Tag: الیکٹرک کار

  • الیکٹرک کار کی وجہ سے گھر جل کر تباہ ہوگیا

    الیکٹرک کار کی وجہ سے گھر جل کر تباہ ہوگیا

    الیکٹرک کار میں لگنے والی آگ اس قدر خوفناک اندز میں بھڑکی کہ گھر جل کر تباہ ہوگیا جبکہ مکینوں نے بڑی مشکل سے جان بچائی۔

    برطانوی میڈیا رپورٹس کے مطابق جلنے والی الیکٹرک کار ہیمپشائر کے علاقے چاندلر فورڈ میں گھر کے باہر کھڑی تھی، یہ الیکٹرک کار رات بھر چارج ہوتی رہی تھی جبکہ جمعہ کی صبح تقریباً 5 بجے کے قریب اس میں خوفناک طریقے سے آگ لگ گئی۔

    ڈرائیو وے پر الیکٹرک کار میں آگ لگنے سے مکان جل کر خاکستر ہو گیا،اس دوران تین مختلف فائر اسٹیشنوں کے عملہ آگ بجھانے جائے وقوع پر پہنچا۔

    آگ کے شعلے ڈرائیو وے پر دو دیگر کاروں تک پھیل گئے اور گھر تک پہنچ گئے، وہاں لگے سی سی ٹی وی کیمرے کی ریکارڈنگ میں دیکھا جاسکتا ہے کہ آگ کس قدر خطرناک تھی اور وہاں کافی مقدار میں کالا دھواں بھی پھیل گیا تھا۔

    تاہم ریسکیو عملے نے فوری کارروائی کرتے ہوئے گھر کے اندر موجود سبھی افراد کو نکال لیا اور حادثے میں کسی کو کوئی نقصان نہیں پہنچا۔

    دن کی روشنی میں لی گئی تصاویر سے پتہ چلتا ہے کہ گھر کے سامنے والے حصے کو شدید نقصان پہنچا، جس میں کئی کھڑکیوں کے شیشے اڑ گئے ہیں اور اینٹوں اور لکڑی کا کام دھوئیں سے سیاہ ہو چکا ہے۔

    ہیمپشائر فائر اینڈ ریسکیو کے ترجمان نے بتایا کہ فائر فائٹرز نے آگ پر قابو پالیا جس میں متعدد گاڑیوں کو نقصان پہنچا آگ آج صبح چاندلر فورڈ میں چارلیکوٹ ڈرائیو پر واقع ایک گھر تک پھیل گئی تھی۔

  • سونے کی الیکٹرک کار حاصل کریں صرف 500 درہم میں

    سونے کی الیکٹرک کار حاصل کریں صرف 500 درہم میں

    دبئی: 24 قیراط کے اصلی سونے کی سنہری چمچماتی گاڑی دبئی کے ’گولڈ سوق ایکسٹنشن ڈرا‘ میں نمائش کے لیے پیش کر دی گئی۔

    سونے کی یہ الیکٹرک کار صرف پانچ سو درہم میں کوئی بھی حاصل کر سکتا ہے، ٹیسلا کمپنی کی یہ گولڈ پلیٹیٹڈ الیکٹرک آئیکونک گاڑی اپنے جدید ترین ڈیزائن کی وجہ سے مشہور ہے۔

    ’دبئی گولڈ سوق ایکسٹینشن‘ تقریباً 300 دکانوں پر مشتمل شاپنگ سینٹر ہے، جس میں 29 دسمبر تک پانچ سو درہم کی خریداری کرنے والا ہر شخص قرعہ اندازی میں شمولیت کا اہل ہوگا، ہر پانچ سو درہم خریداری پر خریدار کو سونے کی الیکٹرک کار جیتنے کے لیے ایک ٹکٹ ملے گا۔

    سونے کی پلیٹوں والا یہ ٹیسلا سائبرٹرک جیتنے والے خوش نصیب کا اعلان 29 دسمبر کو ہی کیا جائے گا۔

    سونے کی اس چمچماتی گاڑی کی اصل قیمت تو نہیں بتائی گئی ہے، لیکن سونے کی پلیٹنگ کے بغیر مارکیٹ میں اس برانڈ کی نئی کار کی قیمت تقریباً 4 لاکھ 90 ہزار اماراتی درہم ہے۔

