Tag: الیکشن

  • ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن کی ووٹرز کے لیے ہدایات جاری

    ضمنی انتخابات: الیکشن کمیشن کی ووٹرز کے لیے ہدایات جاری

    اسلام آباد: ضمنی انتخابات کے لیے الیکشن کمیشن نے ووٹرز کے لیے ہدایات جاری کردی ہیں۔ ضمنی انتخابات کا میدان کل سجنے جارہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے ضمنی انتخابات میں ووٹرز کے لیے ہدایات جاری کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹرز ووٹ، پولنگ اسٹیشن اور حلقہ کی معلومات 8300 پر میسج کر کے حاصل کریں۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ اسٹیشن پر بزرگ شہری، حاملہ خواتین، معذور افراد اور خواجہ سراؤں کو ترجیح دی جائے گی۔

    ووٹ ڈالنے کے لیے اصل شناختی کارڈ ہمراہ لانا ضروری ہے، زائد المیعاد کارڈ پر ووٹ ڈالا جاسکتا ہے، ووٹرز کیمرہ یا موبائل فون پولنگ اسٹیشن میں نہیں لے جاسکیں گے۔

    الیکشن کمیشن کے مطابق پولنگ کا عمل صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک بلا تعطل جاری رہے گا، ’ووٹرز سے درخواست ہے سیکیورٹی اور پولنگ عملے سے تعاون کریں‘۔

    خیال رہے کہ ملک بھر کے 35 حلقوں میں ضمنی انتخابات کل ہونے جارہا ہے۔ ریٹرننگ افسران کو بیلٹ پیپرز پہنچا دیے گئے۔ ضمنی انتخابات کے لیے 641 امیدوار میدان میں ہیں۔

    اس سلسلے میں الیکشن کمیشن نے بھی تیاریاں مکمل کرلی ہیں۔ 1 ہزار 7 سو 27 پولنگ اسٹیشنز کو حساس قرار دیا گیا ہے۔ کسی بھی ناخوشگوار واقعے سے نمٹنے کے لیے پولنگ اسٹیشنز پر فوج تعینات ہوگی۔

  • الیکشن پر تحفظات ہیں، کمیشن نہیں بنا، تو پیپلزپارٹی احتجاج کرے گی: مولا بخش چانڈیو

    الیکشن پر تحفظات ہیں، کمیشن نہیں بنا، تو پیپلزپارٹی احتجاج کرے گی: مولا بخش چانڈیو

    لاہور: پیپلزپارٹی کے سینئر رہنما مولا بخش چانڈیو کا کہنا ہے کہ الیکشن پر تحفظات نہیں بھولے،  حکومت نے کمیشن نہ بنایا تو پیپلزپارٹی احتجاج کرے گے۔

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے اے آر وائی نیوز کے پروگرام آف دی ریکارڈ میں گفتگو کرتے ہوئے کیا.

    ان کے مطابق حکومت نےکہا تھا کہ کل تک کمیشن بنا دیں گے، لیکن ایسا نہیں ہوا۔ پیپلزپارٹی کے پاس احتجاج کا راستہ ہے۔ الیکشن کمیشن کا کہنا ہے کہ سسٹم بند ہوا، دوسری طرف نادرانے کہا کہ سسٹم نہیں بند ہوا.

    مولا بخش چانڈیو کا کہنا تھا کہ حکومت نے اب تک جتنی باتیں کی ہیں، وہ نتیجہ خیز نہیں، ابھی تو گاڑیاں نیلام ہوئی ہیں،وزیراعظم ہاؤس یونیورسٹی بنی تومبارک باددوں گا.

    انھوں نے کہا کہ حکومت کو اپنے وعدے پورے کرنے کاموقع ملنا چاہیے، حکومت نے جو بھی اعلانات کیے ہیں، وہ مثبت ہیں.

