

    تفصیلات کے مطابق لاہور میں ایئرپورٹ پرمیڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا ہے کہ جلسے کرنا سب کا حق ہے، کراچی میں جو ہوا اس کی پرزورمذمت کرتا ہوں۔

    شیخ رشید کا کہنا تھا کہ جب جلسے برداشت نہیں توالیکشن میں کیا صورت حال ہوگی، ایسی ہی صورت حال رہی توالیکشن 2 ماہ کے لیے ملتوی ہوسکتے ہیں۔

    وزیرداخلہ پرقاتلانہ حملے کے حوالے عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید کا کہنا تھا کہ احسن اقبال پرحملے کی مذمت کرتا ہوں، جب وزیرداخلہ محفوظ نہیں توعام آدمی کا کیا ہوگا۔

    شیخ رشید نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگرنوازشریف جلسے کرنا شروع ہوا ہے تو اچھی بات ہے۔


    کراچی، پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان میں تصادم، تین گاڑیاں نذرآتش

    خیال رہے کہ گزشتہ رات کراچی کے علاقے گلشن اقبال حکیم سعید گراؤنڈ میں پی ٹی آئی اور پی پی کارکنان کے درمیان تصادم کے نتیجے میں متعدد افراد زخمی ہوگئے تھے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک’پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • خلائی مخلوق زمین کا کام زمین پرچھوڑدے، الیکشن کے التواء کا جواز نہیں، سراج الحق

    خلائی مخلوق زمین کا کام زمین پرچھوڑدے، الیکشن کے التواء کا جواز نہیں، سراج الحق

    لاہور : امیر جماعت اسلامی سینیٹر سراج الحق نے کہا ہے کہ خلائی مخلوق زمین کا کام زمین پر چھوڑے، افواہیں تو گردش میں ہیں لیکن الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے لاہور میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا، سراج الحق نے کہا کہ بروقت انتخابات کا انعقاد چاہتے ہیں، افواہیں تو بہت گردش میں ہیں لیکن الیکشن ملتوی کرنے کا کوئی جواز نہیں ہے، الیکشن کمیشن کو انتخابی نظام پرعوام کے اعتماد کو بحال کرنا ہوگا۔

    ان کا کہنا تھا کہ ہر شخص پر اس کی حیثیت کے مطابق ٹیکس لگانا چاہیے، چیف جسٹس ثاقب نثار نے جو ایکشن لیا ہم اس کی حمایت کرتے ہیں، سو روپے کے موبائل کارڈ پر40روپے کا ٹیکس کہاں کا انصاف ہے، وفاقی حکومت نے عوام پر ٹیکسز کے نئے بوجھ ڈال دیئے ہیں۔

    امیر جماعت اسلامی کا مزید کہنا تھا کہ نگراں وزیراعظم کیلئے ایسا شخص ہونا چاہیے جو غیر جانبدار ہو، غیرجانبدار شخص کے نام پراتفاق کیا گیا تو ہم اس کی حمایت کرینگے، وزیر اعظم نے اس حوالے سے مشاورت کی تو ملک اور قوم کے مفاد کیلئے بہترین مشورہ دینگے۔

    انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا نے نگراں کابینہ کیلئے ہم سے اب تک مشاورت نہیں کی،  مینار پاکستان پر13مئی کا جلسہ سیاست کو نیا رخ دے گا، یہ جلسہ ماضی کے تمام سیاسی ریکارڈ توڑ ڈالے گا۔

    سراج الحق کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ خلائی مخلوق زمین کا کام زمین پر چھوڑ دے، ہماری خواہش ہے ماضی کی روایات کو چھوڑ کر آگے بڑھیں، اس قسم کی باتوں سے ووٹرکا اعتماد ختم ہورہا ہے۔

    انہوں نے کہا کہ نوازشریف اور عمران خان نے نادیدہ قوتوں سے متعلق بیانیہ دیا، ان کے بیانیے نے بیلٹ بکس اور پولنگ پر عوام کا اعتماد مجروح کیا، خلائی مخلوق جیسے یانات سے انتخابی نظام کی چولیں ہل گئی ہیں۔

  • پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے: شہلا رضا

    پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف الیکشن نہیں ہوئے: شہلا رضا