  • سمندری طوفان کے بعد الیکٹرک کاروں میں آگ لگنے گی، ویڈیو سامنے آ گئی

    سمندری طوفان کے بعد الیکٹرک کاروں میں آگ لگنے گی، ویڈیو سامنے آ گئی

    امریکا میں سمندری طوفان ہیلین کے بعد کھارے پانی کی وجہ سے الیکٹرک کاروں میں آگ بھڑکنے لگی، اس سلسلے میں ایک ویڈیو بھی سامنے آئی ہے جو سوشل میڈیا پر وائرل ہو گئی ہے۔

    سمندری طوفان سے متاثرہ امریکی ریاستوں کے حکام نے خبردار کیا ہے کہ جن الیکٹرک گاڑیوں میں سمندر کا کھارا پانی چلا گیا ہے، ان میں آگ لگنے کا خطرہ ہے۔

    حکام نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ اگر انھوں نے الیکٹرک گاڑیاں یا گولف کارٹس کو گیراج یا عمارتوں کے نیچے کھڑا کر دیا ہے، اور وہ ان تک اب نہیں پہنچ پا رہے، تو حکام کو اطلاع دی جائے۔

    حکام کے مطابق نمکین پانی الیکٹرک گاڑیوں میں بیٹری کے اجزا کو نقصان پہنچا سکتا ہے، اور ممکنہ طور پر خطرناک کیمیائی رد عمل کا باعث بنتا ہے، جس کی وجہ سے گاڑی میں آگ لگ سکتی ہے۔ اس لیے حکام نے کہا کہ جو لوگ اپنی الیکٹرک گاڑیاں پیچھے چھوڑ کر متاثرہ علاقوں سے نکل گئے ہیں وہ ایمرجنسی سروسز سے رابطہ کریں۔

    حکام نے رہائشیوں کو یہ مشورہ بھی دیا ہے کہ وہ سیلاب زدہ الیکٹرک گاڑی کو خود منتقل نہ کریں، بلکہ مدد کے لیے حکام سے رابطہ کریں۔ واضح رہے کہ فلوریڈا، جارجیا، شمالی کیرولائنا، جنوبی کیرولائنا، الاباما اور ورجینیا نے تباہ کن سمندری طوفان کے پیش نظر ہنگامی حالات کا اعلان کر دیا ہے، اس طوفان نے جنوبی امریکا کو اپنی لپیٹ میں لے رکھا ہے۔

    ایک اندازے کے مطابق مختلف حادثات میں تقریباً 100 افراد ہلاک ہو چکے ہیں، اور لاکھوں افراد بجلی کی بندش سے متاثر ہوئے ہیں، حکام کے مطابق بہت سے لوگ پورے خطے میں پھنسے ہوئے ہیں یا پناہ کے بغیر ہیں۔

  • پہلی ’ذہین‘ سی یو وی کار لانچ، ایک سال کی چارجنگ مفت

    پہلی ’ذہین‘ سی یو وی کار لانچ، ایک سال کی چارجنگ مفت

    نئی دہلی: بھارت میں پہلی ’ذہین‘ سی یو وی کار لانچ کی گئی ہے، جسے خریدنے پر ایک سال کی چارجنگ سہولت مفت ملے گی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹس کے مطابق ایم جی موٹرز انڈیا نے ’ایم جی ونڈسر‘ کے نام سے ایک نئی ’انٹیلیجنٹ سی یو وی‘ کار لانچ کی ہے، جس کی قیمت کا آغاز ساڑھے 13 لاکھ انڈین روپے سے ہوتا ہے۔

    اس کار کو ’ذہین سی یو وی‘ اس لیے کہا جا رہا ہے کیوں کہ اس میں سیڈان والی تسکین، اور SUV والی کشادگی یکجا کی گئی ہے، جس نے اسے بزنس کلاس کے لیے ایک پُر تعیش پیش کش بنا دیا ہے۔