    انھوں نے کالا باغ ڈیم سے متعلق کہا کہ ایک اختلاف کو تین صوبے زندگی اور موت کا مسئلہ سمجھیں، تو یہ عام نہیں، سنجیدہ معاملہ ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ کالاباغ ڈیم پر بات ہوگی، توغیرجانب دارمنصوبوں کوبھی نقصان ہوگا، ہم لوگ توانائی ، پانی بحران کے حل کے مخالف نہیں ہیں.

    مولابخش چانڈیو کے مطابق تین صوبے ایک بات کو نہیں مان رہے، تو آپ کس کس کو پکڑیں گے، ذاتی رائے کے مطابق ڈیمز سے متعلق بحث ہونی چاہیے.

    انھوں نے ایک سوال کے جواب میں کہا کہ آصف زرداری گرفتار ہوئے،جیل گئے اورعدالتوں سے بری ہوئے، دیکھنا ہوگاکہ مستقبل میں احتساب ہورہاہے یاانتقامی کارروائی ہورہی ہے۔

    ان کا کہنا تھا کہ پاکستان میں احتساب کا مستقل اورغیرجانب دارادارہ ہوناچاہیے، احتساب کے طریقہ کار کو ٹھیک کرنا چاہیے۔

  • پاکستان کے تیرہویں صدرمملکت کا انتخاب آج ہوگا

    پاکستان کے تیرہویں صدرمملکت کا انتخاب آج ہوگا

    اسلام آباد:  پاکستان کے  تیرہویں صدر کا انتخاب  آج چار ستمبر کو ہوگا ، الیکشن کمیشن آف پاکستان نے انتخابات کے لیے انتظامات مکمل کرلیے۔

    تفصیلات کے مطابق آج ہونے والے صدارتی انتخاب کے لیے تحریک انصاف کے عارف علوی ، پیپلز پارٹی کی جانب سے اعتزاز احسن اور مسلم لیگ ن سمیت متحدہ اپوزیشن کی جانب سے مولانا فضل الرحمن میدان  میں ہیں۔

    صدارتی انتخاب کے لیے کاغذات 27 اگست کو جمع کروائے  گئے جن کی جانچ پڑتال 29 اگست کو  مکمل کرکے تیس اگست کو امیدواروں کی حتمی فہرست شائع کی گئی۔

    صدارتی انتخاب کے لیے 5 پولنگ اسٹیشنز بنائیں گئے ہیں۔ صوبائی اسمبلیوں اور پارلیمنٹ کی عمارت کو پولنگ اسٹیشن کا درجہ دیا جائے گا۔ الیکشن کمیشن نے اسلام آباد اورچاروں ہائی کورٹس کے چیف جسٹس کو پریزائیڈنگ افسران مقرر کیا گیا ہے۔

    صدارتی انتخاب کے لیے پریزائیڈنگ افسران اور عملے کی تقرری بھی کردی گئی جبکہ عملے اور پریزائیڈنگ افسران کو انتخاب کا طریقہ کار بتا دیا گیا۔ الیکشن کمیشن کےمطابق صدارتی انتخاب کے لیے ایک ہزار بیلٹ پیپرز چھاپے گئے ہیں۔


    صدارتی انتخاب کا طریقہ کار

    مملکت خداداد پاکستان میں صدارتی انتخاب کا الیکٹورل کالج پارلیمنٹ یعنی قومی اسمبلی اور سینیٹ کے علاوہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے کل 11 سو 70 ارکان پر مشتمل ہوتا ہے لیکن ان میں سے ہر رکن کا ایک ووٹ شمار نہیں کیا جاتا۔

    آئین میں درج طریقہ کار کے مطابق صدارتی انتخاب کے لیے سب سے چھوٹی اسمبلی یعنی بلوچستان کی صوبائی اسمبلی کی مناسبت سے ہر صوبائی اسمبلی کے پینسٹھ ووٹ شمار ہوتے ہیں جبکہ سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ہر رکن کا ایک ووٹ گنا جائے گا۔

    اس طرح مجموعی ووٹوں کی تعداد 702 بنتی ہے۔ ان میں سے اکثریتی ووٹ حاصل کرنے والا امیدوار ملک کا صدر منتخب ہو گا۔ نئے صدر کے انتخاب کے لیے ووٹنگ قومی اسمبلی، سینٹ اور چاروں صوبائی اسمبلیوں میں ہوگی۔

