Tag: الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز، نیوز ڈائریکٹرز

  • ایمنڈ نے پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ مسودے کو مسترد کر دیا

    ایمنڈ نے پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ مسودے کو مسترد کر دیا

    اسلام آباد: الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز، نیوز ڈائریکٹرز کی تنظیم ایمنڈ نے پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ مسودے کو مسترد کر دیا۔

    تفصیلات کے مطابق پاکستان میڈیا ڈیویلپمنٹ اتھارٹی کے مجوزہ مسودے پر ایمنڈ نے بیان جاری کرتے ہوئے کہا ہے الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز، نیوز ڈائریکٹرز کا ویڈیو لنک پر ہنگامی اجلاس ہوا، جس میں پی ایم ڈی اے کے مجودہ مسودے پر تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

    ایمنڈ نے بیان میں کہا کہ ہم پی ایم ڈی اے کا مجوزہ مسودہ متفقہ طور پر مسترد کرتے ہیں، یہ مسودہ میڈیا کو دباؤ میں لانے اور کنٹرول کرنے کی کوشش ہے، اس سے میڈیا کی آزادی میں رکاوٹ آئے گی۔

    مجوزہ مسودے پر ایمنڈ نے اپنا مؤقف پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ میڈیا کو دباؤ میں لانے اور اطاعت پر مجبور کرنے کا ذریعہ بنے گا، ہم پی ایم ڈی اے کے مجوزہ مسودے کو ڈریکونین قانون سے تعبیر کرتے ہیں، اور قانونی کارروائی سمیت ہر سطح پر اس کی مخالفت کی جائے گی۔

    ایمنڈ نے بیان میں کہا ہے کہ پی بی اے، پی ایف یو جے، سی پی این ای، اے پی این ایس سے یہ معاملہ اٹھایا جائے گا، اس سلسلے میں الیکٹرانک میڈیا اور صحافتی تنظیموں سے رابطے کے لیے کمیٹی قائم کی جا رہی ہے، جو میڈیا، صحافتی تنظیموں سے مشترکہ لائحہ عمل پر بات کرے گی۔

    ‘میڈیا کے نئے قانون سے صرف میڈیا ورکرز کو فائدہ’

    بیان کے مطابق مسودے کے خلاف مشترکہ لائحہ عمل اور بیانیے کے لیے تمام باڈیز سے ملاقات ہوگی، مسودے پر اعتراضات اور تحفظات کا معاملہ وفاقی حکومت سے بھی اٹھایا جائے گا۔

    یاد رہے کہ آج وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے ایک ٹوئٹ میں کہا ہے کہ میڈیا کے اس نئے قانون سے فائدہ صرف میڈیا ورکرز کو ہے، میڈیا ورکرز تنخواہیں نہ ملنے پر اداروں کے خلاف عدالت سے رجوع کر سکیں گے۔

    پیپلز پارٹی نے بھی پاکستان میڈیا ڈویلپمنٹ اتھارٹی آرڈیننس 2021 کو مسترد کر دیا ہے، شیری رحمان کا اس سلسلے میں کہنا تھا کہ حکومت آرڈیننس سے دباؤ ڈالنے کی کوشش کر رہی ہے، جرنلسٹ پروٹیکشن بل پاس ہونے کے بعد یہ آرڈیننس لانا حکومت کے دہرے معیار کا ثبوت ہے، اور اس کوڈیجیٹل پلیٹ فارم پر قابو پانے کے لیے استعمال کیا جا سکتا ہے۔