    ’جے ایس ڈبلیو ایم جی موٹر انڈیا‘ نے اس ’ونڈسر‘ کار کی قیمت 13,49,800 روپے مقرر کی ہے، اور اسے بھارتی کی پہلی ذہین کار کہا جا رہا ہے۔

    اس ذہین CUV کار کا ایئرو ڈائنامک ڈیزائن طلسماتی ہے اس لیے تیز رفتاری میں اس پر ہوا کے اثرات قابو میں رہتے ہیں، اس کا انٹیریئر شان دار اور کشادہ ہے، تحفظ کا خیال بہت زیادہ رکھا گیا ہے، اور اس کا سسٹم اسمارٹ کیکٹیویٹی پر مبنی ہے، ڈرائیونگ میں آرام دہ اور بہت سی ہائی ٹیک خصوصیات کے ساتھ اسے لانچ کیا گیا ہے۔

    نیشنل اور ساؤتھ ایشیا ٹیبل ٹینس چیمپئن نینا جیسوال نے ایم جی موٹر اور پی پی ایس موٹرز کے عہدے داروں کی موجودگی میں اس کار کا افتتاح کیا۔ صارفین کے ذہنی سکون کے لیے ایم جی ونڈسر پر بیٹری پر تاحیات وارنٹی، تین سال کے بعد 60 فی صد بائی بیک کی یقین دہانی، اور ایم جی ایپ کے ذریعے پبلک چارجرز پر ایک سال کی مفت چارجنگ کی سہولت بھی دی گئی ہے۔

    ایم جی ونڈسر چار رنگوں میں دستیاب ہے: اسٹاربرسٹ بلیک، پرل وائٹ، کلے بیج، اور فیروزی گرین۔ یہ تین مختلف قیمتوں میں دستیاب ہے، ایکسائٹ کی قیمت 13,49,800، ایکسکلوزیو کی 14,49,800، ایسسنس کی قیمت 15,49,800 ہے۔

  • الیکٹرک کار کمپنی کو ایک لاکھ  آرڈرز موصول، قیمت جان کر حیران رہ جائیں ؟

    الیکٹرک کار کمپنی کو ایک لاکھ آرڈرز موصول، قیمت جان کر حیران رہ جائیں ؟

    دنیا کی دوسری سب سے بڑی سمارٹ فون بنانے والی کمپنی، شاؤمی نے اپنی نئی الیکٹرک کار SU7 لانچ کردی ہے، کمپنی کو ابتدائی 24گھنٹوں کے دوران تقریباً ایک لاکھ آرڈرز مل چکے ہیں۔ جوکہ ایک اہم سنگ میل ہے۔

    اکنامک ٹائمز کی رپورٹ کے مطابق کار کے سٹینڈرڈ ماڈل SU7 کی قیمت 215900 یوآن (29870 ڈالر) کی رکھی گئی ہے جو کہ اس طرز کی خوبصورت ڈیزائن والی گاڑی کیلئے بہت مناسب ہے۔

    اگرچہ شاؤمی الیکٹرک کار مارکیٹ میں آنے والی نئی کمپنی ہے، اس کے باوجود کمپنی نے اپنی الیکٹرک کار SU7 کی قیمتیں صارفین کی سہولت کے لئے انتہائی کم رکھی ہیں، یوں شاؤمی صارفین کی توجہ اپنی جانب مبذول کروانے میں کامیاب ہوچکی ہے۔

    کمپنی کو گاڑی کے لئے بہت زیادہ آرڈر ملنے کے بعد شاؤمی نے اس حوالے سے اعلان کردیا ہے کہ خریداروں کو اپنے SU7 کی ڈیلیوری کے لیے چار سے سات ماہ تک انتظار کرنا پڑ سکتا ہے۔

    کمپنی کا سمارٹ فیچرز جیسا کہ ایڈوانس ڈیش بورڈز، چینی صارفین کی ترجیحات کو ظاہر کرتا ہے اور مارکیٹ میں گاڑی کی مانگ کو مزید بڑھانے میں بنیادی رول پلے کررہا ہے۔