    اسلام آباد کے پارلیمنٹ ہاؤس میں پریزائیڈنگ افسر چیف الیکشن کمشنر جبکہ چاروں صوبائی اسمبلیوں کے پریزائیڈنگ افسران متعلقہ صوبے کے ہائی کورٹ کے چیف جسٹسز ہوں گے۔

    آئین میں درج طریقے کے مطابق پریزائڈنگ افسر ہر رکن کو اس کی متعلقہ اسمبلی ہال کے اندر ایک بیلٹ پیپر فراہم کرے گا جس میں صدارتی امیدواروں کے نام چھپے ہوں گے۔

    ہر رکن خفیہ طریقے سے اپنے پسندیدہ امیدوار کے نام کے سامنے نشان لگا کر اس کے حق میں اپنا ووٹ دے گا۔ یہ بیلٹ پیپر پریزائڈنگ افسر کے سامنے پڑے ہوئے بیلٹ بکس میں ڈالا جائے گا۔

    پولنگ کا مقررہ وقت ختم ہونے کے بعد ہر پریزائڈنگ افسر انتخاب لڑنے والے امیدواروں یا ان کے نمائندوں کے سامنے بیلٹ بکس کھولے گا اور اس میں موجود ووٹ ان افراد کے سامنے گنے جائیں گے۔ ووٹوں کی اس گنتی سے چیف الیکشن کمشنر کو آگاہ کیا جائے گا۔

    چیف الیکشن کمشنر چاروں صوبائی اسمبلیوں، سینیٹ اور قومی اسمبلی کے ووٹوں کی گنتی مکمل ہونے کے بعد انہیں اکٹھا کریں گے اور زیادہ ووٹ حاصل کرنے والے شخص کو  ملک کا منتخب صدرقرار دیں گے۔

    اگر دو یا زیادہ امیدوار ایک جتنے ووٹ حاصل کریں تو فیصلہ قرعہ اندازی کے ذریعے ہوگا۔

    چیف الیکشن کمشنر گنتی مکمل ہونے کے بعد منتخب امیدوار کے نام کا اسی وقت قومی اسمبلی میں اعلان کریں گے اور اس سے وفاقی حکومت کو بھی آگاہ کریں گے جو ان نتائج کا سرکاری اعلان کرے گی۔ نو منتخب صدر سے ملک کے چیف جسٹس آئین کے مطابق حلف لیں گے۔

  • بیرون ممالک پاکستانیوں کی ووٹ رجسٹریشن آج سےشروع ہورہی ہے

    بیرون ممالک پاکستانیوں کی ووٹ رجسٹریشن آج سےشروع ہورہی ہے

    اسلام آباد : الیکشن کمیشن آف پاکستان بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی آج سے آن لائن رجسٹریشن شروع کررہا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن بیرون ممالک پاکستانیوں کی ووٹ رجسٹریشن آج سے شروع کررہا ہے، رجسٹریشن کا عمل 15 ستمبر تک جاری رہے گا۔

    الیکشن کمیشن کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹرجنرل ندیم قاسم کا کہنا ہے کہ مستند مشین ریڈایبل پاسپورٹ رکھنے والے بیرون ملک مقیم پاکستانی رائے دہندہ کی حیثیت سے اپنا اندراج کرواسکتے ہیں۔

    ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ ووٹنگ کا یہ آن لائن رجسٹریشن سسٹم الیکشن کمیشن اور نادرا کے تعاون سے تیار کیا گیا ہے۔

    الیکشن کمیشن کے شعبہ تعلقات عامہ کے ڈائریکٹرجنرل کا ایک سوال کے جواب میں کہنا تھا کہ یہ ایک آزمائشی منصوبہ ہے اور بیرون ملک مقیم پاکستانی آئندہ ضمنی انتخابات میں اپنا حق رائے دہی استعمال کرنے کے لیے اپنے ووٹ رجسٹر کراسکتے ہیں۔