    کراچی: پاکستان پیپلز پارٹی کی مرکزی رہنما اور ڈپٹی اسپیکر سندھ اسمبلی شہلا رضا نے کہا ہے کہ پاکستان میں 1970 کے بعد کبھی شفاف انتخابات نہیں ہوئے، دنیا میں 70 سے 80 فیصد ووٹنگ پر الیکشن شفاف قرار دیے جاتے ہیں۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام ’اعترض ہے‘ میں انٹرویو دیتے ہوئے کیا، شہلا رضا کا کہنا تھا کہ ملک میں جب تک شفاف الیکشن نہیں ہوں گے اس وقت تک مسائل ختم نہیں ہوسکتے، انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے الیکشن کمیشن کو کردار ادا کرنا ہوگا۔

    پیپلز پارٹی سے متعلق پوچھے گئے سوال پر ڈپٹی اسپیکر سندھ کا کہنا تھا کہ 2013 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کو کھلا میدان نہیں ملا تھا، ماضی میں 3 جماعتوں کو طالبان کی جانب سے دھمکیاں دی گئیں تھیں، جن میں پی پی بھی شامل تھی، اس دوران پیپلز پارٹی کے وزیر اعظم کے بیٹے کو بھی اغوا کیا گیا تھا۔

    شریف خاندان دوسری خواتین کی عزت نہیں کرتا، شہلا رضا

    ان کا کہنا تھا کہ جمہوری سیاست کے لئے سب کو اپنے رویے بدلنے ہوں گے، موجودہ سیاسی صورت حال سے جمہوری سیاست کبھی پروران نہیں چڑھ سکتی، کٹھ پتلی حکومت آنے سے ملک کا نقصان ہوتا ہے، انتخابات کو شفاف بنانے کے لیے حکمت عملی تیار کرنا ہوگی۔

    پی ٹی آئی نے کراچی کا کچرا عامر لیاقت اٹھالیا، بدبو بھی ڈھک دیتے، شہلا رضا

    خیال رہے کہ گذشتہ دنوں شہلا رضا نے پیپلز پارٹی کے دور حکومت میں ہونے والے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے کہا تھا کہ کراچی میں تمام غیر قانونی ہائیڈرنٹس پیپلزپارٹی دور میں ختم کئے گئے، ہم نے عوام کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • آئندہ الیکشن میں ن لیگ کا مقابلہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہے، نوازشریف

    آئندہ الیکشن میں ن لیگ کا مقابلہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہے، نوازشریف

    صادق آباد : سابق وزیر اعظم نواز شریف نے کہا ہے کہ ن لیگ کا مقابلہ زرداری کے ساتھ ہے نہ عمران کے ساتھ بلکہ ہمارا مقابلہ خلائی مخلوق کے ساتھ ہے، اب پاکستان کی بدنصیبی کا70سالہ دور دوبارہ نہیں آئے گا۔

    ان خیالات کا اظہار انہوں نے صادق آباد میں ایک بہت بڑے جلسہ عام سے خطاب کرتے ہوئے کیا، نواز شریف نے پی ٹی آئی پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ تحریک انصاف تو کوئی شے ہی کچھ نہیں ہے، یہ بلا لے کر نکلنے والے لوگ قوم سے مذاق کررہے ہیں۔

    پی ٹی آئی والوں کو کرکٹ کھیلنے کے علاوہ اور کوئی کام نہیں ہے، شاید یہ لوگ میری کرکٹ کے لئے خدمات کو بھی بھول گئے ہیں، یہ لوگ شوکت خانم میموریل کیلئے میری خدمت کو بھی بھول گئے، انہوں نے بتایا کہ میں نے 1990میں شوکت میموریل اسپتال کیلئے جو خدمت کی وہ فرض سمجھ کرکی۔

    نواز شریف نے مزید کہا کہ میرا عمران خان سے کوئی مقابلہ نہیں آپ میرے سامنے کوئی شے ہی نہیں ہو اور زرداری صاحب آپ کا بھی مجھ سے کوئی مقابلہ نہیں ہے بلکہ ن لیگ کا مقابلہ ایک خلائی مخلوق کے ساتھ ہے ، اب پاکستان کی بدنصیبی کا70سالہ دور دوبارہ نہیں آئے گا۔