    فیس بک نے صارفین کا ذاتی ڈیٹا لیک کردیا ۔۔

    مزید برآں، شاؤمی کی جانب سے SU7 کی مناسب قیمت دیگر الیکٹرک کاریں بنانے والی کمپنیوں کو اس بات پر مجبور کرسکتی ہے کہ وہ بھی اپنی گاڑیوں کی قیمتوں کو کم کریں۔

  • سعودی عرب میں الیکٹرک کاریں رکھنے والوں کیلئے خوشخبری

    سعودی عرب میں الیکٹرک کاریں رکھنے والوں کیلئے خوشخبری

    سعودی عرب میں الیکٹرک کاریں رکھنے والوں کیلئے اچھی خبر سامنے آگئی، 2030 تک الیکٹرک گاڑیوں کے لیے ایک ہزار چارجنگ پوائنٹ قائم کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔

    بین الاقوامی خبر رساں ادارے کی رپورٹ کے مطابق آٹوٹوٹیو انفراسٹریکچر کمپنی کے ایگزیکٹیو چیئرمین محمد قزاز کا اس حوالے سے کہنا ہے کہ الیکڑک چارچنگ پوائنٹس پر پانچ ہزار تیز رفتار چارجر فراہم کئے جائیں گے۔

    محمد قزاز نے کہا کہ ریاض میں پہلے پوائنٹ کا افتتاح اس کی شروعات ہے۔ ریاض میں الیکٹرک گاڑیوں کی چارجنگ کے مزید پوائنٹ قائم کئے جائیں گے۔

    اُن کا کہنا تھا کہ الیکٹرک گاڑیوں کے مالکان جن خدشات کا اظہار کررہے ہیں ان میں سے ایک یہ ہے کہ الیکٹرک گاڑیوں کے چارجنگ پوائنٹ مہیا نہیں ہیں۔

    انہوں نے بتایا’ریاض میں الیکٹرک گاڑیوں کا نیا چارجنگ پوائنٹ دو نئے تیز رفتار چارجرز پر مشتمل ہے۔ ان میں سے ہر ایک سو کلو واٹ سے زیادہ کی انرجی رکھتا ہے۔‘

    آئی فون صارفین کو واٹس ایپ نے خوشخبری سنادی

    محمد قزاز نے کہا کہ الشرقیہ ریجن اور مغربی ریجن میں بھی اس کا اہتمام کیا جائے گا، بڑی تعداد میں چارجنگ پوائنٹس قائم ہونے پر اس حوالے سے خدشات دور ہوجائیں گے۔

  • الیکٹرک کار میں خوفناک آتشزدگی، ویڈیو نے خوفزدہ کردیا

    الیکٹرک کار میں خوفناک آتشزدگی، ویڈیو نے خوفزدہ کردیا

    بنگلورو : بھارت میں سڑک پر چلتی کار میں اچانک خوفناک آگ بھڑک اٹھی جس کے نتیجے میں کار جل کر تباہ و برباد ہوگئی۔

    بھارتی میڈیا رپورٹ کے مطابق یہ واقعہ جے پی نگر کے ڈالمیا سرکل میں گزشتہ روز پیش آیا جس میں کسی کی موت یا پھر جھلسنے کی کوئی اطلاع نہیں ملی ہے تاہم کار مکمل طور پر خاکستر ہوگئی۔

    سوشل میڈیا پر وائرل ہونے والی ایک ویڈیو میں بھارتی ریاست کرناٹک کے شہر بنگلورو میں ایک الیکٹرک کار کو سڑک کے بیچوں بیچ بلند بالا شعلوں میں گھرے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔

    سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر ویڈیو پوسٹ کرنے والے صارف کے مطابق جب کار جے پی نگر کے ڈالمیا سرکل پر پہنچی تو اس میں اچانک آگ لگ گئی۔ تاہم واقعے میں جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ہے اور آگ لگنے کی وجہ تاحال معلوم نہیں ہوسکی ہے۔

    واضح رہے کہ اس سے قبل عام پیٹرول گاڑیوں میں اندرونی خرابی کی وجہ سے آگ لگنے کے واقعات پیش آچکے ہیں جس کی شکایت پر کمپنی نے نوٹس لیتے ہوئے ان ماڈلز کی گاڑیوں کو واپس منگوا کر اس کی مرمت کے کے خرابی دور کی۔