    ندیم قاسم کا کہنا تھا کہ سات لاکھ سے زائد بیرون ملک مقیم پاکستانی اس نئے نظام کے ذریعے اپنے ووٹ کا اندراج کراسکیں گے۔

    سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دے دیا

    یاد رہے کہ گزشتہ ماہ 17 اگست کو سپریم کورٹ نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کو ووٹ کا حق دیا تھا، اوورسیزپاکستانی ضمنی انتخابات میں ووٹ ڈال سکیں گے۔

  • آج افسوس سےکہتا ہوں کہ اس مینڈیٹ میں دھاندلی کی ملاوٹ ہے‘ حمزہ شہباز

    آج افسوس سےکہتا ہوں کہ اس مینڈیٹ میں دھاندلی کی ملاوٹ ہے‘ حمزہ شہباز

    لاہور: مسلم لیگ ن کے رہنما حمزہ شہبازشریف کا کہنا ہے کہ اقتدارآنی جانی چیزہے، ہمیں اقتدارکی کوئی خواہش نہیں ہے، ہماری خواہش ہے کہ پاکستان قائداعظم کا خوشحال پاکستان بنے۔

    تفصیلات کے مطابق پنجاب اسمبلی میں وزیراعلیٰ کا انتخاب ہارنے والے مسلم لیگ ن کے نامزد امیدوار حمزہ شہباز نے ایوان میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہا کہ تیسری حکومت ہے جوجمہوری نظام کے تحت وجود میں آئی۔

    حمزہ شہبازکا کہنا تھا کہ آج افسوس سے کہتا ہوں کہ اس مینڈیٹ میں دھاندلی کی ملاوٹ ہے، جیت کسی اورکی نہیں بلکہ پاکستانی عوام کی ہونی چاہیے تھی۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کمیشن کے پاس بہت زیادہ اختیارات ہیں، آرٹی ایس سسٹم نہیں بیٹھا تھا پاکستان کی جمہوریت پرشب خون مارا گیا تھا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ الیکشن کی رات ایک دم سے آرٹی ایس سسٹم بیٹھنے کی خبرآئی، لیکشن کمیشن نے21 ارب خرچ کیے، یہ عوامی پیسہ تھا میرا نہیں۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ دھاندلی کے شور میں جیت کی خوشی بہت ماند پڑگئی ہے، بہت سے ایسے حلقے ہیں جہاں جیت کا مارجن مسترد ووٹوں سے کم ہے۔

    پنجاب اسمبلی میں تقریر کے دوران حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ الیکشن نتائج دینے میں تاخیرہوئی، پاکستان کی تاریخ میں کبھی ایسا نہیں دیکھا۔

    مسلم لیگ ن کے رہنما کا کہنا تھا کہ پاکستان بھرسے تمام جماعتوں نے الیکشن میں دھاندلی کی بات کی، بیلٹ پیپر پولنگ بوتھ سے نہیں، نالوں اوراسکولزکی ڈیسکوں سے ملے۔

    حمزہ شہباز کا کہنا تھا کہ پاکستان کی تاریخ میں دھاندلی کی کبھی ایسی مثال نہیں دیکھی، آج پاکستان کوبہت سے چیلنجزکا سامناہے، ہمیں مل کربیٹھنا ہوگا۔

    تحریک انصاف کےعثمان بزدار وزیراعلیٰ پنجاب منتخب

    واضح رہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے نامزد امیدوار عثمان بزدار پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ منتخب ہوگئے۔

  • ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قدریں مشترک نہیں ہیں، شاہ محمود قریشی

    ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قدریں مشترک نہیں ہیں، شاہ محمود قریشی

    اسلام آباد : تحریک انصاف کے مرکزی رہنما شاہ محمود قریشی نے کہا ہے کہ اتحادیوں نے اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے دونوں امید واروں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان تحریک انصاف کے وائس چیئرمین شاہ محمود قریشی نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ امید ہےآج پی ٹی آئی کےامیدوارکامیاب ہوں گے، کیوں کہ قومی اسمبلی میں پی ٹی آئی کو اراکین اسمبلی کی واضح حمایت حاصل ہے۔