    نوازشریف نے کہا کہ میں نے پچھلے 4سال قوم کی خدمت کی اور ملک سے اندھیرے دور کئے، دہشت گردی کو ختم کیا کراچی کا امن بحال کیا، پاکستان کو ایٹمی طاقت بنایا، صادق آباد سے اغواء برائے تاوان کی وارداتیں ختم کیں، موٹرویز بنائی ہیں۔

    آپ کو مبارک ہو کراچی تا ملتان موٹروے بھی زیرتعمیر ہے، موٹر وے کو پشاور سے اسلام آباد اور پھر لاہور پہنچائی، لاہور سے موٹروے کوملتان اور پھر سکھر اور کراچی پہنچائیں گے۔

    انہوں نے سوال کیا کہ قوم کیلئے اتنی خدمات ہیں کیا اس لئے مجھے فارغ کردیا گیا، دن رات خدمت کرنیوالے کو راہ چلتے چلے فارغ کررہے ہیں، نواز شریف نے شرکاء سے ووٹ دینے کی اپیل کرتے ہوئے ن لیگ کا منشور بھی پیش کیا۔

    انہوں نے کہا کہ 2018کے الیکشن کو ریفرنڈم سمجھیں، میرے خلاف فیصلہ بدلنا چاہتے ہو تو ن لیگ کے شیروں کو کامیاب کراؤ، پاکستان کو ایشین ٹائیگر بنانے کےلئے ن لیگ کو ووٹ دو، میرے خلاف فیصلے کو اسمبلی سے ختم یا بدلا جاسکتا ہے تاکہ ہم ترقی کا سفر جاری رکھ سکیں۔

    انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی حکومت آئی تو پاکستان کے تمام غریبوں کو ہیلتھ کارڈ دینگے، ہمارے منشور میں شامل ہوگا کہ ہر غریب کو چھت اور گھر ملے گا، ن لیگ نے کسانوں کو ٹیوب ویلوں پر سبسڈی دی۔

    مزید پڑھیں: بہترہوگازرداری صاحب ذاتی الزام تراشیوں کا دفتر نہ کھولیں ،نوازشریف

    ان کا کہنا تھا کہ آج نوازشریف اپنے لئے نہیں بکلہ آپ کے اچھے مستقبل کیلئے آپ کے پاس آیا ہے، میرا ہر اول دستہ بنیں گے تو ملک میں ہرطرف انقلاب برپاکردینگے، الیکشن کے بعد صادق آباد سے ٹلو روڈ دوبارہ تعمیر اور دو رویہ بنائیں گے، صادق آباد سے رحیم یارخان تک سڑک کو بھی دو رویہ کرینگے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔  

  • الیکشن وقت پر ہونے کے بارے میں کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں: مولانا فضل الرحمان

    الیکشن وقت پر ہونے کے بارے میں کچھ کہنے کی پوزیشن میں نہیں: مولانا فضل الرحمان

    لاہور: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کا کہنا ہے کہ الیکشن وقت ہوں گے یا نہیں، اس بابت ابھی کچھ نہیں کہا جاسکتا۔

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن وقت پر ہونے کے بارے میں کچھ کہنا مشکل ہے، آج ادارے حکمرانوں اور حکمران اپوزیشن میں نظر آرہے ہیں.

    [bs-quote quote=”سندھ میں متحدہ مجلس عمل کوعوامی مقبولیت ملی ہے، پیپلزپارٹی کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ سندھ میں اصل مقابلہ متحدہ مجلس عمل سے ہوگا” style=”style-2″ align=”left” author_name=”مولانا فضل الرحمان” author_avatar=”https://arynewsudweb.wpengine.com/wp-content/uploads/2018/04/fazalurrehman60x60.jpg”][/bs-quote]

    انھوں نے کہا کہ آج تمام حکمران کٹہرے میں کھڑے ہیں، یہ کہاں‌ کی جمہوریت ہے، عدلیہ میں ڈھائی لاکھ کیسز زیرالتوا ہیں، انھیں نمٹایا جائے.

    مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سینیٹ کے الیکشن کو تسلیم کرتے ہیں، البتہ اس پراعتراضات ہیں، رضاربانی کا نام تسلیم کیا جاتا تو جمہوریت کا مثبت چہرہ سامنے آتا.

    ایک سوال کے جواب میں‌ انھوں‌ نے کہا کہ سینیٹ‌ انتخابات میں‌ الزام صرف خریداروں پر آرہا ہے، مگر جو افراد بک گئے، ان پر کوئی الزام نہیں لگ رہا.

    ایک سوال کے جواب میں‌ انھوں نے کہا کہ ہم ایم ایم اے کے جھنڈے اورانتخابی نشان کتاب سے الیکشن لڑیں گے، یکجہتی قائم ہو چکی ہے، اب تنظیم سازی کے مرحلے سے گزرہے ہیں.

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ ایم ایم اے کا مختلف پارٹیوں سے سیٹ تو سیٹ ایڈجسمنٹ کا امکان ہے، سیاسی کارکن بندوق نہیں اٹھاتا، الیکشن لڑتا ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ سندھ میں متحدہ مجلس عمل کوعوامی مقبولیت ملی ہے، پیپلزپارٹی کو بھی احساس ہو گیا ہے کہ سندھ میں اصل مقابلہ متحدہ مجلس عمل سے ہوگا.

    مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ الیکشن قریب ہیں، ہر جماعت اپنے مورچے میں چلی گئی ہے۔


    فاٹا کو سی پیک کا حصہ بنایا جائے: مولانا فضل الرحمان


    ملک میں اسلامی انقلاب کیلئے نئے سفرکا آغاز کریں گے، مولانا فضل الرحمان


  • سینیٹ انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مہلت ختم

    سینیٹ انتخابات: کاغذات نامزدگی جمع کرانے کی مہلت ختم

    اسلام آباد: سینیٹ انتخابات کے لیے کاغذات نامزدگی کا وقت ختم ہوگیا، ملک بھر سے متعدد کاغذات نامزدگی جمع کرائے گے۔

    تفصیلات کے مطابق سینیٹ انتخابات کے حوالے سے پنجاب میں کل 34 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جن میں جنرل نشستوں کے لیے 21، خواتین اور ٹیکنوکریٹ نشستوں کے لیے 5-5 جبکہ اقلیتی نشستوں پر 3 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

    سینیٹ الیکشن کے لیے سندھ میں کل 47 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جن میں جنرل نشستوں کےلیے 23، ٹیکنوکریٹ پر 11 جبکہ خواتین کی نشستوں کے لیے 9 اور اقلیتوں کی نشستوں پر 4 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

    سینیٹ انتخابات ، کاغذات نامزدگی جمع کرانے کا آج آخری دن

    خیبر پختونخواہ میں کل 34 کاغذات نامزدگی جمع کرئے گئے، جن میں جنرل نشستوں کےلیے 20، خواتین کےلیے 8، جبکہ ٹیکنویٹ کی 6 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرئے گئے۔

    سینیٹ انتخابات کے لیے بلوچستان میں 28 کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے، جن میں جنرل نشستوں کے لیے 15، ٹیکنوکریٹ کے لیے 7 جبکہ خواتین کی 6 نشستوں پر کاغذات نامزدگی جمع کرائے گئے۔

    سینیٹ انتخابات میں مخالفین کو مایوسی ہوگی، خواجہ سعد رفیق

    دوسری جانب اسلام آباد کی ٹیکنوکریٹ کی نشست کےلیے ایک امیدوار نے کاغذات نامزدگی جمع کرایا، خیال رہے فاٹا کی 4 نشستوں پر فی الحال کوئی امیدوار سامنے نہیں آیا۔

    یاد رہے گزشتہ روز الیکشن کمیشن حکام کا کہنا تھا کہ سینیٹ انتخابات کیلئے کاغذات نامزدگی 4 سے 6 فروری تک داخل ہوں گے جبکہ کاغذات نامزدگی کی جانچ پڑتال 9 فروری تک مکمل کر لی جائے گی۔ امیدواروں کی فہرست 15 فروری کو جاری ہوگی اور کاغذات نامزدگی 16 فروری تک واپس لئے جا سکیں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں، مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