    موجودہ دور میں ایندھن سے چلنے والی گاڑیوں کی جگہ الیکٹرک گاڑیوں نے بہت تیزی سے لے ہے لیکن بیٹریوں سے چلنے والی ان گاڑیوں پر حفاظتی پہلو کے حوالے سے سنگین سوالات اٹھائے جارہے ہیں۔

  • ایپل کی الیکٹرک کار کے حوالے سے اہم خبر

    ایپل کی الیکٹرک کار کے حوالے سے اہم خبر

    سان فرانسسکو: امریکی ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے الیکٹرک کار کی لانچنگ 2026 تک مؤخر کر دی۔

    تفصیلات کے مطابق آئی فون بنانے والی کمپنی ایپل خود کار الیکٹرک کار جلد لانچ کرنے والی ہے، فی الوقت ’ایپل کار‘ کی لانچنگ مؤخر کر دی گئی ہے۔

    رپورٹس کے مطابق ابتدائی طور پر کمپنی کا بغیر اسٹیئرنگ وہیل یا پیڈل کے ایک آٹوموبائل بنانے کا ارادہ تھا، تاکہ مسافر لیموزین طرز کی گاڑی میں ایک دوسرے کے آمنے سامنے بیٹھ سکیں۔

    تاہم اب اس منصوبے میں ترمیم کر کے اسے تھوڑا مختصر کیا گیا ہے، اب اس کار میں ڈرائیور کی سیٹ، اسٹیئرنگ وہیل اور پیڈل کے ساتھ روایتی ڈیزائن پیش کرنے کے لیے کام کیا جا رہا ہے۔

    ڈیزائن میں اس بڑی تبدیلی کی وجہ سے اس کار قیمت بھی ایک لاکھ ڈالر سے کم ہونے کی توقع کی جا رہی ہے، اس گاڑی کے پروجیکٹ کو ’ٹائٹن‘ کے نام سے جانا جاتا ہے۔

    ایپل کے مطابق گاڑی میں سیلف ڈرائیونگ کی خصوصیات نہیں ہوں گی، لیکن یہ ہائی ویز پر خود ڈرائیو کرنے کی قابل ہوگی۔

    صارفین اس گاڑی کو سڑک پر چلاتے وقت گیم بھی کھیل سکیں گے، یا ویڈیوز دیکھ سکیں گے، تاہم شہر میں چلاتے وقت یا خراب موسم کے دوران اسے خود سنبھالنا ہوگا۔

  • کم فاصلے کے لیے بجلی سے چلنے والی گاڑی متعارف

    کم فاصلے کے لیے بجلی سے چلنے والی گاڑی متعارف

    دنیا بھر میں بجلی سے چلنے والی گاڑیاں متعارف کروانے کا رجحان بڑھ رہا ہے، حال ہی میں ایک جرمن کمپنی نے بھی اس میں کامیابی حاصل کرلی ہے۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق جرمن کمپنی نے سورج کی روشنی سے چلنے والی گاڑی متعارف کروا دی۔

    جرمن کمپنی سونو کی سائیون نامی الیکٹرک سولر گاڑی سنگل چارج پر 190 میل کا فاصلہ طے کر سکتی ہے۔

    یہ گاڑی سورج کی توانائی سے ہر سال 5 ہزار 400 میل کا فاصلہ طے کرسکتی ہے، جو ایک ہفتے میں اوسطاً 75 سے 150 میل یا روزانہ 10 سے 20 میل تک کا سفر بنتا ہے، مگر بہت زیادہ فاصلے تک اس پر انحصار نہیں کیا جا سکتا۔

    کمپنی نے سولر پینلز کو چھت کے ساتھ ساتھ گاڑی کے اطراف میں بھی نصب کیا ہے جبکہ گاڑی کو بجلی سے چلانے کے لیے 54 کلو واٹ بیٹری دی گئی ہے۔

    اس گاڑی کی بیٹری کو 30 منٹ میں بجلی سے 80 فیصد تک چارج کیا جاسکتا ہے اور گاڑی میں اسٹور ہونے والی بجلی کو دیگر سے شیئر کرنا بھی ممکن ہے۔