    پاکستان کے سابق وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ اتحادیوں نے ہمارے دونوں امید واروں پر اعتماد کا اظہار کیا ہے، ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا غیر فطری الائنس ہے۔

    پاکستان تحریک کے مرکزی رہنما نے میڈیا سے گفتگو کے دوران کہا کہ ن لیگ اور پیپلزپارٹی کی قدریں مشترک نہیں ہیں، اس لیے ن لیگ اور پیپلزپارٹی کا الائنس دیرپا نہیں ہے، دونوں جماعتوں نے ایک دوسرے پر تحفظات کا اظہار کیا ہے۔

    رہنما پی ٹی آئی شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ دونوں جماعتوں کے ممبران کا حوصلہ ہوگا کہ خورشید شاہ کو ووٹ دیں، آئندہ ایک دو روزمیں دونوں جماعتوں میں تحفظات سامنے آجائیں گے۔

    خیال رہے کہ آج اراکان قومی اسمبلی اپنے حق رائے دہی کے ذریعے اسپیکر اور ڈپٹی برائے قومی اسمبلی کا انتخاب کریں گی، اسپیکر کے لیے پی ٹی آئی کے اسد قیصر اور پی پی پی کے خورشید شاہ کے درمیان کانٹے کا مقابلہ متوقع ہے۔

    ڈپٹی اسپیکرکے لئے پی ٹی آئی کے نامزد امیدوار قاسم سوری اوراپوزیشن کے امیدوار اسد محمود میدان میں ہیں

    یاد رہے کہ اسپیکر اور ڈپٹی اسپیکرکے لئے 4 امیدوارمیدان میں ہیں، چاروں امیدواروں نے کاغذات گذشتہ روز جمع کرائے تھے۔

    واضح رہے کہ اسپیکراورڈپٹی اسپیکرکا انتخاب خفیہ رائے شماری سے ہوگا، پہلے مرحلے میں اسپیکر کا انتخاب قاعدہ 9 باب 3 کے تحت ہوگا.

    موجودہ اسپیکرایازصادق نئے اسپیکر کے لئے اجلاس کی صدارت کریں گے، اس موقع پر کسی بھی رکن کو موبائل سے ووٹ کی تصویربنانے کی اجازت نہیں ہوگی، ہرووٹرکو بیلٹ پیپر سیکرٹری اسمبلی کی طرف سے جاری ہوگا.

  • ضمنی الیکشن لڑنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں: مولانا فضل الرحمان

    ضمنی الیکشن لڑنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں: مولانا فضل الرحمان

    اسلام آباد: جمعیت علمائے اسلام (ف) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ضمنی الیکشن لڑنے سے متعلق خبروں کو بے بنیاد قرار دے دیا.

    تفصیلات کے مطابق مولانا فضل الرحمان نے ضمنی انتخابات نہ لڑنے کا فیصلہ کرتے ہوئے اس نوع کی خبروں کی تردید کر دی ہے.

    ابتداً یہ خیال کیا جارہا تھا کہ مولانا فضل الرحمان این اے 35 بنوں سے ضمنی الیکشن لڑیں گے، البتہ اب ان کی جانب سے اس کی تردید کی گئی ہے.

    جمعیت علمائے اسلام ف کے سربراہ نے مرکزی وصوبائی مجلس عاملہ و شوریٰ کو اپنے فیصلے سے آگاہ کر دیا  اور واضح‌کیا ہے کہ ضمنی الیکشن لڑنے سے متعلق خبریں بے بنیاد ہیں.

    یاد رہے کہ جمعیت علمائے اسلام (ف) نے ایم ایم اے کی پلیٹ فورم سے الیکشن میں حصہ لیا تھا، جس کے سربراہ مولانا فضل الرحمان تھے، مگر یہ اتحاد الیکشن میں متوقع کارکردگی دکھانے میں‌ ناکام رہا.

