اسلام آباد (26 اگست 2025): وزیراعظم شہباز شریف نے ملک بھر سے تعلیمی میدان میں اہم کارکردگی دکھانے والے طلبہ میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کیں۔
اے آر وائی نیوز کے مطابق اسلام آباد میں نیو انرجی وہیکلز پالیسی کی افتتاحی تقریب ہوئی، جس میں وزیراعظم شہباز شریف نے وفاق سمیت ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ میں الیکٹرک بائیکس تقسیم کیں۔
اس موقع پر وزیراعظم نے تقریب کے شرکا سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج ملک بھر کے طلبہ کو میرٹ پر الیکٹرک بائیکس فراہم کی گئی ہیں۔ اس میں بلوچستان کے نوجوانوں کے لیے 10 فیصد اضافی کوٹہ رکھا گیا ہے۔
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان ماحولیاتی تبدیلیوں سے شدید متاثرہ ملکوں میں شامل ہے اور نئی پالیسی حکومت کے ماحول دوست اقدامات کی جانب اہم پیشرفت ہے۔ ای وی پالیسی سے موسمیاتی تبدیلی کے اثرات پر قابو پانے میں مدد ملے گی۔ پالیسی بنانے کیلیے معاونت پر تمام اسٹیک ہولڈرز اور برطانوی حکومت کے مشکور ہیں۔
View this post on Instagram
واضح رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے گزشتہ مہینے ملک بھر کے تعلیمی بورڈز کے پوزیشن ہولڈرز طلبہ کو مفت ای بائیکس دینے کا اعلان کیا تھا۔
https://urdu.arynews.tv/government-electric-vehicles-scheme-for-students-7-18-2025/