    کمپنی کا دعویٰ ہے کہ بجلی غائب ہونے پر بھی یہ گاڑی خود کو چارج کرسکتی ہے مگر اس کے لیے ہوم بیک اپ سسٹم کی ضرورت ہوگی۔

    واضح رہے کہ اس گاڑی کو کمپنی کی جانب سے سنہ 2023 کے وسط میں یورپ میں متعارف کروانے کا اعلان کیا گیا ہے جس کی قیمت 25 ہزار ڈالرز رکھی جائے گی۔

  • ایپل کی خودکار ڈرائیونگ والی الیکٹرک گاڑی کی تیاری جاری

    ایپل کی خودکار ڈرائیونگ والی الیکٹرک گاڑی کی تیاری جاری

    امریکی ملٹی نیشنل ٹیکنالوجی کمپنی ایپل نے خود کار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی الیکٹرک گاڑی کی تیاری کا عمل تیز کردیا ہے، کمپنی کی جانب سے گاڑی کی تیاری کے لیے باہری شراکت دار سے مدد لی جائے گی۔

    بین الاقوامی ویب سائٹ کے مطابق ایپل کی جانب سے خود کار ڈرائیونگ کی صلاحیت رکھنے والی الیکٹرک گاڑی کی تیاری کا عمل تیز کردیا گیا ہے، ایپل کی جانب سے اس پراجیکٹ میں ایک بار پھر گاڑی کی خود کار ڈرائیونگ کی صلاحیت پر توجہ مرکوز کی گئی ہے۔

    ایپل کی جانب سے گاڑی کی تیاری کی افواہیں کافی عرصے سے سامنے آرہی ہیں۔ سنہ 2020 میں ایپل کے اس پراجیکٹ سے منسلک متعدد عہدیداران نے کمپنی چھوڑ دی تھی۔

    اسی طرح ایپل کو چین کی 2 بڑی بیٹری کمپنیوں سے بیٹری سپلائی کے معاہدوں کے مذاکرات میں رکاوٹ کا سامنا کرنا پڑا تھا۔

    دسمبر 2020 میں رائٹرز کی ایک رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ ایپل کی جانب سے 2024 تک اپنی الیکٹرک گاڑیوں کی پروڈکشن شروع کی جاسکتی ہے۔ اس گاڑی کا دل اس کی بیٹری ہوگی جس میں انقلابی مونوسیل ڈیزائن موجود ہوگا۔

    اس بیٹری کی بدولت کمپنی کو پاور یل میں زیادہ متحرک میٹریل ایڈ کرنے کا موقع ملے گا، جو ایک چارج پر زیادہ فاصلے کی سہولت فراہم کریں گے۔

    ایپل کی جانب سے لیتھیم آئرن فاسفیٹ (ایل ایف پی) بیٹری کیمرسٹری کے استعمال کے امکان پر بھی کام کیا جارہا ہے، ایل ایف پی پاور سیلز دیگر کے مقابلے میں زیادہ گرم نہیں ہوتے اور ان کے لیے کوبالٹ کی ضرورت نہیں۔

    ایپل کی بیٹری ٹیکنالوجی کے حوالے سے کمپنی کی جانب سے بتایا گیا کہ یہ بالکل نئی ہوگی، بالکل ویسی جیسے لوگوں نے پہلی بار آئی فون میں دیکھی تھی۔

    اس گاڑی میں متعدد لیڈار سنسرز بھی موجود ہوسکتے ہیں تاکہ ارگرد کے ماحول کو سمجھ سکے، جو اس سال کے آئی فون 12 پرو ماڈلز میں بھی دیے گئے۔

    رپورٹ میں مزید بتایا گیا کہ کمپنی کی جانب سے گاڑی کی تیاری کے لیے باہری شراکت دار سے مدد لی جائے گی۔

    اس وقت ٹیسلا الیکٹرک گاڑیوں اور خود کار ڈرائیونگ سافٹ کی تیاری میں سرمایہ کاری کررہی ہے جبکہ دیگر کمپنیاں جیسے فورڈ اور جنرل موٹرز بھی اس طرح کی گاڑیوں کی تیاری کے لیے کام کررہی ہیں۔