    الیکشن کے بعد مولانا فضل الرحمان کی جانب سے الیکشن کو دھاندلی زدہ قرار دیتے ہوئے اے پی سی بلائی اور اسمبلیوں میں‌حلف نہ لینے کا عندیہ دیا تھا، مگر اپوزیشن کی دیگر جماعتوں نے پارلیمنٹ میں جانے کا فیصلہ کیا.

    اس وقت ایم ایم اے قومی اسمبلی کی چوتھی بڑی جماعت ہے.

  • حلف اٹھانے کے بعد الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کا  مطالبہ کریں گے: شہبازشریف

    حلف اٹھانے کے بعد الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کا  مطالبہ کریں گے: شہبازشریف

    لاہور:  مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ حلف اٹھانےکے بعد الیکشن میں دھاندلی کی تحقیقات کا  مطالبہ کریں گے.

    ان خیالات کا اظہار انھوں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا. ان کا کہنا تھا کہ اسمبلی میں حلف اٹھانے کے بعد انتخابی دھاندلی پر بات ہوگی.

    شہبازشریف نے کہا کہ الیکشن میں مبینہ طور پر دھاندلی ہوئی ہے، سیاسی جماعتوں نے کل بھرپور احتجاج کیا، سب کے حوصلے بلند ہیں، موسم کی خرابی کے باعث کل احتجاج میں شریک نہیں ہوسکا.

    نوازشریف نےقوم سےدعاکےلیے کہا ہے، فیصلے کے خلاف اپیل کرنا نوازشریف کا قانونی حق ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی سے متعلق انکوائری کا مطالبہ کرنا سب کا حق ہے، ووٹ کےساتھ ناانصافی ہوئی، انتخابات میں دھاندلی کی تحقیقات کے لئے پارلیمانی کمیشن کامطالبہ کیا ہے.


    شہباز شریف کی درخواست منظور، فیصل واوڈا کی کامیابی کا نوٹی فکیشن روکنے کا حکم


    شہبازشریف کا کہنا تھا کہ تحقیقات کی جائیں الیکشن کے دن آرٹی ایس سسٹم کیسے بند ہوا، آرٹی ایس کی مشینری کیوں بند کرائی گئی ، ووٹوں کی گنتی سست روی کا شکار کیوں ہوئی، مذاکرات ایک حقیقت ہے، مگر این آراو نہ کوئی لینا چاہتا ہے، نہ ہی دینا چاہتا ہے.

    ان کا کہنا تھا کہ ناانصافیوں کےباوجودن لیگ پنجاب کی بڑی جماعت ہے، پارلیمانی کمیشن کوٹاسک دیا جائے، حقائق جاننے کا پوری قوم کو حق ہے.

    شہبار شریف کے مطابق الیکشن سےقبل پر چے کٹے، گرفتاریاں ہوئیں، برادشت سے مقابلہ کیا، خریدو فروخت کا سیاسی بازار لگا اور انسانیت شرما گئی، یوم آزادی تو منائیں گے مگر شفاف الیکشن کی خوشی نہیں منائیں گے.

  • سندھ میں دوبارہ الیکشن کرائےجائیں‘ اسماعیل شاہ راشدی

    سندھ میں دوبارہ الیکشن کرائےجائیں‘ اسماعیل شاہ راشدی

    خیرپور: نائب صدر مسلم لیگ فنکشنل سندھ سید اسماعیل شاہ راشدی کا کہنا ہے کہ انتخابات میں دھاندلی کے ثبوت موجود ہیں، سازش کے تحت جی ڈی اے کے امیدواروں کو ہرایا گیا ہے۔

    تفصیلات کے مطابق خیرپورمیں اپنی رہائش گاہ پرکارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے نائب صدر مسلم لیگ فنکشنل سندھ سید اسماعیل شاہ راشدی نے کہا کہ الیکشن میں جی ڈی اے امیدواروں کو سندہ بھر سے ایک سازش کے تحت شکست دی گئی۔

    سید اسماعیل شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ الیکشن پر21 ارب روپے خرچ ہوئے پر افسوس کہ آر ٹی سی سسٹم بھی فیل ہوگیا جس کا مطلب نتائج من پسند ہی دینے تھے۔

    نائب صدرمسلم لیگ فنکشنل سندھ کا یہ بھی کہنا تھا کہ سندہ میں ایک کرپٹ تنظیم کو تیسری باری دی گئی ہے جس کا مطلب سندہ کو مزید پیچھے دھکیلنا ہے۔

    اسماعیل شاہ راشدی کا کہنا تھا کہ ہمارے ایجنٹوں کو پولنگ ختم ہونے کے بعد باہر نکالا گیا جبکہ ہمیں فارم 45 بھی نہیں دیا گیا۔

    انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس 31 پر مخالف امیدوار کی ملی بھگت سے من پسند پرزائیڈنگ افسر تعینات کیے گئے جن پر ہم نے الیکشن سے قبل ہی الیکشن کمیشن کو آن رکارڈ شکایات کی پرکوئی ایکشن نہیں لیا گیا۔

    نائب صدرمسلم لیگ فنکشنل سندھ کا کہنا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے تمام ثبوت عدالت میں پیش کریں گے۔ اسماعیل شاہ نے مطالبہ کیا کہ سندہ میں دوبارہ الیکشن کرائے جائیں دیگر صورت شدید احتجاج کیا جائے گا۔

    یاد رہے کہ تین روز قبل سربراہ جی ڈی اے نے انتخابات میں دھاندلی کے خلاف عدالت جانے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ الیکشن میں دھاندلی کے خلاف عدالت سے رجوع کریں گے۔


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں۔ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کے لیے سوشل میڈیا پر شیئر کریں۔

  • الیکشن کمیشن کا انتخابی نتائج میں تاخیر کی تحقیقات کا فیصلہ

    الیکشن کمیشن کا انتخابی نتائج میں تاخیر کی تحقیقات کا فیصلہ

    اسلام آباد: الیکشن کمیشن نے انتخابی نتائج میں تاخیر کی تحقیقات کا فیصلہ کر لیا.

    تفصیلات کے مطابق الیکشن کمیشن نے 25 جولائی کو ملک بھر میں ہونے والے عام انتخابات کے نتائج میں تاخیر کی شکایات پر تحقیقات کا فیصلہ کیا ہے۔

    اس ضمن میں الیکشن کمیشن نے آرٹی ایس کی تحقیقات کے لئے کابینہ ڈویژن کو مراسلہ ارسال کر دیا ہے۔

    مراسلے میں ہدایت کی گئی ہے کہ چار ہفتے میں تحقیقات کر کے الیکشن کمیشن کو آگاہ کیا جائے۔

    مراسلے میں الیکشن کمیشن نے کابینہ ڈویژن سے یہ مطالبہ بھی کیا گیا کہ انتخابی نتائج میں تاخیرکی تحقیقات کے لئے کمیٹی تشکیل دی جائے۔

    اس تحقیقاتی کمیٹی میں نیشنل ٹیلی کمیونی کیشن آئی ٹی سیکیورٹی بورڈ شامل ہوں گے۔ ساتھ ہی پی ٹی اے کے ماہرین کو بھی کمیٹی میں شامل کیاجائے۔

    الیکشن کمیشن کے مراسلے کے مطابق آرٹی ایس کاجائزہ لے کرآئندہ کے لئے سفارشات بھی مرتب کرے گا۔

    یاد رہے کہ عام انتخابات میں پاکستان تحریک انصاف وفاق کے ساتھ ساتھ پنجاب اور کے پی کے میں سب سے بڑی پارٹی بن کر سامنے آئی تھی۔

    اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے ان نتائج تو مسترد کرتے ہوئے تحقیقات کا مطالبہ کیا گیا۔


    الیکشن 2018: ووٹوں کی دوبارہ گنتی کے لیے ایم کیو ایم کی درخواست دائر


    خبر کے بارے میں اپنی رائے کا اظہار کمنٹس میں کریں‘ مذکورہ معلومات کو زیادہ سے زیادہ لوگوں تک پہنچانے کےلیے سوشل میڈیا پرشیئر کریں۔